مقامِ بندگی: اعمال کی انجام دہی، تفویض اور رضائے الٰہی
انفاس عیسی: اشاعت اول: 26 فروری، 2014 بمطابق 26 ربیع الثانی 1435 ھ
- دین کی کسی بات پر بغیر کسی تردد کے عمل کرنے کے لیے مکمل شرح صدر کا حاصل ہو جانا رسوخ کی علامت ہے۔
- مختلف لوگوں کو دین کے مختلف شعبوں میں شرح صدر حاصل ہوتا ہے جبکہ صاحب رسوخ ان تمام کاموں کی مجموعی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔
- غلبہ ذکر اور دوام طاعت کے رسوخ کو مقام کہتے ہیں اور اس پر مرتب ہونے والا اللہ کا قوی تعلق نسبت کہلاتا ہے۔
- حقیقی ذکر کا اصل مقصود ہر وقت اللہ کا دھیان رکھنا ہے تاکہ انسان اپنے معاملات میں گناہوں اور نافرمانیوں سے محفوظ رہے۔
- حقیقی ذکر حاصل نہ ہونے کی صورت میں لسانی ذکر جاری رکھنا چاہیے کیونکہ مسلسل کوشش سے ظاہری عادت حقیقی عبادت بن جاتی ہے۔
- روحانی منازل طے کرنے میں تعجیل مچانا طریقت کے موانع میں سے ہے جو انسان کو سلسلے اور اعمال سے بدگمان کر دیتا ہے۔
- قلبی صفائی حاصل ہونے کے بعد معمولی لغزش پر بھی اندرونی نظام فوراً ظلمت کا ادراک کر کے انسان کو استغفار پر آمادہ کرتا ہے۔
- روحانی کیفیات اور جنت کا حصول اگرچہ غیر اختیاری اور محض فضلِ الہیٰ ہے لیکن انسان پر ان کے ظاہری اسباب اختیار کرنا لازم ہے۔
- عبادت کو محض ثواب کا سودا سمجھنے کے بجائے اسے اللہ تعالیٰ کا حق اور اپنا غیر مشروط فرض سمجھ کر انجام دینا چاہیے۔
- مجاہدہ اضطراریہ یعنی غیر اختیاری مصائب اور تشویشات پر صبر کرنا اجر و منافع میں اختیاری عبادات اور اوراد سے زیادہ قوی ہے۔
- پریشانیوں میں تفویض کو راحت کا ذریعہ بنانے کے بجائے زوال مصیبت کی دعا اور استغفار کا التزام کر کے ثمرات کو آخرت کے لیے سمجھنا چاہیے۔
- نماز میں حرکت فکریہ کو قطع کرنے کے لیے کلام نفسی کا استحضار اور ہر رکن کی ادائیگی سے قبل اس کی قلبی نیت کرنی چاہیے۔
- دعا میں واحد کے منقول صیغے میں الحاح کی مصلحت ہے جبکہ جمع کے صیغے میں دوسروں کو شریک کرنے سے قبولیت کی امید بڑھ جاتی ہے۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَىٰ خَاتَمِ النَّبِيِّينَ أَمَّا بَعْدُ۔ أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ، بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ۔
اس رسوخ و ثبات کو مقام کہتے ہیں۔ پس یہ فی نفسہ غیر اختیاری ہے، لیکن باعتبار اسباب کے اختیاری ہے۔ اور یہ رسوخ و ثبات اس حیثیت سے کہ غلبہ ذکر و دوام طاعت کا ملزوم ہے، نسبت کہلاتا ہے۔۔
اصل میں اب جیسے میں دل کو بیدار کروں ذکر کے ساتھ، یہ غیر اختیاری ہے۔ لیکن جو طریقہ بتایا جاتا ہے وہ اختیاری ہے۔ اور اس طریقے پر چلتے چلتے چلتے چلتے اللہ فضل فرما لیتے ہیں، ہو جاتا ہے۔ ہو جاتا ہے۔ ہے تو ذرا تھوڑا سا بڑی عجیب بات لیکن سمجھانے کے لیے بعض دفعہ بات کرنی پڑتی ہے۔ شادی کرنا اختیاری ہے، لیکن اولاد ہونا غیر اختیاری ہے۔ لیکن ہو گی ان کی جن کی شادی ہو چکی ہو گی۔ بات ہے نا؟ تو مطلب ہم انسان اپنے اختیار کے مکلف ہیں نا۔ باقی تو اس کا وہ جو ہے نا غیر اختیاری ہے۔ اس وجہ سے پھر انسان تو اس میں کچھ نہیں کر سکتا لیکن بہرحال۔ تو اس وجہ سے شادی کرتے ہیں، جب دو تین سال کوئی بچہ نہیں ہوتا تو پھر لوگوں سے دعائیں کرواتے ہیں۔ پتا چل جاتا ہے بھئی میرے بس میں نہیں ہے۔ میں کوشش تو کر سکتا ہوں لیکن بہرحال یہ ہے کہ میرے بس میں تو نہیں ہے۔ تو پھر دعائیں، تو دعائیں کروانے کا مطلب یہ ہے کہ اس کو مان لیا کہ یہ اللہ کے اختیار میں ہے، ہمارے اختیار میں نہیں ہے۔ تو اسی طریقے سے اس کے جو اسباب ہیں وہ اختیاری ہیں۔ لیکن جو اصل چیز ہے وہ غیر اختیاری ہے۔ یہاں تک فرمایا گیا ہے کہ جنت میں کوئی بھی اپنے عمل سے نہیں جائے گا، اللہ کے فضل سے جائے گا۔ اب اگر کوئی یہ حدیث شریف یاد کر لے اور کہے بس جب عمل سے نہیں جائے گا، اللہ کے فضل سے جائے گا، تو پھر میں عمل کیوں کروں؟ بس جس نے یہ خیال کر لیا تو اس کا مطلب ہے کہ اس نے اپنا فیصلہ کر لیا کہ میں نے جنت نہیں جانا۔ اس نے فیصلہ کر لیا کہ میں نے جنت میں نہیں جانا، کیوں؟ یہ پورا قرآن جو آیا ہے وہ کس لیے آیا ہے؟ یہ کر لو، یہ کر لو، یہ کر لو، یہ کر لو۔ پھر جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی ہے وہ کس لیے ہے؟ مطلب یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ بات تو تجھے یاد ہے، یہ باقی باتیں یاد نہیں ہیں؟ وہ بھی تو ہے نا۔ وہ تو اللہ پاک نے جو حکم دیا۔ تو ہم اعمال کے مکلف ہیں، ہم اعمال کریں گے۔ باقی اللہ پاک سے امید رکھنا چاہیے کہ اللہ فضل فرما دے گا ان شاء اللہ ضرور، اللہ پاک فضل فرما دے گا، اللہ پاک سے ہماری بڑی امیدیں ہیں۔ لیکن اللہ کا حکم ماننے میں تو ہم سستی نہ کریں نا۔ اللہ کا حکم ماننے میں ہم سستی نہ کریں۔ اس چیز کو توڑنے کے لیے، حضرات فرماتے ہیں تاکہ یہ چیز انسان کو نقصان نہ پہنچائے، وہ یہ ذہن میں بٹھانا ہے کہ جو عبادت ہے یہ اللہ کا حق ہے۔ چونکہ اللہ ہمارے مالک ہیں، اللہ ہمارے خالق ہیں، اللہ ہمارے محبوبِ حقیقی ہیں، لہذا ان تمام چیزوں کے لحاظ سے اس کا حق ہے کہ ہمیں جو حکم دے ہم اس کو پورا کر لیں چاہے اس پر ہمیں کچھ بھی نہ ملے۔ هَلْ جَزَاءُ الْإِحْسَانِ إِلَّا الْإِحْسَانُ۔ کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ ہو سکتا ہے؟ اب اللہ تعالی نے ہمارے اوپر جتنے احسانات کیے ہوئے ہیں کہ ہم پیدا بھی نہیں ہوئے تھے تو ہماری پیدائش سے پہلے ہمارے سارے بندوبست کیے ہوئے تھے کہ اس کو یہ بھی دیں، اس کو یہ بھی دیں، اس کو یہ سارا کچھ۔ ماں کے پیٹ سے ہمیں بہت ساری چیزیں آ گئیں۔ ماں کے پیٹ کے اندر بھی خوراک، پھر پیدا ہوئے تو کچھ بھی نہیں تو ماں کے ساتھ ہی خوراک پیدا کر لی۔ اور اس طرح پھر مطلب یہ ہے کہ چلنا، پھرنا، ساری چیزیں، حفاظتیں، یہ اللہ پاک نے ہماری۔۔۔ تو اس لحاظ سے اللہ کا حق ہے کہ ہم اللہ پاک کی عبادت کریں۔ یہ نہیں کہ ہمیں اس پر کچھ ملے گا تو پھر ہم عبادت کریں گے۔ تو اس وجہ سے اپنی سائیڈ سے انسان یہ کہے کہ میں محتاج تو ہوں، مانگوں گا اللہ تعالیٰ سے، لیکن اللہ پاک کا یہ حق ہے کہ میں اس کی عبادت کروں۔ اس لیے نہیں کہ مجھے اللہ پاک یہ دے گا تو عبادت کروں گا۔ اللہ پاک فرماتے ہیں کہ تم جنت کے ساتھ اس کا سودا کر لو۔ لیکن جو عالی ظرف ہوتے ہیں نا، جو عالی ظرف ہوتے ہیں وہ اس طرف نہیں دیکھتے، وہ کہتے ہیں اللہ کا تو حق ہے۔ اللہ کا تو حق ہے۔ ہم کس منہ سے کہیں گے کہ میں اس کا حق دار ہوں؟ ہاں البتہ آپ دیکھیں نا میں آپ کو بتاؤں ایک شریف آدمی کے اوپر اگر آپ اعتماد کرتے ہیں دنیا میں بھی تو کیا خیال ہے اس اعتماد کا جواب کیا دیتا ہے وہ؟ ہم جو جب کسی گاؤں میں ہوتے ہیں تو خان یا چوہدری جو ہوتے ہیں ان کو کہتے ہیں جی بس آپ ہمارے مائی باپ ہیں۔ آپ جو فیصلہ کریں گے، ہمیں منظور ہے۔ تو پھر وہ کیا کرتے ہیں؟ تو جو شریف ہوتا ہے اس کے اوپر اعتماد کیا جائے تو وہ اس کو پورا کرتا ہے۔ تو اسی طریقے سے ہم اللہ پر جب چھوڑتے ہیں، تو اللہ پاک نے تو سارے شریفوں کو پیدا کیا ہوا ہے۔ اللہ نے تو سارے شریفوں کو پیدا کیا ہے تو اللہ پاک کیسا فیصلہ ہوگا۔ تو جس وقت آپ اللہ پہ چھوڑ دیں کہ میرا کوئی حق نہیں ہے، میں تو اس لیے کروں گا کہ یہ تیرا حق ہے۔ تو پھر اللہ پاک پھر اس سے بڑھ کے فیصلہ کرے گا۔ کہ اچھا تیرے کھوٹے بھی منظور ہیں۔ پھر یہ فیصلہ ہو جائے گا۔ تو یہ اصل میں بنیادی چیز ہے کہ انسان کو اللہ کے ساتھ قلبی محبت والا تعلق اپنانا چاہیے۔ سب سے شارٹ روٹ، روٹ یہی ہے جس میں شیطان کو دخل نہیں ملتا۔ شیطان کو راستہ نہیں ملتا۔ کیونکہ شیطان جو خود مارا گیا تھا وہ اسی وجہ سے مارا گیا تھا۔ شیطان کو علماء کرام فرماتے ہیں کہ تین "عین" شیطان کے پاس تھے چوتھا نہیں تھا، مارا گیا۔ یہ تھا کہ عالم بھی تھے، عابد بھی تھے، عارف بھی تھے۔ لیکن عاشق نہیں تھا۔ عاشق نہ ہونے کی وجہ سے اس نے calculation کی۔ اپنی عبادت کو دیکھا۔ اپنی معرفت کو دیکھا۔ اپنے علم کو دیکھا۔ اس کو دیکھا، اگر عاشق ہوتے تو ان کو نہ دیکھتے۔ ہوتے لیکن دیکھتے نہ۔ حکم اللہ کا دیکھتے کہ اللہ کا حکم کیا ہے۔ اللہ کا حکم اگر ہے سجدہ کرو، میں درمیان میں کہاں سے آ گیا کہ میں سوچوں کہ کیوں کروں، کیوں نہ کروں۔ بس ٹھیک ہے عاشق کا جو حکم ہوتا ہے، وہ سر آنکھوں پہ ہوتا ہے اس میں درمیان میں کوئی اور calculation نہیں ہوتی۔ لہذا جب انسان اللہ کے ساتھ calculate کر رہا ہے تو وہ شیطان کے راستے پہ چل پڑا۔ خطرے میں ہیں آپ ، آپ خطرے میں ہیں۔ لہذا ہمارے حضرات فرماتے ہیں کہ اس میں یہ طریقہ اپناؤ کہ اللہ پہ چھوڑو، اللہ کے ساتھ حساب نہ کرو۔ اللہ کے ساتھ حساب کرو گے تو اگر اس نے تیرے ساتھ حساب کر لیا تو مارے جاؤ گے۔ اس لیے فرماتے ہیں کہ جس کے ساتھ حساب کیا گیا بس وہ فیل ہو گیا۔ اللہ پاک اپنے فضل سے بہت کچھ چھوڑ سکتا ہے، اچھا ٹھیک ہے یہ بھی چھوڑ دو، چھوڑو چھوڑو چھوڑو، اس کو، اس کو بھی۔ اسی پہ فیصلہ ہو گا۔ فیصلہ یہی ہو گا۔ اگر بچت ہو گی تو اسی طریقے پہ ہو گی۔ اور اگر فیصلہ اس پر ہو گیا نا حساب کتاب پر، اوہو، پھر مارا گیا۔ پھر کہاں؟ پھر کہاں؟ پھر تو معاملہ بہت خطرناک ہو گیا۔ ہمارے حضرت سلطان باہو رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں۔ ان کے اشعار ہیں۔ عدل کراں تاں تھر تھر کانپے اونچے شاناں والا ھُو رحم کراں تاں بخشا جاواں مجھ جیسا منہ کالا ھُو مطلب یہ ہے کہ عدل کرے گا اللہ پاک تو پھر تو ہم مارے جائیں گے۔ عدل کے مقابلے میں کون آ سکتا ہے؟ کیونکہ اس کا علم اتنا زیادہ ہے کہ جس چیز کو ہم نہیں جانتے وہ جانتا ہے اس کو۔ لہذا اس کے ساتھ معاملہ صاف رکھنا چاہیے اور وہ صاف یہی کہ میرا کچھ بھی نہیں۔ ایک دفعہ ایک بزرگ تھے، اس نے خواب دیکھا۔ خواب بھی شاید ان کی کسی کیفیت کی درستگی کے لیے خواب اس طرح آ گیا۔ تربیت کا حصہ تھا۔ خواب دیکھا کہ اللہ پاک کے سامنے کھڑے ہیں۔ اور پوچھتے ہیں اللہ پاک اس سے۔ کیا تو عالم ہے؟ اب ظاہر ہے اس نے علم تو دنیا میں حاصل کیا تھا۔ تو اس نے کہا جی میں عالم ہوں۔ تو انہوں نے کہا پھر جلالین میں امتحان دو۔ اب گھبرا گیا کہ اللہ پاک امتحان لے رہے ہیں، میں کیسے امتحان دوں گا، اللہ کے امتحان کا تو کوئی جواب نہیں دے سکتا۔ پتا نہیں کہاں سے پکڑ لے۔ بہت گھبرا گئے، ادھر ادھر دیکھا ڈر کے مارے، تو دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم دور تشریف فرما ہیں۔ تو اس طرح رینگتے رینگتے پہنچ گئے۔ کہ یا رسول اللہ میرے لیے کچھ بندوبست فرمائیں اللہ امتحان میرا لے رہے ہیں میں کیا کروں۔ کہتے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح چپکے سے فرمایا کہہ دو میں عالم نہیں ہوں۔ کہہ دو کہ میں عالم نہیں ہوں۔ تو اس پر جب اس نے کہہ دیا کہ میں تو عالم نہیں ہوں، انہوں نے کہا اچھا ٹھیک ہے جی چلو ایک دن کی قید بس معافی ہے۔ اب دیکھ لیں مطلب یہ ہے کہ عالم نہیں ہوں۔ مطلب چھوٹنا اس پر ہے۔ جب انسان کہہ دے گا کہ میں یہ ہوں پھر پھر تو پکڑا گیا۔ پھر کدھر ہے؟ اگر کوئی کہتا ہے کہ میں نیک ہوں بس پھنس گیا۔ پھر کیا جواب دے گا؟ بایزید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں ہے خواب میں کسی نے ان سے پوچھا کہ آپ کے ساتھ کیا معاملہ ہوا؟ فرمایا کہ بس اللہ پاک نے مجھ سے پوچھا میرے لیے کیا لائے ہو؟ تو میں نے کہا کہ الحمدللہ مسلمان تو تھا توحید تو حاصل تھی تو کہتے میں نے کہا یا اللہ میں توحید لایا ہوں۔ فرمایا وہ دودھ والی رات بھول گئے؟ دودھ والی رات اس طرح ہوا تھا کہ وہ رات کو دودھ پی لیا تھا پیٹ میں درد ہو گیا۔ صبح کسی سے کہا کہ بس رات کو دودھ پی لیا تھا اس سے پیٹ میں درد ہو گیا۔ بس اسی پہ پکڑ لیا کہ دودھ نے درد کرا دیا میں نے کرا دیا تھا۔ اچھا اب حساب کر لے تو حساب کا کون جواب دے سکتا ہے؟ تو اس وجہ سے یہ والا معاملہ تو بس معافی پر ہی معاملہ کھلے گا بس اسی سے معاملہ ٹھیک ہو گا۔ لہذا اللہ کے ساتھ کبھی حساب کرنے کا تصور نہ کرو۔ کبھی بھی حساب نہ کرو بس اللہ کے سامنے surrender ہے۔ unconditional surrender before Allah. کوئی درمیان میں شرط وغیرہ نہ ہو۔ یہ ہو تو یہ ہو اور یہ ہو تو یہ ہو۔ بھئی کیا ہو ہمارا ہے کیا؟ ہمارا تو کچھ بھی نہیں ہے۔ اگر اللہ پاک معاف کر دے تو معاف کرنے والا معاف کر لے گا وہ تو اس کے پاس تو بہت کچھ ہے۔ مطلب اس سے کون پوچھ سکتا ہے؟ لیکن اگر معاف نہ کرے حساب کر لے پھر معاملہ خطرناک ہے، اللہ بچائے۔
ملکہ یادداشت
مثلا میں محسوس کر رہا ہوں کہ میرا دل حرکت کر رہا ہے یہ ملکہ یادداشت ہے۔ تو فرمایا یہ مطلوب نہیں ہے۔ یہ بھی ایک راستہ ہے ذریعہ ہے۔ یہ بھی راستہ ہے۔ مطلب یہ ہے کہ میں زبان ہلا رہا ہوں تو اس کے بعد میں دل ہلا رہا ہوں۔ تو اصل چیز تو مجھے اللہ کا یاد آنا ہے کہ مجھے اللہ یاد ہے یا نہیں؟ اب اللہ کے یاد ہونے کا مطلب کیا ہے کہ میں جو عمل کر رہا ہوں میں اس کی مرضی کے مطابق کر رہا ہوں یا اپنی مرضی کے مطابق کر رہا ہوں؟ اگر مجھے اللہ یاد ہو گا تو میں اللہ کی مرضی کے مطابق کام کروں گا۔ یہ سب راستے ہیں۔ ٹھیک ہے؟
مراقبہ برائے دفع وساوس
فرمایا:
اپنی تمام طاعات صلاۃ و تلاوت و اذکار بلکہ افعال مباحہ میں بھی اس کا تصور رکھے کہ سب عنقریب اللہ تعالی کے اجلاس میں پیش ہوں گے تو ان میں کوئی ایسا اختیاری خلل نہ ہو جس سے پیشی کے قابل نہ رہیں۔
یہ ہماری کوشش ہو گی۔ کوشش ہماری کیا ہو گی؟ کہ کوئی کمی نہ رہے۔ اختیاری طور پر تو یہ ہے۔ باقی نتیجہ کیا ہو گا؟ یہ تو اللہ کو پتا ہے۔ اختیاری طور پر تو یہ ہے، باقی نتیجہ کیا ہو گا، یہ تو اللہ کو پتا ہے۔ تو جو نتیجہ ہے اس پہ ہم اپنے آپ کو اس کا اہل نہ سمجھیں۔ بلکہ اس کو من جانب اللہ سمجھیں اللہ کی توفیق سمجھیں۔ اللہ پاک نے مجھے توفیق عطا فرمائی اس عمل کے کرنے کی۔ اور اسی وجہ سے اللہ تعالی کے فضل سے عمل ہو گیا۔ ورنہ میرے ساتھ جو نفسانی مسائل تھے وہ تو مجھے تو پتا نہیں لے بیٹھتے۔
مجاہدہ اضطراریہ کا نفع و ادب۔
فرمایا:
جس طرح وضو کا بدل تیمم ہے اور اجر میں اس سے کم نہیں اسی طرح مجاہدہ اختیاریہ یعنی اعمال و اوراد کا بدل مجاہدہ اضطراریہ یعنی تشویشات و بلیات ہیں اور اجر میں ان کے برابر بلکہ منافع میں ان سے اقوی ہیں۔ ان کو نعمت سمجھ کر اطمینان سے کام میں بقدر وسعت مشغول رہنا چاہیے۔ البتہ دعا کرتے رہنا چاہیے کہ وہ مبدل براحت و جمعیت ہو کہ دعا مسنون ہے۔ غرض یہ کہ جب تک وہ تشویشات و بلیات باقی رہیں تفویض تو فرض ہے اور دعا مسنون ہے۔ جب وہ زائل ہو جائیں تو شکر واجب ہے اور دونوں حالتوں میں بقدر وسعت مشغول رہنا ادبِ طریق ہے۔
مجاہدہ اضطراریہ: مجاہدہ اس کو کہتے ہیں کہ جب انسان کوئی عمل کر لے اور اس میں رکاوٹ ہو مزاحمت ہو اس مزاحمت پہ قابو پایا جائے اس قابو پانے کی جو کیفیت ہے اس کو مجاہدہ کہتے ہیں۔ مثلا میں ایک چیز کو اٹھا رہا ہوں۔ اور وہ نیچے آ رہی ہے اور میں اس کو اٹھا رہا ہوں۔ تو یہ جو اس وقت جو میری کیفیت ہے ہاتھ پاؤں کی، یہ مجاہدہ ہے اس کا۔ کیونکہ یہی چیز اس کو اٹھا رہی ہے۔ اسی طرح میں نماز کے لیے اٹھ رہا ہوں، دل اٹھنے کو نہیں چاہتا۔ یہ ہمارا جو نوجوان طبقہ ہے، تو ظاہر ہے جوانوں میں چونکہ جوانی کا جوش ہوتا ہے نیند بھی زیادہ آتی ہے اور گہری بھی ہوتی ہے۔ اب اس کو صبح والدین اٹھاتے ہیں نماز کے لیے اٹھو تو کہتا ہے دو منٹ دو منٹ، نماز کے لیے بس دو منٹ۔ وہ دو منٹ دو منٹ میں بے شک سورج چڑھ جائے۔ وہ دو منٹ ختم نہیں ہوتے۔ اب اس وقت یہ انسان اپنا will power استعمال کر کے اٹھے، چاہے کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو۔ تب اٹھ سکے گا۔ چاہے کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو۔ مجھے بتائیں آپ ، نماز کی تو خیر الگ بات ہے نا۔ زلزلہ آ جائے۔ اس وقت اٹھنا چاہے کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو، بیمار بھی ہو، تو اٹھے گا یا نہیں اٹھے گا؟ اس وقت کہاں سے طاقت آ گئی؟ اچھا زلزلہ تو خیر ایک غیر اختیاری چیز ہے۔ دفتر کی ڈیوٹی ہے۔ صبح چار بجے آپ نے پہنچنا ہے ادھر۔ پھر کیسے اٹھ جاتا ہے؟ وہ الارم لگا دیتے ہیں، دوسرے کو بھی بتا دیتے ہیں، کسی طریقے سے رہ نہ جاؤں، اچھا ویسے اس سے بھی آگے کی بات بتاؤں۔ فلائٹ ہے۔ فلائٹ ہے صبح چھ بجے کی فلائٹ ہے اور چار گھنٹے پہلے پہنچنا ہے۔ کیا کریں گے؟ ظاہر ہے، آرام بھی کرنا ہے لیکن ساتھ ساتھ انتظام بھی کرنا ہے، جاگنے کے لیے۔ ٹھیک ہے۔ ورنہ رزلٹ بڑا خطرناک ہوتا ہے۔
تو اسی طریقے سے انسان اس چیز کی اہمیت اپنے ذہن میں بٹھائے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو ارشادات فرمائے ہیں کہ جس کی نماز رہ گئی وہ ایسا ہے جیسے کہ اس کا سارا اہل و عیال تباہ ہو گیا، سارا مال تباہ ہو گیا۔ تو اب جتنا مال و عیال، مال و اہل و عیال کے تباہ ہونے پر انسان متاثر ہوتا ہے، اس سے زیادہ نماز کے چھوٹنے پر متاثر ہونا چاہیے۔ تو اگر یہ حالت ہوگی تو پھر نماز رہ جائے گی؟ تو پھر نماز نہیں رہے گی۔ بس یہی والی بات ہے کہ انسان کو، اب یہ جو مجاہدہ ہے، تو یہ تو اختیاری مجاہدہ ہے۔ اٹھنا، اختیاری مجاہدہ۔ وہ اضطراری مجاہدہ اس کو کہتے ہیں کہ انسان بیمار ہو جائے یا قید ہو جائے یا کوئی اور رکاوٹ آ جائے۔ ایسی صورت میں، جتنا ممکن ہے اختیاری طور پر، اتنا کر لو۔ اور جو رہ گیا اللہ تعالی اس کا اجر دے دے گا۔ تو ممکن کو نہ چھوڑو۔ ممکن کو تم نہ چھوڑو، جو ممکن ہے، وہ کر لو اختیاری جو ہے۔ جو غیر اختیاری ہے، اس کی شریعت میں جتنا طریقہ ہو گا اس کے مطابق کر لو۔ مثلا بیمار ہے، تو تیمم کر لے وضو کی جگہ۔ تو اس کو اجر مل جائے گا اس کا، بلکہ زیادہ مل جائے گا۔
اس طرح جو کام مثال کے طور پر کر سکتا ہے انسان، وہ کر لے، اختیاری طور پر جو کر سکتا ہے۔ اور جو نہیں ہو گا تو اس پر صبر کر لے، اللہ تعالی صبر پر اجر دے گا۔ اور دعا ضرور کرے۔ دعا ضرور کرے کیونکہ دعا مسنون ہے، اور اللہ تعالی اس کے ذریعے سے مدد کرتا ہے، صبر کا اجر بہت زیادہ ہے لیکن صبر کو مانگا نہیں جا سکتا۔ کیونکہ یہ صبر کو مانگنا، بلا کو مانگنا ہے۔ تکلیف کو مانگنا ہے اور یہ ناشکری ہے۔ لہذا صبر کرنا ہے مانگنا نہیں ہے۔ صبر کرنا ہے۔ آ جائے تو صبر کرنا ہے۔ لیکن اللہ تعالی سے مانگے کہ یا اللہ عافیت نصیب فرما دے۔ عافیت مانگنے پر اللہ خوش ہوتے ہیں۔ تو انسان اللہ تعالی سے عافیت ہی مانگے، لیکن اگر تکلیف آ جائے تو اس پر صبر کرے۔
عدم زوال پریشانی و مصیبت کا علاج۔
فرمایا:
تنگی اور مصائب کے دور ہونے کا ارادہ ہی چھوڑ دیا جائے، بلکہ موجودہ پریشانی کے لیے اپنے آپ کو آمادہ کر لیا جائے پس دو چیزوں کا انتظام کیا جائے، دعا، زوال مصیبت کی، اور استغفار۔ اور ثمرات کو آخرت میں سمجھا جائے۔ پس یہ علاج، ام العلاج ہے جس میں علاج ہی مقصود ہے، صحت مقصود نہیں۔
یہ بہت باریک بات ہے۔ ہمارے ساتھ یہ معاملہ تو روز تقریباً ہوتا ہے۔ کہ کوئی لوگ کہتے ہیں کہ جی یہ تکلیف ہے یہ تکلیف ہے یہ تکلیف ہے یہ تکلیف ہے بتا دیتے ہیں تکلیفیں۔ اب ہمارا کام بھی تو صرف مانگنا ہے نا ہم تو ظاہر ہے ہمارے ہاتھ میں تو کچھ نہیں ہے۔ ہاتھ میں تو سب کچھ اللہ کے ہے۔ تو ہمارا کام مانگنے کا ہے۔ اور مسلمان بھائی کے لیے مانگنا اس پر اجر ہے۔ اس کے لیے راستہ بتانا یہ بھی اس پر بھی اجر ہے۔ لہذا ہم طریقہ بتا دیتے ہیں کہ یہ وظیفہ کر لو۔ یا اس طرح کر لو طریقہ بتا دیتے ہیں ہم۔ اس کے بعد بعض حضرات کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا اپنا معاملہ ہے کیونکہ اس میں اللہ پاک کی بڑی حکمت ہوتی ہے کوئی چیز ان کو دینی ہوتی ہے اس کے ذریعے سے۔ تو مانگنا تو ہمارے اوپر لازم ہے کہ مسنون ہے۔ لیکن اس مانگنے سے وہ چیز مل جائے یہ تو ضروری نہیں ہے۔ بلکہ حدیث شریف میں آتا ہے کہ تین کاموں میں سے ایک ہو جاتا ہے۔ ایک یہ کہ یا اس کو وہ چیز مل جاتی ہے۔ جو مانگ رہا ہے کوئی۔ یا پھر کوئی تکلیف اس پہ آ رہی ہوتی ہے اس کے بدلے میں وہ تکلیف ہٹا دی جاتی ہے اس دعا کے ذریعے سے۔ یا پھر اس کو آخرت میں ذخیرہ کر دیا جاتا ہے۔ تو اب نقصان تو کسی چیز میں بھی نہیں ہوا۔ بلکہ یہ بھی فرماتے ہیں روایت میں کہ جب وہاں اس کا اجر مل جائے گا تو آدمی افسوس کرے گا کاش میری ساری دعائیں قبول نہ ہوتیں اور اس سب کا اجر ادھر مل جاتا۔ تو اب ظاہر ہے مطلب یہ ہے کہ دعا کا مطلب تو یہ ہے کہ اللہ سے مانگنا عاجزی کرنا۔ یہ کوئی بٹن تو نہیں ہے کہ میں نے بٹن دبا دیا اور کام اس طرح ہو گیا۔ یہ تو اللہ تعالیٰ کے سامنے ظاہر ہے زاری کرنا ہے۔ اب کوئی ہمیں کہتا ہے جی وہ آپ نے وظیفہ بتایا اس سے تو یہ نہیں ہوا۔ تو ان کو ہم کہتے ہیں بھئی اور مانگو اللہ تعالیٰ سے۔ اگر اللہ تعالیٰ آپ کے لیے اور مانگنے کا راستہ کھول رہا ہے تو اور اللہ تعالیٰ سے مانگو۔ ہم بھی مانگتے ہیں۔ تو یہ بعض لوگ اس قسم کی باتیں ذہن میں رکھتے ہیں اس وجہ سے ان کو نقصان ہوتا ہے۔ بدگمانی بھی ہوتی ہے نقصان بھی ہوتا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کی مرضی کے خلاف جا رہے ہوتے ہیں۔ تو ظاہر ہے کام ہی خراب ہو جاتا ہے۔ تو حضرت اس لیے فرماتے ہیں تنگی اور مصائب کے دور ہونے کا ارادہ ہی چھوڑ دیا جائے۔ بلکہ موجودہ پریشانی کے لیے اپنے آپ کو آمادہ کیا جائے کہ اگر یہ رہے تو بس اللہ کی طرف سے ہے، بس ٹھیک ہے۔ ہاں البتہ دو چیزوں کا التزام کر لیا جائے دعائے زوال مصیبت اور استغفار۔ دعا کرنی چاہیے کہ یا اللہ اس مصیبت کو دور فرما۔ اور کثرت سے استغفار کر لے کہ اگر گناہ کی وجہ سے آئی ہو تو گناہ معاف ہو جائیں۔ اور فرمایا ثمرات کو آخرت میں سمجھا جائے۔ پس یہ علاج ام العلاج ہے جس میں علاج ہی مقصود ہے صحت مقصود نہیں ہے۔
نمازوں میں حرکت فکریہ کے قطع کرنے کی تدبیر۔
حرکت فکریہ: مطلب کوئی چیز انسان سوچ رہا ہوتا ہے۔
جماعت کی حالت میں اور بالخصوص سری نمازوں میں سورہ فاتحہ کے خیالی الفاظ کا استحضار کیا جائے جس کو کلام نفسی کہا جاتا ہے۔
دو چیزوں کا التزام کیا جائے تو ان شاء اللہ مناسب درجے کا خشوع حاصل ہو جائے گا۔ ایک تو حضرت نے بتا دیا۔ کہ سورہ فاتحہ انسان خیال خیال میں پڑھے۔ تو چونکہ اس کے سامنے ایک کام موجود ہے لہذا دوسری طرف نہیں جائے گا۔ کیونکہ خیال ایک وقت میں ایک ہی طرف جا سکتا ہے۔ اور یہ چونکہ نماز کے اندر کا خیال ہے لہذا نماز پہ فرق نہیں ڈالتا بلکہ نماز کو اچھا کرتا ہے۔ تو ایک تو یہ بات ہے کہ خالی رکعتوں میں تو بہت اچھا ہے۔ اور باقی یہ ہے کہ اگر امام پڑھ رہا ہو تو اس کو سن لیا جائے۔ اس طرح سنا جائے کہ جیسے کوئی کسی کا قرآن سنتا ہے۔ تو یہ کر لیا جائے۔ دوسری بات یہ ہے۔ کہ جو کام بھی کیا جائے۔ تو جیسے ہم نماز میں شامل ہونے کی نیت کرتے ہیں وہ تو فرض ہے۔ وہ تو کرنا ہے اگر کسی نے نہیں کیا تو نماز ہی نہیں ہوئی۔ لیکن سجدے میں جا رہا ہے تو دل میں نیت کر لے کہ میں اب سجدے میں جا رہا ہوں۔ اور اگر رکوع میں جائے تو نیت کر لے کہ میں اب رکوع میں جا رہا ہوں۔ کھڑا ہو رہا ہے تو میں اب کھڑا ہو رہا ہوں یعنی ہر چیز کی باقاعدہ علیحدہ دل میں نیت کر لے۔ جیسے دل میں سورہ فاتحہ پڑھنے سے نماز متاثر نہیں ہوتی۔ لہذا دل میں ان تمام نیتوں کے کرنے سے بھی نماز میں فرق نہیں پڑتا بلکہ نماز بہتر ہو رہی ہے۔ اگر اس کو تھوڑا سا اور بہتر کرنا ہو تو وہ بھی کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے لیے ذرا اپنے ذوق کو بہتر کرنا ہو گا۔ وہ یہ ہے کہ انسان عاشقانہ نماز پڑھے۔ عاشقانہ نماز یہ ہے کہ میں اللہ کے سامنے، میں اپنے محبوب کے سامنے جھک رہا ہوں۔ میں اپنے محبوب کے سامنے اب سجدہ کر رہا ہوں۔ میں اپنے محبوب کے حکم سے کھڑا ہو رہا ہوں۔ میں اپنے محبوب کے حکم سے اب پڑھ رہا ہوں۔ اب یہ جو چیز انسان اپنے خیال میں لائے گا تو مسلسل نماز میں مشغول رہے گا۔ جب نماز میں مشغول رہے گا تو کسی اور چیز میں مشغول ہی نہیں ہو گا۔ اس طریقے سے۔ ان چیزوں کا سدِ باب ہو سکتا ہے۔
واحد اور جمع دونوں صیغوں سے دعائیں منقول ہونے کی مصلحت۔
فرمایا:
واحد کے صیغہ میں الحاح کی مصلحت زیادہ ہے۔ اور جمع کے صیغہ میں دوسروں کو شریک کر لینے سے أَقْرَبِيَّت إِلَى الْإِجَابَةِ کی مصلحت زیادہ ہے۔ جس وقت جس کیفیت کا غلبہ ہو اس کا اتباع کیا جائے۔ اور میرا ذوق یہ ہے کہ اول ہر دعا میں منقول کا اتباع کیا جائے کہ أَقْرَب إِلَى الْأَدَبِ ہے۔ پھر اس دعا کی تکرار میں ذوقِ وقتی کا اتباع کرے کہ دونوں مجتمع ہو جائیں۔
یہ بہت باریک نکتہ ہے ما شاء اللہ۔ فرمایا: جیسے مثال کے طور پر جو ہم دعا کرتے ہیں نا۔ لَا إِلٰهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ۔ تو یہ منقول ہے۔ لہذا پہلے تو حکم پر عمل کر لیں۔ اس طرح پڑھ لیں لَا إِلٰهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ۔ پھر باقی لوگ بھی ہیں ان کو شریک کرنے کے لیے کہہ دیں،إِنَّا كُنَّا مِنَ الظَّالِمِينَ۔ یہ کہہ دیں کہ سب کو اپنے ساتھ شریک کر دیں۔ تو اس طرح مطلب یہ ہو گا کہ وقتی مصلحت کا اتباع بھی ہو جائے گا اور جو منقول لفظ ہے اس کا بھی ہو جائے گا۔ تو یہ حضرت نے فرمایا کہ اس میں ادب زیادہ ہے۔ کیونکہ اللہ پاک نے جو طریقہ ہمیں سکھایا ہے وہ افضل ترین ہے۔ اور باقی لوگوں کی جو مصلحت ہے ان کو اپنا شامل کرنا یہ بھی خیر ہے۔
طبعی تسلی و قرار کی کوئی صورت نہ ہونے کا علاج
فرمایا:
مطلوب و مامور بہ عقلی و اعتقادی قرار ہے اور یہی تفویض ہے جس کو عبادت سمجھ کر اختیار کیا جاتا ہے نہ کہ ذریعہ راحت سمجھ کر۔ بلکہ عارفین کاملین نے جب تفویض میں لذت طبعیہ محسوس کی تو نہایت ابتہال کے ساتھ اس لذت سے بھی پناہ مانگی۔ ایک یہ کہ شوب لذت سے شبہ ہوتا ہے اخلاص کی کمی کا، حظ نفس کے واسطے تفویض کو اختیار کیا، حق تعالی کا حق سمجھ کر اختیار نہیں کیا۔ دوسری جہت دینی و دنیاوی کامیابی و ناکامی کے متعلق حدیثوں میں تضرع کے اول میں اجر ناتمام اور ثانی میں اجر تام ہوتا ہے۔ اس طرح تفویض میں راحت طبعیہ ہونے سے اجر غیر کامل اور راحت نہ ہونے سے اجر کامل ملتا ہے۔ اور اجر اخروی ہی مقصود ہے۔ پس ان دو رازوں کی وجہ سے عارفین نے لذت سے پناہ مانگی ہے۔ لیکن ہم ضعفاء کے لیے اتنی ترمیم ہے کہ ہم کو پناہ مانگنا بھی مناسب نہیں بلکہ تفویض کے ساتھ اس میں لذت اور راحت بھی مانگیں۔ اور جب تک عطا نہ ہو اس عطا نہ ہونے کی حقیقت پر صبر اور اس عطا نہ ہونے کے ثمر پر کہ کمال اجر و تشبیہ بالمقبولین ہے شکر کیا جائے۔ اور اس کو وظیفہ دائمہ بنایا جائے
بہت عمدہ تقریر ہے۔ فرمایا کہ اصل میں تو مطلوب اور مامور بہ جو کام ہے وہ یہ ہے۔ کہ عقلی طور پر ہم لوگ کسی چیز کو لے لیں۔ اور یہی تفویض ہے۔ تو جب تفویض کرتے ہیں کا مطلب ہے سب کچھ اللہ پہ چھوڑتے ہیں تو عقلی طور پر ہم نے چھوڑ دیا۔ تو یہی ہے اصل میں۔ اب اس کو عبادت سمجھ کے کرنا نہ کہ راحت سمجھ کر کرنا۔ مطلب یہ یقینی طور پر بات ہے کہ کہ تفویض میں راحت ہے۔ جس کو جس درجہ کی زیادہ تفویض ہو گی اتنے درجہ کے وہ زیادہ آرام میں ہوں گے۔ مجھے بتاؤ ایک شخص کو anxiety ہے۔ میرے ساتھ خود یہ بات ہو چکی ہے اس وجہ سے میں اس کا یعنی وہ جانتا ہوں۔ کسی کو anxiety ہے اور وہ سمجھتا ہے کہ بس میں مر جاؤں گا۔ اور بڑا پریشان ہے اور Lexotanil کھا رہا ہے اور پتا نہیں کیا کیا ڈاکٹر اس کو۔ دوسرا شخص ہے کہ اس کو یہی کیفیت ہو جائے۔ تو کہتا ہے بس اگر اللہ پاک کا حکم ہے تو میں اس کے لیے تیار ہوں، ٹھیک ہے۔ بتاؤ کس کو راحت ہو گی۔ اور جو دوسرا شخص ہے وہ اس نے چھوڑ دیا نا سب کچھ کہتا ہے بس اللہ کی مرضی ہے اللہ کی مرضی ہے بس ٹھیک ہے جو ہو گیا بس۔ تو اس طریقے سے وہ ان کو Lexotanil کھانے کی بھی ضرورت نہیں ہو گی۔ بس اس کو مطلوبہ اطمینان اسے مل جائے گا راحت مل جائے گی۔ ایک دفعہ میرے ساتھ ایسے ہوا تھا یہ میں FSC میں تھا تو رات کے وقت وہ جس کو gas trouble کہتے ہیں پتا نہیں کیا جو چیز ہوتی ہے۔ تو وہ یک دم palpitation بہت زیادہ arise کر گیا۔ تو میں گیا تو میں نے اپنے roommate جو تھا نہیں۔ جا کر دوسرے ایک دوست کو اٹھایا میں نے کہا آپ آ جائیں میرے ساتھ مجھے تکلیف ہے۔ اس کو بڑی نیند آئی ہوئی تھی وہ لحاف کے ساتھ ہی آ گیا اور جیسے مطلب آ گیا تو بس وہ سو گیا۔ اس کو پتا بھی نہیں چلا کہ مسئلہ کیا ہے۔ اب جب میں نے صورتحال دیکھی تو میں نے کہا کہ اچھا مرنا ہے نا تو بس چلو پھر مر جاؤ۔ زیادہ سے زیادہ یہی ہو گا نا۔ تو مرنے کے لیے میں تیار ہو گیا باقاعدہ سنت طریقے سے میں لیٹ گیا تو مجھے نیند آ گئی صبح اٹھا تو ٹھیک تھا۔ اب یہ چیزیں اس طرح یعنی ہوتا ہے۔ تو اگر یہ انسان اس کو مان لے کہ بھئی یہ اللہ کی مرضی ہے تو بس ٹھیک ہے نا۔ پھر کیا calculation کرنی ہے۔ کیا اس سے میں بچ سکتا ہوں اگر فیصلہ ہے اللہ کا۔ تو ایسی صورت میں پھر انسان کو اس سے راحت مل جاتی ہے۔ لیکن اس قسم کا تفویض کرنا۔۔۔ لوگوں نے ان باتوں کو سنا ہوتا ہے لہذا وہ تفویض اس لیے کرتے ہیں کہ اس سے راحت مل جائے گی۔ تو جو راحت کے لیے انتظار میں رہا تو اس کو تو تفویض نہیں ہوئی تھی۔ تو اس کو تفویض کا فائدہ بھی نہیں ملتا۔ بات سمجھ میں آ رہی ہے نا۔ جو اس کے انتظار میں ہے کہ اب مجھے راحت اس سے مل جائے گی تو اس نے تو تفویض نہیں کی نا۔ اس نے تو اس کو ایک ذریعہ بنایا ہے راحت کا۔ تو جب راحت کا ذریعہ بنایا تو پھر وہ اس کو مسلسل observe کرے گا کہ اب راحت ملتی ہے یا نہیں اب راحت ملتی ہے یا نہیں تو وہ تو تفویض میں نہیں ہے۔ لہذا اس کو تو نہیں ملے گی۔ اس وجہ سے حضرت نے فرمایا کہ اس بات کو ہی چھوڑ دو۔ بس راحت کی طلب ہی نہ کرو۔ تو پھر فرمایا کہ اس سے ایک راحت تو ہوتی ہے۔ اس راحت کی وجہ سے جو کاملین ہیں انہوں نے اس کی راحت سے پناہ مانگی ہے۔ کہ کہیں یہ اخلاص کے منافی نہ ہو جائے۔ فرمایا: ہم لوگوں کو پناہ تو نہیں مانگنی چاہیے۔ ہم لوگ اللہ سے مانگیں کہ اللہ اس سے راحت بھی دے دو۔ تو دعا تو جائز ہے۔ اب اگر مل گیا تو پھر یہ ہے کہ یوں سمجھ لیں کہ جب تک راحت نہیں ملی اس وقت تو صبر کریں۔ صبر پر اجر ہے۔ اور اگر مل گیا تو ظاہر ہے مطلب اس پر شکر کریں۔ اور اگر یہ ہے کہ یعنی اور فرمایا کہ جب تک عطا نہ ہو اس عطا نہ ہونے کے ایک تو اس پر صبر اور اس عطا نہ ہونے کے ثمرہ پر کہ عطا نہیں ہوا تو بزرگوں کے ساتھ مشابہت ہو گئی اس پر شکر کریں۔ تو گویا کہ نہ ملنے پہ دونوں چیزیں مل رہی ہیں بھئی آپ کو صبر کا بھی اجر اور شکر کا بھی اجر، اور ملنے پر شکر کا اجر۔ اس طریقے سے ہو گا۔
وَاٰخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ