میں نے دنیا کا یہاں خوب تماشا دیکھا
ہر طرف میں نے تو بس اُس کا ہی چرچا دیکھا
اُس نے کس پیار سے دروازے کیے بند سارے
ایک دروازہ کھلا اُس کا تو بس کیا دیکھا
کبھی کبھی اللہ جل شانہ کا کسی کے ساتھ یہ معاملہ ہوتا ہے کہ اللہ جل شانہ اس پہ باقی سب کے دروازے بند کر دیتے ہیں۔ ہر طرف سے دھتکار، ہر طرف سے پھٹکار، اور ہر طرف سے دوری۔ تو وہ حیران ہوتا ہے کہ کیا ہوتا ہے بھئی، میں نے کون سی غلطی کی ہے کہ میرے ساتھ لوگ ایسا کر رہے ہیں۔ وہ اصل میں اللہ تعالیٰ اس کو اپنی طرف لانا چاہتے ہیں۔ یعنی وہ ہر طرف سے کاٹ کے اپنی طرف لانا چاہتے ہیں۔
تو یہ بہت بڑی بات ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ خود ہی کسی کو قبول فرمائے اور اپنی طرف لانا چاہے۔ حضرت تھانوی رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اس دور میں تارک الدنیا بننا تو بڑا مشکل ہے، جس پہ اللہ فضل فرمائے اس کو متروک الدنیا کر لیتے ہیں۔ یعنی لوگ ان کو چھوڑ دیتے ہیں۔ تو یہ اس طرف اشارہ ہے:
اس نے کس پیار سے دروازے کیے بند سارے
ایک دروازہ کھلا اس کا تو بس کیا دیکھا۔
میں نے دنیا کا یہاں خوب تماشا دیکھا
ہر طرف میں نے تو بس اُس کا ہی چرچا دیکھا
عشق کی آنکھ ہر ایک غیر سے کیوں اندھی ہے
اب نظر آئے کیا اُس کا جو جلوہ دیکھا
یہ ہمارے مولانا عزیر گل صاحب رحمہ اللہ کے جو یعنی بیٹے، بھتیجے جو ہیں، ظاہر ہے ان کے ساتھ ہماری گپ شپ، دوستی ہے۔ تو کبھی کبھی میں ادھر جایا کرتا ہوں۔ تو ایک بات انہوں نے مجھے کہی کہ ہم نے ایسے لوگوں کو دیکھا ہے اب کسی پہ دل ٹھہرتا ہی نہیں ہے۔ یعنی ہم نے ایسے لوگوں کو دیکھا ہے کہ اب کسی اور پہ دل ٹھہرتا ہی نہیں ہے۔ اور یہ بات بالکل صحیح ہے۔ جب آدمی اتنے بڑوں کو دیکھے نا تو پھر بعد میں کہاں ان کی طرف کون ہوتا ہے پھر؟ تو مسئلہ پھر ہو جاتا ہے۔ تو یہ انسانوں کا انسانوں کے ساتھ معاملہ ہے۔ تو جو اللہ تعالیٰ کا جلوہ جس کے اوپر کھل جائے تو وہ پھر مخلوق میں کس سے متاثر ہو سکتا ہے؟ تو یہ مطلب یہ ہے کہ اگر کسی کو اللہ تعالیٰ اپنا تعلق نصیب فرمائے تو پھر اس کے بعد پھر غیر کی طرف التفات اس کے حکم کے ساتھ تو کرتا ہے، لیکن اپنے دل سے نہیں کرتا۔
میں نے دنیا کا یہاں خوب تماشا دیکھا
ہر طرف میں نے تو بس اُس کا ہی چرچا دیکھا
ہم جہاں گرتے ہیں وہ پھر سے اٹھا دیتے ہیں
ہے اٹھایا ہمیں جب بھی ہمیں گرتا دیکھا
میں نے دنیا کا یہاں خوب تماشا دیکھا
ہر طرف میں نے تو بس اُس کا ہی چرچا دیکھا
یہ اصل میں لوگوں کو یہ مبالغے محسوس ہوتے ہوں گے۔ ایسے الفاظ اور ایسی باتیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ حضرت شاہ اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ نے عبقات میں اس بات کو کھولا ہے کہ اس پوری کائنات کی جو پیدائش ہے اس کی بنیاد اللہ تعالیٰ کی محبت ہے۔ حُب، حُب جو ہے نا اس کا یعنی بنیادی جس پہ کافی ساری بات بھی ہوئی تھی کہ جیسے Hardware اور Software کے درمیان جو Link ایک Library ہوتی ہے DLL اس کو کہتے ہیں۔ تو وہ اصل میں اگر کسی کو نصیب نہ ہو تو یہ Link نہیں مل سکتا۔ پھر آپس میں Interaction نہیں ہو سکتی۔ تو خالق اور مخلوق کے درمیان کوئی مناسبت نہیں ہے۔ تو کیسے تعلق قائم ہو سکتا ہے؟ ظاہر ہے ناممکن بات تھی۔ تو وہ جو تعلق بنانے کا جو ذریعہ ہے وہ محبت ہے۔ وہ محبت ہے، مطلب اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ محبت کے ذریعے سے یہ تعلق قائم ہو سکتا ہے۔ تو اللہ پاک نے جب اس کو ذریعہ بنایا ہوا ہے تو پھر اللہ پاک نے اس کے اسباب بھی بنائے ہوئے ہیں، اس کا پورا نظام بھی بنایا ہوا ہے، تو یہ اصل میں اس طرف اشارہ ہے۔
میں نے دنیا کا یہاں خوب تماشا دیکھا
ہر طرف میں نے تو بس اُس کا ہی چرچا دیکھا
میں نے جانا کہ ہے مطلوب اس کا پانا ہی
کس نے پایا ہے اسے اس کو نہ پیدا دیکھا
وہ ایک مجذوب نے بات کی تھی نا کہ بندہ وہ ہے جو اللہ کو پا وے۔ اللہ وہ ہے جو سمجھ میں نہ آوے۔ ہاں بالکل یہی مطلب ظاہر ہے، وہ سوال ہی نہیں پیدا ہو سکتا۔ لیکن محبت کا تقاضا تو ہوتا ہے کہ پائے۔ تو اس میں پوری کوشش ایسی ہوتی ہے جیسے پانے کی، لیکن Result زیرو ہوتا ہے، لیکن ہوتا ایسا ہے جیسے سب کچھ پا لیا۔ مطلب یہ ایسی Combination ہے۔
میں نے جانا کہ ہے مطلوب اس کا پانا ہی
کس نے پایا ہے اسے اس کو نہ پیدا دیکھا
میں نے دنیا کا یہاں خوب تماشا دیکھا
ہر طرف میں نے تو بس اُس کا ہی چرچا دیکھا
میں نے مخلوق کو دیکھا ہے ہر اک رخ سے شبیرؔ
میں نے دیکھا تو یہ دیکھا کہ بس خدا دیکھا
میں نے دنیا کا یہاں خوب تماشا دیکھا
ہر طرف میں نے تو بس اُس کا ہی چرچا دیکھا
سبحان اللہ۔
لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ۔
وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔