صفا اور مروہ کے درمیان مخصوص طریقہ پر سات چکر لگانےکو سعی کہتے ہیں، حج اور عمرہ کرنے والے پر سعی کرنا واجب ہے۔جس طرح طواف حجر اسود کے استلام سے شروع ہوتا ہے اسی طرح سعی بھی حجر اسود کے استلام سےشروع کرنا آپ کی سنت ہے۔ اسلئے حجر اسود کا استلام کر لیں۔ یا دور سے اسکی جانب ہتھیلیاں اٹھا کر ہتھیلیوں کو چوم کر باب الصفا کی جانب بڑھیں۔ یہ حجر اسود کا نواں استِلام ہوگا۔
حجر اسود کی مخالف سمت میں بالکل سیدھ میں چلیں، اسی جانب صفا پہاڑی کا مقام ہے اور وہاں عربی و انگلش میں "الصفا" کا بورڈ لگا ہوا ہے۔ وہاں سے تھوڑا آگے بڑھنے کے بعد پہاڑ کی علامت شروع ہو جاتی ہے۔ اب دل میں سعی کی نیت کریں اور زبان سے اس طرح پڑھیں۔
اَللّٰھُمَّ اِنِّی اُرِیدُ السَّعی بَینَ الصَّفَا وَ المَروَۃَ سبعۃ اَشوَاطٍ لِوَجھِکَ الکَرِیمِ، فَیسِّرْہُ لِی وَ تَقبَّلہُ مِنی
پھر دونوں ہاتھ اس طرح اٹھائیں جیسےدعا میں اٹھائے جاتے ہیں۔ اور خوب دعائیں مانگیں، تقریبا پچیس آیات پڑھنے کی مقدار کھڑے رہ کر اپنی رفتار سے ذکر کرتے ہوئے، دعا مانگتے ہوئے مروہ پہاڑی کی طرف چلیں۔
صفا مروہ نشانی ہے خدا کی
یہ برکت ہے مگر اک باخدا کی
ترا محدود اس کا ہو گیا جب
رسی پکڑو گے اس کی انتہا کی
یہ پانچوں حس تمہاری پاک ہوویں
میسر تجھ کو ہے گر دل کی پاکی
قیامت تک یہاں دوڑیں گے سارے
قبول کتنی ہے دوڑ وہ ہاجرہ کی
نقل کرنا ہے یاں مطلوب شبیؔر
یہی سنت ہے سارے اولیاء کی
صفا مروہ کے درمیان جب وہ جگہ نظر آنے لگے جہاں دیوار میں سبز رنگ کے ستون لگائے ہوئے ہیں، اور وہ جب بقدر چھ ہاتھ کی دوری پر ہو، تو درمیانی چال سے دوڑنا شروع کر لیں۔ اور دوسرے سبز ستونوں کے بعد بھی چھ ہاتھ تک دوڑیں۔ اس دوران دل کی گہرائیوں سے دعا مانگیں:
"رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ، إِنَّكَ أَنْتَ الْأَعَزُّ الْأَكْرَمُ"
پھر اپنی چال چلنے لگیں آگے مروہ پہاڑی آئے گی اس پر چڑھیں اور بیت اللہ کی جانب رخ کر کے کھڑے ہو کر جس طرح صفا پہاڑی پر ذکر و شکر اور دعائیں کی تھیں اس طرح یہاں پر بھی کریں۔ اب آپ کا ایک چکر مکمل ہو گیا اس کے بعد مروہ سے صفا یہ آپ کا دوسرا چکر۔ پھر اس طرح آپ کو سات چکر مکمل کرنے ہیں۔ ساتوں چکر مروہ پہاڑی پر ختم ہوں گے۔ اب آپ مطاف میں آ کر کسی بھی جگہ دو رکعت نماز شکرانہ پڑھیں، شرط یہ ہے کہ مکروہ وقت نہ ہو۔