تزکیہ نفس، اصلاحِ احوال اور معمولاتِ ذکر

سوال جواب مجلس، 15 اپریل 2024، مجلس نمبر (669) پہلا حصہ

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ،

وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلٰى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ،

أَمَّا بَعْدُ:

أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ.

معزز خواتین و حضرات!

آج پیر کا دن ہے۔

پیر کے دن ہمارے ہاں سوالوں کے جوابات دیے جاتے ہیں اور تحقیق بھی بتائی جاتی ہے۔

سوال: حضرت السلام علیکم! گزشتہ کئی سالوں سے رمضان میں بہت زیادہ جسمانی اور اعصابی کمزوری ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے غیر رمضان والے اعمال بھی نہیں ہو پاتے اور علاج سے بھی غیر رمضان والی تندرستی نہیں ہو پاتی ہے۔ اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ جزاک اللہ۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: اصل میں یہ بات تو میں اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں، یہ تو ڈاکٹر ہی بتا سکتے ہیں کہ کیا صورتحال ہے۔ فی الحال تو کم از کم اتنا تو ہونا چاہیے کہ جو فرائض اعمال ہیں اور واجبات ہیں اور سننِ مؤکدہ ہیں، اس میں فرق نہیں پڑنا چاہیے۔ باقی حسبِ توفیق ہے۔ اگر انسان واقعی معذور ہو تو اس سے تو ان کا پوچھا نہیں کی جائے گا، لیکن یہ بات ہے کہ اگر ویسے ہی صرف کم ہمتی کی وجہ سے ہو رہا ہو تو پھر محرومی کی بات ہو گی۔ تو اس کے بارے میں یا خود آپ تعین کر سکتے ہیں یا پھر یہ کہ کسی ماہر ڈاکٹر سے کنسلٹ کر کے جو شریعت کا پابند بھی ہو، وہی زیادہ بہتر بات بتا سکتے ہیں۔


سوال2: السلام علیکم حضرت! میں فلاں آپ سے اپنی اصلاح کی خاطر میسج لکھ رہا ہوں۔ عرصہ دراز سے شش و پنج کی حالت میں تھا کہ آپ سے رابطہ کروں یا نہیں، آپ کہیں غصہ تو نہیں کریں گے۔ میں نے سن رکھا ہے کہ آپ ناراض بھی ہو جاتے ہیں اور بھی بہت سارے سوالات تھے مگر پھر ہمت کر کے معاملات کا فارم پُر کرنے کی ٹھان لی تھی۔ خیر بعد ازاں معلوم ہوا کہ اس میں نمازوں کی تفصیل بھی درکار ہے، جیسے کہ نماز انفرادی ادا کی جاتی ہے یا جماعت کے ساتھ وغیرہ وغیرہ، ان شاء اللہ آئندہ مرتبہ اس کا خیال رکھوں گا۔ میں آپ سے اس لیے اپنی حالت بیان کر رہا ہوں کیونکہ میں آپ کو متبع سنت و شریعت مانتا ہوں، آپ کے بیانات بھی سنتا رہا ہوں جن سے بہت فائدہ ہوتا ہے اور برائی سے بچ جاتا ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ میں فلاں شاہ صاحب سے بہت متاثر ہوں، ان کی شاعری اصل وجہ ہے۔ پھر ان سے ملنے کا بہت شوق تھا مگر پھر معلوم ہوا کہ وہ وفات ہو چکے ہیں۔ میں نے ان کے بہت سے بیانات سنے ہیں اور ان سے اللہ کے لیے محبت کرتا ہوں۔ اگر ان کے متعلق آپ کا کوئی مشورہ یا رائے ہو تو میری اصلاح ہو سکے۔ عقائد میں یہ ہے کہ میں اللہ کو ایک مانتا ہوں اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی اور پیغمبر مانتا ہوں، میں تمام آسمانی کتابوں پر یقین رکھتا ہوں اور انبیاء کرام پر بھی۔ میرا یہ مانتا ہوں کہ آپ بھی اللہ تعالیٰ کے محتاج ہیں، میں بھی اس کائنات کی ہر شے میں اللہ کا محتاج ہوں، کائنات کی ہر بھی شے اللہ کے محتاج ہے۔ آپ اللہ تعالیٰ کی مرضی کے بغیر کسی کو نفع نہیں پہنچا سکتے۔ بہت لوگ پیروں سے منسوب کرتے ہیں کہ مدد کرتے ہیں، وہ حاجت روا ہے، پیروں سے مانگو وغیرہ، میں ان کو روحانی طبیب سمجھتا ہوں۔ اگر عقائد میں کچھ غلطی ہے تو درست فرمائیے گا۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: جو بتائے ہیں اس میں تو کوئی غلطی نہیں ہے۔

حالات: کچھ عرصہ پہلے حالت تھی کہ نماز تک پڑھنے کا دل نہیں کرتا تھا، اللہ پاک سبحانہ و تعالیٰ سے بہت دوری ہو گئی تھی، عشقِ مجازی نے جکڑ رکھا تھا اور حالت سب نہیں جانتے، مگر اللہ تعالیٰ سے ڈر کی وجہ سے بہت مجاہدہ کیا، خود کو اس سے نکالنے کے لیے بہت محنت کی۔ الحمدللہ نا محرم سے ملا، نہ براہِ راست رابطہ کیا، نفس نے بہت کوشش کی اور اب اس کوشش میں ہوں کہ اس مرض سے نجات حاصل کر لوں اور عشقِ حقیقی میں فنا ہو جاؤں۔ میں سمجھ چکا ہوں کہ یہ بہت دنیا غرضی ہے، ہر شے کو موت آنی ہے اور ایک ایسی چیز کے لیے خود کو فنا کرنا جو خود فنا ہو سکتی ہے، کج فہمی ہے۔ بہت سی روحانی بیماریاں ہیں جن کا علاج کروانا چاہتا ہوں، جیسے کبھی کبھار خود کو بہت بہتر سمجھنے لگ جاتا ہوں، دوسروں کو بھی کمتر، لیکن حالانکہ میں جانتا ہوں کہ یہ سب غلط ہے اور بھی بہت ساری بیماریاں ہیں۔ نظر کی حفاظت کرنے کی بہت کوشش کرتا ہوں، الحمدللہ میں سنتِ رسول پر عمل کرتے ہوئے داڑھی بھی رکھ لی ہے۔ میں نے قرآن حفظ کیا مگر بیماری کی وجہ سے بہت نقصان ہوا، بہت مرتبہ یاد کرنے کی کوشش کی مگر رائیگاں رہی، ابھی دوبارہ انفرادی طور پر منزل کو کر رہا ہوں۔ میرا ایمان تھا کہ جب تک میری اصلاح نہیں ہو جاتی، یہ عظیم کلام اس قلب میں نہیں رہ سکتا، بہت پریشان ہوں۔ والد صاحب صرف چند چیزوں سے واقف ہیں۔ آپ کو جہاں تک ہو سکی حالات بیان کر دیے اور بھی بہت کچھ کہنا چاہتا ہوں مگر یہ میسج بہت طویل ہو جائے گا، اللہ ہم سب کی مدد فرمائے اور ہمیں سیدھی راہ دکھائے۔

جواب: ماشاء اللہ آپ کے خیالات بڑے اچھے ہیں، میں اس سے بڑا متاثر ہوا اور اگر آپ خانقاہ آ کر اس کا ریفرنس دے دیں تو شاید زیادہ بہتر ہو جائے گا۔ کیونکہ بہت ساری باتیں انسان کو خط و کتابت سے صحیح سامنے نہیں آتیں۔ تو اگر ایسا ہو سکے تو بہت بہتر ہے ورنہ یہ کہ اصلاح کے لیے تو کوشش آپ کر رہے ہیں اور ماشاء اللہ اس کی ہیلپ کے لیے اگر آپ کسی سے رابطہ کرتے ہیں تو مطلب یہ ہے کہ یہ تو بڑی اچھی بات ہے، اس سلسلے میں کوشش شروع کی جا سکتی ہے۔ لیکن بہرحال پہلے آپ مجھے بتائیں کہ اگر آپ خانقاہ آ سکتے ہیں تو یہ بہت زیادہ بہتر ہے، نہیں تو پھر میں ادھر سے شروع کروا لوں گا لیکن ظاہر ہے ڈائیگنوسس (Diagnosis) کے لیے اور تمام چیزوں کی بہتری کے لیے ایک دفعہ کم از کم خانقاہ آنا زیادہ بہتر رہے گا۔


سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! آپ نے 27 فروری کو جو وظیفہ بتایا تھا وہ مندرجہ ذیل ہے ان میں جو میں نے مکمل کر لیا: {لَا اِلٰهَ اِلَّا اللہُ} 200، {لَا اِلٰهَ اِلَّا ھُوَ} 400، {حَقْ} 600 اور {اَللہُ} ایک ہزار مرتبہ۔ مراقبہ پانچ منٹ کا تھا۔ اب وظائف معمول کے مطابق جاری ہیں، دورانِ مراقبہ کچھ محسوس نہیں ہوا۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: اب یہ مراقبہ 10 منٹ کر لیں اور باقی چیزیں یہ رکھیں، پھر ان شاء اللہ دیکھیں گے۔ یہ ایک مہینے کے لیے ہے۔

Question: Assalamu Alaikum Warahmatullahi Wabarakatuh. Alhamdulillah, I have completed four weeks consecutively quietly, 100 times 3rd Kalima, 100 times Durood Sharif, 100 times Istighfar. Loudly, 200 times La ilaha illallah, 200 times La ilaha illahu, 200 times Haq and 100 times Allah. Please advise for the next. (Sawala Jawab Majlis 15 April 2024, Majlis No 669)

Answer: Okay, now you can do 200 times La ilaha illallah, 300 times La ilaha illahu, 300 times Haq and 100 times Allah for one month Insha’Allah.


سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ! حضرت جی میں فلاں ہوں، اللہ پاک آپ سے راضی ہوں۔ آپ کی بات سمجھ آ گئی، الحمدللہ ایسے ہی شکر کروں گی ان شاء اللہ۔ حضرت جی کچھ عجیب کیفیت ہو رہی ہے، آپ سے محبت محسوس ہو رہی ہے، زیادہ تر بیانات نہ سن سکی۔ کمزوری ہے، بہت صحت بھی نامناسب رہتی ہے، اتوار کا بیان کبھی لیٹ کر، کبھی نیند میں، بس جیسے ہو سن لیتی ہوں۔ جوڑ کے لیے ہمت کر لیتی ہوں، بس جتنی توفیق ہو پاتی ہے عمل میں لگی رہتی ہوں کیونکہ کمزور ہوں۔ اس لیے بہت زیادہ تر نہیں کر پاتی، البتہ رمضان میں خاص کر اعتکاف میں آپ کی دعاؤں کی مجالس اور کلام کی مجالس میں شامل ہو جاتی تھی تشریح کے ساتھ والی ، اس سے بہت فائدہ ہوتا۔ لیکن حضرت جی کئی بار جو کلام میرے ذہن میں آ رہا ہوتا ہے، آپ وہی اس مجلس میں لگاتے تھے۔ میں بہت حیران ہوتی تھی کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ میں ایک بار سن لیتی ہوتی تھی پرانے سال کا، دوسری بار آپ لگا لیتے۔ مجھے خوشی تو ہوتی تھی، اس سے پتا نہیں ایسے لگتا تھا کہ آپ کی معرفت وقت کے ساتھ ساتھ بہت بڑھ رہی ہے۔ ماشاء اللہ جو آپ سب اکابر کے فیض کو اکٹھا کر رہے ہیں، بہت کام لے رہے ہیں اللہ پاک آپ سے۔ آپ کی دعا سے بھی لگتا ہے حضرت مجھے ایسے لگتا ہے کہ میں ایک گاڑی ہوں، خود کمزور ہوں، اپنے آپ کو نہیں چلا سکتی، پہلے لوگ مجھے چلا رہے تھے اور اب اس کا سٹیرنگ اللہ کے پاس ہے۔ بس وہ مجھے چلا رہے ہیں اور میں مطمئن ہوں کہ اب کوئی گڑبڑ ہو نہیں سکتی، اس کو زیادہ پتا ہے۔ کب رفتار تیز کرنی ہے، آہستہ کرنی ہے، بریک لگانی ہے، مجھے کچھ نہیں پتا۔ راستہ پر چل پڑی ہوں وہ بھی اللہ نے آپ کے طفیل دکھا دیا ہے، مطلب منزل تک پہنچ جاؤں گی۔ بس کبھی راستے میں بارش، آندھی، ٹریفک سب ہوں گے لیکن مجھے ہمت نہیں چھوڑنی، کبھی میرے اندر انجن، بریک، تیل، ٹائر وغیرہ میں مسئلہ آ سکتا ہے جیسے نفس، عقل اور دل میں، تو ساتھ ساتھ ٹھیک کرتے کرتے گاڑی چلتی رہے گی۔ آگے پیچھے لوگوں کی باتوں میں نہیں آنا، دوسری گاڑیوں کو بھی نہیں دیکھنا، نہ اپنے اندر کمی دیکھنی ہے موازنہ کر کے، سب چلتے ہیں سب آسان ہو جائے گا۔ آپ دعا فرما دیں میری اصلاح ہو جائے اور دوسروں سے نظر ہٹ جائے اور دائمی تعلق صرف اللہ تعالیٰ سے جڑ جائے۔ اور دنیا کی آزمائشوں سے نہ گھبرائے صرف اللہ پر نظر رکھوں۔ ابھی جو تفویض کی کیفیت محسوس ہوئی، پہلے ایسی نہیں ہوئی۔ مجھے تو نہیں پتا یہی حال ہے یا کیا ہے، بس اللہ پاک اس پر موت تک استقامت دے دے۔ حضرت جی بالکل کیفیت بتا رہی ہوں، مطلب کہانی نہیں ہے۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: ٹھیک ہے ماشاء اللہ یہ بڑی اچھی بات ہے، تفویض کی حالت تو بہت اچھی بات ہے۔ البتہ تفویض کے ساتھ یہ ہے کہ جو چیزیں مطلب یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف سے حکم ہے، اوامر و نواہی، اس میں انسان کو اس طرح نہیں رہنا چاہیے کہ بس اگر ہو گیا تو ہو گیا، نہیں ہوا تو نہیں ہوا۔ نہیں اس میں اپنی ہمت کرنی ہے، جتنی ہمت انسان کے اندر ہو اتنی ہمت کرنی ہے۔ اور اگر اس کے ساتھ کچھ مسئلہ ہو تو پھر شریعت کے مطابق جو اس کا علاج ہو اس کو اس طرح کرنا چاہیے اور پھر اللہ پہ چھوڑنا چاہیے۔ مطلب جیسے انسان پوری دوائی کر کے پھر اللہ پہ چھوڑتا ہے، اس طریقے سے آپ کو شریعت کے اعمال میں بھی کرنی چاہیے۔ اللہ جل شانہٗ توفیق عطا فرما دے، باقی بہتری کے لیے دعا کرتا ہوں۔

سوال: السلام علیکم میرے پیارے حضرت! جب بھی میں باقاعدگی کے ساتھ کوئی اچھا کام کرنا شروع کرتا ہوں تو مجھے بزرگی کا مسئلہ ہونے لگتا ہے اور محسوس ہوتا ہے کہ میں کچھ خاص ہوں اور میرے نفس کو بہت خوشی ہوتی ہے۔ جب کوئی میری تعریف کرتا ہے یہ ہمیشہ مجھے اچھے اعمال کو آخر روکنے کی طرف لے جاتا ہے، کیا میں اس احساس کو روکنے کے لیے کچھ کر سکتا ہوں؟ برائے مہربانی۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: بالکل کر سکتے ہیں اور وہ یہ ہے کہ جب آپ کو پتا ہے کہ عجب، یعنی اپنے آپ کو بزرگ سمجھنا اور اچھا سمجھنا، یہ برا ہے۔ تو جب آپ سمجھتے ہیں کہ مجھ میں یہ مرض ہے تو پھر اپنے آپ کو آپ کیسے بزرگ سمجھ سکتے ہیں؟ تو جو اس کا آؤٹ پٹ (Output) ہے، وہی اس کے لیے ان پٹ (Input) ہے۔ مطلب یہ ہے کہ آپ جب سمجھے کہ میں بزرگ سمجھ رہا ہوں تو بزرگ سمجھنا اچھا نہیں ہے، لہذا میں اچھا نہیں ہوں۔ بس بزرگی ختم۔


سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! حضرت جی میں لاہور سے فلاں آپ سے مخاطب ہوں۔ میں نے آپ کا بتایا ہوا 40 روز کا عمل شروع کر رکھا تھا، الحمدللہ کل مورخہ 11 اپریل کو 40 روز پورے ہو جائیں گے۔ مزید رہنمائی فرمائیں، دعاؤں کی خاص درخواست ہے۔ لاہور خانقاہ کا ایڈریس اور لاہور میں آپ سے ملاقات کا شیڈول بھی بتا دیجئے گا۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: ٹھیک ہے ان شاء اللہ جب ہمارا پروگرام لاہور کا بنے گا تو پھر ان شاء اللہ آپ سے عرض کروں گا۔ اور جن کے ہاں یہ پروگرام ہوتا ہے فی الحال وہ بیمار ہیں، تو ان شاء اللہ جیسے ہی ان کی طبیعت درست ہو گی تو اس کے بارے میں عرض کر لوں گا۔ بہرحال یہ ہے کہ ابھی فی الحال آپ نے چونکہ 40 روز کا وہ پورا کر لیا ہے تو اب آپ ان شاء اللہ وہ ذکر کل شروع کر لیں جہری ذکر، اور وہ ہے {لَا اِلٰهَ اِلَّا اللہُ، لَا اِلٰهَ اِلَّا اللہُ} یہ سو دفعہ، {لَا اِلٰهَ اِلَّا ھُو، لَا اِلٰهَ اِلَّا ھُو} سو دفعہ، {حَقْ، حَقْ، حَقْ} سو دفعہ، {اَللہ، اَللہ، اَللہ} سو دفعہ۔ یہ آپ نے سو سو دفعہ کرنا ہے یہ ایک مہینے کے لیے، اور کوئی وقت مقرر کر کے اس کو بغیر ناغہ کے کرنا ہے ان شاء اللہ۔ اور دوسرا یہ کہ تیسرا کلمہ، درود شریف، استغفار سو سو دفعہ، یہ آپ نے عمر بھر کے لیے کرنا ہے۔ اور ہر نماز کے بعد جو ذکر بتایا تھا وہ بھی آپ کو کرنا ہے ان شاء اللہ۔ ان شاء اللہ ایک مہینے کے بعد بتائیں گے آپ۔


سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! حضرت آپ کو اور تمام اہل خانہ کو میری طرف سے عید مبارک ہو۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: اللہ جل شانہٗ آپ کو بھی گزشتہ عید مبارک فرمائے یعنی اس کی برکات آپ پر برقرار رکھے۔ اور کوتاہیوں سے ضائع نہ ہو جائیں۔

سوال: السلام علیکم حضرت شاہ صاحب! اللہ تعالیٰ آپ کے درجات بلند فرمائے آمین۔ ذکر الحمدللہ آپ کی برکت سے 200، 400، 600، 9000 اور 10 منٹ کا مراقبہ، تہجد کو دو ماہ ہو گئے ہیں۔ دیر سے اطلاع کی معذرت چاہتا ہوں لیکن آپ کی برکت سے اصلاحی اعتکاف کی سعادت نصیب ہوئی، الحمدللہ اعتکاف کی تراویح میں دل کے مقام پر {اَللہ، اَللہ} محسوس ہوتا تھا دل کے مراقبے میں۔ جبکہ مراقبہ میں رمضان سے پہلے کبھی اتنا ممکن ہوتا تھا کہ وقتی طور پر یاداشت چلی جاتی ہے کہ میں کون ہوں اور کہاں ہوں۔ آپ کی برکت سے اللہ تعالیٰ کا دھیان نصیب ہوتا ہے، جو کہ نماز میں کم اور غیر نماز میں زیادہ ہوتا ہے۔ اعتکاف کے بعد اس دھیان میں تھوڑا سا لطف محسوس ہوتا ہے۔ پوچھنا تھا کہ نماز میں جس میں خشوع و خضوع کا حکم ہے، اس میں تو دھیان کم ہوتا ہے جبکہ غیر نماز میں زیادہ، اس کی کیا حقیقت ہو سکتی ہے؟ اعتکاف میں خلافت کے وسوسے آتے تھے اور جس پر نفس کو ڈانٹتا کہ تم نے بہت تیر چلائے، ہو سکتا ہے کہ اب شاہ صاحب تم سے بیعت کر لیں، اور شاید سارے مشائخ تمہارے ہاتھ پر بیعت کریں، اس کے بعد نفس کے وسوسے بند ہو گئے۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: دیکھیں بات سنیں کہ نماز سے پہلے آپ ایک خاص چیز پر، یا نماز میں جب آپ نہیں ہوتے تو آپ کسی چیز پر اپنی مرضی سے فوکس کر سکتے ہیں، مثلاً ذکر کے اوپر۔ تو اس سے جو ہے نا ماشاء اللہ یعنی محسوس زیادہ ہوتا ہے۔ جبکہ نماز میں آپ کو مسلسل حرکت ہوتی ہے نماز کے اعمال کی طرف۔ تو اس میں خشوع و خضوع یہی ہے کہ آپ کا دل جو ہے نا نماز کے حالات سے ہٹنے نہ پائے، بس نماز کی طرف رہے۔ اور دوسری طرف یہ بات ہے کہ آپ سکون کے ساتھ نماز پڑھیں یعنی اس میں بے جا جلدی نہ ہو اور جس رکن میں اعضاء جس حالت میں ہونے چاہیے اسی حالت میں ہوں۔ تو اس کو خشوع و خضوع کہتے ہیں، یہی ہونا چاہیے اور اگر یہ ہو تو کافی ہے۔

باقی جہاں تک خلافت کے وسوسے ہیں تو وسوسہ وسوسہ ہی ہوتا ہے۔ اس کی پرواہ ہی نہیں کرنا چاہیے، مطلب کہاں بزرگی اور کہاں ہم۔ مطلب ہم لوگ تو بس عام لوگ ہیں اور ماشاء اللہ یعنی حضرت تھانوی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ بزرگوں کے نصاب پہ نہ رہیں، عام لوگوں کے نصاب پہ رہیں تو سہولت ہے۔ ورنہ اللہ تعالیٰ نے اگر بزرگوں والا نصاب تم پہ ڈال دیا تو پھر کیا کرو گے۔


سوال: حضرت شیخ صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! عید الفطر مبارک۔ جیسا کہ آپ نے فرمایا تھا میں نے 30 دن {لَا اِلٰهَ اِلَّا اللہ} 200، {لَا اِلٰهَ اِلَّا ھُو} 200، {حَقْ} 200 اور {اَللہ} 100 کا وظیفہ پورا کر لیا۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: اب {لَا اِلٰهَ اِلَّا اللہ} 200، {لَا اِلٰهَ اِلَّا ھُوَ} 300، {حَقْ} 300 اور {اَللہ} سو دفعہ کا وظیفہ ایک مہینے کے لیے کریں۔


سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! ہماری طرف سے اور آپ کے اہل خانہ کو عید بہت بہت مبارک ہو۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: آپ سب کو بہت عید مبارک ہو۔


سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! حضور کل میرا ذکر اس ماہ مکمل ہو گیا 200 مرتبہ {لَا اِلٰهَ اِلَّا اللہ}، 400 مرتبہ {لَا اِلٰهَ اِلَّا ھُو}، 600 مرتبہ {حَقْ} اور 2000 مرتبہ {اَللہ}۔ حضور تمام مریضوں سمیت میرے لیے صحت یابی اور اس دنیا سے با ایمان رخصتی کی دعا کی درخواست ہے۔ اللہ پاک میرے لیے اس ذکر میں آسانی عطا فرمائے۔ حضور اس ذکر کو جاری رکھنے کی اجازت عطا فرمائیے۔ آپ کی دعاؤں کا طالب۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: اللهم آمین۔ اب آپ {اَللہ، اَللہ} ڈھائی ہزار مرتبہ کر لیں، باقی چیزیں وہیں رکھیں ان شاء اللہ ایک مہینے کے لیے۔


سوال: السلام علیکم حضرت! میرا نام فلاں ہے، میرے شوہر بھی آپ سے بیعت ہیں، وہ دبئی میں ہوتے ہیں فلاں اس کا نام ہے، ہم فلاں جگہ کے ہیں۔ میں نے فلاں سے 40 دن کا ذکر بھی لیا ہے، اب آپ اگر مجھے ذکر بتا دیں، اور میری شادی کو تین ماہ ہوئے ہیں۔ میرے شوہر شادی کے ایک ماہ بعد دبئی چلا گیا ہے، اب میں اس کے پیچھے بہت روتی ہوں لیکن میرے شوہر اکلوتے ہیں اور گھر میں کوئی اور کمائی والا ہے نہیں، تو اب ان کی تو مجبوری ہے، لہذا میں اکیلی ہوتی ہوں تو صبر نہیں آتا بہت روتی ہوں، آپ رہنمائی فرما دیں۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: بات بہت Simple ہے کہ Compare کرنا ہے مطلب حالات میں۔ اب دیکھو آپ نے خود ہی بتا دیا کہ اس کی مجبوری ہے۔ تو مجبوری مجبوری ہوتی ہے، تو آپ کو اگر جو تکلیف ہے اس میں آپ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنا تعلق قائم رکھیں تاکہ آپ کا اس چیز کا زیادہ استحضار وہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق میں تبدیل ہو جائے۔ تو اس کے لیے آپ ذکر وہ کریں اور وہ یہ ہے کہ 40 دن کا جو ذکر آپ نے کیا ہے تو اس میں اگر ناغہ نہیں ہوا، تو پھر تیسرا کلمہ، درود شریف، استغفار یہ سو سو دفعہ یہ پوری عمر آپ جاری رکھیں روزانہ۔ اور ہر نماز کے بعد جو ذکر بتایا ہے وہ بھی آپ جاری رکھیں۔ اس کے علاوہ 10 منٹ کے لیے آنکھیں بند، زبان بند، قبلہ رخ بیٹھ کر آپ نے تصور کرنا ہے کہ میرا دل "اللہ اللہ" کر رہا ہے۔ تو بس یہ تصور کرنا ہے کروانا نہیں ہے کیونکہ وہ آپ کروا نہیں سکتی۔ لیکن اگر ہونا شروع ہو جائے تو کم از کم آپ کو پتا چل جائے۔ بس اس طرح فوکس رکھیں، ان شاء اللہ یہ 10 منٹ کا مراقبہ ہے، یہ ایک مہینہ کر کے مجھے اطلاع کرنی ہے ان شاء اللہ۔

Question: Assalamu Alaikum Sheikh. As per your instructions, I was continuing to do the following Hasanat, virtuous deeds in the last one and a half month.

Number 1: Read two pages of Tafseer Quran daily. Number 2: Teach Quran recitation to some brothers and sisters. Number 3: I was trying to helping, to help Masjid to organize Iftar for the people during the Ramadan. After doing the above, I have more good and strong feelings that is I feel more confidence, patience, and feel Allah is so kind to me and give me countless Barakat all the times. Even I have very small health problem and challenge during the Ramadan but I feel it, it’s a testing and also kind of Barakat to me from Allah. I have more self-control Alhamdulillah. Sheikh, please kindly let me know what should I do for the next Insha’Allah. (Sawala Jawab Majlis 15 April 2024, Majlis No 669)

Answer: Mashallah, you are doing well. May Allah Subhanahu Wa Ta'ala grant you Toufeeq to continue this. And if you stand up in the morning, you should think what better thing I can do with the people, for themselves to perform good for Akhirah. And when you sleep in the night, before this you should think how much you are successful in this. So, this you should repeatedly do daily Insha’Allah. And beside the other things what you are doing.

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! اللہ تعالیٰ آپ کو خوش و سلامت رکھے، آمین۔ حضرت جی کچھ وقت خانقاہ میں لگانے سے پوری زندگی بدل گئی ہے۔ اللہ آپ پر اپنی رحمتیں اور برکتیں نازل فرمائے۔ اپنی کچھ دنیاوی معاملات لوگوں کے ساتھ خراب تھے، ان سے صلح صفائی کر لی ہے۔ ابھی بھی دل میں دیکھتا ہوں کہ کسی کے لیے بغض یا کینہ تو نہیں رہا۔ نمبر دو: ذکر و دعا میں دل لگتا ہے۔ نمبر تین: فرض نماز میں کوشش کے باوجود توجہ نہیں ہوئی۔ آپ کے دیے ہوئے ذکر کا وقت پورا ہو گیا ہے، {لَا اِلٰهَ اِلَّا اللہ} 200، {لَا اِلٰهَ اِلَّا ھُو} 400، {حَقْ} 600، {اَللہ} 1200، یہ میں ترتیب سو سو بار کر رہا ہوں۔ حضرت دل و دماغ ابھی تک خانقاہ میں ہے، دل چاہتا ہے کہ پھر کچھ وقت آ کر خانقاہ میں لگاؤں۔ تیسرا کلمہ جو بالترتیب 300، 200 ہے آپ کے کارڈ والا ذکر، اس کا چلہ پورا ہو گیا ہے۔ گھر میں نماز اور اذکار کی الحمدللہ پوری پابندی چل رہی ہے، آپ سے گزارش ہے دعا کریں۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: اچھا ماشاء اللہ، ماشاء اللہ۔ اب یہ اس طرح کر لیں کہ آپ جو ہے نا وہ ذکر جو ہے نا اب {لَا اِلٰهَ اِلَّا اللہ} 200 مرتبہ، {لَا اِلٰهَ اِلَّا ھُو} 200 مرتبہ، {حَقْ} 200 مرتبہ اور {اَللہ} یہ سو مرتبہ، یہ اب روزانہ کر لیا کریں ایک مہینے کے لیے۔ اور باقی جو آپ کی اہلیہ ہے اس کو بتا دیں کہ تیسرا کلمہ، درود شریف، استغفار سو سو دفعہ روزانہ، یہ عمر بھر کے لیے۔ اور جو نماز کے بعد والا اذکار ہے اس کو بھی آپ نے عمر بھر کے لیے کرنا ہے۔ اور اس کے علاوہ 10 منٹ کے لیے آپ تصور کریں گی آنکھیں بند، قبلہ رخ بیٹھ کے، زبان بند، آپ تصور کریں گی کہ میرا دل "اللہ اللہ" کر رہا ہے۔ آپ نے کروانا نہیں ہے کیوں کروا نہیں سکتی، لیکن یہ بات ہے کہ اگر ہونا شروع ہو جائے تو کم از کم آپ کو پتا چل رہا ہو، تو یہ 10 منٹ کے لیے روزانہ آپ نے یہ کرنا ہے فوکس، اور ایک مہینے کے لیے ان شاء اللہ، ایک مہینے کے بعد پھر مجھے بتانا ہے، آپ دونوں تو بتائیں گے ان شاء اللہ۔


ایک سوال کا جواب: اس کو دور کرنے کے لیے اعلیٰ درجہ کی تواضع چاہیے یعنی اپنے آپ کو بالکل کچھ نہ سمجھنا ہو، جب تک آپ اپنے اندر تکبر سمجھیں تو اپنے آپ کو کچھ بھی نہ سمجھیں۔ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)


سوال: السلام علیکم حضرت جی! آپ خیریت سے ہوں، میں نے عمرے پر جانا ہے 25 اپریل کو ان شاء اللہ، آپ سے دعا کی اپیل ہے کہ اللہ سب سیدھا فرمائے اور صحیح طریقے سے کرنے کی توفیق ہو جائے۔ پوچھنا یہ تھا کہ عورت کو چہرہ ڈھانپنا احرام میں حرام ہے، سلا ہوا نقاب پہن نہیں سکتی، آپ کے پیج پر لکھا ہے جبکہ ڈاکٹر فرحت ہاشمی کہتی ہے کہ سلا ہوا نقاب پہننا حرام ہے اور چہرہ نامحرم سے چھپانا چاہیے۔ یہ واضح فرمائیں اور عورت کو نماز مکہ اور مدینہ میں کدھر پڑھنی چاہیے، مسجد میں؟ (سوال جواب مجلس 15 اپریل 2024 ، مجلس نمبر 669)

جواب: ہاں یہ بات ہے کہ دیکھیں نا اس طرح ہوتا ہے کہ ایک چھجے والی ٹوپی سی ہوتی ہے، وہ اگر کوئی پہن لے اور اس کے اوپر اپنا نقاب ڈال لے، تو مطلب یہ ہے کہ کپڑا جو ہے نا چہرے پہ نہیں لگے گا باقی چہرہ غیر محرم سے چھپ جائے گا۔ تو بس اتنا کر سکتی ہیں اور یہ بات ہے کہ باقی تو پورا جسم جیسے انسان عام طور پہ چھپاتا ہے اس طریقے سے آپ لوگوں سے چھپائیں گی۔ اور اگر کمرے میں ہے تو ظاہر ہے لوگوں سے تو نہیں چھپائیں گے اس وقت تو آپ چہرہ بھی کھول سکتی ہیں۔ تو بس یہ بات بہت آسان ہے اب یہ کوئی مشکل نہیں ہے۔ البتہ نماز جو ہے وہ مکہ اور مدینہ منورہ میں وہ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث شریف ہے نا کہ میری مسجد میں نماز پڑھنے سے اس عورت کا گھر کے اندر نماز پڑھنا بہتر ہے، صحن سے زیادہ برآمدے میں، برآمدے سے زیادہ جو ہے نا وہ اندرونی کمرے میں۔ تو آپ خود ہی سوچ لیں۔

Question: Assalamu Alaikum Warahmatullahi Wabarakatuh. Respected Hazrat Sheikh Sahab, I pray that you are well, Amin. I have completed this month Zikr without miss Alhamdulillah. La ilaha illallah 200 times, La ilaha illahu 400 times, Haq 600 times, Allah 1000 times. Muraqaba 10 minutes Allah Allah on Latifa-e-Qalb, 15 minutes on Latifa-e-Ruh. Regarding Muraqaba, I feel the Zikr more compared to last month on both Lataif in recent days, but my thoughts still tend to stray away from the Zikr, which then I try to keep focused. (Sawala Jawab Majlis 15 April 2024, Majlis No 669)

Answer: Mashallah, this try is actually required. So you continue this try and now I think you should do 10 minutes Allah Allah on Latifa-e-Qalb and 10 minutes on Latifa-e-Ruh and 15 minutes on Latifa-e-Sirr. The rest will be the same Insha’Allah.



جاری ہے ان شاءاللہ


تزکیہ نفس، اصلاحِ احوال اور معمولاتِ ذکر - مجلسِ سوال و جواب