امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے شرعی تقاضے، درجات اور حکمتِ دعوت

بَابٌ فِى الْاَمْرِ بِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّهْيِ عَنِ الْمُنْكَرِ، درس نمبر: 287، اشاعتِ اول: 13 مئی، 2023 بمطابق 22شوال المکرم، 1444 ہجری

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  • برائی کو ہاتھ، زبان اور دل سے روکنے کے تین درجات۔
  • امر بالمعروف و نہی عن المنکر ہر مسلمان کی ذمہ داری۔
  • نصیحت قبول نہ ہونے کے اندیشے کے باوجود حق بات پہنچانا۔
  • دعوت اور دعویٰ میں فرق اور نصیحت میں حکمت و دانائی کا استعمال۔

الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔

فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔

برائی کو ہاتھ سے یا زبان سے روکے یا دل میں برا سمجھے

(184) الْحَدِيثُ الْأَوَّلُ: عَنْ اَبِيْ سَعِيْدٍ ۨ الْخُدْرِيِّ رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُ قَالَ سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُوْلُ: ”مَنْ رَّاٰى مِنْكُمْ مُنْكَرًا فَلْيُغَيِّرْهُ بِيَدِهِ، فَاِنْ لَّمْ يَسْتَطِعْ فَبِلِسَانِهِ، فَاِنْ لَّمْ يَسْتَطِعْ فَبِقَلْبِهِ، وَ ذٰلِكَ اَضْعَفُ الْاِيْمَانِ“ (رواہ مسلم)

ترجمہ: ”حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو ارشاد فرماتے سنا کہ جو شخص برائی کو دیکھے وہ اس کو ہاتھ (کی قوت) سے روکنے کی کوشش کرے، ( اس کے پاس حکومت وغیرہ ہے ) اگر اس کی استطاعت نہیں تو زبان سے منع کرے اگر اس کی بھی استطاعت نہ ہو تو دل میں برا جانے، یہ ایمان کا معمولی درجہ ہے۔“

تشریح: ”من رأی منکم منكراً“ میں لفظ ”من“ یہ عربی زبان میں عموم کے لئے آتا ہے۔ اس حکم کا مخاطب امت کا ہر فرد ہے یعنی امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا خواہ وہ مرد ہو یا عورت، آزاد ہو یا غلام، نیک ہو یا فاسق فاجر سب کو امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرنا ہوگا۔ اس حدیث پاک میں امر بالمعروف نہی عن المنکر کے تین درجے بیان ہوئے ہیں کہ طاقت ہو تو ہاتھ سے روکے، اگر یہ نہ ہو تو زبان سے منع کرے اگر یہ بھی نہ کرسکے تو دل میں برا جانے اس کے بعد بعض حضرات کے نزدیک وہ شخص مسلمان نہیں رہتا۔ امام نووی شرح مسلم میں فرماتے ہیں کہ اس حدیث میں امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے فریضہ کی ادائیگی کی جو ترتیب بتائی گئی ہے وہ قرآن وحدیث اور اجماع امت سے ثابت ہے اس بارے میں کسی کا بھی اختلاف نہیں، البتہ کچھ روافض کا اختلاف ہے جن کا اعتبار نہیں۔ امام نووی یہ بھی تحریر فرماتے ہیں کہ عدم قبولیت کا گمان امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے وجوب کو ساقط نہیں کرتا، لہٰذا اگر کسی کو یہ گمان ہو کہ فلاں شخص اچھی بات کو قبول نہیں کرے گا تب بھی اس پر واجب ہے کہ اس کو تلقین کرے پھر اس پر جو ذمہ داری ہے وہ پوری ہے، لوگوں نے تو رسولوں کو بھی جھٹلایا ہے اور ان کی نصیحت کو قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ تو کیا ان رسولوں اور پیغمبروں نے حق بات پہنچانے کا فریضہ ترک کر دیا تھا۔

اصل میں واقعتاً بعض لوگوں کو کچھ غلط فہمیاں ہوتی ہیں چیز سمجھنے میں۔ مثلاً ایک غلط فہمی یہ ہے کہ میں کہوں گا تو مانے گا نہیں۔ اچھا ایک تو یہ بات ہے، اس کا جواب تو ادھر دے دیا ہے کہ نہیں، آپ اپنی کوشش کر لیں، اگر وہ نہ مانے تو یہ فعل اس کا ہے، آپ کا نہیں ہے۔ آپ کی ذمہ داری پوری ہو جائے گی۔ دوسرا اس کے ساتھ یہ بات ہو سکتی ہے کہ ٹھیک ہے اگر آپ خود نہیں کہہ سکتے، مثلاً بعض رشتہ دار ہوتے ہیں۔ ان کی آپس میں ایسی حالت ہوتی ہے کہ وہ ایک دوسرے کی بات نہیں مانتے۔ یعنی کوئی ضد وغیرہ ہوتی ہے۔ اب وہ اس کے اندر کوئی برائی دیکھتا ہے اور اس کو سمجھانا چاہتا ہے، تو کہتا ہے میں خود کہوں گا تو ضد میں آ کر نہیں مانے گا۔ یہ ویسی صورت ہے جس میں حکمت سے کام لینا ہوتا ہے، اور وہ کیسے؟ کہ وہ کسی ایسے آدمی کو بتا دے جس کی اس کے نزدیک وقعت ہو۔ اور اس کے ذریعے سے کہلوائے۔ تو مطلب ظاہر ہے، اس کے ساتھ تو اس کی یہ حالت نہیں ہے، لہٰذا وہ اس کی بات تو مان لے گا۔ تو ایک تو یہ غلط فہمی ہو سکتی ہے جس کا علاج یہ ہے۔ دوسری غلط فہمی یہ ہو سکتی ہے، یہ جو ہمارے حضرت سے پوچھا گیا تھا۔ ایک تبلیغی جماعت کے ساتھی تھے۔ انہوں نے حضرت سے پوچھا کہ حضرت! یہ جو فرمایا گیا ہے کہ تم جو کام نہیں کرتے، دوسروں کو کیسے کہہ سکتے ہو۔ فرمایا، حضرت نے فرمایا کہ یہاں پر دعوت سے نہیں انکار۔ یہاں دعویٰ سے انکار ہے، دعویٰ، دعویٰ نہ کرو۔ مطلب یہ ہے کہ ایک ایسی بات کیوں کرتے ہو جو کرتے نہیں ہو، مطلب دعویٰ نہ کرو اس چیز کا جو تم کرتے نہیں ہو۔ مثلاً یہ بات ہے کہ میں کہوں کہ بھئی میں اچھا ہوں۔ تو اس کا دعویٰ کرنا تو کوئی نہیں کہہ سکتا ظاہر ہے، کیونکہ انسان کے اندر برے اعمال بھی ہوتے ہیں۔ تو اب یہ بات ہے کہ یہ جو چیز ہے اس کے بارے میں فرمایا کہ یہاں دعویٰ سے منع کیا گیا ہے، وہ دعوت سے منع نہیں کیا گیا ہے۔ تو یہاں دعویٰ اور دعوت میں جو فرق ہے اس کو بھی سمجھنا چاہیے۔ "لِمَ تَقُولُونَ مَا لَا تَفْعَلُونَ" ٹھیک ہے، ایسی بات ہے۔ اللہ جل شانہ ہم سب کو صحیح عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔


نئی تشریح

حاکم کے پاس حکومت کا اختیار اور طاقت ہوتی ہے، اس لیے وہ ہاتھ اور طاقت سے برائی کو روک سکتا ہے۔ اسی طرح بعض علمائے کرام کا ایسا مقام ہوتا ہے کہ لوگ ان کی بات سنتے ہیں، تو ایسے علماء اپنی زبان سے نہی عن المنکر کر سکتے ہیں۔ جن لوگوں کی یہ حیثیت نہیں ہوتی کہ خود کہہ سکیں، وہ کسی بڑے عالم سے بات کہلوا سکتے ہیں۔

اگر فتنے یا لڑائی کا اندیشہ ہو تو فوراً یہ نہیں ٹوکنا چاہیے کہ "تم نے ایسا کیوں کیا" یا "تمہیں یوں کرنا چاہیے تھا"۔ بہتر طریقہ یہ ہے کہ کچھ وقت گزرنے کے بعد یا کسی اور موقع پر، باتوں باتوں میں آہستگی سے اپنی بات پہنچا دی جائے، کیونکہ اس طرح سامنے والا بات سن بھی لیتا ہے۔ اور اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو اس برائی کو دل میں برا جاننا چاہیے۔

آج کل ایک بڑا مسئلہ پارٹی بازی کا ہے۔ آدمی جس پارٹی کو پسند کرتا ہے اس کی غلط بات کو بھی درست کہتا ہے اور اسے برا نہیں سمجھتا، جبکہ دوسرے کی بات حق ہو تب بھی اسے برا کہتا ہے۔ حالانکہ یہ نہیں دیکھنا چاہیے کہ بات کس پارٹی کی ہے، بلکہ یہ دیکھنا چاہیے کہ درست اور حق بات کون سی ہے۔

بعض اوقات کوئی شخص مجبوراً ایسی حکومت کا حصہ ہوتا ہے جس کے کام درست نہیں ہوتے، لیکن موقع ملتے ہی وہ حق بات پہنچا دیتا ہے اور برائی کو روک دیتا ہے۔ اس کی ایک مثال حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ سے پہلے کے خلیفہ سلیمان بن عبدالملک کے دور کی ہے۔ وہ دنیادار اور عیش پسند خلیفہ تھا، لیکن اس کے مشیر نامور تابعی اور عالم رجاء بن حیوہؒ تھے۔ جب سلیمان کی موت کا وقت قریب آیا اور وہ اپنی عاقبت کے بارے میں پریشان ہوا، تو رجاء بن حیوہؒ سمیت علمائے کرام نے اسے مشورہ دیا کہ اگر وہ قبر میں امن اور اللہ کی رضا چاہتا ہے تو سلطنت کے سب سے بہتر اور متقی انسان کو اپنا جانشین مقرر کر جائے۔ اس نے پوچھا کہ وہ کون ہے، تو انہوں نے حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کا نام لیا۔

سلیمان نے اپنی وصیت ایک کاغذ پر لکھی، اسے لفافے میں بند کر کے مہر لگا دی۔ رجاء بن حیوہؒ نے سلیمان کی زندگی ہی میں اموی خاندان کے تمام بڑوں اور شہزادوں کو جمع کیا اور کہا کہ امیر المومنین جس کا نام اس لفافے میں لکھ رہے ہیں، تم سب اس کی بیعت کرو، اور سب نے نام دیکھے بغیر بیعت کر لی۔ سلیمان کے انتقال کے بعد رجاء بن حیوہؒ نے یہ خبر چند گھنٹوں کے لیے چھپائے رکھی، اموی خاندان کو دوبارہ جمع کیا اور وفات کا اعلان کرنے سے پہلے اسی بند لفافے پر دوبارہ بیعت لی۔ جب سب بیعت کر چکے تو انہوں نے سلیمان کی وفات کا اعلان کیا اور وصیت نامہ کھول کر پڑھا۔

حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کا نام سامنے آتے ہی دو لوگوں نے "انا للہ و انا الیہ راجعون" پڑھا۔ ایک خود حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ تھے، جن کا رنگ فق ہو گیا اور وہ اپنی جگہ سے اٹھ نہ سکے۔ انہوں نے رنجیدہ ہو کر رجاء بن حیوہؒ سے کہا: "اے رجاء! تم نے میرے ساتھ یہ کیا کیا؟ اللہ کی قسم! میں اس منصب کا کبھی خواہشمند نہیں تھا۔" دوسرے ہشام بن عبدالملک تھے، جو خود کو اس منصب کا اہل سمجھتے تھے۔ لیکن وہ دو بار بیعت کر چکے تھے، اس لیے کوئی مخالفت نہ کر سکے۔

اللہ جل شانہ ہم سب کو صحیح عمل کی توفیق عطا فرمائے۔

امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے شرعی تقاضے، درجات اور حکمتِ دعوت - درسِ ریاضُ الصالحین - دوسرا دور