امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی اہمیت اور خاموشی کے نتائج

بَابٌ فِى الْاَمْرِ بِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّهْيِ عَنِ الْمُنْكَرِ، درس نمبر: 286، اشاعتِ اول: 12 مئی، 2023 بمطابق 21شوال المکرم، 1444 ہجری

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  • اصحابُ السبت کا واقعہ اور تین گروہوں کا انجام۔
  • برائی سے روکنے والوں کی نجات اور ظالموں پر عذاب۔
  • برائی پر خاموش رہنے والوں کے انجام میں مفسرین کا اختلاف۔
  • مشتبہ امور میں احتیاط اور نہی عن المنکر کی ضرورت۔

الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔

فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔

﴿فَانْجَيْنَا الَّذِيْنَ يَنْهَوْنَ عَنِ السُّوْءِ وَاَخَذْنَا الَّذِيْنَ ظَلَمُوْابِعَذَابٍ بَئِيْسٍ بِمَا كَانُوْا يَفْسُقُوْنَ﴾ (اعراف: 165)

ترجمہ: ”جو لوگ برائی سے منع کرتے تھے ان کو ہم نے نجات دی اور جو ظلم کرتے تھے ان کو برے عذاب میں پکڑ لیا کہ نافرمانی کرتے جاتے تھے۔“

تشریح: پہلے سے اصحاب السبت کا واقعہ چل رہا ہے۔ کہ جس قوم کو اللہ نے ہفتہ کے دن مچھلی کے شکار کرنے سے منع فرمایا تو ان میں تین گروہ بن گئے۔ (1) اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کر کے مچھلی پکڑنے لگا۔ (2) ان کو منع کرنے لگا۔ (3) خاموش رہا۔ آیت بالا میں ہے کہ جو برائی سے منع کرتے تھے (یعنی ہفتہ کو مچھلی پکڑنے سے) تو ہم نے ان کو نجات دی۔ (اور جو ظلم کرتے تھے یعنی مچھلی پکڑتے تھے) تو ہم نے ان کو عذاب میں پکڑ لیا۔ کہ ان کو بندر اور خنزیر بنا دیا۔ منع کرنے والے اور نافرمانی کرنے والے کا تو تذکرہ آگیا اور جو خاموش تھا ان کا کیا ہوا؟ اس کے بارے میں ابن زید نے فرمایا: خاموش رہنے والا گروہ بھی ہلاک ہوگیا۔ مگر عکرمہ کی رائے یہ ہے کہ خاموش رہنے والے گروہ نے ظالموں کی حرکت سے اپنی نفرت اور بے زاری کا اظہار کیا ان کے عمل کو برا سمجھا تو وہ بچ گئے۔ کیونکہ ان کے بارے میں قرآن نے نہیں فرمایا کہ ہم نے ان کو ہلاک کر دیا۔ تو معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو بچا لیا۔

تفسیر مظہری میں یہ دونوں رائیں موجود ہیں۔ تو یہ ہے کہ منع کرنا چاہیے، اس میں تو یقینی کامیابی ہے۔ لیکن جو منع نہ کر سکے اور کرے بھی نہیں تو ان کے بارے میں دو رائیں ہیں۔ ایک تو یہ ہے کہ وہ بھی عذاب میں آ جائیں، ممکن ہے ان کے برابر عذاب میں نہ ہوں جنہوں نے وہ کام کیا ہوتا ہے لیکن آ سکتے ہیں کسی حد تک۔ اور دوسری رائے وہ یہ ہے کہ ان کو بھی بچا لیا جائے۔ بہرحال اللہ کو پتا ہے۔ تو ایسی صورت میں جب اختلاف ہو تو اس میں احتیاط کا پہلو اختیار کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر ایک چیز کا بالکل پتا ہے کہ یہ صحیح چیز ہے میں کھا سکتا ہوں۔ وہ انسان کھا لیتا ہے ایک چیز کے بارے میں یقین کے طور پر پتا ہے کہ یہ نقصان دہ ہے۔ تو وہ انسان پھر نہیں کھاتا اور ایک چیز کے بارے میں ہے کہ پتا نہیں کہ کھا سکتا ہوں یا کھا نہیں سکتا ہوں۔ تو اس میں پھر کوئی جرأت نہیں کرتا کیونکہ اس کو علم ہوتا ہے کہ ایسا نہ ہو کہیں یہ بھی ان چیزوں میں نہ ہو کہ جس کو کھایا نہ جا سکتا ہو۔ تو اس میں احتیاط کا پہلو اختیار کرتے ہیں تو اسی طریقے سے احتیاط کا پہلو یہی ہے کہ روکنا ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری حفاظت فرمائے۔

وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُونَ وَسَلَامٌ عَلَى الْمُرْسَلِينَ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ،بِرَحْمَتِكَ يَا أَرْحَمَ الرَّاحِمِينَ

امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی اہمیت اور خاموشی کے نتائج - درسِ ریاضُ الصالحین - دوسرا دور