شیطان کے وار اور ان سے بچاؤ
آیات و ترجمہ از آسان ترجمہ قرآن (یٰسین 60-63 ،اعراف 11-23 ،ص 70-85 : ، اشاعت اول: 20 جون، 2021، بمطابق: 10 ذی القعدہ ، 1442 ھ
- شیطان اور انسان کا نفس ایسی ٹھوس حقیقتیں ہیں جن کے شر سے بچنے کے لیے اللہ کی پناہ اور توبہ ناگزیر ہے۔
- شیطان کو انسان پر زبردستی کی طاقت حاصل نہیں بلکہ وہ صرف وسوسہ ڈال سکتا ہے، البتہ شیطانی نظام طاقت کا استعمال کر سکتا ہے۔
- صراطِ مستقیم پر استقامت ایک کٹھن عمل ہے، جبکہ گمراہی کے راستے ہر طرف کھلے ہیں جن پر شیطان انسان کو دھکیلنا چاہتا ہے۔
- لاعلمی کے سبب بھٹکنے والے گمراہوں کے برعکس، حق جاننے کے باوجود حسد اور کینے کے باعث بگڑنے والے مسلوب الہدایت اور مغضوب ہیں۔
- شیطان تکبر کے باعث مردود ہوا اور اس نے مہلت پا کر انسان کو صراطِ مستقیم سے ہٹانے اور ناشکرا بنانے کی قسم کھائی۔
- شیطان کا سب سے بڑا ہدف انسان کو کسی بھی حیلے سے مسلمان نہ رہنے دینا ہے، جس کے لیے وہ چاروں طرف سے حملے کرتا ہے۔
- انسان کو بے حیا بنانا اور لباس سے محروم کرنا شیطان کا انتہائی پرانا وار ہے جس کا آغاز اس نے جنت ہی سے کیا تھا۔
- پردہ اور حیا انسانی فطرت ہے جبکہ بے حیائی اور عریانی انسانیت کے مقام سے گر کر جانوروں کی سطح پر آ جانے کی علامت ہے۔
- گناہ کے فوراً بعد سچی توبہ شیطان کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہے، اس لیے وہ انسان کو غفلت میں ڈالتا ہے تاکہ توبہ بھلا دے۔
- نفس میں تقویٰ اور فجور دونوں موجود ہیں اور شیطان اسی نفس کی خواہشات کے ذریعے انسان کے سامنے گناہوں کو مزین کر کے پیش کرتا ہے۔
- مال، لذات اور جاہ کی نہ ختم ہونے والی ہوس انسان کو کبھی حقیقی اطمینان نہیں دیتی بلکہ یہ محض ایک شیطانی دھوکہ ہے۔
- سچا سکون تفویض یعنی اپنی مرضی کو اللہ کی مرضی میں فنا کرنے اور شیطان کے شر سے اسی کی پناہ مانگنے میں پوشیدہ ہے۔
اَلْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔
الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ اَمَّا بَعْدُ۔
فَاعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيمِ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ۔
لَمْ اَعْهَدْ اِلَیْکُمْ یٰبَنِیْۤ اٰدَمَ اَنْ لَّا تَعْبُدُوا الشَّیْطٰنَ ۚ اِنَّهٗ لَکُمْ عَدُوٌّ مُّبِیْنٌ ۙ﴿۶۰﴾ وَّاَنِ اعْبُدُوْنِیْ ؕ هٰذَا صِرَاطٌ مُّسْتَقِیْمٌ ﴿۶۱﴾ وَلَقَدْ اَضَلَّ مِنْکُمْ جِبِلًّا کَثِیْرًا ؕ اَفَلَمْ تَکُوْنُوْا تَعْقِلُوْنَ ﴿۶۲﴾
صَدَقَ اللَّهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ وَصَدَقَ رَسُولُهُ النَّبِيُّ الْكَرِيمُ۔
معزز خواتین و حضرات۔ کچھ حقائق ایسے ہیں جن کو جھٹلانا ممکن نہیں ہوتا۔ اگرچہ وہ اس طرح سامنے نہیں ہوتے جس طریقے سے بعض چیزیں ہمارے سامنے ہوتی ہیں۔
مثلاً ہم آسمان کو دیکھتے ہیں۔ زمین کو دیکھتے ہیں۔ درختوں کو دیکھتے ہیں۔ لوگوں کو دیکھتے ہیں۔ یہ ساری چیزیں ہمارے سامنے ہیں، اس کا تو کوئی بھی انکار نہیں کرتا، مشاہدہ ہے۔
لیکن کچھ چیزیں ایسی ہیں جو نظر نہیں آتیں، لیکن ان سے بھی کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ مثلاً بجلی،ہوا۔ بجلی اگرچہ نظر نہیں آتی لیکن انکار اس لیے کوئی نہیں کر سکتا کہ جس چیز میں بجلی ہو تو اس کو کوئی ہاتھ نہیں لگاتا، کیونکہ اس کو پتا ہے کہ اگر میں ہاتھ لگاؤں گا تو مجھے پکڑ لے گی، حالانکہ اس کو نظر نہیں آتی۔ ہوا اگرچہ نظر نہیں آتی لیکن اس کی وجہ سے جو چیزیں ہلتی ہیں تو پتا چلتا ہے کہ ہوا چل رہی ہے، اور جب چیزیں نہیں ہلتیں تو کہتے ہیں ہوا بند ہے۔ اس طرح کچھ چیزیں ایسی ہیں جن سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔
ان میں سے دو بڑی اہم چیزیں ہیں، ایک شیطان ہے اور دوسرا ہمارا نفس ہے۔ اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ شیطان ایک بہت بڑی حقیقت ہے۔ قرآنِ پاک میں تو اس کا بڑا واشگاف طریقے سے ذکر کیا گیا ہے۔ احادیثِ شریفہ میں اس کی تفصیلات موجود ہیں۔ بزرگوں کے واقعات بتا رہے ہیں۔ حتیٰ کہ جو لوگ مذہبِ اسلام کو نہیں مانتے وہ بھی شیطان کے قائل ہیں، سوائے دہریوں کے۔ بلکہ اب تو ایسے لوگ بھی ہیں جو شیطان کی عبادت کرتے ہیں، باقاعدہ علی الاعلان وہ اپنے آپ کو Satanic کہلاتے ہیں، عِبَادَةُ الشَّيْطَانِ کہلاتے ہیں۔ اس وجہ سے اس پر بات کرنا ضروری ہو گیا ہے تاکہ دشمن کی طاقت کو بھی جان لیا جائے، اس کی کمزوری کو بھی جان لیا جائے، اس کے مقابلے کو بھی یعنی انسان تیار ہو جائے۔ اور اس کے شر سے اپنے آپ کو محفوظ کر لیا جائے، ورنہ ناسمجھی میں، انجانے میں انسان کو بڑا نقصان پہنچا سکتا ہے۔
ایک بات یاد رکھنی چاہیے کہ شیطان کو اللہ جل شانہٗ نے صرف وسوسے کی طاقت دی ہے۔ اس کو زبردستی کی طاقت نہیں دی ہے۔ خود اللہ تعالیٰ زبردستی نہیں فرماتے دین کے معاملے میں، لیکن کر سکتے ہیں۔ جبکہ شیطان کر بھی نہیں سکتا۔ شیطان جو ہے زبردستی نہیں کر سکتا۔ البتہ شیطانی نظام زبردستی کر سکتا ہے۔ اس کو سمجھنے کے لیے ایک کوشش کی ضرورت ہے۔
دیکھیں، شیطان جو ہے یہ تو ایک حقیقت ہے جیسے میں نے عرض کیا، لیکن اس میں صرف وسوسے کی طاقت ہے اور کچھ نہیں ہے۔ اگر کوئی اس کے وسوسے سے متاثر نہ ہو اور اس کے اوپر عمل نہ کرے تو شیطان اس کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا۔ لیکن اگر شیطان نے کسی انسان کو اپنا آلہ کار بنا دیا اور وہ شیطانی بن گیا یعنی شیطان کا آلہ کار بن گیا، اب وہ simple شیطان کی طرح نہیں ہے کہ وہ صرف وسوسہ ڈالے گا۔ بلکہ اس شخص کی تمام قوتیں، تمام صلاحیتیں، مال، جمال، کمال، سب اس کے شیطانی نظام کے لیے استعمال ہوگا۔ اس طرح شیطان پورا ایک نظام بنا چکا ہے۔ جو کہ شیطانی نظام ہے۔ تو شیطان کی بذاتِ خود تو کچھ قوت نہیں ہے۔ لیکن شیطان بہت کچھ کر سکتا ہے اس طریقے سے کہ وہ اپنے آلہ کار لوگوں کو استعمال کر کے جو اہلِ حق ہیں، ان کا ناطقہ بند کر لے، ان کو تنگ کر لے۔ لیکن ایک بات یاد رکھنی چاہیے کہ اگر اہلِ حق alert رہیں اور شیطان کے وسوسوں میں نہ آئیں اور اپنے نفس کی تربیت کروا دیں۔ تو پھر اللہ تعالیٰ کی مدد ان کے ساتھ ہو گی۔ اور شیطانی نظام کے مقابلے میں اللہ جل شانہٗ ان کی مدد فرمائیں گے۔ یہ ایک بات ہے۔
تو ابھی جو میں نے آیتِ کریمہ تلاوت کی، سب سے پہلے میں اس کا ترجمہ عرض کرتا ہوں۔
اَلَمْ اَعْهَدْ اِلَیْکُمْ یٰبَنِیْۤ اٰدَمَ اَنْ لَّا تَعْبُدُوا الشَّیْطٰنَ ۚ اِنَّهٗ لَکُمْ عَدُوٌّ مُّبِیْنٌ ۙ﴿۶۰﴾
اے آدم کے بیٹو! کیا میں نے تمہیں یہ تاکید نہیں کر دی تھی کہ تم شیطان کی عبادت نہ کرنا، وہ تمہارا کھلا دشمن ہے، ﴿۶۰﴾
وَّاَنِ اعْبُدُوْنِیْ ؕ اور یہ کہ تم میری عبادت کرنا۔
هٰذَا صِرَاطٌ مُّسْتَقِیْمٌ ﴿۶۱﴾ یہی سیدھا راستہ ہے۔ ﴿۶۱﴾
وَلَقَدْ اَضَلَّ مِنْکُمْ جِبِلًّا کَثِیْرًا ؕ اور حقیقت یہ ہے کہ شیطان نے تم میں سے ایک بڑی خلقت کو گمراہ کر ڈالا۔
اَفَلَمْ تَکُوْنُوْا تَعْقِلُوْنَ ﴿۶۲﴾ تو کیا تم سمجھتے نہیں تھے؟ ﴿۶۲﴾
بڑی خلقت کو، اللہ پاک نے فرمایا ہے۔ اس وقت اگر ڈیٹا کو دیکھا جائے، تو جو برائے نام مسلمان بھی ہیں، یعنی اصل مسلمان اور برائے نام مسلمان، سب ملا کے صرف سولہ فیصد بنتے ہیں۔ ان میں حقیقی مسلمان کتنے ہیں وہ تو اللہ کو پتا ہے۔ ٹوٹل، اس کا مطلب ہے چوراسی فیصد لوگ تو کافر ہیں۔ یہ تو جہنم کا ٹکٹ لے چکے ہیں۔ تو اللہ پاک نے جو فرمایا ہے کہ بڑی خلقت کو گمراہ کر دیا، وہ یہی بات ہے۔
اصل میں شیطان کے لیے یہ معاملہ بہت آسان ہے۔ کیوں کہ شیطان کو اس میں کوئی انٹرسٹ نہیں ہے کہ کوئی یہودی ہو، کوئی عیسائی ہو، کوئی ہندو ہو، یا کوئی پارسی ہو۔ کوئی atheist ہو، یا، جو بھی ہو۔ اس کو اس سے کوئی غرض نہیں، اس کو صرف ایک ہی غرض ہے کہ مسلمان نہ رہے۔ یعنی یوں سمجھ لیں شیطان کا کام ایسا ہے جیسے ٹیک آف جہاز کا۔ تو جہاز کا ٹیک آف آسان ہوتا ہے کیوں کہ وہ آسمان میں نکلتا ہے، چاہے جس طرف سے بھی نکلے اس نے آسمان ہی میں نکلےگانا۔ جبکہ مسلمان کا یہ کام مشکل ہے، کہ اس کو لینڈنگ کی طرح کرناہوتا ہے، لینڈنگ ایک خاص جگہ پہ کرنی ہوتی ہے۔ ادھر بھی نہیں، ادھر بھی نہیں، اوپر بھی نہیں، نیچے بھی نہیں۔ ایک خاص جگہ پہ لینڈنگ کرنی ہے، تو یہ صراطِ مستقیم، اصل میں یہی بات ہے۔ نہ دائیں، نہ بائیں، نہ اوپر، نہ نیچے۔ یہ ہے مسلمان کے لیے امتحان اور ابتلا۔
لیکن اس امتحان سے بچنے کے لیے اور اس امتحان میں کامیاب ہونے کے لیے اللہ پاک نے ہمیں بہت بڑا ہتھیار دیا ہے، نماز کے اندر جو سورۂ فاتحہ ہم پڑھتے ہیں اس کا ہتھیار ہے۔ اس میں ہم اللہ پاک سے مانگتے ہیں اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ۔ اے اللہ ہمیں سیدھا راستہ ہدایت فرما دے۔ پھر سیدھے راستے کا خود ہی ارشاد فرماتے ہیں کہ سیدھا راستہ کون سا ہے؟ صِرَاطَ الَّذِينَ اَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ، راستہ ان لوگوں کا جن پر تو نے انعام فرمایا ہے۔ انعام کن لوگوں پر ہے؟ انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین پر۔ پس ہم ان لوگوں کا راستہ مانگتے ہیں جو انبیاء ہیں، جو صدیقین ہیں، جو شہداء ہیں، جو صالحین ہیں۔
اور اس کے علاوہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو کہ باقاعدہ جانتے ہیں۔ حق جانتے ہیں، ایسا جانتے ہیں جیسے کہ اپنے بچوں کو جانتے ہیں۔ لیکن ہیں وہ خلاف۔ غلطی پر ہیں، نقصان پر ہیں، تباہی اور خسارے پر ہیں۔ ان میں شیطان ہے اور یہود ہیں، جانتے ہیں۔ ایسے لوگوں پر خدا کا غضب ہے اور یہ مسلوب الہدایت ہیں، اپنی گستاخی کی وجہ سے۔ کہتے ہیں ایک ہوتی ہے کچی روٹی اور ایک ہوتی ہے جلی روٹی۔ جو جلی روٹی ہوتی ہے نا، اس کا کوئی علاج نہیں ہے، وہ جل گئی، بس اب اس کے ساتھ آپ کیا کر سکتے ہیں؟ جو کچی روٹی ہو اس کو آپ تھوڑی سی آگ دے دیں تو اگر پک جائے تو بس ٹھیک ہو جائے گی۔
تو جو گمراہ لوگ ہیں، وہ کچی روٹی کی طرح ہیں، جیسے فرمایا وَلَا الضَّالِّينَ، اور نہ ان کا جو گمراہ ہو چکے۔ تو گمراہ لوگ کچی روٹی کی طرح ہیں جیسے عیسائی ہیں۔ عیسائیوں میں بہت سارے لوگ مسلمان ہوتے ہیں۔ یہ نیوزی لینڈ میں جو واقعہ ہوا تھا، مسلمانوں کو شہید کیا گیا تھا، تو کافی سارے لوگ وہاں مسلمان ہو گئے اس کے reaction میں۔ کیوں کہ وہ اصل میں گمراہ ہیں، تو ان کو جب جھلک ملتی ہے، پتا چلتا ہے کہ یہ کیا ہو رہا ہے، وہ سوچنا شروع کر لیتے ہیں، جب سوچنا شروع کر لیتے ہیں تو حق ان پہ کھل جاتا ہے۔ اور وہ ماشاء اللہ، بچ جاتے ہیں۔
جرمنی میں ہمارے ایک نو مسلم بھائی تھے، الفریڈ۔ بڑے اچھے آدمی تھے۔ ان سے میں نے ایک دن پوچھا کہ آپ کیسے مسلمان ہوئے تھے؟ مسکرا کے کہا کہ یہ سوال مجھ سے بہت کیا گیا ہے۔ میں کسی کے لیکچر سے مسلمان نہیں ہوا ہوں۔ بلکہ کچھ واقعات ایسے ہوئے جس کی وجہ سے مسلمان ہو چکا۔ کیا واقعات ہوئے؟ کہتے ہیں میں انڈیا سے آ رہا تھا، وہاں یہ architect تھے مطلب یہ نقشے بناتے تھے مکانوں کے۔ تو کہتے ہیں میں انڈیا سے آ رہا تھا اپنی کار میں اور یہ عراق کے پاس سے گزر رہا تھا۔ تو وہاں کوئی کھیتوں کے باہر ایک آدمی کھڑا تھا اور ہاتھ زور زور سے ہلا رہا تھا۔ میں نے کہا اس کو کوئی مصیبت ہے، کوئی مدد کی ضرورت ہو گی۔ تو میں نے گاڑی کھڑی کی تو اس نے کہا ڈگی کھولو۔ تو میں ڈگی کھولی اشارے سے کہا، تو اس نے بہت سارا فروٹ اور سبزی اور مختلف قسم کی چیزیں وہ میری ڈگی میں رکھ دیں۔ اور اشاروں اشاروں سے کہا کہ میں بڑا خوش ہوں کہ آپ آئے ہیں اور میں یہ زکوٰۃ نکال رہا ہوں۔ تو یہ میں اچھا ہوا، مسافر آدمی تو بڑا اچھا ہے مطلب اس کو زکوٰۃ دی جائے۔ تو آپ یہ لے جائیں۔ کہتے ہیں میں حیران ہوں کہ یہ کون سا مسئلہ ہے۔ کمال ہے، مجھے چیزیں دے رہا ہے اور شکریہ بھی میرا ادا کر رہا ہے۔ یہ کون سی بات ہے؟ piont hit کر گیا۔ پہلا واقعہ۔
دوسرا واقعہ ہے کہ جرمنی میں ایک ترک بوڑھا آدمی ہے۔ اس کو کسی نے عطر پیش کیا بطورِگفٹ۔ تو اس کی آنکھوں میں آنسو آئے کہ میں اس کو کیوں نہیں لوں گا کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے۔ کہ تین چیزوں کا انکار نہیں کرنا چاہیے۔ عطر اور دودھ اور ساتھ یہ تکیہ وغیرہ کوئی پیش کر لے تو اس کا انکار نہیں کرنا چاہیے۔ میں کیوں انکار کروں گا؟ کہتے ہیں میں نے کہا یہ کون سی ہستی ہے جس کا نام لے کر ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو جاتے ہیں۔ یہ کون سی ہستی ہے؟ اس طرح پھر جرمن زبان میں قرآنِ پاک translate ہو گیا تھا، کہتے ہیں وہ میں نے اسے پڑھا، میں نے کہاکتاب صحیح کتاب ہے۔ اور پھر میں مسلمان ہو گیا۔ پھر میں نے اپنی بیوی کو، کہاوہ بھی مسلمان ہو گئی۔ تو وہ تلاش میں ہوتے ہیں۔ ان کو بیچاروں کو یعنی ایسی حالت ہے، ان کی مثال ایسی ہے جیسے جانور ہوتے ہیں نا جانور۔ وہ جانوروں کی زندگی گزار رہے ہیں۔
وہ ایک دفعہ مجھے وہ لے گیا ایک ایسی جگہ پر جہاں بہت سارے hippiesبیٹھے ہوئے تھے۔ یہ hippies جو ہوتے ہیں نا یہ اب تو شاید hippiesکم ہیں، پہلے ہمارے دور میں hippiesبہت ہوا کرتے تھے۔ تو یہ ہوتے تھے کہ مطلب ان کے کپڑے پھٹے ہوتے اور میلے کچیلے اور یہ اور وہ بال بھی بکھرے ہوتے تھے اور بس۔ ایک قسم کی زندگی ان کے اوپر بوجھ ہوتی تھی اور بس وہ سب کچھ کرتے تھے۔ کسی چیز کا بھی انکار نہیں کرتے تھے۔ تو یہ جو ہپیز مطلب ایک جگہ بیٹھے ہوئے تھے کافی تو مجھے کہتے ہیں: They have already said "la ilaha", there should be some person to tell them "illallah" and they will become Muslim. انہوں نے پہلے سے لا " الٰہ " کہہ دیا ہوا ہے۔ اب کوئی آدمی جا کر ان کو بتا دے کہ "اِلَّا اللہ" تو بس یہ مسلمان ہو جائیں گے۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ یعنی یہ وہ "ضالین" ہیں۔ تو "ضالین" جو ہوتے ہیں، گمراہ جو لوگ ہوتے ہیں ان کے لیے علم کی کمی ہوتی ہے۔ اگر ان کو صحیح چیز کا علم ہو جائے تو بس یہ مسلمان ہو جائیں گے۔
لیکن جو "مغضوب علیہم" ہیں ان کے پاس علم ہوتا ہے۔ وہ علم کے باوجود بگڑے ہوتے ہیں۔ کس وجہ سے؟ حسد کی وجہ سے، کینے کی وجہ سے۔ یہود کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کینہ تھا۔ حسد تھا۔ شیطان کو آدم علیہ السلام کے ساتھ کینہ تھا۔ حسد تھا۔ اور یہ ایسی آگ ہے کہ جس میں کوئی جل رہا ہو تو اس سے باہر نکلنا بڑا مشکل ہوتا ہے۔ تو یہ "مغضوب علیہم" جو لوگ ہوتے ہیں ان کی طرح نہیں ہونا ہے۔ تو شیطان بھی ان میں سے ایک ہے۔ یہ "مغضوب علیہم" ہے اور یہ مسلوب الہدایت ہے۔
تو اب یہ ہے کہ اس نے ایک خلقت کو گمراہ کیا۔ تو خلقت کو کیسے گمراہ کیا؟ اس پہ بات ہو سکتی ہے۔ سب سے پہلے تو اس کی بات ہی کر لو نا کہ وہ کیا کہتا ہے؟ شیطان کیا کہتا ہے؟ شیطان جو ہے یہ، اس کا ذکر آیا ہے سورۂ اعراف میں۔ میں پہلے وہ آیتِ کریمہ پڑھ لیتا ہوں۔ تو آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ شیطان کیا کہتا ہے۔
وَ لَقَدْ خَلَقْنٰكُمْ ثُمَّ صَوَّرْنٰكُمْ ثُمَّ قُلْنَا لِلْمَلٰٓئِكَةِ اسْجُدُوْا لِاٰدَمَ ۖ فَسَجَدُوْٓا اِلَّآ اِبْلِيْسَ ؕ لَمْ يَكُنْ مِّنَ السّٰجِدِيْنَ ﴿١١﴾ اور ہم نے تمہیں پیدا کیا، پھر تمہاری صورت بنائی، پھر فرشتوں سے کہا کہ : ”آدم کو سجدہ کرو۔“ چنانچہ سب نے سجدہ کیا، سوائے ابلیس کے۔ وہ سجدہ کرنے والوں میں شامل نہ ہوا۔ ﴿۱۱﴾
قَالَ مَا مَنَعَكَ اَلَّا تَسْجُدَ اِذْ اَمَرْتُكَ ؕ قَالَ اَنَا خَيْرٌ مِّنْهُ ۚ خَلَقْتَنِيْ مِنْ نَّارٍ وَّ خَلَقْتَهٗ مِنْ طِيْنٍ ﴿١٢﴾
اللہ نے کہا: ”جب میں نے تجھے حکم دے دیا تھا تو تجھے سجدہ کرنے سے کس چیز نے روکا؟“ وہ بولا: ”میں اُس سے بہتر ہوں۔ تو نے مجھے آگ سے پیدا کیا، اور اُس کو مٹی سے پیدا کیا“ ﴿۱۲﴾
اب آگے جا کر۔
ققَالَ فَاهْبِطْ مِنْهَا فَمَا يَكُوْنُ لَكَ اَنْ تَتَكَبَّرَ فِيْهَا فَاخْرُجْ اِنَّكَ مِنَ الصّٰغِرِيْنَ ﴿١٣﴾
اللہ پاک نے اپنی جلالتِ شان سے فرمایا۔
االلہ نے کہا: ”اچھا تو یہاں سے نیچے اتر، کیونکہ تجھے یہ حق نہیں پہنچتا کہ یہاں تکبر کرے۔ اب نکل جا، یقیناً تو ذلیلوں میں سے ہے“
وہ جو اوپر مقام پہ تھا وہ مقام سے گرا دیا۔ تو اس مقام کے لائق نہیں ہے۔ نکل جا یہاں سے۔
یہاں تک بات اللہ تعالیٰ نے جو فرمائی اس کے بعد یہ شیطان کہتا ہے.
قَالَ اَنْظِرْنِيْٓ اِلٰى يَوْمِ يُبْعَثُوْنَ ﴿١٤﴾
اُس نے کہا: ”مجھے اُس دن تک (زندہ رہنے کی) مہلت دیدے جس دن لوگوں کو قبروں سے زندہ کرکے اُٹھایا جائے گا“ ﴿۱۴﴾
یعنی قیامت برپا ہو گی۔
قَالَ اِنَّكَ مِنَ الْمُنْظَرِيْنَ ﴿١٥﴾
اللہ نے فرمایا: ”تجھے مہلت دے دی گئی“ ﴿۱۵﴾
تجھے مہلت دے دی گئی۔
شیطان نے درخواست تو یہ کی تھی کہ اُس وقت تک اُسے زندگی دی جائے جس دن حشر ہوگا، اور دوسرے مردے زندہ کر کے اُٹھائے جائیں گے۔ یہاں اس درخواست کے جواب میں مہلت دینے کا تو ذکر ہے، لیکن یہ مہلت کب تک دی گئی ہے، اس آیت میں یہ بات واضح طور پر بیان نہیں فرمائی گئی۔
ہاں سورۂ حجر کی 38 نمبر آیت اور سورۂ ص کی 81 ویں آیت میں یہ واقعہ ہے، وہاں یہ فرمایا گیا ہے کہ ”ایک معین وقت“ تک مہلت دی گئی ہے، جس سے معلوم ہوا کہ اُس کی درخواست کے مطابق روزِ حشر تک مہلت دینے کا وعدہ نہیں کیا گیا، بلکہ یہ فرمایا گیا کہ ایک معین وقت ہے جو اللہ تعالیٰ کے علم میں ہے، اُس وقت تک مہلت دی گئی ہے۔ دوسرے دلائل سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ شیطان قیامت کا پہلا صور پھونکے جانے تک زندہ رہے گا، اور اُس کے بعد جس طرح دوسری مخلوقات کو موت آئے گی، اُسے بھی موت آئے گی۔ پھر جب سب کو زندہ کیا جائے گا تو اُسے بھی زندہ کیا جائے گا.
تو اصل میں یوں سمجھ لیجیے کہ جب تک گمراہ کرنے کا امکان موجود ہے اس وقت تک اس کو مہلت ہے۔ کیونکہ اس کے بعد تو پھر بات ختم ہو جائے گی نا، پھر سب لوگ ختم ہو جائیں گے۔ تو اس کے بعد تو اس کی کوئی بات چل نہیں سکتی۔ تو اس کے بعد پھر یہ عام لوگوں کی صف میں آ جائے گا۔ یعنی عام طریقے سے ان کو بھی اٹھایا جائے گا، پھر عام طریقے سے پھر سزا بھی ملے گی۔ تو یہ مطلب شیطان کے ساتھ بات ہوئی ہے۔
اب ذرا غور فرمائیں، آگے چال دیکھیں ۔ اب شیطان کے مروڑ کو دیکھیں۔ شیطان اپنی اصل پہ آتا ہے،
قَالَ فَبِمَآ اَغْوَيْتَنِيْ لَاَقْعُدَنَّ لَهُمْ صِرَاطَكَ الْمُسْتَقِيْمَ ﴿١٦﴾
دیکھیے وہی والی بات ہے۔
ابھی میں نے آپ سے یہ بات عرض کی تھی نا کہ صراطِ مستقیم یہ بہت مشکل چیز ہے۔ کیونکہ صراطِ مستقیم ایک ہوتا ہے، نہ دائیں، نہ بائیں، نہ آگے، نہ پیچھے، نہ اوپر، نہ نیچے۔ بالکل ایک جگہ پہ مطلب وہ جانا، وہ سیدھے راستے پہ آنا یہ صراطِ مستقیم ہے۔ تو اس کے لیے پھر آپ کو علم کی بھی ضرورت ہے اور عمل کی بھی ضرورت ہے۔ علم کی ضرورت اس طرح ہے کہ آپ کو destination کا پتا ہو کہ میں نے جانا کدھر ہے۔ اور عمل کی ضرورت اس لیے ہے کہ آپ بیٹھے نہ رہیں بلکہ آپ جو کوشش آپ جانے کی کر سکتے ہیں وہ کریں۔ تو یہ دونوں چیزیں آپ کو چاہییں۔ اسی پہ ہماری پوری زندگی منحصر ہے۔
کہنے لگا: ”اب چونکہ تو نے مجھے گمراہ کیا ہے، اس لئے میں (بھی) قسم کھاتا ہوں کہ ان (انسانوں) کی گھات لگا کر تیرے سیدھے راستے پر بیٹھ رہوں گا ﴿۱۶﴾
سیدھے راستے پہ۔
جو تیرا سیدھا راستہ مقرر کردہ ہے، اس پہ میں بیٹھ جاؤں گا۔
کیا کروں گا؟ شیطان نے اپنی بدعملی کی ذمہ داری خود قبول کرنے کے بجائے معاذ اللہ اللہ تعالیٰ کی تقدیر پر ڈالنے کی کوشش کی، حالانکہ تقدیر کی وجہ سے کسی کا اختیار سلب نہیں کیا جاتا۔ تقدیر کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ فلاں شخص اپنے اختیار سے فلاں کام کرے گا، نیز اس کے کہنے کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کو ایک ایسا حکم ہی کیوں دیا جو اس کے لیے قابلِ قبول نہیں تھا۔ اس لیے بالواسطہ اس کی گمراہی معاذ اللہ اللہ تعالیٰ کے اس حکم کی وجہ سے ہوئی۔ یعنی وہ کم از کم اس کی اپنی سوچ یہ ہے۔ ہر گمراہ اپنے لیے کوئی تاویل تو کرتا ہے نا۔ تو شیطان نے اپنی گمراہی کی تاویل کر دی۔ کہتا ہے کہ اب ارادہ ظاہر کیا۔
یہ ذرا اچھی طرح غور سے سن لیں، آج کے موضوع کی خصوصی بات ہے۔
ثُمَّ لَاٰتِيَنَّهُمْ مِّنْۢ بَيْنِ اَيْدِيْهِمْ وَ مِنْ خَلْفِهِمْ وَ عَنْ اَيْمَانِهِمْ وَ عَنْ شَمَآئِلِهِمْ ؕ وَ لَا تَجِدُ اَكْثَرَهُمْ شٰكِرِيْنَ ﴿١٧﴾
پھر میں ان پر (چاروں طرف سے) حملے کروں گا، ان کے سامنے سے بھی، اور ان کے پیچھے سے بھی، اور ان کی دائیں طرف سے بھی، اور ان کی بائیں طرف سے بھی۔ اور تو ان میں سے اکثر لوگوں کو شکر گزار نہیں پائے گا“ ﴿۱۷﴾
اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ہر حیلہ استعمال کرے گا۔ ہر کوشش وہ کرے گا۔ جو بھی گمراہی کا راستہ ہو سکتا ہے، وہ ہمیں اس میں ڈالنے کی کوشش کرے گا۔ اور جیسے میں نے عرض کیا کہ جیسے take off آسان ہے کیونکہ اس کے لیے آسمان ہے اور آسمان بہت کھلا ہے۔ جس طرف بھی جائے گا تو آسمان ہے۔ تو شیطان کے لیے یہ داؤ آسان ہے کیونکہ اس کو یہ پروا نہیں کہ یہودی مرتا ہے یا عیسائی مرتا ہے یا پارسی مرتا ہے یا ہندو مرتا ہے یا atheist ہو کے مرتا ہے۔ اس کو صرف مسلمان نہیں ہونا چاہیے، اس کے نزدیک۔ بس۔ جس طریقے سے بھی وہ اس کو لائے گا، تو اس طریقے سے اس کو وہ یعنی گویا کہ مسلمان کو نقصان پہنچائے گا۔ اس وجہ سے ہمارے جو مخالف لوگ ہیں، جو شیطانی نظام کے لوگ ہیں، وہ مسلمانوں کے اوپر ہر طرف سے حملے کرتے ہیں۔ چاہے وہ کسی طریقے سے بھی ہمیں گمراہ کر دیں۔ وہ کوشش کرتے ہیں، اور ہمارے سامنے ایک بہت بڑا میدان ہے۔ جس میں ہمیں اپنے آپ کو بچانا ہے۔ یعنی ہمیں، مسلمان رہنا ہے۔ ہمیں مسلمان رہنا ہے۔ اس کے لیے ہمیں بڑے حوصلے کی ضرورت ہے۔ علم کی ضرورت ہے، سمجھ کی ضرورت ہے، عمل کی ضرورت ہے۔
تو اللہ پاک فرماتے ہیں:
قَالَ اخْرُجْ مِنْهَا مَذْءُوْمًا مَّدْحُوْرًا ؕ لَمَنْ تَبِعَكَ مِنْهُمْ لَاَمْلَـَٔنَّ جَهَنَّمَ مِنْكُمْ اَجْمَعِيْنَ ﴿١٨﴾
اللہ نے کہا: ”نکل جا یہاں سے، ذلیل اور مردود ہوکر۔ اُن میں سے جو تیرے پیچھے چلے گا، (وہ بھی تیرا ساتھی ہوگا) اور میں تم سب سے جہنم کو بھر دوں گا ﴿۱۸﴾
اللہ! کیا عجیب حالت ہے۔ اللہ ہمیں سمجھ عطا فرمائے۔
اب دیکھیں، جو شیطان کے پجاری ہیں نا، شیطان کے پجاری، اپنے آپ کو Satanic کہنے والے۔ شیطان کی بات ماننے والے۔ وہ جو شیطان کی شکل بناتے ہیں، وہ ذرا دیکھو۔ انتہائی منحوس شکل۔ وہ بتاتے ہیں۔ اچھا ہر گندی چیز، ان کو پسند۔ اور ہر اچھی چیز سے دشمنی۔ کیا عقل نہیں چاہئے ہمیں؟ ہر گندی چیز ان کو پسند۔ حتیٰ کہ یہ جو پنڈتوں کے اور ان کے جو کپڑے ہیں نا، آپ کو پتا ہے اس کا رنگ کیا ہوتا ہے؟ سرخ نہیں orange type ہوتا ہے۔ یہ پاخانے کا رنگ ہے۔ سمجھ گئے نا؟ ہر گندی چیز کے ساتھ ان کو پیار ہے۔ اور اچھی چیز کے ساتھ دشمنی ہے۔ یہ جادو کرنے والے جو ہوتے ہیں نا، یہ گندے گندے کام کرتے ہیں کہ شیطان کو پسند آ جائیں۔ اور ہمارے جادو چل پڑیں۔ گندے گندے کام، جس کا ذکر بھی کرنا مشکل ہے۔ تو کیا مطلب؟ یعنی اب دیکھو شکل منحوس، گندے۔ کام گندے، سوچ گندی، فکر گندی، عمل گندا۔ اور اس پر جو لوگ، پھر بھی نہ سمجھے تو پھر آدمی کیا کرے؟
تو یہاں پر جو ہے مطلب،
وَ يٰٓاٰدَمُ اسْكُنْ اَنْتَ وَ زَوْجُكَ الْجَنَّةَ فَكُلَا مِنْ حَيْثُ شِئْتُمَا وَ لَا تَقْرَبَا هٰذِهِ الشَّجَرَةَ فَتَكُوْنَا مِنَ الظّٰلِمِيْنَ ﴿١٩﴾
اور اے آدم! تم اور تمہاری بیوی دونوں جنت میں رہو، اور جہاں سے جو چیز چاہو، کھاؤ۔ البتہ اس (خاص) درخت کے قریب بھی مت پھٹکنا، ورنہ تم زیادتی کرنے والوں میں شامل ہوجاؤ گے“ ﴿۱۹﴾
تو یہاں پر، اللہ جل شانہٗ نے آدم علیہ السلام کو جنت میں رکھا۔ لیکن چونکہ، یہ عمل کے بعد جنت میں نہیں گئے تھے، بلکہ، جنت میں granted گئے تھے۔ مطلب یعنی کہ وہ ویسے ہی لے گئے تھے۔ ابھی ان کا عمل نہیں شروع ہوا تھا۔ صرف اس وقت وہ عمل تھا کہ اس درخت کے قریب نہ جانا۔ صرف یہ عمل تھا اور کچھ نہیں تھا۔ جس وقت ہم ان شاء اللہ، اللہ تعالیٰ ہمیں نصیب فرمائے، عمل کر کے جنت میں جائیں گے، اللہ تعالیٰ ہمیں نصیب فرمائے۔ اس وقت پھر کوئی امتحان نہیں ہوگا۔ وہ امتحان تو یہاں ہو چکا نا۔ یہاں ہو چکا۔ بس یہاں پر، اس کے بعد پھر کسی چیز سے نہیں روکا جائے گا۔ کسی چیز سے نہیں روکا جائے گا۔ بلکہ کیا ہوگا؟ اللہ پاک خود قرآنِ پاک میں فرماتے ہیں۔ وَلَكُمْ فِيهَا مَا تَشْتَهِي أَنْفُسُكُمْ وَلَكُمْ فِيهَا مَا تَدَّعُونَ نُزُلًا مِّنْ غَفُورٍ رَحِيمٍ۔ اس جنت میں وہ ہر چیز تمہیں ملے گی جو تمہارا جی چاہے گا۔
اور ہر وہ چیز تمہیں دی جائے گی جو تم منہ سے مانگو گے۔ اللہ پاک کی مہمانی ہوگی۔ غفورِ رحیم کی مہمانی ہوگی۔
نُزُلًا مِّنْ غَفُورٍ رَحِيمٍ۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ چونکہ جو لوگ عمل کے بعد چلے گئے۔ وہ ان کے لیے تو بس جنت سکھ ہی سکھ ہے، آرام ہی آرام ہے، مزے ہی مزے ہیں، سیر ہی سیر ہے۔ وہاں پھر کچھ بھی اور نہیں ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے آخری لمحات جو تھے، جن میں تکلیف بہت زیادہ تھی۔ تو فاطمہ رضی اللہ عنہا سے نہیں دیکھا گیا اور کہہ رہی تھیں، ہائے میرے ابا جان کی تکلیف، ہائے میرے ابا جان کی تکلیف۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا، آج کے بعد تیرے ابا جان کو کبھی تکلیف نہیں ہوگی۔ آج کے بعد تیرے ابا جان کو کبھی تکلیف نہیں ہوگی۔ یعنی، بس یہ آخری ہے بات۔ امتحان والی بات ختم، عمل والی بات ختم، پھر اس کے بعد تو نوازنے والی بات ہوگی۔ لا الٰہ الا اللہ، لا الٰہ الا اللہ۔ اللہ پاک جن کو بھی دینا چاہے، وہ مالک ہے۔ اور ہم اللہ کے بندے ہیں۔ ہمیں یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ اللہ پاک نے کیوں ایسا کہا۔ ہمیں یہ کہنا چاہیے کہ کیا کہا، بس اس پر عمل کرنا چاہیے۔
پھر ہوا یہ کہ شیطان نے اُن دونوں کے دل میں وسوسہ ڈالا، تاکہ اُن کی شرم کی جگہیں جو اُن سے چھپائی گئی تھیں، ایک دوسرے کے سامنے کھول دے۔ کہنے لگا کہ: ”تمہارے پروردگار نے تمہیں اس درخت سے کسی اور وجہ سے نہیں، بلکہ صرف اس وجہ سے روکا تھا کہ کہیں تم فرشتے نہ بن جاؤ، یا تمہیں ہمیشہ کی زندگی نہ حاصل ہوجائے۔“
بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ اُس درخت کی خاصیت یہ تھی کہ اُس کا پھل کھانے سے جنت کا لباس اُتر جاتا تھا، اور یہ بات ابلیس کو معلوم تھی۔ چنانچہ جب حضرت آدم اور حواء علیہما السلام نے اُسے کھایا تو جنت کا جو لباس اُنہیں عطا ہوا تھا، وہ اُن کے جسم سے اُتر گیا۔
مطلب یہ تھا کہ چونکہ اس درخت کی خاصیت یہ ہے کہ جو اس میں سے کھا لیتا ہے، وہ یا تو فرشتہ بن جاتا ہے، یا اُسے ہمیشہ کی زندگی عطا ہوجاتی ہے، اس لئے اسے کھانے کے لئے مخصوص قوت کی ضرورت ہے۔ شروع میں آپ دونوں کو یہ قوت حاصل نہیں تھی، اس لئے منع کیا گیا تھا۔ اب آپ کو جنت میں رہتے ہوئے ایک زمانہ گزر گیا ہے، اور آپ میں وہ قوت پیدا ہوگئی ہے، اس لئے اب کھا لینے میں کچھ حرج نہیں۔
اب دیکھیں وسوسہ اس کو کہتے ہیں۔ logic جھوٹی logic۔ اس وقت بھی اگر دیکھا جائے تو جھوٹی logic بہت ہے۔ جاوید غامدی جس قسم کی جھوٹی logic پیش کرتے ہیں۔ ہیں موجود ہیں لوگ۔ مستشرقین جو اس قسم کی باتیں کرتے ہیں۔ کہتے ہیں نہیں نہیں یہ تو اس وقت کے دور کی بات تھی نا، اس وقت اس لیے منع کیا گیا تھا۔ اب تو دور ہی تبدیل ہو گیا، اب تو نہیں اب تو۔ یہ ہمارے ادارہ تحقیقاتِ اسلامیہ کا یہاں اسلامی یونیورسٹی کا جو ڈاکٹر فضل الرحمٰن۔ ہمارے دور کی بات ہے، اس وقت ہم بچے تھے۔ تو اس نے کہا تھا کہ نمازیں تین ہیں۔ اس کے والد مولوی صاحب تھے، وہ اتنے پریشان ہو گئے، اتنے پریشان کہ یہ کیا اس نے کہہ دیا۔ خیر اس کے خلاف بہت زیادہ agitation ہو گیا۔ آخر میں وہ امریکہ بھاگ گیا، ظاہر ان کے کہنے پہ ہی کیا ہوگا۔ وہاں بھاگ گیا۔ پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا۔ تو یہ اس قسم کی باتیں ہوتی ہیں۔ تو اس طرح لوگ وسوسے ڈالتے ہیں، او یہ تو اس طرح اس طرح، تو شیطان نے بھی یہی وسوسہ ڈالا۔ کہ وہ اس وقت تم میں یہ طاقت نہیں تھی، اس لیے منع کیا گیا تھا۔ اب تم میں وہ طاقت آ گئی ہے، اب اگر تم اس کو کھا لو گے تو تم فرشتے بن جاؤ گے۔
وَ قَاسَمَهُمَآ اِنِّيْ لَكُمَا لَمِنَ النّٰصِحِيْنَ ﴿٢١﴾
اور اُن کے سامنے وہ قسمیں کھا گیا کہ یقین جانو میں تمہارے خیر خواہوں میں سے ہوں ﴿۲۱﴾
تو اس سے پتا چلا کہ یہ شیطانی نظام والے لوگوں کی قسموں کی پروا نہیں کرنی چاہیے۔ وہ کھائیں گے قسمیں۔ اور کھاتے بھی ہیں۔ لیکن ان کی قسموں کی پروا ہمیں قرآن اور سنت اس کے ساتھ چمٹنا چاہیے۔ کسی حالت میں بھی ان سے جدا نہیں ہونا چاہیے۔
فَدَلّٰىهُمَا بِغُرُوْرٍ ۚ فَلَمَّا ذَاقَا الشَّجَرَةَ بَدَتْ لَهُمَا سَوْاٰتُهُمَا وَ طَفِقَا يَخْصِفٰنِ عَلَيْهِمَا مِنْ وَّرَقِ الْجَنَّةِ ؕ وَ نَادٰىهُمَا رَبُّهُمَآ اَلَمْ اَنْهَكُمَا عَنْ تِلْكُمَا الشَّجَرَةِ وَ اَقُلْ لَّكُمَآ اِنَّ الشَّيْطٰنَ لَكُمَا عَدُوٌّ مُّبِيْنٌ ﴿٢٢﴾
اس طرح اُس نے دونوں کو دھوکا دے کر نیچے اتار ہی لیا۔ چنانچہ جب دونوں نے اُس درخت کا مزہ چکھا تو اُن دونوں کی شرم کی جگہیں ایک دوسرے پر کھل گئیں، اور وہ جنت کے کچھ پتے جوڑ جوڑ کر اپنے بدن پر چپکانے لگے۔ اور اُن کے پروردگار نے اُنہیں آواز دی کہ : ”کیا میں نے تم دونوں کو اس درخت سے روکا نہیں تھا، اور تم سے یہ نہیں کہا تھا کہ شیطان تم دونوں کا کھلا دشمن ہے؟“ ﴿۲۲﴾
نیچے اُتارنے کا یہ مطلب بھی ہوسکتا ہے کہ وہ اطاعت کے جس بلند مقام پر تھے، اُس سے نیچے اُتار لیا، اور یہ مطلب بھی ہوسکتا ہے کہ جنت سے دُنیا میں اُتار لیا. اس سے معلوم ہوا کہ عریانی سے حفاظت انسان کی فطرت میں داخل ہے، اسی لئے جونہی دونوں کا لباس اُترا انہوں نے ہر ممکن طریقے سے اپنا ستر چھپانے کی کوشش کی۔
یعنی انسان جب تک اپنی فطرت پر رہتا ہے وہ عریانی سے بچتا ہے۔ جس وقت اپنی فطرت سے گر جاتا ہے جانوروں کی فطرت پہ آ جاتا ہے پھر وہ اپنے آپ کو ننگا کرتا ہے۔ سمجھ میں آ گئی نا بات۔
تو اس وقت صورتحال کیا ہے؟ پوری دنیا کے اندر یہ کیا چکر چل رہا ہے؟ بالخصوص عورتوں کے اوپر تو اللہ تعالیٰ بس بچائے ایسا وبال آ گیا ہے۔ کہ وہ کسی طریقے سے بہانے بہانے سے کپڑوں کو کم کر رہی ہیں۔ بہانے بہانے سے۔ مختلف طریقوں سے fashion کے نام پر کسی چیز کے نام پر وہ وہ کر رہے ہیں۔ حالانکہ اتنا بھی ان کو عقل نہیں ہے کہ جو مرد ان سے یہ چیز چاہتے ہیں وہ خود پورے کپڑوں میں ہوتے ہیں سردی کے دور میں۔ اور وہ بیچاریاں وہ ننگی ہوتی ہیں۔ کیا ان کو سردی نہیں لگتی؟ یہ ہے وہ بات۔ جادو وہ جو سر چڑھ کے بولے۔ یہ جادو ہے۔ ان کے اوپر۔ fashion کا جادو۔ کہ وہ اس بات کو سمجھ ہی نہیں پاتی کہ ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ اس وقت آج کل کی جو عورت ہے اس کو جو مرد ہیں نا مرد ہوس والے مرد وہ استعمال کر رہے ہیں۔ اور کمال کی بات یہ ہے کہ اس طریقے سے استعمال کر رہے ہیں کہ وہ سمجھ ہی نہیں رہیں کہ ہم استعمال ہو رہی ہیں بلکہ کہتی ہیں کہ شاید مرد ہماری بات مان رہے ہیں۔ حالانکہ وہ مردوں کی خواہش کے مطابق وہ سارے کام کر رہی ہیں۔ کھلونا نا بھئی کسی کے ہاتھ میں کھلونا بننا یہ کوئی چاہتا ہے؟ لیکن کیا عورت آج کل مرد کے ہاتھ میں کھلونا نہیں بنی ہوئی؟ اسلام نے تو اس کو ایک عزت کا مقام دیا ہے۔ اس کو گھر کی ملکہ بنایا ہوا ہے۔ اس کو چادر کے ذریعے سے تحفظ دیا گیا ہے۔
جتنی عورتیں غیر مسلم مسلمان ہوئی ہیں ان کے interviews ذرا پڑھ لیں۔ ان کا کیا تاثر ہے حجاب کے بارے میں؟ وہ یہ کہتی ہیں کہ جس وقت ہم مسلمان ہو گئیں، اور ہم نے حجاب پہننا شروع کر لیا، تو وہ جو مردوں کی ہوس کی آنکھیں جو تھیں ہماری طرف لگی ہوتی تھیں، ان سے ہم محفوظ ہو گئیں۔ وہ چبھتی ہوئی نظریں، اس سے ہم محفوظ ہو گئیں۔ یہ ان عورتوں کی بات کر رہا ہوں جو پہلے غیر مسلم تھیں۔ تو اس وقت اگر آپ دیکھیں جرمنی میں کم از کم، باقی کا تو مجھے پتا نہیں کیونکہ اس کا وہاں کا مجھے حال معلوم ہے۔ زیادہ تر عورتیں مسلمان ہو رہی ہیں۔ مرد کم مسلمان ہو رہے ہیں عورتیں زیادہ مسلمان ہو رہی ہیں۔ کیونکہ عورتوں کو جس وقت ہوش آتا ہے اور پتا چلتا ہے کہ ہمیں تو کھلونا بنایا گیا ہے تو پھر ان کو سمجھ آتی ہے کہ یہ کیا ہمارے ساتھ ڈرامہ بازی ہو رہی ہے۔ پھر وہ اسلام کے دامن میں پناہ لیتی ہیں۔ یہ بات ہے۔
تو یہ یہ جو بات میں عرض کر رہا ہوں کہ انسانیت جب تک انسانیت رہتی ہے کسی بھی درجے میں تو انسان کی یہ فطرت ہے کہ وہ پردہ چاہتا ہے حیا چاہتا ہے۔ لیکن جس وقت انسانیت سے گر جاتا ہے جانوروں کے زمرے میں آ جاتا ہے اس وقت وہ بے حیا ہو جاتے ہیں۔ پھر اس کے بعد جیسے مدت بعید سے یہ بات اردو میں بھی ہے فارسی میں بھی ہے عربی میں بھی ہے۔ عربی میں کہا إِذَا لَمْ تَسْتَحِ افْعَلْ مَا شِئْتَ۔ اگر تجھے حیا نہیں ہے تو پھر جو مرضی کرو۔
فارسی میں بے حیا باش ہر چہ خواہی کن۔ بے حیا بن جاؤ اس کے بعد جو مرضی کرو۔ تو شیطان ہمیں بے حیا بنانا چاہتا ہے۔ دیکھو آدم علیہ السلام کو وسوسہ کون سا ڈالا؟ یہ تکنیک اس کی بہت پرانی ہے کہ وہ بے حیا بناتا ہے۔ اس لیے ہمیں اس مورچے پہ خوب، پہرہ دینا پڑے گا۔
اکبر الہ آبادی مرحوم جج تھے لیکن بڑے اچھے شاعر تھے۔ اس کا ایک شعر مجھے ابھی تک یاد ہے ہماری اردو کی کتابوں میں تھا:
بے پردہ نظر آئیں جو چند بیبیاں
اکبر زمیں میں غیرت قومی سے گڑ گیا
پوچھا جو میں نے آپ کا پردہ وہ کیا ہوا
کہنے لگیں کہ عقل پہ مردوں کے پڑ گیا
صحیح بات میں عرض کرتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وقت ہے۔ ایک صحابی آتے ہیں، یا رسول اللہ نعوذ باللہ من ذلک۔ مطلب یہ کہ چونکہ اس وقت دین آ رہا تھا چیزیں سمجھائی جا رہی تھیں، لہذا کچھ لوگوں کو، کچھ حضرات کو استعمال کیا گیا اس کے ظاہر کرنے کے لیے۔ تو اس نے کہا یا رسول اللہ مجھے زنا کی اجازت دیں۔ اب دوسرے صحابہ تو غصے میں اٹھ کر ان کو مارنے کے لیے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اشارہ کیا میں جواب دیتاہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا کیا تو چاہتا ہے کہ تیری ماں سے کوئی زنا کرے؟ اس نے کہا نہیں۔ انہوں نے کہا دوسرے لوگ بھی نہیں چاہتے۔ کیا تو چاہتا ہے تیری بیوی سے کوئی زنا کرے؟ انہوں نے کہا نہیں۔ انہوں نے کہا دوسرے لوگ بھی اس طرح نہیں چاہتے۔ بیٹی، بہن، مطلب جو بھی محترم رشتے ہیں لوگوں کے، وہ سب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما دیے۔ یہ تھا logical جواب۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے سینے پہ ہاتھ پھیرا۔ فرمایا اس کے بعد مجھے زنا کا وسوسہ بھی عمر بھر نہیں آیا۔
تو اس کا مطلب دیکھو نا یہ logical بات ہے، جو کسی کے اوپر نظر ڈالتا ہے، وہ سمجھو کہ اپنی بیوی، اپنی بہن، اپنی ماں، اپنی بیٹی، اس کے لیے بھی یہ جائز مان لیتا ہے۔ اور اس لیے یہ ہے کہ جو اس قسم کی حرکتوں میں مبتلا ہوتے ہیں، پھر ان کے ان رشتوں کے ساتھ یہ مسائل ہوتے ہیں پھر۔ یہ دنیا کا مکافاتِ عمل کا ایک نظام ہے چل رہا ہے۔ اس لیے اگر کوئی اپنے محترم رشتوں کو بچانا چاہتا ہے تو دوسروں کے محترم رشتوں کی حفاظت کرے۔ ان کی طرف نگاہ نہ کرے۔ اس کی ایسی حفاظت کرے جس طرح اپنے محترم رشتوں کی حفاظت کر رہا ہو۔ پھر یہ بھی بچیں گے اور باقی بھی بچیں گے۔
تو یہ میں عرض کر رہا تھا کہ شیطان نے اپنا منصوبہ بتا دیا۔ پھر اس کے بعد اللہ پاک کا کرم کہ آدم علیہ السلام اور ان کی بیوی حوا نے کہا
قَالَا رَبَّنَا ظَلَمْنَآ اَنْفُسَنَا ٜ وَ اِنْ لَّمْ تَغْفِرْ لَنَا وَ تَرْحَمْنَا لَنَكُوْنَنَّ مِنَ الْخٰسِرِيْنَ ﴿٢٣﴾
دونوں بول اُٹھے کہ : ”اے ہمارے پروردگار! ہم اپنی جانوں پر ظلم کر گزرے ہیں، اور اگر آپ نے ہمیں معاف نہ فرمایا، اور ہم پر رحم نہ کیا تو یقیناً ہم نامراد لوگوں میں شامل ہوجائیں گے“ ﴿۲۳﴾ یہ استغفار کے وہی الفاظ ہیں جن کے بارے میں سورۂ بقرہ (۲: ۳۷) میں فرمایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہی یہ الفاظ سکھائے تھے، کیونکہ اُس وقت تک اُنہیں توبہ کا طریقہ بھی معلوم نہیں تھا۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ توبہ کرنے کے لئے یہ الفاظ نہایت مناسب ہیں، اور ان کے ذریعے توبہ قبول ہونے کی زیادہ اُمید ہے، کیونکہ یہ خود اللہ تعالیٰ ہی کے سکھائے ہوئے ہیں۔ اس طرح اللہ تعالیٰ نے اگر ایک طرف شیطان کو مہلت دے کر اُسے انسان کو بہکانے کی صلاحیت دی جو انسان کے لئے زہر جیسی تھی، تو دوسری طرف انسان کو توبہ اور استغفار کا تریاق بھی عطا فرمادیا کہ اگر شیطان کے بہکائے میں آکر وہ کبھی کوئی گناہ کر گزرے تو اُسے فوراً توبہ کرنی چاہئے جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنے کئے پر شرمندہ ہو، اور آئندہ نہ کرنے کا عزم کرے، اور اللہ تعالیٰ سے معافی مانگے۔ اس طرح شیطان کا چڑھا ہوا زہر اُتر جائے گا۔
کہتے ہیں جس وقت استغفار کی بات آ گئی نا تو شیطان سر پہ خاک ڈالنے لگ گئے کہ یہ میرے ساتھ کیا ہوا۔ میں صبح سے شام تک لوگوں کو گمراہ کروں گا گناہ کرواؤں گا۔ شام کو یہ توبہ کر لے گا استغفار کر لے گا میری ساری محنت اکارت ہو جائے گی۔ تو میں کیا کروں گا یہ تو بہت۔ تو کہتے ہیں بڑے شیطان کے سامنے کارگزاری پیش کی گئی۔ بڑے شیطان نے کہا گھبراؤ نہیں ہم ان کو اس حد تک غافل کریں گے کہ وہ توبہ کرنے کو ضروری نہیں سمجھیں گے۔ توبہ ہی ان کو بھلا دیں گے۔ وہ توبہ ہی نہیں کر سکیں گے۔ پس پتا چلا کہ جن کو بھی توبہ کی توفیق ہو گئی اس کا مطلب ہے وہ شیطان کے داؤ میں نہیں آیا۔ مکمل۔ ٹھیک ہے partially آ گیا تو گناہ ان سے کروا دیا۔ لیکن اب وہ یہ جانتا ہے کہ اللہ پاک توبہ قبول فرماتے ہیں۔ لہذا اس نے فوراً جب توبہ کر لیا سبحان اللہ اللہ نے بخش دیا۔ اس وجہ سے توبہ انتہائی مؤثر ہتھیار ہے شیطان کے خلاف۔ اور یہ شیطان کے پیٹ میں مروڑ ڈالنے والی بات ہے۔ گناہ ہو جائے اور فوراً آپ توبہ کر لیں۔ ذرا برابر بھی دیر نہ کریں۔ تو شیطان کی کمر ٹوٹ جاتی ہے۔
حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے اس سے زبردست قسم کا ایک طریقہ نکالا ہے اصلاح کا۔ فرمایا جس گناہ سے لوگ نہیں بچ سکتے میں ان کو کہتا ہوں۔ کہ جیسے وہ گناہ ہو اس پر فوراً توبہ کرے۔ جیسے وہ گناہ ہو اس پر فوراً توبہ کرے۔ اور ساتھ ساتھ دو رکعت صلاۃ توبہ بھی پڑھ لیا کرے۔ توبہ کی استغفار کی۔ فرمایا ایک وقت آئے گا کہ شیطان خود ہی اس سے وہ گناہ چھڑوائے گا۔ کیوں؟ کیونکہ جب شیطان کو یقین ہو جائے گا کہ یہ آدمی تو گناہ کرنے کے فوراً بعد توبہ کرتا ہے اور ساتھ صلاۃ حاجت پڑھتا ہے تو توبہ سے گناہ معاف ہو گیا صلاۃ حاجت سے اس کو ترقی مل گئی۔ تو کہے گا میں تو اس سے برا کام کروا کے اس کو ترقی دلوا رہا ہوں۔ یہ تو مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ تو وہ چھڑوا دے گا بھئی نہ کرو۔ یہ نہ کرو۔ شیطان بہت ظالم ہے۔ وہ ہمارا کھلا دشمن ہے۔
تو یہ یہ والی بات کہ شیطان جو ہے وہ ہمیں بہت نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ جیسے کہ اس کی بات سے ظاہر ہوا۔ ابھی میں نے آپ کے سامنے جو بیان کیا کہ اس نے کہا میں دائیں طرف سے آؤں گا بائیں طرف سے آؤں گا آگے سے آؤں گا پیچھے سے آؤں گا۔ اور ان کو تیرا نہیں بننے دوں گا۔ اور تو ان میں سے بہت کم کو شکر گزار پائے گا۔ تو اب یہ یہ والی بات ذرا مطلب ہمیں دیکھنا پڑے گا اور ہمیں اپنے آپ کو بچانا پڑے گا۔ یہ ایک اور آیتِ کریمہ ہے سورۂ ص کی 70 سے لے کے 85 تک کی آیتِ کریمہ ہے یہ بھی میرا خیال میں میں آپ کو سنا دیتا ہوں۔ اس میں بھی اللہ پاک نے شیطان کی جو planning ہے نا اور طریقہ کار ہے اس کو واضح فرمایا۔ اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں جو بچنے کے جو وسائل دیے ہیں وہ بھی اس میں آ گئے ہیں۔ یہ الحمدللہ یہ مضمون وہ سارے کا سارا قرآن سے ہی ماشاء اللہ آسانی کے ساتھ سامنے آ جاتا ہے۔ احادیثِ شریف میں تو بہت تفصیل ہے۔ لیکن اگر دیکھا جائے تو قرآنِ پاک میں بھی اس میں بہت سارے وہ آتے ہیں۔
اِذْقَالَ رَبُّكَ لِلْمَلٰٓىِٕکَةِ اِنِّیْ خَالِقٌۢ بَشَرًا مِّنْ طِیْنٍ ﴿۷۱﴾
یاد کرو جب تمہارے پروردگار نے فرشتوں سے کہا کہ میں گارے سے ایک انسان پیدا کرنے والا ہوں، ﴿۷۱﴾
فَاِذَا سَوَّیْتُهٗ وَنَفَخْتُ فِیْهِ مِنْ رُّوْحِیْ فَقَعُوْا لَهٗ سٰجِدِیْنَ ﴿۷۲﴾
چنانچہ جب میں اُسے پوری طرح بنادوں اور اُس میں اپنی رُوح پھونک دُوں تو تم اُس کے آگے سجدے میں گر جانا۔ ﴿۷۲﴾
فَسَجَدَ الْمَلٰٓىِٕکَةُ کُلُّهُمْ اَجْمَعُوْنَ ۙ﴿۷۳﴾
پھر ہوا یہ کہ سارے کے سارے فرشتوں نے تو سجدہ کیا، ﴿۷۳﴾
ااِلَّاۤ اِبْلِیْسَ ؕ اِسْتَکْبَرَ وَكَانَ مِنَ الْکٰفِرِیْنَ ﴿۷۴﴾
البتہ ابلیس نے نہ کیا، اُس نے تکبر سے کام لیا، اور کافروں میں شامل ہوگیا۔ ﴿۷۴﴾
قَالَ یٰۤاِبْلِیْسُ مَا مَنَعَكَ اَنْ تَسْجُدَ لِمَا خَلَقْتُ بِیَدَیَّ ؕ اَسْتَکْبَرْتَ اَمْ کُنْتَ مِنَ الْعَالِیْنَ ﴿۷۵﴾
اللہ نے کہا: ”ابلیس! جس کو میں نے اپنے ہاتھوں سے پیدا کیا، اُس کو سجدہ کرنے سے تجھے کس چیز نے روکا ہے؟ کیا تو نے تکبر سے کام لیا ہے، یا تو کوئی بہت اُونچی ہستیوں میں سے ہے؟“ ﴿۷۵﴾
قَالَ اَنَا خَیْرٌ مِّنْهُ ؕ خَلَقْتَنِیْ مِنْ نَّارٍ وَّخَلَقْتَهٗ مِنْ طِیْنٍ ﴿۷۶﴾
کہنے لگا: ”میں اس (آدم) سے بہتر ہوں۔ تو نے مجھے آگ سے پیدا کیا ہے، اور اُس کو گارے سے پیدا کیا ہے۔“ ﴿۷۶﴾
قَالَ فَاخْرُجْ مِنْهَا فَاِنَّكَ رَجِیْمٌ ﴿۷۷﴾
اللہ نے فرمایا کہ: ”اچھا تو نکل جا یہاں سے! کیونکہ تو مردود ہے، ﴿۷۷﴾
وَّاِنَّ عَلَیْكَ لَعْنَتِیْۤ اِلٰی یَوْمِ الدِّیْنِ ﴿۷۸﴾
اور یقین جان قیامت کے دن تک تجھ پر میری پھٹکار رہے گی۔“ ﴿۷۸﴾
قَالَ رَبِّ فَاَنْظِرْنِیْۤ اِلٰی یَوْمِ یُبْعَثُوْنَ ﴿۷۹﴾
اُس نے کہا: ”میرے پروردگار! پھر تو مجھے اُس دن تک کے لئے (جینے کی) مہلت دیدے جس دن لوگوں کو دوبارہ زندہ کیا جائے گا۔“ ﴿۷۹﴾
قَالَ فَاِنَّكَ مِنَ الْمُنْظَرِیْنَ ۙ﴿۸۰﴾
اللہ نے فرمایا: ”چل، تجھے اُن لوگوں میں شامل کرلیا گیا ہے جنہیں مہلت دی جائے گی، ﴿۸۰﴾
إاِلٰی یَوْمِ الْوَقْتِ الْمَعْلُوْمِ ﴿۸۱﴾
(لیکن) ایک متعین وقت کے دن تک۔ ﴿۸۱﴾
قَالَ فَبِعِزَّتِكَ لَاُغْوِیَنَّهُمْ اَجْمَعِیْنَ ۙ﴿۸۲﴾
اب دیکھیے یہاں سے اس کی اپنی کارروائی شروع ہوتی ہے۔ جب اس کو مہلت مل گئی
کہنے لگا: ”بس تو میں تیری عزت کی قسم کھاتا ہوں کہ میں ان سب کو بہکاؤں گا، ﴿۸۲﴾
اب دیکھو سمجھتا ہے اللہ تعالیٰ کے مقام کو اللہ پاک کی عزت کو اللہ پاک کی تمام قدرتوں کو جانتا ہے۔
اِلَّا عِبَادَكَ مِنْهُمُ الْمُخْلَصِیْنَ ﴿۸۳﴾
سوائے تیرے برگزیدہ بندوں کے۔“ ﴿۸۳﴾
قَالَ فَالْحَقُّ ۚ وَالْحَقَّ اَقُوْلُ ۚ﴿۸۴﴾
اللہ نے فرمایا: ”تو پھر سچی بات یہ ہے، اور میں سچی بات ہی کہا کرتا ہوں، ﴿۸۴﴾
اَمْلَـئَنَّ جَهَنَّمَ مِنْكَ وَمِمَّنْ تَبِعَكَ مِنْهُمْ اَجْمَعِیْنَ ﴿۸۵﴾
کہ میں تجھ سے اور اُن سب سے جو ان میں سے تیرے پیچھے چلیں گے، جہنم کو بھر کر رہوں گا۔“ ﴿۸۵﴾
تو یہ بات ہے کہ گویا کہ شیطان نے اس وقت مہلت مانگی تھی۔ اور جب اس کو مہلت ملی تو اس کے بعد پھر اس نے اپنی کارروائی ظاہر کی اور وہ یہ ہے کہ میں ان سب کو گمراہ کروں گا لیکن کچھ لوگوں پر میرا بس نہیں چلے گا۔ جن پر میرا بس نہیں چلے گا وہ کون ہوں گے؟ وہ مُخْلَصِین ہوں گے۔ ایک مُخْلِصِین ہوتا ہے ایک مُخْلَصِین ہوتا ہے۔ یہ مُخْلَصِین ہیں مطلب ہے کہ چنے ہوئے لوگ۔ برگزیدہ لوگ۔ ان پر میرا بس نہیں چلے گا۔ اب سوال یہ ہے کہ وہ لوگ کون سے ہیں؟ وہ لوگ کون سے ہیں؟
تو دیکھیں اللہ پاک نے قرآنِ پاک میں ایک جگہ پر فرمایا ہے۔ یہاں شیطان کی پوری کارروائی کا ذکر کیا ہے نا شیطان کی۔ پورا نظام شیطانی اللہ پاک نے ان دو میں بتا دیا۔ وہاں پر نفس کی پوری کارروائی ظاہر کی اللہ پاک نے سورۂ شمس میں۔ کہ اللہ پاک نے سات قسمیں کھائیں۔ جس میں نفس کے اوپر بھی ہے قسم۔ اور پھر اللہ پاک نے فرمایا فَأَلْهَمَهَا فُجُورَهَا وَتَقْوَاهَا۔ اللہ پاک نے مطلب اس کو دونوں چیزیں القا کر دیں الہام کر دیں فجور بھی اس کے اور تقویٰ بھی اس کا۔ پھر فرمایا قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكَّاهَا وَقَدْ خَابَ مَنْ دَسَّاهَا۔ یقیناً کامیاب ہو گیا وہ شخص جس نے اپنے نفس کے رذائل کو دبا دیا اس کو پاک کر لیا اس سے اور یقیناً تباہ و برباد ہے وہ شخص جس نے اپنے نفس کو اس میں مبتلا چھوڑ دیا۔
جب یہ والی بات سمجھ میں آ گئی تو یہاں پر وہ نفس کی بات آ گئی کہ نفس کے اندر دونوں چیزیں موجود ہیں۔ اور ہم اس کے مکلف ہیں۔ ہمیں اختیار ہے کہ ہم چاہے اس کے فجور لے لیں چاہے اس کا تقویٰ لے لیں۔ لیکن اگر کوئی فجور لیتا ہے تو ان کا ہے وَقَدْ خَابَ مَنْ دَسَّاهَا۔ اور اگر کوئی تقویٰ لیتا ہے تو قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكَّاهَا۔ دونوں کا نتیجہ بھی اللہ پاک نے بیان فرما دیا۔ پھر شیطان کے پاس فرمایا حدیث شریف میں بھی آتا ہے کہ شیطان کے پاس صرف اور صرف وسوسے کا اختیار ہے۔ آدم علیہ السلام کو بھی وسوسہ ڈالا تھا۔ تو صرف وسوسے کا اختیار ہے۔ تو یہ جو وسوسے کا اختیار ہے وہ تو اللہ پاک نے اس کو دیا ہے۔ اس کے ذریعے سے۔۔۔ وہ وسوسہ کیسے کرتا ہے؟ وہ وسوسہ ڈالتا ہے نفس کے ذریعے سے ہمارے نفس کی خواہشات اس کو معلوم ہیں۔ کہ اس کے ذریعے سے وہ اپنی باتیں مزین کر کے ہمیں دکھاتے ہیں۔
وَزَيَّنَ لَهُمُ الشَّيْطَانُ أَعْمَالَهُمْ۔
وہ شیطان وہ۔۔۔ وہ جو مطلب ہے کہ وہ ان کے اعمال جو ہیں وہ نفس کی جو خواہشات وہ ان کو مزین کر کے دکھاتا ہیں تمہیں یہ ہو جائے گا مثلاً کسی کو کہا تم بڑے مالدار ہو جاؤ گے۔
آپ یقین کیجیے دنیا کے اندر یہ جو مالداری کا نام ہے نا مالداری یہ ٹاپ کلاس کی بیوقوفی ہے۔ لیکن میں کیا بتاؤں؟ کیسے مطلب سمجھ میں آ جائے؟ ٹاپ کلاس کی بیوقوفی یہ ہے کہ دیکھو آپ کی ضروریات پوری ہو گئیں۔ آپ کی فوری خواہشات بھی پوری ہو گئیں۔ آپ کو بڑا مکان مل گیا آپ کو گاڑی مل گئی آپ کو سفر کی آسانی مل گئی آپ کو اچھی طرح کے کھانے مل گئے اس پہ کتنے لگیں گے پیسے؟ اب مثال کے طور پر وہ ایک کروڑ سے آپ کو ساری چیزیں مل گئیں مثال کے طور پر۔ اور اب کیا ایک کروڑ سے آپ کا جی بھر جائے گا؟ نہیں آپ چاہیں گے دو کروڑ جب دو کروڑ تو پھر چار کروڑ چار کروڑ نہیں تو آٹھ کروڑ تو آٹھ کروڑ نہیں تو سولہ کروڑ پھر ارب اور پھر کھرب اور پتا نہیں کہاں کہاں پہنچیں گے اب بتاؤ یہ بیوقوفی ہے یا نہیں ہے؟ صرف ایک سوچ کے لیے کہ میں سب سے زیادہ مالدار ہوں میں ٹاپ لوگوں میں آ جاؤں مجھ سے زیادہ کوئی مالدار نہ ہو اس کے علاوہ اس کا کون سا استعمال ہے؟ مجھے بتاؤ۔ اس کے علاوہ کون سا استعمال ہے اس کا؟ یہ بات ہے۔ اب چاہے کتنا بڑا مکان بنائیں، بھئی رہیں گے تو ایک کمرے میں نا۔ رہیں گے تو ایک کمرے میں۔ باقی میں کیا کریں گے آپ؟
الله اكبر، بہلول دانا رحمۃ اللہ علیہ ایک دفعہ تشریف فرما تھے۔ ہارون الرشید پاس سے گزر رہے تھے، چونکہ ہم عصر تھے۔ بہلول سے کہا بہلول کس حال میں ہو؟ اس نے کہا اس شخص کی کیا کہتے ہو جس کی مرضی کے مطابق سب کچھ ہوتا ہے۔ اس نے کہا بہلول خدائی کا دعویٰ کب سے کیا ہے؟ اس نے کہا میں نے تو نہیں کیا۔ انہوں نے کہا تیرا قول تو یہ بتا رہا ہے۔ اس نے کہا میں نے کیا کہا ہے؟ اس نے کہا تو نے یہ کہا ہے کہ اس شخص کا کیا کہتے ہو بارے میں کیا جس کی مرضی کے مطابق سب کچھ، فرمایا بات تو درست ہے۔ میں نے اپنی مرضی کو اللہ کی مرضی میں فنا کیا ہے۔ جو اس کی مرضی ہے وہ میری مرضی ہے۔ اب بتاؤ اس میری مرضی کے مطابق سب کچھ ہو رہا ہے یا نہیں ہو رہا؟ بس بات ختم۔
اس وجہ سے تفویض سے زیادہ مزیدار چیز کوئی نہیں ہے۔ تفویض سے زیادہ مزیدار چیز کوئی نہیں ہے۔ اُفَوِّضُ اَمْرِي اِلَى اللَّهِ اِنَّ اللَّهَ بَصِيرٌ بِالْعِبَادِ۔ اب دیکھو اللہ پاک نے آپ کو اگر اطمینان اور خوشی دے دیا، اس کے مقابلے میں یہ تمام چیزیں جو کی جاتی ہیں وہ صرف اطمینان اور خوشی کے لیے کی جاتی ہیں نا۔ وہ خود اطمینان اور خوشی آپ کو ویسے ہی اللہ عطا فرما دے، اب بتاؤ مزید کیا چاہتے ہو؟ اور بتاؤ اطمینان اور خوشی کبھی چیزوں سے عطا ہوئی ہے؟ چیزوں سے ملی ہے؟ ورنہ چیزوں والوں سے پوچھو۔ کہ کیا وہ خوش ہیں؟ بس ایک ملمع سازی والا معاملہ ہے۔ بس ملمع ہے بس اس کے اندر لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔
اس طرح لذات کی بات کرتا ہوں، لذتیں جتنی بھی استعمال کرو گے آپ کی demand اس سے بڑھتی جائے گی، جتنا استعمال کرو گے demand بڑھتی جائے گی آپ کی، وہ دوڑ جاری رہے گی۔ حتیٰ کہ ڈاکٹر لوگ کہتے ہیں، ڈاکٹر لوگ کہتے ہیں میں نہیں کہتا آپ ڈاکٹر کی کتابیں پڑھیں۔ وہ لوگ کہتے ہیں کہ لذتوں کی وجہ سے انسان اس stage پر پہنچ جاتا ہے جس کو perversion کہتے ہیں۔ perversion کا جو شخص ہوتا ہے وہ he is never satisfied وہ کبھی بھی satisfy نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ satisfaction کی چیز ہی وہ ختم ہو جاتی ہے۔ وہ اس حد تک desirous ہو جاتا ہے کہ پھر اس کی satisfaction ختم نہیں ہوتی لہذا وہ پاگل پن میں آ جاتا ہے۔ پاگلوں کی حرکتیں کرتا ہے وہ عام normal لوگوں کی حرکتیں نہیں ہوتیں۔
تو اب آتے ہیں تین دنیا کی چیزیں ہیں، مال، لذات اور جاہ۔ کہ میں سب سے زیادہ اونچا، اِنَّا لِلَّهِ وَاِنَّا اِلَيْهِ رَاجِعُونَ، کیا اونچا ہو جاؤ گے بھئی۔ عزت تو ایسی چیز ہے کہ جو آپ کی ایسی چیز سے بھی ختم ہو سکتی ہے جو آپ کی نہیں ہو، کسی اور کی ہو اور آپ کی عزت ختم ہو جائے گی۔ ایسی عجیب چیز ہے۔
تو مطلب یہ ہے کہ تو اب دیکھیں پناہ اللہ پاک کے ہاں ہی آپ لے سکتے ہیں۔ اب شیطان کے لیے یہ سارے کے سارے وسوسے کے میدان ہیں۔ لیکن جب اللہ پاک کے ہاں پناہ لینے کا انسان کا ارادہ پکا ہو جائے اور کہے کہ بس میں اللہ ہی کے پاس پناہ لیتا ہوں۔ تو پھر شیطان کے وسوسے اس کے سامنے کچھ بھی نہیں۔ لیکن اگر کسی طریقے سے اس نے وسوسے کو operate کروا ہی لیا اور اس کے مطابق کوئی گناہ ہو بھی گیا، تو پھر اللہ کی پناہ میں آ جاؤ فوراً توبہ کرو۔ فوراً توبہ کرو۔ بس شیطان کی کمر ٹوٹ جائے گی۔ پھر فوراً توبہ کرو۔ اسی لیے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا كُلُّكُمْ خَطَّاءُونَ، تم سب لوگ خطا کار ہو۔ خطا تو ہو گی ہم سے۔ لیکن بہتر خطاکار کون ہے؟ وہ جو توبہ کرنے والے ہیں۔ جو توبہ کرنے والے ہیں۔ بس یہ والی بات اگر ہم دیکھ لیں تو ان شاء اللہ العزیز ہماری زندگی بہت پیاری زندگی ہو جائے گی۔ دکھ ختم سکھ شروع ہو جائے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جو تکلیف ہے اس کے بارے میں آپ کو پتا ہے کہ اجر ملے گا وہاں پر۔ اور جو سکھ ہے اس پر شکر کا سا، آپ کو توفیق ملے گی، آپ شکر کریں گے۔ آپ کو سکھ بھی فائدہ پہنچائے گا، دکھ بھی فائدہ پہنچائے گا۔ تو جب دونوں چیزیں آپ کو فائدہ پہنچائیں تو پھر آپ کو پریشانی کیا ہو گی؟
تو اللہ کی پناہ میں آنا چاہیے۔ اَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ۔ اللہ کی پناہ میں آنا چاہیے شیطان سے۔ یہی اس کا علاج ہے۔
نفس اور شیطان کی حقیقت
شاگرد سوال کرتے ہیں اپنے استاد سے:
نفس و شیطان کے بارے میں تو کہتے ہیں بہت
ہم ان کے بارے میں شاید نہیں جانتے ہیں بہت
نفس کیا ہے؟ اس کی تفصیل بتادیں استاد
اور شیطان کے بارے میں سمجھادیں استاد
اور جو بچنے کا گر ہے ان سے، سکھادیں استاد
چھڑا کے ان سے ہمیں، حق سے ملا دیں استاد
ہمارے حق میں مفید آپ کی یہ تعلیم ہوگی
یہ علم نعمت ہمارے لیٕٔے عظیم ہوگی
نفس، خواہشات کا ہے جسم میں مربوط اک نظام
یہ استاد بتا رہا ہے۔
نفس، خواہشات کا ہے جسم میں مربوط اک نظام
اس کی خواہش ہو پوری،ہے اس کی چاہت یہ تمام
چاہے نقصان ہو، فائدہ ہو اس کو کیا اس سے کام
شوق پورا کرکے بے شک، رہ جائے بے نیل و مرام
یہ نفس چونکہ بے وقوف ہے، یہ اپنا مزہ چاہتا ہے، یہ اپنی خواہش چاہتا ہے کہ پوری ہو۔ اس کو اس سے غرض نہیں کہ مجھے فائدہ ہو یا نقصان۔ اب جیسے شوگر کا بیمار میٹھی چیز کھاتا ہے، تو اس کو فائدہ ہوتا ہے یا نقصان ہوتا ہے؟ نقصان کرتا ہے۔
اس کو گناہ ثواب سے کوئی سروکار نہیں
بات ماننے کے لئے یہ کبھی تیار نہیں
اور جو شیطان ہے اس کا نام تھا پہلے ابلیس
اور عبادت سے ملائک کا ہوا تھا یہ جلیس
دل میں لیکن تھا عبادت سے خلافت کا حریص
نہ کیا سجدہ آدم کو، کیا بحث و تمحیص
اس کی پاداش میں، مردودِ بارگاہ ہوا
سب کچھ غارت ہوا، ذلیل ہوا، تباہ ہوا
اس نے عین اس وقت اللہ سے کچھ مہلت مانگی
تو خدا نے اسے، اس وقت ہی مہلت دے دی
وہ جب سمجھا کہ میں نے رب سے ہے مہلت پالی
اس تباہ حال نے، اللہ سے اک بات کہہ ڈالی
وہی قرآن میں جو ابھی ذکر ہوا ہے۔
جن کے آنے سے مرا سب کچھ ہی تباہ ہوا
میں نافرماں ہوا، مردودِ بارگاہ ہوا
ان کی اولاد کے رستے میں، میں بیٹھ جاؤں گا
آگے پیچھے سے، دائیں بائیں سے میں آؤں گا
ان کو تجھ تک کبھی آنے نہ دوں، بہکاؤں گا
ہوں گے ناشکرے، ناشکرے ان کو بناؤں گا
تیرے بندوں پہ البتہ، مرا کچھ بس نہ چلے
سن کے اللہ بھی جواباً پھر یوں گویا ہوئے
ہاں، مطلب یہ اس نے وہی بات کی کہ جن پر میرا بس نہیں چلتا، تیرے بندوں پہ، بس وہی مجھ سے بچیں گے۔
جو ہوں گے میرے، ان کو تو نہیں گمراہ کر سکے
اللہ پاک نے فرمایا، یہ دوسری آیت میں ہے۔
جو ہوں گے میرے، ان کو تو نہیں گمراہ کر سکے
ساتھ جہنم میں ترے ڈالوں بنیں جو بھی ترے
تو شیاطین ہمیں گمراہ کرنے شروع پھر ہوئے
پر جو طاقت تھی ان کی وہ بس وسوسے ہی رہے
مطلب صرف وسوسے، بس۔ اس سے زیادہ طاقت اللہ پاک نے اس کو نہیں دی۔
بچ جائیں وہ جو اس کے وسوسوں پہ کان نہ دھریں
آگے پیچھے نہ ہوں بس سیدھے شریعت پہ چلیں
سبحان اللہ!
ایک بات یاد رکھنا چاہیے، میں اکثر ایک بات عرض کرتا ہوں: اگر کوئی نماز سیکھ لے، فرائض، واجبات، سنت، مستحبات کے ساتھ مکمل، اور اس میں ذرہ برابر بھی تبدیلی نہ کرے، اس کو کسی مفتی سے پوچھنے کی ضرورت نہ پڑے کبھی بھی۔ اس کی وجہ ہے کہ نماز جو ہے وہ بہت آسان ہے۔ میرے خیال میں حضرت مولانا تقی عثمانی صاحب کی جو کتاب ہے "نمازیں سنت کے مطابق پڑھیے"، پچیس چھبیس صفحات کی ہے ساری۔ تو کون نہیں سیکھ سکتا؟ بہت آسانی کے ساتھ سیکھ سکتا ہے۔ تو اس کو سیکھ لو، بالکل اسی طرح پھر نماز پڑھے، ذرہ برابر بھی تبدیلی نہ کرے، تو پھر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لیکن اگر آپ نے کوئی ایک تبدیلی اپنی طرف سے کر لی تو بس پھر اس کے بعد کچھ بھی ہو سکتا ہے، پھر آپ کو کتابیں کھنگالنی پڑیں گی کہ یہ کیا ہو گیا اور مفتیوں سے پوچھنا پڑے گا اور یہ ہو گیا، وہ ہو گا۔
تو اس وجہ سے... اس طرح حج ہے۔ حج بھی بہت آسان ہے، پانچ منٹ میں سکھایا جا سکتا ہے، لیکن اسی طرح کرنا پڑے گا جس طرح بتایا جائے۔ اس سے اگر آگے پیچھے ذرہ برابر بھی گئے، پھر مفتیوں سے پوچھتے رہو گے۔ پھر پتہ چلے گا کہ یہ کتنا مشکل ہے۔
تو اس طریقے سے مطلب یہ ہے کہ سیدھے سیدھے شریعت پہ چلنا بہت آسان ہے، لیکن اگر درمیان میں تھوڑی سی کجی ڈالی، بس پھر اس کے بعد پھر مسئلہ ہے، پھر اس کے بعد معاملہ بگڑتا جاتا ہے۔ تو یہ بات ہے۔
بچ جائیں وہ جو اس کے وسوسوں پہ کان نہ دھریں
آگے پیچھے نہ ہوں بس سیدھے شریعت پہ چلیں
ہاں یہ شیطان ہمارے نفس سے خبردار بھی ہے
یہ دھوکہ بازی کے کاموں میں تیز طرار بھی ہے
بے وقوفی سے نفس جب ماننے کو تیار بھی ہے
یہ ہے حریص اور ناسمجھ ہے، بے اعتبار بھی ہے
تو ذریعہ اس کو شیطان پھر بنا دیتا ہے
دل میں یہ زہر وسوسوں کا ملا دیتا ہے
قرآن پاک میں ہے نا:
"قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ، مَلِكِ النَّاسِ، إِلٰهِ النَّاسِ، مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ، الَّذِي يُوَسْوِسُ فِي صُدُورِ النَّاسِ"
تو مطلب یہ ہے کہ یہ وسوسے انسان کے دل میں ڈالتا ہے۔ آج کل ذرا ماڈرن قسم کے جو لوگ ہیں نا، وہ کہتے ہیں مائنڈ... دل مائنڈ کو کہتے ہیں۔ وہ تصور نہیں کر سکے دل سمجھ بھی سکتا ہے، ان کے خیال میں دل سمجھنے سے قاصر ہے۔ تو یہ مجھے بتاؤ: "وَلَهُمْ قُلُوبٌ لَّا يَفْقَهُونَ بِهَا"، یہ قرآن ہے یا نہیں ہے؟ "وَلَهُمْ قُلُوبٌ لَّا يَفْقَهُونَ بِهَا"، ان کے دل ہیں مگر اس سے سمجھتے نہیں۔ تو سمجھنا کس چیز کا کام ہے؟ ظاہر ہے جو چیز سمجھے گی تو وہیں پر ظاہر ہے مطلب... تو دل جب سمجھ سکتا ہے یا نہیں سمجھ سکتا، تو پھر ظاہر ہے مطلب ان کو دل سوچ بھی سکتا ہے۔
تو اب یہ جب بات آ گئی لیکن تو لوگ کہتے ہیں: نہیں نہیں، اصل میں مائنڈ دل کو کہتے ہیں، یہ سوچنے کا کام مائنڈ کا ہے۔ تو پھر ہم کہتے ہیں: اچھا ٹھیک ہے، پھر قرآن کی اس سورت کی تشریح کرو: "قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ، مَلِكِ النَّاسِ، إِلٰهِ النَّاسِ، مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ، الَّذِي يُوَسْوِسُ فِي صُدُورِ النَّاسِ"۔ صدور... صدور کس کو کہتے ہیں؟ سینے کو کہتے ہیں۔ مجھے بتاؤ، مائنڈ سینے میں ہے؟ کہاں پر ہے؟ سر میں ہے۔ تو سینے میں کون سی چیز ہے؟ یہی دل ہے نا! تو اس کا مطلب یہی دل ہے۔ ٹھیک ہے نا؟ اب ٹھیک ہے، اگر ان کی سمجھ میں بات نہیں آ رہی تو علیحدہ بات ہے۔ ٹھیک ہے، وہ ایک علیحدہ بات ہے لیکن بہرحال بات تو یہی ہے کہ یہ یہی دل ہے۔
تو یہ بات ہے کہ:
تو ذریعہ اس کو شیطان پھر بنا دیتا ہے
دل میں یہ زہر وسوسوں کا ملا دیتا ہے
کہیں منقول نہیں شیطان کی تربیت کرنا
ہر غلط وسوسے کی ہے مخالفت کرنا
نفس کی اصلاح میں البتہ بہت محنت کرنا
شیخ کامل سے ہے بہتر اس پہ بیعت کرنا
مطلب یہ ہے کہ یہی طریقہ ہے۔ ہمارے اکابر کا یہی طریقہ چلا آ رہا ہے، ہمارے اکابر کا یہی طریقہ چلا آ رہا ہے۔ اور اس میں ایک بات میں عرض کروں، اللہ جل شانہٗ نے یہ سارا اسباب کے ذریعے سے بنایا ہوا ہے، اور اسباب حسی اسباب ہیں۔ مثال کے طور پر زندہ شخص جو آپ کے ساتھ interact کر سکے، اس سے تربیت کرنا ہوتا ہے۔
مجھ سے کینیڈا سے ایک صاحب تھے، اس نے کہیں ہماری ویب سائٹ دیکھا تھا، تو سوال کیا کہ میرے دادا جو تھے، بڑے دادا، یہ چشتی سلسلے کے بہت بڑے شیخ گزرے ہیں، تو میری خواہش ہے کہ میں ان سے بیعت کر لوں۔ میں نے کہا: ٹھیک ہے، آپ ان سے بیعت کرنا چاہیں تو چاہیں گے، لیکن بیعت ان سے کرنا ہوتا ہے جو سامنے ہوتا ہے، جن سے آپ بات چیت کر سکیں۔ ورنہ اگر فوت شدہ شخص سے بیعت کرنا صحیح ہوتا، مطلب ممکن ہوتا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں کسی سلسلے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ بس آپ صلی اللہ علیہ وسلم موجود تھے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلے میں شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کا کیا مقام ہے، یا خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کا کیا مقام ہے؟ وہ سارے کے سارے تو صحابی بھی نہیں ہیں۔ پیغمبر اور پھر خاتم النبیین، ان کی موجودگی میں پھر کون ٹھہر سکتا ہے؟
لیکن یہ جو بات میں عرض کرتا ہوں کہ چونکہ تربیت کا تعلق زندہ شخص کے ساتھ ہوتا ہے، تو اس وجہ سے اب... مثال کے طور پر کسی کے خاندان میں بہت بڑا حکیم گزرا ہو، اور وہ بیمار ہو جائے، تو علاج کس سے کروائے گا؟ اس حکیم صاحب کی قبر پہ جائے گا؟ مطلب ظاہر ہے کسی... بے شک اس حکیم صاحب ہی کا کوئی شاگرد ہو یا اس کا کوئی شخص ہو، مطلب اس کے پاس ہی جائے گا نا۔
تو بس یہی بات ہے کہ یہ تو اسباب کے رخ سے بات ہے، تو اسباب اختیار کرنے پڑیں گے۔ تو میں نے کہا کیا۔ کہتے: پھر اس کا مطلب ہے انہی کے سلسلے میں کسی سے کر لوں؟ میں نے کہا: ہاں ممکن ہے، ممکن ہے۔ لیکن صرف ایک شرط ہے کہ وہ واقعی آپ کے دادا کے طریقے پہ چل رہا ہو، ایسا نہ ہو کہ درمیان میں disconnect ہو چکا ہو۔ ایسا ہو جاتا ہے، یہ سجادہ نشین ٹائپ لوگ جو ہوتے ہیں، یہ بیچارے ویسے موجود تو ہوتے ہیں لیکن ان کے پاس خود کچھ رہتا نہیں ہے۔
تو میں نے کہا: آپ اس کی تحقیق کر لیں۔ تو اس نے کہا: میں کیا کروں؟ میں نے کہا: استخارہ کرو اور اپنے بزرگ کو ایصال ثواب کرو۔ یہی صحیح طریقہ ہے۔ اس کا میسج آیا تھا کہ کیا میں آپ سے بیعت کر سکتا ہوں؟ تو میں نے کہا کہ ٹھیک ہے، تو پھر کہتے: واٹس ایپ پر ہو سکتا ہے؟ میں نے کہا: ٹھیک ہے، تو واٹس ایپ پر پھر میں نے اس کو الفاظ کہلوا دیے۔
مقصد میرا یہ ہے کہ یہ چونکہ اپنے بزرگ کو انہوں نے ایصال ثواب کیا تو اللہ پاک کی طرف سے رحمت متوجہ ہو جاتی ہے پھر۔ تو یہ بات ہے کہ ایصال ثواب کر سکتے ہیں، آپ ان کی تعلیمات پر عمل کر سکتے ہیں، لیکن بیعت کسی زندہ شخص سے کرنی ہوتی ہے۔
کہیں منقول نہیں شیطان کی تربیت کرنا
ہر غلط وسوسے کی ہے مخالفت کرنا
نفس کی اصلاح میں البتہ بہت محنت کرنا
شیخ کامل سے ہے بہتر اس پہ بیعت کرنا
نفس کی اصلاح ہو تو شیطان کے یہ ہاتھ آتا نہیں
کیونکہ نفس کی اصلاح ہو تو نفس پھر شیطان کے ہاتھ نہیں آئے گا۔
نفس کی اصلاح ہو تو شیطان کے یہ ہاتھ آتا نہیں
نفس مطمئن کبھی شیطان سے ہاتھ ملاتا نہیں
"يٰۤاَيَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّةُ، ارْجِعِیْۤ اِلٰى رَبِّكِ رَاضِیَةً مَّرْضِیَّةً، فَادْخُلِیْ فِیْ عِبٰدِیْ، وَادْخُلِیْ جَنَّتِیْ"
نفس کی پاکی پہ ہے، قرآن میں، فلاح منحصر
قَدْ أَفْلَحَ مَن زَكَّاهَا۔
نفس کی پاکی پہ ہے، قرآن میں، فلاح منحصر
اور ہے نفس کی تباہی پہ گندگی مقدر
وَقَدْ خَابَ مَن دَسَّاهَا، جیسے کہتے ہیں نا خائب و خاسر ہو گیا۔
اور ہے نفس کی تباہی پہ گندگی مقدر
اس میں کہیں بھی نہیں دیکھ لیں شیطان کا ذکر
پوری سورۂ شمس میں کہیں شیطان کا ذکر ہے؟ لیکن تباہی بھی ساری کی ساری نفس کے ذریعے سے ہوئی اور کامیابی بھی ساری ساری نفس کی پاکی پہ ہوئی۔ شیطان کا کہیں ذکر ہی نہیں۔ تو پتہ چلا کہ آپ نفس کی اصلاح کر لیں تو شیطان خود بخود نکل جائے گا، شیطان کچھ نہیں کر سکے گا۔ یہ بات ہے۔
اس میں کہیں بھی نہیں دیکھ لیں شیطان کا ذکر
نہ کچھ بگاڑ سکے شیطان، نفس اپنا پاک ہو اگر
دل سے شبیرؔ کہے گر نفس کی اصلاح ہو تو
تو پھر شیطان کے وسوسے کا کوئی زور نہ ہو
مطلب شیطان جو ہے وہ چاہے کتنا ہی زور کیوں نہ لگائے، لیکن شیطان کیا کرے گا؟ شیطان نفس کے ذریعے سے کرے گا، اور نفس کی اصلاح ہو چکی ہوگی، وہ شیطان کی نہیں مانے گا۔
اس کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی گھر کا بچہ کسی دشمن کے ساتھ ہو جائے۔ اور وہ بچہ اس کو باتیں بتائے اپنے گھر کی، ایسا ہوتا ہے، گھروں میں بھی یہ چیز ہوتی ہے۔ تو وہ بچہ جو ہے نا گھر کی باتیں دشمن کو بتائے، اور وہ دشمن پھر اس کو سمجھائے کہ اچھا پھر یہ کرو، اب یہ کرو، اب یہ کرو، اب یہ کرو۔ اس کو کوئی ٹافی وافی دے، کوئی اس طرح مطلب جو اس کی پسند کی چیزیں ہیں، اس کو دے اور اپنے مقصد کے لیے اس کو استعمال کرنا شروع کر لے۔ لیکن وہ بچہ اگر سمجھدار ہو، سمجھ جائے، پھر اگر وہ دشمن اس سے کہے کہ تم یہ کرو، کہتے: کیوں کروں؟ میں اپنے ابا کو بتاتا ہوں۔ وہ خود ہی بھاگ جائے گا، یہ تو سمجھدار ہو گیا۔
ٹھیک ہے نا؟ تو جو نفس ہے، یہ بھی بچے کی طرح ہے۔ تو اس کو پرایوں کا نہ بناؤ، اس کو اپنوں کا بناؤ۔
نفس مطمئنہ، یہ بہت بڑی بات ہے۔ یعنی اللہ پاک نے اس شان سے اس کو خطاب کیا ہے کہ میں آپ کو کیا بتاؤں! اللہ پاک فرماتے ہیں: "يٰۤاَيَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّةُ" اے مطمئن نفس! "ارْجِعِیْۤ اِلٰى رَبِّكِ رَاضِیَةً مَّرْضِیَّةً" اپنے رب کی طرف لوٹ جا اس حالت میں کہ تو اس سے راضی وہ تجھ سے راضی ہے۔ کیوں، نفس مطمئنہ اس وقت تک ہو نہیں سکتی جب تک وہ اللہ سے راضی نہ ہو۔ مقام رضا پہ جو فائز نہ ہو، وہ نفس مطمئنہ نہیں حاصل کر سکتا۔ تو جو مقام رضا پہ قائم ہو گیا، اس کو اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہو گئی، کیونکہ اللہ جل شانہٗ کی شان یہ ہے کہ اللہ پاک فرماتے ہیں: اگر کوئی میری طرف ایک بالشت بھر آتا ہے، میری رحمت اس کی طرف دو بالشت جاتی ہے، اگر کوئی میری طرف ایک ہاتھ آتا ہے تو میری رحمت اس کی طرف دو ہاتھ جاتی ہے، اور اگر کوئی میری طرف چل کے آتا ہے تو میری رحمت اس کی طرف دوڑ کے جاتی ہے۔
تو اب مجھے بتاؤ، ہم اللہ سے راضی ہوں گے تو پھر اللہ ہم سے راضی نہیں ہو گا؟ یہ تو بات ہے۔ تو اللہ تعالیٰ اپنی شان کے مطابق بندے سے راضی ہو جاتا ہے، اپنی شان کے مطابق بندے سے راضی ہو جاتا ہے۔
بس یہ چیز وہ ذرا ہمت کی بات ہے، اس کو ذرا حاصل کرنا ہے۔ اگر یہ چیز حاصل ہو گئی تو پھر سبحان اللہ، پھر میں کہتا ہوں کہ آپ کو کسی اور کی... چیز کی ضرورت نہیں ہے، آپ کو سب کچھ اس کے ذریعے سے ملے گا، ان شاء اللہ العزیز، ان شاء اللہ العزیز۔ کیونکہ نفس مطمئنہ ہر خیر کو کھینچنے والی چیز ہے، اور جو نفس امارہ ہے، وہ ہر شر کو کھینچنے والی چیز ہے۔
تو بس اس وقت ہمیں نفس مطمئنہ کو حاصل کرنے کی جو محنت ہے، اس کو بہت زیادہ کرنا چاہیے، اور اپنے طور پر ہمیں ایسے کام کرنے چاہیے جس سے ہمارا نفس مطمئنہ ہمیں حاصل ہو جائے۔
وَاٰخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ
رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا اِنَّكَ اَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ وَتُبْ عَلَيْنَا اِنَّكَ اَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُونَ وَسَلَامٌ عَلَى الْمُرْسَلِينَ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ بِرَحْمَتِكَ يَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِينَ۔