" مخلصینِ اسلام کے سچے جذبات اور منافقین کی بہانہ سازیاں "

درس نمبر 321، سورہ التوبۃ آیات 90 تا 99 اشاعتِ اول: 6 ,7 اور 8 دسمبر، 2022، بمطابق ,11 ,12 اور 13 جمادی الاولی ، 1444 ہجری

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  • دیہاتی منافقین کے جھوٹے بہانے اور سچے معذوروں کے لیے شرعی استثناء
  • وسائل کی عدم دستیابی اور سچے عاشقوں (انصاری صحابہؓ) کے آنسو
  • مالدار منافقین کا پیچھے رہنا اور ان کے دلوں پر مہرِ الٰہی
  • منافقین کی جھوٹی معذرتیں، ان سے اعراض اور اہم قانونی نکتہ
  • بدترین دیہاتی منافق: انفاق کو تاوان سمجھنا اور مسلمانوں کی تباہی کا انتظار
  • مخلص دیہاتیوں کا انفاق: قربِ الٰہی اور رسول اللہ ﷺ کی دعاؤں کا حصول

الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔

فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔

وَ جَآءَ الْمُعَذِّرُوْنَ مِنَ الْاَعْرَابِ لِیُؤْذَنَ لَهُمْ وَ قَعَدَ الَّذِیْنَ كَذَبُوا اللّٰهَ وَ رَسُوْلَهٗ ؕ سَیُصِیْبُ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا مِنْهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ(90) لَیْسَ عَلَى الضُّعَفَآءِ وَ لَا عَلَى الْمَرْضٰى وَ لَا عَلَى الَّذِیْنَ لَا یَجِدُوْنَ مَا یُنْفِقُوْنَ حَرَجٌ اِذَا نَصَحُوْا لِلّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖ ؕ مَا عَلَى الْمُحْسِنِیْنَ مِنْ سَبِیْلٍ ؕ وَ اللّٰهُ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌۙ (91) وَّ لَا عَلَى الَّذِیْنَ اِذَا مَاۤ اَتَوْكَ لِتَحْمِلَهُمْ قُلْتَ لَاۤ اَجِدُ مَاۤ اَحْمِلُكُمْ عَلَیْهِ ۪ تَوَلَّوْا وَّ اَعْیُنُهُمْ تَفِیْضُ مِنَ الدَّمْعِ حَزَنًا اَلَّا یَجِدُوْا مَا یُنْفِقُوْنَ (92)

ترجمہ : اور دیہاتیوں میں سے بھی بہانہ باز لوگ آئے کہ اُن کو (جہاد سے) چھٹی دی جائے،

حاشیہ : جس طرح مدینہ منورہ میں بہت سے منافق تھے، اسی طرح مدینہ منورہ سے باہر دیہات میں بھی منافق موجود تھے۔ چونکہ غزوۂ تبوک میں جانے کا حکم صرف اہل مدینہ کے لئے نہیں، بلکہ آس پاس کے لوگوں کے لئے بھی تھا، اس لئے یہ دیہاتی منافقین بھی بہانہ کرنے کے لئے آئے تھے۔

ترجمہ : اور (اس طرح) جن لوگوں نے اللہ اور اُس کے رسول سے جھوٹ بولا تھا، وہ سب بیٹھ رہے۔ ان میں سے جنہوں نے کفر (مستقل طور پر) اپنا لیا ہے، اْن کو دردناک عذاب ہو گا۔ ﴿90﴾کمزور لوگوں پر (جہاد میں نہ جانے کا) کوئی گناہ نہیں، نہ بیماروں پر، اور نہ اْن لوگوں پر جن کے پاس خرچ کرنے کو کچھ نہیں ہے۔جبکہ وہ اللہ اور اُس کے رسول کے لئے مخلص ہوں۔ نیک لوگوں پر کوئی الزام نہیں، اور اللہ بہت بخشنے والا، بڑا مہربان ہے ﴿91﴾ اور نہ اْن لوگوں پر (کوئی گناہ ہے) جن کا حال یہ ہے کہ جب وہ تمہارے پاس اس غرض سے آئے کہ تم اْنہیں کوئی سواری مہیا کر دو، اور تم نے کہا کہ: ”میرے پاس تو کوئی ایسی چیز نہیں ہے جس پر میں تمہیں سوار کر سکوں“ تو وہ اس حالت میں واپس گئے کہ اُن کی آنکھیں اس غم میں آنسوؤں سے بہہ رہی تھیں کہ اْن کے پاس خرچ کرنے کو کچھ نہیں ہے۔ ﴿92﴾

حاشیہ:روایات میں ہے کہ یہ سات انصاری صحابہ تھے۔ حضرت سالم بن عمیر، حضرت علبہ بن زید، حضرت عبدالرحمن بن کعب، حضرت عمرو بن الحمام، حضرت عبداللہ بن مغفل، حضرت ہرمی بن عبداللہ اور حضرت عرباض بن ساریہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین۔ انہوں نے غزوۂ تبوک میں شامل ہونے کے لئے اپنے شوق کا اظہار فرمایا، اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے سواری کی درخواست پیش کی۔ جب آپ نے فرمایا کہ میرے پاس کوئی سواری نہیں ہے تو یہ روتے ہوئے واپس گئے (روح المعانی)۔

تو جیسے کہ مدینہ منورہ میں منافقین بہانے کر کر کے اپنے لیے ٹائم لیتے تھے کہ ہم جو ہے نہ جائیں۔ اس طرح مدینہ منورہ سے باہر بھی جو منافقین تھے وہ آتے رہے۔ تو ان کے بارے میں پھر حکم آ گیا کہ جن کے دل میں کفر ہے ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔ اور پھر ان لوگوں سے استثناء کا حکم فرمایا کہ جو جا نہیں سکتے تھے، کمزور تھے یعنی مطلب بیمار تھے یا اور کوئی مسئلہ تھا ان کو۔ تو ان کے ظاہر ہے چونکہ ان کا مسئلہ اللہ پاک کو پتا تھا۔ لہٰذا ان کے بارے میں اللہ پاک نے فرما دیا کہ ان کے اوپر کوئی گناہ نہیں ہے۔ اور کچھ صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین جن کے پاس وسائل نہیں تھے سواری وغیرہ کے، انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے مانگا لیکن وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بھی ظاہر ہے نہیں تھے۔ تو وہ پھر مطلب ان کو یعنی پریشانی لاحق ہوئی۔ یعنی وہ نہ جانے کے لیے نہیں گئے تھے بلکہ جانے کے لیے، لیکن ان کے پاس وسائل نہیں تھے۔ تو بہرحال یہ ہے کہ اللہ تعالی کو چونکہ ساری چیزوں کا پتا ہوتا ہے لہٰذا ہر ایک کے ساتھ اس کے حال کے مطابق معاملہ ہوتا ہے۔ اللہ تعالی ہم سب کو اس کی رضا کے مطابق کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ا ِنَّمَا السَّبِيْلُ عَلَى الَّذِيْنَ يَسْتَاْذِنُوْنَكَ وَهُمْ اَغْنِيَآءُ ۚ رَضُوْا بِاَنْ يَّكُوْنُوْا مَعَ الْخَوَالِفِ ۙ وَطَبَعَ اللّٰهُ عَلٰى قُلُوْبِهِمْ فَهُمْ لَا يَعْلَمُوْنَ ﴿93﴾ يَعْتَذِرُوْنَ اِلَيْكُمْ اِذَا رَجَعْتُمْ اِلَيْهِمْ ؕ قُلْ لَّا تَعْتَذِرُوْا لَنْ نُّؤْمِنَ لَكُمْ قَدْ نَبَّاَنَا اللّٰهُ مِنْ اَخْبَارِكُمْ ؕ وَسَيَرَى اللّٰهُ عَمَلَكُمْ وَرَسُوْلُهٗ ثُمَّ تُرَدُّوْنَ اِلٰى عٰلِمِ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ فَيُنَبِّئُكُمْ بِمَا كُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ ﴿94﴾ سَيَحْلِفُوْنَ بِاللّٰهِ لَكُمْ اِذَا انْقَلَبْتُمْ اِلَيْهِمْ لِتُعْرِضُوْا عَنْهُمْ ؕ فَاَعْرِضُوْا عَنْهُمْ ؕ اِنَّهُمْ رِجْسٌ ۫ وَّمَاْوٰىهُمْ جَهَنَّمُ ۚ جَزَآءً ۢ بِمَا كَانُوْا يَكْسِبُوْنَ ﴿95﴾

ترجمہ : الزام تو اْن لوگوں پر ہے جو مال دار ہونے کے باوجود تم سے اجازت مانگتے ہیں۔ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ وہ پیچھے رہنے والی عورتوں میں شامل ہو گئے۔ اور اللہ نے ان کے دلوں پر مہر لگا دی ہے، اس لئے انہیں حقیقت کا پتہ نہیں ہے۔ ﴿93﴾ (مسلمانو!) جب تم لوگ (تبوک سے) واپس ان (منافقوں) کے پاس جاؤ گے، تو یہ تمہارے سامنے (طرح طرح کے) عذر پیش کریں گے۔ (اے پیغمبر!) ان سے کہہ دینا کہ: ”تم عذر پیش نہ کرو، ہم ہرگز تمہاری بات کا یقین نہیں کریں گے۔ اللہ نے ہمیں تمہارے حالات سے اچھی طرح باخبر کر دیا ہے۔ اور آئندہ اللہ بھی تمہارا طرزِ عمل دیکھے گا، اور اُس کا رسول بھی۔ پھر تمہیں لوٹا کر اُس ذات کے سامنے پیش کیا جائے گا جس کو چھپی اور کھلی تمام باتوں کا پورا علم ہے، پھر وہ تمہیں بتائے گا کہ تم کیا کچھ کرتے رہے ہو۔“ ﴿94﴾ جب تم ان کے پاس واپس جاؤ گے تو یہ لوگ تمہارے سامنے اللہ کی قسمیں کھائیں گے، تا کہ تم ان سے درگزر کرو۔ لہٰذا تم بھی ان سے درگزر کر لینا۔ یقین جانو یہ سراپا گندگی ہیں، اور جو کمائی یہ کرتے رہے ہیں، اس کے نتیجے میں ان کا ٹھکانا جہنم ہے۔ ﴿95﴾

تشریح : یہاں ”درگزر کرنے“ کا مطلب یہ ہے کہ ان کی بات سن کر انہیں نظر انداز کر دیا جائے، نہ تو فوری طور پر انہیں کوئی سزا دی جائے، اور نہ یہ وعدہ کیا جائے کہ ان کی معذرت قبول کر لی گئی ہے، اور انہیں معاف کر دیا گیا ہے۔ اس طرزِ عمل کی وجہ اگلے جملے میں یہ بیان کی گئی ہے کہ اپنے نفاق کی وجہ سے یہ سراپا گندگی ہیں، ان کی معذرت جھوٹی ہے جو انہیں اس گندگی سے پاک نہیں کر سکتی، اور آخر کار ان کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے عذاب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہاں پر ایک قانونی نکتہ ہمیں معلوم ہو گیا۔ اور وہ یہ ہے کہ گندگی گندگی کے ذریعے سے پاک نہیں ہوا کرتی۔ مثال کے طور پر کوئی شخص کوئی جرم کر لے، تو اس کے لیے کوئی اور جرم کر کے اس کو صاف نہیں کیا جائے گا۔ بلکہ مطلب ظاہر ہے کہ اس کو پاک طریقے سے یعنی جیسے پاک ہاتھوں سے صاف کیا جاتا ہے، پاک طریقے سے اس کو صاف کیا جائے گا، یعنی صحیح وعدہ، صحیح ارادہ اور صحیح قول اس کے مطابق ہو گا۔ وہ جھوٹی جھوٹی بات اگر ہو گی، تو جھوٹ تو ظاہر ہے خود گندگی ہے۔ تو لہذا وہ اس کی گزشتہ چیزوں کو کیسے اس سے، اس کو صاف کرے گا؟ اور اس کا ارادہ، ان کا ارادہ بھی نہیں ہے۔ تو مطلب یہ ہے کہ گویا کہ یوں سمجھ لیجیے کہ ان سے یعنی ان کی بات کو نظر انداز کر لیں، نہ ان کو مثبت تاثر دیں، نہ ان کو سزا دیں۔ اگرچہ یہ سمجھیں گے کہ ہم بچ گئے، لیکن اصل حقیقت تو بعد میں آنے والی ہے۔ اللہ کے سامنے ساری چیزوں کو پیش کیا جائے گا، پھر بعد میں ان کو پتہ چلے گا کہ وہ ساری چیزیں اللہ تعالیٰ کو معلوم تھیں۔ جو یہ سمجھتے تھے کہ ہم ویسے ہی کر رہے ہیں۔ اللہ جل شانہ ہم سب کو ایسے انجام سے محفوظ فرمائے۔

يَحْلِفُوْنَ لَكُمْ لِتَرْضَوْا عَنْهُمْ ۚ فَاِنْ تَرْضَوْا عَنْهُمْ فَاِنَّ اللّٰهَ لَا يَرْضٰى عَنِ الْقَوْمِ الْفٰسِقِيْنَ ﴿96﴾ اَلْاَعْرَابُ اَشَدُّ كُفْرًا وَّنِفَاقًا وَّاَجْدَرُ اَلَّا يَعْلَمُوْا حُدُوْدَ مَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ عَلٰى رَسُوْلِهٖ ؕ وَاللّٰهُ عَلِيْمٌ حَكِيْمٌ ﴿97﴾ وَمِنَ الْاَعْرَابِ مَنْ يَّتَّخِذُ مَا يُنْفِقُ مَغْرَمًا وَّيَتَرَبَّصُ بِكُمُ الدَّوَآئِرَ ؕ عَلَيْهِمْ دَآئِرَةُ السَّوْءِ ؕ وَاللّٰهُ سَمِيْعٌ عَلِيْمٌ ﴿98﴾وَمِنَ الْأَعْرَابِ مَنْ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ وَيَتَّخِذُ مَا يُنْفِقُ قُرُبَاتٍ عِنْدَ اللَّهِ وَصَلَوَاتِ الرَّسُولِ ۚ أَلَا إِنَّهَا قُرْبَةٌ لَهُمْ ۚ سَيُدْخِلُهُمُ اللَّهُ فِي رَحْمَتِهِ ۗ إِنَّ اللَّهَ غَفُورٌ رَحِيمٌ ﴿99﴾

صَدَقَ اللَّهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ وَصَدَقَ رَسُولُهُ النَّبِيُّ الْكَرِيمُ۔

ترجمہ : یہ تمہارے سامنے اس لئے قسمیں کھائیں گے تاکہ تم ان سے راضی ہو جاؤ، حالانکہ اگر تم ان سے راضی ہو بھی گئے تو اللہ تو ایسے نافرمان لوگوں سے راضی نہیں ہوتا۔ ﴿96﴾ جو دیہاتی (منافق) ہیں، وہ کفر اور منافقت میں زیادہ سخت ہیں، اور دوسروں سے زیادہ اسی لائق ہیں کہ اُس دین کے احکام سے ناواقف رہیں جو اللہ نے اپنے رسول پر اتارا ہے۔ اور اللہ علم کا بھی مالک ہے، حکمت کا بھی مالک۔ ﴿97﴾ انہی دیہاتیوں میں وہ بھی ہیں جو (اللہ کے نام پر) خرچ کئے ہوئے مال کو ایک تاوان سمجھتے ہیں، اور اس انتظار میں رہتے ہیں کہ تم مسلمانوں پر مصیبتوں کے چکر آپڑیں،

یعنی جو لوگ چاہتے ہیں کہ مسلمان کسی مصیبت میں، کسی چکر میں پڑ جائیں تاکہ ان لوگوں کو اس قسم کے احکام سے آزادی مل جائے جن پر عمل کرنا انہیں بہت مشکل معلوم ہوتا ہے۔ خاص طور سے غزوۂ تبوک کے موقع پر ان لوگوں کی یہی امید لگی ہوئی تھی کہ اس مرتبہ مسلمانوں کا مقابلہ روم کی عظیم طاقت سے ہو رہا ہے، اس لیے شاید اس بار وہ رومیوں کے ہاتھوں شکست کھا کر اپنی ساری طاقت کھو بیٹھیں گے۔ آگے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ درحقیقت یہ لوگ خود نفاق کے چکر میں پڑے ہوئے ہیں، جو انہیں دنیا اور آخرت دونوں کی رسوائی میں مبتلا کر دے گا۔

ترجمہ: (حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ) بدترین مصیبت کا چکر تو خود ان پر پڑا ہوا ہے۔ اور اللہ ہر بات سنتا، سب کچھ جانتا ہے۔ ﴿98﴾ اور انہی دیہاتیوں میں وہ بھی ہیں جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتے ہیں، اور جو کچھ (اللہ کے نام پر) خرچ کرتے ہیں، اُس کو اللہ کے پاس قرب کے درجے حاصل کرنے اور رسول کی دُعائیں لینے کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ہاں! یہ اُن کے لئے یقیناً تقرب کا ذریعہ ہے۔ اللہ اُن کو اپنی رحمت میں داخل کرے گا۔ بیشک اللہ بہت بخشنے والا، بڑا مہربان ہے ﴿99﴾

اللہ جل شانہ ہمیں ہر قسم کی منافقت سے محفوظ فرمائے۔ اور اللہ جل شانہ ہمیں خاص اپنا تعلق نصیب فرمائے۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔