برائی سے نہ روکنے کا انجام اور دعوتِ حق کی اہمیت
بَابٌ فِى الْاَمْرِ بِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّهْيِ عَنِ الْمُنْكَرِ، درس نمبر: 284، اشاعتِ اول: 10 مئی، 2023 بمطابق 19شوال المکرم، 1444 ہجری
- بنی اسرائیل پر لعنت اور عذاب کے اسباب
- برائی کو نہ روکنے پر اجتماعی عذاب کی وعید
- ایمان اور عملِ صالح: کامیابی کی بنیادی شرائط
- حق کی تلقین اور صبر: خسارے سے بچنے کا راستہ
الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔
فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔
﴿لُعِنَ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا مِنْ بَنِيْ اِسْرَآءِ يْلَ عَلٰی لِسَانِ دَاوُدَوَ عِيْسَى ابْنِ مَرْيَمَ ذٰلِكَ بِمَا عَصَوْا وَّ كَانُوْا يَعْتَدُوْنَ، كَانُوْا لَا يَتَنَاهَوْنَ عَنْ مُّنْكَرٍ فَعَلُوْهُ لَبِئْسَ مَا كَانُوْا يَفْعَلُوْنَ﴾ (مائدہ: 78، 79)
ترجمہ: ”اور فرمایا: جو لوگ بنی اسرائیل میں کافر ہوئے ان پر داود اور عیسیٰ بن مریم کی زبان سے لعنت کی گئی، یہ اس لئے کہ نافرمانی کرتے تھے، اور حد سے تجاوز کرتے تھے ایک دوسرے کو روکتے نہیں تھے بلاشبہ وہ برا کرتے تھے۔“
تشریح: بنی اسرائیل یعقوب علیہ السلام کا دوسرا نام اسرائیل تھا اس لئے ان کی اولاد کو بنی اسرائیل کہا جاتا ہے۔ عَلٰی لِسَانِ دَاوُدَ: داؤد علیہ السلام کے زبانی زبور میں ان کے اتباع کرنے والے اہل ایلہ تھے جن کو ہفتہ کے دن مچھلی کے شکار سے منع کیا گیا تھا مگر انہوں نے اس کی خلاف ورزی کی تھی اس پر داؤد علیہ السلام نے ان کے لئے بددعا فرمائی تھی کہ اے اللہ! ان پر لعنت فرما اور ان کو عبرت بنادے، جس پر وہ بندروں کی طرح ہو گئے۔ وَ عِيْسَى ابْنِ مَرْيَمَ: عیسیٰ علیہ السلام نے انجیل میں بددعا فرمائی جب کہ ان کے اتباع کرنے والوں نے درخواست کی کہ آسمان سے دستر خوان نازل ہو تو ہم مسلمان ہو جائیں گے، دستر خوان نازل ہوا مگر وہ مسلمان نہیں ہوئے، اس پر عیسیٰ علیہ السلام نے بددعا فرمائی وہ سب سور کی شکل کے ہو گئے، ان کی تعداد پانچ ہزار تھی۔ كَانُوْا لَا يَتَنَاهَوْنَ عَنْ مُّنْكَرٍ فَعَلُوْهُ کہ وہ ایک دوسرے کو برائی سے نہیں روکتے تھے۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میں نے خود آپ ﷺ سے سنا فرمایا کہ ظالم کو ظلم کرتے دیکھو تو اس کا ہاتھ پکڑو ورنہ اغلب یہ ہے کہ اللہ کا عذاب سب پر آجائے۔ اسی طرح ایک اور روایت میں فرمایا کہ جس قوم میں لوگ گناہ کر رہے ہوں وہ قوم اور جماعت اس کو اس گناہ سے روک سکتی ہے تب بھی نہیں روکتے تو ان کے مرنے سے پہلے دنیا ہی میں اللہ کا عذاب نازل ہو جائے گا۔ لَبِئْسَ مَا كَانُوْا يَفْعَلُوْنَ: حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کی لمبی روایت میں آپ ﷺ نے فرمایا کہ بنی اسرائیل نے جب ایک دوسرے کو برائی سے روکنا چھوڑ دیا تو اللہ نے نیک اور بد سب کے دلوں کو ایک جیسا کر دیا پھر ان کو بندر اور سور بنا ڈالا اور داؤد وعیسیٰ علیہم السلام کی زبانی ان پر لعنت کی، اس کی وجہ یہ تھی کہ اللہ کی نافرمانی کرتے اور حد سے تجاوز کرتے تھے، قسم ہے اس کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے تم ایک دوسرے کو ہدایت کرتے رہو ظالموں کو ظلم سے روکتے رہو ان کو حق کی طرف کھینچ کر لاتے رہو ورنہ اللہ تعالیٰ تمہارے دلوں کو بھی خلط ملط کر دیں گے اور تم پر بھی ایسی لعنت ہوگی جیسے کہ ان پر لعنت ہوئی تھی۔
اللہ جل شانہ ہمیں ہر وقت حق کا ساتھ دینے اور حق پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور حق کی تلقین کرنے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔ اور جیسے کہ پہلے فرمایا گیا ہے اس میں، کتاب میں بھی، وَ الْعَصْرِ ۙ (1) اِنَّ الْاِنْسَانَ لَفِیْ خُسْرٍ ۙ (2) اِلَّا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ تَوَاصَوْا بِالْحَقِّ وَ تَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ (3) یعنی چار باتیں ہیں۔ ایک تو یہ کہ ایمان، یہ بنیاد ہے۔ پھر اس کے بعد عملِ صالح، یہ اس کا تقاضا ہے۔ پھر اس کے بعد تَوَاصَوْا بِالْحَقِّ ہے، یعنی اپنی بات کو اپنے تک نہیں رہنے دینا بلکہ آگے بھی پہنچانا، جو حق جس پر تم چل رہے ہو، اس کی وصیت، اس کی تلقین کرتے رہو۔ اور پھر اس میں جو نہ جاننے والے، نہ سمجھنے والے، یا جو منکر ہیں، اور جو حد سے بڑھنے والے، ان کی طرف سے جو مسائل پیدا ہوتے ہیں، اس پر صبر کرنا۔ یہ ہمارے لیے بنیادی بات ہے۔ تو اس میں دیکھو نا۔ اس میں پہلی جو دو باتیں ہیں، وہ تو بنیاد ہیں۔ پھر اس کے بعد اس پر دو متفرع ہیں۔ یعنی اس کی بنیاد پر کہ خود جو حق پر ہے، وہ اپنی بات دوسروں تک بھی پہنچائے۔ تو اس طریقے سے انسان محفوظ رہ سکتا ہے، ورنہ خسارہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ہر قسم کے خسارے سے محفوظ فرما دے۔
وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ۔