جمعۃ المبارک کی عصر کے بعد 80 سال کے گناہوں کی معافی کا خاص عمل
فضائل درود شریف، تیسری فصل (خاص خاص درود کے خاص خاص فضائل میں) صفحہ 71 تا 73
- جمعہ کے دن عصر کے بعد درود شریف پڑھنے کی فضیلت اور 80 سال کے گناہوں کی معافی۔
- درود شریف کے الفاظ اور پڑھنے کا طریقہ (عام طریقہ اور انگلیوں پر گننے کا طریقہ)۔
- محدثین کے نزدیک ضعیف روایات کا فضائل میں معتبر ہونا۔
- ذکر کی عادت بنانا اور ربیع الاول کے مہینے کی مناسبت سے درود کی کثرت۔
- چہل درود شریف (40 درود) کی تلاوت اور جامع دعا۔
الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، أَمَّا بَعْدُ:فَأَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ، بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ.
وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «الصَّلَاةُ عَلَيَّ نُورٌ عَلَى الصِّرَاطِ، وَمَنْ صَلَّى عَلَيَّ يَوْمَ الْجُمُعَةِ ثَمَانِينَ مَرَّةً غُفِرَتْ لَهُ ذُنُوبُ ثَمَانِينَ عَامًا».
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے یہ حدیث شریف مروی ہے کہ مجھ پر درود پڑھنا پلِ صراط پر گزرنے کے وقت نور ہے، اور جو شخص جمعہ کے دن 80 دفعہ مجھ پر درود بھیجے اس کے 80 سال کے گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔
ذَكَرَهُ السَّخَاوِيُّ مِنْ عِدَّةِ رِوَايَاتٍ ضَعِيفَةٍ بِأَلْفَاظٍ مُخْتَلِفَةٍ.
علامہ سخاوی رحمۃ اللہ علیہ نے ”القول البدیع“ میں اس حدیث کو متعدد روایات سے جن پر ضعف کا حکم بھی لگا ہے، نقل کیا اور صاحبِ ”اتحاف“ نے ”شرحِ احیاء“ میں اس حدیث کو مختلف طرق سے نقل کیا ہے۔ اور محدثین کا قاعدہ ہے کہ ضعیف روایت بالخصوص جب کہ وہ متعدد طرق سے نقل کی جائے، فضائل میں معتبر ہوتی ہے۔ غالباً اسی وجہ سے ”جامع صغیر“ میں ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اس حدیث پر ”حسن“ کی علامت لگائی گئی ہے۔ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ نے ”شرحِ شفا“ میں ”جامع صغیر“ کے حوالے سے بروایت طبرانی و دارقطنی اس حدیث کو نقل کیا ہے۔ علامہ سخاوی رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ یہ حدیث حضرت انس رضی اللہ عنہ کی روایت سے بھی نقل کی جاتی ہے اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی ایک حدیث میں ہی نقل کی گئی ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن عصر کی نماز کے بعد اپنی جگہ سے اٹھنے سے پہلے 80 مرتبہ یہ درود شریف پڑھے:اَللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ وَعَلَى آلِهِ وَسَلِّمْ تَسْلِيمًا اس کے 80 سال کے گناہ معاف ہوں گے اور 80 سال کے عبادت کا ثواب اس کے لیے لکھا جائے گا۔
دارقطنی کی ایک روایت میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کیا ہے: جو شخص جمعہ کے دن مجھ پر 80 مرتبہ درود شریف پڑھے اس کے 80 سال کے گناہ معاف ہوں گے۔ کسی نے عرض کیا یا رسول اللہ! درود کس طرح پڑھا جائے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:اَللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ عَبْدِكَ وَنَبِيِّكَ وَرَسُولِكَ النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ اور یہ پڑھ کر ایک انگلی بند کر لے، انگلی بند کرنے کا مطلب یہ ہے کہ انگلیوں پر شمار کیا جائے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے انگلیوں پر گننے کی ترغیب وارد ہوئی ہے اور ارشاد ہوا کہ انگلیوں پر گنا کرو اس لیے کہ قیامت کے دن ان کو گویائی دی جائے گی، ان سے پوچھا جائے گا۔ جیسا کہ فضائلِ ذکر کے ”فصلِ دوم“ کی حدیث نمبر 18 میں یہ مضمون تفصیل سے گزر چکا ہے۔ ہم لوگ اپنے ہاتھوں سے سینکڑوں گناہ کرتے ہیں جب قیامت کے دن پیشی کے وقت ہاتھ اور انگلیاں ہزاروں گناہ گنوائیں گی جو ان سے زندگی میں کیے گئے ہیں تو ان سے کچھ نیکیاں بھی گنوائیں، جو ان سے کی گئی یا ان سے گنی گئی ہیں۔ دارقطنی نے اس روایت کو حافظ عراقی نے ”حسن“ بتلایا ہے۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کیا ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن 100 مرتبہ درود پڑھے، اس کے ساتھ قیامت کے دن ایسی روشنی آئے گی کہ اگر وہ ساری مخلوق پر تقسیم کر دی جائے تو سب کے لیے کافی ہو جائے۔حضرت سہل بن عبداللہ سے نقل ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن عصر کی نماز کے بعد:اَللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ وَعَلَى آلِهِ وَسَلِّمْ 80 دفعہ پڑھے اس کے 80 سال کے گناہ معاف ہوں گے۔
علامہ سخاوی رحمۃ اللہ علیہ نے ایک دوسری جگہ حضرت انس رضی اللہ عنہ کی حدیث سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کیا ہے کہ مجھ پر ایک دفعہ درود بھیجے اور قبول ہو جائے تو اس کے 80 سال کے گناہ معاف ہوتے ہیں۔ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے ”زاد السعید“ میں بحوالہ ”درِ مختار“ اصبہانی سے بھی حضرت انس رضی اللہ عنہ کی اس حدیث کو نقل کیا ہے۔ علامہ شامی رحمۃ اللہ علیہ نے اس میں طویل بحث کی ہے کہ درود شریف میں مقبول غیر مقبول ہوتے ہیں یا نہیں۔ شیخ ابو سلیمان دارانی نے نقل کیا ہے کہ ساری عبادات میں مقبول و مردود ہونے کا احتمال ہے لیکن حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر درود شریف مقبول ہی ہوتا ہے اور وہ بعض صوفیا سے یہی نقل کیا ہے۔
یہاں پر ایک بات میں عرض کرنا چاہتا تھا کہ جمعہ کے دن کی یہ روایت وہ 80 سال والی، یہ یہاں پر مختلف طرق سے آیا ہوا ہے۔ تو ہم لوگ الحمدللہ اہتمام کرتے ہیں کہ عصر کی نماز کے بعد اٹھنے سے پہلے یہ 80 مرتبہ درود شریف پڑھتے ہیں، جیسے کہ حضرت شیخ الحدیث رحمۃ اللہ علیہ کا بھی معمول تھا۔ لیکن اگر کسی کو رہ جائے، مطلب کوئی سفر میں ہو یا کوئی کسی وجہ سے رہ جائے، تو ایک اور حدیث شریف کا یہاں پر بتایا گیا جس میں عصر کی نماز کا قید نہیں ہے۔ جگہ سے اٹھنے کا قید نہیں ہے، بس جمعہ کے دن جس وقت بھی پڑھ لے۔ تو وہ بھی ذرا اگر یاد رکھیں تو میرے خیال میں اس دن وہی پڑھ لیں۔ وہ کیا ہے:اَللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ عَبْدِكَ وَنَبِيِّكَ وَرَسُولِكَ النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ اس کو انگلیوں پر گنیں، اَللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ عَبْدِكَ وَنَبِيِّكَ وَرَسُولِكَ النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ... تو ایک انگلی بند کر لیں، پھر دوسری اس طرح۔ تو ظاہر ہے مطلب اس پر عمل ہو جائے گا۔ تو ان شاءاللہ 80 مرتبہ پڑھنے سے 80 سال کے گناہ معاف ہونے کی نوید مل جائے گی ان شاءاللہ۔
تو یہ اصل میں اللہ تعالیٰ بعض دفعہ بہانہ دیکھتے ہیں، مطلب کوئی کام ایسا ہو جاتا ہے جس سے اللہ پاک معاف فرماتے ہیں۔ تو ہمیں ہر وقت کوشش کرنی چاہیے۔ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے ایک بات فرمائی ہے کہ جو تدبیر پر یقین کرنے والے ہیں وہ موٹی تدبیر تو کرتے ہیں لیکن چھوٹی تدبیر نہیں کرتے کیونکہ ان کو تدبیر پر یقین ہوتا ہے۔ وہ کہتے ہیں چھوٹی تدبیر سے کیا ہوگا؟ اس سے تو کچھ بھی نہیں ہوگا۔ لیکن جو تقدیر پر یقین کرنے والے ہیں وہ چھوٹی تدبیر بھی کرتے ہیں بڑی تدبیر بھی کرتے ہیں، کیوں کہ ان کا اس پر یقین نہیں ہوتا، وہ تو کہتے ہیں اللہ تعالیٰ نے اگر لکھا ہے تو کسی چھوٹی سے کام بھی کروا سکتے ہیں۔ تو اس طریقے سے مطلب یہ ہے کہ ہر قسم کا جو خیر کا سبب ہو اس کو اختیار کرنا چاہیے، اسی میں ہماری خوبی ہے۔اللہ جل شانہ ہم سب کو زیادہ سے زیادہ، زیادہ سے زیادہ برکات درود شریف کی نصیب فرمائے۔