"منافقین کی خصلتیں، عہد شکنی کا وبال اور اخلاص کی اہمیت"

درس نمبر 319، سورہ التوبۃ آیات 73 تا 80 اشاعتِ اول: 2 اور 3 دسمبر، 2022، بمطابق ,7 اور 8 جمادی الاولی ، 1444 ہجری

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  • کافروں سے جہاد بالسیف اور منافقین سے جہاد باللسان ہے۔
  • منافقین جھوٹی قسمیں کھاتے اور خفیہ سازشیں کرتے تھے۔
  • مخلصین بغیر نیت کے بھی دنیاوی فائدہ پاتے ہیں۔
  • بخل اور وعدہ خلافی کی سزا دلی نفاق ہے۔
  • منافقین صدقہ دینے والے مخلص مسلمانوں کا مذاق اڑاتے تھے۔
  • استغفار کے باوجود منافقین کے لیے معافی ناممکن ہے۔

الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔

فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔

یٰۤاَیُّهَا النَّبِیُّ جَاهِدِ الْكُفَّارَ وَ الْمُنٰفِقِیْنَ وَ اغْلُظْ عَلَیْهِمْ ؕ وَ مَاْوٰىهُمْ جَهَنَّمُ ؕ وَ بِئْسَ الْمَصِیْرُ(73) یَحْلِفُوْنَ بِاللّٰهِ مَا قَالُوْا ؕ وَ لَقَدْ قَالُوْا كَلِمَةَ الْكُفْرِ وَ كَفَرُوْا بَعْدَ اِسْلَامِهِمْ وَ هَمُّوْا بِمَا لَمْ یَنَالُوْا ۚ وَ مَا نَقَمُوْۤا اِلَّاۤ اَنْ اَغْنٰىهُمُ اللّٰهُ وَ رَسُوْلُهٗ مِنْ فَضْلِهٖ ۚ فَاِنْ یَّتُوْبُوْا یَكُ خَیْرًا لَّهُمْ ۚ وَ اِنْ یَّتَوَلَّوْا یُعَذِّبْهُمُ اللّٰهُ عَذَابًا اَلِیْمًا ۙ فِی الدُّنْیَا وَ الْاٰخِرَةِ ۚ وَ مَا لَهُمْ فِی الْاَرْضِ مِنْ وَّلِیٍّ وَّ لَا نَصِیْرٍ (74)

صَدَقَ اللّٰهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ وَصَدَقَ رَسُوْلُهُ النَّبِيُّ الْكَرِيمُ۔

ترجمہ: اے نبی! کافروں اور منافقوں سے جہاد کرو، اور اْن پر سختی کرو۔

حاشیہ: جہاد کے اصل معنی جدوجہد اور محنت و کوشش کے ہیں۔ دین کی حفاظت اور دفاع کے لئے یہ کوشش مسلح لڑائی کی شکل میں بھی ہو سکتی ہے، اور زبانی دعوت و تبلیغ اور بحث و مباحثہ کی صورت میں بھی۔ کھلے کافروں کے ساتھ یہاں جہاد کے پہلے معنی مراد ہیں، اور منافقین کے ساتھ جہاد کے دوسرے معنی مقصود ہیں۔ چونکہ منافقین زبان سے اسلام لانے کا اظہار کرتے تھے، اس لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی شرارتوں کے باوجود یہ حکم دیا کہ دُنیا میں ان کے ساتھ مسلمانوں جیسا ہی معاملہ کیا جائے۔ اس لئے ان کے ساتھ جہاد کا مطلب زبانی جہاد ہے، اور اُن پر سختی کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اوّل تو گفتگو میں اْن کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے، دوسرے اگر ان سے کوئی قابلِ سزا جرم سرزد ہو تو انہیں معافی نہ دی جائے۔

یہ اصل میں ایک قسم کا جہاد بالسیف اور جہاد باللسان یہ گویا کہ ان دونوں کا ایک لفظ کے ساتھ بیان کرنا یہ بھی ثابت ہو رہا ہے اس سے۔ کیونکہ منافقین کے ساتھ معاملہ مسلمانوں جیسا ہوتا ہے ظاہری طور پر۔ تو اس وجہ سے اگر جہاد بالسیف کا معنی لیا جائے گا تو پھر یہاں پر وہ اس کا معنی صحیح نہیں آئے گا۔

ترجمہ: اور اْن پر سختی کرو۔ اُن کا ٹھکانا جہنم ہے، اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔ ﴿73﴾ یہ لوگ اللہ کی قسمیں کھا جاتے ہیں کہ انہوں نے فلاں بات نہیں کہی، حالانکہ انہوں نے کفر کی بات کہی ہے،

حاشیہ: منافقین کا یہ وطیرہ تھا کہ وہ اپنی مجلسوں میں کافرانہ باتیں کہتے رہتے تھے، لیکن جب اُن سے پوچھا جاتا تو وہ صاف انکار کر دیتے، اور قسم بھی کھا لیتے کہ ہم نے یہ بات نہیں کہی۔ مثلاً ایک مرتبہ منافقین کے سردار عبداللہ بن اُبی نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور مسلمانوں کے بارے میں ایک انتہائی گستاخانہ بات کہی تھی جسے نقل کرنا بھی مشکل ہے، اور اس کے بعد کہا تھا کہ: ”جب ہم مدینہ پہنچیں گے تو ہم میں سے باعزت لوگ ذلیلوں کو نکال باہر کریں گے۔“ اس کا ذکر خود قرآن کریم نے سورۂ منافقون (8:63) میں فرمایا ہے۔ لیکن جب اُس سے پوچھا گیا تو مکر گیا، اور قسمیں کھانے لگا کہ میں نے یہ نہیں کہا تھا،

ظاہر ہے جن کا ایمان نہ ہو تو اس کی قسم کا کیا اعتبار؟

ترجمہ: اور اپنے اسلام لانے کے بعد انہوں نے کفر اختیار کیا ہے۔

حاشیہ: مراد یہ ہے کہ اگرچہ دل سے تو وہ کبھی اسلام نہیں لائے تھے، لیکن کم از کم زبان سے اسلام کا اقرار کرتے تھے۔ اس بات کے بعد انہوں نے زبان سے بھی کفر اختیار کر لیا۔

اس زبان سے بھی ان کے کفر کا پتہ چلا ہے۔ اب جہاں تک حکم لگانے کی بات ہے تو وہ چونکہ اس سے انکار مکر گیا تو اس وجہ سے ان پہ وہ نہیں لگا، لیکن بہرحال یہ ہے کہ اس کا کفر تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر تو ظاہر ہو چکا تھا۔

ترجمہ: انہوں نے وہ کام کرنے کا ارادہ کر لیا تھا جس میں یہ کامیابی حاصل نہ کر سکے؛

حاشیہ: یہ کسی ایسے واقعے کی طرف اشارہ ہے جس میں منافقین نے کوئی خفیہ سازش کی تھی، مگر اس میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ایسے کئی واقعات عہدِ رسالت میں پیش آئے ہیں، مثلاً ایک واقعہ تو اْوپر بیان کیا گیا ہے کہ عبداللہ بن ابی نے یہ ناپاک ارادہ ظاہر کیا تھا کہ ہم مسلمانوں کو مدینہ منورہ سے نکال دیں گے۔ ظاہر ہے کہ وہ اپنی اس ڈینگ کو عملی جامہ پہنانے پر قادر نہیں ہوئے۔ دوسرے ایک واقعہ غزوۂ تبوک سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی واپسی کے وقت پیش آیا تھا کہ منافقین نے بارہ آدمیوں کو نقاب پہنا کر اس بات پر تعینات کیا تھا کہ وہ ایک گھاٹی میں چھپ کر بیٹھیں، اور جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم وہاں سے گذریں تو آپ پر حملہ کر دیں۔ اُس وقت حضرت حذیفہ بن یمانؓ نے انہیں دیکھ لیا، اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اطلاع کر دی۔ آپ نے اْن کو زور سے آواز دی تو اْن پر ایسا رعب طاری ہوا کہ وہ بھاگ گئے۔ آپ نے بعد میں حضرت حذیفہؓ کو بتایا کہ وہ منافق لوگ تھے ۔

ترجمہ: اور انہوں نے صرف اس بات کا بدلہ دیا کہ اللہ اور اُس کے رسول نے انہیں اپنے فضل سے مال دار بنا دیا ہے۔

حاشیہ: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری سے مدینہ منورہ کے باشندوں میں پہلے کے مقابلے میں عام خوش حالی آئی تھی جس سے یہ منافقین بھی فائدہ اٹھا رہے تھے۔ پہلے ان کی معاشی حالت خستہ تھی، مگر آپ کی تشریف آوری کے بعد ان میں سے اکثر لوگ خاصے مال دار ہو گئے تھے۔ آیت کریمہ یہ کہہ رہی ہے کہ شرافت کا تقاضا تو یہ تھا کہ وہ اس خوشحالی پر اللہ تعالیٰ اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے شکر گذار ہوتے، لیکن انہوں نے اس احسان کا یہ بدلہ دیا کہ آپ کے خلاف سازشیں شروع کر دیں۔

یہ اصل میں ایسا ہوتا ہے۔ جو مخلصین لوگ ہیں وہ دنیاوی فائدے کی بات نہیں کرتے، دنیاوی فائدے کا سوچتے بھی نہیں ہیں۔ وہ تو اصل فائدے کو لیتے ہیں۔ لیکن جو دوسرے لوگ ہوتے ہیں وہ دنیاوی فائدے کے پیچھے پڑے ہوتے ہیں۔ دنیاوی فائدہ تو پورا وصول کرتے ہیں لیکن جو اخروی فائدہ ہے اس کی طرف ان کا دھیان نہیں جاتا۔ مثلاً یہ ہماری خانقاہ ہے۔ اس خانقاہ سے بھی جو مطلب مخلصین لوگ ہیں وہ تو اس سے دینی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ لیکن جو باقی لوگ ہیں وہ اس کے پڑوس سے دنیاوی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اس میں پیچھے نہیں رہتے۔ لیکن دینی فائدہ وہ نہیں اٹھاتے۔ مثلاً یہاں ایک کوئی مکان بک رہا تھا تو انہوں نے لینے والے سے کہا یہاں خانقاہ ہے۔ یہاں خانقاہ ہے، اس کا مطلب ہے کہ یہ بہت بڑی چیز ہے۔ حالانکہ کبھی نہیں آیا ادھر۔ لیکن "یہاں خانقاہ ہے" کہہ کر وہ ٹھیک ہے مطلب یعنی کہ اس سے دنیاوی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ یہاں کی جگہوں کی قیمتیں بھی مطلب بڑھ گئیں۔ تو دنیاوی فائدہ اٹھانے کے لیے مطلب تیار ہوتے ہیں لیکن جو آخرت کا فائدہ ہوتا ہے وہ لینے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ یہ دنیا کا قاعدہ ہے، چلتا رہتا ہے۔ لیکن بہرحال جو لوگ مخلص ہوتے ہیں ان کا بہت فائدہ ہوتا ہے۔ ان کو دنیاوی فائدہ بھی ہو جاتا ہے لیکن بغیر نیت کے۔ وہ نیت تو نہیں کر چکے ہوتے نا مطلب دنیا کی لیکن اللہ پاک ان کو، یہ تو نہیں ہے نا کہ مطلب میں بے دینوں کو فائدہ پہنچاتا ہوں اور دوسروں کو دینداروں کو نہیں پہنچاتا۔ یہ تو عام قانون ہے، مطلب سب فائدہ اٹھائیں گے۔ لیکن اس کی وہ نیت نہیں کرتے۔ ہمارے حضرت تسنیم الحق صاحب رحمۃ اللہ علیہ، وہ ہم گئے تھے حضرت کے پاس ان کے شیخ کے پاس میخبند بابا جی رحمۃ اللہ علیہ تو حضرت نے ہمیں فرمایا یہ ایسا آدمی ہے کہ اگر یہ پہاڑ میں بیٹھ جائے تو حکومت مجبور ہو جائے گی اس کے لیے سڑک نکالنے پر۔ یعنی اللہ پاک کے ہاں ان کا ایسا مقام ہے کہ اگر یہ پہاڑ میں بھی بیٹھ جائے تو حکومت مجبور ہو جائے گی، وہاں پر سڑک نکالے گی۔ تو ایسے ہوتے ہیں مطلب بعض لوگ کہ اللہ پاک ان کے لیے اللہ پاک آسانیاں پیدا فرماتے ہیں دین کے لیے، تو باقی لوگوں کو بھی اس کا فائدہ ہوتا ہے۔

ترجمہ: اب اگر یہ توبہ کر لیں تو ان کے حق میں بہتر ہو گا، اور اگر یہ منہ موڑیں گے تو اللہ ان کو دُنیا اور آخرت میں دردناک عذاب دے گا، اور روئے زمین پر ان کا نہ کوئی یار ہو گا نہ مددگار۔ ﴿74﴾

اللہ جل شانہ ہم سب کو خلوص کے ساتھ اسلام کے تمام ارکان پر عمل کرنے کی اللہ کے لیے توفیق عطا فرمائے۔

وَ مِنْهُمْ مَّنْ عٰهَدَ اللّٰهَ لَىٕنْ اٰتٰىنَا مِنْ فَضْلِهٖ لَنَصَّدَّقَنَّ وَ لَنَكُوْنَنَّ مِنَ الصّٰلِحِیْنَ (75) فَلَمَّاۤ اٰتٰىهُمْ مِّنْ فَضْلِهٖ بَخِلُوْا بِهٖ وَ تَوَلَّوْا وَّ هُمْ مُّعْرِضُوْنَ (76) فَاَعْقَبَهُمْ نِفَاقًا فِیْ قُلُوْبِهِمْ اِلٰى یَوْمِ یَلْقَوْنَهٗ بِمَاۤ اَخْلَفُوا اللّٰهَ مَا وَعَدُوْهُ وَ بِمَا كَانُوْا یَكْذِبُوْنَ (77) اَلَمْ یَعْلَمُوْۤا اَنَّ اللّٰهَ یَعْلَمُ سِرَّهُمْ وَ نَجْوٰىهُمْ وَ اَنَّ اللّٰهَ عَلَّامُ الْغُیُوْبِ ۚ (78) اَلَّذِیْنَ یَلْمِزُوْنَ الْمُطَّوِّعِیْنَ مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ فِی الصَّدَقٰتِ وَ الَّذِیْنَ لَا یَجِدُوْنَ اِلَّا جُهْدَهُمْ فَیَسْخَرُوْنَ مِنْهُمْ ؕ سَخِرَ اللّٰهُ مِنْهُمْ ٘ وَ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ (79) اِسْتَغْفِرْ لَهُمْ اَوْ لَا تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ ؕ اِنْ تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ سَبْعِیْنَ مَرَّةً فَلَنْ یَّغْفِرَ اللّٰهُ لَهُمْ ؕ ذٰلِكَ بِاَنَّهُمْ كَفَرُوْا بِاللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖ ؕ وَ اللّٰهُ لَا یَهْدِی الْقَوْمَ الْفٰسِقِیْنَ (80)

صَدَقَ اللّٰهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ وَصَدَقَ رَسُوْلُهُ النَّبِيُّ الْكَرِيمُ۔

ترجمہ: اور انہی میں وہ لوگ بھی ہیں جنہوں نے اللہ سے یہ عہد کیا تھا کہ اگر وہ اپنے فضل سے ہمیں نوازے گا تو ہم ضرور صدقہ کریں گے، اور یقیناً نیک لوگوں میں شامل ہو جائیں گے ﴿75﴾ لیکن جب اللہ نے اْن کو اپنے فضل سے نوازا تو اس میں بخل کرنے لگے، اور منہ موڑ کر چل دیئے ﴿76﴾

حاشیہ: حضرت ابو اُمامہ رضی اللہ عنہ کی ایک روایت میں ہے کہ ایک شخص جس کا نام ثعلبہ بن حاطب تھا، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا، اور درخواست کی کہ آپ میرے لئے مال دار ہونے کی دعا فرما دیں۔ آپ نے شروع میں اُسے سمجھایا کہ بہت مال دار ہونا مجھے اپنے لئے بھی پسند نہیں ہے، لیکن اُس نے بار بار اصرار کیا، اور یہ وعدہ بھی کیا کہ اگر میں مال دار ہو گیا تو ہر حق دار کو اُس کا حق پہنچاؤں گا، آپ نے اس موقع پر یہ حکیمانہ جملہ بھی ارشاد فرمایا کہ: ”تھوڑا مال جس کا تم شکر ادا کر سکو اُس زیادہ مال سے بہتر ہے جس کا شکر ادا نہ کر سکو۔“ اس پر بھی اُس کا اصرار جاری رہا تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے دُعا فرمادی۔ چنانچہ وہ واقعی مال دار ہو گیا، اور اس کے مال مویشی اتنے زیادہ ہو گئے کہ اْن کی دیکھ بھال میں نمازیں چھوٹنے لگیں، پھر وہ ان جانوروں کی زیادتی کی وجہ سے مدینہ منورہ سے باہر جا کر رہنے لگا، شروع میں جمعہ کے دن مسجد میں آ جاتا تھا، پھر رفتہ رفتہ جمعہ کو آنا بھی چھوڑ دیا۔ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے لوگ زکوٰۃ وصول کرنے کے لئے اُس کے پاس پہنچے تو اُس نے زکوٰۃ پر پھبتیاں کسیں، اور ٹال مٹول کر کے ان حضرات کو واپس بھیج دیا۔ اس آیت میں اس واقعے کی طرف اشارہ ہے۔

اللہ بچائے۔

ترجمہ: نتیجہ یہ کہ اللہ نے سزا کے طور پر نفاق ان کے دلوں میں اُس دن تک کے لئے جما دیا ہے جس دن وہ اللہ سے جا کر ملیں گے، کیونکہ انہوں نے اللہ سے جو وعدہ کیا تھا، اُس کی خلاف ورزی کی، اور کیونکہ وہ جھوٹ بولا کرتے تھے ﴿77﴾ کیا اْنہیں یہ پتہ نہیں تھا کہ اللہ اْن کی تمام پوشیدہ باتوں اور سرگوشیوں کو جانتا ہے، اور یہ کہ اُس کو غیب کی ساری باتوں کا پورا پورا علم ہے؟ ﴿78﴾ (یہ منافق وہی ہیں) جو خوشی سے صدقہ کرنے والے مؤمنوں کو بھی طعنے دیتے ہیں، اور اُن لوگوں کو بھی جنہیں اپنی محنت (کی آمدنی) کے سوا کچھ اور میسر نہیں ہے، اس لئے وہ ان کا مذاق اُڑاتے ہیں۔ اللہ ان کا مذاق اْڑاتا ہے،

حاشیہ: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کو صدقات نکالنے کی ترغیب دی تو ہر مخلص مسلمان نے اپنی استطاعت کے مطابق صدقہ لا کر پیش کیا، منافقین خود تو اس کارِ خیر میں کیا حصہ لیتے، مسلمانوں کو طعنے دیتے رہتے تھے۔ اگر کوئی شخص زیادہ مال لے کر آتا تو کہتے کہ یہ تو دکھاوے کے لئے صدقہ کر رہا ہے، اور اگر کوئی غریب مزدور اپنے گاڑھے پسینے کی کمائی سے کچھ تھوڑا سا صدقہ لے کر آتا تو منافقین اُس کا مذاق اڑاتے، اور کہتے کہ یہ کیا چیز اُٹھا لایا ہے؟ اللہ اس سے بے نیاز ہے! صحیح بخاری اور حدیث و تفسیر کی دوسری کتابوں میں ایسے بہت سے واقعات مروی ہیں، لیکن اس جگہ غالباً وہ موقع مراد ہے جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوۂ تبوک کے لئے چندہ جمع کرنے کی ترغیب دی تھی۔ درمنثور (ج: 3 ص: 226) میں ایک روایت سے اس کی تائید ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ یوں تو مذاق اڑانے سے بے نیاز ہے، لیکن اس سے مراد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کو مذاق اڑانے کی سزا دے گا۔ اور اللہ تعالیٰ کی طرف مذاق اُڑانے کی نسبت محاورۃً کی گئی ہے جسے عربی قواعد کی رُو سے مشاکلت کہا جاتا ہے۔

ترجمہ: اور ان کے لئے دردناک عذاب تیار ہے ﴿79﴾ (اے نبی!) تم ان کے لئے استغفار کرو یا نہ کرو، اگر تم ان کے لئے ستر مرتبہ استغفار کرو گے تب بھی اللہ انہیں معاف نہیں کرے گا۔ یہ اس لئے کہ انہوں نے اللہ اور اُس کے رسول کے ساتھ کفر کا رویہ اپنایا ہے، اور اللہ نافرمان لوگوں کو ہدایت تک نہیں پہنچاتا ﴿80﴾

اللہ جل شانہ ہم سب کو ایسے انجاموں سے محفوظ فرمائے۔ اور پکا ایمان ہمیں دائمًا اچھے اعمال کے ساتھ قبولیت والے اعمال کے ساتھ نصیب فرمائے۔ اور اس پر اللہ پاک ہم سے راضی ہو جائے اس طرح کہ پھر ناراض نہ ہو۔