حج: جاہلی رسوم کی اصلاح، مناسک کی حکمتیں اور تعظیمِ شعائر اللہ (حصہ اول)
سیرت النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم، جلد 5، حج: (حج اصلاحات)، اشاعت اول: 12 نومبر 2020 بمطابق: 26 ربیع الاول 1442 ہجری، (حصہ اول)
الحمد لله رب العالمين الصلاة والسلام على خاتم النبيين اما بعد فاعوذ بالله من الشيطان الرجيم بسم الله الرحمن الرحيم۔
آج جمعہ کی رات ہے۔ اور جمعہ کی رات کو ہمارے ہاں سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم یعنی اس کے بارے میں بات ہوتی ہے۔ جس کے لیے ہم نے حضرت سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی شہرہ آفاق کتاب سیرت النبی کا انتخاب کیا ہوا ہے۔ اور اس انتخاب کی وجہ بارہا میں بتا چکا ہوں کہ حضرت نے جس عرق ریزی کے ساتھ استناد کے ساتھ واقعات بیان کیے ہیں بہت کم ایسا پایا جاتا ہے کیونکہ اس میں نیت یہی تھی کہ مستند واقعات سامنے لائے جائیں ایک بات۔ دوسری بات جس کا اس میں خیال رکھا گیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جو دین لے کے آئے ہیں اس کی بنیادی باتوں کی اس طرح تشریح ہو کہ اسلام کا جو حسن ہے وہ نکھر آئے اور معلوم ہو جائے کہ اسلام گزشتہ تمام مذاہب کی ارتقائی صورت ہے مطلب یہ کہ ترقی یافتہ صورت ہے۔ تکوینی طور پر اللہ پاک نے جیسے چاہا کہ بالاخر ایسا ہو جائے تو خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے وہی چیز چن لیا کیونکہ اس کے بعد پھر تبدیلی ہونی نہیں تھی۔ تو جتنی تبدیلیاں ہونی تھیں وہ کی گئیں اور اب ہمارے پاس جو دین آیا ہے وہ بالکل مکمل اور کامل ہے۔ تو عبادات کے بارے میں بات شروع تھی۔ روزے کے بارے میں تو رمضان شریف میں ہی بات چلی تھی۔ پھر اس کے بعد نماز کے بارے میں بات شروع ہو گئی۔ اور پھر اس کے بعد زکوۃ کے بارے میں بات ہو گئی اور آج کل حج کے بارے میں بات چل رہی ہے۔ حج پہلے کیسے تھا بعد میں کیسے ہوا یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت میں کیوں ہوا اس کی تفصیل اس میں دی گئی ہے۔ آج جو ٹاپک ہے وہ ہے
حج کی اصلاحات
حج کی فرضیت دوسری عبادات سے بالکل مختلف تھی۔ عام اہل عرب نماز کے اوقات، ارکان اور خصوصیات سے عملاً نا بلد تھے۔ اس لئے آنحضرت ﷺ نے ان کو تعلیم دی اور بتدریج ان کو ترقی دی، زکوٰۃ ان میں سرے سے موجود نہ تھی اس لئے عام صدقہ اور خیرات کے آغاز سے زکوٰۃ کی عملی فرضیت تک متعدد منزلیں طے کرنی پڑیں۔ روزے نے بھی یومِ عاشورا سے لے کر رمضان تک مختلف قالب بدلے، لیکن حج عرب کا ایک ایسا عام شعار تھا جس کے تمام اصول و ارکان پہلے سے موجود تھے، صرف ان کا محل اور طریقہ استعمال بدل گیا تھا، یا ان میں بعض مشرکانہ رسوم داخل ہو گئی تھیں، اسلام نے ان مفاسد کی اصلاح کر کے بہ یک دفعہ حج کے فرض ہونے کا اعلان کر دیا۔
ان اصلاحات کی تفصیل حسبِ ذیل ہے
1۔ ہر عبادت کی اصلی غرض ذکرِ الٰہی، طلبِ مغفرت اور اعلائے کلمۃ اللہ ہے لیکن اہل عرب نے حج کو ذاتی و خاندانی نام و نمود کا ذریعہ بنا لیا تھا۔ چنانچہ جب تمام مناسکِ حج سے فارغ ہو چکتے تھے تو تمام قبائل منیٰ میں آ کر قیام کرتے تھے۔ مفاخرتِ عرب کا ایک قومی خاصا تھا اور اس مجمعِ عام سے بڑھ کر اس کے لئے کوئی موقع نہیں مل سکتا تھا۔ اس بنا پر ہر قبیلہ ذکرِ الٰہی کی جگہ اپنے اپنے آبا و اجداد کے کارنامے اور محاسن بیان کرتا تھا اس پر یہ آیت نازل ہوئی
﴿ فَاذْكُرُوا اللّٰهَ كَذِكْرِكُمْ آبَاءَكُمْ أَوْ أَشَدَّ ذِكْرًا ﴾ (بقرہ۔۲۵)
جس طرح اپنے باپ دادوں کا ذکر کرتے ہو اسی طرح بلکہ اس سے بھی زیادہ بلند آہنگی کے ساتھ خدا کی یاد کرو۔
اصل میں دیکھیں نا اس کتاب کے پڑھنے سے ہمیں کیا فائدہ ہوا ذرا تھوڑا سا میں اس کو عرض کرتا ہوں۔
اسباب اختیار کرنا
یہ بہت اہم بات ہے اللہ جل شانہ نے اس دنیا کو دارالاسباب بنایا ہوا ہے۔ تو ہر چیز کے لیے کوئی اللہ پاک سبب بناتے ہیں۔ تو ان اسباب کو تلاش کر کے اس کے مطابق کام کرنے سے فائدہ ہوتا ہے۔ اب دیکھیں یہاں پر اسلام کے تمام اعمال کو نافذ کرنے کے لیے ایک آرڈر بھی کافی تھا کہ بس ایسا کرو ایسا کرو ایسا کرو ایسا کرو ایسا کرو لیکن اسلام میں ایسا نہیں کیا گیا۔ بالکل ایک تدریج کا طریقہ اختیار کیا گیا۔ اور اس میں تمام چیزوں کا خیال رکھا گیا۔ لوگوں کے جذبات کا احساسات کا اخلاق و عادات کا یاداشت کا ان تمام چیزوں کا خیال رکھا گیا۔ تو اب اس سے پتہ چلا کہ آگے ہم اگر دین کا کام کریں تو اس طرح دیوانوں کی طرح نہیں کریں گے۔ بلکہ ہوش میں رہ کر تمام چیزوں کو سمجھ کر، ان کے تقاضوں کو جان کر ہم اس طرح دین کا کام کریں۔ پیغمبروں نے ایسا ہی کیا ہے۔ آج کل ہم دیکھتے ہیں کہ جو مجذوبانہ طریقے سے چلتے ہیں، ان کا جو کام ہوتا ہے وہ بہت محدود عرصے کے لئے ہوتا ہے، پھر بعد میں فیل ہو جاتا ہے۔ کیونکہ لوگوں کے ساتھ وہ ایڈجسٹ نہیں ہوتے۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ تعالی عنہ کی طبیعت بالکل باقی حضرات سے مختلف تھی۔ تو عثمان رضی اللہ تعالی عنہ نے بحیثیت امیرالمومنین ان سے فرمایا کہ آپ الگ جا کر بسیرا کر لیں۔ جس سے لوگوں کو بھی فائدہ ہو گا، آپ کو بھی فائدہ ہو گا۔ اب دیکھیں حکمت کو دیکھیں۔ چونکہ ان کا مزاج بالکل منفرد تھا، تو باقی کے ساتھ ایڈجسٹ کرنا مشکل تھا لہذا ان سے فرمایا یہ۔ تو اس سے پتہ چلا کہ ہم لوگوں کو بھی کام اگر کرنا ہے تو مناسب طریقے سے کرنا ہے تمام چیزوں کو جان کر، تمام چیزوں کو سمجھ کر۔ یہ کرنا ہے یہ اصل میں بہت ضروری بات ہے اور آج کل تو بہت زیادہ ضروری ہے کیونکہ ہر چیز سے فتنے نکل رہے ہیں۔ تو اپنے آپ کو فتنوں سے بچانے کے لیے فتنوں کے رستوں سے بھی بچنا پڑے گا۔
2.۔ قربانی کرتے تھے تو اس کے خون کو خانہ کعبہ کی دیواروں پر لگاتے تھے کہ خدا سے تقرب حاصل ہو جائے یہود میں بھی یہ رسم تھی کہ قربانی کے خون کا چھینٹا قربان گاہ پر دیتے تھے اور قربانی کا گوشت جلا دیتے تھے، محمد رسول اللہ ﷺ کے ذریعہ یہ دونوں باتیں مٹادی گئیں اور یہ آیت اتری:
﴿ لَنْ يَّنَالَ اللّٰهَ لُحُومُهَا وَلَا دِمَاؤُهَا وَلٰكِنْ يَّنَالُهُ التَّقْوٰى مِنْكُمْ ﴾ (حج۔۵)
خدا کے پاس قربانیوں کا خون اور گوشت نہیں پہنچتا اس کے پاس صرف تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے۔
اور تقوی ایسی چیز ہے جس کا خارج میں وجود ہی نہیں وہ دل کی ایک کیفیت کا نام ہے۔ لیکن چونکہ اللہ اس کو جانتا ہے، لہذا اللہ تعالی اس کو ریکارڈ کر لیتا ہے۔ اور اس پر تمام چیزوں کا دارو مدار ہے، إن أكرمكم عند الله أتقاكم۔ بیشک تم میں زیادہ معظم و مکرم اللہ کے نزدیک وہ ہے جو زیادہ متقی ہو۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہم لوگوں کو بھی جو ظاہر بینی ہے اور ظاہر پرستی ہے وہ نہیں اختیار کرنی چاہیے۔ بلکہ ظاہر کو بھی شریعت کے مطابق اختیار کرنا چاہیے لیکن اس کی جو اصل چیز ہوتی ہے اس کا باطن ہوتا ہے۔ یعنی اس ظاہر سے ہمارا مقصود کیا ہے۔ اپنے آپ کو ظاہر کرنا ہے یا اللہ تعالی کے حکم کو ظاہر کرنا ہے؟ یہ دو باتیں ہیں اگر اپنے آپ کو ظاہر کرتے ہیں تو یہ ریا ہے۔ اور اگر اللہ تعالی کے حکم کو ظاہر کرنا ہے تو پھر یہ تقوی ہے۔
اور آگے چل کر یہ بھی بتا دیا کہ اس قربانی کا مقصد یہ ہے کہ غریبوں کی ضیافت کی جائے اور اس جشن ابراہیمی کے موقع پر ان کو شکم سیر کیا جائے۔
یعنی گوشت کو جلانے والی بات ختم۔ اس کو استعمال کیا گیا۔
3۔ اہل یمن کا دستور تھا کہ جب حج کی غرض سے سفر کرتے تھے تو زادِ راہ لے کر نہیں چلتے تھے اور کہتے تھے کہ ہم متوکل علی اللہ ہیں، نتیجہ یہ ہوتا تھا کہ جب مکہ میں پہنچتے تھے تو بھیک مانگنے کی نوبت آتی تھی۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی
﴿ وَتَزَوَّدُوا فَإِنَّ خَيْرَ الزَّادِ التَّقْوٰى ﴾ (بقرہ۔۲۵)
زادِ راہ ساتھ لے کر چلو کیوں کہ بہترین زادِ راہ پرہیزگاری ہے۔
سبحان اللہ۔ اب دیکھیں نا یہ بھی ایک سبب والی بات آ گئی۔ کہ جو اسباب ہیں ان کو اختیار کرنے کا ارشاد فرمایا گیا، اسباب سے وراء والی بات چھوڑ دی گئی۔ توکل بھی ایک دل کی ایک کیفیت ہے اگر کسی میں ہوتی ہے تو وہ اعمال میں نظر آ جاتی ہے۔ زاد راہ سے بھی انسان سیر نہیں ہو سکتا، زاد راہ ختم بھی ہو سکتا ہے، خراب بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن آپ نے ایک سبب تو اختیار کر لیا، اللہ کا حکم تو پورا ہو گیا۔ ہاں البتہ اگر کچھ مشکل آ جائے تو پھر اللہ پر بھروسہ۔ یہ اس وقت پتہ چلتا ہے۔
4۔ قریش نے عرب کے دوسرے قبیلوں کے مقابل میں جو امتیازات قائم کر لئے تھے ان کی بنا پر قریش کے سوا تمام قبیلے ننگے ہو کر خانہ کعبہ کا طواف کرتے تھے۔ اس غرض سے خانہ کعبہ میں لکڑی کا ایک تختہ رکھا ہوا تھا جس پر تمام لوگ کپڑے اتار اتار کر رکھ دیتے تھے۔ ان لوگوں کی ستر پوشی صرف قریش کی فیاضی کر سکتی تھی یعنی اس موقع پر قریش کی طرف سے حسبۃ للہ کپڑا تقسیم کیا جاتا تھا اور مرد مردوں کو اور عورتیں عورتوں کو خاص طواف کے لئے کپڑا مستعار دیتی تھیں اور وہ لوگ اسی کپڑے میں طواف کرتے تھے لیکن جو لوگ اس فیاضی سے محروم رہ جاتے تھے ان کو برہنہ طواف کرنا پڑتا تھا۔ اسلام نے اس بے حیائی کے کام کو قطعاً موقوف کر دیا اور یہ آیت اتری.
﴿ خُذُوا زِينَتَكُمْ عِنْدَ كُلِّ مَسْجِدٍ ﴾ (اعراف۔۳)
ہر عبادت کے وقت اپنے کپڑے پہنو۔
اللہ پاک کے ہر کلام کے اندر بڑی بلاغت ہوتی ہے۔ اب دیکھیں نا یہاں پر کس انداز میں فرمایا، خذوا زينتكم عند كل مسجد۔ کیونکہ کپڑے کے جو تین بڑے اوصاف ہیں۔ ستر پوشی ہے گرمی سردی سے بچاؤ ہے اور زینت ہے۔ تو اس میں وہ زینت والی بات کو لیا گیا ہے۔ کیونکہ اگر آپ زینت کے لیے پہنیں، ستر پوشی تو ہو ہی جائے گی، گرمی سردی سے بچاؤ بھی ہو جائے گا۔ تو زینت والی کیونکہ اس سے انسان کا دل اس طرف زیادہ مائل ہوتا ہے۔
خُذُوا زِينَتَكُمْ عِنْدَ كُلِّ مَسْجِدٍ
ہر عبادت کے وقت اپنے کپڑے پہنو
اور ۹ھ کے موسم حج میں آنحضرت ﷺ نے حضرت ابوبکرؓ کو اس اعلان کے لئے بھیجا کہ آئندہ کوئی ننگا ہو کر طواف نہ کرنے پائے۔ چنانچہ اس اعلان کیا گیا اور اس وقت سے یہ رسم اٹھ گئی۔
5۔ قریش کی ایک امتیازی خصوصیت یہ بھی تھی کہ اور تمام قبائل عرفات میں قیام کرتے تھے لیکن وہ خود حدودِ حرم کے اندر سے باہر نکلنا اپنے مذہبی منصب کے خلاف سمجھتے تھے اس لئے مزدلفہ میں ٹھہرتے تھے، اسلام نے قریش کے اس امتیاز کا خاتمہ کر دیا چنانچہ یہ آیت اتری.
﴿ ثُمَّ أَفِيضُوا مِنْ حَيْثُ أَفَاضَ النَّاسُ ﴾ (بقرہ۔۲۵)
کوچ وہیں سے کرو جہاں سے تمام لوگ کرتے ہیں۔
کچھ لوگ ابھی بھی مزدلفہ سے کرتے ہیں۔ تو یہ شاید اسی جاہلیت والی بات پہ قائم ہیں۔ شریعت میں سب برابر ہیں۔ تو یہ امتیازی خصوصیت ختم کی گئی۔ گزشتہ مذاہب میں ہر مذہب کے اندر کچھ امتیازی چیزیں ہوتی تھیں لوگوں کے لیے مثلا برہمنوں کے لیے ہندوؤں میں اور رابیوں کے لیے یہودیوں میں اور پادریوں کے لیے عیسائیوں میں۔ لیکن اسلام میں سب ایک جیسے ہر جگہ اپ نماز پڑھ سکتے ہیں۔ ساری جگہوں کو اللہ پاک نے مسجد بنایا ہوا ہے۔ تو اس طریقے سے مطلب سب کے لیے ایک ہی بات ہو گئی۔
6۔ صفا اور مروہ کے درمیان میں جو وادی ہے اس سے تیزی کے ساتھ دوڑ کر گزرتے تھے اور یہ ایک مذہبی سنت قرار پا گئی تھی لیکن اسلام نے اس کو کوئی سنت نہیں قرار دیا۔ یعنی اس کو کوئی خاص اہمیت نہیں دی۔
7۔ جاہلیت کے زمانہ میں حج کی مذہبی حیثیت تو یوں ہی سی رہ گئی تھی ورنہ اس نے درحقیقت ایک بڑے میلہ کی حیثیت اختیار کر لی تھی جس میں ہر طرف سے ہر قماش کے لوگ جمع ہوتے تھے اور وہ سب کچھ ہوتا تھا جو میلوں میں ہوتا ہے۔ شور و غل ہوتا تھا دنگا فساد ہوتا تھا، عورتوں سے چھیڑ خانی ہوتی تھی، غرض فسق و فجور کا ہر تماشہ وہاں ہوتا تھا۔ اسلام آیا تو اس نے یک لخت ان باتوں کو بند کر دیا اور حج کو تقدس، تورع، نیکی اور ذکر الٰہی کا سرتاپا مرقع بنا دیا، حکم آیا
اب بھی جو عرس وغیرہ ہوتے ہیں تو عرس جو ہے نا ابتداء میں صرف اور صرف اس ولی اللہ کے پیغامات کو پہنچانے کے لیے ایک تاریخ ہوتی تھی جس پر سب لوگ جمع ہوتے تھے اور وہ ان پیغامات کو ان تعلیمات کو سن لیتے تھے یہ بات ہوتی تھی۔ لیکن چونکہ انسان کے ساتھ نفس ہے موجود۔ اور نفس انسان کو کسی بھی چیز کو اپنی اصلی حیثیت پر برقرار نہیں رہنے دیتا۔ اس کے اندر باتیں شامل ہوتی گئیں اپنی مرضی کی اپنی مرضی کی حتی کہ وہ عرس میلہ بن گیا۔ ہمارے حضرت کاکاصاحب رحمۃ اللہ علیہ کا عرس ہوا کرتا تھا وہ اب بھی ہوتا ہے سولہ رجب سے چوبیس رجب تک۔ تو وہ بھی اس کو ہم لوگ میلہ کہتے تھے۔ یعنی عرس والا نام ہمارے ہاں کبھی سنا ہے عرس کا نام سنا ہے؟ ابھی بھی میلہ کہتے ہیں ہاں تو ابھی بھی میلہ کہتے ہیں۔ تو میلے کی تمام چیزیں ان میں پوری ہوتی تھیں۔ جو میلے میں ہوتے ہیں جیسے ابھی حضرت نے فرمایا۔ کیوں وجہ کیا ہے جب اصلاح نہ ہو۔ جب کنٹرول نہ ہو جب تربیت نہ ہو تو پھر تو نفس تو مزے کرتا ہے پھر تو نفس تو اپنی مرضی کرتا ہے۔ اب یہ حالت ہے کہ ان عرسوں میں کوئی جو دین دار ادمی ہوتا ہے وہ شامل نہیں ہوتا۔ ویسے عوام اتے ہیں چونکہ میلہ ہے نا تو میلے میں تو یہ چیزیں ہوتی ہیں۔ لیکن جو دین دار لوگ ہیں علماء لوگ ہیں وہ ان سے دور رہتے ہیں۔ تو اسی طرح حج بھی جو ہے نا اس قسم کی بات تھی۔ تو اللہ پاک نے ان چیزوں کو ختم فرمایا۔
﴿ فَمَنْ فَرَضَ فِيهِنَّ الْحَجَّ فَلَا رَفَثَ وَلَا فُسُوقَ وَلَا جِدَالَ فِي الْحَجِّ وَمَا تَفْعَلُوا مِنْ خَيْرٍ يَّعْلَمْهُ اللّٰهُ ﴾ (بقرہ۔۲۵)
پھر جس نے ان مہینوں میں حج کی نیت کی تو پھر حج میں عورت سے نہ چھیڑ چھاڑ ہے، نہ فحاشی ہے، نہ لڑائی دنگا ہے، اور تم جو نیکی کرو گے، اللہ کو معلوم ہو گی۔
دیکھیں ان تین چیزوں کے بارے میں ہم باقاعدہ پڑھتے تھے نا حج کی کتابوں میں۔ لیکن کبھی یہ context ہمارے سامنے ایا تھا؟ یہی اصل میں حضرت کی مطلب خصوصیت ہے۔ کہ انہوں نے بالکل یعنی ہر چیز کی بنیاد واضح کی ہے۔