مؤمن اور منافق کی صفات و پہچان
بَابٌ فِى الْاَمْرِ بِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّهْيِ عَنِ الْمُنْكَرِ، درس نمبر: 283، اشاعتِ اول: 9 مئی، 2023 بمطابق 18شوال المکرم، 1444 ہجری
- مؤمنوں کا خالص باہمی تعلق
- منافقوں کی مفاد پرست دوستی
- نیکی کا حکم اور برائی سے ممانعت
- صفات سے کردار کا فیصلہ
الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔
فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔
﴿وَالْمُؤْمِنُوْنَ وَالْمُؤْمِنَاتُ بَعْضُهُمْ اَوْلِيَاءُ بَعْضٍ يَأْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَ يَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ﴾ (توبہ: 71)
ترجمہ: ”اور فرمایا: اور مؤمن مرد اور مؤمن عورتیں ایک دوسرے کے دوست ہیں کہ اچھے کام کرنے کو کہتے ہیں اور بری باتوں سے منع کرتے ہیں۔“
تشریح: اس سے پہلے منافقوں کا حال بیان کیا گیا ہے: ﴿وَالْمُنَافِقُوْنَ وَالْمُنَافِقَاتُ بَعْضُهُمْ مِّنْ بَعْضٍ يَأْمُرُوْنَ بِالْمُنْكَرِ وَ يَنْهَوْنَ عَنِ الْمَعْرُوْفِ﴾ ”اور منافق مرد اور منافق عورتیں سب کی ایک چال ہے وہ سکھاتے ہیں بری بات اور روکتے ہیں اچھے کاموں سے۔“ آیت بالا جو مؤمنوں کے لئے اور جو منافقوں کے لئے ہے اس میں اللہ جل شانہ نے تقابل فرمایا ہے، مؤمنوں کے لئے فرمایا: ”بَعْضُهُمْ اَوْلِيَاءُ بَعْضٍ“ اور منافقوں کے لئے فرمایا ”بَعْضُهُمْ مِّنْ بَعْضٍ“ اس میں اشارہ ہے کہ منافق لوگوں کے باہمی تعلقات اور روابط محض خاندانی یا کسی نہ کسی اغراض پر مبنی ہوتے ہیں ان میں نہ دلی دوستی ہوتی ہے نہ قلبی ہمدردی ہوتی ہے، بخلاف مسلمانوں کے کہ ان میں اولیاء کے لفظ کا اضافہ ہے کہ ان کی دوستی اور ہمدردی اللہ کے لئے ہوتی ہے، خواہ دوست موجود ہو یا غائب ہو۔ ہر حال میں وہ ہمدردی کرتے ہیں اور ان کی دوستی اغراض دنیاوی پر مبنی نہیں ہوتی۔ جیسے کہ روایت میں آتا ہے۔ ﴿مَثَلُ الْمُؤْمِنِيْنَ فِىْ تَوَادِّهِمْ وَ تَرَاحُمِهِمْ كَمَثَلِ الْجَسَدِ الْوَاحِدِ اِذَا اشْتَكٰی مِنْهُ عُضْوٌ تَدَاعٰی لَهُ سَائِرُ الْجَسَدِ بِالْحُمّٰی وَالسَّهَرِ﴾ ”مؤمنوں کی صفت یہ ہے کہ یہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرتے ہیں۔“ علامہ قرطبی رحمہ اللہ نے فرمایا جو ”امر بالمعروف ونہی عن المنکر“ نہیں کر رہا تو اس میں منافقوں والی صفت ہے جو برائیوں کا حکم کرتے ہیں اور اچھائیوں سے روکتے ہیں۔
تو جس طرح مطلب اب یہاں پر مومنوں کی صفات بیان کی گئی ہیں اور جس طرح منافقوں کی صفات بیان کی ہیں، تو جو جو یہ صفات کسی میں ہوں گی تو وہ کس طرف جائے گا؟ خود بخود اس طرف جائے گا، converge کرے گا اس کی ذات کی طرف، کہ ان میں یہ صفات ہیں تو یہ مومنوں کی طرح ہے اور ان میں یہ صفات ہیں تو یہ منافقوں کی طرح ہے۔ یہ والی بات۔ اللہ جل شانہ ہم سب کو صحیح فکر عطا فرمائے۔
وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ۔