بہترین اخلاق اور عفو و درگزر کی اہمیت
بَابٌ فِى الْاَمْرِ بِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّهْيِ عَنِ الْمُنْكَرِ، درس نمبر: 282، اشاعتِ اول: 8مئی، 2023 بمطابق 17شوال المکرم، 1444 ہجری
- عفو و درگزر اور لوگوں کے ساتھ آسانی کا معاملہ
- نیکی کا حکم اور برائی کا بدلہ بھلائی
- جاہلوں سے اعراض اور حسنِ سلوک
- دعوتِ دین میں نرم گفتاری کی اہمیت
الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔
فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔
﴿خُذِ الْعَفْوَ وَأْمُرْ بِالْعُرْفِ وَ اَعْرِضْ عَنِ الْجَاهِلِيْنَ﴾ (الاعراف: 199)
ترجمہ: ”اور فرمایا: (اے محمد ﷺ) عفو اختیار کرو اور نیک کام کرنے کا حکم دو اور جاہلوں سے کنارہ کشی اختیار کرو۔“
تشریح: خُذِ الْعَفْوَ: عفو کے متعدد معنی اہل لغت نے لکھے ہیں۔ پہلا معنی: یہ ہے کہ ہر ایسا کام جو آسانی کے ساتھ بغیر کسی کلفت اور مشقت کے ہو سکے، تو مطلب یہ ہوا کہ آپ ﷺ کو حکم ہے کہ آپ بھی لوگوں سے اس کو قبول کر لیں جو وہ آسانی سے کرسکیں، اعلیٰ معیار کا مطالبہ نہ کریں۔ یہی تفسیر عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ سے بھی منقول ہے۔ آپ ﷺ نے ایک روایت میں اس آیت کے نازل ہونے کے بعد خود فرمایا کہ اللہ پاک نے لوگوں کے اعمال واخلاق میں سرسری اطاعت قبول کرنے کا حکم دیا ہے، جب تک میں ان میں رہوں گا ایسا ہی کرتا رہوں گا۔ دوسرا معنی: عفو کے معافی اور درگزر کے بھی آئے ہیں۔ ایک روایت میں ہے کہ جب آیت بالا نازل ہوئی تو آپ ﷺ نے جبرئیل امین سے اس آیت کا مطلب پوچھا، انہوں نے اللہ جل شانہ سے پوچھ کر بتایا کہ مطلب اس آیت کا یہ ہے کہ جو آپ ﷺ پر ظلم کرے آپ اس کو معاف کردیں، جو آپ ﷺ کو کچھ نہ دے آپ اس کو عطا فرمائیں اور جو آپ ﷺ سے قطع تعلق کرے آپ اس کو اپنے سے ملائیں۔ بالعرف: عرف بمعنی معروف، اچھا اور مستحسن کام۔ یعنی جو لوگ آپ ﷺ سے لڑائی اور ظلم کرتے ہیں آپ ان سے انتقام نہ لیں۔ ان کو معاف بھی فرمائیں ساتھ ان کو نیک کام کی ہدایت بھی کرتے رہیں کہ ظلم کا بدلہ انصاف سے نہیں بلکہ احسان سے دیں۔ وَاَعْرِضْ عَنِ الْجَاهِلِيْنَ علامہ ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ کنارہ کشی اختیار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ان کی برائی کا بدلہ برائی سے نہ دیں اور ان کو ہدایت کرنا نہ چھوڑیں کیونکہ یہ وظیفہ رسالت ونبوت کے شایان شان نہیں۔ حضرت جعفر صادق رحمہ اللہ فرماتے ہیں قرآن مجید میں مکارم اخلاق کے بارے میں اس سے جامع اور کوئی آیت نہیں ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں مکارم اخلاق کے لیے مبعوث ہوا ہوں۔ ایک ہوتا ہے اعراض، قطع تعلق کرنا یعنی ان کے ساتھ نہ ہونا، اور دوسرا یہ بات ہے کہ ان کی باتوں کو برا بدلہ نہ دینا اور ان سے درگزر کرنا اور ان کے لیے جو خیر و خوبی کا ایک کام ہے اس میں مطلب ہے نہ رکنا۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ ایسا ہوا تھا۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جس کا وہ، جس کی وہ مالی مدد کرتے تھے، انہوں نے عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا پر تہمت باندھنے میں بڑا کردار ادا کیا تھا۔ تو ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے وہ بند کر لیا تھا۔ اس پر وہ آیت کریمہ نازل ہوئی۔ تو پھر انہوں نے، مطلب چونکہ صدیق تھے، صدیق کی شان سے وہ بعید تھا، تو لہٰذا اللہ پاک کی طرف سے جب حکم آگیا تو انہوں نے پھر فوراً جاری کر دیا اور اس کو پھر بند نہیں کیا۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر ہمارے ساتھ کوئی سختی کرے تو ہم نرمی کریں۔ اگر ہم لوگوں کے ساتھ کوئی برائی کرے تو ہم اچھائی سے اس کا بدلہ دیں۔ اگر ہم سے کوئی قطع تعلق کر لے تو ہم ان کے ساتھ قطع تعلق نہ کریں۔ یہ بات ہے۔ ورنہ پھر یہ بات ہے کہ بروں کے ساتھ اگر برا سلوک کیا جائے گا تو پھر فرق کیا ہوا؟ ایک تو یہ بات ہے اور دوسری بات یہ ہے، پھر ان کو دعوت کیسے ہوگی؟ دعوت نہیں دی جا سکے گی۔ دعوت دینے میں نرمی ابتدائی بات ہے۔ جیسے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے اللہ پاک نے فرمایا کہ فرعون کے پاس جاؤ، ان کے ساتھ نرم زبان میں گفتگو کرو۔ مطلب یہ ہے کہ یہ نرم زبان وہ انسان کے دل میں گھر کر لیتی ہے اور کسی نہ کسی وقت اس پہ اثر کر ہی لیتی ہے۔ تو بہت سخت بات بھی ہو تو پھر بھی کبھی نہ کبھی اس پر اثر ہو جاتا ہے۔ اس وجہ سے داعی کی طرف سے کوشش ہونی چاہیے کہ وہ نرم زبان استعمال کرے۔ اگر وہ دوسرے فریق میں صلاحیت ہوگی تو اس کو فائدہ ہو جائے گا، نہیں تو کم از کم اس طرف سے تو بات اچھی جائے گی۔ اللہ جل شانہ ہم سب کو اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ۔