منافقین کا طرزِ عمل اور ان کی نفسیات، مصارفِ زکوٰۃ اور شانِ رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم
درس نمبر 317، سورہ التوبۃ آیات 51 تا 62 اشاعتِ اول: 26 ، 27 اور 28 نومبر، 2022، بمطابق 1 ,2 اور 3 جمادی الاولی ، 1444 ہجری
- تقدیر پر کامل یقین اور اللہ کی ذات پر بھروسہ
- غازی یا شہید: مومن کے لیے دونوں صورتوں میں بھلائی (اِحدَی الحُسنَیَین)
- اللہ اور رسول ﷺ کے فیصلوں پر رضا کی اہمیت اور نفاق سے حفاظت کی دعا
- منافقین کا بزدلانہ کردار اور ڈر کی وجہ سے جھوٹی قسمیں
- صدقات کی تقسیم پر اعتراضات اور ان کی دنیاوی طمع
- زکوٰۃ اور دیگر عبادات میں فقہی رہنمائی کی اہمیت
الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔
فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔
قُلْ لَّنْ یُّصِیْبَنَاۤ اِلَّا مَا كَتَبَ اللّٰهُ لَنَا ۚ هُوَ مَوْلٰىنَا ۚ وَ عَلَى اللّٰهِ فَلْیَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُوْنَ (51) قُلْ هَلْ تَرَبَّصُوْنَ بِنَاۤ اِلَّاۤ اِحْدَى الْحُسْنَیَیْنِ ؕ وَ نَحْنُ نَتَرَبَّصُ بِكُمْ اَنْ یُّصِیْبَكُمُ اللّٰهُ بِعَذَابٍ مِّنْ عِنْدِهٖۤ اَوْ بِاَیْدِیْنَا فَتَرَبَّصُوْۤا اِنَّا مَعَكُمْ مُّتَرَبِّصُوْنَ (52) قُلْ اَنْفِقُوْا طَوْعًا اَوْ كَرْهًا لَّنْ یُّتَقَبَّلَ مِنْكُمْؕ-اِنَّكُمْ كُنْتُمْ قَوْمًا فٰسِقِیْنَ(53) وَ مَا مَنَعَهُمْ اَنْ تُقْبَلَ مِنْهُمْ نَفَقٰتُهُمْ اِلَّاۤ اَنَّهُمْ كَفَرُوْا بِاللّٰهِ وَ بِرَسُوْلِهٖ وَ لَا یَاْتُوْنَ الصَّلٰوةَ اِلَّا وَ هُمْ كُسَالٰى وَ لَا یُنْفِقُوْنَ اِلَّا وَ هُمْ كٰرِهُوْنَ(54) فَلَا تُعْجِبْكَ اَمْوَالُهُمْ وَ لَاۤ اَوْلَادُهُمْ ؕ اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰهُ لِیُعَذِّبَهُمْ بِهَا فِی الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا وَ تَزْهَقَ اَنْفُسُهُمْ وَ هُمْ كٰفِرُوْنَ (55)
ترجمہ: اگر تمہیں کوئی بھلائی مل جائے تو انہیں دکھ ہوتا ہے، اور اگر تم پر کوئی مصیبت آپڑے تو کہتے ہیں کہ: ”ہم نے تو پہلے ہی اپنا بچاؤ کر لیا تھا“ اور (یہ کہہ کر) بڑے خوش خوش واپس چلے جاتے ہیں ﴿50﴾ کہہ دو کہ: ”اللہ نے ہمارے مقدر میں جو تکلیف لکھ دی ہے، ہمیں اُس کے سوا کوئی اور تکلیف ہرگز نہیں پہنچ سکتی۔ وہ ہمارا رکھوالا ہے، اور اللہ ہی پر مومنوں کو بھروسہ رکھنا چاہئے۔“ ﴿51﴾ کہہ دو کہ: ”تم ہمارے لئے جس چیز کے منتظر ہو، وہ اس کے سوا اور کیا ہے کہ (آخر کار) دو بھلائیوں میں سے ایک نہ ایک بھلائی ہمیں ملے۔
حاشیہ: یعنی یا تو ہمیں فتح ہو، یا ہم اللہ تعالیٰ کے راستے میں شہید ہو جائیں، اور ہمارے لئے یہ دونوں باتیں بھلائی کی ہیں۔ تم سمجھتے ہو کہ اگر ہم شہید ہو گئے تو ہمارا نقصان ہوگا، حالانکہ شہادت نقصان کا نہیں بڑے فائدے کا سودا ہے۔
ترجمہ: اور ہمیں تمہارے بارے میں انتظار اس کا ہے کہ اللہ تمہیں اپنی طرف سے یا ہمارے ہاتھوں سزا دے۔ بس اب انتظار کرو، ہم بھی تمہارے ساتھ منتظر ہیں“ ﴿52﴾ کہہ دو کہ: ”تم اپنا مال چاہے خوشی خوشی چندے میں دو، یا بد دلی سے، وہ تم سے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
حاشیہ: جد بن قیس جس کا ذکر اوپر آیا ہے، اُسی کے بارے میں ایک روایت یہ ہے کہ اُس نے جنگ میں جانے سے تو مذکورہ بالا بے ہودہ عذر پیش کیا تھا، لیکن یہ کہا تھا کہ اُس کے بدلے میں اپنا مال چندے میں دوں گا (ابن جریر ج: 10 ص: 152)۔ اس کے جواب میں یہ آیت منافقین کے چندے کے نا قابلِ قبول ہونے کا اعلان کر رہی ہے۔
ترجمہ: تم ایسے لوگ ہو جو مسلسل نافرمانی کرتے رہے ہو“ ﴿53﴾ اور ان کے چندے قبول کئے جانے میں رُکاوٹ کی کوئی اور وجہ اس کے سوا نہیں ہے کہ انہوں نے اللہ اور اُس کے رسول کے ساتھ کفر کا معاملہ کیا ہے، اور یہ نماز میں آتے ہیں تو کسمساتے ہوئے آتے ہیں، اور (کسی نیکی میں) خرچ کرتے ہیں تو برا مانتے ہوئے خرچ کرتے ہیں ﴿54﴾ تمہیں ان کے مال اور اولاد (کی کثرت) سے تعجب نہیں ہونا چاہئے۔ اللہ تو یہ چاہتا ہے کہ انہی چیزوں سے ان کو دُنیوی زندگی میں عذاب دے،
حاشیہ: یہ آیت دُنیوی مال و دولت کے بارے میں ایک بڑی عظیم حقیقت کی طرف اشارہ کر رہی ہے۔ اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ مال و دولت بذاتِ خود کوئی ایسی چیز نہیں ہے جسے انسان اپنی زندگی کا مقصد بنائے۔ انسان کا اصل مقصدِ زندگی اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا حصول اور آخرت کی بہتری کا سامان کرنا ہونا چاہئے۔ البتہ چونکہ دُنیا میں زندہ رہنے کے لئے مال کی ضرورت ہے، اس لئے جائز ذرائع سے اُس کو حاصل کرنا پڑتا ہے، لیکن یہاں بھی یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ دُنیا کی ضرورت پوری کرنے کے لئے بھی مال اپنی ذات میں کوئی فائدہ براہِ راست نہیں پہنچاتا، بلکہ وہ راحت و آرام کے وسائل حاصل کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ لیکن جب انسان مال کو بذاتِ خود مقصودِ زندگی بنا لیتا ہے، اور ہر وقت اس فکر میں پڑا رہتا ہے کہ مال کی گنتی میں کس طرح اضافہ ہو تو وہ بے چارہ یہ بھول جاتا ہے کہ اُس نے اس فکر میں اپنی راحت اور آرام تک کو قربان کر ڈالا ہے۔ بینک بیلنس میں بیشک اضافہ ہو رہا ہے، لیکن نہ دن کا چین میسر ہے، نہ رات کا آرام، نہ بیوی بچوں سے بات کرنے کی فرصت ہے، نہ آرام کے وسائل سے مزہ لینے کا وقت۔ پھر اگر کبھی اس مال میں نقصان ہو جائے تو رنج و غم کے پہاڑ سر پر ٹوٹ پڑتے ہیں، کیونکہ یہ تصور تو ہے ہی نہیں کہ اس نقصان کا بدلہ آخرت میں مل سکے گا۔ اس طرح اگر غور سے دیکھو تو یہ مال و دولت نعمت بننے کے بجائے انسان کے لئے دُنیا ہی میں عذاب بن جاتا ہے۔ یہی حال اولاد کا بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق نہ ہو تو وہ بکثرت انسان کے لئے مصیبت بن جاتی ہے۔
ترجمہ: اور ان کی جان بھی کفر ہی کی حالت میں نکلے ﴿55﴾
اللہ جل شانہ ہم سب کو ان ناسمجھیوں سے محفوظ فرما دے۔ اور جو اصل سمجھ ہے یعنی اللہ جل شانہ کی پہچان اور اللہ پاک کے ساتھ یعنی محبت کرنے کا یہ اللہ تعالیٰ ہمیں نصیب فرما دے۔
وَ یَحْلِفُوْنَ بِاللّٰهِ اِنَّهُمْ لَمِنْكُمْ ؕ وَ مَا هُمْ مِّنْكُمْ وَ لٰـكِنَّهُمْ قَوْمٌ یَّفْرَقُوْنَ (56) لَوْ یَجِدُوْنَ مَلْجَاً اَوْ مَغٰرٰتٍ اَوْ مُدَّخَلًا لَّوَلَّوْا اِلَیْهِ وَ هُمْ یَجْمَحُوْنَ (57) وَ مِنْهُمْ مَّنْ یَّلْمِزُكَ فِی الصَّدَقٰتِ ۚ فَاِنْ اُعْطُوْا مِنْهَا رَضُوْا وَ اِنْ لَّمْ یُعْطَوْا مِنْهَاۤ اِذَا هُمْ یَسْخَطُوْنَ (58) وَ لَوْ اَنَّهُمْ رَضُوْا مَاۤ اٰتٰىهُمُ اللّٰهُ وَ رَسُوْلُهٗ ۙ وَ قَالُوْا حَسْبُنَا اللّٰهُ سَیُؤْتِیْنَا اللّٰهُ مِنْ فَضْلِهٖ وَ رَسُوْلُهٗۤ اِنَّاۤ اِلَى اللّٰهِ رٰغِبُوْنَ (59)
ترجمہ: یہ اللہ کی قسمیں کھا کر کہتے ہیں کہ وہ تم میں سے ہیں، حالانکہ وہ تم میں سے نہیں ہیں، بلکہ وہ ڈرپوک لوگ ہیں ﴿56﴾ اگر ان کو کوئی پناہ گاہ مل جاتی، یا کسی قسم کے غار مل جاتے، یا گھس بیٹھنے کی اور کوئی جگہ، تو یہ بے لگام بھاگ کر اْدھر ہی کا رُخ کر لیتے ﴿57﴾
حاشیہ: مطلب یہ ہے کہ انہوں نے اپنے مسلمان ہونے کا جو اعلان کیا ہے، وہ مسلمانوں کے ڈر سے کیا ہے، ورنہ اُن کے دل میں ایمان نہیں ہے، چنانچہ اگر ان کو کوئی ایسی پناہ گاہ مل جاتی جہاں یہ بھاگ کر چھپ سکتے تو یہ مسلمان ہونے کا اعلان کرنے کے بجائے وہاں جا چھپتے۔
ترجمہ: اور انہی (منافقین) میں وہ بھی ہیں جو صدقات (کی تقسیم) کے بارے میں آپ کو طعنہ دیتے ہیں۔
حاشیہ: تفسیر ابن جریر میں کئی روایات اس قسم کی نقل کی گئی ہیں جن میں مذکور ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے صدقات تقسیم فرمائے تو کچھ منافقین نے آپ پر اعتراض کیا کہ یہ تقسیم (معاذ اللہ) انصاف کے مطابق نہیں ہے۔ وجہ یہ تھی کہ ان منافقوں کو ان کے مطلب کے مطابق نہیں دیا گیا تھا۔
ترجمہ: چنانچہ اگر انہیں صدقات میں سے (ان کی مرضی کے مطابق) دے دیا جائے تو راضی ہو جاتے ہیں، اور اگر اْن میں سے انہیں نہ دیا جائے تو ذرا سی دیر میں ناراض ہو جاتے ہیں ﴿58﴾ جو کچھ بھی انہیں اللہ اور اس کے رسول نے دے دیا تھا، کیا اچھا ہوتا کہ یہ اُس پر راضی رہتے، اور یہ کہتے کہ: ”اللہ ہمارے لئے کافی ہے، آئندہ اللہ اپنے فضل سے ہمیں نوازے گا، اور اُس کا رسول بھی! ہم تو اللہ ہی سے لو لگائے ہوئے ہیں۔“ ﴿59﴾
تو یہ اصل میں منافقین کی اس نیچر کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ایک تو ڈر کی وجہ سے مسلمان بظاہر ہوئے تھے اور ایک طمع کے لیے۔ ترغیب و ترہیب، یہ دونوں چیزیں ایسی ہوتی ہیں جن کی وجہ سے انسان کوئی کام کرتا ہے، عام طور پر۔ تو جس کے دل میں اللہ پاک کی محبت نہ ہو، اللہ پاک پر ایمان نہ ہو، تو وہ انہی چیزوں کے ذریعے سے ڈرائیو ہوتے ہیں۔ یعنی دنیاوی طور پر وہ دیکھتے ہیں کہ کس چیز میں ہمیں دنیاوی فائدہ ہے اور کس چیز میں ہمیں خوف ہے۔ یعنی اگر کوئی ڈنڈا دکھا دے تو پھر بھی ان کی مرضی کے مطابق کام کرتے ہیں۔ یا کوئی ان کو مفادات، مطلب ان کے پورے کرتے ہیں، تو پھر بھی ان کے ساتھ ہوتے ہیں، ورنہ پھر نہیں ہوتے۔ تو منافقین چونکہ ایمان تو نہیں رکھتے تھے، تو ان کے پاس صرف یہی بات تھی، وہ یہی کر سکتے تھے۔ تو وہ یہ کرتے تھے، تو اللہ پاک نے ان کا کچا چٹھا قرآن میں کھول دیا۔ اللہ جل شانہ ہمیں ہر قسم کی منافقت سے اور اس قسم کی رذالت سے بچائے۔ اللہ پاک ہمیں خالص ایمان، کامل نیک اعمال کے ساتھ، قبولیت والے اعمال کے ساتھ نصیب فرما دے، اور ہم سے راضی ہو جائے ایسے راضی ہو کہ پھر ناراض نہ ہو۔
اِنَّمَا الصَّدَقٰتُ لِلْفُقَرَآءِ وَ الْمَسٰكِیْنِ وَ الْعٰمِلِیْنَ عَلَیْهَا وَ الْمُؤَلَّفَةِ قُلُوْبُهُمْ وَ فِی الرِّقَابِ وَ الْغٰرِمِیْنَ وَ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ وَ ابْنِ السَّبِیْلِ ؕ فَرِیْضَةً مِّنَ اللّٰهِ ؕ وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌ حَكِیْمٌ (60) وَ مِنْهُمُ الَّذِیْنَ یُؤْذُوْنَ النَّبِیَّ وَ یَقُوْلُوْنَ هُوَ اُذُنٌ ؕ قُلْ اُذُنُ خَیْرٍ لَّكُمْ یُؤْمِنُ بِاللّٰهِ وَ یُؤْمِنُ لِلْمُؤْمِنِیْنَ وَ رَحْمَةٌ لِّلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مِنْكُمْ ؕ وَ الَّذِیْنَ یُؤْذُوْنَ رَسُوْلَ اللّٰهِ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ (61) یَحْلِفُوْنَ بِاللّٰهِ لَكُمْ لِیُرْضُوْكُمْ ۚ وَ اللّٰهُ وَ رَسُوْلُهٗۤ اَحَقُّ اَنْ یُّرْضُوْهُ اِنْ كَانُوْا مُؤْمِنِیْنَ (62)
صَدَقَ اللّٰهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ وَصَدَقَ رَسُوْلُهُ النَّبِيُّ الْكَرِيمُ۔
ترجمہ صدقات تو دراصل حق ہے فقیروں کا، مسکینوں کا، حاشیہ: فقیر اور مسکین ملتے جلتے لفظ ہیں۔ لغت کے اعتبار سے بعض لوگوں نے دونوں میں یہ فرق بیان کیا ہے کہ مسکین وہ ہے جس کے پاس کچھ نہ ہو، اور فقیر وہ ہے جس کے پاس کچھ ہو، مگر ضرورت سے کم ہو۔ اور بعض حضرات نے فرق اس کے برعکس بیان کیا ہے۔ لیکن زکوٰۃ کے حکم میں دونوں برابر ہیں۔ اور حکم یہ ہے کہ جس شخص کے پاس ساڑھے باون تولہ چاندی یا اس کی قیمت کا بنیادی ضرورت سے زیادہ سامان موجود نہ ہو، اُس کے لئے زکوٰۃ لینا جائز ہے۔ تفصیل کے لئے فقہ کی کتابیں دیکھی جائیں۔
فقیر جو ہے یہ اصل میں اس کو بھی کہتے ہیں کہ جو اللہ جل شانہ کی نعمتوں کا اپنے آپ کو محتاج سمجھتے ہیں اور اپنے آپ کے ساتھ جو ہوتا ہے اس پہ کوئی بھروسہ نہیں ہوتا۔ یعنی انسان دل کا فقیر ہوتا ہے۔ تو بہرحال یہ ہے کہ جو لغوی اور فقہی تعریف ہے وہ تو بیان کی گئی کہ وہ فقیر اور مسکین ملتے جلتے الفاظ ہیں۔ اور اس میں یہی بات ہے کہ مسکین کے بارے میں جیسے حضرت نے فرمایا کہ وہ ہیں جو جس کے پاس کچھ نہ ہو اور فقیر وہ جس کے پاس کچھ تو ہو لیکن ضرورت سے کم ہو۔ یا مسکین وہ ہے جس کے پاس کچھ ہو لیکن ضرورت سے کم ہو اور فقیر وہ ہے جس کے پاس کچھ نہ ہو لیکن بہرحال یہ فقہی لحاظ سے جو الفاظ ہیں وہ تو یہی ہیں۔ یہاں یہ فرمایا گیا:
ترجمہ: اور اُن اہلکاروں کا جو صدقات کی وصولی پر مقرر ہوتے ہیں،
حاشیہ: اسلامی حکومت کا ایک اہم کام یہ ہے کہ وہ مسلمانوں کے اَموالِ ظاہرَہ کی زکوٰۃ جمع کر کے مستحقین میں تقسیم کرے۔ اس غرض کے لئے جو اہل کار مقرر کئے جائیں، ان کی تنخواہ یا وظیفہ بھی زکوٰۃ سے دیا جاسکتا ہے۔
یعنی اس کے لیے اور لوگوں پہ بوجھ نہ ہو بلکہ یہی جو پیسے اس سے جمع ہوتے ہیں مال اس سے جمع ہوتا ہے۔ وہ ان میں سے ان کو بھی دیا جا سکتا ہے۔
ترجمہ: اور اْن کا جن کی دلداری مقصود ہے۔
دلداری سے مراد کیا ہے؟
حاشیہ: اس سے مراد وہ نومسلم ہیں جو ضرورت مند ہوں، اور اس بات کی ضرورت محسوس کی جائے کہ ان کو اسلام پر جمے رکھنے کے لئے ان کی دلداری کی جانی چاہئے۔ اصطلاح میں ایسے لوگوں کو ”مؤلفۃ القلوب“ کہا جاتا ہے۔
ترجمہ: نیز انہیں غلاموں کو آزاد کرنے میں، اور قرض داروں کے قرضے ادا کرنے میں، اور اللہ کے راستے میں،^(53) اور مسافروں کی مدد میں خرچ کیا جائے۔ یہ ایک فریضہ ہے اللہ کی طرف سے! اور اللہ علم کا بھی مالک ہے، حکمت کا بھی مالک۔ ﴿60﴾
حاشیہ: جس زمانے میں غلامی کا رواج تھا، اس دور میں بعض غلاموں کے آقا اُن سے یہ کہہ دیتے تھے کہ اگر تم اتنی رقم لا کر ہمیں دے دو تو تم آزاد ہو۔ ایسے غلاموں کو بھی آزادی حاصل کرنے کے لئے زکوٰۃ کا مال دیا جا سکتا تھا۔
اور جو قرض دار ہیں۔
حاشیہ: اس سے مراد وہ مقروض لوگ ہیں جن پر اتنا قرضہ ہو کہ ان کے اثاثے قرضے کی ادائیگی کے لئے کافی نہ ہوں، یا اگر وہ اپنے سارے اثاثے قرض میں دے دیں تو اُن کے پاس نصاب، یعنی ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر مال باقی نہ رہے۔
اکثر یہی تعریف لوگ استعمال کرتے ہیں کیونکہ دوسری تعریف کا تو پتہ نہیں ہوتا۔ لیکن یہ ہے کہ اگر ان کے اوپر جو قرض ہے وہ دیکھا جائے اور ان کے پاس جو مال ہے اس کو دیکھا جائے تو ان کا قرض ان کے موجودہ مال سے زیادہ ہو۔ یعنی یوں کہہ سکتے ہیں کہ رزلٹ جو ہو گا وہ مائنس ہو گا۔ یعنی اس پہ قرض ہی رہے گا اگر وہ سارا مال بھی دے دے لوگوں کو تو اس پہ قرض باقی رہے گا۔ تو ایسے لوگوں کو بھی مطلب مالِ زکوۃ دیا جا سکتا ہے تاکہ وہ اپنے آپ کو قرضوں سے فارغ کر سکیں۔
حاشیہ: ”اللہ کے راستے“ کا لفظ قرآن کریم میں اکثر جہاد کے لئے استعمال ہوا ہے۔ لہٰذا اس سے مراد وہ شخص ہے جو جہاد پر جانا چاہتا ہو، لیکن اُس کے پاس سواری وغیرہ نہ ہو۔ بعض دوسرے حاجت مند لوگوں کو بھی فقہاء نے اس حکم میں شامل کیا ہے، مثلاً جس شخص پر حج فرض ہو چکا ہو، لیکن اب اُس کے پاس اتنے پیسے نہ رہے ہوں کہ وہ حج کر سکے۔
یعنی ایسا ہوتا ہے کہ بعض دفعہ مطلب حج پہ کسی اوپر فرض ہو جاتا ہے ایک وقت میں اتنے پیسے آ جاتے ہیں لیکن وہ ان سے خرچ ہو جاتے ہیں اور پھر ان کے پاس اتنے پیسے نہیں ہوتے تو ان کو اس سے بچانے کے لیے کہ وہ گناہ گار ہوں ان کو بھی دیے جا سکتے ہیں۔
مسافر کے بارے میں بھی فرماتے ہیں
حاشیہ: جس کے پاس چاہے اپنے وطن میں نصاب کے برابر مال موجود ہو، لیکن سفر میں اُس کے پاس اتنے پیسے نہ رہے ہوں جن سے وہ اپنی سفر کی ضروریات پوری کر کے واپس وطن جا سکے۔ واضح رہے کہ زکوٰۃ کے یہ آٹھ مصارف جو یہاں قرآن کریم نے ذکر کئے ہیں، اُن کی بہت مختصر تشریح اْوپر کی گئی ہے۔ عمل کے وقت کسی عالم سے سمجھ کر زکوٰۃ خرچ کرنی چاہئے، کیونکہ ان تمام مصارف میں شرعی احکام کی بہت سی تفصیلات ہیں جن کے ذکر کا یہاں موقع نہیں ہے۔
کیونکہ یہ ایک بڑا عظیم فقہی باب ہے۔ جیسے نماز کی بڑی تفصیلات ہیں ویسے تو مطلب سنت کے مطابق اگر کوئی نماز پڑھنا چاہے تو وہ بہت آسان ہے چند صفحوں میں وہ ساری چیزیں آ جاتی ہیں۔ لیکن اگر کچھ آگے پیچھے ہو جائے تو پھر تفصیلات بہت ہیں۔ مطلب پھر معلوم کرنا کہ ہو گیا یا نہیں ہوا، کیا کرنا پڑے گا، یہ اس کے لیے تفصیلات پھر بہت زیادہ ہیں۔ فتاویٰ کے فتاویٰ موجود ہیں۔ اسی طریقے سے حج کے بارے میں بھی ہے۔ حج اگر کوئی صحیح سنت کے مطابق کر لے تو اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ مطلب مختصر سی چیزیں ہیں بس چند معلوم ہو تو بس وہ حج کر سکتا ہے اطمینان کے ساتھ۔ لیکن اگر کوئی آگے پیچھے ہو جائے پھر بڑی تفصیلات ہیں۔ یہی بات زکوۃ کی بھی ہے۔ تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہم لوگوں کو پھر جو اس کی جو اصل تفصیلات وہ فقہ کی کتابوں سے ہی مل سکتی ہیں کیونکہ وہ کتابیں ہوتی ہی اسی مقصد کے لیے ہیں۔ ان میں ان تفصیلات کو دیا جاتا ہے۔
ترجمہ: اور انہی (منافقین) میں وہ لوگ بھی ہیں جو نبی کو دُکھ پہنچاتے ہیں، اور (اْن کے بارے میں) یہ کہتے ہیں کہ: ”وہ تو سراپا کان ہیں۔“کہہ دو کہ: ”وہ کان ہیں اُس چیز کے لئے جو تمہارے لئے بھلائی ہے۔ وہ اللہ پر ایمان رکھتے ہیں، اور مومنوں کی بات کا یقین کرتے ہیں، اور تم میں سے جو (ظاہری طور پر) ایمان لے آئے ہیں، اُن کے لئے وہ رحمت (کا معاملہ کرنے والے) ہیں۔ اور جو لوگ اللہ کے رسول کو دُکھ پہنچاتے ہیں، اُن کے لئے دُکھ دینے والا عذاب تیار ہے ﴿61﴾
حاشیہ: یہ عربی زبان کے ایک محاورے کا لفظی ترجمہ ہے۔ عربی محاورے میں جب کوئی شخص ہر ایک کی بات سن کر اُس پر یقین کر لیتا ہو، اُس کے بارے میں کہتے ہیں کہ ”یہ تو نرا کان ہے“
یعنی سنتا ہی ہے، سوچتا نہیں ہے،
حاشیہ: یا ”سراپا کان ہے“۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے اُردو میں کہا جاتا ہے کہ ”وہ کچے کانوں کا ہے“۔ منافقین نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں یہ گستاخانہ جملہ آپس میں ایک دوسرے سے بات کرتے ہوئے بولا تھا، اور مقصد یہ تھا کہ اگر کبھی ہماری سازش آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر کھل بھی گئی تو ہم باتیں بنا کر آپ کو راضی کر لیں گے، کیونکہ وہ ہر ایک کی بات کا یقین کر لیتے ہیں۔ منافقین کے مذکورہ بالا جملے کے جواب میں اللہ تعالیٰ نے تین باتیں ارشاد فرمائی ہیں۔ ایک تو یہ کہ وہ سب سے پہلے کان لگا کر جو بات سنتے ہیں، وہ اللہ تعالیٰ کی وحی ہے۔
پہلے یہ کہ
ترجمہ: ”وہ کان ہیں اُس چیز کے لئے جو تمہارے لئے بھلائی ہے۔
وہ کیا ہے؟ مطلب ایک وحی ہے۔ کیونکہ وحی تو آپ لوگوں کے لیے آ رہی ہے تو وحی اسی کو سب سے پہلے سنتے ہیں
حاشیہ: جو درحقیقت تم سب لوگوں کے لیے بھلائی کے لیے نازل ہوتی ہے۔ دوسرے وہ سچے مومنوں کی بات سن کر اُس پر واقعی یقین کر لیتے ہیں،
ترجمہ: اور تم میں سے جو (ظاہری طور پر) ایمان لے آئے ہیں، اُن کے لئے وہ رحمت (کا معاملہ کرنے والے) ہیں۔
یہی بات ہے۔ کیونکہ ان کے بارے میں آپ کو یقین ہے کہ وہ جھوٹ نہیں بولتے۔
حاشیہ: تیسرے وہ ان منافقوں کی بات بھی سنتے ہیں جو ظاہری طور پر ایمان لانے کا دعویٰ کرتے ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ اْن سے دھوکا کھا جاتے ہیں، بلکہ درحقیقت اللہ تعالیٰ نے آپ کو شفقت اور رحمت کا پیکر بنایا ہے، اس کی وجہ سے حتی الامکان وہ ہر ایک سے رحمت کا معاملہ فرماتے ہیں۔ چنانچہ منافقین کی باتوں کی تردید کے بجائے آپ خاموش رہتے ہیں۔
تو سب سے پہلے جو فرمایا تھا اس چیز کے لیے جو تمہارے لیے بھلائی ہے، یہ وحی اس سے مراد ہے۔ وہ اللہ پر ایمان رکھتے ہیں، تو مومنین کے بارے میں ہو گئی، اور مومنین کی بات کا یقین رکھتے ہیں۔ اور پھر تم میں سے جو ظاہری طور پر ایمان لے آئے ہیں ان کے لیے وہ رحمت کا معاملہ کرنے والے ہیں منافقین کے بارے میں۔ تو گویا کہ تینوں تفصیل اس کے بارے میں اذن کی بتائی گئی۔ اللہ جل شانہ ہم سب کو قرآن پاک کو صحیح صورت میں سمجھنے کی اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اس پر اللہ پاک ہم سے راضی ہو، ایسا راضی ہو کہ پھر ناراض نہ ہو۔
سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُوْنَ وَسَلَامٌ عَلَى الْمُرْسَلِيْنَ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ بِرَحْمَتِكَ يَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِيْنَ۔