بہترین امت کی فضیلت اور ہماری ذمہ داریاں
بَابٌ فِى الْاَمْرِ بِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّهْيِ عَنِ الْمُنْكَرِ، درس نمبر: 281، اشاعتِ اول: 7 مئی، 2023 بمطابق 16شوال المکرم، 1444 ہجری
- امر بالمعروف اور نہی عن المنکر (کارِ نبوت)
- اپنی اپنی حیثیت کے مطابق دین کی خدمت
- نفسِ باغی کی اصلاح میں مشائخ کا کردار
- مرشد کی رہنمائی اور تائیدِ خداوندی
- برائی کو روکنے کے مختلف درجات اور انفرادی و اجتماعی دائرہ کار
الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔
فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔
وَ قَالَ تَعَالٰی: ﴿كُنْتُمْ خَيْرَ اُمَّةٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَأْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَ تَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ﴾ (آل عمران: 110)
ترجمہ: (مؤمنو) جتنی امتیں (یعنی قومیں) لوگوں میں پیدا ہوئیں تم ان سب سے بہتر ہو کہ نیک کام کرنے کو کہتے ہو اور برے کاموں سے منع کرتے ہو۔
شکر کرنا چاہیے، الحمد للہ۔
تشریح: مالک بن الضیف اور وھب بن یہود یہ دونوں یہودی تھے ان کو عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ اور معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ اور سالم مولی ابی حذیفہ رضی اللہ عنہ نے دین اسلام کی دعوت دی تو ان یہودیوں نے کہا کہ ہمارا مذہب آپ کے دین سے بہتر ہے، اس پر یہ آیت بالا نازل ہوئی۔ مولانا سرفراز خاں صاحب (مدظلہ)
رحمۃ اللہ علیہ، جنہوں نے یہ کتاب لکھی ہے تو اس وقت حضرت زندہ تھے۔
حاشیہ: تحریر فرماتے ہیں کہ امت محمدیہ کا اشرف الامم ہونے کی وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ یہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کرتی ہے چونکہ آپ ﷺ کے بعد تا قیامت کسی کو نبوت اور رسالت نہیں ملے گی اور دین اسلام قیامت تک باقی رہنے والی ایک انمول اور گراں مایہ دولت ہے اس لئے کار نبوت کا گراں بوجھ امت مرحومہ کے ایک ایک فرد کے کندھے پر ڈال دیا گیا ہے اس کار نبوت کی وجہ سے امت محمدیہ تمام امتوں پر فوقیت لے جائے گی۔
یعنی انبیاء والا کام۔ کہ نبیوں کے ذمے جو کام تھا وہ امتیوں کو کرنا پڑ رہا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ چونکہ اب انبیاءِ کرام آ نہیں رہے۔ ہاں البتہ یہ کام اپنی اپنی حیثیت کے مطابق ہوتا ہے۔ اپنی اپنی حیثیت کے مطابق۔ مثلاً علمائے کرام دلائل کے ذریعے سے کریں گے۔ مجاہدین تلوار کے ذریعے سے کریں گے۔ مؤذنین اذان کے ذریعے سے کریں گے۔ مشائخ جو شریعت ہے اس کے مطابق انسان کو جن چیزوں کی ضرورت ہے تربیت کی وہ کرواتے ہیں۔ لہٰذا وہ گویا کہ لوگوں کو شریعت پر عمل کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ تو یہ بھی اس میں شامل ہے۔ اور یہ بات جو میں عرض کر رہا ہوں۔ یہ حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فضائلِ تبلیغ فصلِ اول میں بالکل پہلے صفحے پر یہ بات لکھی ہے۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ کارِ نبوت ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تو ساری یعنی اچھی باتیں لیے ہوئے تھے، لہٰذا آپ کی طرف تو نسبت ہر کام میں کی جائے گی۔ لیکن امتیوں میں مختلف صلاحیتوں والے لوگ ہیں یا مختلف یعنی فضیلتوں کے لوگ ہیں۔ اب جیسے علماء ہیں علمائے کرام، ان کے پاس علم ہے۔ تو اپنے علم کے ذریعے سے یہ خدمت کریں گے۔ یعنی وہ اپنے علم کو لوگوں تک پہنچائیں گے۔ لیکن ان کا کام وَمَا عَلَيْنَا اِلَّا الْبَلَاغُ تک پورا ہو جاتا ہے۔ بس انہوں نے پہنچا دیا اب کوئی مانتا ہے مانتا ہے، کوئی نہیں مانتا وہ اس کے بعد پھر وہ نہیں ہے، لیکن وہ اپنی بات صحیح طریقے سے پہنچا دیں گے۔ اگر اسلامی مملکت پر حملہ ہوا۔ تو اس وقت اس اسلامی حکومت کی حفاظت کے لیے مجاہدین تلوار کے ذریعے سے، اس وقت تلوار تھی اب مختلف ذرائع ہیں، ٹینک ہیں، جہاز ہیں۔ میزائل ہیں، ان کے ذریعے سے اس مملکت کی حفاظت کریں گے۔ تو یہ بھی اس میں ہیں، کیونکہ دیکھیں اس میں دین کے قوانین نافذ ہو رہے ہیں۔ جب دین کے قوانین نافذ ہو رہے ہیں تو اگر کوئی کافر آئے گا اس پر تو یہ سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ تو یہ دین کی حفاظت ہو گئی یا نہیں ہوئی؟ یعنی دین کی حفاظت ہو گئی۔ تو دین کی حفاظت وہ یہ نہیں کہ وہ زبردستی کوئی کر رہے ہیں، زبردستی نہیں اپنا دفاع کر رہے ہیں۔ لیکن یہ ضرور ہے کہ وہ شریعت کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ٹھیک ہے نا۔ یہ جو سلسلہ چل رہا ہے قیامت تک یہ اس کی حفاظت کر رہے ہیں۔ وہ بھی شامل ہے۔ مؤذنین جو ہیں، نماز کی طرف لوگوں کو بلاتے ہیں اور نماز وہ بہت بڑا عمل ہے، اسلام میں، تو اس کی طرف جب لوگوں کو بلاتے ہیں بہت بڑی دعوت ہے۔ بہت بڑی دعوت ہے۔ اور شیطان اس سے بڑا گھبراتا ہے، دور بھاگتا ہے۔ جب بھی مؤذن اذان دیتا ہے تو یہ دور بھاگتا ہے۔ پھر واپس آ جاتا ہے۔ تو مؤذنین یہ کام کریں گے۔ مشائخ کا کام یہ ہوتا ہے کہ جو نفس باغی ہے۔ جو نفس باغی ہے۔ اس کی بغاوت کو فرو کروانا۔ دل کی صفائی اور عقل کا صحیح استعمال، اس پہ لوگوں کو لاتے ہیں۔ اور یہ طریقے کے ساتھ کام کرنا ہوتا ہے۔ جہاں زور سے کام چلتا ہے وہاں زور کرواتا ہے، اگرچہ جو آتا ہے خود اپنے اختیار سے آتا ہے۔ مرید کا مطلب کیا ہوتا ہے؟ مرید کا مطلب ارادہ کرنے والا، تو ارادہ کرتا ہے میری اصلاح ہو جائے۔ شیخ جو ہوتا ہے اس مرید کے اس ارادے کی تکمیل کے لیے اس کو مشورہ دیتا ہے۔ وہ مشورہ ایسا ہوتا ہے کہ وہ حکم ہوتا ہے، مطلب یہ ہے کہ اگر مرید اپنے آپ کو مرید سمجھتا ہے، تو اس حکم پہ وہ عمل کرتا ہے۔ تو اس طریقے سے مطلب یہ ہے کہ اس مشورے سے چونکہ تجربہ کار ہوتے ہیں اور اللہ پاک کی مدد شاملِ حال ہوتی ہے، لہٰذا اس مشورے سے اس کو فائدہ پہنچ رہا ہوتا ہے۔ یعنی عجیب بات یہ ہے کہ شیخ جو اوراد دیتے ہیں یا شیخ جو اعمال دیتے ہیں اس پہ عمل بڑی آسانی کے ساتھ ہو جاتا ہے۔ چاہے وہ کتنے مشکل کیوں نہ ہوں، یہ ہمارا تجربہ ہے۔ بہت آسانی کے ساتھ عمل ہو جاتا ہے۔ لیکن جو انسان خود اپنی مرضی سے، خود اپنی سوچ سے، اپنے علم سے، کوئی بات کرتا ہے، اس پہ عمل آسانی سے نہیں ہوتا۔ آج کر لیا کل چھوڑ دیا۔ دو دن کر لیا تیسرے دن چھوڑ دیا۔ ابھی یہ جب سے الحمد للہ حضرت سے میں بیعت ہوا ہوں، مجھے مناجاتِ مقبول کا فرمایا تھا۔ اور اس طرح ذکر کا فرمایا تھا۔ اور یہ سیرت النبی کے پڑھنے کا فرمایا تھا۔ خطباتِ مدراس۔ تو الحمد للہ ابھی تک مناجاتِ مقبول چل رہا ہے۔ وہ ذکر ماشاء اللہ وہ چل رہا ہے۔ الحمد للہ اس کے لیے اللہ پاک اسباب پیدا فرماتے ہیں۔ وہ ہو رہا ہے۔ لیکن اپنی طرف سے جو جو شروع کیا ہے وہ گیا۔ تو یہ بات ہے کہ مطلب یہ ہے کہ جو انسان کسی شیخ سے لیتا ہے، اس کے ساتھ اللہ کی تائید ہوتی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں۔ تو اگر کوئی اپنے شیخ کی بات نہیں مانتا تو گویا کہ وہ اللہ پاک کی اس تائید سے فائدہ نہیں اٹھاتا۔ اس تائید سے فائدہ نہیں اٹھاتا۔ لہٰذا محروم رہتا ہے۔ نوازتا تو اللہ تعالیٰ ہی ہے۔ مطلب ظاہر ہے انسان تو کچھ نہیں کر سکتا، شیخ کے ہاتھ میں کیا ہے، وہ بھی انسان ہے۔ خود مجبور ہے۔ وہ کچھ نہیں کر سکتا۔ لیکن یہ ضرور ہے کہ جب اللہ جل شانہٗ کسی کو استعمال کرنا چاہے۔ اب قلم ہے نا، ایک بچے کے ہاتھ میں بھی ہوتا ہے۔ بس ٹھیک ہے جی، جو لکھ دیا لکھ دیا اب ضروری نہیں کہ اس کا کوئی معنی بھی ہو۔ لیکن اگر کوئی عالم لکھتا ہے تو ظاہر ہے اس کے ساتھ علم کا ظہور ہوتا ہے۔ کوئی حاکم لکھتا ہے، اس کے ساتھ قوتِ نافذہ ہے۔ دستخط، چھوٹی سی چیز ہوتی ہے، لیکن وہ دنیا کو تہس نہس بھی کر سکتی ہے، اور اس کا فائدہ بھی پہنچا سکتی ہے۔ دستخط جو ہوتے ہیں نا بعض لوگوں کے، وہ ہمارے ایک ساتھی تھے۔ وہ ریٹائر ہو رہے تھے۔ ان کے بھائی لیفٹیننٹ جنرل تھے۔ تو اس نے بھائی سے request کی کہ آپ میری سفارش کر لیں تاکہ مجھے extension مل جائے۔ تو اس کے بھائی کے اپنے اصول ہوں گے، ظاہر ہے وہ، اس نے نہیں کی۔ جب اس نے نہیں کی تو یہ ناراض تھے اس سے۔ مجھے کہتے، وہ اصل میں وہ ہوتے ہیں نا ذرا عام لہجے میں گکی، وہ signature کو گکی کہتے ہیں۔ کہ ایک چھوٹی سی گکی اس سے نہیں ہو رہی تھی، اس کا کیا مطلب، دیکھو اس کا کیا جاتا ہے۔ تو یہ گکی، پیچھے بڑی طاقت ہے، جو قلم ہے، جس کے ہاتھ میں ہے، اس کے حساب سے اس میں طاقت آتی ہے۔ یہ ظاہر ہے، مطلب یہ ہے کہ ہر ایک شخص، تو اس طرح اللہ کے ہاتھ میں جو ہے، اس میں کتنی طاقت ہو گی۔ تو اصل بات یہ ہے کہ شیخ کی بات میں طاقت اللہ تعالیٰ کی طرف سے آتی ہے کہ اللہ پاک اس کے ساتھ ہوتے ہیں۔ یہ وجہ ہے کہ مطلب یہ ہے کہ وہ جب کوئی بات کہہ دیتے ہیں، اللہ پاک اس کا کر دیتے ہیں، مطلب اس طریقے سے ہو جاتا ہے۔ اس وجہ سے اس نظام سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اس پر عمل کر لیں۔
حق نے کر ڈالی ہیں دوہری خدمتیں تیری سپرد
خود تڑپنا ہی نہیں اوروں کو تڑپانا بھی ہے
وَ الْعَصْرِ ۙ (1) اِنَّ الْاِنْسَانَ لَفِیْ خُسْرٍ ۙ (2) اِلَّا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ تَوَاصَوْا بِالْحَقِّ وَ تَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ (3) تو إِلَّا الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ تو یہاں تک آ گئی بات، اپنی آ گئی۔ لیکن وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ، یہ آگے بات چلانے والی ہے۔ جو آپ حق سمجھتے ہیں اس کو آگے بھی بڑھانا ہے۔ تو پھر اس پہ صبر بھی کرنا ہے۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہماری دوہری ذمہ داریاں ہیں، اللہ پاک پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
حاشیہ: حضرت قتادہ رحمہ اللہ کی روایت ہے کہ ایک مرتبہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے آیت ”كُنْتُمْ خَيْرَ اُمَّةٍ“ تلاوت کی پھر ارشاد فرمایا کہ جس کو اس امت میں داخل ہونے سے خوشی ہو جو لوگوں کی ہدایت کے لئے پیدا کی گئی ہے اس پر لازم ہے ان شرطوں کا پورا کرنا جو اس آیت میں مقرر کی گئی ہیں۔ (وہ امر بالمعروف نہی عن المنکر ہیں)
اب مجھے بتائیں یہ نہی عن المنکر جو ہے، یہ کہاں سے آتا ہے؟ آتا تو اللہ کی طرف سے ہے۔ ہوتا کہاں سے ہے، مختلف صورتوں میں، باپ اپنے خاندان کے لیے نہی عن المنکر کرے گا۔ شوہر بیوی کے لیے کرے گا، بھائی بہن کے لیے کرے گا، باپ بیٹی کے لیے بھی کرے گا، اب یہ کنبے کی بات ہے، پھر آگے جا کر حکومت ہے، تو حکومت کے ذمے وہ جبری نفاذ ہوتا ہے شرعی قوانین کا، جبری نفاذ ہوتا ہے۔ اس کے ہاتھ میں طاقت ہے۔ لہٰذا اس طاقت کو وہ شریعت کے نفاذ کے لیے استعمال کرے گا۔ تو اب بتائیں، جو لوگ صرف امر بالمعروف کر رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہم یہ کام کر رہے ہیں اور جو دوسرے کام یہ دوسرے کر رہے ہیں، مثلاً اس کے لیے وہ شرعی نفاذ کے لیے لوگ جو محنت کر رہے ہیں کوشش کر رہے ہیں، وہ ان کے بارے میں کہہ دیں کہ وہ کچھ بھی نہیں کر رہے ہیں، تو کیا خیال ہے اس آیت پر پورا عمل ہو رہا ہے؟ امر بالمعروف ایک بات ہے۔ نہی عن المنکر دوسری بات ہے۔ اور اس دوسری بات کے لیے جو انتظام کرنا ہے یہ بھی بذاتِ خود بہت ضروری ہے۔ اس وجہ سے ہم لوگوں کو سارے جتنے بھی نظام ہیں نا۔ اب دیکھو شیخ جو امر بالمعروف و نہی عن المنکر کرتا ہے، اس کی طرح کسی اور کا مؤثر ہوتا ہے؟ اس کا نہیں مؤثر ہوتا مطلب ٹھیک ہے کرنا چاہے گا لیکن اس طرح مؤثر نہیں ہوتا۔ کبھی مان لیا کبھی نہیں مان لیا۔ لیکن شیخ کی بات وہ تو بیعت ہی اس پر ہوتی ہے نا کہ بس میں مانوں گا۔ تو لہٰذا وہ جب کسی بات کا وہ بتا دے ہاں ٹھیک ہے وہ اس کے لیے سوچتا ضرور ہے، ایسا نہیں ہوتا کہ وہ اندھا دھند اس کو کچھ بتاتا ہے کیونکہ اس کو پتہ ہے کہ میری بات مانے گا۔ میں خود آپ سے واقعہ عرض کروں کہ میں حضرت کے سامنے بیٹھا ہوا تھا حضرت بیان فرما رہے تھے۔ تو بیان میں حضرت نے فرمایا کہ ایک بزرگ تھے وہ باسی روٹی کھاتے تھے۔ پوچھا گیا کہ حضرت آپ ایسا کیوں کر رہے ہیں؟ فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے قریب ہے۔ عاشق تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے قریب ہے۔ تو جیسے اوپر دیکھا تو میں نظر آیا۔ فرمایا تو نے گرم روٹی کھانی ہے اچھا۔ میں نے جی میں نے کہا ٹھیک ہے جی۔ اب مجھے بتاؤ حضرت نے ایسا کیوں کہا؟ حضرت نے ایسا کیوں کہا خود ہی فرمایا اگر میں اس کو منع نہ کرتا تو اس نے اگلے دن سے یہ کام شروع کر دینا تھا۔ اب حضرت کو پتہ تھا کہ میرا پیٹ خراب ہے۔ مطلب اس کو تکلیف ہوتی ہے۔ اب مجھے اس تکلیف سے بچانے کے لیے فوراً استثناء قانون جاری فرما دیا۔ تو نے ایسا نہیں کرنا۔ کیوں؟ اب یہ جو فکر ہے نا یہ شیخ کو ہوتی ہے، کسی اور کو نہیں ہوتی۔ شاید باپ کو بھی نہ ہو۔ شاید ماں کو بھی نہ ہو۔ جو فکر شیخ کو ہوتی ہے کہ میں اپنے مرید کو ایسی بات بتاؤں گا جو وہ کر سکے۔ اور پھر چل سکے۔ ایسا نہیں کہ اندھا دھند بس حکم چلا دیا Attention, stand at ease یہ والی بات نہیں ہے۔ ہاں یہ بات باقاعدہ سوچ اور فکر کی ہے۔ بلکہ بعض دفعہ اللہ پاک سے مانگتے رہتے ہیں۔ کہ یا اللہ میرے لیے دل میں صحیح بات ڈال دے۔ اب میرے پاس بعض دفعہ WhatsApp آتے ہیں بڑے عجیب عجیب حالات ہوتے ہیں لوگوں کے۔ اب اس وقت مجھے فیصلہ کرنا بڑا مشکل ہوتا ہے۔ تو ظاہر ہے پھر اس صورت میں پھر اللہ پاک سے مانگتا ہوں کہ یا اللہ اس کو میں کیا کہوں۔ مطلب یعنی کیا بات کی جائے پھر اللہ پاک جو بات بھی دل میں لے آئے تو ظاہر ہے پھر میں اس کو ان تک پہنچاتا ہوں۔ لیکن مطلب یہ ہے کہ ایسا نہیں ہوتا کہ میں اندھا دھند کسی کو کہہ دوں۔ بعض لوگ کہتے ہیں جی وہ ہم نے WhatsApp کیا تھا آپ نے جواب نہیں دیا۔ خدا کے بندے جواب دینے کا وقت جواب دینے کی صورت ہو تو دوں نا۔ میں کیسے اندھا دھند کر دوں۔ ہو سکتا ہے آپ کو ابھی انتظار کی ضرورت ہو۔ ابھی آپ کے اوپر خود یہ بات کھلنے والی ہو۔ اور میں درمیان میں آ جاؤں تو مطلب وہ مقصد فوت ہو جائے گا۔ تو ایسی صورت میں بات کرنا تو مقصود نہیں ہے، دین پر لانا مقصود ہے۔ تو جس طریقے سے بھی ہو اس طریقے کے مطابق کام کرنا پڑتا ہے۔ اللہ جل شانہٗ ہم سب کو صحیح عمل کرنے کی توفیق عطا فرما دے۔
وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ۔