"منافقین کا کردار، سچے عذر کی حقیقت اور حق و باطل کی پہچان"

درس نمبر 316، سورہ التوبۃ آیات 43 تا 50 اشاعتِ اول: 24 اور 25 نومبر، 2022، بمطابق 27 اور 28 ربیع الثانی ، 1444 ہجری

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  • اللہ نے پیغمبر کو تنبیہ سے پہلے معاف فرمایا۔
  • مکمل تیاری کے بغیر کوئی عذر معتبر نہیں ہوتا۔
  • مکمل تیاری پر نماز کا رہ جانا معتبر عذر ہے۔
  • منافقین جہاد میں جاتے تو لشکر میں فساد ہی پھیلاتے۔
  • من افقین دوغلی چال سے چھپ کر مخالفت کرتے ہیں۔
  • منافقین کو پہچانیں اور اللہ سے ہدایت طلب کریں۔

الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔

فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔

عَفَا اللّٰهُ عَنْكَ ۚ لِمَ اَذِنْتَ لَهُمْ حَتّٰى یَتَبَیَّنَ لَكَ الَّذِیْنَ صَدَقُوْا وَ تَعْلَمَ الْكٰذِبِیْنَ (43) لَا یَسْتَاْذِنُكَ الَّذِیْنَ یُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِ وَ الْیَوْمِ الْاٰخِرِ اَنْ یُّجَاهِدُوْا بِاَمْوَالِهِمْ وَ اَنْفُسِهِمْ ؕ وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌۢ بِالْمُتَّقِیْنَ (44) اِنَّمَا یَسْتَاْذِنُكَ الَّذِیْنَ لَا یُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِ وَ الْیَوْمِ الْاٰخِرِ وَ ارْتَابَتْ قُلُوْبُهُمْ فَهُمْ فِیْ رَیْبِهِمْ یَتَرَدَّدُوْنَ (45) وَ لَوْ اَرَادُوا الْخُرُوْجَ لَاَعَدُّوْا لَهٗ عُدَّةً وَّ لٰـكِنْ كَرِهَ اللّٰهُ انْۢبِعَاثَهُمْ فَثَبَّطَهُمْ وَ قِیْلَ اقْعُدُوْا مَعَ الْقٰعِدِیْنَ (46)

ترجمہ: (اے پیغمبر!) اللہ نے تمہیں معاف کر دیا ہے، (مگر) تم نے ان کو (جہاد میں شریک نہ ہونے کی) اجازت اس سے پہلے ہی کیوں دے دی کہ تم پر یہ بات کھل جاتی کہ کون ہیں جنہوں نے سچ بولا ہے، اور تم جھوٹوں کو بھی اچھی طرح جان لیتے ﴿43﴾

حاشیہ: دراصل تنبیہ تو یہ کرنی تھی کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے منافقین کو جہاد سے الگ رہنے کی اجازت کیوں دی؟ لیکن یہ محبت بھرا انداز ملاحظہ فرمائیے کہ تنبیہ کرنے سے پہلے ہی معافی کا اعلان فرما دیا، کیونکہ اگر پہلے تنبیہ کی جاتی اور معافی کا اعلان بعد میں آتا تو اس درمیانی وقت میں آپ پر نہ جانے کیا کیفیت گزر جاتی۔ بہرحال! مطلب یہ ہے کہ ان منافقین کو جہاد میں جانا تو تھا ہی نہیں، اور جیسا کہ آگے آیت 47 میں فرمایا گیا ہے، اللہ تعالیٰ بھی نہیں چاہتا تھا کہ یہ لشکر میں شامل ہو کر فساد مچائیں، لیکن اگر آپ انہیں جہاد سے الگ رہنے کی اجازت نہ دیتے تو یہ بات کھل کر سامنے آ جاتی کہ یہ نافرمان لوگ ہیں۔ بحالتِ موجودہ جبکہ یہ لوگ اجازت لے چکے ہیں، ایک طرف تو یہ مسلمانوں سے کہیں گے کہ ہم تو باقاعدہ اجازت لے کر مدینہ منورہ میں رہے، اور دوسری طرف اپنے لوگوں سے شیخی بگھاریں گے کہ دیکھو ہم نے مسلمانوں کو کیسا دھوکا دیا۔

پیغمبر اللہ تعالیٰ کی براہِ راست تربیت میں ہوتے ہیں۔ تو دو طریقوں سے زیادہ تر رہنمائی کی جاتی ہے، جو ظاہر ہے۔ ایک تو وحی کے ذریعے سے، کہ وحی کے ذریعے سے، چاہے وحی متلو ہے چاہے غیر متلو ہے، اس کے ذریعے سے پہلے سے بتا دیا جاتا ہے کہ یہ کرنا ہے، یہ نہیں کرنا۔ اور دوسرے تکوینی حالات کی صورت میں، کہ تکوینی حالات ایسے آ جاتے ہیں کہ اس میں کوئی حالت ایسی آتی ہے کہ جب پیغمبر اس کے بارے میں فیصلہ فرماتے ہیں، تو اس کی تصحیح کر دی جاتی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ یہ چیز اللہ کے منشا کے مطابق ہے اور یہ چیز اللہ کے منشا کے مطابق نہیں ہے۔ لیکن چونکہ پیغمبر تو اللہ کی طرف سے مامور ہوتا ہے اور نیک نیتی سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہوتا ہے۔ لہٰذا اس تربیت میں اگر کوئی ایسی بات ہو جس پر تنبیہ کرنی مقصود ہو، تو اس میں تنبیہ بھی کی جاتی ہے لیکن ساتھ ساتھ معافی بھی ہوتی ہے تاکہ وہ کام آگے چلے۔ تو اب یہاں پر بھی بات ہے کہ معاف تو کرنا تھا، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے لیے تو نہیں کیا تھا۔ لیکن اللہ پاک نے تنبیہً یہ ارشاد فرمایا کہ آپ نے ایسا کیوں کر دیا۔ لیکن اس سے پہلے ہی، تاکہ اس کا اثر اتنا نہ ہو کہ اس سے نقصان ہو، تو اللہ پاک نے پہلے ہی فرمایا کہ معاف۔ یعنی معافی دے کر بتا دیا کہ یہ بات ٹھیک نہیں ہے۔ صرف یہ نہیں فرمایا کہ یہ بات ٹھیک نہیں ہے، بلکہ معافی دے کر یہ فرمایا کہ یہ بات ٹھیک نہیں ہے۔ کیونکہ اللہ جل شانہ بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ محبت فرماتے ہیں، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھی بہت زیادہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ محبت کرتے ہیں، اور محبت کے معاملے میں احساسات بہت تیز ہوتے ہیں۔ تو اللہ پاک کا تو ارادے کے ساتھ ہوتا ہے، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم تو انسان تھے۔ انسان ہونے کے لحاظ سے جو احساسات ہوتے ہیں، ان کا جو اثر ہوتا ہے، وہ اللہ پاک جانتے تھے۔ تو لہٰذا یہ بات اس طریقے سے اللہ پاک نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سکھائی۔

ترجمہ: جو لوگ اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتے ہیں، وہ اپنے مال و جان سے جہاد نہ کرنے کے لئے تم سے اجازت نہیں مانگتے، اور اللہ متقی لوگوں کو خوب جانتا ہے ﴿44﴾ تم سے اجازت تو وہ لوگ مانگتے ہیں جو اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان نہیں رکھتے، اور ان کے دل شک میں پڑے ہوئے ہیں، اور وہ اپنے شک کی وجہ سے ڈانواڈول ہیں ﴿45﴾ اگر ان کا ارادہ نکلنے کا ہوتا تو اُس کے لئے انہوں نے کچھ نہ کچھ تیاری کی ہوتی۔

مطلب یہ ایک عقلی دلیل کے طور پر ارشاد فرمایا کہ جو لوگ کوئی کام کرنا چاہتے ہیں، تو تیاری کرتے ہیں۔ پھر اس کے بعد اگر مشکل پیش آئے، تو کہہ دیتے ہیں۔ لیکن جن کا ارادہ ہی نہیں ہوتا۔ تو وہ تیاری ہی نہیں کرتے۔ اب مثال کے طور پر منافقین کے بارے میں یہ بتایا گیا ہے کہ یہ، ان کے لیے نماز باجماعت پڑھنا بڑا بہت ہی سخت ہوتا ہے، مطلب سستی ہوتی ہے۔ اس کی وجہ، وہ اس چیز پر ایمان تو نہیں رکھتے نا۔ تو ایمان جب نہیں رکھتے، تو ان کے اوپر بوجھ ہوتا ہے۔ جبکہ مسلمان جو ہے، وہ ظاہر ہے ایمان تو رکھتا ہے۔ اس وجہ سے اس پر اس لیے بوجھ نہیں ہوتا، لیکن اپنے جسم کا جو ثقل ہے، وہ یعنی گویا کہ دل کی وجہ سے وہ نہیں ہوتا، وہ جسم کی وجہ سے ہوتا ہے مومنین کا۔ اور جو منافقین ہوتے ہیں، ان کا جو ثقل ہے وہ دل کی وجہ سے ہوتا ہے، اور جسم کی وجہ سے تو خیر ہوتا ہی ہے۔

حاشیہ: یہ آیت بتا رہی ہے کہ انسان کا کوئی عذر اُس وقت مانا جا سکتا ہے جب اُس نے اپنی طرف سے اپنا فرض ادا کرنے کی کوشش اور تیاری پوری کی ہو، پھر کوئی غیر اختیاری وجہ ایسی پیش آ گئی ہو جس کی بنا پر وہ اپنا فریضہ ادا نہیں کر سکا۔ لیکن کسی قسم کی کوشش اور تیاری کے بغیر یہ کہہ دینا کہ ہم معذور ہیں، قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔ مثلاً کوئی شخص فجر کے وقت بیدار ہونے کی تیاری پوری کرے، الارم لگائے، یا کسی کو بیدار کرنے پر مقرر کرے، پھر آنکھ نہ کھلے تو بیشک معذور ہے، لیکن تیاری کچھ نہ کی ہو، اور پھر آنکھ نہ کھلنے کا عذر پیش کرے تو یہ عذر معتبر نہیں ہے۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دفعہ جہاد سے واپس آ رہے تھے تو ایک جگہ پر پڑاؤ تھا، تو بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو مقرر کیا کہ آپ سب کو جگائیں گے نماز کے لیے، فجر کے لیے۔ تو اتنے میں بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی آنکھ بھی لگ گئی، اسی طرح بیٹھے ہوئے تھے، افق کو دیکھ رہے تھے، آنکھ لگ گئی۔ تو اس وقت سب سے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیدار ہوئے۔ لیکن سورج چڑھ چکا تھا۔ پھر سب کو اٹھا دیا، تو بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے پوچھا کہ تجھے میں نے مقرر کیا تھا اٹھانے پر، تو ایسے کیوں نہیں کیا؟ تو انہوں نے کہا یا رسول اللہ، جو چیز آپ پر آ گئی، وہ مجھ پر بھی آ گئی، مطلب یہ کہ مجھے بھی تھکاوٹ تھی، تو اس کی وجہ سے آنکھ لگ گئی۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو کچھ نہیں کہا، بس پھر باجماعت نماز پڑھی۔ تو مطلب یہ ہے کہ اس قسم کی بات ہے، ایک دفعہ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ، ان کے خلیفہ تھے حضرت مولانا فقیر محمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ۔ وہ گاڑی میں آ رہے تھے، تو عصر کی نماز کے وقت ان کی آنکھ لگ گئی۔ پورا وقت گزر گیا، جب آنکھ کھل گئی تو وقت۔ تو وہ وہاں سے، اس نے رونا شروع کیا، اور جب حضرت کے پاس آئے تو مسلسل روتے رہے، حضرت نے کہا بھئی بتاؤ تو سہی کیا مسئلہ ہوا ہے، کیوں روتے ہو اتنا زیادہ؟ تو انہوں نے جب وجہ بتائی، کہتے ہیں ماشاءاللہ تکوینی سنت پوری ہو گئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی تو اس طرح نیند کی وجہ سے وہ نماز جو رہ گئی تھی، تو پھر انہوں نے ادا فرمائی، تو یہ انسان خود تو نہیں کر سکتا، لیکن اللہ پاک جیسے چاہے تو کروا دیتا ہے۔ تو ان کو تسلی دی، اور پھر اس کے بعد وہ یعنی چپ ہو گئے۔ تو مقصد یہ ہے کہ اس قسم کی بات ہو جس میں انسان پورا انتظام کر لے، اس کے باوجود بھی اگر رہ جائے، تو پھر یعنی اللہ پاک کو معلوم ہے، بس انسان اس میں کچھ نہیں کر سکتا، کیونکہ اللہ تعالیٰ دلوں کو بھی جانتا ہے، اور ہماری تمام جو تیاریاں ہیں یا تیاریاں نہیں ہیں، ان چیزوں کو بھی جانتے ہیں۔

ترجمہ: لیکن اللہ نے ان کا اُٹھنا پسند ہی نہیں کیا، اس لئے انہیں سست پڑا رہنے دیا، اور کہہ دیا گیا کہ جو (اپاہج ہونے کی وجہ سے) بیٹھے ہیں، اُن کے ساتھ تم بھی بیٹھ رہو ﴿46﴾

یعنی جہاد میں جانے سے رہ گئے نا، تو ان کو پھر گویا اللہ پاک نے یہ فرما دیا ہے کہ جو اپاہج ہیں، معذور ہیں، تو تم بھی اپاہج بن گئے ہو، تو بیٹھ جاؤ ان کے ساتھ، مطلب ان کو بیٹھنے دیا۔ لیکن یہ بات ہے کہ چیز پسند تو نہیں تھی اللہ تعالیٰ کی، تو رد بھی فرمائی، اللہ جل شانہ ہم سب کو کامل ایمان کے ساتھ، اخلاص کے ساتھ وہ سارے اعمال نصیب فرمائے جن کا ہم سے مطالبہ ہے۔

لَوْ خَرَجُوْا فِیْكُمْ مَّا زَادُوْكُمْ اِلَّا خَبَالًا وَّ لَاۡاَوْضَعُوْا خِلٰـلَـكُمْ یَبْغُوْنَكُمُ الْفِتْنَةَ ۚ وَ فِیْكُمْ سَمّٰعُوْنَ لَهُمْ ؕ وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌۢ بِالظّٰلِمِیْنَ (47) لَقَدِ ابْتَغَوُا الْفِتْنَةَ مِنْ قَبْلُ وَ قَلَّبُوْا لَكَ الْاُمُوْرَ حَتّٰى جَآءَ الْحَقُّ وَ ظَهَرَ اَمْرُ اللّٰهِ وَ هُمْ كٰرِهُوْنَ(48) وَ مِنْهُمْ مَّنْ یَّقُوْلُ ائْذَنْ لِّیْ وَ لَا تَفْتِنِّیْ ؕ اَلَا فِی الْفِتْنَةِ سَقَطُوْا ؕ وَ اِنَّ جَهَنَّمَ لَمُحِیْطَةٌۢ بِالْكٰفِرِیْنَ (49) اِنْ تُصِبْكَ حَسَنَةٌ تَسُؤْهُمْ ۚ وَ اِنْ تُصِبْكَ مُصِیْبَةٌ یَّقُوْلُوْا قَدْ اَخَذْنَاۤ اَمْرَنَا مِنْ قَبْلُ وَ یَتَوَلَّوْا وَّ هُمْ فَرِحُوْنَ (50)

صَدَقَ اللّٰهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ وَصَدَقَ رَسُولُهُ النَّبِيُّ الْكَرِيمُ۔

ترجمہ: اگر یہ لوگ تمہارے ساتھ نکل کھڑے ہوتے تو سوائے فساد پھیلانے کے تمہارے درمیان کوئی اور اضافہ نہ کرتے، اور تمہارے لئے فتنہ پیدا کرنے کی کوشش میں تمہاری صفوں کے درمیان دوڑے دوڑے پھرتے۔ اور خود تمہارے درمیان ایسے لوگ موجود ہیں جو اُن کے مطلب کی باتیں خوب سنتے ہیں،

حاشیہ: اس کا ایک مطلب تو یہ ہو سکتا ہے کہ بعض سادہ لوح مسلمان ان لوگوں کی حقیقت سے واقف نہیں ہیں، اس لئے ان کی باتیں سن کر انہیں خلوص پر مبنی سمجھتے ہیں، اس لئے اگر یہ لوگ تمہارے ساتھ لشکر میں موجود ہوتے تو ان سادہ لوح مسلمانوں کو ورغلا کر فساد کا بیج بونے کی کوشش کرتے۔ اور دوسرا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اگرچہ یہ منافقین خود تو لشکر میں شامل نہیں ہوئے، لیکن ان کے جاسوس تمہاری صفوں میں موجود ہیں جو تمہاری باتیں سنتے ہیں، اور جن باتوں سے منافقین کوئی فائدہ اُٹھا سکتے ہوں، ان کی خبریں اُن تک پہنچاتے ہیں۔

ترجمہ: اور اللہ ان ظالموں کو اچھی طرح جانتا ہے ﴿47﴾ ان لوگوں نے اس سے پہلے بھی فتنہ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے، اور یہ تمہیں نقصان پہنچانے کے لئے معاملات کی الٹ پھیر کرتے رہے ہیں، یہاں تک کہ حق آیا، اللہ کا حکم غالب ہوا، اور یہ کڑھتے رہ گئے۔

حاشیہ: اس سے مسلمانوں کی فتوحات کی طرف اشارہ ہے جن میں فتح مکہ اور غزوۂ حنین کی فتح سرِ فہرست ہے۔ منافقین کی پوری کوشش تو یہ تھی کہ مسلمان کامیاب نہ ہونے پائیں، لیکن اللہ تعالیٰ کا حکم غالب آیا، اور یہ منہ دیکھتے رہ گئے۔

ترجمہ: اور انہی میں وہ صاحب بھی ہیں جو کہتے ہیں کہ: ”مجھے اجازت دے دیجئے، اور مجھے فتنے میں نہ ڈالئے۔“

حاشیہ: حضرت عبد اللہ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ منافقین میں ایک شخص جد بن قیس تھا۔ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس کو غزوۂ تبوک میں شامل ہونے کی دعوت دی تو اُس نے کہا کہ: ”یا رسول اللہ! میں بڑا زن پرست آدمی ہوں، جب رُوم کی خوبصورت عورتوں کو دیکھوں گا تو مجھ سے صبر نہیں ہو سکے گا، اور میں فتنے میں مبتلا ہو جاؤں گا۔ لہٰذا مجھے اجازت دے دیجئے کہ میں اس جنگ میں شریک نہ ہوں، اور اس طرح مجھے فتنے میں مبتلا ہونے سے بچا لیجئے۔“ اس آیت میں اُس کی طرف اشارہ ہے

ترجمہ: ارے فتنے ہی میں تو یہ خود پڑے ہوئے ہیں! اور یقین رکھو کہ جہنم سارے کافروں کو گھیرے میں لینے والی ہے ﴿49﴾ اگر تمہیں کوئی بھلائی مل جائے تو انہیں دکھ ہوتا ہے، اور اگر تم پر کوئی مصیبت آپڑے تو کہتے ہیں کہ: ”ہم نے تو پہلے ہی اپنا بچاؤ کر لیا تھا“ اور (یہ کہہ کر) بڑے خوش خوش واپس چلے جاتے ہیں ﴿50﴾

تو منافقین جو ہوتے ہیں، وہ دوغلی چال چلتے ہیں۔ کافروں کے ساتھ ان کی زبان میں بات کرتے ہیں، مسلمانوں کے ساتھ ان کی زبان میں بات کرتے ہیں۔ اور دنیاوی فائدے ان سے بھی حاصل کرتے ہیں اور ان سے بھی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن چونکہ دل میں ایمان نہیں ہوتا۔ لہذا یہ معاملہ ان کا کافروں کے ساتھ شریک ہوتا ہے۔ کہ کافر بھی چاہتے ہیں کہ مسلمان مغلوب ہوں اور منتشر ہوں، پریشان ہوں اور یہ منافقین بھی یہی چاہتے ہیں۔ کہ مسلمان مغلوب ہوں، پریشان ہوں، منتشر ہوں۔ اس لیے یہ معاملہ تو ان کا ان کی طرح ہوتا ہے۔ البتہ یہ والی بات ضرور ہے کہ وہ ان کی طرح علی الاعلان مخالف نہیں ہوتے۔ اور یہ چھپ کر ہوتے ہیں۔ اور باتیں بنانے میں یہ کافی تیز ہوتے ہیں۔ مطلب یہ ہے کہ چونکہ دونوں طرف چال چلنے والے ہوتے ہیں۔ اور عین موقع پہ اپنے آپ کو چرب زبانی سے بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ آج کل بھی ایسے لوگ ہیں۔ کہ پوری کوشش کر کے کہ یہ کام نہ ہونے پائے، اور جب ہو جائے تو کہتے ہیں ہم تو یہی چاہتے تھے۔ تو آج کل بھی اس قسم کے لوگ ہیں۔ تو بہرحال یہ ہے کہ یہ سلسلہ تو چلتا رہے گا قیامت تک۔ مخلصین بھی ہوں گے، علی الاعلان کافر بھی ہوں گے، منافقین بھی ہوں گے۔ تو قرآن پاک ہمارے لیے قیامت تک ہدایت کی کتاب ہے۔ کہ اس سے ہم ہدایت لیں۔ ایسے لوگوں کو پہچانیں، ایسے لوگوں کے ساتھ۔ جیسے ابھی فرمایا کہ اس میں ایک بات یہ بھی ہو سکتی ہے کہ جو کچھ سادہ لوح لوگ ان کی باتوں پہ یقین کر لیتے ہیں۔ تو اس طرح اب بھی ہم دیکھتے ہیں کہ کچھ سادہ لوح لوگ ہوتے ہیں۔ وہ ان کی زبانی باتوں پہ یقین کر لیتے ہیں۔ اور سمجھتے ہیں کہ۔ ایسے لوگوں کے لیے بہتر یہی ہے کہ ان کے چینلز نہ دیکھیں۔ ان کی ہے کہ باتیں نہ سنیں۔ کیونکہ تجربہ اگر ایک دفعہ ہو گیا کہ اس قسم کے لوگ ہیں، تو پھر خوامخواہ اپنے آپ کو خراب کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ تجربہ ہو جاتا ہے۔ چند چیزوں سے بھی تجربہ ہو جاتا ہے، دیکھو نا یہ جو کاروبار ہوتا ہے۔ تو کاروبار میں مطلب جیسے کوئی گندم خرید رہا ہوتا ہے، تو ساری گندم کو تو نہیں دیکھ سکتا۔ وہ sampling کر لیتے ہیں نا، مطلب دیکھ لیتے ہیں کہ یہ کیسے ہیں۔ اس کے بعد سب کے بارے میں فیصلہ کر لیتے ہیں۔ تو اس طریقے سے مطلب یہ ہے کہ اگر چند بار ان کی چیزیں لوگوں کے سامنے آ گئیں، تجربہ ہو گیا کہ اس قسم کے لوگ ہیں۔ تو پھر ان پر بار بار خوامخواہ اپنے آپ کو آزمانے کی کیا ضرورت ہے؟ اللہ تعالیٰ سے ہدایت طلب کی جائے۔ اور حق کے ساتھ ہونے کے لیے کوشش کی جائے۔ اور اس کے لیے بہت اچھی دعا ہماری مسنون دعاؤں میں ہے۔ اللَّهُمَّ اَرِنَا الْحَقَّ حَقًّا وَارْزُقْنَا اتِّبَاعَهُ وَاَرِنَا الْبَاطِلَ بَاطِلًا وَارْزُقْنَا اجْتِنَابَهُ اے اللہ! حق ہمیں حق دکھا دے اور اس کے اتباع کرنے کی توفیق عطا فرما۔ اور باطل ہمیں باطل دکھلا دے، اور اس سے بچنے کی توفیق عطا فرما۔

سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّتِ عَمَّا يَصِفُونَ وَسَلَامٌ عَلَى الْمُرْسَلِينَ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ