طریقِ جذب، محبتِ الٰہی اور اصلاحِ نفس کے ذریعے معرفتِ الٰہی کا حصول

کتاب: پیغام محبت، درس 24، اشاعت اول: منگل، 26 نومبر اور 3 دسمبر، 2013 بمطابق: 22 اور 29 محرم 1435 ھ

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  1. طریق جذب میں دنیا کی محبت کو دل سے نکال کر اللہ کی محبت ڈالی جاتی ہے جس سے تمام رذائل فضائل میں بدل جاتے ہیں۔
  2. محبت الہی کے حصول کا آسان طریقہ اہل اللہ کی صحبت اختیار کرنا یا ان کا پرتاثیر کلام سننا ہے۔
  3. طریق جذب مختصر لیکن پرخطر ہے، مگر ایک کامل رہنما کی سرپرستی سے یہ سفر اطمینان بخش ہو جاتا ہے۔
  4. نفس انسان کا سب سے بڑا دشمن ہے جو ظاہری عبادات کے بجائے ذکر اور باطنی اصلاح کی سخت مخالفت کرتا ہے۔
  5. حق بات قبول کرنے کے لیے دل کا صاف ہونا شرط ہے، کیونکہ گندا دل قرآن سے بھی ہدایت حاصل نہیں کر سکتا۔
  6. مجاہدہ نفس کی خواہشات کی مخالفت کا نام ہے اور اس کی اصلاح اسے شیخ کامل کے حوالے کیے بغیر ممکن نہیں۔
  7. محض علم اور عبادت انسان کو شیطان کے فریب سے نہیں بچا سکتے، اس کے لیے عشق الہی کا ہونا لازمی ہے۔
  8. ظاہری تعلیم اور باطنی کیفیت کے حصول کے لیے علم اور ذکر کے مراکز، یعنی مدرسہ اور خانقاہ کا سنگم برقرار رکھنا ضروری ہے۔
  9. کائنات کی تخلیق میں ذکر الہی کے ساتھ فکر کرنے سے ہی اللہ کی حقیقی معرفت حاصل ہوتی ہے ورنہ تحقیق بے نتیجہ رہتی ہے۔

اَلْحَمْدُ للہ رَبِّ العالمین والصلوۃ وَالسَّلَامُ علی خَاتَمِ النبیین اَمَّا بَعْدُ۔ فَاَعُوذُ باللہ مِنَ الشیطٰن الرجیم بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرحیم۔

آج منگل کا دن ہے اور منگل کے دن ہمارے ہاں طریق جذب سے متعلق شعر و سخن کی مجلس ہوتی ہے، تو گزشتہ منگل کو جو حج میں کلام ہو گیا تھا وہ پڑھا گیا تھا۔ آج ہم اپنی پرانی ڈگر پہ چلتے ہیں۔

دو طریق ہیں، ایک طریق سلوک ہے اور ایک طریق جذب ہے۔ طریق سلوک میں منزل بمنزل ایک ایک کر کے رذائل کو دبایا جاتا ہے اور فضائل کو حاصل کیا جاتا ہے، مثلاً حسد، کینہ، بغض، ریا، بے صبری، ناشکری کو ایک ایک کر کے ختم کیا جاتا ہے۔ اور اس طریقے سے اخلاص، اللہ کی رضا کی طلب، صبر، شکر اور عاجزی، اس طرح ان سب چیزوں کو جو فضائل ہیں، ان کو ایک ایک کر کے حاصل کیا جاتا ہے۔ یہ طریقہ محفوظ ہے لیکن لمبا ہے، ایک ایک کر کے کرنا اور پھر اس کے اوپر یعنی باقاعدہ اس میں رسوخ حاصل کرنا، تو یہ طریقہ ذرا لمبا ہے لیکن ہے محفوظ۔

دوسرا طریقہ طریقہ جذب ہے۔ طریق جذب میں دنیا کی جو محبت ہے، جو تمام خطاؤں کی جڑ ہے حدیث شریف کے مطابق، اس محبت کو نکال کر دل سے اللہ کی محبت کو دل میں ڈالا جاتا ہے۔ اور دل میں اگر اللہ کی محبت آ جائے تو پھر وہ سارے رذائل فضائل میں بدل جاتے ہیں۔

مثال کے طور پر حسد کیوں ہوتا ہے؟ حسد اس لیے ہوتا ہے کہ انسان کو دنیا کی چند چیزوں کا لالچ ہوتا ہے اور وہ دوسرے کے ساتھ دیکھتا ہے اور یہ خود محروم ہوتا ہے تو اس کو اس کے ساتھ حسد ہو جاتا ہے یقینا۔ بے صبری کیوں ہوتی ہے؟ اس لیے کہ دنیا کی کچھ چیزوں کو جلدی لینے کی خواہش ہوتی ہے۔ الغرض دنیا کی تمام چیزیں جیسے کہ حدیث شریف میں ہے، اس کے بارے میں ہے کہ حُبُّ الدُّنْيَا رَأْسُ كُلِّ خَطِيئَةٍ دنیا کی محبت ساری خطاؤں کی جڑ ہے۔ لہذا دنیا کی محبتیں مختلف صورتوں میں کبھی حسد، کبھی کینہ، کبھی بغض، کبھی ریا، کبھی بے صبری، کبھی ناشکری، ان چیزوں میں وہ سامنے آتی ہیں۔ لیکن اگر دنیا کی محبت کو ختم کیا جائے اور اللہ کی محبت کو دل میں پیدا کیا جائے تو پھر حسد اور کینہ اور یہ تمام چیزیں کہاں ہوں گی؟ ظاہر ہے سارا نظام بدل جائے گا۔

تو یہ چیزیں گویا کہ two step problem ہے، دنیا کی محبت کو دل سے نکالنا اور اللہ کی محبت کو دل میں پیدا کرنا، تو ساری کوششیں اسی کے لیے ہوتی ہیں۔ اب اس میں کیا کیا جا سکتا ہے؟ تو حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ جیسے ارشاد فرماتے ہیں ایک دفعہ کہ آپ کو اصلاح کا آسان طریقہ بتاؤں؟ لوگوں نے کہا، کیوں نہیں؟ تو حضرت نے فرمایا، محبت کی پڑیا کھا لو۔ تو لوگوں نے پوچھا، حضرت محبت کی پڑیا کہاں سے ملے گی؟ فرمایا، محبت کی دکانوں سے۔ یعنی جو اہل اللہ، اہل محبت ہیں، اہل قلوب ہیں، ان کی خدمت میں جا کر ان کے پاس بیٹھ کر یہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اور اگر ایسے لوگ نہ ہوں تو پھر ان کے کلام کو پڑھا جائے۔ ان کا کلام چاہے نثر میں ہو، چاہے نظم میں ہو۔ نظم والا کلام نسبتاً زیادہ اثر کرتا ہے۔ کیونکہ اس کے اندر ایک زور ہے۔

مولانا روم رحمۃ اللہ علیہ کا کلام یہ تقریباً اسی قبیل سے ہے، مولانا جامی رحمۃ اللہ علیہ اور حافظ شیرازی رحمۃ اللہ علیہ، علامہ عراقی رحمۃ اللہ علیہ۔ پشتو میں حاجی محمد امین صاحب رحمۃ اللہ علیہ، رحمان بابا رحمۃ اللہ علیہ، اس طرح اور حضرات۔ تو ان کا کلام سن کر اس سے دل کے اوپر اثر ہوتا ہے۔ اور اس اثر کو پھر بڑھانا ہوتا ہے مختلف ذکر کے طریقوں سے، اور۔

تو یہ طریق جذب کہلاتا ہے، یہ مختصر ہے۔ لیکن پرخطر ہے۔ یعنی اگر اس میں خیال نہ رکھا جائے تو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔ جتنا بڑا انجن ہوگا، مضبوط انجن ہوگا، وہ اگر غلط جائے گا تو نقصان بھی زیادہ کرے گا۔ سائیکل سے ٹکر تو تھوڑی سی تکلیف ہے اور ڈمپر کے نیچے آ جائے تو کچومر نکل جائے۔

تو اس طرح مطلب یہ ہے کہ یہ خطرناک تو ہے لیکن بہرحال خطرہ مول لینا پڑتا ہے بعض، جیسے مثال کے طور پر ایک شخص ہے۔ وہ ڈرتا ہے چلنے سے تو کبھی گاڑی میں بیٹھ ہی نہیں سکے گا، کبھی جہاز میں بیٹھ ہی نہیں سکے گا۔ لیکن بات یہ بات ہے کہ جہاز میں بیٹھے گا تو جلدی چلا جائے گا۔ گاڑی میں بیٹھے گا تو پیدل سے تو زیادہ جلدی چلا جائے گا۔ تو خطرہ بھی ہوتا ہے لیکن ظاہر ہے اس کا فائدہ بھی ہوتا ہے۔ تو اس طریقے سے ہم لوگ کچھ خطروں کو مول کر، ہم لوگ۔ لیکن اگر ڈرائیور صحیح ہو، پائلٹ صحیح ہو، جہاز صحیح ہو، تو ظاہر ہے اطمینان ہوتا ہے۔ اگرچہ کوئی بھی واقعہ کچھ کسی بھی وقت ہو سکتا ہے، لیکن دنیا اسی امید پر چلتی ہے۔ تو بہرحال یہ ہے کہ اسی طریقے سے ہم لوگوں کا مطلب ہو سکتا ہے، مطلب اتنا ہم کر سکتے ہیں کہ ہم لوگ دیکھ لیں کہ کس کے پاس جا رہے ہیں، کہاں بیٹھے ہوئے ہیں۔ تو یہ ان چیزوں کا اگر اطمینان ہو جائے تو پھر باقی چیزیں ان شاء اللہ ٹھیک ہیں۔

تو آج اسی کلام سے جو پیغامِ محبت ہے، اس سے سنایا جا رہا ہے۔

نفس کی کارگزاری

اب نفس ہمارا کیا کرتا ہے ہمارے ساتھ؟

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا
جو شیطاں ہے مجھے اللہ کا بننے نہیں دیتا

وَمَا أُبَرِّئُ نَفْسِي إِنَّ النَّفْسَ لَأَمَّارَةٌ بِالسُّوءِ إِلَّا مَا رَحِمَ رَبِّي۔ اور شیطان نے کیا کہا تھا؟ میں ان کے راستے میں بیٹھ جاؤں گا، دائیں سے آؤں گا، بائیں سے آؤں گا، آگے سے، پیچھے سے، اور تجھ تک نہیں آنے دوں گا۔

جو شیطاں ہے مجھے اللہ کا بننے نہیں دیتا

اس لیے اس راستے کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ یہ ذکر کی جو لائن ہے، تصوف کی لائن، اس کا اتنا دشمن ہے کہ آپ اندازہ نہیں کر سکتے۔ بے شک حج کر لو، روزے رکھو، صدقہ کرو، حتیٰ کہ تبلیغ بھی کرو، اس پہ ناراض نہیں ہوتا۔ ناراض اس پہ ہوتا ہے۔ اس پہ آؤ تو اتنے وسوسے، اتنے مسائل، اس کی وجہ ایک وہ کہتا ہے تو میرے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ اس کا نہیں ہوتا۔

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا
جو شیطاں ہے مجھے اللہ کا بننے نہیں دیتا

اگر میں بات اس کی مان لوں تو اور وہ مانگے
کسی اک بات پہ مجھ کو کبھی ٹکنے نہیں دیتا

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا

مگر خوبی جو اس میں ہے کہ مانے جبر سے بھی یہ

اللہ تعالیٰ نے اس کے اندر یہ خوبی رکھی ہے۔

مگر خوبی جو اس میں ہے کہ مانے جبر سے بھی یہ
ہلاؤ اس کو ہل جائے، گو یوں ہلنے نہیں دیتا

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا
جو شیطاں ہے مجھے اللہ کا بننے نہیں دیتا

طریقہ اس کی اصلاح کا ہے کہ مانو نہیں اس کا
بغیر اس کے کسی بھی طرح سنبھلنے نہیں دیتا

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا
جو شیطاں ہے مجھے اللہ کا بننے نہیں دیتا

کوئی ہو رہنما اپنا جو گر اصلاح کا جانتا ہو
کرائے اس سے جو ہم کو کبھی کرنے نہیں دیتا

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا

دل اپنا بھی منور ہو کہ رستہ جان لے اپنا

یعنی ہدایت ہو جائے۔

کہ ہرگز حق کو گندا دل کبھی پڑھنے نہیں دیتا

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا

یہ قرآنِ پاک سے مستفاد ہے۔ قرآنِ پاک میں ہے إِنَّ فِي ذٰلِكَ لَذِكْرَىٰ لِمَنْ كَانَ لَهُ قَلْبٌ۔ بے شک اس قرآن کے اندر نصیحت ہے مگر اس شخص کے لیے جس کا دل بنا ہو۔ یعنی گندا دل تو قرآن سے بھی ہدایت حاصل نہیں کر سکتا۔ گندا دل قرآن سے بھی ہدایت حاصل نہیں کر سکتا۔ باقی کسی چیز سے کیا ہدایت حاصل کرے گا؟

اگر ہو نفس گاڑی تو بنے دل اس کا ڈرائیور پھر
ہو ان میں نقص کسی میں آگے وہ بڑھنے نہیں دیتا

ڈرائیور بھی خراب ہو کام خراب، گاڑی بھی خراب ہو تو کام خراب۔ دونوں ٹھیک ہونے چاہئیں۔

ذکر سے دل ہو ٹھیک اور نفس کو دینا جہد کی گولی
ہو رہبر ساتھ کہ داؤ شیطان کا وہ چلنے نہیں دیتا

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا
جو شیطاں ہے مجھے اللہ کا بننے نہیں دیتا

چراگاہیں وہ جنت کی ملیں ہم کو چریں ان میں

حدیث شریف سے ثابت۔ ہاں تم چراگاہ میں جب جنت کی ملے، اس میں خوب چرو۔

چراگاہیں وہ جنت کی ملیں ہم کو چریں ان میں
مگر شیطان کبھی بھی مکر سے چرنے نہیں دیتا

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا
جو شیطاں ہے مجھے اللہ کا بننے نہیں دیتا

جو شر ہے بڑھ رہا ہے خوب

آج کل کے حالات ہیں۔

جو شر ہے بڑھ رہا ہے خوب رکاوٹ خیر کے واسطے ہے
خدا سے ہم کو وہ ظالم کبھی ڈرنے نہیں دیتا

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا
جو شیطاں ہے مجھے اللہ کا بننے نہیں دیتا

کریمی کا مگر در ہے کھلا رب کا کریں توبہ
کہ مایوسی کا کوئی لفظ وہ سننے نہیں دیتا

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا
جو شیطاں ہے مجھے اللہ کا بننے نہیں دیتا

شبیر پھر فضل رب کا ہو تو مقصد پورا ہو جائے
کبھی شیطاں جو دال اپنی ہے وہ گلنے نہیں دیتا

میرا نفس اس سے مجھ کو تو کبھی ملنے نہیں دیتا
جو شیطاں ہے مجھے اللہ کا بننے نہیں دیتا

سوز دل

سوز دل اپنا چھپانا تو ہے
کہ تعلق کو بچانا تو ہے

وہ مجھے جو کہے کروں گا وہی
اپنا دل اس سے ملانا تو ہے

غیر سے دل کو کیوں نہ خالی کروں
کہ وہیں اس کو بلانا تو ہے

سبحان اللہ۔ یہ بہت پیارا شعر ہے۔

غیر سے دل کو کیوں نہ خالی کروں
کہ وہیں اس کو بلانا تو ہے

میں کہاں اور کہاں وہ دلبر
خیر مگر اس کو منانا تو ہے

پیش کرنے کو پاس کچھ بھی نہیں
زخمی دل اس کو دکھانا تو ہے

دل میں ہے وہی اور آنکھوں میں بھی
میرا دل اس کا نشانہ تو ہے

اپنے اشعار میں اسے دیکھوں شبیر
یہ بھی ملنے کا بہانہ تو ہے

نفس اور محبوب

ایک طرف نفس ہے اور دوسری جانب محبوب،
جو چلا نفس کی جانب وہ ہو گیا محجوب۔

ہر وقت نفس کا مقابلہ ہے اللہ تعالیٰ کے ساتھ۔

ایک طرف نفس ہے اور دوسری جانب محبوب
جو چلا نفس کی جانب وہ ہو گیا محجوب
اس کی آنکھوں پہ پٹی نفس کی چاہتوں کی ہے اب
وہ کیسے جان سکے کیا ہے ردی اور کیا خوب

آنکھوں کا سودا

دل کی آنکھوں سے گر محبوب اپنا دیکھ سکو
پھر ہر طرف سے کٹ کے اپنے ہی محبوب کا رہو

آج تو نفس کی چاہتوں سے ورے دیکھ اسے
تاکہ دیدار وہاں خوب ان آنکھوں سے کرو

آج اگر اپنے نفس کو کنٹرول کرو گے تو وہاں دیدار ملے گا۔ اگر آپ اپنے نفس کی خواہشات مان لیں تو دیدار کر سکیں گے؟ اگر آج ہم نے اپنے نفس کو نہیں روکا تو حجاب ادھر پڑ جائے گا۔

فغان دل

یہ ذرا رونے کی باتیں ہیں، جس پہ ہم رو سکتے ہیں۔

کیا کہوں دل نے کیسے کیسے سلسلے دیکھے
عشق کے نام پہ ہوس کے نظارے دیکھے

خواہشیں نفس کی سوار دل پہ ہیں ہر وقت
ان کے جواز میں ہم نے لکھتے فتوے دیکھے

کیا کہوں دل نے کیسے کیسے سلسلے دیکھے

آج کل ایسا ہو رہا ہے یا نہیں ہو رہا؟ غلط چیزوں کو جائز کرنے کے لیے لوگ کتنی کوششیں کر رہے ہیں۔

کیا کہوں دل نے کیسے کیسے سلسلے دیکھے
عشق کے نام پہ ہوس کے نظارے دیکھے

سوز دل ختم ہوا جاتا ہے دھیرے دھیرے
سوزش لب کے بہت ہم نے تماشے دیکھے

کیا کہوں دل نے کیسے کیسے سلسلے دیکھے
عشق کے نام پہ ہوس کے نظارے دیکھے

صرف باتیں ہیں، باتیں، باتیں، باتیں، باتیں، باتیں۔ سوزش لب ہے، سوز دل ختم۔

گند دنیا کی محبت تو روز روز بڑھے
مگر اصلاح کی فکروں کے جنازے دیکھے

کیا کہوں دل نے کیسے کیسے سلسلے دیکھے
عشق کے نام پہ ہوس کے نظارے دیکھے

ہم نے دیکھا کہ مدرسوں میں ذکر پہ پابندی لگائی جا رہی ہے۔ ہم نے دیکھا کہ مسجدوں میں ذکر پہ پابندی لگائی جا رہی ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ لوگوں کو خانقاہوں کی طرف جانے نہیں دیا جا رہا۔ مقصد کیا ہے؟ شیطان کی بات پوری ہو۔ نفس ہمارے اوپر سوار ہو۔ اصلاح کی فکر تو ختم ہو رہی ہے۔ البتہ جتنے موبائل کے ذریعے سے گند، انٹرنیٹ کے ذریعے سے گند، کسی اور چیز کے ذریعے گند چل رہا ہے۔ اب بتاؤ بچت کیسی ہو؟

گند دنیا کی محبت تو روز روز بڑھے
مگر اصلاح کی فکروں کے جنازے دیکھے

مسجد و مدرسہ و خانقاہ کا جو سنگم تھا شبیر
اپنوں کے ہاتھوں اس کے ہوتے آج ٹکڑے دیکھے

کیا کہوں دل نے کیسے کیسے سلسلے دیکھے
عشق کے نام پر ہوس کے نظارے دیکھے

ایسی بات ہے نا؟ آج کل اپنے اس سنگم کو توڑ رہے ہیں۔ مسجد سے خانقاہ کی مخالفت ہو رہی ہے، مدرسے سے خانقاہ کی مخالفت، خانقاہ سے مسجد کی مخالفت، خانقاہ سے مدرسے کی۔ ہوتے ہیں اس طرح؟ تو ان کا تو جوڑ چاہیے تھا اس کا۔ لیکن آج جوڑ نہیں ہے۔ آج توڑ کی فضا ہے۔ حالانکہ ان کا آپس میں جوڑ چاہیے۔

تقابل

کیا عشق لیلیٰ زیادہ ہو اور عشق مولیٰ کم رہے
فارمولا ہو جس کا یہ اس کی عقل پہ ماتم رہے

یہ دنیا جو چند روزہ ہے اس پر مر مٹنا کیسا ہے؟ آخر کی طلب جو اصلی ہے دل میں وہ کل عدم رہے

کیا عشق لیلیٰ زیادہ ہو اور عشق مولیٰ کم رہے

دنیا کو حقیقت سمجھا ہے اور جنت کو ایک افسانہ
اب دل پہ کچھ ہم رحم کریں کب تک یہ ظلم و ستم رہے

کیا عشق لیلیٰ زیادہ ہو اور عشق مولیٰ کم رہے

لوگوں میں نمازی اور اندر دنیا کی محبت خوب بھری
ظاہر میں سجدے میں ہے مگر جو دل ہے اس میں صنم رہے

کیا عشق لیلیٰ زیادہ ہو اور عشق مولیٰ کم رہے
فارمولا ہو جس کا یہ اس کی عقل پہ ماتم رہے

آخر کی دنیا باقی ہے اور خیر بھی ہے رب کہتا ہے،

ہاں۔بَلْ تُؤْثِرُوْنَ الْحَيَاةَ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةُ خَيْرٌ وَأَبْقٰى۔

آخر کی دنیا باقی ہے اور خیر بھی ہے رب کہتا ہے
جس میں عقل کی رتی بھی ہو اس پر ہی محکم رہے

کیا عشق لیلیٰ زیادہ ہو اور عشق مولیٰ کم رہے

شیطان اور نفس کے ہاتھوں میں کب تک میں کھیلوں گا شبیر
اب اٹھ کچھ کر لے کب تلک دل میں صرف بس غم رہے

کیا عشق لیلیٰ زیادہ ہو اور عشق مولیٰ کم رہے
فارمولا ہو جس کا یہ اس کی عقل پہ ماتم رہے

ایک آرزو

ان تمام چیزوں کے گزرنے کے بعد ایک آرزو ہے۔

کاش دل میں جو ہے وہ سب قلم پہ آ جائے
دل مجذوب جذب کا راستہ دکھا جائے

اپنے محبوب کی ایک ایک ادا جانوں خوب
غیر کی ساری ادائیں یہ علم کھا جائے

یہ فیشن ہے نا؟ فیشن کو چھوڑ کر میں سنت پر آ جاؤں۔

اپنے محبوب کی ایک ایک ادا جانوں خوب
غیر کی ساری ادائیں یہ علم کھا جائے

دل بیدار کی آنکھوں سے اسے دیکھو گے تو
سب سمجھ آئے اگر یہ کوئی سمجھا جائے

ایک خواہشات کی محفل ایک ذاکرین کی ہے
باہمی دست و گریباں اس کو پا جائے

دل عاشق کو اتارا ہے اکھاڑے میں یہاں
کاش عشق کا شعلہ نفس کے زور کو جلا جائے

نفس کو باندھ یہ باندھنے میں بھلا رہتا ہے
عشق کا ہار مگر دل کو تو پہنا جائے

ہر ادا اپنی تو سرشار سنت کر لے شبیر
ہر ادا حسن ازل کو پھر تیری بھا جائے

کاش دل میں جو ہے وہ سب قلم پہ آ جائے

مطلب یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہو۔ پر اگر ہم چلیں گے تو ہماری ہر ادا اللہ پاک کو پیاری ہو جائے گی۔

محبوب کی ادائیں

اپنے محبوب کے محبوب کی ادائیں تو جان
تو اس کا چاہنے والا ہے تو خود کو پہچان

وَالَّذِيْنَ آمَنُوْا أَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰهِ۔

تو اس کا چاہنے والا ہے، تو خود کو پہچان

اپنا دل اس پہ فدا کر لے، تو پھر دل کی سن
وہ تجھے جو کہے وہ حق ہے، تو پھر اس کو مان

حدیث شریف میں آتا ہے نا، اِسْتَفْتِ قَلْبَكَ۔ اِسْتَفْتِ قَلْبَكَ۔ یہاں تک فرمایا، تین دفعہ فرمایا، فرمایا اس سے پوچھو چاہے لوگ فتوے دیں۔ أَفْتَاكَ النَّاسُ۔ مقصد ہے کہ دل بنا لو، پھر دل کی سن لو، تو دل خود بتا دے گا کہ اصل بات کیا ہے۔ اگر دل بن چکا ہو، اس پہ حقیقت کھل جاتی ہے۔ انسان کے اوپر حقیقت ویسے نہیں کھلتی، آنکھیں بند ہوتی ہیں۔ فتوؤں کے لیے بھی رکاوٹیں ڈال لیتا ہے، وہ جو لوگ آج کل استفتاء مانگتے ہیں نا، تو کیسے مانگتے ہیں؟ وہ اس طرح زبان لکھتے ہیں کہ ان کے فیور میں فیصلہ آ جائے۔ اکثر یہی ہوتا ہے نا۔ تو مولوی صاحبان بھی اس لیے مجبور ہیں، وہ کہتے ہیں صورت مسئولہ میں یہ کرنا پڑے گا۔ کہ جو پوچھا گیا اس کا جواب یہ ہے، حقیقت تو اللہ کو پتا ہے، کہ حقیقت کیا ہے، تو لوگ اپنی باتیں چھپا جاتے ہیں۔ تو ایسی بات ہے کہ اگر دل بن جائے تو پھر حقیقت کھل جاتی ہے،

نفس کا مقابلہ

ارادہ تیرا اس کے ہونے کا ہوا تو دے دیا سہارا تجھے، چلنا اس کی طرف ہوا آسان اور یوں چلانے لگا پیارا تجھے
اب تو سنبھل مقابلے کا ہے وقت، پیٹھ دکھانا نہیں ہے نفس کو سن
جو کہ مطلوب زیست ہے اس کے لیے اس اکھاڑے میں ہے اتارا تجھے

مقصد یہ ہے کہ ہم نے تو مقابلہ تو کرنا ہے نا، دنیا میں تو رہنا ہے۔ دنیا میں رہنا ہے، نفس کی خواہشات ہوں گی لیکن اس کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے۔

دانا بصورت دیوانہ

دانا بصورت دیوانہ، جیسے بہلول رحمۃ اللہ علیہ کو لوگ دیوانہ بھی کہتے ہیں، دانا بھی کہتے ہیں۔

وہ دانا ہے اصل میں جو تیرا دیوانہ بن جائے
لٹائے چشم سے اور اس کا دل میخانہ بن جائے

وہ خوشبو یار کی محفل میں پھیلاتا رہے ایسا
کہ جس سے مست ہو کر کوئی بھی مستانہ بن جائے

وہ دانا ہے اصل میں جو تیرا دیوانہ بن جائے

دل اس کا ہو کمان اور چشم اس کے تیر پھینکے یوں
کہ جو دیکھے اسے، اس تیر کا نشانہ بن جائے

وہ دانا ہے اصل میں جو تیرا دیوانہ بن جائے

یہ بہت عجیب شعر ہے، آگے جو آ رہا ہے۔

جدار عشق کے اس پار ہے خلد بریں موجود

جدار، دیوار کو کہتے ہیں۔

جدار عشق کے اس پار ہے خلد بریں موجود
شمع روشن ہے عشق کا کوئی بھی پروانہ بن جائے

وہ دانا ہے اصل میں جو تیرا دیوانہ بن جائے

ایک حدیث شریف، ماشاءاللہ، موجود ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی۔ وہ جو اپنے نفس کو قابو کرے۔ اور آخرت کے لیے کام کرے۔ لیکن بایزید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ، ان کا ایک خواب ہے کہ اس میں اللہ پاک نے فرمایا۔ دَعْ نَفْسَكَ وَتَعَالَ۔ اپنے نفس کو چھوڑو میری طرف آ جاؤ۔

شمع روشن ہے عشق کا کوئی بھی پروانہ بن جائے

شبیر رکنا نہیں نظریں لگی ہیں تیرے ساغر پر
وصل کے واسطے شاید یہ غزل پیمانہ بن جائے

وہ دانا ہے اصل میں جو تیرا دیوانہ بن جائے
لٹائے چشم سے اور اس کا دل میخانہ بن جائے

یہ چشتیہ نسبت

حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے ایک دفعہ فرمایا۔ کہ چشتی مسلک کو اس شعر سے ہم نے سیکھا ہے۔ فرمایا۔

سوختن افروختن و جامہ دریدن
پروانہ ز من شمع ز من گل ز من آموخت

سوختن جلنا۔ افروختن پگھلنا۔ جامہ دریدن کپڑے پھاڑنا۔ فرمایا کہ پتنگ نے ہم سے سیکھا ہے پروانے نے ہم سے سیکھا ہے۔ اور شمع نے ہم سے سیکھا ہے اور پھول نے ہم سے سیکھا ہے۔ مطلب ہے چشتی مسلک کیا ہے؟

جلنا، پگھلنا

جلنا پروانے نے ہم سے سیکھا اور ہمیں دیکھ کے پگھلی شمع بھی ہے
پھول نے ہم کو دیکھ کے پھاڑ دیےکپڑے اپنے، یہی دیوانگی ہے

سب حسینوں نے حسن ان سے لیا میرا محبوب ہو پھر کتنا حسیں
آگے پھر سوچنا ممکن ہی نہیں آگے حیرانگی ہی حیرانگی ہے

دنیا سو بھیس بدل کے آئے آگے عاشق کے ہو ذلیل و رسوا
جس کے دل میں ہو یاد یار کی بس اس کی آنکھوں کے سامنے یار ہی ہے

علم و دولت ہے لازوال مگر اس کے، گر اس کے حسن کا دیوانہ نہ ہو
نفس اس کو بھی جال میں لے لے بات کچھ اس کی یوں نشیلی ہے

مطلب یہ ہے کہ اگر علم کے ساتھ یہ عشق نہ ہو۔ تو شیطان بھی تو عالم تھا نا۔ تو کیا ہوا؟ تو حضرات فرماتے ہیں کہ شیطان کے پاس تین عین تھے، ایک نہیں تھا۔ عابد تھے، عالم تھے، عارف تھے۔ لیکن عاشق نہیں تھے۔ اگر عاشق ہوتے تو بچ جاتے۔ عاشق نہ ہونے کی وجہ سے ان کو نقصان ہوا۔

جو عبادت پہ اپنی نازاں ہے عشق کی اس کو ہوا لگی ہی نہیں
کیونکہ عاشق کا ناز صرف اور صرف زلف معشوق کی اسیری ہے

دیکھ شیطان تھا عابد عالم اور عارف بھی مگر بچ نہ سکا
دیکھ اس عشق بنا نفس کی کتنی مضبوط داداگیری ہے

نفس کی چال بہت سخت ہے مگر عشق کے سامنے اس کی نہ چلے
عشق کے سامنے کوئی آئے کیسے یہ سوچو مجال کس کی ہے

عقل بھی نفس آلودہ ہو اگر نفس کا شر نظر نہ آئے اسے
عقل خاموش سامنے ہو شبیر جس کا بھی عشق عشق حقیقی ہے

کہتے ہیں France کے اندر ایک conference ہو رہا تھا شراب کے خلاف۔ شراب پہ conference ہو رہا تھا۔ تو شراب کی بہت ساری برائیاں انہوں نے بیان کر دیں۔ ریسرچ اپنے پیش کر دیے، یہ ہے وہ ہے۔ تو جس وقت آخر وقت میں announce کرتے ہیں نا کہ اب کھانا ہے یا refreshment ہے جو بھی ہے۔ تو اس نے کہا آئیے۔ France کی سرخ شراب آپ کا انتظار کر رہی ہے۔ مطلب یہ ہے کہ اگر عقل نفس آلودہ ہو جائے۔ تو اس کو نہیں نظر آتا۔ اس کے لیے کوئی نہ کوئی معنی ڈھونڈ لے گا۔

مدرسہ اور خانقاہ

ماضی میں بزرگوں کی جب خانقاہیں تھیں موجود
تھے مدرسے اور ساتھ تربیت گاہیں تھیں موجود

آج مدرسہ تو ہے مگر خانقاہ ہے اجنبی
کیوں ختم ہوں اصلاح کی جو راہیں تھیں موجود

اب خانقاہ تھانہ بھون اور ساتھ مدرسہ۔ رائے پور شریف اور ساتھ مدرسہ۔ سہارنپور شریف اور ساتھ مدرسہ۔ یہاں پر خانقاہ سراجیہ اور ساتھ مدرسہ۔ ہے یا نہیں ہے؟ کتنے ہمارے بزرگوں کی خانقاہیں تھیں جس کے ساتھ ساتھ مدرسے تھے۔ اب مدرسہ پہ تو لوگ کچھ نہیں کہتے، خانقاہ پہ چِڑھ جاتے ہیں۔ یہ کیا بات ہے، خانقاہ کیا ہوتی ہے؟ چِڑھ جاتے ہیں باقاعدہ طبیعتیں، ماتھوں پہ بل پڑ جاتے ہیں۔ ان کو کہتے بھی ہیں بھئی وہ اور ہیں جن کے آپ دشمن ہیں، صحیح اپنے لوگوں کی خانقاہیں ہیں تو جو ہیں ان پہ تو غصہ نہ کرو نا۔ نہیں، نہیں مانتے۔ اتنے غصہ ہو جاتے ہیں۔ تو کیا ہے؟

ماضی میں بزرگوں کی جب خانقاہیں تھیں موجود
تھے مدرسے اور ساتھ تربیت گاہیں تھیں موجود

آج مدرسہ تو ہے مگر خانقاہ ہے اجنبی
کیوں ختم ہو اصلاح کی جو راہیں تھیں موجود

علم و ذکر کے مراکز

ہے مدرسہ خانقاہ علم و ذکر کے مراکز
ان دونوں کا سنگم بلا شبہ سمجھو جائز

تعلیم مدرسے سے ہو حاصل ہے ضروری
خانقاہ میں پھر احسانی کیفیت پہ ہو فائز

گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ مدرسے سے فارغ ہوئے تو کہاں گئے؟ حاجی صاحب کے پاس گئے نا۔ تھانوی رحمۃ اللہ علیہ فارغ ہوئے تو کہاں گئے؟ حاجی صاحب کے پاس گئے۔ حضرت مولانا قاسم نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ فارغ ہوئے تو کہاں گئے؟ حاجی صاحب کے پاس گئے۔ ہاں، مطلب اس طرح کتنے حضرات کی مثالیں دی جا سکتی ہیں۔ آج ہمارے جتنے بھی مدرسے ہیں، کسی نہ کسی نسبت سے جان پہچان ہے۔ کوئی اشرفیہ ہے، تو کوئی زکریا ہے، تو کوئی قاسمیہ ہے، ، تو کوئی مدنیہ ہے۔ کوئی سراجیہ ہے، یہ کیوں؟ آخر ہمارے بزرگوں کی نسبتیں تھیں نا۔ تو اب پھر ان بزرگوں کو ہم خانقاہوں میں کیوں بھول جائیں؟ یہ اصل میں مسئلہ ہے۔

دل کی اصلاح

دل کی دنیا اگر بدل جائے
پھر آخرت کا کام چل جائے

دل ہے بادشاہ سارے اعضا محکوم
سلطنت اس کی پھر سنبھل جائے

سارے پھر حکم شریعت پہ چلیں
صدر شیطاں پہ مونگ دل جائے

غیر محرم کو آنکھ دیکھ نہ سکے
اور شر کان کا بھی ٹل جائے

اور زباں سوچ سوچ کر بولے
سارا گند ذہن سے نکل جائے

نفس ہو تیار مجاہدے کے لیے
اور اس کے شر کا بھی پر جل جائے

حالت دل پہ فیصلہ ہے شبیر
جو بھی میزان میں عمل جائے

نفس امارہ اور دل

نفس امارہ کا جب دل کبھی اثر لے لے
عقل پھر حصہ اس میں سات برابر لے لے

پھر وساوس شیطانی کا یہ غلام بن کر
خیر کو چھوڑ کر خوب ہر طرف سے شر لے لے

الہام رحمانی

جن کے دل اللہ کی جانب ہی مائل ہوتے ہیں
دور ہو جب جو درمیاں میں حائل ہوتے ہیں
ان کے دل خود ہی پھر اللہ سے وصول کرتے ہیں
ایسے الہام جو ان کے دل پہ نازل ہوتے ہیں

اب یہ ذرا سورہ شمس کی ذرا کیفیت کو لیے ہوئے ہے،

اصلاح نفس

سات قسموں کے بعد اللہ نے ایک بات کہی
نفس کو الہام کیا فجور اور تقویٰ بھی

اور پھر جزم سے تشدید سے اعلان کیا
جو کرے نفس اپنا پاک ہے کامیاب وہی

جو بدنصیب زندگی میں ایسا کر نہ سکے
تو تباہ حال ہے خائب ہے اور خاسر بھی

اس کی تشدید سے اصلاح نفس فرض ہوئی
نفس کی اصلاح کے بغیر کام نہیں ٹھیک کوئی

دیکھ شیطاں کو بھی نفس نے دھوکا ہے دیا
منطقی بحث جو اللہ سے ظالم نے کی

ایک طرف حکم خدا ہے براہ راست اس کو
ایک طرف علتوں کی بات اور یہ کج بحثی

نفس کی اصلاح نہیں ہوتی مجاہدے کے بغیر
دل ہے ڈرائیور اپنی منزل کا اور نفس گاڑی

نفس جب تک تم اپنے شیخ کے حوالے نہ کرو
اس کی اصلاح کسی صورت بھی نہیں ہے ہوتی

جو تیرا نفس کرے تجویز مجاہدہ وہ نہیں
مجاہدہ مخالفت ہے نفس کی بھائی

جو تیرا شیخ کہے نفس کو گوارہ وہ نہ ہو
مجاہدہ ہے یہی اس میں ہے اصلاح تیری

یہ قال سے حال کا لمبا سفر ہو کیسے طے
نفس پامال کرو پیش شیخ کامل ہی

خدا کو پیار اس اخلاص پہ آ جاتا ہے
جس نے شبیر کیا یہ فلاح اس کو ملی

تو یہ سورہ شمس کا ایک مفہوم ہے۔

اب معرفت الہی ہے

ذات میں غور تو ممکن ہی نہیں ہاں مگر اس کی کچھ صفات سمجھیں
اس کی دنیائے خلق کو دیکھیں اور کچھ اس کی کائنات سمجھیں

ہر طرف وہ ہی نظر آتے ہیں اپنی تخلیق کے پردوں میں چھپے
اپنے اندر بھی ذرا غور کر لیں اور کچھ اپنی نفسیات سمجھیں

لوگ تحقیق بہت کرتے ہیں پر نتائج میں غلطیاں کر کے
ڈھونڈنے والا ہو نمایاں اس میں اس سے ہم اصل کیا حالات سمجھیں

جو بناتا ہے اس کا ذکر نہ ہو ان ہی تخلیق کے شہ پاروں میں

ہمارے جو جرنل جو ہوتے ہیں، جو ریسرچ پیپرز ہوتے ہیں، اس میں کہیں اللہ کا ذکر ہوتا ہے؟

جو بناتا ہے اس کا ذکر نہ ہو انہی تخلیق کے شہ پاروں میں
جس وجہ سے ہے یہ غلطی ممکن آئیے ایسے خیالات سمجھیں

فکر اچھی ہے مگر ذکر کے ساتھ ذکر ہے یاد اس کے صانع کی
اس سے کھل جائیں غلطیاں اپنی اب سمجھنا ہے یہی بات سمجھیں

اس سے مل جائے معرفت اس کی وہ تو سبحان ہے اور ہم عاجز

اب إِنَّ فِي خَلْقِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ والی طرف آ گیا۔

اس سے مل جائے معرفت اس کی وہ تو سبحان ہے اور ہم عاجز
اس کی تخلیق میں باطل ہی نہیں ہم اگر اس کی تخلیقات سمجھیں

وَمَا خَلَقْتَ هٰذَا بَاطِلًا۔

آگے تخلیق نار کی بھی ہے اس کے وجود سے انکار نہیں
ہم کو اللہ اس سے محفوظ کرے یہی تحقیق کی مناجات سمجھیں

رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ هٰذَا بَاطِلًا سُبْحَانَكَ فَقِنَا عَذَابَ النَّارِ۔

فکر جس کی ہو ذکر سے ماخوذ اس سے مل جائے معرفت اس کی
بس یہی لوگ أُولُوا الْأَلْبَابِ ہیں پھر آگے ان کے مقامات سمجھیں

فکر جس کی بغیر ذکر کے ہو یہ عیاشی ہے ذہن کی بس فقط
یہ شہرتوں کے سمندر میں ہے غرق ان بیچاروں کے یہ اوقات سمجھیں

فانی دنیا کے لیے چھوڑ دیا جو تھا لافانی فائدہ اس کا
حشر میں ان کی پھر زبانوں پہ ہائے افسوس اور ہیہات سمجھیں

تو بھی ان میں تھا مختلف ہو گیا وجہ اس کی تو کوئی ہو گی شبیر
مختصر یہ خدا کا فضل ہی ہے اور بزرگوں کی برکات سمجھیں

مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے ہمیں بزرگوں کے قریب کر دیا۔ تو یہ بات ہم پر کھل گئی کہ اصل تو ذکر اللہ کا ہے، باقی تمام چیزیں تو اس کی معرفت کے لیے ہیں۔