"کامل ایمان کی پہچان: اپنے مسلمان بھائی کے لیے سچی خیر خواہی"
بَابٌ فِی النَّصِيحَةِ، درس نمبر: 279، اشاعتِ اول: 5 مئی، 2023 بمطابق 14شوال المکرم، 1444 ہجری
- حدیثِ نبوی ﷺ اور خیر خواہی کا وسیع مفہوم
- دنیاوی خیر و بھلائی: عزت، رزق اور نیک اہل و عیال
- اخروی خیر و کامیابی: حسنِ خاتمہ، نجات اور دیدارِ الٰہی
- ”لَا يُؤْمِنُ“ کا شرعی مطلب: نفیِ کفر اور کمالِ ایمان کی شرط
الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔
فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔
جو چیز اپنے لئے پسند ہے وہی اپنے بھائی کے لئے پسند کرو
(183) ﴿الثَّالِثُ: عَنْ اَنَسٍ رَضِىَ اللّٰهُ عَنْهُ عَنِ النَّبِىِّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَ سَلَّمَ قَالَ: ”لَا يُؤْمِنُ اَحَدُكُمْ حَتّٰى يُحِبَّ لِاَخِيْهِ مَا يُحِبُّ لِنَفْسِهٖ“﴾ (مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ)
ترجمہ: ”حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کوئی انسان اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک کہ اپنے بھائی کے لئے اس چیز کو محبوب نہ جانے جس کو اپنے نفس کے لئے محبوب جانتا ہے۔“
سُبْحَانَ اللّٰهِ، یہ خیر خواہی والی بات continue چل رہی ہے۔
”لَا يُؤْمِنُ اَحَدُكُمْ“ نسائی کی روایت میں اس روایت کی وضاحت اس طرح آئی ہے ”وَالَّذِیْ نَفْسُ مُحَمَّدٍ بِیَدِهٖ لَا یُؤْمِنُ اَحَدُکُمْ حَتّٰی یُحِبَّ لِاَخِیْهِ مَا یُحِبُّ لِنَفْسِهٖ مِنَ الْخَیْرِ“ کہ خیر کی چیزوں میں سے جو محبوب ہے اپنے لئے، اس کو اپنے بھائی کے لئے بھی پسند کرے اس میں دنیا اور آخرت دونوں کی خیر اور بھلائی داخل ہے۔ دنیا کی بھلائی یہ ہے کہ عزت و آبرو اور نیک نامی اور خوش حالی کی زندگی نصیب ہو، مال و دولت اور اسباب و راحت حاصل ہو، نیک صالح بیوی اور فرمانبردار اولاد کی نعمت ملے۔ آخرت کی بھلائی یہ ہے کہ نیک اعمال کی توفیق ملے، خاتمہ بالخیر ہو، قبر کی سختیوں اور قیامت کے دن کی باز پرس اور دوزخ کے عذاب سے نجات اور جنت فردوس اور اللہ جل شانہ کا دیدار نصیب ہو جائے۔ تو یہ سب دنیا اور آخرت کی بھلائی جو آدمی اپنے لئے چاہتا ہے تو اس کو چاہئے کہ یہی بھلائی اپنے تمام مسلمان بھائیوں کے لئے بھی چاہے، اسی سے اس کا ایمان کامل ہوتا ہے۔
یہاں پر یہ بات اسی طرح آ گئی ہے جیسے کہ فرمایا گیا تھا کہ تمہارا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک کہ مجھے، اپنے والدین سے اور اپنی اولاد سے اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ سمجھو۔ تو وہاں پر بھی الفاظ یہ ہے لَا يُؤْمِنُ اَحَدُكُمْ۔ اس کے بارے میں علمائے کرام اصل میں محتاط انداز میں بات کرتے ہیں کیونکہ اس میں کفر کی جو بات ہے، یہ چونکہ بڑی سخت بات ہے کسی کے بارے میں کہنا کافر، کیونکہ دوسری احادیث شریف موجود ہیں کہ اگر مومن کو کافر کہا گیا تو کفر اس پہ لوٹ آتا ہے کہنے والے پہ۔ تو جب یہ والی بات ہے تو اس میں علمائے کرام نے یہ احتیاط والا پہلو اختیار کیا ہے کہ اس کا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا۔ مطلب یہ ہے جیسے ہم کہتے ہیں، بھئی زندہ تو وہ ہے کہ جو یہ کر سکے۔ تو اگرچہ بالکل جاں بلب جو ہوتا ہے وہ بھی زندہ ہی ہوتا ہے، لیکن اصل زندہ تو وہی ہے۔ جیسے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، مفلس کس کو کہتے ہیں؟ تو صحابہ کرام نے فرمایا کہ مفلس تو وہ ہے جس کے پاس مال نہ ہو۔ فرمایا اصل مفلس وہ ہے کہ سارے کچھ لے آئے ہیں نیکیاں، لیکن وہ نیکیاں ساری کی ساری دوسروں کو دینی پڑیں اور ان کے گناہ اپنے سر لینے پڑے، اصل مفلس وہ ہے۔ تو اب مفلس کی عام definition تو یہی ہے، لیکن اصل مفلس سے مراد یہ ہے کہ جو وہاں بالکل ہے۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ یہاں پر بھی یہ ہے کہ جو ایمان آپ کو جنت فوراً نہ لے جا سکے، تو ظاہر ہے اس کے مقابلے میں جس کے پاس یہ ایمان ہو اس کا تو کچھ بھی نہیں ہے۔ تو یہ مطلب مسلہ ہے۔ تو اس وجہ سے فرمایا کہ تمہارا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا۔ تو یہاں پر بھی یہ بات ہے کہ جو آدمی اپنے بھائی کے لیے وہ نہ پسند کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے خیر میں سے، تو اس کا ایمان کامل نہیں ہے، اس کو بڑی محنت کرنی پڑے گی اپنے ایمان کو کمال تک پہنچانے کے لیے۔ اللہ تعالی ہمیں بھی کامل ایمان سے نوازے۔
وَآخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ۔