تزکیہ نفس، اصلاحِ احوال اور معمولاتِ ذکر
اشاعت اول: منگل، 17 جنوری، 2012، بمطابق: 23 صفر، 1433 ھ
الحمد لله رب العالمين والصلاة والسلام على خاتم النبيين، اما بعد فاعوذ بالله من الشيطان الرجيم، بسم الله الرحمن الرحيم:
ان الدين عند الله الاسلام قال عليه الصلاة والسلام: الدين يسر
صدق الله العلي العظيم وصدق رسوله النبي الكريم
ماشاءاللہ سوال اور جواب کا سلسلہ جیسے کہ شروع ہوا ہے، الحمدللہ ابھی تک کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔ سوال و جواب کی ضرورت کیوں محسوس ہوتی ہے؟ اس کی وجوہات دو ہیں۔ ایک تو یہ ہے کہ جو بھی کام کرتے ہیں ان کو کچھ اشکالات پیش آتے ہیں، کچھ ان کی وضاحتیں درکار ہوتی ہیں۔ ایک ایک چیز کے کئی کئی معنی ہوتے ہیں، تو اس میں سے تعین کرنا کہ وہاں پر کون سے معنی مراد ہیں، تو سوالات کی ضرورت پڑ جاتی ہے۔ اس وجہ سے کوئی راستہ ایسا ہونا چاہیے جس سے ان کے سوالات کے جوابات ہوں، اور یہ ہر ایک کا جو بھی سالک ہے اس کا حق ہے۔ اور اللہ جل شانہ اس میں مدد بھی فرماتے ہیں، جب وہ سوال پوچھتے ہیں تو اللہ تعالی مدد فرماتے ہیں اس کا جواب بھیج دیتے ہیں۔ اس وجہ سے چونکہ جواب تو اللہ پاک ہی بھیجتے ہیں، تو اس میں جو سوال کرنے والا ہے اس کا بھی فائدہ ہوتا ہے اور جو جواب دینے والا ہے اس کا بھی فائدہ ہوتا ہے؛ کیونکہ اس کو بھی اس چیز کا پتہ چل جاتا ہے، وہ بھی اللہ تعالی کی طرف سے بھیجے گئے اس جواب سے فائدہ اٹھاتا ہے، تو اس کو بھی اس کا فائدہ ہوتا ہے۔ اور بعد میں بھی ان کو اگر جمع کیا جائے تو آنے والے لوگوں کے لیے بھی ایک ذخیرہ بن جاتا ہے۔ تو اس وجہ سے یہ کافی مفید سلسلہ ہے۔
عام طور پہ جب کوئی بیان یا lecture ہوتا ہے تو اس میں لوگوں کی ذہنی حاضری کافی کم ہوتی ہے، کسی کسی کی ہوتی ہے کبھی ہوتی ہے کبھی نہیں ہوتی؛ لیکن سوال اور جواب کی صورت میں تقریبا تقریبا سو فیصد حاضری ذہنی طور پہ ہوتی ہے۔ اس کی وجہ سے ہر سوال سے ایک تجسس پیدا ہوتا ہے، اور جب جواب دیا جاتا ہے تو اس تجسس کے مطابق انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کو پورا سنے کہ وہ کیا چیز ہے۔ اس لحاظ سے اس میں انتقال مضامین زیادہ بہتر طریقے سے ہوتا ہے۔
سوال نمبر 1: سوال یہ ہے کہ جو تعداد بتائی جائے تو بالکل وہی پڑھنا ضروری ہے یا اس سے تھوڑا بہت آگے پیچھے ہو جائے تو اس کا کچھ حرج نہیں، اور اس کی مثال دی ہے کہ تسبیح کے جو اصل دانے ہوتے ہیں 101 ہوتے ہیں، تو اگر پورا پڑھ لیا جائے تو 101 ہو جائیں گے، اگر ایک کم پڑھ لیا جائے تو 100 ہو جائیں گے تو کون سا بہتر ہے ؟
سوال جواب مجلس 17 جنوری 2012، مجلس نمبر: 4
جواب: اصولی جواب دیتا ہوں کیونکہ تفصیلات تو ظاہر ہے مطلب ہر ایک اب اس کے مطابق خود معلوم کر سکتے ہیں، اصولی جواب یہ ہے کہ یہ جو ذکر بتایا جاتا ہے اس میں دو قسم کے ذکر ہوتے ہیں۔ ایک وہ جن کے فضائل ہم نے قرآن اور حدیث سے معلوم کیے ہوتے ہیں، تو اس کو کرنا فضیلت کے لحاظ سے اجر کے لیے، یہ ایک قسم کا ذکر ہے اس کو غذائی ذکر ہم کہتے ہیں۔ یعنی اس کی مثال ایسے ہے جیسے غذا ہے۔ لوگ اسی کے ذریعے سے زندہ رہتے ہیں تو ذکر کے ساتھ بھی لوگ زندہ رہتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ذکر کرنے والے اور نہ کرنے والے کی مثال ایسی ہے جیسے کہ زندہ اور مردہ۔ اس وجہ سے یہ غذائی ذکر جو ہے یہ پورا کرنا اپنے حیات روحانی کے لیے، یہ بہت ضروری ہے لیکن اس میں اگر حدیث میں کوئی تعداد معین نہ ہو تو پھر کوئی پابندی نہیں ہوتی۔
مثلا درود شریف ہے۔ تو درود شریف جتنے بھی پڑھے جائیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود وہ جو حدیث شریف میں ہے ایک صاحب آئے تھے اور پوچھا تھا: یا رسول اللہ! میں نے کچھ دعاؤں کے لیے وقت مقرر کر رکھا ہے، تو میں اس میں کتنا حصہ درود شریف کا رکھوں؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جتنا مرضی ہو۔ تو اس نے کہا: یا رسول اللہ اگر تہائی ہو؟ فرمایا: بالکل ٹھیک ہے لیکن اس سے زیادہ ہو تو اور بھی اچھا ہے۔ تو پھر انہوں نے آدھا کا کہا، پھر دو تہائی کا کہا۔ اخیر میں انہوں نے کہا کہ اب تو یا رسول اللہ میں سارے کا سارا وقت اس کو دوں گا، فرمایا: پھر آپ کے سارے مسائل کی کفایت ہو جائے گی۔ اب اس میں دیکھیں نا خود ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے بارے میں ارشاد فرمایا۔ تو اس میں کوئی وقت کا نہیں ہے جو مقرر کیا ہو، سارے کا سارا وقت اس میں دیا جا سکتا ہے۔ گلدستہ بھی بنایا جا سکتا ہے جیسے بعض حضرات بناتے ہیں۔
تو اس میں ایک تو یہ بات ہے کہ جو غذائی ذکر ہے اس کی تعداد معین نہیں ہے، حسب توفیق حسب فرصت ذکر کیا جا سکتا ہے۔ اس پہ کوئی پابندی نہیں ہے الا یہ کہ کوئی تعداد معین پہلے سے موجود ہو مسنون، مثلاً ہم لوگ 33 دفعہ سبحان اللہ، 33 دفعہ الحمدللہ، 34 دفعہ اللہ اکبر، یہ جو ذکر کرتے ہیں تو یہ ذکر چونکہ اسی طرح بتایا گیا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی طرح حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا سے فرمایا تھا۔ تو اب اگر کوئی آگے پیچھے کرے گا تو وہ ذکر، غذائی ذکر ہوگا، اس کا اجر بھی ہوگا لیکن وہ اجر ذکر فاطمی والا اجر نہیں ہوگا۔ وہ کوئی اور اجر ہوگا اس کا اپنا individual، کیونکہ اس کے ساتھ وہ نسبت شامل نہیں ہے، وہ تعداد کے ساتھ وہ نسبت شامل ہے۔ لہذا اگر کوئی اس تعداد میں کرے گا تو اس کو وہ چیز ملے گی اور اس تعداد میں نہیں کرے گا تو اس کو وہ چیز تو نہیں ملے گی، ہاں اس کا علیحدہ جو اجر ہے وہ ملے گا۔
اور اس کا ایک خواب کا ایک واقعہ بھی ہے کہ ایک صاحب اس میں کچھ گڑبڑ کرتے تھے کبھی زیادہ کبھی کم، جیسے آپ نے سوال کیا۔ تو اس طرح کرتے تھے تو خواب میں اس نے دیکھا کہ قیامت کا دن ہے اور آواز آئی: جس کا معمول تسبیحات فاطمی کا تھا تو وہ آ جائے اور اپنا حصہ لے جائے۔ کچھ تقسیم ہو رہی تھی چیزیں۔ تو یہ بھی لائن میں کھڑے ہو گئے، ظاہر ہے بڑی لمبی لائن تھی اس کا نمبر آ گیا۔ جب نمبر آ گیا تو اس نے کہا کہ جی، انہوں نے کہا: بھئی آپ کا نام تو اس میں شامل نہیں ہے۔ اس نے کہا: جی میں تو کرتا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا: آپ یہ تو نہیں کرتے رہے اپنی طرف سے کچھ کرتے رہے ہیں، آپ کا نام اس میں شامل نہیں ہے۔ اس کو نہیں دیا۔ اب اس کا مطلب یہ ہوا کہ ظاہر ہے وہ اس کے ساتھ ہی تھا۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ کچھ اس کے ساتھ خصوصی فوائد ہیں جس کا ہمیں علم نہیں ہے اللہ تعالی کو پتہ ہے۔ لیکن بہرحال اگر اس تعداد کے مطابق کریں گے تو پھر یہ چیز ملے گی اور اگر یہ تعداد نہیں پوری کریں گے تو پھر وہ چیز نہیں ہوگی۔ کچھ اس کے اپنے فوائد تو ہوں گے ظاہر ہے سبحان اللہ کا اپنا فائدہ ہے، "الحمدللہ" کا اپنا ہے، "اللہ اکبر" کا اپنا ہے، لیکن اس تعداد کے ساتھ جو فوائد ہیں وہ چیز ان کو نہیں ملے گی۔
اس طرح ہمارے بزرگوں نے جو فرمایا کہ سو دفعہ تیسرا کلمہ، سو دفعہ درود شریف، سو دفعہ استغفار روزانہ صبح شام یا ایک دفعہ کریں تو یہ بھی مسنون اذکار میں کہا جاتا ہے، اس کے بھی بڑے فضائل ہیں۔ اب اگر یہ فضائل کسی نے لینے ہوں تو ظاہر ہے اسی کے مطابق کریں گے۔ ہاں بلا تعداد اپنا کچھ اور مقرر کر لے، اس کے بارے میں میں اکثر عرض کرتا رہتا ہوں کہ جو ہمارے ساتھی ہیں ان کو میں ایک generally وظیفہ بتاتا ہوں کہ مطلب یہ ہے کہ عام لوگ اس کو کر سکتے ہیں کہ صبح سے لے کے دوپہر تک جتنا وقت ان کے پاس ہو اس میں تو پڑھیں: "لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ"، اور دوپہر سے لے کے مغرب تک جتنا وقت ان کے پاس ہو جس جتنا بھی ذکر کر سکتے ہوں اس میں پڑھیں: درود شریف، اور مغرب کے بعد جتنا وقت ان کے پاس ہو اس میں پڑھیں: "استغفار"۔ تو یہ کہ گویا کہ یہ ایک تھوڑا سا ایک خاکہ ہے ہماری زندگی کا، کہ ہماری زندگی کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے اسی پہ ہم قائم ہیں کہ ہماری ابتدا کلمہ طیبہ سے ہے، ہماری اصل اساس یہی ہے، اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس کے ذریعہ ہے اور درود شریف اس کا وہ کیا ہے نمائندہ ہے۔ اور استغفار کوئی کمی بیشی جب ہوتی ہے تو اخیر میں استغفار ہی سے مسئلہ حل ہوتا ہے، وہ کوتاہیوں کا ازالہ ہوتا ہے۔ تو مطلب یہ ہے کہ یہ اگر دن میں ہم کرتے رہیں تو ان شاء اللہ اس کا بڑا فائدہ ہوگا بے تعداد اگر ہم نے کرنا ہے۔ ٹھیک ہے نا؟
تو باقی یہ ہے کہ جو دوسرا قسم کا ذکر ہے وہ ہے ذکر "اصلاحی"۔ تو اصلاحی ذکر کی مثال ہوتی ہے جیسے کہ دوائی۔ ٹھیک ہے؟ جیسے کہ دوائی۔ اب دوائی میں جیسے ڈاکٹر بتاتا ہے اسی طرح کرنا ہوتا ہے۔ اگر بتایا ہے کہ صبح دوپہر شام ایک ایک پیراسیٹامول کی گولی کھانی ہے، اور آپ ذرا اپنا اجتہاد کر لیں کہ چلو جی ڈاکٹر صاحب نے تین گولیاں کہی ہیں نا تو چلو تین گولیاں اکٹھی صبح ہی کھا لو، کیا خیال ہے؟ کیا ہو جائے گا؟ مسئلہ ہو جائے گا۔ کوئی بھی اس طرح کرنے کو تیار نہیں ہے۔ اور اگر یہ کیڑوں کی دوائی ہوتی ہے وہ اکٹھی کھانی ہوتی ہے ساری، ڈاکٹر صاحب کہتے ہیں پوری بوتل آپ نے کھانی ہے، انہوں نے کہا پوری بوتل ہی کھانی ہے نا تو چلو 24 گھنٹے میں تھوڑا تھوڑا تقسیم کر لوں، میں تھوڑا تھوڑا میں تقسیم کر لوں دو دو گھنٹے میں تو میں کھا لوں، تو کیا خیال ہے؟ فائدہ نہیں ہو گا۔ اب اس میں دونوں طرح مثالیں آ گئیں، کہ نہ تو آپ نے کم کرنا ہے نہ زیادہ کرنا ہے، اور تعداد جیسے کہ جس طرح ہی بتائی گئی اسی طرح کرنا ہے تو یہ روحانی اذکار کا بھی یہی بات ہے۔
حتی کہ اس کی ترتیبوں سے بھی فرق پڑ سکتا ہے۔ مثلا "لا الہ الا اللہ" کا ذکر ہم پہلے کرتے ہیں، پھر "الا اللہ" کرتے ہیں، پھر "اللہ اللہ" کرتے ہیں، پھر "اللہ" کا کرتے ہیں۔ کوئی پہلے "اللہ" کا کرے گا، پھر "لا الہ الا اللہ" کا کرے گا، تو ترتیب بدل گئی، اب اس کا وہ اثر نہیں ہوگا۔ وہ جو اثر "لا الہ الا اللہ" پہلے کا، اور پھر "الا اللہ" کا، اور پھر "اللہ" ہو کا، اور پھر "اللہ" کا، وہ تھا، وہ ایک دفعہ میں مولانا اشرف صاحب رحمۃ اللہ علیہ، اپنے شیخ سے کچھ اس کے بارے میں عرض کرنا چاہا۔ عرض کیا تو حضرت نے فرمایا، حضرت تو مرنجان مرنج تھے، غصہ تو ہوتے نہیں تھے، لیکن اس پر حضرت نے فرمایا: شبیر صاحب! اس میں آپ کا اجتہاد نہیں چلے گا۔ یہ برسوں سے بزرگوں کا تجربہ ہے، اس کو اسی طرح کرنا پڑے گا۔ مطلب دیکھ لیں، اب اس میں ہم کیا، بزرگ اس طرح ہی فرماتے ہیں۔ تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہم لوگوں کو اسی طرح کرنا چاہیے جس طریقے سے بتایا جاتا ہے، اگر آپ اس کو دوائی سمجھتے ہیں۔
ایک دفعہ آسٹریلیا کے ایک صاحب تھے، تو اس نے مجھ سے ذکر خفی کے بارے میں کہا کہ میرا دل چلتا تھا۔ پاکستان میں یہاں آ کر تو چھوٹ گیا، تو آپ ذرا طریقہ بتائیں۔ میں نے اس سے کہا اچھا، ہمارے ہاں تو تین stages ہیں، پہلے لسانی ہوتا ہے، پھر جہری ہوتا ہے، پھر قلبی ہوتا ہے۔ تو اگر آپ اس کے لیے تیار ہیں تو پھر میں اس طرح آپ کو دیتا ہوں۔ تو وہ تیار ہو گئے، تو پھر اس کے بعد میں نے اسے ذکر جب دے دیا، تو اس کا ای میل آ گیا۔ مجھے کہا: can i split it؟ مطلب یہ ہے کہ میں کیا اس کو دو حصوں میں تقسیم کر سکتا ہوں؟ "سبحان الله والحمد لله ولا اله الا الله والله اكبر" ایک دفعہ کر لوں، پھر اس کے بعد میں کسی اور وقت "لا حول ولا قوة الا بالله العلي العظيم" کر لوں، یا تھوڑا تھوڑا سو سو دفعہ، مطلب میں مختلف اوقات میں کروں۔ تو اس نے پوچھا: can i split it؟ تو میں نے جواب اسی انداز میں دیا۔ میں نے کہا: yes you can split it but if you want to do it for ajar. you can't split it if you want to do it for treatment. بس وہ صاحب سمجھدار آدمی تھے، اس نے کہا: i understand، بس اس طریقے سے پھر اس نے کر لیا۔
تو یہ چیز ہے کہ جو علاج والا ذکر ہے، اس کے اندر تو گڑبڑ نہیں ہو گی۔ وہ تو جیسے بتایا جائے گا، اسی طریقے سے کرنا پڑے گا۔ بعض لوگ درمیان میں جو ناغہ کرتے ہیں، اس ناغے کے اثرات ہوتے ہیں۔ اور حیرت کی بات ہوتی ہے کہ جب مجھے فون کرتے ہیں اپنے ناغے کے بارے میں، تو اس میں معذرت کرتے ہیں کہ حضرت معاف کیجیے گا، میں اپنا ذکر جو ہے وہ اس میں ناغے ہو رہے ہیں۔ میں حیران ہوتا ہوں کہ مجھ سے معذرت کیوں کرتے ہیں؟ کبھی کسی ڈاکٹر سے معذرت کیا ہے اگر کوئی دوائی نہیں کھاتا؟ اگر کوئی دوائی نہیں کھاتا تو ڈاکٹر سے معذرت نہیں کرتا، بس اپنے اوپر افسوس کرتا ہے۔
مثال کے طور پر اگر آپ کسی ڈاکٹر نے آپ کو بتایا کہ آپ نے vibramycin کی ایک ایک کیپسول روزانہ کھانی ہے، اور آپ درمیان میں دو دن تو کھا لیں اور تین دن نہ کھائیں اور پھر چوتھے دن، پانچویں دن سے پھر بعد میں شروع کر لیں اور ڈاکٹر صاحب کے پاس آ جائیں کہ ڈاکٹر صاحب معاف کیجیے گا درمیان میں تین دن تو مجھ سے رہ گئے تھے، تو ڈاکٹر صاحب کیا جواب دیں گے؟ ڈاکٹر صاحب کہیں گے: بھائی میں اگر آپ کو ایک کروڑ مرتبہ بھی معاف کر لوں تو آپ کو فائدہ نہیں ملے گا۔ جو نقصان آپ کر چکے ہیں اب وہ نقصان میں واپس نہیں کر سکتا معافیوں سے۔ وہ چیز اور ہے، وہ دوائی کے ساتھ متعلق ہے، وہ معافی کے ساتھ متعلق نہیں ہے۔ معافی کے ساتھ تو وہ متعلق ہے جو آپ نے کسی کی گستاخی کی ہو، آپ نے کسی کا حق مارا ہو، آپ نے اس کو کوئی نقصان پہنچایا ہو، تو اس سے معافی مانگنا ضروری ہے۔ مثلاً ڈاکٹر صاحب کی میز سے کوئی چیز چرا لے تو اس کی تو معافی ضرور مانگ لینا، لیکن یہ تو اس کی معافی کیا مانگنی کہ میں نے دوائی نہیں کھائی، اس پہ تو اپنے اوپر افسوس کر لیں بس یہ بات ہے۔ اور آئندہ توبہ کر لیں اس سے، آئندہ کہیں کہ بھئی میں اس طرح نہیں کروں گا۔ مجھ سے اگر کوئی معافی کے لیے کہتا ہے تو میں کہتا ہوں: بھئی میں آپ کو سو دفعہ معاف کر چکا ہوں لیکن اپنا انتظام خود کر لیں، اس کے ساتھ میں کچھ نہیں کر سکتا۔
باقی یہ ہے کہ تھوڑی بہت کی گنجائش ضرور ہے۔ ڈاکٹر بھی کہتے ہیں۔ مثلا میں ڈاکٹر صاحب سے کہتا ہوں: ڈاکٹر صاحب یہ گولی مجھے اٹھ بجے کھانی تھی لیکن فلاں مسئلہ ہو گیا دس بجے کھا لی۔ کہے گا: نہیں نہیں کوئی بات نہیں، دو تین گھنٹے کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ ٹھیک ہے، ہو جاتا ہے۔ لیکن ideal کیا situation ہے؟ اسی وقت پہ ہونا چاہیے۔ کیونکہ ایک شخص ہے 80 فیصد پہ اگر A grade ہے، تو کسی کے seventy nine نمبر ہیں، تو آپ کہتے ہیں یار اب دیکھیں ایک نمبر پہ اس کا A grade رہتا ہے چلو جی seventy nine پہ A grade دے دو۔ تو اب اگر آپ نے seventy nine پہ کیا ہے تو seventy eight والا بھی کہہ سکتا ہے جی ایک نمبر کی بات ہے۔ seventy eight پر کر لیا تو پھر seventy seven والا کہے گا جی ایک نمبر کی تو بات ہے۔ تو کہاں ٹھہریں گے؟ کہیں تو رکیں گے نا مطلب، رکنا تو پڑے گا نا۔ اصول اصول ہے۔
اس وجہ سے اپنے لیے اصول اور ضابطہ اس طرح بنانا چاہیے کہ بھئی میں نے جس وقت شروع کیا، اسی وقت پہ کروں گا، اتنی تعداد میں کروں گا۔ سو کا ایک سو ایک ہو جائے، تو میرا خیال ہے کہ اس میں وہ مسئلہ تو نہیں ہوگا کہ جیسے ناغہ کا ہوتا ہے۔ لیکن تھوڑا بہت فرق ضرور آئے گا، یقینا آئے گا، لیکن کم ہوگا۔ تو کیا خیال ہے کوئی کم نقصان اپنا برداشت کرنے کے لیے تیار ہے؟ فرق تو کچھ نہ کچھ پڑے گا۔ تو اس وجہ سے خیال رکھنا چاہیے کہ اس کو اپنے وقت پہ کرے، اتنی مقدار میں کرے جتنی مقدار میں کہا گیا ہے۔