"حقیقی ایمان کے تقاضے: دینی ترجیحات اور محبتِ الٰہی کا امتحان"

درس نمبر 312، سورہ التوبۃ 13 تا 24 اشاعتِ اول: 14 15 اور 16 نومبر، 2022، بمطابق 18 ،19 اور 20 ربیع الثانی ، 1444 ہجری

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  • مسلمانوں کو عہد شکن کفار سے جنگ کا حکم ہے۔
  • دین کا کوئی بھی کام حکمت اور تدریج سے کریں۔
  • ایمان کے بغیر کیے گئے تمام اعمال غارت ہوجاتے ہیں۔
  • فرض جماعت ملنے پر فجر کی سنتیں چھوڑنی پڑیں گی۔
  • کفر پسند کرنے والے رشتہ داروں کو سرپرست نہ بنائیں۔
  • دینی فرائض میں رکاوٹ بننے والی نعمتیں عذاب ہیں

الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔

فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔

اَلَا تُقَاتِلُوْنَ قَوْمًا نَّكَثُـوْۤا اَیْمَانَهُمْ وَ هَمُّوْا بِاِخْرَاجِ الرَّسُوْلِ وَ هُمْ بَدَءُوْكُمْ اَوَّلَ مَرَّةٍ ؕ اَتَخْشَوْنَهُمْ ۚ فَاللّٰهُ اَحَقُّ اَنْ تَخْشَوْهُ اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ (13) قَاتِلُوْهُمْ یُعَذِّبْهُمُ اللّٰهُ بِاَیْدِیْكُمْ وَ یُخْزِهِمْ وَ یَنْصُرْكُمْ عَلَیْهِمْ وَ یَشْفِ صُدُوْرَ قَوْمٍ مُّؤْمِنِیْنَ ۙ (14) وَ یُذْهِبْ غَیْظَ قُلُوْبِهِمْ ؕ وَ یَتُوْبُ اللّٰهُ عَلٰى مَنْ یَّشَآءُ ؕ وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌ حَكِیْمٌ (15) اَمْ حَسِبْتُمْ اَنْ تُتْرَكُوْا وَ لَمَّا یَعْلَمِ اللّٰهُ الَّذِیْنَ جٰهَدُوْا مِنْكُمْ وَ لَمْ یَتَّخِذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ وَ لَا رَسُوْلِهٖ وَ لَا الْمُؤْمِنِیْنَ وَلِیْجَةً ؕ وَ اللّٰهُ خَبِیْرٌۢ بِمَا تَعْمَلُوْنَ (16)

ترجمہ: کیا تم اُن لوگوں سے جنگ نہیں کرو گے جنہوں نے اپنی قسموں کو توڑا، اور رسول کو (وطن سے) نکالنے کا ارادہ کیا، اور وہی ہیں جنہوں نے تمہارے خلاف (چھیڑ چھاڑ کرنے میں) پہل کی؟

حاشیہ: اس کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ انہوں نے مکہ مکرمہ میں ظلم شروع کیا، اور یہ بھی کہ انہوں نے صلح حدیبیہ کو توڑنے میں پہل کی۔

ترجمہ: کیا تم اُن سے ڈرتے ہو؟ (اگر ایسا ہے) تو اللہ اس بات کا زیادہ حق رکھتا ہے کہ تم اُس سے ڈرو، اگر تم مومن ہو ﴿13﴾ ان سے جنگ کرو، تاکہ اللہ تمہارے ہاتھوں سے ان کو سزا دلوائے، اُنہیں رُسوا کرے، اُن کے خلاف تمہاری مدد کرے، اور مومنوں کے دل ٹھنڈے کر دے، ﴿14﴾ اور اُن کے دل کی کڑھن دُور کر دے، اور جس کی چاہے توبہ قبول کرلے۔

حاشیہ: یعنی اس کا بھی امکان ہے کہ کفار توبہ کر کے مسلمان ہو جائیں۔ چنانچہ بہت سے لوگ اس کے بعد واقعی مسلمان ہوئے۔

ترجمہ: اور اللہ کا علم بھی کامل ہے، حکمت بھی کامل ﴿15﴾ بھلا کیا تم نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ تمہیں یونہی چھوڑ دیا جائے گا، حالانکہ ابھی اللہ نے یہ تو دیکھا ہی نہیں کہ تم میں سے کون لوگ جہاد کرتے ہیں، اور اللہ، اُس کے رسول اور مومنوں کے سوا کسی اور کو خصوصی راز دار نہیں بناتے؟

حاشیہ: بظاہر اس کا اشارہ اُن حضرات کی طرف ہے جو فتح مکہ کے بعد مسلمان ہوئے تھے، اور ابھی تک ان کو کسی جہاد میں شرکت کا موقع نہیں ملا تھا۔ ورنہ دوسرے صحابہؓ تو فتح مکہ سے پہلے بہت سی جنگوں میں حصہ لے چکے تھے۔ ان نو مسلموں سے کہا جا رہا ہے کہ اُن کو بھی جہاد کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ اگرچہ اعلانِ براءت کے بعد کسی بڑی جنگ کی نوبت نہیں آئی، لیکن ان حضرات کو پوری قوت سے تیار رہنے کی تاکید اس لئے کی گئی ہے کہ وہ اپنی رشتہ داریوں کی وجہ سے کہیں اس اعلانِ براءت کے تمام تقاضوں پر عمل کرنے سے ہچکچانے نہ لگیں، اسی لئے جہاد کے ساتھ ساتھ یہ بھی فرمایا گیا کہ وہ اللہ، اُس کے رسول اور مومنوں کے سوا کسی سے دوستی یا راز داری کا خصوصی تعلق نہ رکھیں۔ واللہ سبحانہ اعلم۔

اللہ پاک ہم سب کو قرآن صحیح سمجھنے کی اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مَا كَانَ لِلْمُشْرِكِیْنَ اَنْ یَّعْمُرُوْا مَسٰجِدَ اللّٰهِ شٰهِدِیْنَ عَلٰۤى اَنْفُسِهِمْ بِالْكُفْرِ ؕ اُولٰٓىٕكَ حَبِطَتْ اَعْمَالُهُمْ ۚ ۖ وَ فِی النَّارِ هُمْ خٰلِدُوْنَ(17) اِنَّمَا یَعْمُرُ مَسٰجِدَ اللّٰهِ مَنْ اٰمَنَ بِاللّٰهِ وَ الْیَوْمِ الْاٰخِرِ وَ اَقَامَ الصَّلٰوةَ وَ اٰتَى الزَّكٰوةَ وَ لَمْ یَخْشَ اِلَّا اللّٰهَ فَعَسٰۤى اُولٰٓىٕكَ اَنْ یَّكُوْنُوْا مِنَ الْمُهْتَدِیْنَ(18) اَجَعَلْتُمْ سِقَایَةَ الْحَآجِّ وَ عِمَارَةَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ كَمَنْ اٰمَنَ بِاللّٰهِ وَ الْیَوْمِ الْاٰخِرِ وَ جٰهَدَ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ ؕ لَا یَسْتَوٗنَ عِنْدَ اللّٰهِ ؕ وَ اللّٰهُ لَا یَهْدِی الْقَوْمَ الظّٰلِمِیْنَ (19) اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ هَاجَرُوْا وَ جٰهَدُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ بِاَمْوَالِهِمْ وَ اَنْفُسِهِمْ ۙ اَعْظَمُ دَرَجَةً عِنْدَ اللّٰهِ ؕ وَ اُولٰٓىٕكَ هُمُ الْفَآىٕزُوْنَ (20)

ترجمہ: مشرکین اس بات کے اہل نہیں ہیں کہ وہ اللہ کی مسجدوں کو آباد کریں،

حاشیہ: مشرکین مکہ اس بات پر فخر کیا کرتے تھے کہ وہ مسجد حرام کے پاسبان ہیں، اُس کی خدمت، دیکھ بھال اور تعمیر جیسے نیک کام انجام دیتے ہیں، اس لئے اُن کو مسلمانوں پر فوقیت حاصل ہے۔ اس آیت نے ان کے اس زعمِ باطل کی تردید فرمائی ہے، اور وہ اس طرح کہ مسجد حرام یا کسی بھی مسجد کی خدمت یقیناً بڑی عبادت ہے، بشرطیکہ وہ ایمان کے ساتھ ہو، کیونکہ مسجد کا اصل مقصد اللہ تعالیٰ کی ایسی عبادت ہے جس میں اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کو شریک نہ ٹھہرایا جائے۔ اگر یہ بنیادی مقصد ہی مفقود ہو تو مسجد کی خدمت کا کیا فائدہ؟ لہٰذا کفر و شرک کے ساتھ کوئی ھی شخص مسجد کا پاسبان بننے کا اہل نہیں ہے۔ چنانچہ آگے آیت نمبر 28 میں مشرکین کو یہ حکم سنا دیا گیا ہے کہ اب وہ ان کاموں کے لئے مسجد حرام کے قریب بھی نہیں آسکیں گے۔

لیکن اس مسئلے میں آپ ذرا غور سے دیکھیں کہ جس وقت تک اتنی طاقت حاصل نہیں ہوئی تھی کہ ان کو اس سے بے دخل کیا جائے تو اس وقت تک صبر ہی کا حکم تھا۔ اور جس وقت وہ طاقت حاصل ہو گئی تو اس وقت پھر یہ حکم نافذ ہو گیا۔ تو اللہ جل شانہ کی جو تربیت ہے یعنی امت مسلمہ کی وہ تدریجی انداز میں ہوئی ہے۔ اور اس میں بڑی حکمتیں شامل تھیں۔ تو یہ ہم لوگوں کو بھی اگر کوئی کام دین کا کرنا ہے۔ تو اس طریقے سے کرنا ہے کہ اس میں حکمت بھی ہو اور ضروری جو تدریج ہے وہ بھی اس میں ملحوظ ہو۔

ترجمہ: حالانکہ وہ خود اپنے کفر کے گواہ بنے ہوئے ہیں۔ ان لوگوں کے تو اعمال ہی غارت ہو چکے ہیں، اور دوزخ ہی میں اُن کو ہمیشہ رہنا ہے ﴿17﴾

یعنی ایمان کے ساتھ جو عمل کیا جاتا ہے اس کے تو ظاہر ہے مطلب ہے کہ دونوں صورتیں ہیں۔ یعنی اگر اچھا عمل ہے تو ثواب ہے اور غلط عمل ہے تو گناہ ہے، اس کا ظاہر ہے مطلب اللہ چاہے تو سزا دے۔ لیکن اگر ایمان نہیں ہے تو جو بھی اعمال ہیں وہ سارے کے سارے غارت ہیں تو کوئی فائدہ نہیں ہے، آخرت میں، دنیا میں اس کا فائدہ ہو سکتا ہے۔

ترجمہ: اللہ کی مسجدوں کو تو وہی لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان لائے ہوں، اور نماز قائم کریں، اور زکوٰۃ ادا کریں، اور اللہ کے سوا کسی سے نہ ڈریں۔ ایسے ہی لوگوں سے یہ توقع ہو سکتی ہے کہ وہ صحیح راستہ اختیار کرنے والوں میں شامل ہوں گے ﴿18﴾ کیا تم لوگوں نے حاجیوں کو پانی پلانے اور مسجدِ حرام کے آباد رکھنے کو اُس شخص کے (اعمال کے) برابر سمجھ رکھا ہے جو اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان لایا ہے، اور جس نے اللہ کے راستے میں جہاد کیا ہے۔

تو یہاں مشرکین کا جو زعم باطل ہے اس کے اوپر یعنی چوٹ ہے۔

حاشیہ: اس آیتِ کریمہ نے یہ اُصول بھی بتا دیا ہے کہ تمام نیک کام ایک درجے کے نہیں ہوتے، اگر کوئی شخص فرائض تو ادا نہ کرے، اور نفلی عبادتوں میں لگا رہے تو یہ کوئی نیکی نہیں ہے۔ حاجیوں کو پانی پلانا بیشک ایک نیک کام ہے، مگر وہ نفلی حیثیت رکھتا ہے۔ اور مسجد حرام کی دیکھ بھال بھی بعض حیثیتوں سے فرض کفایہ، اور بعض حیثیتوں سے نفلی عبادت ہے۔ اس کے مقابلے میں ایمان انسان کی نجات کے لئے بنیادی شرط ہے، اور جہاد کبھی فرضِ عین اور کبھی فرضِ کفایہ۔ لہٰذا کسی کو صرف ان خدمات کی وجہ سے کسی مؤمن پر فوقیت حاصل نہیں ہو سکتی۔

یعنی یہاں پر ایک قاعدہ ہمارے ہاتھ آ گیا۔ کہ جو ترتیب اللہ پاک نے اعمال میں رکھی ہے یعنی فرض، واجب، سنت اور نفل۔ تو اس کے مطابق ہماری ترجیحات ہونی چاہیے۔ مثلاً اگر کوئی نفلی کام میں کرتا ہوں، اس سے فرض پر اثر پڑتا ہے تو وہ نفلی کام مجھے چھوڑنا پڑے گا۔ یا واجب ہے تو واجب کے لیے چھوڑنا پڑے گا۔ اب یہ جو صبح سنتیں ہوتی ہیں ہماری فجر کی، بہت اہم سنتیں ہیں۔ یہاں تک فرمایا گیا ہے کہ اگر گھوڑے کے پاؤں کے تلے روندے جاؤ پھر بھی ان کو نہ چھوڑو۔ لیکن اگر نماز جو جماعت ہے نماز کی، وہ اگر مطلب آپ اس طرح سنتیں پڑھیں کہ وہ نماز آپ سے رہ جائے تو آپ کو سنتیں چھوڑنی پڑیں گی۔ اس وقت آپ سنتیں چھوڑیں گے، جماعت میں شامل ہوں گے اور اس کے بعد اشراق کے بعد اس کو پڑھیں گے۔ اور وہ بھی نفل ہوگا۔ تو مقصد یہ ہے کہ۔ یعنی ترجیحات، اس کو سامنے رکھنا ہوگا۔ بغیر ترجیحات کے ان چیزوں کی سمجھ نہیں آ سکتی۔ تو یہاں پر بھی جو فرمایا گیا ہے کہ جن لوگوں نے جہاد کیا ہے اور جن لوگوں نے ایمان کے ساتھ نماز پڑھی ہے، زکوٰۃ دی ہے۔ تو ان کی طرح تو نہیں ہیں۔ لَا يَسْتَوُوْنَ عِنْدَ اللّٰهِ، اللہ کے نزدیک وہ ایک جیسے تو نہیں ہیں۔

ترجمہ: اللہ کے نزدیک یہ سب برابر نہیں ہو سکتے۔ اور اللہ ظالم لوگوں کو منزلِ مقصود تک نہیں پہنچاتا ﴿19﴾ جو لوگ ایمان لے آئے ہیں، اور انہوں نے اللہ کے راستے میں ہجرت کی ہے، اور اپنے مال اور اپنی جانوں سے جہاد کیا ہے، وہ اللہ کے نزدیک درجے میں کہیں زیادہ ہیں، اور وہی لوگ ہیں جو کامیاب ہونے والے ہیں ﴿20﴾

اَللّٰهُمَّ اجْعَلْنَا مِنْهُمْ۔

یُبَشِّرُهُمْ رَبُّهُمْ بِرَحْمَةٍ مِّنْهُ وَ رِضْوَانٍ وَّ جَنّٰتٍ لَّهُمْ فِیْهَا نَعِیْمٌ مُّقِیْمٌ (21) خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۤ اَبَدًا ؕ اِنَّ اللّٰهَ عِنْدَهٗۤ اَجْرٌ عَظِیْمٌ (22) یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوْۤا اٰبَآءَكُمْ وَ اِخْوَانَكُمْ اَوْلِیَآءَ اِنِ اسْتَحَبُّوا الْكُفْرَ عَلَى الْاِیْمَانِ ؕ وَ مَنْ یَّتَوَلَّهُمْ مِّنْكُمْ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الظّٰلِمُوْنَ (23) قُلْ اِنْ كَانَ اٰبَآؤُكُمْ وَ اَبْنَآؤُكُمْ وَ اِخْوَانُكُمْ وَ اَزْوَاجُكُمْ وَ عَشِیْرَتُكُمْ وَ اَمْوَالُ اقْتَرَفْتُمُوْهَا وَ تِجَارَةٌ تَخْشَوْنَ كَسَادَهَا وَ مَسٰكِنُ تَرْضَوْنَهَاۤ اَحَبَّ اِلَیْكُمْ مِّنَ اللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖ وَ جِهَادٍ فِیْ سَبِیْلِهٖ فَتَرَبَّصُوْا حَتّٰى یَاْتِیَ اللّٰهُ بِاَمْرِهٖ ؕ وَ اللّٰهُ لَا یَهْدِی الْقَوْمَ الْفٰسِقِیْنَ (24)

صَدَقَ اللّٰهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ.

ترجمہ: اُن کا پروردگار انہیں اپنی طرف سے رحمت اور خوشنودی کی، اور ایسے باغات کی خوشخبری دیتا ہے جن میں اُن کے لئے دائمی نعمتیں ہیں ﴿21﴾ وہ ان میں ہمیشہ رہیں گے۔ یقینا اللہ ہی ہے جس کے پاس عظمت والا اجر موجود ہے ﴿22﴾ اے ایمان والو! اگر تمہارے باپ بھائی کفر کو ایمان کے مقابلے میں ترجیح دیں تو اُن کو اپنا سرپرست نہ بناؤ ،

حاشیہ: اس کا مطلب یہ ہے کہ اُن سے ایسے تعلقات نہ رکھو جو تمہارے لئے دینی فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ بن جائیں۔ جہاں تک اپنے ایمان اور دینی فرائض کا تحفظ کرتے ہوئے اُن کے ساتھ حسنِ سلوک کا تعلق ہے، اُس کو قرآن کریم نے مستحسن قرار دیا ہے (دیکھئے سورۂ لقمان، 31: 15، اور سورۂ ممتحنہ 60: 8)۔

ترجمہ: اور جو لوگ اُن کو سرپرست بنائیں گے، وہ ظالم ہوں گے ﴿23﴾ (اے پیغمبر !مسلمانوں سے) کہہ دو کہ: ”اگر تمہارے باپ، تمہارے بیٹے، تمہارے بھائی، تمہاری بیویاں، اور تمہارا خاندان، اور وہ مال و دولت جو تم نے کمایا ہے، اور وہ کاروبار جس کے مندا ہونے کا تمہیں اندیشہ ہے، اور وہ رہائشی مکان جو تمہیں پسند ہیں، تمہیں اللہ اور اُس کے رسول سے، اور اُس کے راستے میں جہاد کرنے سے زیادہ محبوب ہیں، تو انتظار کرو، یہاں تک کہ اللہ اپنا فیصلہ صادر فرمادے ،

حاشیہ: فیصلے سے مراد سزا کا فیصلہ ہے۔ اس آیت نے واضح فرمادیا ہے کہ ماں باپ، بھائی بہن، بیوی بچے، مال و دولت، گھر جائیداد، تجارت اور کاروبار، ہر چیز اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے، لیکن اُسی وقت جب وہ اللہ تعالیٰ کے احکام بجالانے میں رکاوٹ نہ بنے۔ اگر رکاوٹ بن جائے تو یہی چیزیں انسان کے لئے عذاب بن جاتی ہیں۔

ترجمہ: اور اللہ نافرمان لوگوں کو منزل تک نہیں پہنچاتا ﴿24﴾

اللہ جل شانہ ہم سب کو ایسے امتحانات سے محفوظ فرمائے۔ اور اللہ پاک ہمیں سیدھے راستے پہ قائم رکھے۔

وَاٰخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ۔