حج کی تاریخ، تعمیرِ کعبہ اور قربانیٔ ابراہیمی کا پس منظر (حصہ چہارم)
سیرت النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم، جلد 5، حج، اشاعت اول: 5 نومبر 2020 بمطابق: 19 ربیع الاول 1442 ہجری، (حصہ چہارم)
- حج اسلام کا چوتھا رکن اور خدا پرستی کا وہ قدیم طریقہ ہے جو مکہ میں ابراہیمی اعمال بجا لانے کا نام ہے۔
- حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ہجرت کر کے اپنی اولاد کو تجارتی شاہراہوں پر آباد کیا تاکہ ظالم و مشرک قوموں سے دور توحید کی تبلیغ کی جا سکے۔
- انبیاء کا دستور تھا کہ تجلیاتِ الٰہی کے مقام پر بیت اللہ تعمیر کرتے، اور اسی تسلسل میں خانہ کعبہ دنیا میں خدا کا پہلا گھر ہے۔
- ملتِ ابراہیمی کی بنیاد قربانی ہے، جو محض خون اور گوشت کے بجائے اللہ کے حکم پر اپنی خواہشات اور جذبات کو فنا کر دینے کا نام ہے۔
- اسلام کے معنی خود کو خدا کے سپرد کرنے کے ہیں، اور قرآن نے باپ بیٹے کی اسی کامل فرمانبرداری کو ملتِ ابراہیمی اور اسلام کہا ہے۔
- تورات کے قدیم تراجم میں مذکور قربانی کی جگہ موریا درحقیقت مکہ کی پہاڑی مروہ ہے، اور یہ قربانی حضرت اسماعیل علیہ السلام ہی کی تھی۔
- خانہ کعبہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ایجاد نہیں ہے بلکہ انہوں نے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے ساتھ مل کر اس پرانے گھر کی بنیادیں دوبارہ بلند کیں۔
- زبور میں مکہ و بکہ کے ناموں سمیت قدیم یونانی اور رومی تاریخوں میں بھی اس مقدس معبد اور حج کے مہینوں کا واضح ثبوت ملتا ہے۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَىٰ خَاتَمِ النَّبِيِّينَ أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ۔ آج جمعے کی رات ہے اور جمعے کی رات ہمارے ہاں حضرت سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی مرتب کردہ سیرت النبی کی کتاب، اس سے درس ہوتا ہے۔ حضرت کا درس بڑا نادر ہے۔ کیونکہ اس میں حضرت نے سیرت کے عنوان سے جو ہمارے مذہبی فریضے ہیں، ان کا جو بہترین تجزیہ فرمایا ہے کہ یہ کس طریقے سے مطلب یعنی فرض ہوئے ہیں اور اس کی تفصیلات کیا ہیں اور گزشتہ امتوں کے ساتھ اس کی کیا باتیں مشترک ہیں اور کچھ کیا مختلف ہیں۔ اور جو مختلف ہیں اس کی کیا کیا وجوہات ہیں، بڑی خوبصورتی کے ساتھ، بڑی جامعیت کے ساتھ حضرت نے یہ جمع فرمایا ہے۔ اگرچہ معلومات کے لحاظ سے تو بہت ساری کتابوں سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، لیکن اس مقصد کے لیے کہ ان کی جو وجہ ہے اور اس قسم کی جو تجزیہ نگاری ہے، اس کے لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو یہ بہت ہی عجیب انداز میں حضرت نے اس کو جمع فرمایا ہے۔ تو آج انشاء اللہ حج کے بارے میں بات ہوگی، آپ کو خود ہی ان شاء اللہ پتہ چلتا جائے گا کہ کس طریقے سے حضرت نے باتیں فرمائی ہیں۔
﴿وَلِلّٰهِ عَلَى النَّاسِ حِجُّ الْبَيْتِ ﴾ (آل عمران۔ ۱۰) حج اسلام کی عبادت کا چوتھا رکن، اور انسان کی خدا پرستی اور عبادت کا پہلا اور قدیم طریقہ ہے۔ اس کے لفظی معنی قصد اور ارادہ کے ہیں اور اس سے مقصود خاص مذہبی قصد اور ارادہ سے کسی مقدس مقام کا سفر ہے لیکن اسلام میں یہ ملک عرب کے شہر مکہ میں جا کر وہاں کی حضرت ابراہیمؑ کی بنائی ہوئی مسجد خانہ کعبہ کے گرد چکر لگانے اور مکہ کے مختلف مقدس مقامات میں حاضر ہو کر کچھ آداب اور اعمال بجالانے کا نام ہے۔
انسانی تمدن کی ابتدائی تاریخ پڑھنے والوں کو معلوم ہے کہ انسانی جماعت کی ابتدائی شکل خاندان اور خانوادہ کی صورت میں تھی۔ اس سے آگے بڑھی تو چند خیموں اور جھونپڑیوں کی ایک مختلف سی آبادی بنی۔ پھر وہ شہر کی صورت میں منتقل ہوئی، اس سے ترقی کر کے اس نے ایک قوم ایک ملک کا قالب اختیار کیا اور بالآخر وہ تمام دنیا پر چھا گئی۔ مکہ اس انسانی ترقی کے تمام مدارج اور مراتب کی ایک مرتب تاریخ ہے، وہ حضرت ابراہیم خلیلؑ کے عہد میں ایک خاندان کا تبلیغی مستقر بنا۔ پھر حضرت اسماعیلؑ کے زمانہ میں وہ چند خیموں اور جھونپڑیوں کی مختصر سی آبادی کی صورت میں ظاہر ہوا۔ پھر رفتہ رفتہ اس نے عرب کے مذہبی شہر کی جگہ حاصل کر لی، اور محمد رسول اللہ ﷺ کی بعثت کے بعد وہ اسلامی دنیا کا مذہبی مرکز قرار پایا۔
دنیا کی ابتدائی آبادی کے عہد میں یہ دستور تھا کہ ہر آبادی کے محصورانہ احاطہ میں دو خاص با عظمت مکان بنائے جاتے تھے۔ ایک اس آبادی کے بادشاہ کا محل یا قلعہ اور دوسرے اس آبادی کے کاہن کا معبد ہوتا تھا۔ عموماً ہر آبادی کسی نہ کسی دیوتا یا ستارہ کی طرف منسوب ہو کر اس کی حفاظت اور پناہ میں ہوتی تھی اور اسی محافظ دیوتا یا ستارہ کی وہاں پوجا ہوتی تھی۔ اس کے معبد کا صحن دارالامن ہوتا تھا۔ نذرانہ کی تمام رقمیں اور پیداواریں اس میں جمع ہوتی تھیں اور جیسے جیسے اس آبادی کی بادشاہی اور حکمرانی بڑھتی جاتی تھی اس دیوتا کی حکومت کا رقبہ بھی بڑھتا جاتا تھا۔ حضرت ابراہیمؑ کا آبائی وطن عراق تھا جہاں کلدانیوں کی آبادی اور حکومت تھی۔ یہاں بھی بدستور ستاروں کی پوجا ہوتی تھی۔ حضرت ابراہیمؑ نے نبوت پا کر ستارہ پرستی کے خلاف دنیا میں سب سے پہلی آواز بلند کی اور ایک خدا کی پرستش کی دعوت دی۔ ان کے خاندان اور قوم کے لوگوں نے ان کو اس کے لئے تکلیفیں دیں اور بالآخر ان کو اپنا وطن چھوڑ کر شام مصر اور عرب کی طرف ہجرت کرنی پڑی۔ یہ تمام وہ مقامات تھے جن میں سام کی اولاد پھیلی ہوئی تھی اور مختلف ناموں سے ان کی حکومتیں قائم تھیں۔ آثار قومیات، لسانیات اور دوسرے تاریخی قرائن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ عرب کا ملک سامی اقوام کا پہلا مسکن اور پہلی آبادی تھی اور یہیں سے نکل کر وہ یمن اور خلیج فارس کے سواحل سے عراق پہنچی تھیں اور شام و فلسطین گئی تھیں اور مصر میں ہکسوس یا چرواہے (بدو) بادشاہوں کے نام سے حکمران تھیں۔
حضرت ابراہیمؑ نے مختلف شہروں کے سفر کے بعد عرب و شام کی سرحد کا رخ کیا اور بحر میت کے پاس اردن میں اپنے بھتیجے حضرت لوطؑ کو آباد کیا۔ اپنے بیٹے حضرت اسحاق کو کنعان (فلسطین) میں بسایا، اپنے دوسرے بیٹوں مدین وغیرہ کو حجاز کی طرف بحر احمر کے ساحل پر اس مقام پر جگہ دی جس کو ان کے انتساب سے آج تک مدین کہتے ہیں اور اس سے آگے بڑھ کر فاران کی وادی میں حضرت اسماعیلؑ کی سکونت مقرر کی۔ یہ تمام مقامات وہ شاہراہ تھی جس پر سے مصر و شام، حجاز و یمن اور حجاز و یمن سے مصر و شام آنے جانے والے تاجروں سوداگروں اور قافلوں کا تانتا لگا رہتا تھا۔ اپنی اولاد کو اس خاص سلسلہ سے آباد کرنے سے حضرت ابراہیمؑ کے دو مقصد تھے۔ ایک یہ کہ تجارتی قافلوں کی آمد و رفت کی بنا پر اس کو غلہ اور ضروری سامان کے ملنے میں تکلیف نہ ہو اور ساتھ ہی وہ بھی اس سوداگری میں بہ آسانی شریک ہو سکے اور دوسرا یہ کہ خدا کی خالص توحید کی تبلیغ کے لئے قوموں کے گزرگاہ بہترین تبلیغی مرکز تھے۔ یہاں وہ عراق و شام کی جبار و قہار قوموں کے حدود سے جو مشہور بت پرست اور ستارہ پرست تھیں علیحدہ رہ کر لوگوں میں دین حق کو پھیلا سکتی تھی۔
بیت اللہ
حضرت ابراہیمؑ کا دستور یہ تھا کہ جہاں کہیں ان کو روحانیت کا کوئی جلوہ نظر آتا وہاں خدا کے نام سے ایک پتھر کھڑا کر کے خدا کا گھر اور قربان گاہ بنا لیتے تھے۔ چنانچہ تورات کتاب پیدائش میں ان کی تین قربان گاہوں یا خدا کا گھر بنانے کے واقعات مذکور ہیں: ’’تب خداوند نے ابرام کو دکھائی دے کے کہا کہ یہی ملک میں تیری نسل کو دوں گا اور اس نے وہاں خداوند کے لئے جو اس پر ظاہر ہوا ایک قربان گاہ بنائی اور وہاں سے روانہ ہو کے اس نے بیت ایل (بیت اللہ) کے پورب کے ایک پہاڑ کے پاس اپنا ڈیرہ کھڑا کیا، بیت ایل اس کے پچھم اور عئی اس کے پورب تھا اور وہاں اس نے خدا کے لئے ایک قربان گاہ بنائی اور خداوند کا نام لیا (۱۲۔ ۷-۸)‘‘
اس کے بعد ہے: ’’اور وہ (ابراہیم) سفر کرتا ہوا دکھن سے بیت ایل میں اس مقام تک پہنچا جہاں اس نے شروع میں ایک قربان گاہ بنائی اور وہاں ابراہیم نے خدا کا نام لیا۔‘‘ (۱۳۔ ۴) پھر ایک اور جگہ پہنچے جہاں ان کو خدا کی وحی اور برکت کا پیام پہنچا اور حکم ہوا: ’’اٹھ اور اس ملک کے طول و عرض میں پھر کہ میں اسے تجھ کو دوں گا اور ابراہیم نے اپنا ڈیرہ اٹھایا اور ممرے کے بلوطوں میں جو حبرون میں ہیں جا رہا اور وہاں ایک قربان گاہ بنائی۔‘‘ (۱۳۔ ۱۷-۱۸) اسی قسم کی قربان گاہیں اور خدا کے گھر حضرت اسحاقؑ، حضرت یعقوبؑ اور حضرت موسیٰ نے بھی بنائے اور آخر حضرت داؤدؑ اور حضرت سلیمانؑ نے بیت المقدس کی تعمیر کی جو بنی اسرائیل کا کعبہ اور قبلہ قرار پایا۔ حضرت اسحاقؑ کے حال میں ہے کہ جہاں ان پر وحی اور وعدہ کی بشارت نازل ہوئی۔ ’’اور اس نے وہاں مذبح بنایا اور خداوند کا نام لیا اور وہاں اپنا خیمہ کھڑا کیا اور وہاں اسحاقؑ کے نوکروں نے کنواں کھودا۔‘‘ (پیدائش ۲۶- ۲۵)
حضرت یعقوبؑ کو جہاں مقدس رؤیا ہوئی، وہاں: ’’اور یعقوب صبح سویرے اٹھا اور اس پتھر کو جسے اس نے اپنا تکیہ کیا تھا، کھڑا کیا، اور اس کے سرے پر تیل ڈالا، اور اس مقام کا نام بیت ایل رکھا اور یہ پتھر جو میں نے ستون کھڑا کیا خدا کا گھر ہو گا اور سب میں سے جو تو مجھے دے گا دسواں حصہ (عشر) تجھے (خدا کو) دوں گا‘‘ (۲۸۔ ۱۸-۲۲) حضرت موسیٰؑ کو حکم ہوتا ہے: ’’اور اگر تو میرے لئے پتھر کی قربان گاہ بنائے تو تراشے ہوئے پتھر کی مت بنائیو کیونکہ اگر تو اس کے لئے اوزار لگائے گا تو اسے ناپاک کرے گا، اور تو میری قربان گاہ پر سیڑھی سے ہرگز مت چڑھیو تا کہ تیری برہنگی اس پر ظاہر نہ ہو‘‘ (خروج ۲۰۔ ۲۵-۲۶) حضرت موسیٰؑ نے خدا کے حکم کے بموجب: ’’اور پہاڑ کے تلے ایک قربان گاہ اور بنی اسرائیل کے بارہ فرقوں کے لئے بارہ ستون بنائے اور سلامتی کے ذبیحے بیلوں سے خداوند کے لئے ذبح کئے اور موسیٰ نے آدھا خون لے کے بانسوں میں رکھا اور آدھا قربان گاہ پر چھڑکا‘‘ (خروج ۲۴۔ ۴-۶)
اوپر کے اقتباسات میں اس قسم کی تعمیر یا مکان کا ایک نام (مذبح، قربان گاہ) بتایا گیا ہے اور دوسرا بیت ایل یعنی بیت اللہ اور خدا کا گھر‘ اس سے ثابت ہوا کہ حضرت ابراہیمؑ اور ان کی نسل میں اس قسم کی قربان گاہ اور بیت اللہ بنانے کا دستور تھا، اسی قسم کا وہ گھر ہے جو مکہ معظمہ میں کعبہ، مسجد حرام اور مسجد ابراہیم کے نام سے آج تک قائم ہے بلکہ اس کی نسبت اسلام کا یہ دعویٰ ہے کہ وہ دنیا میں خدا کا پہلا گھر ہے۔
حضرت اسماعیلؑ کی قربانی اور اس کی شرائط:
اس کتاب کی پہلی جلد کے مقدمہ میں یہ بحث تفصیل سے آچکی ہے کہ قرآن پاک کے بموجب حضرت ابراہیمؑ نے اپنے جس محبوب اور اکلوتے بیٹے کی قربانی کا خواب دیکھا تھا اور توراۃ کے مطابق جس کی قربانی کا حکم ہوا تھا، وہ حضرت اسماعیلؑ تھے اور یہ بحث بھی وہیں گزر چکی ہے کہ قربانی کرنے سے توراۃ کے محاورہ میں یہ مقصود ہے کہ وہ خدا کی عبادت گاہ کی خدمت کے لئے نذر کر دیا جائے وہ نذر کردہ جانوروں پر ہاتھ رکھ دیتا تھا اور وہ جانور اس کی طرف قربانی کئے جاتے تھے، جو لوگ خدا کی عبادت گاہ کی خدمت کے لئے نذر کئے جاتے تھے وہ نذر کے دنوں میں سر نہیں منڈاتے تھے جب نذر کے دن پورے ہو جاتے تھے تب ان کا سر مونڈا جاتا تھا، جو قربانی یا نذر پیش کی جاتی تھی وہ پہلے قربان گاہ پر ہلائی یا پھرائی جاتی تھی، اس کے بعد وہ قربانی کی جاتی یا جلائی جاتی تھی۔
ملت ابراہیمی کی حقیقت قربانی ہے:
توراۃ اور قرآن پاک دونوں سے یہ ثابت ہے کہ ملت ابراہیمی کی اصلی بنیاد قربانی تھی اور یہی قربانی حضرت ابراہیمؑ کی پیغمبرانہ اور روحانی زندگی کی اصلی خصوصیت تھی اور اسی امتحان اور آزمائش میں پورے اترنے کے سبب سے وہ اور ان کی اولاد ہر قسم کی نعمتوں اور برکتوں سے مالامال کی گئی، توراۃ کی کتاب پیدائش میں ہے: ’’خداوند فرماتا ہے، اس لئے کہ تو نے ایسا کام کیا اور اپنا بیٹا ہاں اپنا اکلوتا بیٹا دریغ نہ رکھا، میں نے اپنی قسم کھائی کہ میں برکت دیتے ہی تجھے برکت دوں گا، اور بڑھاتے ہی تیری نسل کو آسمان کے ستاروں اور دریا کے کنارے کی ریت کے مانند بڑھاؤں گا، اور تیری نسل اپنے دشمنوں کے دروازوں پر قابض ہو جائے گی، اور تیری نسل سے زمین کی ساری قوم برکت پائے گی، کیونکہ تو نے میری بات مانی۔‘‘ (۲۲۔ ۱۶-۱۷-۱۸)
قرآن پاک میں ہے: ﴿ وَإِذِ ابْتَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ رَبُّهُ بِكَلِمَاتٍ فَأَتَمَّهُنَّ قَالَ إِنِّي جَاعِلُكَ لِلنَّاسِ إِمَامًا ﴾ (بقره - ۱۵) اور جب ابراہیم کے پروردگار نے چند باتوں میں اس کی آزمائش کی، پھر اس نے ان کو پورا کیا، تو خدا نے اس سے کہا کہ میں تجھ کو لوگوں کے لئے پیشوا بنانے والا ہوں۔ ﴿ وَلَقَدِ اصْطَفَيْنٰهُ فِي الدُّنْيَا وَإِنَّهُ فِي الْآخِرَةِ لَمِنَ الصَّالِحِينَ o إِذْ قَالَ لَهُ رَبُّهُ أَسْلِمْ قَالَ أَسْلَمْتُ لِرَبِّ الْعَالَمِينَ ﴾ (بقره - ۱۶) اور ہم نے ابراہیم کو دنیا میں چنا اور وہ آخرت میں یقیناً نیکوں میں سے ہے، جب اس کے خدا نے اس سے کہا کہ اپنے کو سپرد کر دے، اس نے کہا میں نے اپنے کو دنیا کے پروردگار کے سپرد کر دیا۔ ﴿ يٰاِبْرَاهِيمُ قَدْ صَدَّقْتَ الرُّؤْيَا إِنَّا كَذٰلِكَ نَجْزِي الْمُحْسِنِينَ ﴾ (صافات - ۳) اے ابراہیم تو نے اپنا خواب سچ کر دکھایا، ہم یونہی اچھے کام کرنے والوں کو بدلہ دیتے ہیں۔ یہی وہ برکت ہے جس کو مسلمان دن میں پانچ مرتبہ خدا کے سامنے یاد کرتے ہیں: ﴿اَللّٰهُمَّ بَارِكْ عَلَىٰ مُحَمَّدٍ وَّعَلَىٰ آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَعَلَىٰ آلِ إِبْرَاهِيمَ﴾
اب دیکھو کہاں کہاں سے باتیں، ڈانڈے مل رہی ہیں، اور ہم لوگ تو ویسے ظاہراً مطلب مانتے ہیں تقلیداً، لیکن تحقیقاً جب بات سمجھ میں آ جاتی ہے تو اس کی بات اور ہوتی ہے۔
لیکن یہ قربانی کیا تھی؟ یہ محض خون اور گوشت کی قربانی نہ تھی بلکہ روح اور دل کی قربانی تھی، یہ ماسوی اللہ اور غیر کی محبت کی قربانی خدا کی راہ میں تھی، یہ اپنی عزیز ترین متاع کو خدا کے سامنے پیش کر دینے کی نذر تھی، یہ خدا کی اطاعت، عبودیت اور کامل بندگی کا بے مثال منظر تھا، یہ تسلیم و رضا اور صبر و شکر کا وہ امتحان تھا، جس کو پورا کئے بغیر دنیا کی ’’پیشوائی‘‘ اور آخرت کی ’’نیکی‘‘ نہیں مل سکتی، یہ باپ کا اپنے اکلوتے بیٹے کے خون سے زمین کو رنگین کر دینا نہ تھا، بلکہ خدا کے سامنے اپنے تمام جذبات اور خواہشوں، تمناؤں اور آرزوؤں کی قربانی تھی، اور خدا کے حکم کے سامنے اپنے ہر قسم کے ارادے اور مرضی کو معدوم کر دینا تھا، اور جانور کی ظاہری قربانی اس اندرونی نقش کا ظاہری عکس اور اس خورشیدِ حقیقت کا ظل مجاز تھا۔
اب اگر میں ذرا تصوف کی terminology میں بات کروں۔ تو جس چیز کو فنا کہتے ہیں۔ یعنی اپنی خواہشات کو، اپنی آرزوؤں کو، فنا کر دینا اللہ تعالی کے لیے اور ان کو کچھ نہ سمجھنا اللہ تعالی کے حکم کے سامنے۔ یہ فنا ہے۔ اور پھر اس کے بعد پھر اللہ جل شانہ اس کو بقا نصیب فرما دیتے ہیں۔ یعنی اپنی طرف سے اس کو خلیفہ بنا کر لوگوں کے پاس بھیجتے ہیں۔ اور پھر ان سے وہ اپنا جو کام ہے پورا کرواتے ہیں۔
تو اب ذرا دیکھیں یعنی یہ مطلب ساری باتیں ابھی جو آیت کریمہ ہے تو اس میں اس فنائیت کی بھی بات ہے اور ساتھ ساتھ وہ بقا کی بھی بات ہے کہ یعنی جو اللہ جل شانہ نے پھر ان کو کیسے مطلب صلہ عطا فرما دیا۔ تو اس میں ظاہر ہے مطلب ہے کہ
وَإِذْ قَالَ لَهُ رَبُّهُ أَسْلِمْ ۖ قَالَ أَسْلَمْتُ لِرَبِّ الْعَالَمِينَ۔ جب اس کے خدا نے اسے کہا کہ اپنے کو سپرد کر دے۔ تو اس نے کہا میں نے اپنے آپ کو دنیا کے پروردگار کے سپرد کیا۔
اس کے بعد پھر کیا ہوا؟
يَا إِبْرَاهِيمُ قَدْ صَدَّقْتَ الرُّؤْيَا ۚ إِنَّا كَذَٰلِكَ نَجْزِي الْمُحْسِنِينَ۔ اے ابراہیم تو نے اپنا خواب سچا کر کے دکھایا، ہم یوں ہی اچھے کام کرنے والوں کو بدلے دیتے ہیں۔
تو پھر بدلہ کیا دیا؟ پھر اللہ جل شانہ نے اس پر ظاہر ہے وہ برکت اتاری۔ اور ایسی برکت اتاری کہ دنیا میں اس کی کوئی نظیر نہیں ہے۔ تو یہ اللہ جل شانہ نے ان کے ساتھ یہ معاملہ فرمایا۔ تو حضرت نے بھی مطلب یہ بات فرمائی ہے کہ یہ اصل میں تمام چیزوں کی قربانی تھی، اپنے جذبات کی، اپنے احساسات کی، اپنے ادراکات کی۔ اور پھر اس پر اللہ جل شانہ کی قبولیت آئی اور مطلب اللہ پاک نے اس کو سرفراز فرما دیا۔
اسلام قربانی ہے:
اسلام کے لفظی معنی ’’اپنے کو کسی دوسرے کے سپرد کر دینا اور اطاعت اور بندگی کے لئے گردن جھکا دینا ہے‘‘ اور یہی وہ حقیقت ہے جو حضرت ابراہیم اور اسماعیل علیہما السلام کے اس ایثار اور قربانی سے ظاہر ہوتی ہے، یہی سبب ہے کہ ان باپ بیٹوں کی اس اطاعت اور فرمانبرداری کے جذبہ کو صحیفہ محمدی میں اسلام کے لفظ سے تعبیر کیا گیا ہے، فرمایا: ﴿ فَلَمَّا أَسْلَمَا وَتَلَّهُ لِلْجَبِينِ ﴾ (صافات - 3) جب ابراہیم اور اسماعیل اسلام لائے (یا فرمانبرداری کی یا اپنے کو خدا کے سپرد کر دیا) اور ابراہیم نے اپنے بیٹے (اسماعیل) کو پیشانی کے بل زمین پر لٹایا۔ ﴿ وَمَنْ يَرْغَبُ عَنْ مِّلَّةِ إِبْرَاهِيمَ إِلَّا مَنْ سَفِهَ نَفْسَهُ ۭ وَلَقَدِ اصْطَفَيْنٰهُ فِي الدُّنْيَا وَإِنَّهُ فِي الْآخِرَةِ لَمِنَ الصَّالِحِينَ o إِذْ قَالَ لَهُ رَبُّهُ أَسْلِمْ قَالَ أَسْلَمْتُ لِرَبِّ الْعَالَمِينَ ﴾ (بقره - ۱۶) اور کون ابراہیم کی ملت کو پسند نہ کرے گا، لیکن وہ جو خود بیوقوف بنے، ہم نے اس کو دنیا میں مقبول کیا، اور وہ آخرت میں بھی نیکوں میں سے ہو گا، جب اس کے رب نے اس سے کہا کہ اسلام لا (یا فرمانبرداری کر یا اپنے کو سپرد کر دے) اس نے کہا میں نے پروردگار عالم کی فرمانبرداری کی (یا اپنے کو اس کے سپرد کر دیا)۔ الغرض ملت ابراہیمی کی حقیقت یہی اسلام ہے کہ انہوں نے اپنے کو خدا کے ہاتھ میں سونپ دیا، اور اس کے آستانہ پر اپنا سر جھکا دیا تھا، یہی اسلام کی حقیقت ہے اور یہی ابراہیمی ملت ہے، اور اسی بار امانت کو اٹھانے کے لئے حضرت ابراہیمؑ بار بار خدا سے دعا فرماتے تھے کہ ان کی نسل میں اس بوجھ کے اٹھانے والے ہر زمانہ میں موجود رہیں، اور بالآخر ان کی نسل میں وہ امین پیدا ہو جو اس امانت کو لے کر تمام دنیا میں وقف عام کر دے چنانچہ دعا فرمائی تو یہ فرمائی: ﴿ رَبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَيْنِ لَكَ وَمِنْ ذُرِّيَّتِنَا أُمَّةً مُّسْلِمَةً لَّكَ وَأَرِنَا مَنَاسِكَنَا وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ o رَبَّنَا وَابْعَثْ فِيهِمْ رَسُولًا مِّنْهُمْ يَتْلُوا عَلَيْهِمْ آيَاتِكَ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَيُزَكِّيهِمْ إِنَّكَ أَنْتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ ﴾ (بقره - 15) ہمارے پروردگار! ہم کو مسلمان (یا اپنا فرماں بردار) بنا، اور ہماری نسل میں سے ایک مسلمان (یا اپنی فرمانبردار) جماعت بنا، اور ہم کو مناسک (حج کے دستور) بتا، اور ہم کو معاف کر، بے شک تو معاف کرنے والا اور رحم کرنے والا ہے، ہمارے پروردگار اس میں اپنا ایک رسول بھیج جو تیری آیتیں ان کو پڑھ کر سنائے، اور ان کو کتاب اور حکمت سکھائے اور ان کو پاک اور صاف کرے، تو غالب اور حکمت والا ہے۔ یہ رسول محمد رسول اللہ ﷺ تھے، یہ کتاب قرآن پاک تھی، یہ حکمت سینۂ محمدی کا خزانہ علمی و عملی تھا، اور یہ مناسک اسلام کے ارکان حج تھے۔
یہ قربانی کہاں ہوئی؟
حضرت ابراہیمؑ نے اپنے اکلوتے بیٹے کی قربانی کہاں کی؟ توراۃ میں اس مقام کا نام مورہ یا موریہ بتایا گیا ہے، بعض بے احتیاط مترجموں نے اس نام کا بھی ترجمہ کر دیا ہے، اور بلوطون کے جھنڈ یا بلند زمین اس کا ترجمہ کیا ہے، لیکن محتاط مترجموں نے اصل عبری نام کو قائم رکھا ہے، چنانچہ اس وقت ہمارے پیش نظر توراۃ کا وہ عربی ترجمہ ہے جو عبرانی، کلدانی اور یونانی زبانوں کے مقابلہ میں ۱۸۹۰ء میں اوکسفورڈ یونیورسٹی کے مطبع میں چھپا ہے، اس میں اس مقام کا نام ’’مُرِیا‘‘ لکھا ہے، اور اس کے فارسی ترجمہ میں جو انہی زبانوں کے مقابلہ سے بائبل سوسائٹی لندن کی طرف سے ۱۸۸۵ء میں لندن میں چھپا ہے، اس کا تلفظ ’’موریا‘‘ کیا ہے، اور در حقیقت یہ لفظ مروہ ہے جو مکہ میں بیت اللہ کعبہ کے پاس ایک پہاڑی کا نام ہے، اس فارسی ترجمہ کی عبارت یہ ہے:
’’خدا ابراہیم را امتحان کردہ بدو گفت اے ابراہیم! عرض کرد لبیک، گفت کہ اکنوں پسر خود را کہ یگانہ تست و او را دوست می داری یعنی اسحاق را بردار و بزمین موریا برؤ و اور ا در آن جابر یکے از کوہ ہائیکہ بتونشان می دہم برائے قربانی سوختنی بگذران، بامدادان (صبح) ابراہیم برخاستہ الاغ (گدھا) خود را بیاراست و دونفر از نوکران خود را با پسر خویش ’’اسحاق‘‘ برداشته و هیزم برائے قربانی سوختنی شکستہ روانہ شد، وبسوئے آں مکانیکہ خدا او را فرمودہ بود رفت، و در روز سوم ابراہیم چشماں خود را بلند کردہ آن مکان را از دور بدید، آنگاہ ابراہیم بخادمان گفت شما ایں جا بمانید تا من با پسر بدانجا رویم، و عبادت (دوسرے ترجموں میں سجدہ ہے) کردہ نزد شما باز آئیم‘‘ (پیدائش ، ۲۲)
اس عبارت میں اسحاق کا نام یہود کی تحریف اور اضافہ ہے، اور مسلمان متکلمین نے قطعی دلیلوں سے اس تحریف و اضافہ کو ثابت کیا ہے، اس کتاب کی پہلی جلد کے مقدمہ میں اس پر مختصر بحث گذر چکی ہے، اور ہماری جماعت میں سے جناب مولانا حمید الدین صاحب مرحوم نے ’’الرای الصحیح فی من هو الذبیح‘‘ نام ایک عربی رسالہ خاص اس مسئلہ پر مدلل و مفصل لکھا ہے، اس لئے یہاں بحث بے محل ہے، بہرحال حضرت ابراہیمؑ کو حضرت اسماعیلؑ کی قربانی کے لئے جو مقام بتایا گیا تھا وہ سر زمین مروہ تھی، وہ اس مقام سے جہاں وہ قیام پذیر تھے چند روز کی مسافت پر تھی، حضرت ابراہیمؑ اور حضرت موسیٰؑ کی شریعتوں کے مطابق ضروری تھا کہ جس مقام پر قربانی گذاری جائے وہ کوئی قربان گاہ اور بیت اللہ ہو خاص کر اس لئے بھی کہ وہاں حضرت ابراہیمؑ نے خدا کی عبادت کی اور سجدہ کیا اور وہ قربان گاہ یا بیت اللہ ایسا معروف و مشہور ہو کہ ساتھ کے نوکروں کو یہ کہا جا سکے کہ ’’میں وہاں جا کر عبادت کر کے واپس آتا ہوں‘‘۔ یہ خصوصیتیں کعبہ کے سوا کہیں اور نہیں پائی جاتیں اور نہ یہود و نصاریٰ اس کے لئے کسی دوسرے مقام کو ثابت کر سکے اور نہ عظیم الشان واقعہ کی کسی قسم کی بھی یادگار حضرت اسحاقؑ کی نسل (بنی اسرائیل) میں موجود تھی اور نہ ہے، اور نہ بیت المقدس یا مسیحؑ کی ولادت گاہ سے اس واقعہ کے کسی یادگاری اثر کا تعلق پہلے تھا نہ اب ہے۔
بر خلاف اس کے بنو اسماعیل یعنی اسماعیلی عربوں میں اس قربانی اور اس کی خصوصیات کی ایک ایک یادگار ہزارہا برس سے محفوظ چلی آتی تھی، اور گو اس میں امتداد زمانہ اور تغیرات کے سبب سے کسی قدر کمی بیشی یا بعد کی گمراہیوں کے سبب سے اس میں بعض مشرکانہ رسوم کی آمیزش ہو گئی تھی، تا ہم اصل شے باقی تھی، عرب میں بت پرست بھی تھے، ستارہ پرست بھی تھے، کافر بھی تھے، مشرک بھی تھے، بلکہ عیسائی بھی تھے، اور یہودی بھی تھے، مگر عربوں کے قدیم اشعار سے ثابت ہے کہ ان سب کو خانہ کعبہ اور حج کے مراسم کی اہمیت کا یکساں اعتراف تھا، یہاں تک کہ عیسائی عرب بھی اس کی قسمیں کھاتے تھے، اور غالباً یہی وجہ ہے کہ خانہ کعبہ میں جہاں مشرکوں کے بتوں کی صفیں تھیں، حضرت ابراہیمؑ، حضرت عیسیٰؑ اور حضرت مریمؑ کی تصویریں بھی تھیں۔
مکہ اور کعبہ:
کعبہ وہ مقام ہے جو مسلمان عرفاء کے خیال کے مطابق عرش الٰہی کا سایہ اور اس کی رحمتوں اور برکتوں کا ’’سمت القدم‘‘ ہے، وہ ازل سے اس دنیا میں خدا کا معبد اور خدا پرستی کا مرکز تھا، سب بڑے بڑے پیغمبروں نے اس کی زیارت کی اور بیت المقدس سے پہلے اپنی عبادتوں کی سمت اس کو قرار دیا کہ: ﴿ اَوَّلَ بَيْتٍ وُّضِعَ لِلنَّاسِ ﴾ (آل عمران۔ ۱۰) سب سے پہلا خدا کا گھر جو لوگوں کے لئے بنایا گیا۔
وہ وہی تھا، لیکن حضرت ابراہیمؑ سے بہت پہلے دنیا نے اپنی گمراہیوں میں اس کو بھلا کر بے نشان کر دیا تھا، حضرت ابراہیم کے وجود سے جب اللہ تعالیٰ نے اس ظلمت کدہ میں توحید کا چراغ پھر روشن کیا، تو حکم ہوا کہ اس گھر کی چہار دیواری بلند کر کے دنیا میں توحید کا پتھر پھر نصب کیا جائے چنانچہ قرآن پاک کے بیان کے مطابق (حج ۳-۴) کعبہ حضرت ابراہیمؑ کے زمانہ میں بھی ﴿ الْبَيْتِ الْعَتِیْقِ ﴾ (پرانا گھر) تھا، کوئی نیا گھر نہ تھا، حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ نے مل کر اس گھر کی پرانی بنیادوں کو ڈھونڈ کر پھر نئے سرے سے ان پر چہار دیواری کھڑی کی، فرمایا ﴿ وَاِذْ يَرْفَعُ اِبْرَاهِيمُ الْقَوَاعِدَ مِنَ الْبَيْتِ ﴾ (ابراہیم جب اس گھر کی بنیادیں اٹھا رہے تھے) اس سے معلوم ہوا کہ بنیاد پہلے سے پڑی تھی، حضرت ابراہیمؑ و اسماعیلؑ نے اس افتادہ بنیاد کو از سر نو بلند کیا، حضرت ابراہیمؑ نے عراق، شام، مصر، ہر جگہ پھر کر آخر اسی گمنام گوشہ کو منتخب کیا جو باسطوت جباروں اور بت پرست اور ستارہ پرست قوموں کے حدود سے دور ایک بے نام و نشان صحرا میں ہر چار طرف سے پہاڑیوں سے گھرا تھا، اس لئے قرآن پاک نے کہا: ﴿ وَاِذْ بَوَّأْنَا لِاِبْرَاهِيْمَ مَكَانَ الْبَيْتِ اَنْ لَّا تُشْرِكْ بِيْ شَيْئًا ﴾ (حج -۴) اور ہم نے ابراہیم کے لئے اس گھر کی جگہ کو ٹھکانہ بنایا کہ میرے ساتھ کسی کو شریک نہ بنا۔
اس سے معلوم ہوا کہ گھر کی جگہ تو پہلے سے متعین تھی البتہ دیواریں بے نشان تھیں تو ہم نے ابراہیمؑ کو اسی گھر کی جگہ بتا دی اور اس کو ان کی جائے پناہ اور ٹھکانہ بنا دیا کہ بت پرستوں کے شر اور فتنہ سے محفوظ رہ کر دین حق کی تبلیغ کریں۔ توراۃ سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ابراہیمؑ سے پہلے یہ معبد موجود تھا کیوں کہ سامی دستور کے مطابق یہ ضروری تھا کہ جس مقام پر خدا کی قربانی یا نذر یا عبادت کی جائے وہ کوئی معبد یا قربان گاہ ہو، اس بنا پر وہ مقام جہاں حضرت ابراہیمؑ، اسماعیلؑ کو قربان کرنے کے لئے لائے تھے اور جس کے متعلق اپنے خادموں سے کہا تھا کہ وہاں جا کر عبادت کر کے واپس آتا ہوں ضروری ہے کہ وہ کوئی معبد ہو اسی لئے قرآن نے حضرت ابراہیمؑ کی طرف اس گھر کی ایجاد نہیں، بلکہ تجدید اور تطہیر کی نسبت کی ہے ﴿ وَ طَهِّرْ بَيْتِيَ ﴾ (اور میرے گھر کو عبادت گاہوں کے لئے پاک و صاف کر) اس وقت تک اس سر زمین کے لئے عرب کا لفظ بھی پیدا نہیں ہوا تھا۔ یہ لفظ تو مجموعہ توراۃ میں حضرت سلیمانؑ کے زمانہ سے ملتا ہے اس سے پہلے اس کا نام پورب یا دکھن کا ملک تھا کہ یہ شام کے جنوبی و مشرقی سمت میں واقع تھا اور کبھی اس کا نام بیابان تھا اور آخری بھی بیابان اس کا نام پڑ گیا۔ لفظ عرب (عربہ) کے اصلی معنی بیابان و صحرا ہی کے ہیں۔ ؎۱ اس لئے حضرت ابراہیمؑ نے جس وقت یہ فرمایا تھا: ﴿ رَّبَّنَآ اِنِّىْٓ اَسْكَنْتُ مِنْ ذُرِّيَّتِيْ بِوَادٍ غَيْرِ ذِيْ زَرْعٍ ﴾ (ابراہیم - ۶) خداوندا! میں نے اپنی کچھ اولاد کو ایک بن کھیتی کی ترائی میں لا کر بسایا ہے۔
تو حقیقت میں یہ بن کھیتی کی ترائی اور بے آب و گیاہ میدان اس وقت اس کی ایک امتیازی صفت تھی اور آخر یہی صفت اس ملک کا خاص نام بن گئی اور اس لئے حضرت ابراہیمؑ نے یہاں حضرت اسماعیلؑ کو آباد کرتے ہوئے یہ دعا مانگی تھی: ﴿ وَارْزُقْ اَهْلَهٗ مِنَ الثَّمَرٰتِ ﴾ (بقره - ۱۵) اور خداوند! یہاں کے رہنے والوں کو پھلوں کی روزی پہنچا۔
مکہ قدیم زبانوں کے بعض محققوں کے نزدیک بابلی یا کلدانی لفظ ہے جس کے اصلی معنی ’’گھر‘‘ کے ہیں اس سے دو حقیقتیں ظاہر ہوتی ہیں ایک تو یہ کہ یہ آبادی اس وقت قائم ہوئی جب بابل و کلدان کے قافلے ادھر سے گذرتے تھے اور یہ اس کی ابراہیمی نسبت کی ایک اور لغوی دلیل ہے، دوسرے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس شہر کی آبادی اسی گھر کے تعلق سے وجود میں آئی اور یہ اس خانہ کعبہ کی قدامت اور تقدس اور اہل عرب کی روایات کی صحت پر دلیل قاطع ہے۔ مکہ کا بکہ نام حضرت داؤدؑ کی زبور میں سب سے پہلے نظر آتا ہے ؎۳۔ پہلی جلد کے مقدمہ میں اس کا حوالہ گذر چکا ہے۔ یہاں یہ اضافہ کرنا ہے کہ قدیم شامی زبان میں بک کے معنی آبادی یا شہر کے ہیں جیسا کہ آج بھی شام کے ایک نہایت قدیم شہر کا نام بعلبک ہے یعنی بعل کا شہر (بعل دیوتا کا نام ہے) یہ اس آبادی کی قدامت کی دوسری لغوی شہادت ہے اور کعبہ کی ابتدائی تعمیر کے وقت یہی نام قرآن پاک میں آیا ہے: ﴿ اِنَّ اَوَّلَ بَيْتٍ وُّضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِيْ بِبَكَّةَ ﴾ (آل عمران۔ ۱۰) پہلا گھر جو لوگوں کی عبادت کے لئے بنایا گیا وہ وہی ہے جو مکہ میں ہے۔
کعبہ کے لغوی معنی ’’چوکھونٹے‘‘ کے ہیں چونکہ یہ گھر چوکھونٹا بنا تھا اور اب بھی اسی طرح ہے اس لئے کعبہ کے نام سے بھی مشہور ہوا۔ یونانی تاریخوں میں بھی کعبہ کا حوالہ موجود ہے۔ یونان کا مشہور مورخ ڈیوڈورس جو حضرت عیسیٰ سے ایک صدی پہلے گذرا ہے وہ عرب کے ذکر میں کہتا ہے: ’’ثمود یوں اور سبا والوں کے درمیان ایک مشہور معبد ہے جس کی تمام عرب بہت بڑی عزت کرتے ہیں۔‘‘ ؎۴ ثمود کا مقام شام و حجاز کے حدود میں تھا اور سبا کا یمن میں، ظاہر ہے کہ ان دونوں ملکوں کے درمیان حجاز ہی ہے اور وہاں کا مشہور معبد جس کی عزت سارے عرب کرتے ہوں گے خانہ کعبہ ہے۔ رومیوں کی تاریخ میں بھی خانہ کعبہ کا ذکر ملتا ہے پروکوپس مورخ لکھتا ہے کہ ۵۳۱ء میں رومی سپہ سالار بیلزیر نے اپنے تمام فوجی افسروں کا ایک جلسہ مشاورت کیا اس میں شام کے دو افسروں نے اٹھ کر کہا کہ وہ آئندہ لڑائی میں شریک نہیں ہو سکتے کیوں کہ اگر وہ اپنی جگہ سے ہٹے تو عرب کا بادشاہ منذر سوم فوراً حملہ کر دے گا اس پر سپہ سالار نے کہا: ’’تمہارا یہ خطرہ صحیح نہیں ہے کہ عنقریب وہ موسم آنے والا ہے جس میں عرب اپنے دو مہینے عبادت کے لئے خاص کرتے ہیں اور اس زمانہ میں ہر قسم کے ہتھیاروں سے وہ پر ہیز کرتے ہیں۔‘‘ ؎۱ ظاہر ہے کہ یہ صاف حج کا بیان ہے۔
اب کیسے کہاں کہاں سے ڈھونڈ ڈھونڈ کے وہ لا رہے ہیں، مطلب یہ ایک تاریخ دان ہی کر سکتا ہے۔ اور اسی لیے جو history ہے نا، تاریخ، یہ ایک specialization ہے۔ مطلب اس کو عام لوگ صرف ایک کہانی سمجھتے ہیں۔ لیکن یہ کہانی نہیں ہوتی کیونکہ اس کی analysis کا اپنا ایک طریقہ کار ہے۔ یہ ہمارے پاس ایک موٹی سی کتاب ہے، روحانی تړون، پشتو میں ہے، روحانی رابطہ۔ مولانا عبدالحلیم اثر رحمۃ اللہ علیہ نے لکھی ہے۔ ہے تاریخ، بزرگوں کے واقعات ہیں۔
لیکن انہوں نے جو analysis کیا ہے نا تو اس analysis کو دیکھ کر آدمی حیران ہو جاتا ہے کہ analysis ہوتی کیا ہے۔ یعنی انہوں نے حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ یا شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے بہت سارے واقعات جو مشہور تھے ان کو analysis کے ذریعے سے غلط ثابت کیا کہ نہیں ایسا نہیں ہوا تھا۔ ہاں یہ لوگوں نے مشہور کیا ہے ایسا نہیں ہوا تھا۔ مطلب وہ analysis کہ اگر یہ ہوتا ہے تو پھر یہ نہیں ہو سکتا، اگر یہ نہیں ہو سکتا تو پھر یہ نہیں ہو سکتا۔ مطلب اس طریقے سے analysis جیسے ابھی آپ دیکھ رہے ہیں کہ analysis مطلب کس طریقے سے کر رہے ہیں تو یہ بہت زبردست specialization ہے۔ اور حضرت سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا ابوالحسن علی ندوی صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور یہ ندوہ کے کچھ علمائے کرام ہیں یہ خصوصی طور پر اس کے بڑے ماہر تھے۔ انہوں نے جو لکھی ہے کتاب النبی الخاتم مولانا مناظر احسن گیلانی رحمۃ اللہ علیہ وہ بھی ماشاءاللہ وہ اگرچہ ندوہ کے نہیں ہیں لیکن وہ بھی بہت ماہر تھے اس معاملے میں۔ بہت مطلب ذہن مہارت کے ساتھ analysis کرتے تھے۔ اور یہ وہ چیزیں ہوتی ہیں جو کہ کام آتی ہیں، کیونکہ جب کبھی کسی کے ساتھ بات کرنی ہوتی ہے تو ان تمام باتوں کی ضرورت پڑتی ہے کسی چیز کو سمجھانے کے لیے۔ کیونکہ لوگوں نے مطلب اتنا جھوٹ بولا ہوتا ہے کہ اس میں سچ کا ڈھونڈنا بڑا مشکل ہوتا ہے۔ تو اتنے زیادہ جھوٹ کے درمیان سچ کو نکالنا یہ کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔ تو اس کو پھر ظاہر ہے مطلب یہ ہے کہ جو ماہرین ہوتے ہیں وہ ماہرین اس کو اس طریقے سے مطلب لاتے ہیں۔ اب دیکھیں انہوں نے ساری چیزیں آگے جا کے کہا کہ اتنی ساری باتیں خود ان کی تاریخوں میں موجود ہیں۔ تو اگر یہ صحیح ہے تو اسحاق کا نام کیسے آ گیا؟ یہ تحریف ہے۔ مطلب یعنی باقی چیزیں اگر اسماعیل علیہ السلام والی ہیں تو یہاں اسحاق کا نام تو آ ہی نہیں سکتا، اسحاق علیہ السلام کا نام۔ کیونکہ وہ تو فلسطین میں تھا۔ ان کا تو مطلب جو مستقر تھا وہ فلسطین کا تھا۔ تو وہ بہت ظاہر ہے وہاں یہاں تو نہ آئے ہیں نہ مطلب ان کے بارے میں بات ہوئی ہے۔ تو یہ تمام باتیں جو ہیں نا اب دیکھیں کتنے زبردست references دے رہے ہیں مختلف جگہوں کے، مختلف لوگوں کے، حتی کہ خود عیسائیوں کے بھی references دے رہے ہیں اور یونانیوں کے references دے رہے ہیں کہ وہ کیا چیز تھی۔
ظاہر ہے کہ یہ صاف حج کا بیان ہے۔ ان تمام شہادتوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اہل عرب یا بنی اسماعیل ہمیشہ سے اپنے ان موروثی مراسم کو ادا کرتے تھے اور اس کی اکثر خصوصیات کو پوری حفاظت کے ساتھ باقی رکھے ہوئے تھے۔ جاہلیت کے اشعار میں حج اور ارکان حج کا ذکر بکثرت ملتا ہے۔ ؎۲ یہاں تک کہ عیسائی عرب شعراء بھی عزت کے ساتھ ان کا تذکرہ کرتے تھے۔ عرب کے بازاروں اور میلوں کی روایات کے قائم رکھنے میں بھی اس موسم حج کا اچھا خاصا حصہ تھا۔ ؎۳ اور اسی کے سبب سے محمد رسول اللہ ﷺ کی دعوت کو ہجرت سے پہلے ہی عرب کے دور دراز گوشوں میں یہاں تک کہ یمن و بحرین تک پہنچنے میں کامیابی ہوئی کیوں کہ حج کے موسم میں عرب کے تمام قبیلے مکہ کی وادی میں اس موروثی رسم کو ادا کرنے کے لئے جمع ہو جاتے تھے۔
حج ابراہیمی یادگار ہے:
حضرت ابراہیمؑ نے اپنے بیٹے کی قربانی کا جو خواب دیکھا اور اس پر لبیک کہا تھا اور جس کی تعمیل کے لئے وہ اس دور دراز مقام میں آئے تھے اور عین اس وقت جب چھری لے کر بیٹے کو خدا کی راہ میں قربان کرنا چاہتا تھا اور بیٹے نے بھی خدا کا حکم سن کر گردن جھکا دی تھی تو آواز آئی تھی: ﴿ اَنْ يَّآ اِبْرَاهِيْمُ قَدْ صَدَّقْتَ الرُّءْيَا اِنَّا كَذٰلِكَ نَجْزِي الْمُحْسِنِيْنَ وَفَدَيْنٰهُ بِذِبْحٍ عَظِيْمٍ ﴾ (صافات ۳) یہ کہ اے ابراہیم! تو نے اپنا خواب سچ کر دکھایا، ہم ایسا ہی نیکوکاروں کو بدلہ دیتے ہیں۔ اور ایک بڑی قربانی دے کر ہم نے اس کے بیٹے کو چھڑالیا۔ اس وقت ان کو معلوم ہوا کہ اس خواب کی تعبیر بیٹے کو خدا کے گھر کی خدمت اور توحید کی دعوت کے لئے مخصوص کر دینا اور اس کے ذریعہ سے اس گھر کو دائرہ ارضی میں خدا پرستی کا مرکز بنانا ہے۔
اللہ اکبر۔
﴿وَإِذْ جَعَلْنَا الْبَيْتَ مَثَابَةً لِّلنَّاسِ وَأَمْنًا ۖ وَاتَّخِذُوا مِن مَّقَامِ إِبْرَاهِيمَ مُصَلًّى ۖ وَعَهِدْنَا إِلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَإِسْمَاعِيلَ أَن طَهِّرَا بَيْتِيَ لِلطَّائِفِينَ وَالْعَاكِفِينَ وَالرُّكَّعِ السُّجُودِ وَإِذْ قَالَ إِبْرَاهِيمُ رَبِّ اجْعَلْ هَـٰذَا بَلَدًا آمِنًا وَارْزُقْ أَهْلَهُ مِنَ الثَّمَرَاتِ مَنْ آمَنَ مِنْهُم بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ ۖ قَالَ وَمَن كَفَرَ فَأُمَتِّعُهُ قَلِيلًا ثُمَّ أَضْطَرُّهُ إِلَىٰ عَذَابِ النَّارِ ۖ وَبِئْسَ الْمَصِيرُ وَإِذْ يَرْفَعُ إِبْرَاهِيمُ الْقَوَاعِدَ مِنَ الْبَيْتِ وَإِسْمَاعِيلُ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا ۖ إِنَّكَ أَنتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ رَبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَيْنِ لَكَ وَمِن ذُرِّيَّتِنَا أُمَّةً مُّسْلِمَةً لَّكَ وَأَرِنَا مَنَاسِكَنَا وَتُبْ عَلَيْنَا ۖ إِنَّكَ أَنتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ رَبَّنَا وَابْعَثْ فِيهِمْ رَسُولًا مِّنْهُمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِكَ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَيُزَكِّيهِمْ ۚ إِنَّكَ أَنتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ وَمَن يَرْغَبُ عَن مِّلَّةِ إِبْرَاهِيمَ إِلَّا مَن سَفِهَ نَفْسَهُ ۚ وَلَقَدِ اصْطَفَيْنَاهُ فِي الدُّنْيَا ۖ وَإِنَّهُ فِي الْآخِرَةِ لَمِنَ الصَّالِحِينَ إِذْ قَالَ لَهُ رَبُّهُ أَسْلِمْ ۖ قَالَ أَسْلَمْتُ لِرَبِّ الْعَالَمِينَ﴾ (البقرہ ۔ ۱۲۵-۱۳۱)
اور یاد کرو جب ہم نے اس گھر کو لوگوں کا مرجع اور امن بنایا، اور (کہا کہ) ابراہیم کے کھڑے ہونے کی جگہ کو نماز کی جگہ بناؤ، اور ابراہیم و اسماعیل سے عہد لیا کہ تم دونوں میرے گھر کو طواف اور قیام اور رکوع اور سجدہ کرنے والوں کے لئے پاک کرو اور یاد کرو جب ابراہیم نے کہا کہ میرے پروردگار اس کو امن والا شہر بنا، اور اس کے بسنے والوں کو کچھ پھلوں کی روزی دے جو ان میں سے خدا اور پچھلے دن پر ایمان لائے، خدا نے کہا اور جس نے انکار کیا اس کو تھوڑا فائدہ پہنچاؤں گا، پھر اس کو دوزخ کے عذاب کے حوالہ کروں گا اور وہ کتنی بری بازگشت ہے اور یاد کرو جب ابراہیم اور اسماعیل اس گھر کی بنیادیں اٹھا رہے تھے (اور یہ دعا مانگ رہے تھے کہ) اے ہمارے رب (ہماری اس تعمیر کو) ہم سے قبول فرما بے شک تو ہی سننے والا اور جاننے والا ہے۔ اے ہمارے رب اور ہم کو اپنا ایک تابعدار (مسلم) فرقہ بنا اور ہم کو اپنے حج کے ارکان بتا اور ہم پر اپنی رحمت رجوع کر (ہماری توبہ قبول کر) تو توبہ قبول کرنے والا اور رحم والا ہے، اے ہمارے رب ان میں انہیں میں سے ایک کو رسول بنا کر بھیج جو ان کو تیری آیتیں سنائے اور ان کو کتاب اور حکمت کی تعلیم دے اور ان کو پاک و صاف بنائے، بے شک تو غالب اور دانا ہے اور ابراہیم کے دین سے کون منہ پھیرے گا بجز اس کے جو اپنے آپ کو نادان بنائے حالانکہ ہم نے اس کو (ابراہیم کو) دنیا میں چنا اور آخرت میں وہ نیکوکاروں میں سے ہوگا۔ یاد کرو جب اس کے رب نے اس سے کہا کہ تابعدار (مسلم) بن جا۔ اس نے کہا کہ عالم کے پروردگار کا میں تابعدار (مسلم) بن گیا۔
﴿وَإِذْ بَوَّأْنَا لِإِبْرَاهِيمَ مَكَانَ الْبَيْتِ أَن لَّا تُشْرِكْ بِي شَيْئًا وَطَهِّرْ بَيْتِيَ لِلطَّائِفِينَ وَالْقَائِمِينَ وَالرُّكَّعِ السُّجُودِ وَأَذِّن فِي النَّاسِ بِالْحَجِّ يَأْتُوكَ رِجَالًا وَعَلَىٰ كُلِّ ضَامِرٍ يَأْتِينَ مِن كُلِّ فَجٍّ عَمِيقٍ لِّيَشْهَدُوا مَنَافِعَ لَهُمْ وَيَذْكُرُوا اسْمَ اللَّهِ فِي أَيَّامٍ مَّعْلُومَاتٍ عَلَىٰ مَا رَزَقَهُم مِّن بَهِيمَةِ الْأَنْعَامِ ۖ فَكُلُوا مِنْهَا وَأَطْعِمُوا الْبَائِسَ الْفَقِيرَ ثُمَّ لْيَقْضُوا تَفَثَهُمْ وَلْيُوفُوا نُذُورَهُمْ وَلْيَطَّوَّفُوا بِالْبَيْتِ الْعَتِيقِ ذَٰلِكَ وَمَن يُعَظِّمْ حُرُمَاتِ اللَّهِ فَهُوَ خَيْرٌ لَّهُ عِندَ رَبِّهِ﴾ (الحج ۔ ۲۶-۳۰)
اور یاد کرو جب ہم نے ابراہیم کے لئے اس گھر کی جگہ کو ٹھکانا بنایا کہ کسی کو میرا ساجھی نہ بنانا اور میرے گھر کو طواف قیام اور رکوع اور سجدہ کرنے والوں کے لئے پاک کر اور لوگوں میں حج کا اعلان کر دے، وہ تیرے پاس پیادہ اور (دور کے سفر سے تھکی ماندی) دبلی سواریوں پر ہر دور دراز راستہ سے آئیں گے تاکہ وہ اپنے نفع کی جگہوں پر حاضر ہوں اور ہم نے ان کو جو چوپائے جانور روزی دیئے ہیں ان پر ان (کی قربانی) پر چند جانے ہوئے دنوں میں خدا کا نام لیں تو ان میں سے کچھ تم کھاؤ اور بدحال فقیر کو کھلاؤ اس کے بعد اپنا میل کچیل دور کریں، اور اپنی منتیں پوری کریں اور اس قدیم گھر کا چکر لگائیں، یہ سن چکے، اور جو کوئی اللہ کے آداب کی بڑائی رکھے تو وہ اس کے لئے اس کے رب کے پاس بہتر ہے۔
﴿وَإِذْ قَالَ إِبْرَاهِيمُ رَبِّ اجْعَلْ هَـٰذَا الْبَلَدَ آمِنًا وَاجْنُبْنِي وَبَنِيَّ أَن نَّعْبُدَ الْأَصْنَامَ رَبِّ إِنَّهُنَّ أَضْلَلْنَ كَثِيرًا مِّنَ النَّاسِ ۖ فَمَن تَبِعَنِي فَإِنَّهُ مِنِّي ۖ وَمَنْ عَصَانِي فَإِنَّكَ غَفُورٌ رَّحِيمٌ رَّبَّنَا إِنِّي أَسْكَنتُ مِن ذُرِّيَّتِي بِوَادٍ غَيْرِ ذِي زَرْعٍ عِندَ بَيْتِكَ الْمُحَرَّمِ رَبَّنَا لِيُقِيمُوا الصَّلَاةَ فَاجْعَلْ أَفْئِدَةً مِّنَ النَّاسِ تَهْوِي إِلَيْهِمْ وَارْزُقْهُم مِّنَ الثَّمَرَاتِ لَعَلَّهُمْ يَشْكُرُونَ رَبَّنَا إِنَّكَ تَعْلَمُ مَا نُخْفِي وَمَا نُعْلِنُ ۗ وَمَا يَخْفَىٰ عَلَى اللَّهِ مِن شَيْءٍ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ﴾ (ابراہیم ۔ ۳۵-۳۸)
اور یاد کرو جب ابراہیم نے یہ دعا کی کہ اے میرے پروردگار اس شہر کو امن والا بنا اور مجھ کو اور میری اولاد کو بتوں کی پرستش سے بچا، میرے پروردگار! ان بتوں نے بہتوں کو گمراہ کیا ہے تو جو میری پیروی کرے گا وہ مجھ سے ہوگا اور جو میری نافرمانی کرے گا تو، تو بخشنے والا مہربان ہے، اے ہمارے پروردگار ہم نے اپنی کچھ اولاد کو اس بن کھیتی کی ترائی میں تیرے مقدس گھر کے پاس بسایا ہے، اے ہمارے پروردگار یہ اس لئے تا کہ یہ تیری نماز کھڑی کریں، تو کچھ لوگوں کے دلوں کو ایسا بنا کہ وہ ان کی طرف مائل ہوں اور ان کو کچھ پھلوں کی روزی دے تا کہ یہ تیرے شکر گزار رہیں، اے ہمارے پروردگار تجھے معلوم ہے جو ہم چھپائیں اور جو ظاہر کریں اور اللہ سے زمین میں اور نہ آسمان میں کچھ چھپا ہے۔
﴿قُلْ صَدَقَ اللَّهُ ۗ فَاتَّبِعُوا مِلَّةَ إِبْرَاهِيمَ حَنِيفًا وَمَا كَانَ مِنَ الْمُشْرِكِينَ إِنَّ أَوَّلَ بَيْتٍ وُضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِي بِبَكَّةَ مُبَارَكًا وَهُدًى لِّلْعَالَمِينَ فِيهِ آيَاتٌ بَيِّنَاتٌ مَّقَامُ إِبْرَاهِيمَ ۖ وَمَن دَخَلَهُ كَانَ آمِنًا ۗ وَلِلَّهِ عَلَى النَّاسِ حِجُّ الْبَيْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ إِلَيْهِ سَبِيلًا ۚ وَمَن كَفَرَ فَإِنَّ اللَّهَ غَنِيٌّ عَنِ الْعَالَمِينَ﴾ (آل عمران ۔ ۹۵-۹۷)
کہہ کہ خدا نے سچ فرمایا، تو ابراہیم کے دین کی پیروی کر شرک سے منہ موڑ کر، اور ابراہیم مشرکوں میں سے نہ تھا، بے شک وہ پہلا گھر جو لوگوں کے لئے بنایا گیا، وہی ہے جو مکہ میں ہے بابرکت، اور دنیا کے لئے راہ نما اس میں کچھ کھلی ہوئی نشانیاں ہیں، ابراہیم کے کھڑے ہونے کی جگہ اور جو اس میں داخل ہوا وہ امن پا جائے اور خدا کا لوگوں پر اس گھر کا قصد کرنا فرض ہے، جس کو اس کے راستہ (سفر) کی طاقت ہو اور جو اس قدرت کے باوجود اس سے باز رہے، تو خدا دنیا والوں سے بے نیاز ہے۔
یہ وہ آیتیں ہیں جن کا تعلق اس موضوع سے ہے، ان میں نہایت وضاحت کے ساتھ یہ بیان کیا گیا ہے کہ ہم نے ابراہیمؑ کو بت پرست اور ستارہ پرست ملکوں سے ہٹا کر جن میں وہ سرگرداں اور آوارہ پھر رہے تھے اور ایک امن کے سنسان مقام کی تلاش میں تھے تا کہ وہ خدائے واحد کی پرستش کے لئے ایک گھر بنائیں یہ ٹھکانہ عنایت کیا جو ازل سے اس کام کے لئے منتخب تھا تا کہ وہ یہاں خدا کے گھر کی منہدم چہار دیواری کو کھڑی کریں اور پھر اس کو توحید کا مرکز اور عبادت گزاروں کا مسکن بنائیں۔
یہاں پر ایک بات ذرا کرنی ہے۔ جو کام کرنا ہوتا ہے تو اس کے لیے کچھ اسباب ہوتے ہیں۔ اللہ جل شانہ ان اسباب میں اپنی قدرت کو شامل کر کے مدد فرماتے ہیں۔ لیکن جو اسباب ہیں وہ اسباب اختیار کرنے ہوتے ہیں۔ ان اسباب میں یہ بھی ایک سبب ہے کہ ابتداء میں آسان طریقے سے کام کو شروع کرنا چاہیے۔ مشکل پسندی ٹھیک نہیں ہے۔ مشکل آ جائے تو ڈٹ کر مقابلہ کرے گا، لیکن مشکل پسندی ٹھیک نہیں ہے کہ خواہ مخواہ اپنے آپ کو انسان مشکل میں ہلاکت میں ڈالے۔ یہ بات ٹھیک نہیں ہے۔ تو یہاں پر دیکھیں بار بار یہ بات آ رہی ہے کہ ابراہیم علیہ السلام توحید کے فروغ کے لیے جو تیاری کر رہے تھے اس کے لیے کسی ایسی جگہ کی تلاش تھی جہاں فوری مخالفت نہ ہو۔ اور پھر اس کے بعد اس سے آگے مطلب کام بڑھے۔ ہمیں یاد ہے کہ جب ہم کام شروع کر رہے تھے تو اس وقت مخالفت کی فضا تھی۔ تو جہاں جہاں بھی ہم جاتے تھے تو ذکر یہ مل جایا کرتے تھے۔ تو جب چہروں کو دیکھتے تھے کہ چہرے کچھ نامانوس ہیں اور مطلب بے اعتمادی ہے اور مطلب ظاہر ہے وہ اس پر خوش نہیں ہیں تو ہم اس پر ادھر نہیں آتے تھے۔ تو ساتھیوں نے کہا کہ نہیں اب آپ کیوں نہیں مطلب ظاہر ہے یہیں سے کام شروع کر لیتے ہیں۔ میں نے کہا نہیں ہم آسان جگہ سے کام شروع کریں گے۔ آسان جگہ سے کام شروع کریں گے، یہ بالکل یعنی اس وقت یہ میں نے نہیں پڑھا تھا۔ لیکن اس وقت کہا تھا کہ مطلب یہ ہم آسان جگہ سے کام شروع کریں۔ تو پھرتے رہے، پھرتے رہے، پھرتے رہے، گشت ہو رہا تھا ایک قسم کا۔ تو ایک جگہ مل گیا جہاں پر پورا welcome تھا۔ یعنی وہ لوگ مطلب اس کو چاہتے تھے۔ تو وہیں سے الحمدللہ کام شروع ہوا اور پھر وہیں سے الحمدللہ پھیلا۔ تو گویا کہ یہ ایک چیز ایسی ہے جو کہ دین کا کام کرنے والوں کے لیے ایک طریقہ کار ہے۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ جو لوگ مدارس بناتے ہیں تو وہ بھی کسی ایسی جگہ بناتے ہیں جہاں پر وہ کام کو شروع کر سکیں۔ مطلب یہ ہے کہ ان کی طرح، حضرت مفتی شفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بنایا یا مولانا یوسف بنوری رحمۃ اللہ علیہ نے بنایا یہ سب یا مولانا عبدالحق صاحب نے جو بنایا یہ سب ایسے تھے کہ وہیں سے مطلب simple طریقے سے کام شروع کیا ہے۔ پھر اللہ پاک نے برکت دی اور ماشاءاللہ اللہ پاک نے بہت ان کے کام کو پھیلایا۔ تو یہ ایک نکتہ ہے ہمیں جو مل رہا ہے کہ آ بیل مجھے مار والی بات نہیں کرنی چاہیے۔ کام آسان طریقے سے بغیر مخالفت کے جتنا ہو سکے شروع کرنا چاہیے۔ اور پھر مطلب اس پر چلتے، چلتے، چلتے مضبوطی کے ساتھ اس کو مضبوط کرتے جائیں۔
یہ مقام ویران اور پیداوار سے خالی تھا اس لئے حضرت ابراہیمؑ نے دعا مانگی کہ خداوند! یہاں تیرے مقدس گھر کے پڑوس میں اپنی کچھ اولاد بساتا ہوں، ان کو روزی پہنچانا اور لوگوں کے دلوں کو مائل کرنا کہ وہ ادھر آتے رہیں اور ان کو اس لئے یہاں بساتا ہوں تاکہ وہ آس پاس کی بت پرست قوموں کی بت پرستی سے بچے رہیں اور تیری خالص عبادت بجا لائیں۔ ان میں جو نیکوکار ہوں وہ میرے ہیں، اور جو بدکار اور گمراہ ہوں ان کا تو مالک ہے۔ تو رحم والا اور معاف کرنے والا ہے اور خداوند! میری اولاد میں ایک رسول بھیجنا جو ان کو نیک تعلیم دے۔
قرآن کا دعویٰ ہے کہ اس مقام اور اس گھر میں حضرت ابراہیمؑ کی بہت سی یادگار نشانیاں ہیں اور ان کے کھڑے ہونے اور نماز پڑھنے کی جگہ اور قربانی کا مقام ہے اس لئے لوگوں کو چاہئے کہ دور دور سے یہاں آئیں اور اپنے دینی و دنیاوی فائدوں کو حاصل کریں اور اس قدیم خانہ خدا کا طواف کریں اور یہاں اسماعیلؑ کی یادگار میں قربانی کر کے غریبوں کو کھلائیں، اپنی نذر پوری کریں اور اس حالت میں وہ امن و سلامتی کے مجسم پیکر ہوں، نہ وہ کسی پر ہتھیار اٹھا سکتے ہوں نہ ایک چیونٹی تک کو مار سکتے ہوں، اور وہ اس حالت میں ظاہری زیبائش و آرائش اور عیش و آرام اور پر تکلف مصنوعی زندگی سے بھی پاک ہوں، اور چند روز یہاں ابراہیمی یادگاروں پر ٹھہر ٹھہر کر ابراہیمی زندگی بسر کر کے ابراہیمی طریقہ پر خدا کو یاد کریں۔
یہاں اصل میں اس سے ہمیں دوسرا سبق ملتا ہے۔ کہ کسی چیز کو پانے کے لیے ہمیں ایک نظام کو تھوڑا سا develop کرنا ہے۔ بہت اہم نقطہ ہے اس کو بہت اچھی طرح سمجھنے کی کوشش کریں۔ جو بھی کوئی کام کرتا ہے۔ تو اس کے کچھ قدرتی اثرات ہوتے ہیں جو وجود میں آتے ہیں۔ جو بھی کوئی نیک کام کرتا ہے۔ یعنی برکات کے ذریعہ پر سامنے آتے ہیں۔ مطلب یہ کہ ان کے کپڑوں میں بھی برکت ان کے چلنے پھرنے بھی برکت ان کے باتوں میں بھی برکت وہ تمام چیزوں میں اللہ تعالی وہ یعنی output کے طور پہ باقاعدہ ایک وہ چیز ڈال لیتے ہیں۔ اب جو دوسرے لوگ ان کے راستے پہ آنا چاہیں۔ دوسرے لوگ جو ان کے راستے پہ آنا چاہیں۔ تو بات ایک تو یہ کہ وہ کام کرے وہی جو انہوں نے کیا ہے مقصود وہی ہے۔ لیکن اس کے لیے آسان طریقہ یہ ہے کہ اس کے جو اثرات ہیں پہلے اس میں اپنے آپ کو رنگ لیں۔ تو ان اثرات کے رنگ سے وہ اصل رنگ تک پہنچ جائیں۔ ان اثرات کے رنگ سے اپنی اصل رنگ تک پہنچ جائیں اب دیکھو مثال کے طور پر یہاں کے لوگ جاتے ہیں مکہ مکرمہ حج کرنے جاتے ہیں۔ اب اصل میں تو ملت ابراہیمی کے طریقے پہ چلنا مقصود ہے۔ یعنی گویا کہ وہ جو حنیفیت کا راستہ ہے۔ وہ اس کو پانا ہے۔ یعنی کٹ کٹا کے اللہ کی طرف متوجہ ہونے: "إِنِّي وَجَّهْتُ وَجْهِيَ لِلَّذِي فَطَرَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ حَنِيفًا وَمَا أَنَا مِنَ الْمُشْرِكِينَ" وہ جو اس چیز کو حاصل کرنا ہے۔ لیکن اس چیز کو حاصل کرنے کے لیے کیا طریقہ اختیار کیا گیا ہے shortcut۔ وہ یہ اختیار کیا گیا ہے کہ وہ جو ابراہیم علیہ السلام نے وہاں جو کیا اور قبول ہوا۔ وہ قبولیت والے جو کام ہیں وہ کام ان کی ایک format ہمیں دیا گیا کہ تم بھی اس طرح کرو۔ تو تم بھی اس طریقے سے ان کی ظاہر ہے ان کا تو بالکل ابتداء سے جاتے جاتے وہ وہ کام انہوں نے کیا ہے۔ انہوں نے آخری تو یہ کام نہیں اس طرح تو نہیں کیا کہ مطلب ابتداء سے یہ۔ لیکن ہم لوگوں کے لیے ایک آسانی ہے کہ ہم لوگ وہاں جا کر اسی طریقے پر وہ کام کریں جو آخری end میں ہوئے۔ تو اس end والے کاموں کے ذریعے سے ہم ان کے ساتھ شامل سمجھے جائیں گے۔ اور ان کے پیچھے جانے والوں میں ہوں گے۔ لہذا اس کی برکت سے ہمارے اندر وہ چیزیں اللہ پاک پیدا کرے گا۔ اب بات یہ ہے کہ جتنا ان میں اخلاص ہوگا ان چیزوں کو پانے کا یا ان چیزوں کے کیونکہ وہ تو علامتی چیزیں ہیں۔ علامتی چیزیں ہیں۔ تو ان علامتی چیزوں کے اوپر جتنا آدمی چلے گا اور ان کے ساتھ مخلصانہ طریقہ کار اختیار کرے گا تو وہ جو چیزیں ہوتی ہیں وہ ان کے اندر آ جائیں گی جو ابراہیم علیہ السلام کے ساتھ تھی انہوں نے جو حاصل کیا ہوا تھا۔ وہ ہمارے اندر میں بھی جتنا اخلاص ہمارا ہوگا اس کے حساب سے آ جائیں گی۔ بات سمجھ میں آ رہی ہے نا؟ یعنی گویا کہ یہ indirect طریقہ ہے جس کے ذریعے سے ہم لوگ ان چیزوں کو حاصل کر سکتے ہیں۔ کیونکہ اصل مقصود تو وہ چیز حاصل کرنا ہے جو ابراہیم علیہ السلام لائے تھے، اس کو ملت ابراہیمی۔ لیکن اس کے لیے پھر طریقہ کار یہ بنایا گیا کہ جو صاحب استطاعت ہے وہ کم از کم ایک دفعہ اس کو کر لے تاکہ اس کا کچھ نہ کچھ حصہ ہم میں آ جائے۔
اوپر توراۃ کے حوالوں سے گزر چکا ہے کہ حضرت ابراہیمؑ اور ان کی اولاد کا دستور تھا کہ وہ جہاں کہیں کوئی ربانی کرشمہ دیکھتے تھے تمدن کے اس ابتدائی عہد میں کسی بڑی تعمیر کے بجائے وہ بن گھڑے پتھر کو کھڑا کر کے خدا کا گھر بنا لیتے وہاں قربانی کرتے اور خدا کی عبادت کرتے تھے۔ جو شخص نذر کیا جاتا تھا وہ اتنے دنوں تک سر نہیں منڈاتا تھا۔ نذر پوری کر لینے کے بعد وہ سر پر استرہ لگاتا تھا پھر جہاں یہ مذکور ہے کہ اس گھر کی چھت پر نہ چڑھنا کہ تیری برہنگی نہ ظاہر ہو۔ (خروج ۲۰۔۲۶) اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس وقت بن سلا کپڑا پہنتے تھے
سبحان اللہ کیسے نکتے پہ نقطہ نکال رہے ہیں۔ اور دوسروں کی کتابوں سے۔
اور کمر میں تہہ بند باندھتے تھے۔ توراۃ کے فارسی اقتباس میں جو اوپر نقل ہوا ہے مذکور ہے کہ جب اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیمؑ کو حضرت اسماعیلؑ کی قربانی کے لئے آواز دی تو حضرت ابراہیمؑ نے جواب میں ”لبیک“ کہا اور اردو میں ہے کہ ”میں حاضر ہوں“ کہا۔ یہی صدا لبیک اللّٰہم لبیک اسلامی حج میں اٹھتے بیٹھتے لگائی جاتی ہے۔ یہ بھی گزر چکا ہے کہ جس کو نذر یا قربانی کرتے تھے اس کو قربان گاہ کے چاروں طرف پھراتے تھے یا نثار کرتے تھے، حج میں یہ طواف کہلاتا ہے۔ غرض ان ہی سب ابراہیمی مراسم کے مجموعہ کا نام اسلام میں حج ہے۔
حج کی حقیقت
اب ذرا تھوڑا سا اندازہ کر لیں۔ پھر فرماتے ہیں۔
ان تفصیلات کے بعد معلوم ہوا کہ حج کی حقیقت خدا کی رحمتوں اور برکتوں کے مورد خاص میں حاضری حضرت ابراہیمؑ کی طرح خدا کی دعوت پر لبیک کہنا
لبیک کہنا شکر الحمد للہ حضرت نے بھی بالکل وہی بات کی۔
اور اس عظیم الشان قربانی کی روح کو زندہ کرنا ہے یعنی ان دو برگزیدہ بندوں کی پیروی میں اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے تسلیم و رضا اور فرمانبرداری اور اطاعت کیشی کے ساتھ اپنی گردن جھکا دینا اور اس معائدہ کو عبودیت کے اظہار کو اسی طرح بجالانا جس طرح وہ ہزاروں برس پہلے بجالائے اور خدا کی نوازشوں اور برکتوں سے مالا مال ہوئے، یہی ملت ابراہیمی اور یہی حقیقی اسلام ہے، یہی روح اور یہی باطنی احساس اور جذبہ ہے جس کو حاجی ان بزرگوں کے مقدس اعمال اور قدیم دستوروں کے مطابق حج میں اپنے عمل اور کیفیت سے مجسم کر کے ظاہر کرتے ہیں۔ تمدن کے اسی ابتدائی دور کی طرح وہ ان دنوں بن سلے اور سادہ کپڑے پہنتے ہیں۔ وہ خود اپنے کو حضرت اسماعیلؑ کی طرح خدا کے حضور میں نذر کرنے جاتے ہیں اس لئے اتنے دنوں تک سر کے بال نہ منڈاتے ہیں نہ ترشواتے ہیں۔ دنیا کے عیش و نشاط اور تکلف کی زندگی سے پرہیز کرتے ہیں، نہ خوشبو لگاتے ہیں نہ رنگین کپڑے پہنتے ہیں نہ سر چھپاتے ہیں اور اسی والہانہ انداز سے جس طرح ابراہیم و اسماعیل علیہما السلام تین دن کے سفر کے گرد و غبار میں اٹے ہوئے اور دوڑتے ہوئے خدا کے گھر میں آئے تھے، آتے ہیں اور جس طرح حضرت ابراہیمؑ نے خدا کی پکار پر لبیک کہا تھا وہی تین ہزار برس پہلے کا ترانہ ان کی زبانوں پر ہوتا ہے: ﴿لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ، لَبَّيْكَ لَا شَرِيكَ لَكَ لَبَّيْكَ، إِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَةَ لَكَ وَالْمُلْكَ لَا شَرِيكَ لَكَ﴾ (صحیح مسلم، کتاب الحج) میں حاضر ہوں اے اللہ، میں حاضر ہوں، میں حاضر ہوں، تیرا کوئی شریک نہیں، سب خوبیاں اور سب نعمتیں تیری ہی ہیں، اور سلطنت تیری ہی ہے، تیرا کوئی شریک نہیں۔
یہ خدمت کی آمادگی کا ترانہ اور یہ توحید کی صدا ان تمام مقامات اور حدود میں بلند کرتے پھرتے ہیں جہاں جہاں ان دونوں بزرگوں کے نقش قدم پڑے تھے اور چونکہ وہ خود اپنے آپ کو روحانی طور پر خدا کی قربان گاہ پر نذر کرنے چلتے ہیں اس لئے اپنے آپ کو سات دفعہ اس بیت ایل یا بیت اللہ کے چاروں طرف پھرا کر تصدق کرتے ہیں پھر جہاں سے جہاں تک (صفا سے مروہ تک) حضرت ابراہیمؑ دوڑ کر گئے تھے پھر مروہ پر پہنچ کر بیٹے کی قربانی کریں گے وہاں ہم دوڑتے ہیں اور دعا کرتے ہیں اور گناہوں کی بخشش چاہتے ہیں اور عرفات کے سب سے بڑے میدان میں جمع ہو کر اپنی تمام گزشتہ عمر کے گناہوں اور کوتاہیوں کی معافی چاہتے ہیں، خدا کے حضور میں گڑگڑاتے ہیں، روتے ہیں، قصور معاف کراتے ہیں اور آئندہ زندگی کے لئے خدا کے ہاتھ پر اس کی عبودیت، بندگی اور اطاعت کا نیا عہد و پیمان باندھتے ہیں اور یہی درحقیقت حج کا اصلی رکن ہے.
یہ تاریخی میدان اس تاریخی عہد کی یاد ان بزرگوں کے نقش قدم اور ان کی دعا کے مقامات اور تجلیات ربانی کے مناظر دور دراز سفر اور ہر قسم کی محنت کے بعد اکثروں کو عمر میں ایک دفعہ اس مقام پر آسکنے کا موقع اور لاکھوں بندگان خدا کا ایک ہی وحدت کے رنگ میں ایک ہی لباس اور شکل وصورت ایک ہی حالت اور جذبہ میں سرشار ایک بے آب و گیاہ اور خشک میدان اور جلے ہوئے پہاڑوں کے دامن میں اکٹھے ہو کر دعا و مغفرت کی پکار، گزشتہ عمر کی کوتاہیوں اور بربادیوں کا ماتم، اپنی بدکاریوں کا اقرار اور پھر اس احساس کے ساتھ کہ یہی وہ مقام ہے جہاں ابراہیم خلیل اللہ سے لے کر محمد رسول اللہ ﷺ تک بہت سے انبیاء اسی حالت اور اسی صورت میں اور یہیں پر کھڑے ہو کر یہ روحانی منظر ایسا کیف، ایسا اثر، ایسا گداز، ایسی تاثیر پیدا کرتا ہے جس کی لذت تمام عمر فراموش نہیں ہوتی پھر اپنی نذر کے دن پورے کرکے اپنی طرف سے ایک جانور حضرت ابراہیم کی پیروی اور اپنی روحانی قربانی کی تمثیل میں جسمانی طور سے ذبح کرتے ہیں اور اس وقت اسی اطاعت اسی فدویت اسی سرفروشی اور اسی قربانی کا اپنی زبان سے اقرار کرتے ہیں جو کبھی اسی میدان میں اسی موقع پر اور اسی حالت اور اسی شکل میں دنیا کے سب سے پہلے داعی توحید نے اپنے عمل اور اپنی زبان سے ظاہر کی تھی اور وہی جذبات اس وقت حاجیوں کے دلوں میں موجزن ہوتے ہیں اور ان کی زبانوں سے حضرت ابراہیمؑ ہی کے الفاظ کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔ (صحیح مسلم کتاب الحج)
﴿إِنِّي وَجَّهْتُ وَجْهِيَ لِلَّذِي فَطَرَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ حَنِيفًا ۖ وَمَا أَنَا مِنَ الْمُشْرِكِينَ﴾ (الانعام ۔ ۷۹) میں نے ہر طرف سے منہ موڑ کر اس کی طرف منہ کیا جس نے آسمانوں کو اور زمین کو پیدا کیا، موحد بن کر اور میں ان میں نہیں جو خدا کا شریک بناتے ہیں۔ ﴿إِنَّ صَلَاتِي وَنُسُكِي وَمَحْيَايَ وَمَمَاتِي لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ لَا شَرِيكَ لَهُ ۖ وَبِذَٰلِكَ أُمِرْتُ وَأَنَا أَوَّلُ الْمُسْلِمِينَ﴾ (الانعام ۔ ۱۶۲-۱۶۳) میری نماز اور میری قربانی اور میرا جینا اور میرا مرنا سب اللہ کے لئے ہے جو تمام دنیا کا پروردگار ہے اس کا کوئی شریک نہیں اور یہی حکم مجھ کو ہوا ہے میں سب سے پہلے فرمانبرداری (اسلام کا) اقرار کرتا ہوں۔ یہی حج کی حقیقت اور یہی اس عظیم الشان عبادت کے مراسم اور ارکان ہیں۔
وما علینا الا البلاغ