دعوتِ دین میں خیر خواہی، شفقت اور حسنِ اخلاق

بَابٌ فِی النَّصِيحَةِ، درس نمبر: 275، اشاعتِ اول: 1 مئی ، 2023 بمطابق 10 شوال المکرم، 1444 ہجری

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  • مخالفت کے جواب میں انبیاء کا مشفقانہ اور ہمدردانہ انداز
  • ہماری ذمہ داری: الجھنے کے بجائے صرف حق بات پہنچانا
  • مخالفین کی تلخ باتوں اور تنقید سے بھی اپنے فائدے کی بات لینا
  • بحث و مباحثے (مناظرے) سے گریز اور اپنی اصلاح کی فکر

الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔

فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔

وَ قَالَ تَعَالَى: ﴿إِخْبَارًا عَنْ نُوْحٍ صَلَّی اللہُ عَلَیْهِ وَ سَلَّمَ "وَ أَنْصَحُ لَكُمْ"﴾ (اعراف: 62)

ترجمہ: اور فرمایا: ”نوح علیہ السلام کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے“ ”اور میں تمہاری خیر خواہی کرتا ہوں۔“

تشریح: ”اَنْصَحُ لَکُمْ“ نوح علیہ السلام نے جب اپنی قوم کو دعوت دی اور اللہ جل شانہ کی عبادت کی طرف بلایا اس پر ان کی قوم کے سرداروں نے کہا ”اِنَّا لَنَرٰکَ فِیْ ضَلٰلٍ مُّبِیْنٍ“ اے نوح (معاذ اللہ) آپ تو کھلی گمراہی میں پڑے ہوئے ہیں کہ ہمارے باپ دادا کے دین سے آپ ہم کو ہٹانا چاہتے ہیں۔ ان سب باتوں کے جواب میں نوح علیہ السلام نے ان پر غصہ یا ناراض ہونے کے بجائے نہایت ہی شفقت کے لہجہ میں فرمایا میں تم کو نصیحت کرتا ہوں (اور میں جانتا ہوں جو تم نہیں جانتے) مفسرین فرماتے ہیں کہ اس آیت میں مبلغین کو ایک اہم تعلیم اور ہدایت ہے کہ دعوت دینے میں جب کوئی اعتراض کرے تو غضبناک ہونے کے بجائے مشفقانہ اور ہمدردانہ لہجہ اختیار کرے جیسے کہ نوح علیہ السلام نے کیا۔ علامہ بغوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں انصح کے معنی ہوتے ہیں وہ بہتری اور خیر خواہی جو آدمی اپنے لئے پسند کرتا ہے اور دوسروں کے لئے بھی پسند کرتا ہے۔

یعنی مطلب یہ ہے کہ نوح علیہ السلام چونکہ پیغمبر تھے اور پیغمبر تو ظاہر ہے نفس کے مطابق بات نہیں کرتے۔ تو لہذا وہ تو اللہ کی طرف سے مامور ہوتے ہیں، تو اس لحاظ سے جب کوئی ان کی کوئی مخالفت کرتا ہے تو ان کے اوپر اپنی امت کی شفقت اتنی زیادہ ہوتی ہے ان کے دل میں کہ وہ ان پر غصہ نہیں ہوتے بلکہ جیسے مثال کے طور پر کوئی بچہ ہے وہ ناسمجھ ہے اور ناسمجھی کی وجہ سے وہ باپ کو کہتا ہے کہ میں آپ کی بات نہیں مانتا، تو باپ جو شفیق باپ ہوتا ہے وہ اس پر غصہ نہیں کرتا بلکہ اس کو سمجھاتا ہے کہ میں تو تیری خیر خواہی، خیر خواہی کے لیے بات کر رہا ہوں۔ تو یہ بات اس طریقے سے ہے کہ پیغمبر بھی اپنی امت پر والدین سے زیادہ شفیق ہوتے ہیں، تو ان کو ظاہر ہے ان کے بارے میں یہ بات آئی ہے۔ تو اسی طریقے سے ہم لوگوں کو بھی اگر جو اہل حق ہیں، اگر کوئی ان کی مخالفت کر لے تو بجائے اس کے کہ ان کی یعنی غصہ ہو جائے یا کوئی سخت بات کہے، تو مشفقانہ انداز میں ان کو سمجھانا چاہیے کہ میں تو آپ کے بھلے کے لیے بات کر رہا ہوں، یا آپ کے اپنے فائدے کی بات ہے، اگر آپ اس پر عمل کرنا چاہیں تو آپ کا اپنا فائدہ ہے۔ ہمارا تو یہ بات ہے کہ ہم تو آپ تک بات پہنچا رہے ہیں، یہ جو وَمَا عَلَيْنَا إِلَّا الْبَلَاغُ، یہ جو فرماتے ہیں وہ کس لیے فرماتے ہیں؟ وہ یہی بات ہے وَمَا عَلَيْنَا إِلَّا الْبَلَاغُ، یعنی ہم پر تو صرف پہنچانے کی ذمہ داری ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے اوپر کوئی ذمہ داری نہیں، اور بات بھی بالکل ایسی ہے۔ اور اس طریقے سے وَاللهُ أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ، یہ علماء کرام جو مطلب لکھتے ہیں اس میں بھی یہی بات ہے کہ اللہ کو پتہ ہے کہ صحیح بات کونسی ہے۔ مجھے جو پتہ تھا، جو علم حاصل ہوا تھا اللہ کے فضل سے، اس کے مطابق تو میں یہ بات کر رہا ہوں۔ لیکن حقیقت کیا ہے وہ تو اللہ کو معلوم ہے، وَاللهُ أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ۔ یہ ہمارے محاوروں میں بڑی زبردست باتیں ہیں مطلب، یہ جو موجود ہیں لیکن ہم لوگ صرف ان کے الفاظ تو لیتے ہیں، لیکن اس کے پیچھے جو حقیقت ہوتی ہے نہیں لیتے۔ مثلاً ہم باتوں باتوں میں کہتے ہیں سُبْحَانَ اللهِ، کیا بات آپ نے کی۔ تو یہ بات اللہ والوں نے کی ہے، یعنی اس طرح، دیکھیں نا ہم لوگ صرف اس کو لفظی کہتے ہیں، اس کے پیچھے وہ حقیقت نہیں ہوتی کہ ہم جو، اس طریقے سے اَلْحَمْدُ لِلهِ کہتے ہوئے۔ ہاں۔ اَللهُ أَكْبَرُ کہتے ہوئے، یہ ساری باتیں یہ ہے کہ وہ یعنی اس کے پیچھے بڑے معانی اور بڑے معارف ہوتے ہیں، لیکن اس طرف ہمارا دھیان نہیں جاتا۔ یہ جو ہم تصوف کے اندر کوشش اور محنت کرتے ہیں وہ انہی چیزوں کو حاصل کرنے کے لیے ہوتا ہے کہ ہم جو کہتے ہیں، اس کے جو معارف ہیں وہ ہمارے قلوب میں آ جائیں، اور اس معرفت کے ساتھ ہم ان باتوں کو کرنے والے بن جائیں۔ تو یہاں پر بھی اس قسم کی بات ہے کہ جو وَمَا عَلَيْنَا إِلَّا الْبَلَاغُ جو کہتے ہیں تو وہ دل سے اس پر راضی ہو کہ میرا کام تو صرف پہنچانا ہے، لڑائی جھگڑا نہیں ہے۔ مطلب میں جو پہنچا دیتا ہوں تو بس یہ بات کافی ہے۔ بلکہ اس میں ایک بات اور بھی ہے۔ پانی ہے نا پانی، یہ اپنے لیے راستہ بناتا ہے۔ اور راستے اس طرح بناتے ہیں کہ جب اس کے سامنے رکاوٹ آ جائے تو رکاوٹ کے ساتھ مقابلہ کرنے کی بجائے جو جگہ، راستہ اس کے پہلے سے موجود ہوتا ہے اس پر چل پڑتا ہے، مطلب اس کو یہ نہیں ہوتا کہ بس وہ ٹھیک ہے جی، بس اپنے لیے راستہ بنا لیتا ہے، وہ اس طرف چلا جاتا ہے۔ تو یہاں پر بھی اس قسم کی بات ہے کہ ہم لوگوں کو جو ہے، بجائے اس کے کہ مخالفت کو ہم برا منائیں، اس میں ہم اپنے لیے جو نصیحت کی بات ہے اس کو تو پکڑ لیں کہ ممکن ہے کوئی، میں کوئی بات صحیح کہتا ہو۔ حضرت گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ، وہ اخیر عمر میں نابینا ہو گئے تھے تو ان کو خطوط سنائے جاتے تھے۔ پھر حضرت جواب بتاتے تھے۔ ویسے بزرگوں کا طریقہ ہے، اخیر عمر میں جب ضعف ہو جاتا ہے تو یہی طریقہ ہوتا ہے۔ تو مخالفت تو بہت تھی حضرت کی، تو بعض لوگ صاف گالیاں مطلب بھیجتے تھے خط میں، جیسے مخالفین کرتے ہیں۔ تو کچھ خطوط میں کچھ سخت باتیں آئی تھیں، تو جو خدام تھے انہوں نے وہ خطوط نہیں سنائے۔ تو حضرت نے خود ہی پوچھا، بھئی ہمارے دوستوں نے ہمیں کیا یاد کرنا چھوڑ دیا ہے؟ تو انہوں نے کہا، حضرت! خطوط تو آئے ہیں لیکن وہ نری گالیاں ہیں۔ مطلب اس میں تو کوئی بات ہے ہی نہیں، بس صرف گالیاں ہی گالیاں ہیں۔ فرمایا، بھئی دور کی گالیاں تھوڑی پڑتی ہیں، آپ سنا دیا کریں، ہم تو اس نیت سے سنتے ہیں کہ عین ممکن ہے کوئی اچھی بات کی ہو جس میں ہمارا فائدہ ہوتا ہو تو ہم ان سے وہ لے لیں۔ اس طرح حضرت امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ، انہوں نے اپنے بیٹے کو جو نصیحت کی تھی، حماد رحمۃ اللہ علیہ کو نصیحت کی تھی، تو ان سے فرمایا، بیٹا مناظرہ نہ کرو۔ ہم لوگ مناظرہ کرتے تھے، اس نیت سے کرتے تھے کہ اگر جو ہمارے خصم ہیں ان کے منہ سے اگر کوئی بات اچھی نکلے تو ہم اس کو فوراً لے لیں۔ کیونکہ بعض باتیں ہمیں سمجھ نہیں آئی ہوں گی، تو اگر ان کو سمجھ آئی ہے تو وہ بتا دیں گے، تو ہم اس کو لے لیں گے۔ فرمایا آج کل یہ بات ہے کہ نیت ہوتی ہے کہ خصم کوئی غلط بات کہہ دے کہ ہم فوراً اس کی رد کر لیں۔ تو حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے اس کو بیان فرما کر یہ فرمایا کہ اب تو یہ حالت ہے کہ چاہے اچھا کہے چاہے برا کہہ دے، ہم نے مخالفت ہی کرنی ہے۔ یعنی جو مناظرے میں صورتحال یہی ہوتی ہے، تو اس وجہ سے مناظرے میں دل سخت ہو جاتے ہیں اور یہ صورتحال بنتی ہے۔ تو اب یہی اصل میں بنیادی بات ہے کہ ہم لوگ بھی اپنی اصلاح کر لیں، اگر کوئی شخص ہمارے بارے میں یا ہمارے طریق کے بارے میں کوئی ایسی بات کر رہا ہو جو کہ ظاہر ہے ہمارے نفس کو پسند تو نہیں ہو گی، لیکن عقل کا تقاضا یہ ہے کہ اگر اس میں کوئی ہمارے لیے پیغام ہے تو اس کو ہم لے لیں۔ کیونکہ بعض دفعہ فاسق و فاجر کے ذریعے بھی دین کی خدمت اللہ تعالیٰ کروا دیتے ہیں۔ تو اگر کوئی فاسق و فاجر بھی ہمیں صحیح بات کہہ دیتا ہے تو مطلب اس کو بھی تو لینا چاہیے نا، کہ بے شک کسی نے کس نیت سے کی ہو، وہ تو اس کی اس کے ساتھ معاملہ ہے۔ لیکن ہمارے لیے فائدے کی بات یہی ہے کہ ہم اس سے وہ چیز لے لیں اور اپنی اصلاح کر لیں۔

وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ للهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ

دعوتِ دین میں خیر خواہی، شفقت اور حسنِ اخلاق - درسِ ریاضُ الصالحین - دوسرا دور