فضائل و برکاتِ درود شریف اور گھریلو و قلبی سکون کا نبوی نسخہ

فضائل درود شریف

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  1. درود شریف کی کثرت کا معمول بنانا ایک عظیم نعمت ہے جس کی بدولت بے شمار رحمتیں اترتی ہیں اور دلوں کے اختلافات ختم ہوتے ہیں۔
  2. جمعہ کا دن اور رات نورانی ہیں جن میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر کثرت کے ساتھ درود بھیجنا نہایت مبارک عمل ہے۔
  3. آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک دفعہ درود بھیجنے سے اللہ پاک کی طرف سے دس رحمتیں اتاری جاتی ہیں۔
  4. آج کل دنیا کی طلب اور دل کی سختی کی وجہ سے گھر گھر میں باہمی اختلافات اور لڑائیاں عام ہو چکی ہیں۔
  5. گھروں میں درود شریف کی مجلس قائم کرنے سے اترنے والی رحمت کی بدولت اہل خانہ کے دل آپس میں جڑ جاتے ہیں۔
  6. سفر کے دوران یا فارغ اوقات میں تسبیح اور کاؤنٹر کے ذریعے ہزاروں مرتبہ درود شریف پڑھنا بہت آسان ہو گیا ہے۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِيْنَ وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّيْنَ اَمَّا بَعْدُ۔ فَاَعُوْذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيْمِ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ۔

اِنَّ اللّٰهَ وَمَلَآئِكَتَهُ يُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِيِّ۔ يَآ اَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوْا تَسْلِيْمًا۔ اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى اِبْرَاهِيْمَ وَعَلَى آلِ اِبْرَاهِيْمَ اِنَّكَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ۔ اَللّٰهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى اِبْرَاهِيْمَ وَعَلَى آلِ اِبْرَاهِيْمَ اِنَّكَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ۔

معزز خواتین و حضرات، انتہائی مبارک گھڑیاں شروع ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے کہ "نورانی دن، نورانی رات مجھ پہ کثرت کے ساتھ درود بھیجا کرو"۔ تو نورانی رات سے مراد جمعہ کی رات ہے اور نورانی دن سے مراد جمعہ کا دن ہے۔ اس وجہ سے الحمد للہ ہمارے ہاں کوشش ہوتی ہے کہ جمعہ کی رات کو بھی درود شریف پڑھا جائے اور اس کے بعد دعا کی جائے اور اس کے ساتھ کچھ اور معمولات بھی ہوتے ہیں الحمد للہ سیرت سے متعلق۔ اور جمعہ کے دن بھی الحمد للہ ہمارے ہاں قرآن پاک کی تلاوت ہوتی ہے، درود شریف پڑھا جاتا ہے اور چہل حدیث شریف پڑھی جاتی ہے، پھر اس کے بعد دعا کی جاتی ہے۔ تو یہ ہمارا الحمد للہ معمول ہے۔

اور ساتھ درود شریف یہاں پر پڑھا گیا ہے، اللہ کا شکر ہے۔ ویسے بھی اللہ کا شکر ہے الحمد للہ کہ ہمارے جو سلسلے کے ساتھی ہیں، چاہے مرد ہیں چاہے خواتین ہیں، درود شریف کا معمول بنا چکے ہیں۔ اور بہت سارے لوگوں کا سوا لاکھ مرتبہ ہر مہینے میں الحمد للہ ان کا معمول ہے۔ پہلے تو صرف ربیع الاول میں معمول ہوا کرتا تھا لیکن اب اللہ کا شکر ہے کہ ہر مہینے میں معمول ہے۔ تو اس میں کوئی بھی حصہ ڈال سکتا ہے۔ ظاہر ہے یہ تو ماشاء اللہ ایک میدان ہے، اس میں کوئی بھی آگے بڑھ سکتا ہے۔ تو اللہ کا شکر ہے الحمد للہ، یہ بہت بڑی نعمت ہے۔

دیکھیں اللہ پاک نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمۃ للعالمین بنا کر بھیجا، وَمَآ اَرْسَلْنَاكَ اِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِيْنَ۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر جو کوئی بھی درود شریف پڑھتا ہے، بھیجتا ہے، تو اللہ تعالی کی طرف سے اس پر دس دفعہ رحمت اتاری جاتی ہے۔ تو اب اندازہ کر لیں کہ جس کا معمول یعنی کچھ چار پانچ ہزار، بعض اوقات دس ہزار بھی ہوتا ہے، تو جتنا ہو تو ان کو کتنی الحمد للہ رحمتیں اللہ پاک نصیب فرمائیں گے۔ بہت آسان وظیفہ ہے اور بہت ہی کارآمد ہے۔ لیکن قسمت قسمت کی بات ہوتی ہے، ہر ایک اتنا قسمت والا نہیں ہوتا۔ تو جس کو بھی اللہ پاک نے یہ نصیب فرمایا اس پر اللہ پاک کا بہت شکر ادا کرنا چاہیے، اور شکر کرنے سے نعمت بڑھتی ہے۔

آج کل میں ایک اور بات بھی کرتا ہوں کہ آج کل گھر گھر میں اختلافات ہیں، اور یہ دنیا کی چونکہ طلب زیادہ ہے اور آپس میں لڑائیاں ہیں، ایک دوسرے سے گلے شکوے ہیں۔ یہ سلسلے گھر گھر ہیں آج کل۔ چونکہ ہم تک لوگ پہنچتے ہیں اس سلسلے میں بتاتے ہیں، تو اس کے بارے میں عرض کرتا ہوں کہ وہ اپنے گھر میں درود شریف کی مجلس شروع کر لیں۔ کیونکہ درود شریف کی مجلس اکٹھے تو مطلب جب کوئی پڑھتا ہے، قریب قریب بیٹھے ہوئے سب کوئی پڑھتے ہیں، تو اس کی مثال ویلڈنگ جیسی ہو جاتی ہے۔ جیسے لوہے کو آپس میں، ان مختلف ٹکڑوں کو الیکٹروڈ کے ذریعے سے ویلڈ کیا جاتا ہے اور مطلب ایک ہو جاتے ہیں۔ اس طرح اللہ کی رحمت جب اترتی ہے مختلف قلوب پر جو ایک ہی جگہ ہوتے ہیں، تو اس سے وہ دل بھی ماشاء اللہ جڑ جاتے ہیں۔ کیونکہ دل کی سختی سے اختلافات آتے ہیں، وہ دل کی نرمی سے دور ہوتے ہیں۔

یعنی یہ والی بات ضرور ہے کہ جو دل کی سختی ہوتی ہے، وہ بڑی سے بڑی چیز کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔ یہود جو تھے، ان کے دل سخت تھے۔ تو صاف مطلب انہوں نے کہا قُلُوْبُنَا غُلْفٌ۔ قَالُوْا قُلُوْبُنَا غُلْفٌ بَل لَّعَنَهُمُ اللّٰهُ بِكُفْرِهِمْ فَقَلِيْلًا مَّا يُؤْمِنُوْنَ۔ مطلب ایک وہ کہتے ہیں کہ ہمارے دل غلاف میں ہیں، مطلب ہم تک کوئی رسائی نہیں کر سکتا۔ اللہ پاک نے فرمایا یہ تو اللہ پاک نے ان کے اوپر جو لعنت بھیجی ان کے کفر کی وجہ سے، تو وہ بہت تھوڑے ایمان لاتے ہیں۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ سختی جو دل کی ہوتی ہے، یہ بہت خطرناک چیز ہے۔ اللہ تعالی ہر ایک کو دل کی سختی سے بچائے۔ اور جو نرمی ہے دل کی یہ بہت بڑی نعمت ہے، کیونکہ جو بھی نیکی کے کام ہوتے ہیں اس کے لیے آسان ہوتا ہے۔ تو درود شریف کی برکت سے دل نرم ہو جاتے ہیں۔ اور ماشاء اللہ یہ مطلب یعنی خیر کی طرف، مطلب ظاہر ہے پھر بڑھنے لگتے ہیں۔ تو گھر گھر میں یہ درود شریف کی محافل ہونی چاہئیں۔

اس کی کوئی مطلب خاص ترتیب نہیں ہے۔ یہ گٹھلیوں کے ذریعے سے بھی کیا جا سکتا ہے، تسبیح کے دانوں کے ذریعے سے بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس میں کوئی خاص وہ والی بات نہیں ہے۔ یہ سب چیزیں بہانے ہیں۔ اصل میں تو درود شریف پڑھنا ہے۔ آپ کے سامنے جب گٹھلیوں کا ڈھیر پڑا ہو اور آپ اس پہ پڑھ رہے ہوں، تو آپ کی ہمت ہو رہی ہوتی ہے، آپ پڑھ لیتے ہیں اس کے ذریعے سے۔ ویسے آپ پڑھنا چاہیں، کوئی چیز سامنے نہیں ہو، تو تھوڑی دیر پڑھ کر آپ ختم کر لیں گے۔ لیکن یہ ہے کہ جس وقت آپ کے ہاتھ میں تسبیح ہو، تو بھی ماشاء اللہ ہمت ہوتی ہے۔

اور یہ کاؤنٹر آج کل آیا ہوا ہے، یہ تو بہت بابرکت چیز ہے کاؤنٹر جو ہے۔ کیونکہ اس پر لوگوں کے لیے ہزاروں بار پڑھنا یہ مشکل نہیں رہا۔ بہت آسانی کے ساتھ ماشاء اللہ لوگ پڑھ لیتے ہیں۔ میں نے ایک اندازہ لگایا ہے، تقریباً مختصر درود شریف یا لَآ اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ پڑھنا، تقریباً ایک گھنٹے میں چار ہزار جو عادی ہوتا ہے وہ پڑھ لیتا ہے۔ ایک گھنٹے میں تین ہزار بھی ہو جائے تو یہ بھی بہت بڑی بات ہے۔ تو اب اگر کوئی مثال کے طور پر سفر میں جا رہا ہے، بس میں بیٹھا ہوا ہے، تو اور تو کچھ نہیں کر سکتا لیکن اگر ہاتھ میں تسبیح ہے یا کاؤنٹر ہے، تو ماشاء اللہ اگر پانچ گھنٹے کا سفر ہے تو پندرہ ہزار مرتبہ اس نے پڑھ لیا ہو گا۔ اور مطلب یہ ہے کہ دس گھنٹے کا سفر ہے تو سبحان اللہ یہ بہت ماشاء اللہ بڑی بات ہے، تیس ہزار تک پڑھا ہو گا۔ تو یہ کوئی ایسی مشکل بات نہیں ہے، لوگ پڑھ لیتے ہیں الحمد للہ۔

ایک صاحب مجھ سے بیعت ہوئے، میں نے اس کو نہیں بتایا تھا۔ لیکن ڈیڑھ سال کے بعد اس نے مجھے بتایا کہ جب سے میں بیعت ہوا ہوں میں نے درود شریف پڑھنا شروع کیا ہے، اب تک الحمد للہ چھبیس لاکھ مرتبہ درود شریف پڑھ چکا ہوں۔ اب ہر مہینے کتنے مرتبہ ہوا؟ بس یہ توفیق ہے اللہ پاک کی طرف سے۔ تو بہرحال ہمیں بھی اللہ پاک سے مانگنا چاہیے۔ اور ہمت کرنی چاہیے۔ ہمتِ مرداں مددِ خدا۔

فضائل و برکاتِ درود شریف اور گھریلو و قلبی سکون کا نبوی نسخہ - فضائل درود شریف