نیکی یا برائی کی دعوت دینے والے کو بھی ثواب یا گناہ ملتا ہے
بَابٌ فِيْمَنْ سَنَّ سُنَّةً حَسَنَةً اَوْ سَيِّئَةً، درس نمبر: 266، اشاعتِ اول: 21 اپریل، 2023 بمطابق 30 رمضان المبارک، 1444 ہجری
نیکی کی دعوت اور اس کا جاری رہنے والا اجر
تھوڑے عمل سے زیادہ نیکیاں کمانے کے مواقع
گناہ کی دعوت اور برائی میں تعاون کا وبال
متعدی گناہوں (دوسروں کو غلط راستے پر لگانے) کا سنگین نقصان
الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔
فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔
نیکی یا برائی کی دعوت دینے والے کو بھی ثواب یا گناہ ملتا ہے
(174) ﴿وَ عَنْ أَبِيْ هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ رَسُوْلَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَ سَلَّمَ قَالَ: مَنْ دَعَا إِلَى هُدًى كَانَ لَهُ مِنَ الْأَجْرِ مِثْلُ أُجُوْرِ مَنْ تَبِعَهُ لَا يَنْقُصُ ذلِكَ مِنْ أُجُوْرِهِمْ شَيْئًا، وَ مَنْ دَعَا إِلَى ضَلَالَةٍ كَانَ عَلَيْهِ مِنَ الْإِثْمِ مِثْلُ آثَامِ مَنْ تَبِعَهُ لَا يَنْقُصُ ذلِكَ مِنْ آثَامِهِمْ شَيْئًا﴾ (رَوَاهُ مُسْلِمٌ)
ترجمہ: ”حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو شخص ہدایت کی طرف بلاتا ہے تو اس کو ان لوگوں کے ثواب کے برابر حصہ ملتا ہے جو اس کی اتباع کرتا ہے ان کے ثواب سے بھی کچھ کمی نہیں ہوگی اور جو شخص گمراہی کی طرف دعوت دیتا ہے اس پر ان لوگوں کے گناہوں کے برابر گناہ ملتا ہے جو اس پر عمل کرتے ہیں لیکن ان کے گناہوں سے کچھ کمی نہیں ہوگی۔“
تشریح: ”ھدیٰ“ سے مراد سنت رسول اللہ ﷺ ہے جو ہدایت کی طرف بلاتا ہے۔ ھدیٰ سے مراد آپ ﷺ کی سنت ہے اسی کی وضاحت دوسری روایت میں اس طرح آتا ہے۔ ”مَنْ اَحْيَا سُنَّةً مِّنْ سُنَّتِيْ قَدْ اُمِيْتَتْ بَعْدِيْ.“ ”کہ جس نے میری کسی ایسی سنت کو زندہ کیا جو میرے بعد مردہ ہوچکی تھی۔“ اسی طرح ایک اور روایات میں آتا ہے مَنِ اسْتَنَّ خَيْرًا کہ جو شخص کسی اچھے راستہ پر چلا۔ تو ان تمام روایات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ کوئی اس خیر کی طرف دعوت دے جو آپ ﷺ سے منقول ہو تو یہ شخص کو اس کا ثواب بھی ملے گا۔ اسی طرح قرآن میں آتا ہے هَلْ جَزَاءُ الْإِحْسَانِ إِلَّا الْإِحْسَانُ اسی طرح کوئی کسی کے گناہ کے آنے کے لئے ذریعہ اور سبب بن جائے تو اس کو اس کے کرنے والے کا بھی گناہ ملے گا جیسے کہ ایک اثر میں آتا ہے۔ ”اَلدَّالُّ عَلَى الشَّرِّ كَفَاعِلِهِ“ شر کی طرف دعوت دینے والا کرنے والے کی طرح ہے۔ اسی طرح قرآن مجید میں ارشاد خداوندی ہے۔ ”جَزَاءُ سَيِّئَةٍ سَيِّئَةٌ مِّثْلُهَا.“ (الشوریٰ)
تخریج حدیث: رواه مسلم فى العلم (باب من سنن حسنة او سيئة و من دعا الى هدى اوضلالة) مالك فى موطه 507، و مسند احمد 9171، و ابوداؤد و ترمذى.
اصل میں واقعتاً ہمارے پاس بڑے چانسز ہیں نیکیاں کمانے کے۔ بہت مواقع ہیں۔ یعنی ہم اگر کسی کو بھی ایک اچھی بات کے بارے میں بتا دیں۔ ماشاء اللہ وہ جب اس پر عمل کرے گا تو اس کا ثواب ہمیں ملے گا۔ بالخصوص اگر کوئی ایسی بات بتا دے جس سے مزید نیکیاں بھی پیدا ہوتی ہوں۔ مثلاً کسی کو کسی اللہ والے کے پاس بھیج دیا۔ اب یہ بظاہر ایک چھوٹا عمل ہے، لیکن پتا نہیں، اس پر کتنا ملے گا۔ کیونکہ اس کا اگر وہاں جا کر دل لگ گیا، اور فائدہ اس کو ہو گیا، اور اس کی تربیت ہو گئی، اور ماشاء اللہ ایک نیک بندہ بن گیا، تو عمر بھر جتنی نیکیاں کرے گا وہ سب آپ کے کھاتے میں ہیں۔ آپ بتاؤ، اس کا کوئی اندازہ کر سکتا ہے؟ اور یہ سب ہمارے سامنے ہے، مطلب یہ کوئی ایسی بات نہیں ہے کہ ہم لوگ کر نہیں سکتے، کر سکتے ہیں۔ تو ایسے موقعے ڈھونڈنے چاہییں جن میں تھوڑے عمل سے انسان کو بہت فائدہ مل سکتا ہے۔ اور دوسری طرف یہ بات ہے کہ کبھی بھی کسی کو گناہ کی دعوت نہ دو۔ گناہ وہ کرے گا اور نقصان آپ کا ہوگا۔ یہ گناہ میں تعاون بھی نہیں کرنا چاہیے۔ وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ۔ مطلب یہ ہے کہ اس میں آپ کی طرف سے تعاون بھی نہیں ہونا چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گناہ جو ہے، یہ جو تعاون کرے گا تو مفت میں اپنے کام خراب کرے گا، ظاہر ہے اس کو بھی نقصان ہوگا۔ میں اس کی مثال دیتا ہوں۔ مثلاً کوئی شخص فلم دیکھتا ہے اور آپ نے اس کا ٹکٹ پے کر دیا چلو۔ وہ فلم وہ دیکھے گا، نقصان آپ کا بھی ہو گا۔ مثلاً کوئی شخص ہے اور بے راہ روی پہ لگا ہوا ہے، آپ نے اس کو کچھ ہنٹس دے دیے اور اس طرف چل پڑا۔ تو گناہ وہ کرے گا، نقصان آپ کا بھی ہو گا۔ اس طرح میں اکثر کہا کرتا ہوں، یہ بچوں کو اس لائن پر جو لوگ لگاتے ہیں نا، یہ بہت ظلم کرتے ہیں، اپنے اوپر بہت ظلم کرتے ہیں۔ کیونکہ اگر خدانخواستہ اس راستے پہ لگ گئے تو عمر بھر کا نقصان ہے آپ کا۔ جتنی عمر وہ گناہ کریں گے تو وہ آپ کے ذمے ہوں گے۔ تو ایسی چیزوں سے، گناہوں سے بچنا بہت ضروری ہے جو متعدی ہوتے ہیں۔ اپنے آپ کو بچانا بہت ضروری ہے۔ کسی کو کوئی غلط بات بتانا، سمجھانا، یہ سب اپنے آپ کو نقصان دینے والی بات ہے۔ اگر خیر نہیں کر سکتے ہو نا تو کم از کم شر تو نہ کرو۔ یہ بات تو کم از کم ہونی چاہیے نا کہ کسی کو شر کی دعوت تو نہ دو نا، خوامخواہ اپنے آپ پر ظلم کر رہے ہو۔ اللہ تعالیٰ ہماری حفاظت فرمائے
وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ للهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ۔