حرص و طمع کے مہلک اثرات اور قناعت و ایثار کی اہمیت

آیات و احادیث

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  1. انسان کے نفس میں موجود مختلف رذائل پر قابو پانا اور ان کی اصلاح کرنا ہی اصل کامیابی ہے۔
  2. نفس میں رذائل کا موجود ہونا قابلِ گرفت نہیں، بلکہ ان کے زیراثر کیے گئے اختیاری اعمال پر گرفت ہے۔
  3. حرص اور بخل کا مجموعہ جسے شح کہتے ہیں، انسان کی ایک انتہائی خطرناک روحانی بیماری ہے۔
  4. خانگی اور خاندانی جھگڑوں کی بڑی وجہ مالی معاملات میں بخل اور حرص ہے، جس کا علاج باہمی ایثار ہے۔
  5. مال کا اصل فائدہ اسے خرچ کرنے میں ہے، مگر اسراف اور بیجا اخراجات سے بچنا انتہائی ضروری ہے۔
  6. اپنی ضرورت کے باوجود دوسروں کی ضرورت کو ترجیح دینا ایثار ہے جو دنیاوی اور اخروی کامیابی کا زینہ ہے۔
  7. حرص میں بخل کے ساتھ حسد بھی شامل ہوتا ہے جو انسان کو دوسروں کے مال پر نظر رکھنے پر مجبور کرتا ہے۔
  8. دوسروں کی نعمتوں کی ہوس کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ کے فضل سے اپنا حصہ مانگنا چاہیے۔
  9. مال کی شدید ہوس انسان کو ظلم، قطع رحمی اور حرام کو حلال سمجھنے جیسے گناہوں پر آمادہ کرتی ہے۔
  10. دنیاوی ضروریات اور تکالیف کو آخرت کی نعمتوں اور عذاب کی یاددہانی کا ذریعہ بنانا چاہیے۔
  11. حرص کا بہترین روحانی علاج قناعت اور سیر چشمی ہے جس سے انسان کو حقیقی دلی سکون نصیب ہوتا ہے۔
  12. زندگی میں مثبت سوچ اپناتے ہوئے اپنی محرومیوں کے بجائے موجود نعمتوں پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
  13. مسنون طریقہ یہ ہے کہ مال زکوٰۃ اور صدقات کے ذریعے مالداروں سے غریبوں کی طرف منتقل ہو۔

اَلْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ۔

وَأُحْضِرَتِ الْأَنْفُسُ الشُّحَّ وَإِنْ تُحْسِنُوا وَتَتَّقُوا فَإِنَّ اللَّهَ كَانَ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرًا۔

وَقَالَ اللَّهُ تَعَالَى وَأَنْفِقُوا خَيْرًا لِّأَنْفُسِكُمْ وَمَنْ يُّوقَ شُحَّ نَفْسِهِ فَأُولَئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ۔

وَقَالَ اللَّهُ تَعَالَى وَلَقَدْ آتَيْنَاكَ سَبْعًا مِّنَ الْمَثَانِي وَالْقُرْآنَ الْعَظِيمَ لَا تَمُدَّنَّ عَيْنَيْكَ إِلَى مَا مَتَّعْنَا بِهِ أَزْوَاجًا مِّنْهُمْ۔

صَدَقَ اللَّهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ وَصَدَقَ رَسُولُهُ النَّبِيُّ الْكَرِيمُ۔

معزز خواتین و حضرات! ہمارا جو نفس ہے اس میں مختلف رذائل موجود ہوتے ہیں۔ ان رذائل سے مختلف حرکات انسان سے سرزد ہوتی ہیں۔ یہ میں اس لیے کہتا ہوں کہ رذائل اور حرکات جو رذائل سے موجود ہوتے ہیں یہ دو مختلف چیزیں ہیں۔ رذائل کا موجود ہونا اس پہ گرفت نہیں ہے۔ لیکن ان رذائل سے جو حرکات وجود میں آتی ہیں بالاختیار یعنی اختیار کے ساتھ اس پہ گرفت ہے۔ لہذا اگر کسی شخص نے وقتی طور پر رذائل کی مخالفت کی اور وہ نہ ہونے دیا جو ان رذائل کی وجہ سے ہو سکتا تھا تو بچ گیا اور اس پر اس کو اجر بھی ملے گا۔ لیکن اگر سستی کی اور ہونے دیا تو پھر اس کے جو نتائج ہیں خطرناک ہو سکتے ہیں۔ اس وجہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو ارشاد فرمایا ہے: وہ عقلمند ہے جس نے اپنے نفس کو قابو کیا اور آخرت کے لیے کام کیا۔ یہاں پر قابو کرنا فرمایا گیا ہے۔ ختم کرنا نہیں فرمایا گیا کہ جس نے اپنے نفس کو ختم کیا یا جس نے اپنے نفس کو مارا۔ قابو کیا۔ اور آخرت کے لیے کام کیا۔

اور قرآن پاک میں ارشاد مبارک ہے: قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكَّاهَا وَقَدْ خَابَ مَنْ دَسَّاهَا۔ یقینا کامیاب ہو گیا وہ شخص جس نے اپنے نفس کا تزکیہ کیا ان رذائل کو دبا دیا۔ تو کامیاب ہو گیا یقینا۔ اور جو ایسا نہیں کر سکا اپنے نفس کو اس حالت پہ چھوڑ دیا جس حالت پہ وہ تھا تو فرمایا وہ تباہ و برباد ہو گیا۔

بہت سارے رذائل ہمارے اندر موجود ہیں۔ کسی میں کیا کسی میں کیا، کسی میں تھوڑے کسی میں زیادہ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انسان جب پرورش پاتا ہے معاشرے کے اندر تو جن معاشروں میں بعض چیزیں زیادہ پنپی ہوئی ہوتی ہیں وہ رذائل اس میں بھی زیادہ سرایت کر جاتے ہیں۔ مثلا بعض معاشروں میں گالیاں دینے کا رواج ہوتا ہے۔ تو گالیاں بچے سیکھ لیتے ہیں پھر وہ گالیاں دیتے ہیں آپس میں۔ بعض معاشروں میں ظلم مار دھاڑ یہ زیادہ ہوتا ہے۔ بعض معاشروں میں جھوٹ کی فراوانی ہوتی ہے۔ بعض معاشروں میں ناپ تول کی کمی جیسے شعیب علیہ السلام کی قوم میں۔ الغرض جس معاشرے میں جو بیماری زیادہ عام ہے وہ دوسروں پر بھی اثر انداز ہوتی ہے جیسے کچھ متعدی بیماریاں جیسے ہوتی ہیں۔ تو اس وقت جو اس سے بچتا ہے مشکل سے بچتا ہے۔ اور بچے گا تو بہت زیادہ اجر ملے گا۔ لیکن جب تک انسان کی اصلاح نہیں ہو چکی ہوتی یعنی نفس پوری طور پہ قابو میں نہیں آیا ہوتا اس وقت غلطی دوبارہ ہونے کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔ اس وجہ سے بہترین طریقہ تو اس معاملے میں نفس کی اصلاح ہے کہ اپنے نفس کی اصلاح کی جائے۔

ان بیماریوں میں ایک بیماری حرص و طمع بھی ہے۔ اس کو لالچ بھی کہتے ہیں۔ یہ وہ بیماری ہے۔ جس میں نفس کی دنائت جو ہے یہ پوری طرح واضح ہو جاتی ہے۔ خصوصا وہ حرص و طمع جس میں بخل بھی شامل ہو۔ ایسی چیز کو عربی میں شح کہتے ہیں۔ یعنی شح میں ایک طرف تو بخل ہے یعنی کچھ کسی کو دینا نہیں۔ اور دوسرا اس میں لالچ اور طمع ہے کسی اور کی جیب پہ نظر ہے۔ کسی اور کی چیز پر نظر ہے۔ اس کو شح کہتے ہیں اور یہ بہت بڑی بیماری ہے۔ اس کی برائی قرآن پاک میں کئی موقعوں پر آئی ہے۔

خانگی زندگی جو ناگواری ہے اکثر اسی وجہ سے ہوتی ہے۔ کیونکہ جو گھر کا مالک ہوتا ہے۔ وہ بخل کی وجہ سے زیادہ دینا نہیں چاہتا۔ اور گھر کے جو لوگ ہوتے ہیں وہ زیادہ مانگتے ہیں۔ تو ظاہر ہے میچنگ نہیں ہے۔ کیونکہ شوہروں کو اپنے مال سے محبت ہوتی ہے۔ اس لیے وہ زیادہ خرچ نہیں دیتے۔ اور بیویوں میں لالچ ہوتی ہے۔ وہ زیادہ خرچ کرنا چاہتی ہیں۔ اس طرح اگر ایک شخص کی کئی بیویاں ہوں۔ تو ہر بیوی اپنے شوہر پر زیادہ حق جتاتی ہے۔ مثلا ایک بیوی پہلی ہوگی تو دوسری بعد میں دوسری آئی ہوگی۔ تو پہلی ہو کہے میں تو پہلی ہوں میں نے تو اس کے ساتھ ہر حالت میں گزارا کیا ہے تو اب میرے ساتھ مطلب وہ زیادہ تعلق رکھنا چاہیے۔ اور دوسری ہوتی ہے کہ ظاہر ہے میں دوسری پہ آئی ہوں تو آخر قربانی دی ہے۔ تو اب اس قربانی کا بدلہ مجھے ملنا چاہیے۔ دونوں کے پاس اپنے اپنے دلائل ہوتے ہیں۔ اور شوہر میاں کے ساتھ اپنے دلائل ہوتے ہیں۔ نتیجتا مسائل کا بازار گرم ہوتا ہے۔ کوئی لمحہ اس گھر میں آرام کا نہیں ہوتا۔ ہر وقت پریشانی پریشانی۔ شور شرابہ لڑائی جھگڑا۔ اور بعض دفعہ یہ بہت زیادہ آگے چلی جاتی ہے۔ اور خاندانوں کے اندر لڑائی کا باعث بن جاتی ہے۔ دو خاندان آپس میں ٹکرا جاتے ہیں۔ بعض دفعہ معاملہ عدالتوں تک چلا جاتا ہے، اور دوسرے لوگوں کو درمیان میں شر ڈالنے کا بڑا موقع ملتا ہے۔ تو اس سے خانگی معاملوں میں جو کشمکش پیدا ہوتی ہے اس سے سارے گھر کا روحانی نظام گڑبڑ ہو جاتا ہے۔ ظاہر ہے اس کا علاج یہ ہے کہ باہم احسان و ایثار کا سلوک کا ماحول ہو۔ اور ہر ایک دوسرے کے لیے اپنا آرام اور اس کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھے تو پھر وہی گھر جو پہلے غم کدہ تھا عشرت کدہ بن سکتا ہے۔

میاں بیوی کے درمیان جو خانگی اختلافات ہیں، اس کے سلسلے میں قرآن پاک میں آتا ہے۔

وَأُحْضِرَتِ الْأَنْفُسُ الشُّحَّ وَإِنْ تُحْسِنُوا وَتَتَّقُوا فَإِنَّ اللَّهَ كَانَ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرًا۔

اور طبیعتوں میں حرص دھری ہے، اور اگر تم احسان کرو اور تقویٰ اختیار کرو تو اللہ کو تمہارے کاموں کی ساری خبر ہے۔

یعنی میاں بیوی دونوں اگر حرص اور لالچ چھوڑ دیں اور احسان اور تقویٰ کی راہ اختیار کریں تو اللہ جو ہر ایک کے کاموں سے واقف ہے، سب کو ان کے کاموں کے مطابق جزا دے گا۔ اس کاروباری دنیا میں ہر چیز کا ایک اقتصادی پہلو بھی ہوتا ہے۔ جب تک انسان اپنی حرص و طمع کو روک کر اچھے کاموں پہ روپیہ خرچ نہیں کرے گا وہ کامیابی حاصل نہیں کر سکتا، خواہ یہ کامیابی دین کی ہو یا دنیا کی۔ اس کے لیے ارشاد فرمایا ہے اللہ پاک نے:

وَأَنْفِقُوا خَيْرًا لِّأَنْفُسِكُمْ۔

اور خرچ کرو، اپنے لیے بھلائی کرو۔

وَمَنْ يُوقَ شُحَّ نَفْسِهِ فَأُولَئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ۔

اور جو اپنے جی کی حرص سے بچ گیا، وہی کامیاب ہے۔

انسان جب تک خرچ نہیں کرتا تو اس کے پاس جو مال ہے اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ مال کے خرچ کرنے کے ساتھ ہی اس کا فائدہ ہے، ورنہ وہ کیا چیز ہے؟ ایک بے جان چیز ہے آپ کے لیے۔ صرف ایک نفسیاتی تسلی ہے آپ کے لیے، اس وقت تک آپ اس سے کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔

اس کی بہترین مثال بجلی ہے۔ بجلی کیا چیز ہے؟ یہ ہے flow of electrons، یعنی الیکٹرانز کی جو movement ہے، حرکت ہے، وہ بجلی ہے۔ اگر یہ حرکت رک جائے تو بجلی نہیں ہے۔ جب یہ حرکت چل پڑے تو بجلی ہے۔ تو اسی طریقے سے معاشرے کے اندر اگر پیسہ خرچ ہو رہا ہو تو اس کا فائدہ ہے، خرچ نہیں ہو رہا ہو تو اس کا فائدہ نہیں ہے۔

خرچ تو کرنا پڑے گا، البتہ اسراف سے بچنا ہے، بلاوجہ خرچ نہیں کرنا۔ اسراف سے بچنا ہے۔ جیسے سحری کے لیے فرمایا: كُلُوا وَاشْرَبُوا وَلَا تُسْرِفُوا۔ نہیں، بلکہ فرمایا کہ نہیں، كُلُوا وَاشْرَبُوا وَلَا تُسْرِفُوا، مطلب کھاؤ پیو مگر اسراف نہ کرو۔ تو اسراف سے بچنا ضروری ہے۔ اسراف سے بچنا بہت ضروری ہے۔

اسراف کیا ہے؟ جہاں دو روپے خرچ کرنے ہیں، وہاں انسان پانچ روپے خرچ کر لے، تو اسراف ہے۔ ضرورت سے زیادہ خرچ کرنا۔ لیکن صحیح موقعے پر۔ ضرورت سے زیادہ خرچ کرنا مثلاً کپڑے اپنی حیثیت سے بڑھ کر آدمی لے تو اسراف ہے۔ گاڑی اپنی حیثیت سے بڑھ کر لے تو اسراف ہے۔ اپنے کھانے پینے پہ ذرا زیادہ خرچ کرے، مطلب ہے جس کو کہتے ہیں نا، اپنی حیثیت سے زیادہ تو وہ اسراف ہے۔ لیکن بلاوجہ خرچ کرنا، جس کی خرچ کرنے کی اجازت ہی نہ ہو، وہاں خرچ کرنا، وہ تبذیر ہے۔ اس کے لیے فرمایا ہے: إِنَّ الْمُبَذِّرِينَ كَانُوا إِخْوَانَ الشَّيَاطِينِ۔ بیشک بے جا خرچ کرنے والے، وہ شیطان کے بھائی ہیں۔ کیونکہ بے جا خرچ کرنے کے ساتھ بہت سارے مسائل ہو جاتے ہیں، بہت سارے، تھوڑے نہیں۔ اس سے لوگوں کا چین اور سکون لٹ جاتا ہے۔ اور اس سے ہے کہ معاشرے کے اندر بہت سارے فساد کے راستے کھل جاتے ہیں۔

یہ مہندی کی رسمیں ہوتی ہیں، اس پر لوگ بے تحاشا خرچ کرتے ہیں، حیرت ہوتی ہے کہ بھئی کرتے ہیں کیوں کرتے ہیں، کیا بات ہے؟ بھئی شادی تو دو بول کی بات ہے۔ ہمارے گھر کے پاس خیابان میں پڑوسیوں میں شادی تھی، تو مہندی کے۔ ان دنوں یہ تبلیغی جماعت کا اجتماع بھی تھا۔ تو میرے ایک بہنوئی تھے، وہ آئے تھے تبلیغ میں اجتماع میں جانے والے تھے، تو چونکہ ہری پور سے آئے ہوئے تھے تو راولپنڈی میں ٹھہر گئے کہ صبح سویرے میں چلا جاؤں گا۔ ڈرائنگ روم میں ان کے لیے ہم نے جگہ بنا دی سونے کے لیے۔ وہ پاس والے جو انہوں نے میوزک لگایا ہوا تھا، اس کے اسپیکر بالکل پاس ہی گھر تھا، وہ اتنا زیادہ شور کہ وہ بےچارہ سو ہی نہیں سکا۔ رات کو دو بجے اٹھا ہے، ہمیں بتایا بھی نہیں ہے، اپنا بیگ لے کے چل پڑا۔ اب صبح دیکھا تو صبح کوئی ہے نہیں، کدھر چلا گیا؟ بڑی عجیب بات ہوتی ہے، بھئی مہمان چلا جائے اور آپ کو پتہ بھی نہ چلے۔ خیر جب وہ واپس آیا تو اس نے کہا کہ مجھے رات دو بجے تک انہوں نے پریشان کیا، اور مجھے نیند نہیں آئی۔ تو بس پھر میں نے کہا کہ اگر جاگنا ہی ہے تو پھر راستے میں کیوں نہ جاگوں؟ بس ٹھیک ہے جی میں مطلب ظاہر ہے وہاں تو پہنچ جاؤں گا نا۔ تو بس پاس ہی روڈ تھا۔ گاڑیاں چل رہی تھیں، کسی گاڑی میں اس نے، اب اس کو جگہ مل گئی، اور وہ لاہور چلا گیا۔ شاید صبح تک پہنچ بھی چکا ہو۔ تو اس طرح لوگوں کے حقوق ضائع ہوتے ہیں۔

اور بعض لوگ تو ایسا کرتے ہیں۔ کہ اہل اقتدار اور قوت والوں کے ساتھ ساز باز کر کے وہ بجلی کے کنڈے لگا لیتے ہیں اور اپنا سارا جو ان کا جو شوشہ ہوتا ہے، لائٹنگ وغیرہ، سب، وہ سب اسی سے ہو رہا ہوتا ہے۔ قوم کا پیسہ خرچ ہو رہا ہوتا ہے، ان خرافات پر۔ یہ چیز چلتی ہے۔ کیونکہ مال مفت دل بے رحم۔ جو کنٹرول کرنے والے، اب اس کو صرف کھانا کھلائے تو اس پر بھی اجازت دے دے گا۔ تو یہ چیز ہوتی ہے۔

تو ایک موقع پر ہے کہ ان مسلمانوں کا وصف یہ ہے کہ دوسروں کی ضرورت کو اپنی ضرورت پر مقدم رکھتے ہیں۔ ایثار۔ بہت بڑی بات ہے۔ یعنی مجھے بھی ضرورت ہے۔ لیکن میں دیکھتا ہوں کہ دوسرے کو زیادہ ضرورت ہے۔

اس کا ایک عجیب واقعہ بتاتا ہوں۔ حضرت مولانا تقی عثمانی صاحب نے یہ واقعہ بتایا ہے۔ فرمایا کہ مکہ مکرمہ میں ایک تاجر تھے۔ اس کے پاس ایک شخص آیا۔ کپڑے کا تاجر تھا، دیکھا ایک تھان کو پسند کر لیا، قیمت بھی طے ہو گئی۔ وہ پیسے دے کر اس تھان کو لے جانا چاہتا تھا، انہوں نے کہا حضرت اگر آپ پاس والی دکان سے اتنے ہی پیسوں پر ایسا تھان لے جائیں تو آپ کیا سمجھیں گے؟ انہوں نے کہا مجھے کیا ضرورت ہے ادھر جانے کی؟ میرا آپ کے ساتھ سودا ہو گیا ہے، طے ہو گیا ہے۔ میں نے آپ سے لینا ہے اور جانا ہے بس۔ مجھے کیا ضرورت ہے اب دوبارہ ادھر جاؤں اس کا تھان دیکھوں؟ کہتے ہیں نہیں اس سے آپ کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کیا فائدہ ہو گا؟ مجھے بتائیں۔ خیر وہ جتنا وہ کہہ رہا تھا، اتنا ہی اس کا ایثار بڑھتا رہا، اصرار بڑھتا رہا کہ مجھے بتائیں گے تو پھر میں کروں گا۔ آخر میں جب اس نے بہت مجبور کیا تو انہوں نے کہا۔ بس اصل بات یہ ہے کہ صبح سے لے کے شام تک میری کافی بِکری ہوئی ہے۔ اور ہمارے پاس والے ساتھی کی کوئی بکری نہیں ہوئی۔ میں دیکھ رہا تھا کہ اس کے پاس کوئی گاہک نہیں آ رہا۔ میرا دل چاہتا ہے کہ یہ بھی کچھ کما کے گھر لے کے چلا جائے۔ سارے دن کی پریشانی کہ وہ اپنے سر پہ اٹھا کے نہ جائے۔ اب دیکھو یہ کتنا اچھا خیال ہے۔ اور رزق تو اللہ کے ہاتھ میں ہے، اس کو اور دے دیا ہو گا۔ تو یہ ماشاءاللہ۔

اور جب ضرورت ہو خود کو، اور پھر کرے، پھر تو بہت ہی بڑی بات ہے۔ تو یہاں پر فرمایا:

وَيُؤْثِرُونَ عَلَى أَنْفُسِهِمْ وَلَوْ كَانَ بِهِمْ خَصَاصَةٌ وَمَنْ يُّوقَ شُحَّ نَفْسِهِ فَأُولَئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ۔

اور اپنے اوپر اوروں کو مقدم رکھتے ہیں اگرچہ خود ان کو ضرورت ہو اور جو اپنے جی کے لالچ سے بچایا گیا، وہی کامیاب ہے۔

یہ اصل میں ایک واقعہ ہوا تھا، صحابہ کرام میں۔ مہمان آیا تھا۔ گھر والوں کے پاس جتنا کھانا تھا وہ صرف اپنے لیے کافی تھا، مہمان درمیان میں اضافی ہو گیا۔ تو میاں نے اپنی بیوی سے کہا: کہ آپ کسی بہانے چراغ کو گل کر دیں۔ تو ہم صرف ویسے ہاتھ مارا کریں گے مہمان کو پتا نہ چلے کہ ہم نہیں کھا رہے، اور اس کو کھانے دیں تاکہ اس کا پیٹ بھر جائے، ہم کوئی کوئی بات نہیں۔ تو انہوں نے ایسا ہی کیا۔ چراغ گل کر لیا، اور وہ ہاتھ ویسے حرکت میں لائے جیسے وہ بھی کھا رہے ہیں، لیکن کھا نہیں رہے تھے۔ اور اس طریقے سے ماشاءاللہ ان کو کھلایا، حالانکہ وہ بھی بھوکے تھے۔ تو یہ بات اس پہ آ کے مطلب یہ جن کو خود ضرورت ہو لیکن اپنی ضرورت پر دوسرے کی ضرورت کو ترجیح دے۔ اس کو کہتے ہیں ایثار۔ اللہ پاک نے اس کو قرآن پاک میں ریکارڈ کر دیا ہے، وَيُؤْثِرُونَ عَلَى أَنْفُسِهِمْ وَلَوْ كَانَ بِهِمْ خَصَاصَةٌ۔ اور اپنے اوپر اوروں کو مقدم رکھے، اگرچہ خود ان کو ضرورت ہو۔

اور پھر قانون بتا دیا، جو اپنے جی کے لالچ سے بچائے گئے وہی کامیاب ہیں۔

مطلب یہ ہمارے نفس کے اندر جو خواہش ہے، جو لالچ ہے۔ اس لالچ سے جس کا بچاؤ، جس کا بچاؤ ہو گیا، تو یقینا وہ کامیاب ہیں۔ اس کا مطلب ہے ہماری ناکامی میں بہت بڑا ذمہ دار ہے یہ ہماری لالچ۔ یہ ہر قوم کی دینی اور دنیاوی کامیابی کا زینہ ہے یہ ایثار، اور یہ زینہ اس وقت تک کسی کو مل نہیں سکتا جب تک حرص و طمع کا خاتمہ نہ ہو۔ اس لیے اللہ پاک نے فرمایا، جو حرص و آزار سے پاک ہوں گے، وہی کامیاب ہوں گے۔

لالچ یہ نہیں ہے کہ اپنا مال خرچ نہیں کرتا۔ بلکہ دوسرے کے مال پر بھی نظر رکھتا ہے۔ اور چاہتا ہے کہ وہ سب کا سب اس کو مل جائے۔ ایسی بات کی اسلام اجازت نہیں دیتا۔ کیوں اس میں دو اور بداخلاقیاں شامل ہو گئی ہیں۔ اس میں ایک تو بخل ہے اور دوسرا حسد ہے۔ بخل کی وجہ سے خود کچھ دے نہیں سکتا۔ اور حسد کی وجہ سے دوسروں کے مال پر نظر ہے کہ یہ بھی میرا ہوتا تو اچھا تھا۔

یہ ایک عجیب بات ہے اصل میں کچھ چیزیں ایسی ہیں نا جو ہمارے نفس کا جو domain ہے نا اس سے ہمیں باہر نہیں نکلنے دیتیں۔ اس domain نے ہمیں قابو کیا ہوتا ہے۔ ہم لوگ اس کے آگے سوچ ہی نہیں سکتے۔ مثلا ایک simple سی بات ہے، بھئی جس کو اللہ نے مالدار بنایا ہے، جس کے پاس نعمتیں ہیں، کیا تم سے لے کے اس کو دی ہیں؟ اگر تم سے لے کے دی گئی ہوں تو پھر بھی آپ کچھ بات کر سکتے تھے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ پھر بھی بات نہیں کر سکتے تھے۔ کیوں؟ اس کی وجہ کہ میرے پاس جو کچھ ہے وہ میرا نہیں ہے، اس پر میں قسم کھا سکتا ہوں۔ قانونی طور پر میرا ہے میں کہہ سکتا ہوں، حقیقتا نہیں ہے، حقیقتا یہ اللہ کا ہے۔

در حقیقت مالک ہر شے خداست
ایں امانت چند روزہ نزد ماست

اصل تو اللہ کا ہے، اب اللہ پاک اگر مجھ سے لے کے کسی اور کو دے دے پھر بھی مجھے انکار کی گنجائش نہیں ہے۔ لیکن محدود نظر والے کے لیے چلو وہ بات پھر بھی کسی نہ کسی درجے میں وہ کر سکا ہو گا، کر سکتا ہو گا۔ لیکن آپ سے نہیں لیا، خود اپنی طرف سے دیا ہے۔ پھر آپ کو اعتراض کرنے کا کیا حق ہے؟ اور یہ اعتراض ہے کس پر؟ لینے والے پر ہے یا دینے والے پر ہے؟ یہ جو نعمت لینے والا ہے اس پر ہے یا جو نعمت دینے والا ہے؟ تو حقیقت میں تو بات بڑی خطرناک ہے دینے والے پہ بات جاتی ہے۔ یہ بات کفر تک انسان کو لے جا سکتی ہے۔ لیکن عرفی طور پر ہم کہتے ہیں کہ لینے والے پر ہے، ظاہر ہے مطلب جو لے رہا ہے اس کے ساتھ حسد ہے۔

اب یہ دیکھیں، اگر اتنی سی بات ہم سمجھ جائیں تو حسد کے لیے کوئی گنجائش ہی نہ ہو۔ حسد کے لیے کوئی گنجائش ہی نہ ہو۔ دیکھیں ایک شخص ہے اس کے پاس مال ہے۔ اگر میرے پاس ہوتا اور اس کے پاس نہ ہوتا تو میری ذمہ داری تھی کہ میں اس کو بھی دوں۔ پڑوس کے لحاظ سے، رشتہ داری کے لحاظ سے، جس لحاظ سے بھی ہو۔ میری ذمہ داری ہوتی کہ میں اس کو بھی دوں۔ اب کم از کم وہ خود کفیل ہے، مجھ سے کم از کم مطالبہ نہیں کر رہا، میں اس طرف سے آزاد ہوں، تو مجھے فائدہ ہے یا نہیں ہے؟ اس لحاظ سے تو مجھے بھی فائدہ ہے اس کے مالدار ہونے کا۔ تو کسی کو مال ملنے پر انسان ایسا خوش ہو جائے جیسا کہ وہ خود اس کو ملا ہے۔ اگرچہ ایسے لوگ بہت کم ہیں لیکن جو ہیں وہ واقعی خوش نصیب ہیں۔ وہ واقعی خوش نصیب ہیں۔ کہ دوسروں کو ملنے سے بھی ایسے خوش ہو جیسے کہ خود اس کو ملتا ہو۔ تو یہاں پر یہ بات آگئی کہ اس میں بخل بھی شامل ہے اور دوسری دوسری بات یہ کہ حسد بھی، تو اللہ پاک فرماتے ہیں:

وَلَا تَتَمَنَّوْا مَا فَضَّلَ اللَّهُ بِهِ بَعْضَكُمْ عَلَى بَعْضٍ لِّلرِّجَالِ نَصِيبٌ مِّمَّا اكْتَسَبُوا وَلِلنِّسَاءِ نَصِيبٌ مِّمَّا اكْتَسَبْنَ وَاسْئَلُوا اللَّهَ مِنْ فَضْلِهِ إِنَّ اللَّهَ كَانَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمًا۔

بالکل clear cut۔ crystal clear بات۔

اور اس کی ہوس نہ کرو جس میں اللہ نے ایک کو دوسرے پر بڑائی دی ہے۔ مردوں کے لیے ان کی کمائی ہے اور عورتوں کے لیے ان کی۔ ہاں تم بھی اللہ سے مانگو۔ اور اللہ سے مانگو اس کے فضل میں سے حصہ، بے شک اللہ پاک ہر چیز کو جانتا ہے۔

طلب ہے آپ کو، طلب پر کوئی پابندی نہیں۔ آپ کیا کریں اللہ پاک سے مانگو، یا اللہ تو میری طلب کو پورا فرما دے۔ کام ہو جائے گا۔ اللہ سے مانگو۔ جتنا آپ کسی کو دیکھتے ہیں کہ اس کے پاس مال ہے، آسائش ہے۔ وہی چیز اپنے لیے مانگو۔ اللہ سے مانگنے میں تو کوئی مسئلہ نہیں۔ ہاں یہ الگ بات ہے کہ بہتر ہے کہ انسان اللہ پاک سے وہ مانگے جس میں وہ ساری چیزیں خود بخود آ جاتی ہیں۔ اب مثلا میں مال مانگتا ہوں، اور مال مجھے دے اور اللہ سکون نہ دے۔ پھر کیا کرو گے؟ بھئی مال سے جو مطلوب ہے وہ کیا چیز ہے؟ سکون مطلوب ہے۔ سکون آپ کو نہیں دیا مال دے دیا۔ وہ مال تو مصیبت ہے۔ تو اللہ سے سکون طلب کرو۔ اطمینان طلب کرو۔ دل کی خوشی طلب کرو۔ اور پھر اس سے آخرت کی خوشی طلب کر لو کیونکہ اصل میں یہاں تو فانی ہے سارا کچھ۔ اصل خوشیاں تو وہاں کی ہیں۔ اگر کسی کو وہاں کی خوشیاں مل گئیں تو اس کو سب کچھ مل گیا وہاں کی مصیبتیں مل گئیں تو وہ ہر مصیبت مطلب ہے بہت نقصان میں پڑ گیا۔ تو اس لیے فرمایا:

اور اس کی ہوس نہ کرو جس میں اللہ نے ایک کو دوسرے پر بڑائی دی ہے، مردوں کے لیے ان کی کمائی اور عورتوں کے لیے ان کی، اور اللہ سے مانگو اس کے فضل میں سے حصہ بے شک اللہ پاک ہر چیز کو جانتا ہے۔

مطلب یہ ہے کہ اللہ نے کسی چیز میں کسی کو بڑائی بخشی تو کوئی دوسرا اس کی ہوس اس خیال سے نہ کرے کہ اس کو یہ کیسے اور کیوں مل گئی۔ کاش خود اسے ملتی، بلکہ اس کو اللہ تعالی ہی کے سامنے اس کے مطلق فضل و کرم سے اپنا حصہ طلب کرنے کے لیے ہاتھ پھیلانا چاہیے۔

کیونکہ اللہ پاک نے یہ سب کو وہ دیا ہے اجازت دی ہے کہ وہ کیا کرے۔ ماشاءاللہ اللہ پاک سے مانگے جو بھی اس کی ضرورت ہے۔

اگر اس کی مصلحت کا اقتضا ہو گا تو عنایت کرے گا، اس تعلیم پر عمل کرنے سے طبیعت میں قناعت پیدا ہو گی۔ اور ساتھ ہی دوسرے پر حسد کرنے کا جذبہ بھی جاتا رہے گا۔

ایک مسئلہ اس میں عقلی بھی، عقلی۔ عقلی مسئلہ یہ ہے کہ دیکھیں۔ میں مال مانگتا ہوں۔ تو جو میری ضرورت کی چیز ہے۔ وہ اگر مجھے مل جائے، تو میرے لیے سہولت ہے۔ اچھائی ہے، اگر اس میں میں کوئی ناجائز کام نہیں کرتا۔ لیکن مال ہی مال مانگنا یعنی مطلب ہے کہ ہر وقت ہر چیز میں بس مال ہی کی طلب ہو، اس میں خیر نہیں ہے۔ کیونکہ اس سے جو حرص ہے اس میں قائم رہتی ہے۔ ضرورت والا عنصر رہ جاتا ہے اور حرص والا عنصر کیا ہے؟ وہ رہ جاتا ہے۔ اس کی اللہ پاک نے باقاعدہ مذمت فرمائی ہے قرآن پاک میں۔ وَيْلٌ لِّكُلِّ هُمَزَةٍ لُّمَزَةٍ، کیا ہے؟ الّذی جَمَعَ مَالًا وَعَدَّدَهُ، يَحْسَبُ أَنَّ مَالَهُ أَخْلَدَهُ۔ مطلب یہ ہے کہ اس کے لیے تباہی ہے۔ مطلب خواہ مخواہ اپنے مال کو جمع کرنا اور اس کو گننا اور اس کو سمجھنا کہ بھئی یہ میرے پاس ہمیشہ کے لیے ہوگا، یہ تو مصیبت ہے۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ جل شانہ نے اختیار دیا کہ آپ چاہیں تو یہ احد کا پہاڑ سونے کا بنا دیا جائے اور تیرے ساتھ چلے۔ لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فقر کو قبول فرمایا کہ ایک وقت ہو اس پہ شکر کروں ایک وقت نہ ہو اس پہ صبر کروں۔ تو یہ اصل میں بات یہ ہے کہ چونکہ جن کے سامنے آخرت کی زندگی ہو، وہ اس دنیا کو کافی نہیں سمجھتا۔ اس کی نظر میں صرف یہ دنیا نہیں ہوتی بلکہ وہ ہوتی ہے۔ وہ اس کو اس کے لیے ذریعہ بناتے ہیں کہ مجھے پیاس لگ گئی۔ میں اللہ تعالی سے پانی مانگتا ہوں۔ یہ بڑی اچھی بات ہے۔ لیکن پانی کو پینے کے ساتھ میں اگر یہ بھی ساتھ کہوں کہ یا اللہ حشر کی پیاس سے مجھے بچا لے۔ کیونکہ مجھے پیاس کا احساس ہو گیا نا کہ پیاس ہے اور پیاس کیا کرتی ہے؟ تو یہاں تو ایک محدود زندگی ہے۔ پیاس سے کوئی مر بھی گیا تو بس اتنی ہی تکلیف ہوگی نا۔ لیکن وہاں کی پیاس اس کے ساتھ کیا کریں گے آپ؟ تو یہ مطلب یہ ہے کہ اگر پیاس مجھے یاد آ گئی کہ پیاس ایسی چیز ہے، تو میں پھر اللہ تعالی سے وہاں کی پیاس کی بھی دعا کروں کہ یا اللہ وہاں کی پیاس سے مجھے بچائے۔ بھوک لگ گئی، مجھے کوئی نعمت والی اچھی چیز مل گئی جو مجھے پسند ہے، اس وقت ساتھ یہ دعا کریں کہ یا اللہ جنت کے پھلوں سے بھی مجھے محروم نہ فرمانا۔ جنت کی نعمتیں بھی نصیب فرما دے۔ دیکھو آپ صلی اللہ علیہ وسلم آئینے میں دیکھ رہے ہیں، آئینے میں۔ کیسی پیاری دعا ہے کہ یا اللہ جس طرح تو نے میری صورت اچھی بنائی ہے، اس طرح میری سیرت بھی اچھی بنا دے۔ کیا خوبصورت بات ہے کہ صورت سے سیرت پہ ذہن چلا گیا۔ تو بس ہم لوگ اصل معاملہ تو وہاں کا رکھیں۔

اللہ پاک اس کے لیے ارشاد فرماتے ہیں:

وَلَقَدْ آتَيْنَاكَ سَبْعًا مِّنَ الْمَثَانِي وَالْقُرْآنَ الْعَظِيمَ لَا تَمُدَّنَّ عَيْنَيْكَ إِلَى مَا مَتَّعْنَا بِهِ أَزْوَاجًا مِّنْهُمْ۔

اور بے شک ہم نے تجھ کو دیں سات آیتیں اور قرآن جس کا درجہ بڑا ہے۔ تو اپنی آنکھیں ان چیزوں پر مت پسار جو ہم نے ان میں سے مختلف لوگوں کو فائدہ اٹھانے کو دیے ہیں۔ یعنی وہ آخرت والی بات۔

ایک دفعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم غنیمت تقسیم ہو رہا تھا تو وہ پھر ظاہر ہے جو جو چیز جس کو مل گئی تو بیچ بھی رہے تھے، خرید بھی رہے تھے لوگ۔ تو کچھ حضرات اس میں بڑے تیز ہوتے ہیں تو ایک صحابی نے بہت سارا مال کما لیا، چاندی، اوقیہ چاندی، پتہ نہیں کتنا وہ بات تھی اس وقت مجھے یاد نہیں ہے۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑی خوشی سے عرض کیا یا رسول اللہ میں نے اس خرید و فروخت میں اتنا اوقیہ چاندی کما لیا۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ فجر کی نماز کے بعد اگر کوئی بیٹھتا ہے اور جس وقت سورج چڑھ جاتا ہے، مکروہ وقت تو پھر اس کے بعد اگر کوئی دو رکعت پڑھتا ہے، وہ اس سے زیادہ کما لیتا ہے۔ یعنی نظر اس طرف سے ہٹ کر وہاں ڈال دی۔ یہ ہے پیغمبری سوچ۔ تو ہم لوگوں کو بھی یہاں کی نعمتوں سے وہاں کی نعمت یاد آنی چاہیے۔ اور یہاں کے مصائب کے ساتھ وہاں کے مصائب یاد آنے چاہیے۔ یہاں کی ضرورت کے ساتھ وہاں کی ضرورت یاد آنی چاہیے۔ یعنی اس کو ہم کیا کہیں؟ توجہ بالعکس۔ یعنی جو چیز مجھے متاثر کر رہی ہے یہاں پر اس سے میں اس کا جو عکس ہے اس طرف شفٹ کر لوں۔ اپنا رخ اس طرف کر لوں۔

یہی حرص و طمع کا جذبہ ہے جو ایک دوسرے کی جان لے لینے اور مال چھین لینے پر ابھارتا ہے۔

دنیا میں جتنی لڑائیاں ہوتی ہیں کس بات پہ ہوتی ہیں، زیادہ تر اسی وجہ سے ہوتی ہیں۔ اب چونکہ ظلم ہی ہے نا۔ تو اب پھر اس میں ظلم میں تو پھر یہ نہیں دیکھا جاتا نا کہ کس سے میں لے رہا ہوں۔ تو ظاہر ہے اس میں تو یہی سوچا جا رہا ہے کہ کوئی کمزور ہو تو اس سے میں لے لوں۔ تو یہ آپ نے دیکھا ہو گا کہ گاؤں وغیرہ میں قبضہ گروپ ہوتے ہیں۔ تو قبضہ گروپ والے جو ہوتے ہیں وہ اپنی طاقت کے بل پر اپنے رسوخ کے بل پر وہ بیواؤں اور یتیموں اور کمزوروں ان کی زمینوں پہ قبضہ کر لیتے ہیں۔ ایک طریقے سے کہ ان کو بیچنے نہیں دیتے۔ ان کو یہ جتا دیتے ہیں کہ تم اگر بیچو گے تو صرف ہمیں بیچ سکتے ہو۔ اور پھر اپنی مرضی کی قیمت بھی لگا لیتے ہیں۔ ان کو پتا ہوتا ہے کہ ہمیں کچھ ملے گا تو نہیں۔ تو چلو جتنا مل رہا ہے وہ تو لے لیں۔ تو ان کے انگوٹھے لگوا کر اپنے نام وہ کر لیتے ہیں۔ اس طرح یہ چیزیں چلتی ہیں۔ تو یہ معاملہ چلتا رہتا ہے اس طرح۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ سے فرمایا حرص و طمع سے بچو اسی نے تم سے پہلوں کو برباد کیا۔ اسی نے ان کو آمادہ کیا انہوں نے خون بہایا اور حرام کو حلال سمجھا۔ یہ صحیح مسلم کی روایت ہے۔

البتہ صحیح ابن حبان اور حاکم میں اس سے زیادہ مفصل ہے۔ جس میں ارشاد فرماتے ہیں کہ:

حرص سے بچو کیونکہ اسی نے اگلوں کو اس کی دعوت دی کہ انہوں نے بے گناہوں کا خون بہایا اسی نے اگلوں کو دعوت دی کہ انہوں نے رشتے کے حق کو کاٹا اور اسی نے اگلوں کو دعوت دی کہ اس کے حرام کو حلال سمجھا۔

دیکھتے ہیں ہم لوگ اپنے فیملیز میں ارد گرد دیکھتے ہیں تو فیملیز کے اندر کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں تو ذرا بدمعاش ٹائپ کے نکل آتے ہیں۔ باقی لوگ ذرا امن پسند ہوتے ہیں۔ تو جو بدمعاش ٹائپ لوگ ہوتے ہیں وہ ان کو بزدل سمجھ کے وہ سارا کچھ ان سے ہتھیا لیتے ہیں۔ اور دوسرے لوگ بھی کہتے ہیں یار بس مال کو بچائیں یا جان کو بچائیں۔ تو اس طریقے سے یہ ظلم چلتا رہتا ہے۔ تو یہ بات ہے۔

اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا حرص سے بچو کیونکہ اسی نے اگلوں کو اس کی دعوت دی کہ انہوں نے بے گناہوں کا خون بہایا اسی نے اگلوں کو دعوت دی کہ انہوں نے رشتہ کا حق کاٹا اسی نے اگلوں کو دعوت دی کہ اس کے حرام کو حلال سمجھا۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی تقریر میں ارشاد فرمایا حرص سے بچو کیونکہ تم سے پہلے قومیں اسی حرص سے تباہ ہوئیں۔ اسی نے ان کو کہا تو انہوں نے رشتے کے حق کو کاٹا اسی نے ان کو کہا تو انہوں نے بخل سے کام لیا اور اسی نے ان کو فسق و فجور کے لیے کہا تو انہوں نے فسق و فجور کیا۔

اب دیکھیں مثال کے طور پر کسی کی ایک بیوی ہے۔ تو اب اگر ادھر ادھر اس کی نظر پڑتی ہے تو کس وجہ سے پڑ رہی ہے؟ یہ حرص ہی ہے۔ تو حرص سے صرف کھانے پینے کا مسئلہ نہیں ہوتا مال کا مسئلہ نہیں ہوتا اس سے بہت سارے مسائل اور پیدا ہوتے ہیں۔ جاہ کی جو حرص ہے ظاہر ہے مطلب ہے کہ اس سے نقصان ہوتا ہے۔ تو بہرحال حرص ام الامراض ہے۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ انسان میں سب سے بری بات کڑھا دینے والی حرص اور گھبرا دینے والی نامردی ہے۔

دونوں بہت خطرناک ہیں۔ ایک جو انسان کو کڑھاتی ہے یعنی حرص اور دوسری بزدلی جس کی وجہ سے انسان ہے کہ کچھ کر نہیں سکتا۔

حریص آدمی اس لیے ہمیشہ غم میں کڑھتا رہتا ہے کہ یہ نہیں ملا، وہ نہیں ملا، فلاں کے پاس یہ ہے میرے پاس یہ نہیں ہے۔ اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حرص کو ہمیشہ غم اور کڑھن میں رہنے والی چیز کا فرمایا۔

ہمارے رشتہ داروں میں ایک رشتہ دار تھے جن کا کافی مال تھا، مالدار آدمی تھے۔ لیکن ان کے ساتھ بیٹھ کے نا تھوڑی دیر کے لیے بھی آپ بیٹھ جاتے نا تو پتہ چلتا کہ اس بیچارے کے پاس تو کچھ بھی نہیں ہے۔ یہ تو بس ابھی مرا اور ابھی مرا۔ اس طرح ہوتا۔ تو یہ اب کتنی کم بختی ہے انسان کی اللہ تعالی بچائے کہ سب کچھ ہوتے ہوئے انسان۔۔۔ اس کے مقابلے میں ایک لفظ ہے اللہ ہمیں نصیب فرمائے وہ ہے سیر چشمی۔ سیر چشمی۔ ماشاءاللہ بعض لوگ ہوتے ہیں کچھ بھی نہیں ہوتا لیکن جب آپ ان سے پوچھیں کہتے ہیں الحمدللہ بہت اچھا حال گزرا ہے۔ سیر چشمی انسان کے لیے بہت ماشاءاللہ یعنی خود اس کے لیے بھی مفید ہے اور دوسروں کے لیے بھی وہ مفید ہوتا ہے کیونکہ سیر چشمی والا کسی اور کے مال پہ نظر نہیں رکھتا۔ نہ اس کی نظر لگتی ہے۔ نہ وہ کسی کو نقصان۔۔۔ وہ کہتا ہے جی میرے پاس جو ہے بہت کچھ ہے مطلب اس کو وہ پرواہ نہیں ہوتی۔

نسائی میں روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ایمان اور حرص ایک دل میں جمع نہیں ہو سکتے۔ ہاں سبب ظاہر ہے کہ ایمان کامل کا نتیجہ صبر توکل اور قناعت ہوتا ہے اور حرص کا نتیجہ بے اطمینانی بے صبری اور ہوس ہے۔ ایک دفعہ برائی کے لیے جب ارشاد فرمایا کہ انسان بوڑھا ہوتا ہے مگر اس کی دو چیزیں جوان رہتی ہیں جینے کی خواہش اور مال کی حرص۔

آدمی کہتا ہے میں ہزار سال کا ہو جاؤں۔ اور مال میرے پاس بہت فراواں ہو۔

کئی صحابہ کا بیان ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، دو بھیڑیے جو بکریوں کے جھنڈ میں چھوڑ دیے جائیں، وہ ان کو اتنا برباد نہیں کرتے جتنی مال اور جاہ کی حرص انسان کے دین و ایمان کو برباد کر دیتی ہے۔

تو حرص بہت ہی خطرناک چیز ہے۔ اس حرص کو کیسے دور کیا جائے؟ تو میں اکثر عرض کرتا ہوں ایک ہے short term علاج اور ایک ہے actual علاج۔ short term علاج تو یہ ہے کہ اس وقت کیا کرو تاکہ آپ بچ جاؤ گناہ سے بچ جاؤ۔ اور اصل علاج یہ ہے کہ کیا طریقہ اختیار کرے کہ اس سے پھر نقصان ہی نہ ہو یعنی بچ جائے آدمی اس سے بچنا آسان ہو جائے۔ ہمارے حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جو فرمایا کہ دس مقامات لازمی طے کرنے ہوں گے سلوک میں ان میں ایک مقام اس کو مقام قناعت بھی کہتے ہیں۔ قناعت جو ہے یہ حرص کی ضد ہے۔ یعنی اگر حرص ہے تو قناعت نہیں ہے اور قناعت ہے تو حرص نہیں ہے۔ لہذا اس مقام کو اگر کوئی طے کر لے تو پھر وہ سیر چشم بن جاتا ہے۔ اس سے آگے پھر زہد کا مقام ہے جس میں انسان practically تھوڑے پر گزر بسر کر سکتا ہے تھوڑی بھی چیز ان کے پاس ہو تو اس پر بھی گزر بسر کر سکتا ہے۔ وہ زاہد کہلاتا ہے۔ یہ دوسرے مذاہب میں بھی یہ چیز پائی جاتی ہے۔ کیونکہ اس سے جو نقصانات ہوتے ہیں وہ دنیا کے بھی ہوتے ہیں۔ لہذا ان لوگوں نے بھی اس سے کچھ techniques بنائی ہوتی ہیں کہ اس سے اپنے آپ کو بچائے، کم از کم وہ دنیا کے نقصانات سے تو بچ جائے۔ جیسے مثلا ہندو جوگی۔ اور عیسائیوں میں رہبانیت۔ تو وہ لوگ اپنی دنیا کے لیے اس طرح کر لیتے ہیں۔ جبکہ ہمارے ہاں یہ بات ہے کہ رہبانیت بھی نہیں ہے۔ لَا رَهْبَانِيَّةَ فِي الْإِسْلَامِ، اور جوگ بھی نہیں ہے۔ ہم لوگ کیا کرتے ہیں؟ ہم لوگ اللہ کو راضی کرنے کے لیے کسی اور سے نہیں مانگتے کسی اور کی چیز پر نظر نہیں رکھتے اور صرف اللہ پاک سے مانگتے ہیں اور اس طلب کو اللہ سے مانگنے کا ذریعہ بناتے ہیں۔ یہ ہمارا ہے۔ حضرت سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ نے ارشاد فرمایا ایک موقع پر ہمارے ہاں رہبانیت نہیں ہے۔ ہمارے ہاں رہبانیت نہیں ہے۔ ہماری رہبانیت یہ ہے کہ شباب ہو موقع ہو دعوت ہو اور ہم کہیں کہ ہم اللہ سے ڈرتے ہیں۔ یہ ہماری رہبانیت ہے۔ یہ صرف ایک مثال ہے۔ کئی چیزوں میں ہے۔ مثلاً آپ کو بہت کچھ پیسے مل جائیں راستے میں پڑے ہوئے۔ لیکن آپ کی نظر اس پر نہ ہو بلکہ اس کو اس تک پہنچانے کی نیت ہو کہ جو جس کے گم ہو چکے ہیں یا جس کے پڑے ہوئے ہیں۔

ایک دفعہ ایسا ہوا میں نے ایک پڑھا ہے واقعہ ترکی میں ایک امام تھے وہاں ہم نے بھی جرمنی میں دیکھا ہے ان کا طریقہ ہے کہ رمضان شریف میں امام کے لوگ افطاریاں کرتے ہیں۔ اپنے گھر بلا لیتے ہیں اور ان کو افطاریاں کراتے ہیں۔ ہمارے ملک میں یہ رواج ہے کہ لوگ مسجد لے جاتے ہیں۔ ان کے پاس لے جاتے ہیں۔ ان کے ہاں یہ ہے کہ وہ ان کو اپنے گھر بلا کر اپنے ساتھ افطاری کراتے ہیں اور پھر وہ مسجد چلتے ہیں۔ تو ایک امام صاحب کو لے آئے ان کو افطاری کرائی پھر وہ مسجد میں چلے گئے۔ کچھ پیسے وہاں پڑے ہوئے تھے تو جو گھر کی مالکہ تھی اس نے دیکھا پیسے نہیں ہیں۔ تو بہت پریشان ہو گئے ادھر ادھر دیکھا لیکن ملے نہیں۔ انہوں نے کہا ان پیسوں کا تو صرف ہمیں پتہ تھا اور کسی اور کو پتہ نہیں تھا اور یہاں پر کوئی اور آیا نہیں صرف امام صاحب آئے ہوئے ہیں۔ ایک بچہ تھا تو وہ بچہ بہت چھوٹا تھا اس کو سمجھ ہی نہیں تھی کہ یہ بھی چیز ایسی ہو سکتی ہے۔ تو اس نے کہا کہ یہ تو پھر امام صاحب نے ہی لیے ہیں۔ تو جو گھر کے مالک تھے اس نے کہا ٹھیک ہے لیکن کہا نہیں انہوں نے امام صاحب کو البتہ دل اس سے میلا ہو گیا کہ اس نے ایسی غلط حرکت کی۔ پورا سال اس طرح۔ تو انہوں نے بھی کچھ نہیں کہا کہ کیوں آپ نہیں ملتے، لیکن بہرحال۔ اگلی دفعہ رمضان شریف آیا تو پھر لوگ ان کی دعوتیں کرتے تھے تو انہوں نے کہا اب کیا کریں؟ انہوں نے کہا کرنا تو چاہیے کیونکہ لوگ کہیں گے پتہ نہیں کیوں نہیں کرتے۔ کرنا تو چاہیے دعوت۔ تو ان کی دعوت کی وہ آ گئے ان کو تو بیچارے کو تو پتہ نہیں تھا۔ باتوں باتوں میں انہوں نے پوچھا کہ حضرت یہاں پر آپ کو کچھ محسوس ہو گیا پورے سال میں میں آپ کے ساتھ ملا نہیں اور کیا اس طرح کا۔ کہتے ہیں ہاں مجھے محسوس تو ہو گیا تھا لیکن پھر میں نے کہا ممکن ہے کوئی وجہ ہو کوئی زیادہ زور میں نے اس پر نہیں دیا لہذا آپ سے بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا اس طرح بات ہوئی تھی۔ تو وہ امام صاحب رونے لگے۔ پھر کہا میں اس لیے نہیں رو رہا کہ آپ نے مجھ پر الزام لگایا۔ وہ بھی آپ لوگوں نے غلط کام کیا ہے، اگرچہ مجھے اس سے بڑی سخت تکلیف ہوئی ہے، لیکن میں اس لیے رو نہیں رہا۔ میرے رونے کی بات اور ہے کہ افسوس آپ نے پورے سال قرآن پاک کو touch بھی نہیں کیا۔ میں نے تو قرآن پاک میں رکھے تھے۔ چونکہ ہوا چل رہی تھی اور وہ ادھر ادھر بکھر رہے تھے، تو ٹائم اتنا تھا نہیں، تو کوئی اور جگہ مجھے نہیں ملی تو میں نے اٹھا کے قرآن پاک میں اس کے اندر رکھ لیے کہ کھولیں گے تو مل جائیں گے۔ پھر آپ کو بتانا یاد نہیں رہا۔ اور اس طریقے دیکھو پورے سال آپ لوگوں نے قرآن کو دیکھا بھی نہیں، اس پر میں رو رہا ہوں۔

تو مطلب یہ ہے کہ قناعت جو ہے قناعت یہ بہت بڑی دولت ہے۔ سیر چشمی بہت بڑی دولت ہے۔ اگر کسی میں قناعت ہو تو اس کے دوست بہت ہوتے ہیں، دشمن نہیں ہوتے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کو کسی کے مال پہ نظر نہیں ہوتی۔ یعنی اگر آپ قناعت والے ہیں تو لوگ بھی آپ سے خوش ہوں گے اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگوں کو آپ اس سلسلے میں کوئی تکلیف نہیں دیں گے۔ نہ روحانی مطلب جیسے نظر لگنا ہے اور نہ جسمانی کہ آپ ان کو کوئی نقصان پہنچائیں گے۔ اور اللہ بھی آپ سے راضی۔ مخلوق کو خوش کرنا ہے تو اس کے پاس جو کچھ ہے اس پہ نظر نہ رکھو۔

میں اکثر ایک بات کرتا ہوں۔ Middle East میں ہمارے لوگ جاتے ہیں۔ تو وہاں پر عرب حضرات ہیں، ان کا اپنا ایک protocol ہے۔ تو یہاں کے لوگ کہتے ہیں جی عرب بڑے وہ ہیں مغرور ہیں یا اس طرح ہیں، مطلب اس طرح کرتے ہیں، اس طرح، میں ان سے کہتا ہوں۔۔۔ میں ان سے کہتا ہوں خدا کے بندو آپ صرف ایک کام کریں پھر دیکھیں وہ کیا کرتے ہیں۔ آپ صرف ایک کام کریں کہ آپ ان کی جیب پہ نظر نہ رکھیں، بس۔ ان کے ساتھ دوستی برابر کے level کی رکھیں۔ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ان سے بات کریں برابر کی سطح پر۔ اور ان کے مال پہ نظر نہ رکھیں۔ بس پھر وہ آپ کے فورا دوست بن جائیں گے۔ اور الحمدللہ میرے ساتھ تو ایسے ہی ہوتا ہے۔ کوئی بھی عرب آئے پانچ منٹ میں الحمدللہ دوست۔ کیا وجہ ہے؟ وجہ یہ ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس کے مال پر ہماری کوئی نظر نہیں ہوتی۔ بھئی ہوگا، اچھی بات ہے اللہ پاک نے ان کو دیا ہے، ہمیں کیا؟ ان سے لے کے ہم کیا کریں گے؟ تو بس پھر وہ دوست بن جاتے ہیں۔ اور اگر ایسا نہیں ہے، آپ نے ان کے مال پہ نظر رکھی ہے، تو پھر آپ اس کے سامنے مسکین ہیں۔ پھر آپ کو مسکین کہنے میں وہ حق بجانب ہیں۔ پھر اگر آپ کو کہتے ہیں نا یہ مسکین ہے تو بالکل ٹھیک، ہیں مسکین پھر۔ مسکین کس کو کہتے ہیں؟ وہی جو مطلب ہر وقت اس کی طلب رکھے۔ کہتے ہیں نا جو لوگ سوال کرتے ہیں، تو اگر ان کو سوال کرنے کی اجازت نہ ہو مطلب اس قسم کے حالات نہ ہوں تو قیامت کے دن وہ ایسے اٹھیں گے کہ ان کے چہروں پہ گوشت نہیں ہوگا۔ ان کے چہروں پہ گوشت نہیں ہوگا۔ سوال کرنا انسان سے یہ اپنی عزت کو آگ لگانے والی بات ہے۔ پھر آپ کسی سے سوال کرتے ہیں اس کا مطلب کیا ہے؟ آپ اپنی عزت کو آگ لگا رہے ہیں۔

بھئی سوال کرنا تو بہت بڑی بات ہے، قرض مانگنا یہ بھی اپنی عزت کو داؤ پہ لگانا ہے۔ حالانکہ ایک جائز چیز ہے۔ ناجائز نہیں ہے اگر دینے کی نیت ہو۔ ہاں اگر دینے کی نیت نہیں ہے تو پھر تو دھوکہ ہے۔ لیکن اگر دینے کی نیت ہو اور واقعی مجبور ہو کر آپ قرض لے رہے ہیں تو یہ بھی کہتے ہیں ذلت کا جھنڈا ہے۔ قرض جو ہے۔ تو اگر کسی کے مال پر آپ کی نظر نہیں ہے تو آپ کے لیے ان کے دل میں ایک مقام بنے گا۔ اور اگر آپ کی ان کے مال پر نظر ہے تو پھر ان کی نظروں میں آپ حقیر و فقیر ہوں گے۔

دوسری بات جو قناعت والی بات ہے کہ انسان میں جب قناعت نہیں ہوتی تو ہر وقت پریشان ہوتا ہے۔ یہ میرے پاس نہیں، یہ میرے پاس نہیں، یہ میرے پاس نہیں، یہ میرے پاس نہیں۔ اور جس میں قناعت ہوتی ہے وہ کہتا ہے یہ میرے پاس ہے، یہ میرے پاس ہے، یہ میرے پاس ہے، یہ میرے پاس ہے۔ اب positive اور negative thinking یہی ہوتی ہے۔ کہتے ہیں اگر ایک گلاس رکھ لو جو آدھا بھرا ہو اور آدھا خالی ہو۔ تو کسی سے پوچھو کہ یہ گلاس کیسا ہے، مطلب... تو جس نے کہا کہ آدھا بھرا ہوا ہے، اس کی زندگی خوشگوار ہوگی۔ اور جس نے کہا کہ آدھا خالی ہے، تو اس کی زندگی اجیرن ہوگی، حالانکہ دونوں باتیں ایک ہی ہیں۔ دونوں باتیں ایک ہی ہیں، بھئی آدھا بھرا بھی ہے اور آدھا خالی بھی ہے۔ لیکن جس کی مثبت پہ نظر جائے۔۔۔ positive minded ہو، ما شاء اللہ وہ خوش رہے گا۔ اب دیکھیے میں، اللہ نہ کرے اللہ نہ کرے، میری آنکھ میں اگر تکلیف ہے۔ تو اگر میری نظر میں یہ ہے کہ میری دوسری آنکھ بچی ہوئی ہے الحمد للہ۔ تو مجھے تکلیف کم ہوگی، صرف اسی آنکھ کی تکلیف ہوگی۔ اور اگر مجھے صرف اسی آنکھ کے بارے میں سوچوں کہ ایک آنکھ میں تکلیف ہے۔ تو بس پھر پریشانی ہونی ہے۔ تو اگر دیکھا جائے تو ہمارے جسم میں جب بھی جہاں بھی تکلیف ہوگی تو باقی جگہیں تو ٹھیک ہوتی ہیں۔ ہر آدمی کی ساری چیزیں بیمار نہیں ہوتیں نا۔ تو جتنی ٹھیک ہیں اس پر نظر ہو تو اس کی زندگی کامیاب ہوگی۔ اور جس کی جتنی خراب ہوں اس پہ نظر ہو تو معاملہ خراب ہے۔ تو اس لیے positive mind ہونا یہ بہت بڑی بات ہے۔ جس میں بھی اللہ پاک رکھے یہ صفت۔ تو ہم لوگوں کو اپنی طبیعتوں کو سنوارنا چاہیے۔ اور عقل سے کام لینا چاہیے کہ زیادہ سے مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ اگر ایک چیز زیادہ بھی ہو اس سے حل نہیں ہوتا۔ ہاں البتہ، مفید ہو اس سے مسئلہ حل ہوتا ہے۔

تو میں آپ کو کیا بتاؤں دیکھو نا ایک ہوتا ہے بھوک اور ایک ہوتا ہے سیر ہونا۔ میری تحقیق نہیں ڈاکٹروں کی تحقیق ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ پورے سال میں تقریبا مہینہ بھر اگر کوئی شخص سولہ گھنٹے کے لگ بھگ بھوکا رہے۔ تو یہ اس کی صحت کے لیے بہت مفید ہے۔ اس پر جاپان کے ایک ڈاکٹر کو Nobel Prize ملا ہے۔ یعنی اسی ریسرچ پر۔ تو یہ کیا چیز ہے؟ مسلمانوں کے پورے سال میں ایک مہینہ روزے ہوتے ہیں نا۔ اور یہ مختلف ہوتے ہیں لیکن اگر پورے سال کا average لے لیں تو کتنا ہوگا؟ یہی بنتا ہے نا اگر average لے لیں۔ کیونکہ کبھی گرمیوں میں آتے ہیں کبھی سردیوں میں آتے ہیں تو اگر average لے لیں تو کتنا ہوگا؟ تو اتنا ہی ہوتا ہے۔ اور وہ ریسرچ کیا کہہ رہی ہے وہ کہتے ہیں انسان کی body کے اندر جو extra فضلات ہوتے ہیں۔ اگر اس کو آپ خرچ نہ کریں۔ تو وہ جسم کے اوپر بوجھ بن جاتے ہیں۔ تو اگر جسم ایک حد تک بھوکا ہو جائے کچھ عرصہ، تو وہ ان extra فضلات کو کھانے لگتے ہیں۔ ٹھیک ہے، نتیجتاً وہ جسم بچ جاتا ہے cancer اور اس قسم کی بیماریوں سے۔ جو ان extra فضلات کی وجہ سے بنتا ہے وہ مرض، اس سے بچ جاتا ہے۔ تو اب دیکھیں یہ قدرتی بات ہے۔

کھانے پہ قناعت کرنا۔ جو چیز اچھی ہے تو آپ کو زیادہ پسند ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس کو اتنا کھاؤ کہ آپ کا پیٹ پھٹ جائے۔ نہیں، بعض چیزیں tasty ہوتی ہیں tasty۔ ان tasty کو صرف taste تک محدود رکھنا چاہیے۔ یہ نہیں کہ اس سے پیٹ بھرنے کا کام لے لیا جائے۔ مثلا sweet dish ہے۔ تو ٹھیک ہے آپ کھانا پورا کھا لیں اپنی طبیعت کے مطابق جتنا مفید ہے اور تھوڑا سا اس سے لے لیں تو بس آپ کو taste مل گیا نا۔ taste آپ کو مل گیا۔ باقی تو آپ کی ضرورت، جو جسم کی ضرورت ہے وہ پوری کرو۔ پھر ڈاکٹر لوگ بتاتے ہیں جب بیمار ہو جاتے ہیں، یہی چیزیں بتاتے ہیں ان کو۔ لیکن اس وقت مجبوراً آدمی مانتا ہے۔ جس وقت خود اپنے طور پر وہ کر سکتا ہے اس وقت وہ نہیں مانتا۔ تو ہم لوگوں کو اگر مسنون طریقوں کو اپنا کر ایک مقصد حل ہو سکتا ہے۔ تو ہم دوسری چیزوں کی طرف کیوں جائیں؟ مسنون طریقے پہ کھائیں، مسنون طریقوں پہ کام کریں، مسنون طریقوں سے اس سے فائدہ اٹھائیں۔

مسنون طریقہ کیا ہے کہ مالدار سے غریب کی طرف جائے۔ خلاف سنت طریقہ کیا ہے غریب سے مالدار کی طرف آئے۔ وہ غریب سے مالدار کی طرف آنا مثلا سود۔ اور مالدار سے غریب کی طرف آنا مثلاً زکوۃ، خیرات، صدقات۔ اب کتنا زبردست، اب اس کے روحانی فوائد اگر آپ دیکھیں۔ تو وہ جو آپ کو اپنی extra خوشی ملتی ہے وہ تو علیحدہ بات ہے لیکن ان کے دلوں سے جو دعائیں نکلتی ہیں وہ کہاں جا رہی ہیں؟ اس وقت بھی اگر آپ net پر دیکھیں تو۔ جو پریشان دنیا ہے وہ بالآخر charity کی طرف آتی ہے۔ charity کہ لوگوں پہ خرچ کرو۔ تو تکلیف میں اگر ویسا کر لیتے ہو چلو وہ تو اپنی دنیا کے لیے ایسا کر رہے ہیں۔ لیکن آپ اللہ کے لیے کام کریں۔ تو بس اللہ بھی راضی، دنیا کا بھی فائدہ ہوگا۔ اللہ جل شانہ ہم سب کو ایسی باتوں پہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، مجھے بھی اور آپ سب کو بھی۔ وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ۔ اللَّهُمَّ أَرِنَا الْحَقَّ حَقًّا وَارْزُقْنَا اتِّبَاعَهُ وَأَرِنَا الْبَاطِلَ بَاطِلًا وَارْزُقْنَا اجْتِنَابَهُ۔ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُونَ وَسَلَامٌ عَلَى الْمُرْسَلِينَ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔

حرص و طمع کے مہلک اثرات اور قناعت و ایثار کی اہمیت - خواتین کے لیے اصلاحی بیان - اشاعت دوم