حقیقتِ اخلاص، اتباعِ سنت اور اصلاحِ نفس: دین و دنیا کی کامیابی کا مدار

آیات و احادیث از خطبات الاحکام، خطبہ 35: اخلاص و صدق کے بیان میں

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  1. دین کا مکمل خلاصہ ہر کام کو محض اللہ کی رضا اور سنتِ نبوی کے مطابق سرانجام دینا ہے۔
  2. کھانا پینا اور سونا جیسی دنیاوی ضروریات کو بھی اگر احکاماتِ الٰہی کی حدود میں سنت کے مطابق پورا کیا جائے تو وہ باعثِ اجر بن جاتی ہیں۔
  3. احکامات کی حکمت معلوم ہو یا نہ ہو، انسان کے لیے حلال و حرام کا واحد معیار اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم ہے۔
  4. ریا کاری پر مبنی عبادت رائیگاں ہے جبکہ اللہ کی رضا کے لیے خالص نیت سے کیا گیا تھوڑا عمل بھی نجات کے لیے کافی ہے۔
  5. اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے، لہٰذا خالص نیت سے دنیا کا کام دین جبکہ دنیاوی نیت سے دین کا کام بھی دنیا بن جاتا ہے۔
  6. بندہ اللہ کا غلام ہے، لہٰذا اس کا مال اور وقت درحقیقت اللہ ہی کی ملکیت ہیں جنہیں احکاماتِ الٰہی کے مطابق صرف کرنا لازم ہے۔
  7. دنیا میں حقیقی کامیابی کے لیے یورپ کی بجائے صحابہ کرام کے طریقے کی پیروی لازم ہے جو دنیا دار نہ ہونے کے باوجود انتہائی کامیاب تھے۔
  8. مسلمانوں کی پسپائی کا سبب دین نہیں بلکہ وقت کے مطابق علم، محنت اور دیانت داری جیسی صفات کو چھوڑ کر اغیار کی نقالی کرنا ہے۔
  9. دینی کامیابی کے لیے انسان کا خود عمل کرنا شرط ہے؛ کوئی مرشد مرید کی جگہ عبادات کر کے اسے جنت میں نہیں لے جا سکتا۔
  10. مشائخ کا اصل کام عبادات کا متبادل بننا نہیں بلکہ انسان کو غلط راستوں سے روک کر ذکر و عبادت کا درست طریقہ سکھانا ہے۔
  11. کسی کامل شیخ کی رہنمائی کے بغیر غلط طریقے سے کیا گیا علاجی ذکر فائدے کے بجائے انسان کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
  12. رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی محبت بدعت کی جڑ کاٹ دیتی ہے اور کامل اخلاص انسان کو ہر قسم کے شرک سے محفوظ رکھتا ہے۔
  13. تصوف کا اصل مقصد دل سے دنیا کی فانی محبت نکال کر نفس اور شیطان کی مخالفت کرنا ہے تاکہ مکمل طور پر سنت کی پیروی ممکن ہو سکے۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔ اَلصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ۔ أَمَّا بَعْدُ! فَأَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ، بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ۔

﴿قُلْ إِنِّيْ أُمِرْتُ أَنْ أَعْبُدَ اللّٰهَ مُخْلِصًا لَّهُ الدِّيْنَ﴾ (الزمر: 11)

وَقَدْ قَالَ اللّٰهُ تَعَالَى: ﴿أَلَا لِلّٰهِ الدِّيْنُ الْخَالِصُ...﴾ (الزمر: 3)

وقَالَ تَعَالٰی: ﴿إِنَّمَا الْمُؤْمِنُـوْنَ الَّـذِيْنَ اٰمَنُـوْا بِاللهِ وَ رَسُوْلِـهٖ ثُـمَّ لَمْ يَرْتَابُوْا وَ جَاهَدُوْا بِأَمْوَالِـهِـمْ وَ أَنْفُسِهِـمْ فِيْ سَبِيْلِ اللهِ ۚ أُولٰئِكَ هُـمُ الصَّادِقُوْنَ﴾ (الحجرات: 15)

وَ قَالَ رَسُوْلُ اللہِ ﷺ: لِمُعَاذٍ: ''أَخْلِصْ دِيْنَكَ یَکْفِكَ الْعَمَلُ الْقَلِیْلُ''۔ (المستدرک للحاکم، رقم الحدیث: 7844)

''وَ نَادٰی رَجُلٌ یَّارَسُوْلَ اللہِ! مَا الْإِیْمَانُ قَالَ: الْإِخْلَاصُ''۔ (شعب الإيمان للبیھقي، رقم الحديث: 6441)

وَقَالَ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ: ''إِنَّمَا الْأَعْمَالُ بِالنِّیَّاتِ وَ إِنَّمَا لِكُلِّ امْرِئٍ مَّا نَوٰى''۔(بخاری، رقم الحدیث:1، مسلم، رقم الحدیث: 4927)

وَ قَالَ عَلَیْہِ الصَّلٰوةُ وَ السَّلَامُ لِاَبِیْ بَکْرٍ وَّ ھُوَ یَلْعَنُ بَعْضَ رَقِیْقِهٖ فَقَالَ: ''لَعَّانِیْنَ وَ صِدِّیْقِیْنَ؟ کَلَّا وَ رَبِّ الْکَعْبَةِ! قَالَ: فَأَعْتَقَ اَبُوْبَکْرٍ یَّوْمَئِذٍ بَعْضَ رَقِیْقِهٖ، ثُمَّ جَاءَ إِلَی النَّبِیِّ ﷺ فَقَالَ: لَا أَعُوْدُ''۔(شعب الإیمان للبیھقي، رقم الحدیث: 4791)

صَدَقَ اللّٰهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ وَصَدَقَ رَسُولُهُ النَّبِيُّ الْكَرِيمُ۔

معزز خواتین و حضرات! الحمد للہ ہم سب یہاں جتنے بھی ہیں الحمد للہ اللہ پاک نے ہمیں ایمان کی دولت سے نوازا ہے۔ اور یہ بہت بڑی دولت ہے جو اللہ پاک نے ہمیں عطا فرمائی ہے۔ ہم سب کلمہ گو ہیں۔ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللّٰهِ، یہ ہمارا کلمہ ہے۔ اور اس میں ہم اللہ جل شانہ کے بارے میں یہ کہتے ہیں کہ صرف وہی ہے جو معبود ہے۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسالت کا اقرار کرتے ہیں۔ جب ہم نے یہ دو باتیں مان لیں کہ صرف اللہ ہی ہے جو معبود ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ پاک کے رسول ہیں۔ تو اب دو کام ہمارے ذمے لازم ہو گئے: ایک تو یہ کہ ہم نے ہر کام صرف اللہ کے لیے کرنا ہے۔ اور دوسری بات: ہمیں کیا پتا کہ اللہ پاک ہم سے کیا چاہتے ہیں؟ تو اس کو جاننے کے لیے ہمارے پاس صرف ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسالت کا اقرار کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو فرمایا وہی اللہ کی طرف سے ہے اور اسی پر عمل کرنا ہے۔ تو ہر کام اب ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر کرنا ہوگا۔ اور مقصد اس میں صرف ایک ہی ہوگا کہ اللہ پاک ہم سے راضی ہو جائے۔ بس یہ ہمارے پورے دین کا خلاصہ ہے۔ پورا دین اسی پر منحصر ہے۔

اب کام بہت سارے ہیں۔ ان تمام کاموں کو اگر ہم دیکھیں تو دو قسم کے ہیں۔ ایک تو وہ کہ جس کی وجہ سے ہم یہاں پر ہو سکتے ہیں کیونکہ وہ نہ ہو تو پھر ہمارا یہاں پر ہونا محال ہو جائے گا۔ یعنی ہماری زندگی کے لیے ضروری چیزیں ہیں وہ تو ہم نے کرنی ہیں، کیوں، اگر ہم اس طرح نہیں رہیں گے تو پھر مطلب یہاں پر ہوں گے ہی نہیں، مثلاً کھانا ہے، پینا ہے، سونا ہے۔ یہ ہماری زندگی کی ضرورت ہے۔ اور اللہ پاک نے اجازت بھی دی ہے اس کی، اور اس کے لیے اسباب بھی مہیا فرمائے ہیں۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی ان کو اختیار فرمایا ہے۔ اب یہی چیزیں کرنی تو ہیں اس میں کوئی مسئلہ نہیں، اجازت ہے۔ لیکن حضور صلی اللہ علیہ وسلم اس میں بھی عملی نمونہ ہیں کہ ہم کیسے کریں اختیار ان کو۔ اور پھر ہمیں ہدایات بھی ملی ہیں اس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی۔ تو ان ہدایات پر عمل کرنا ہے۔ اب اگر ہم صرف ان چیزوں کو اپنی ضرورت سمجھ کر اختیار کر لیں تو اس پہ کوئی مطالبہ نہیں ہے اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات کی مخالفت نہ ہو۔ کیونکہ جن چیزوں سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے روکا ہے تو اس سے تو رکنا ہوگا۔ بے شک وہ اس چیز کے لیے ضروری ہو کیونکہ طریقہ کار وہیں سے لینے ہیں۔ مثلاً کھانا پینا ہے، اب آدمی زمین کے اوپر صحیح طریقے سے بیٹھ کے مسنون طریقہ جو ہے اس کو ہم کھا لیں تو یہ کیا ہے یہ جائز ہے اور ماشاءاللہ اگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اس میں اختیار کریں گے تو اس پہ ثواب بھی ہے۔ لیکن ہے ہماری ضرورت۔ لیکن اس کو کھائیں ہم ناچتے ناچتے تو اس کی گنجائش نہیں ہے اس کی اجازت نہیں ہے۔ یہاں پر معاملہ خراب ہو جائے گا کیونکہ اس میں اللہ پاک کی نافرمانی ہے۔ اس طرح بعض چیزوں کے کھانے سے منع فرمایا گیا ہے۔ ان میں بعض چیزیں ایسی ہیں جس میں ہمارے لیے کچھ نفع بھی ہے۔ لیکن اس کے کرنے میں گناہ بھی ہے اور وہ گناہ بڑھا ہوا ہے اس سے۔ تو اس کو آپ استعمال نہیں کر سکتے مثلاً شراب ہے۔ تو اس قسم کی چیزیں ہوتی ہیں کہ جن سے روکا گیا ہے تو ان سے رکنا چاہیے کیونکہ ہماری زندگی صرف اس پر منحصر تھوڑی ہے۔ میں جب یورپ میں تھا تو وہاں ہمیں کافی دیکھنا ہوتا تھا نا کہ کون سی چیز کھانی چاہیے کون سی چیز نہیں کھانی چاہیے۔ تو کچھ لوگوں نے کہا کہ آپ کے اوپر اتنی پابندیاں ہیں! یعنی اس طرح ہر چیز میں۔ میں نے کہا نہیں۔ ہمارے لیے جتنی جو چیزیں ممنوع ہیں وہ گنی چنی ہیں اب انگلیوں پہ گنی جا سکتی ہیں۔ چند چیزیں ہیں جو ممنوع ہیں۔ لیکن تم لوگوں نے ان کو ہر چیز میں شامل کیا ہے ان کو۔ اب مثلاً Alcohol ہے اس کو آپ جس چیز میں بھی شامل کریں گے تو وہ حرام ہو جائے گا۔ اب ویسے تو Alcohol حرام لیکن آپ جس چیز میں بھی شامل کریں گے تو وہ ساتھ حرام کیونکہ اس کا جز بن جائے گا۔ اس طرح سور کا گوشت ہے۔ اور اسی طرح جو صحیح طور پہ ذبح نہ ہو تو اس چیز کو جس میں بھی استعمال کریں گے تو شامل کریں گے تو وہ ناجائز ہو جائے گا۔ ویسے علیحدہ علیحدہ ہو تو چند گنی چنی چیزیں ہیں جو حرام ہیں۔

تو ہم لوگ کھا سکتے ہیں، کھانے کی اجازت ہے لیکن کیا کھائیں اور کس وقت کھائیں اور کیسے کھائیں اس کے لیے ترتیب کہاں سے لینی ہوگی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے سے ہمیں روزے کا حکم ملا ہے، اب روزے میں نہیں کھا سکتے۔ روزہ جو فرض ہے اس میں ہم نہیں کھا سکتے، حالانکہ کھانے کی اجازت ہے۔ اب اس میں ایک بات ہے کہ یہاں تک کہ سحری جو ہے، جو کھانا پینا ہی ہے، اس میں اتنی تاخیر کہ روزہ مشکوک نہ ہو، اس تک کھانا یہ مستحب ہے، بہتر ہے۔ تو اس کا مطلب ہے کھانے پینے کی پابندی کا مسئلہ نہیں ہے، مسئلہ اللہ کے حکم کا ہے، کہ اللہ کا حکم ماننا۔ تو اللہ تعالی کے حکم کو ماننے کے لیے آپ جتنا وہ کر سکتے ہیں تو ظاہر ہے وہ آپ کے لیے اچھا ہوگا، مستحب ہے۔ اور جیسے یقین ہو جائے کہ رات ہو گئی تو یقین ہوتے ہی روزہ افطار کرنا یہ مستحب ہے، اس میں مزید تاخیر مکروہ ہے۔ تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ کھانے پینے کا مسئلہ نہیں، مسئلہ تو اللہ تعالی کے حکم کا ہے۔ اس طرح ہم ہر شعبے میں دیکھ سکتے ہیں کہ اللہ پاک نے کن چیزوں کی اجازت دی ہے اور کن چیزوں کی اجازت نہیں دی۔ مثلاً کپڑے ہیں۔ تو کپڑے پہننے۔ کیسے پہننے ہیں؟ اور کیا پہننا ہے کیا نہیں پہننا، یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے سے معلوم ہوگا۔ مثلاً مردوں کے لیے ریشم پہننا جائز نہیں ہے۔ کیوں نہیں؟ اس میں ہم نہیں جائیں گے۔ اگر ہمیں کچھ بھی معلوم نہ ہو کہ کیوں یہ پہننا جائز نہیں ہے، تو ہمیں اس پر عمل کرنا پڑے گا۔ اس کے لیے معلوم ہونا، ہاں یہ معلوم ہونا ضروری ہے کہ بتایا گیا ہو کہ یہ پہننا ٹھیک نہیں۔ بس اتنا حکم معلوم ہے تو بس اس کے بعد مزید چیز معلوم ہو بھی ٹھیک، نہیں معلوم ہو بھی ٹھیک۔ سونا ہے، چاندی ہے۔ اب سونے کی انگوٹھی ہم مرد نہیں پہن سکتے۔ عورتوں کے لیے جائز ہے۔ اس طرح سونے چاندی کے برتنوں میں کھانا نہیں۔ ویسے آپ مطلب اس سے لذت حاصل کر سکتے ہیں۔ مقصد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو احکامات آئے ہیں ان احکامات پر عمل کرنا یہ ہمارا دین ہے۔ اور ان احکامات پر عمل کرنے میں صرف ایک ہی نیت ہو کہ اللہ راضی ہو جائے۔ یہ تکمیلِ دین ہے، مطلب یہ ہے کہ اگر ہم اس پر کامیاب رہیں تو ماشاءاللہ پورے دین پر عمل ہے۔

اب اس ضمن میں جو آیات مبارکہ میں نے تلاوت کی ہیں اور احادیث شریفہ، اس کا ترجمہ میں عرض کرتا ہوں۔

اللہ جل شانہ ارشاد فرماتے ہیں کہ ہم (قیامت کے روز) اس عمل کی طرف ہوں گے جس کو وہ لوگ (دنیا) میں کر چکے تھے۔ پس ہم اس کو پریشان غُبار کی طرح بیکار کر دیں گے۔

تو یہاں پر یہ بات سامنے آتی ہے کہ جو عبادت غیر اللہ کے لیے کی جاتی ہے یا غیر اللہ کو اس میں شریک کیا جاتا ہے، وہ خسارہ ہے۔

اور یہ بھی ارشاد فرمایا کہ خوب سمجھ لو کہ اللہ کے لئے ایسی عبادت ہے جو (شرک اور ریا سے) خالص ہو۔

نیز ارشاد فرمایا ہے کہ: مؤمن وہی ہے جو اللہ پر اور اس کے رسول پر ایمان لائے، پھر شک نہیں کیا، اور اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ساتھ اللہ کے راستہ میں جہاد کیا، وہی لوگ صدق والے ہیں۔

یہاں ایک اور لفظ آ گیا: صدق، مطلب انسان اپنے قول و فعل میں سچا ہو اور کامل طور پر کسی اطاعت کو بجا لائے، وہ صادق ہے۔

حدیثِ اوّل: اور رسول اللہ ﷺ نے حضرت مُعاذ رضی اللہ عنہ سے ارشاد فرمایا کہ اپنے دین کو خالص کر لے، تجھے تھوڑا ہی عمل کافی ہے۔ (حاکم)

یہ تھوڑا ہی عمل کافی ہے، اس کو ذرا سمجھنا چاہیے۔ ایسا نہ ہو کہ مثلاً آدمی کہے بس میں خالص اللہ کے لیے پڑھتا ہوں بس صرف ایک نماز کافی ہے۔ نہیں، وہ اللہ کے حکم کے مقابلے میں آ جائے گا نا۔ مطلب یہ ہے کہ جو چیز بھی اللہ نے حکم دیا ہے اس کو تو پورا کرنا ہے۔ لیکن ایک شخص ہے بہت سارے نفل پڑھتا ہے، لیکن اس میں ریا ہے۔ تو اس کا کوئی فائدہ نہیں اس کے لیے۔ لیکن ایک شخص ہے وہ نفل بالکل نہیں پڑھتا، فرائض ہی پڑھتا ہے صرف اور واجبات اور سنت مؤکدہ، لیکن اس میں اللہ کی رضا کی نیت ہے اور کچھ بھی نہیں ہے، اس کے لیے وہ کافی ہے۔ یعنی کم سے کم مطلوب چیز جو ہے وہ بھی اگر وہ کر لے لیکن محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کر لے اس کے لیے وہ کافی ہے۔ اس کے بعد اگر مزید بڑھائے تو اضافہ ہے اور نفل کہتے ہی اضافے کو ہیں۔ یعنی اس پر مزید ہے۔ اگر کر لے تو اس کا مزید فائدہ ہے۔

حدیثِ دوم: ایک شخص نے پکار کر دریافت کیا اے رسول الله! ایمان کیا ہے؟ آپ نے ارشاد فرمایا: اخلاص۔ (بیہقی)

اخلاص، وہ جیسے میں نے عرض کیا نا کہ ایک تو کام اللہ کے لیے کرنا ہے اور ایک حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پہ کرنا ہے۔ تو یہ پورے دین کا خلاصہ ہے۔ پورے دین کا خلاصہ ہے۔ تو اگر دیکھا جائے تو فرمایا گیا ہے۔

وَالْعَصْرِ ۙ إِنَّ الْإِنْسَانَ لَفِي خُسْرٍ ۙ إِلَّا الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ۔

زمانے کی قسم اللہ پاک نے کھائی اور فرمایا کہ بے شک انسان خسارے میں ہے مگر اس خسارے سے بچے ہوئے لوگ کون ہیں؟ جو ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کیا۔ اور جو تلقین کرتے رہیں حق کی وصیت کرتے رہے صبر کی۔

اب یہاں پر ایمان اور عملِ صالح۔ تو اگر وہ خالص اللہ کے لیے کر رہا ہے وہ کام، تو ایمان کے زمرے میں آ گیا۔ کیونکہ ایمان کا تقاضا یہی ہے کہ وہ خالص اللہ تعالی کی رضا کے لیے کام کرے۔ ایمان کا تقاضا یہی ہے۔ جب اس کو پتا ہے کہ ظاہر ہے مطلب ہے کہ اللہ نے مجھے پیدا فرمایا ہے اور اللہ ہی کا مطالبہ ہے۔ اور اللہ ہی کے پاس ساری چیزیں پہنچیں گی۔ تو پھر کس کے لیے کرے گا؟ یہ جو ہم کہتے ہیں نا إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔ اس میں ہم سب اس بات کا اقرار کرتے ہیں بے شک ہم اللہ کے لیے ہیں اور اللہ ہی کی طرف لوٹ کے جانا ہے۔

تو جب سب ہم اللہ کے ہیں تو پھر ظاہر ہے کہ ہماری ساری چیزیں ان کی ہیں۔ ویسے بات عرض کرتا ہوں کہ غلام جو ہوتا ہے نا، غلام کے بھی حقوق ہوتے ہیں۔ غلام کے بھی حقوق ہوتے ہیں باقاعدہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے بارے میں وصیت فرمائی، آخری وقت۔ اس کے بھی حقوق ہوتے ہیں۔ عبد کے کوئی حقوق نہیں ہوتے بندے کے۔ بندے کا کوئی حق نہیں ہوتا اللہ پر ہاں اللہ پاک کے حقوق ہیں اللہ کے بندے پر۔ تو اب جب یہ صورتحال ہے کہ ہمارا کوئی حق نہیں ہے۔ ہم یعنی غلاموں سے زیادہ اللہ تعالی کے بندے ہیں۔ تو پھر ہمارا جیسے غلام کا ساری چیزیں آقا کی ہوتی ہیں۔ غلام کا اپنا مال کوئی نہیں ہوتا۔ وہ جو بھی اس کا ہوتا ہے وہ آقا کے پاس جاتا ہے۔ تو پھر ہماری کون سی چیز ہے جو کہ ہم ہماری ہو گی؟ وہ بھی ظاہر ہے اللہ کی ہے۔ یہ میرے خیال میں ایمان کی حالت میں تو سب لوگ مانتے ہیں یہ چیز۔ اس سے انکار نہیں کرتے۔ لیکن عملاً یہ آ جائے نا بس پھر کمال ہے۔ عملاً یہ چیز نہیں ہے۔ بہت کم پایا جاتا ہے۔ کیسے؟ مثلاً دیکھیں میرا مال، میرا مال، میرا مال، میرا مال۔ اب اس میں اللہ تعالی جب حکم دے کہ اتنا خرچ کرو، یعنی زکوۃ کے طور پر۔ اس وقت اگر وہ سمجھتا ہے کہ ہے ہی اللہ کا تو میں اس میں رکھنے کا مختار ہی نہیں ہوں۔ یہ تو اس کا کرم ہے کہ باقی میرے لیے چھوڑا ہوا ہے کہ میں اس کو اپنی مرضی سے خرچ کر سکوں۔ مرضی سے مراد یہ ہے کہ جو طریقہ اس نے بتایا ہے۔ اس میں، میں اپنی مرضی کر سکتا ہوں۔ تو وہ پھر یہی بات، باقی تو ہے تو اللہ کا ہی ہے۔ مثلاً ہم لوگ اگر کسی سے ہزار روپے لے لیں اور وہ بتائے اچھا ٹھیک ہے بھئی اس میں ہر سال مجھے پچیس روپے دیا کرو۔ کیا خیال ہے آپ خوش ہوں گے یا نہیں ہوں گے؟ ایک لاکھ دے دیں آپ کو اور کہتے ہیں ڈھائی ہزار مجھے بس ہر سال دے دیا کرو۔ تو کیسا سودا ہے؟ بہت ظاہر ہے خوشی کا۔ تو اللہ جل شانہ ہم سے یہی۔۔۔ دیتا اللہ تعالی ہی ہے۔ پھر فرماتے ہیں کہ اچھا اس میں ڈھائی فیصد میرے لیے کسی کو دے دو، میرے لیے۔ جس کا میں بتاؤں۔ بس یہی زکوۃ ہے۔

اس طرح دیکھیں میرا وقت۔ کس کا اصل میں ہے؟ ہے تو اللہ تعالی کا۔ لیکن اللہ پاک فرماتے ہیں ٹھیک ہے باقی وقتوں میں جو تم کر رہے ہو وہ میرے حکم کے مطابق جو جائز ہے اس کو کر سکتے ہو۔ ہاں نماز کا جب وقت آ جائے وہاں اس وقت پھر کچھ اور نہیں کرنا، کچھ اور نہیں کرنا۔ صرف نماز پڑھنے کے لیے جانا ہے۔

إِنَّ الصَّلَاةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتَابًا مَّوْقُوتًا۔

یعنی وہ وقت متعین جو نماز کے لیے ہے۔ اس میں ایک تو وقت کا دخول اور انتہا ہے نماز کے لیے۔ اور ایک وہ ہے جو نماز پڑھتے ہیں مرد حضرات باجماعت مسجد میں۔ اس میں جو وقت مقرر ہے وہ لوگ خود مقرر کرتے ہیں اسی اوقات کے درمیان۔ تو اس سے پہلے آپ جو کچھ جائز کام کرنا چاہیں کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد جو جائز کام ہے وہ آپ کر سکتے ہیں۔ اس دوران نہیں بس۔ اس دوران آپ نے ادھر رہنا ہے ادھر جانا ہے اور وہی کام کرنا ہے جو بتایا گیا ہے، نماز۔ نماز میں ہم لوگ بالکل ہی یعنی اس دنیا سے کٹ جانے چاہئیں۔ ہمارا اس دنیا کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ بہت مصروف آدمی ہے۔ ٹھیک ہے، جائز مصروفیت ہے۔ ٹھیک ہے، لیکن جیسے نماز کا وقت ہو جائے، وہ وقت بس، اب ساری مصروفیت ایک طرف اور نماز دوسری طرف۔

اب میں نے عرض کیا نا کہ کچھ چیزوں کی اجازت اللہ پاک نے دی ہے نا، کیونکہ وہ ہماری زندگی کے لیے ضروری ہیں۔ مثلاً کھانا پینا ہے۔ تو ڈاکٹر حضرات کہتے ہیں جی ہم لوگ آپریشن کرتے ہیں تو اس میں نماز رہ جائے؟ میں نے کہا آپریشن کے لیے کبھی کھانا چھوڑا ہوا ہے؟ کھانا تو کھاتے ہو نا۔ تو جس طرح اس کے لیے مینجمنٹ کرتے ہو اس طرح نماز کے لیے بھی مینجمنٹ کرو نا۔ نماز کا بھی وقت ہوتا ہے نا۔ اس کے حساب سے کرو آپ۔ ہاں اگر بہت زیادہ ایمرجنسی آ جائے تو پھر وہ اللہ پاک جانتا ہے اس کو۔ وہ پتا ہے اس کو کہ کیا پوزیشن ہے۔ ورنہ صحیح بات میں عرض کرتا ہوں کہ لوگ بعض دفعہ اپنی انتظامی ضروریات یا جسمانی ضروریات کی خاطر اتنی بڑی بڑی چیزوں کو کوئی weight نہیں دیتے۔ ہمارے ایک ٹیچر تھے، اس نے مجھ سے پوچھا شبیر اگر تمہاری reactor پہ ڈیوٹی ہو اور نماز کا وقت آ جائے تو کیا کرو گے؟ میں نے کہا نماز پڑھوں گا۔ وہ مجھ سے توقع کر رہا تھا کہ یہ کہہ دے گا میں reactor پہ پڑھوں گا۔ مطلب ظاہر ہے۔ تو کہتے ہیں reactor کو چھوڑ دو گے؟ تو میں حیران ہوا میں نے کہا کمال کی بات ہے۔ بھئی اگر مجھے پیٹ میں درد ہو جائے اور مجھے ٹوائلٹ جانا پڑے تو اس وقت reactor کا کیا کرو گے؟ اس وقت بھی ایک میری ضرورت ہے نا۔ تو reactor جو ہے وہ، جیسے ٹرک کے لیے جو لوگ بھیجتے ہیں ڈرائیور تو دو ڈرائیور بھیجتے ہیں نا، ایک ڈرائیور پہ تو نہیں ہوتا جب لمبے سفر پہ جاتے ہیں۔ تو ٹرک کے لیے دو ڈرائیور ہو سکتے ہیں reactor کو ایک آدمی پہ چھوڑ دو گے؟ کمال ہے۔ مقصد یہ ہے کہ وہ مجھ سے یہ کہلوانا چاہتا تھا کہ میں reactor پہ ہوں گا نماز چھوڑ دوں گا۔ تو یہ بات غلط ہے۔ یہ بات غلط ہے۔ مطلب آپ اللہ کے حکم کو نہیں چھوڑ سکتے۔ یہ ہمارے لیے مطلب گویا کہ بالکل واضح بات ہے۔

خیر، تو ایک تو میں نے عرض کیا کہ ایک تو ہم نے کرنا وہی ہے جو اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں کرنے کا بتایا ہے۔ جن چیزوں کی اجازت دی ہے وہی کریں گے جن چیزوں کی اجازت نہیں دی ان سے رکیں گے۔ لیکن ہوگا یہ سب، رکنا بھی اللہ کے لیے ہوگا اور کرنا بھی اللہ کے لیے ہوگا۔ مثال کے طور پر کوئی شراب نہیں پیتا، اس لیے کہ اس کی صحت کو نقصان ہے۔ تو وہ اس کی صحت کے لیے ہو گیا۔ وہ صحت کے لیے شمار ہو گیا۔ اگرچہ بچا اس میں، گناہ اس کو کچھ نہیں ہوا لیکن اس کا جو فائدہ ہے وہ کس چیز کے لیے چلا گیا؟ صحت کے لیے چلا گیا۔ لیکن اگر اس لیے بچا کہ اللہ نے منع فرمایا ہے تو پھر یہ اس کے کھاتے میں جائے گا، اجر۔ ٹھیک ہے نا؟ یہ بات ہے۔ بہت ساری چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو نیت کے ساتھ ہی وجود میں آتی ہیں۔ اگر اس میں نیت ہماری یہ ہو کہ اللہ پاک راضی ہو، پھر وہ عمل بنتا ہے، دینی۔ ورنہ دینی عمل بنتا ہی نہیں ہے۔ بس ٹھیک ہے صرف ایک دنیا کا کام ہے وہ آپ نے اس کو حاصل کر لیا۔ اب یہ چیز ذرا تھوڑا سا اور بھی آگے extend کر سکتے ہیں ہم، کہ کیسے کر سکتے ہیں۔ مثلاً میں کھانا کھاتا ہوں، کھانا میری ضرورت ہے۔ جائز کھانا کھاتا ہوں، یہ میری ضرورت ہے، گناہ سے بچ گیا ہوں، اجازت مجھے حاصل ہے، لیکن اگر میں اس لیے کھاؤں کہ اس پہ طاقت حاصل کر لوں، اس طاقت کو میں عبادت میں استعمال کروں گا، اللہ تعالیٰ کی مرضی کے مطابق کاموں میں استعمال کروں گا، اس پر اجر بھی ملے گا، یہ ثواب کا کام ہو گیا۔ اس لیے فرمایا:

إِنَّمَا الْأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ۔

تمام اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے۔

پس اچھی نیت سے دنیا بھی دین بن جاتا ہے۔ اور بری نیت سے، دنیا کی نیت سے، دین بھی دنیا بن جاتا ہے۔ مثلاً ایک شخص ہے وہ نماز اس لیے پڑھتا ہے کہ ورزش اس میں ہو جاتی ہے۔ وہ وہ کیا ہے، اس کے بارے میں وہ آرٹیکل وغیرہ آتے ہیں نا کہ آپ سجدے میں جاتے ہیں تو سجدے کی حالت میں خون سر کی طرف آ جاتا ہے اور بلڈ سرکولیشن اس کے لیے نارمل ہو جاتی ہے۔ جب کھڑے ہو جاتے ہیں تو یوں ہو جاتا ہے۔ جب بیٹھ جاتے ہیں تو یوں ہو جاتا ہے۔ یہ ساری باتیں true ہیں۔ لیکن یہ اللہ تعالی نے کیا ہوا ہے اس میں ہمارا کوئی وہ نہیں ہے۔ یہ ہے، بس اس میں جو چیزیں حاصل ہوں گی حاصل ہوں گی، لیکن اگر میں نے صرف اس کے لیے کیا تو بس وہ ہو گیا۔ اور نماز ورزش ہو گئی۔ ٹھیک ہے نا؟

اب نماز تب ہو گی جب نماز کی نیت سے اللہ تعالیٰ کے حکم کے لیے ہم اس کو پڑھیں گے۔ تو دنیا کے لیے اگر ہم دین کا کام بھی کریں گے وہ دنیا بن جائے گی۔ ہم دنیا کا کام دین کے لیے کریں گے تو وہ دین بن جائے گا۔ نیت کی کتنی بڑی اہمیت ہے، إِنَّمَا الْأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ۔ لہٰذا ہم اپنی نیتوں کو درست رکھیں، ہمیشہ کے لیے۔ اچھی نیتیں رکھیں۔ جس کے ساتھ بھی ہمارا بول چال ہو اس کو ہم اللہ کے لئے کریں۔ اب والد کی خدمت کرنی ہے اس لئے خدمت کرنی ہے کیونکہ اللہ نے کہا ہے۔ والد کی خدمت کرنی ہے ماں کی خدمت کرنی ہے بہن بھائیوں کا خیال رکھنا ہے بیوی کا خیال رکھنا ہے شوہر کا خیال رکھنا ہے یہ اس لئے کہ اللہ پاک نے فرمایا ہے بس یہ عبادت بن گیا۔ یہ عبادت بن گیا۔ اب اس پر اجر بھی ہے اور اس کے فوائد بھی ہیں۔ دنیاوی فوائد بھی ہوتے ہیں۔ ظاہر ہے ہم جو کام بھی اللہ تعالی کی مرضی کے مطابق کرتے ہیں اس میں دونوں چیزیں ہوتی ہیں۔ دنیا کے فائدے بھی ہوتے ہیں آخرت کے فائدے بھی ہوتے ہیں۔ اور جو کام غلط کرتے ہیں اس میں دنیا کا نقصان بھی ہوتا ہے آخرت کا نقصان بھی ہوتا ہے۔ پس اگر ہم خَالِصَةً لِّوجه اللّٰهِ ہم حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر چلیں گے تو اس میں ہماری دنیا کی بھی کامیابی ہے۔ اور آخرت کی بھی کامیابی ہے۔

ایک صاحب تھے میرے دوست کلاس فیلو۔ ایک دن مجھ سے کہنے لگے شبیر صاحب یہ آپ کہاں رہتے ہیں۔ دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی اور آپ وہی پرانی باتیں کر رہے ہیں۔ یہ اکثر یہ ہوتا ہے مطلب یہ ماڈرن ماڈرن لوگ جو اپنے آپ کو سمجھتے ہیں نا ان کا یہ سوچ ہے۔ یہ جاتا نہیں ہے۔ تو مجھے کہتے ہیں کہ دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی اور آپ کون سی باتیں کر رہے ہیں۔ میں نے کہا بات سنو، صحابہ کرام زیادہ دنیا دار تھے یا ہم زیادہ دنیا دار ہیں؟ تو بتایا کہ صحابہ کرام تو دنیا دار نہیں تھے۔ میں نے کہا یہ ذرا بتاؤ مجھے کہ صحابہ کرام زیادہ کامیاب تھے دنیا میں یا ہم دنیا میں زیادہ کامیاب ہیں۔ دنیا کی بات کر رہا ہوں آخرت تو وہ تو اللہ تعالی کا مطلب ظاہر ہے۔ دنیا کی بات کر رہا ہوں کہ دنیا میں صحابہ کرام زیادہ کامیاب تھے یا ہم زیادہ کامیاب ہیں۔ سچ سچ ہوتا ہے اس کا کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ تو بتایا کہ وہ زیادہ کامیاب تھے۔ تو میں نے کہا آپ کی تھیوری تو فیل ہو گئی۔ بھئی صحابہ کرام تو بالکل دنیا دار نہیں تھے بقول آپ کے بھی اور دنیا میں وہ کامیاب تھے۔ تو کیوں کامیاب تھے پھر؟ وہ دنیا دار تو تھے ہی نہیں، اس کا مطلب ہے کہ دنیا میں کامیابی کے لیے دنیا دار ہونا ضروری نہیں ہے۔ پس ہم دنیا میں کامیابی کے لیے یورپ اور امریکہ کی نقل کیوں کریں؟ ہم صحابہ کرام کی نقل کیوں نہ کریں؟ ہم ان کی نقل کریں، ان کے طریقے پر دنیا میں کامیاب ہو جائیں۔ تو ان کے طریقے میں نیت بھی ہے نا۔ ان کے طریقے میں نیت بھی ہے صرف وہ تو نہیں ہے نا کام۔ تو مقصد میرا یہ ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم اب دیکھو ذرا غور فرمائیں۔ عمر رضی اللہ تعالی عنہ خود اپنے آپ سے کہتے ہیں، دوسرے کی بات نہیں کر رہا ہوں۔ اپنے آپ سے کہتا ہے اے عمر! تو تو وہی ہے نا جس کو تیرا چچا اونٹ چرانے کے بھی قابل نہیں سمجھتا تھا۔ اونٹ چرانے کے بھی قابل نہیں سمجھتا تھا آج تو پوری مملکت چلا رہا ہے۔ یہ کس کی برکت ہے۔ ذرا غور فرمائیں۔ یہ عمر رضی اللہ تعالی عنہ خود اپنے آپ سے کہتے ہیں۔ اے عمر ذرا یاد رکھنا کہ تو تو وہی ہے نا کہ تیرا چچا اونٹ چرانے کے بھی قابل نہیں سمجھتا تھا۔ یہ تو حضرت کا اپنا قول ہے۔ اب دنیا کیا سمجھتی ہے۔ دنیا کہتی ہے یعنی ان کے مخالفین کافر بعض نے کہا ہے اگر ایک اور عمر ہوتے تو ہم نہ ہوتے۔ اگر ایک اور عمر ہوتے تو پھر ہم نہ ہوتے۔ تو اب ذرا غور کر لیں کہ عمر رضی اللہ تعالی عنہ کون سی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی تھی۔ کیا انہوں نے کیا تھا۔ سوائے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت کے۔ ایمان کے بعد تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت ہی ان کی تھی نا۔ تو ایمان اور صحبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔ ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کو دیکھیں عمر رضی اللہ تعالی عنہ کو دیکھیں عثمان رضی اللہ تعالی عنہ کو دیکھیں علی کرم اللہ وجہہ کو دیکھیں۔ عبداللہ بن زبیر رضی اللہ تعالی عنہ طلحہ رضی اللہ تعالی عنہ زبیر رضی اللہ تعالی عنہ عباس رضی اللہ تعالی عنہ مطلب یہ اپنے اپنے لحاظ سے پورے ماشاءاللہ۔ تو یہ میں اس لئے عرض کرتا ہوں کہ ان حضرات کو اسی اسلام نے کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔

اب ذرا میں عرض کرتا ہوں کہ جو لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات ہیں اس کے بارے میں عرض کرتا ہوں کہ آخر یہ درمیان میں گیپ کیسے آیا؟ وہ دیکھیں ہم لوگ جب بھی کوئی کام کرتے ہیں تو اس میں چند چیزیں ضروری ہوتی ہیں۔ ایک اس چیز کا علم ایک ہماری محنت، ہمت اور honesty۔ میں آج کل کی زبان میں کہہ رہا ہوں، میں اپنی اصطلاحات میں استعمال نہیں کر رہا ہوں کیونکہ آج کل جو اصطلاحات ہیں اسی کی میں بات کر رہا ہوں، honesty دیانت داری۔ اور جتنا ٹائم ہے اس کو دیتا ہوں۔ اب یہ سب کے پاس ہے، کافر کے پاس بھی ہے، مسلمان کے پاس بھی ہے۔ یعنی حاصل کر سکتا ہے وہ۔ ٹھیک ہے؟ اب میں ایک مسلمان ہوں ایماندار ہوں۔ لیکن میں ان چیزوں کو استعمال نہیں کرتا۔ بس ایمان ہی ہے۔ تو اب اس وجہ سے اگر میں رہ جاؤں، تو یہ اسلام کی کمزوری؟ کیا اسلام نے مجھے کہا ہے کہ honesty نہ کرو؟ کیا اسلام نے مجھے کہا ہے کہ اپنا وقت نہیں استعمال کرو؟ کیا اسلام نے مجھے کہا ہے کہ علم حاصل نہ کرو؟ کیا اسلام نے مجھے کہا ہے کہ ہمت نہ کیا کرو؟ بلکہ اسلام تو ان چیزوں کو encourage کرتا ہے۔ اور یہی صحابہ نے کیا تھا۔ صحابہ نے کیا کیا تھا؟ علم بھی حاصل کیا تھا وقت کی ضرورت کے مطابق۔ وقت کی ضرورت کے مطابق، یہ بات یاد رکھنا چاہیے۔ وقت کی ضرورت کے مطابق علم بھی حاصل کیا تھا، اس کے بعد پھر وقت بھی لگایا تھا، ہمت بھی کی تھی، اور دیانتداری تو ان کی ضرب المثل تھی۔ تو اس وقت کے لحاظ سے جتنی اچھائیاں تھیں وہ سب ان میں جمع ہو گئیں۔ آج اگر ہم یہی کر لیں، تو ہم میں بھی جمع ہو سکتی ہیں، اور ایمان کا اضافہ ہوگا نتیجتاً رزلٹس زیادہ اچھے ہوں گے۔ رزلٹس زیادہ اچھے ہوں گے۔ ہوتا کیا ہے؟ ہمارے لوگ جاتے ہیں دوسرے ملکوں میں، یورپ کے ملکوں میں، امریکہ میں، ترقی یافتہ ممالک میں، امریکہ صرف نہیں ہے ترقی یافتہ ممالک میں، جیسے چین ہے یا جرمنی ہے جو بھی ہے، جاپان ہے، ان میں جاتے ہیں۔ وہاں کی چکا چوندھ سے متاثر ہو جاتے ہیں۔ اوہ، بڑی ترقی کی ہے، یہ کیا ہے وہ کیا ہے۔ اچھا، ترقی ان کو نظر آتی ہے لیکن اس ترقی کے لیے جو محنت ہے، جو ان کے ہاں معمول ہے، اس کو نہیں دیکھتے۔ اس کی مثال یہ ہے کہ وہ پانچ دن جو ہوتے ہیں ہفتے میں، وہ گدھے کی طرح کام کرتے ہیں۔ یعنی کم از کم میں اس کا گواہ ہوں میں کسی اور کے بارے میں نہیں کہتا سنی سنائی بات نہیں ہے، دیکھ کر کہہ رہا ہوں۔ گدھے کی طرح کام کرتے ہیں۔ پھر اس کے بعد، دو دن عیاشی کرتے ہیں۔ اور خوب عیاشی کرتے ہیں اس میں جائز ناجائز کو نہیں دیکھتے۔ اب ہمارے جو لوگ ہیں نا، وہ ان کی 5 دن کی اس محنت کو نہیں دیکھتے کہ 5 دن وہ کیسے کام کرتے ہیں۔ اور 2 دن کی عیاشی کو دیکھتے ہیں۔ یہ مسئلہ کیا ہے؟ یہ شیطان، شیطان ہمیں اس چیز پہ لگاتا ہے۔ ہمیں ان کی وہ چیز دکھاتے ہیں جو ہمارے نفس کی خواہش ہے۔ وہ چیز نہیں دکھاتے جو ہمارے نفس کے مخالف ہے، وہ نہیں دکھاتے۔ نتیجتاً ہم ان چیزوں سے محروم ہو جاتے ہیں جو محنت سے حاصل کی جاتی ہیں۔ اور ان چیزوں میں پڑ جاتے ہیں جو ہمارے نفس کی خواہشات کی وجہ سے تباہی کے راستے ہوتے ہیں، ان چیزوں میں پڑ جاتے ہیں۔ یہ بات ہے۔

اب اسی چیز کو ہم نے سنبھالنا ہے، اسی چیز کو سنبھالنا ہے۔ کہ ہم نے، اپنے اوقات کی حفاظت کرنی ہے۔ علم جس چیز کی ضرورت ہے، وَأَعِدُّوا لَهُمْ مَّا اسْتَطَعْتُمْ یہ تو قرآن پاک میں صاف صاف فرمایا ہے کہ ان کے مقابلے کے لیے اپنے گھوڑے تیار رکھو یعنی اپنی پوری۔۔۔ تو اس کے لیے ظاہر ہے جو وقت استعمال کرنا ہے، ہمت کرنی ہے، کام کرنا ہے، سیکھنا ہے، دیانتداری کے ساتھ کام کرنا ہے، یہ ساری چیزیں ہم نے حاصل کرنی ہیں۔ ہم نے استعمال کرنی ہیں اس طرح۔ اگر ہم اس چیز میں کامیاب ہوں اور شیطان کے مقابلے میں ہم سرخرو ہو گئے، اس لائن پہ نہیں آئیں جس پہ شیطان ہمیں لانا چاہتا ہے، اس لائن پہ آ جائیں جس پہ اللہ ہمیں لانا چاہتا ہے، تو پھر مسلمان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ مسلمان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ ان تمام کمزوریوں کے باوجود مسلمانوں کو نقصان اپنوں سے ہوا ہے۔ اغیار سے نہیں اپنوں سے ہوا ہے۔ یعنی غداری کی وجہ سے مطلب ہوا ہے، کہ ہمارے لوگ ان کے ساتھ مل جاتے ہیں۔ جو ہمارے خلاف وہ کرتے ہیں۔ پھر ہم کہتے ہیں کہ یہ ہو گیا، وہ ہو گیا، وہ زیادہ ہے، وہ ایسے ہے۔ بھئی خدا کے بندو، اگر تم لوگوں نے اس طرح محنت نہیں کی کیونکہ دیکھو نا کچھ چیزیں اللہ پاک نے امتحان کے طور پر سیکولر رکھی ہیں۔ جیسے سائنس ہے اس کو مسلمان بھی استعمال کر سکتا ہے اور کافر بھی استعمال کر سکتا ہے۔ ہاں مسلمان اچھی نیت کے ساتھ استعمال کر لے تو اس کے لیے اجر ہے انما الاعمال بالنیات کی وجہ سے۔ اور کافر استعمال کرے گا تو اس کو دنیا کی کامیابی ہے جو دنیا میں کامیابی جس طریقے سے آتی ہے تو اس کو بھی آتی ہے۔ اب مسلمان کے لیے اجر بھی ہے اور کامیابی بھی ہے۔ دونوں فائدے اس میں ہیں۔

ایک دفعہ ہمارے ایک دوست تھے ڈاکٹر سرفراز مرحوم میڈیکل کالج میں تھے ہم انجینئرنگ میں تھے۔ مولانا اشرف صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے مرید تھے یعنی ہمارے پیر بھائی تھے۔ ایک دن ہم بیٹھے ہوئے تھے حضرت کے پاس، ڈاکٹر انور صاحب جو ان کے استاد تھے اور مولانا صاحب کے مرید بھی تھے۔ تو مولانا صاحب سے عرض کیا حضرت میں آپ کو اس وقت مبارکباد دوں گا جب ڈاکٹر سرفراز کے ہاتھ سے پہلا مریض مر چکا ہو گا۔ تو مولانا صاحب کے کان کھڑے ہو گئے کہ یہ کیا بات ہے، سمجھ میں آ گئی حضرت کو کہ مطلب یہ کام نہیں کر رہا۔ پڑھتا نہیں ہے، امتحان میں مطلب اچھے نمبر حاصل نہیں کر رہا۔ تو مولانا صاحب نے ان کو اپنے سامنے بٹھا کر فرمایا سرفراز جس طرح تو ذکر کے لیے ہمت کے ساتھ بیٹھتا ہے نا اور کرتا ہے، اس طرح آپ اپنی کتابوں کو بھی پڑھو۔ ہمت کے ساتھ، صحیح طریقے سے، کیونکہ آپ کے ساتھ لوگوں کی زندگیاں وابستہ ہیں۔

اب دیکھیں۔ مشائخ کیا کرتے ہیں۔ مشائخ یہ نہیں کرتے کہ آپ کو ان چیزوں سے چھڑا دیں۔ یہ تو ان کے اوپر بہتان ہے۔ کم از کم میں اس بات کا گواہ ہوں کہ حضرت کے ساتھ بیٹھنے سے ہمیں کوئی نقصان نہیں ہوا دنیا کا، فائدہ ہی ہوا ہے۔ فائدہ کیسے ہوتا ہے بتاتا ہوں، یہ بھی عرض کرتا ہوں۔ فائدہ کیسے ہوا؟ اب دیکھو ایک شخص ہے وہ کسی شیخ کے ساتھ نہیں بیٹھتا۔ وہ بھی پڑھتا ہے۔ اور جو اچھے اہل اللہ مشائخ کے ساتھ بیٹھتا ہے وہ بھی پڑھتا ہے۔ اب دونوں کے پڑھنے میں نتیجے میں فرق ہوتا ہے۔ کیسے؟ جو مشائخ کے ساتھ نہیں اٹھتا بیٹھتا ان کے دماغ میں بڑی مختلف قسم کی چیزیں پھر رہی ہوتی ہیں۔ پڑھنے میں وہ ساری سامنے آ جاتی ہیں۔ اور اپنا بہت سارا وقت سیر سپاٹے میں اور دوسری چیزوں میں ضائع کرتے ہیں گپ شپ میں، لیکن جو مشائخ کے ساتھ ہوتے ہیں اور مشائخ کے ساتھ ان کا رابطہ ہوتا ہے، صحیح بتاتے ہیں ان کو، وہ ان کو نصیحت بھی کرتے ہیں اور ان کے ساتھ بیٹھنے کی وجہ سے ماشاءاللہ وہ بہت ساری غلط چیزوں سے مثلاً television دیکھنے سے اور غلط چیزوں کے پیچھے بھاگنے سے ان سے محفوظ ہو جاتا ہے، تو وہ سارا ٹائم بچ جاتا ہے نا۔ اب اگر کسی کو study کے لیے ان تمام چیزوں کے ساتھ چار گھنٹے ملتے ہیں اس کو دس گھنٹے مل جائیں گے۔ تو فائدہ ہوا یا نقصان ہوا؟ فائدہ ہوا۔ کم از کم ہمیں تو یہ بات معلوم ہے۔ ایک دفعہ ہم گشت کر رہے تھے۔ پھر آپس میں باتیں کر رہے تھے۔ گشت کے بعد کھڑے تھے نا آپس میں، ملفوظات share کر رہے تھے۔ تو وہ مسرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ تشریف لائے، فرمایا جاؤ جاؤ اپنے کمروں میں جاؤ۔ اس طرح گپ شپ سے وقت ضائع کرتے ہو پھر کہتے ہو گشت کی وجہ سے ہمارا وقت ضائع ہو گیا۔ جاؤ اپنا کام کرو۔ مطلب وہ اس چیز کا خیال رکھتے ہیں۔ وہ یہ نہیں کہتے۔ اور شیطان کی کارگزاری کیا ہے۔ وہ والدین کو یہ سکھاتا ہے، اوہ اگر یہ مشائخ کے پاس گیا نا تو اس کا تو ٹائم ضائع ہو جائے گا اور یہ فیل ہو جائے گا اور یہ ہو جائے گا، وہ ہو جائے گا۔ بھائی میں آپ کو بات بتاؤں اگر کوئی کسی صحیح شیخ کے ساتھ ہے اور اس کی صلاحیت تھرڈ ڈویژن میں پاس ہونے کی ہے۔ مجھے کوئی بتا دے کہ وہ فیل ہو چکا ہو۔ بھئی اس کی وجہ سے وہ سیکنڈ ڈویژن میں تو جا سکتا ہے، فیل نہیں ہو گا اس کی وجہ سے۔ ایک آدمی میں صلاحیت ہی نہیں ہے وہ تو ایک علیحدہ بات ہے۔ وہ تو ایک علیحدہ چیز ہے نا، وہ تو ہر ایک کی تقسیم ہے۔ لیکن اگر صلاحیت ہے تو اس کی وجہ سے کم نہیں ہو گا۔ الحمد للہ ہمیں تو یہ بات نظر آئی۔ ہمارے جتنے بھی ساتھی تھے بہت اعلی نمبروں سے کامیاب ہوئے، ماشاءاللہ۔ مطلب یہ کوئی ایسی بات نہیں۔

اور میں آپ سے۔۔ خیر بہرحال اپنی باتیں زیادہ نہیں بتانی چاہیے۔ میں آپ کو کیا عرض کروں۔ ہم نے تو الحمد للہ بہت ساری چیزیں دیکھیں۔ اللہ کا شکر ہے الحمد للہ کہ اللہ کی نصرت بھی ہوتی ہے بزرگوں کی برکت ہوتی ہے۔ اپنی ہمت نہیں چھوڑنی چاہیے۔ کام کرنا پڑے گا چاہے کسی بھی اسٹیج پر ہو۔ چاہے دنیا کے لیے کام کرنا ہو تو کام کرنا پڑے گا چاہے دین کے لیے کام کرنا ہو کام تو کرنا پڑے گا۔ یہ تو نہیں ہو سکتا کہ آپ کام کیے بغیر وہ حاصل کریں۔ عموماً آج کل جو نقصان ہوتا ہے نا وہ نقصان اس لیے ہوتا ہے کہ مشائخ کے پاس جب جاتے ہیں تو ان کی سمجھ میں یہ بات ہوتی ہے کہ بس اب ہمیں کچھ نہیں کرنا اب تو جو کچھ کرنا ہے شیخ نے کرنا ہے، یہ غلط concept ہے۔ شیخ نے آپ کو صرف guide کرنا ہے۔ مجھے آپ بتاؤ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام سے کہا تھا کہ اب تم کام نہ کرو میں کروں گا؟ کہیں فرمایا تھا؟ ایسا تو کبھی نہیں ہوا۔ نہ صحابہ نے دوسرے تابعین کو یہ کہا ہے۔ بلکہ ہمت دلائی ہے کام کرنے کے لیے۔ اب دیکھیں ایک صحابی آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کر رہے ہیں یا رسول اللہ مجھے آپ کے ساتھ محبت ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پوچھتے ہیں کیا کہتے ہو؟ پھر وہ کہتا ہے کہ مجھے آپ کے ساتھ محبت ہے۔ جب وہ بات پکی ہو گئی کہ محبت ہے فرمایا: اچھا اب زیادہ سجدوں کے ذریعے سے میری مدد کرو۔ زیادہ سجدوں کے ذریعے سے میری مدد کرو۔ یعنی زیادہ سجدے کرنے پڑیں گے۔ یعنی نماز زیادہ پڑھنی پڑے گی۔ اس کے ذریعے سے میں شفاعت کروں گا اور آپ کا کام ہو جائے گا۔ یہ تو ہو گیا مثبت انداز میں۔

دوسری بات: ایک ایسے ہی صحابی نے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے فرمایا کہ مجھے آپ کے ساتھ محبت ہے۔ اور بار بار کہنے کے بعد جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ پکا کر لیا فرمایا: پھر تکلیفوں کے لیے تیار ہو جاؤ۔ کیونکہ سب سے زیادہ تکلیفیں مجھ پر آئی ہیں پھر اس کے بعد پھر اس کے بعد۔ اب دیکھو اس کا مطلب ہے کہ اب یعنی برداشت۔ برداشت کے لیے فرما دیا۔ تو یہ دو ہی چیزیں تو ہوتی ہیں۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عمل کی طرف ہی دعوت دی۔ صحابہ کرام نے بھی عمل کی طرف دعوت دی۔ جتنے بھی اولیاء عظام ہیں سب نے عمل کی طرف دعوت دی۔ کسی نے یہ فرمایا کہ اب میں تمہارے لیے نماز بھی پڑھوں گا تمہارے لیے روزے بھی رکھوں گا تمہارے لیے سارے کام کروں گا اور تم مفت میں جنت میں پہنچ جاؤ گے؟ کسی ایک سے ثابت کر لو تو پھر مجھے بتاؤ۔ کسی ایک سے ثابت کر لو۔

یہ ڈرامہ بازیاں وہ جاہل لوگوں کے پیروں میں ہوتی ہیں جو ان کو بتاتے ہیں کہ بس سارا کچھ ہم کریں گے۔ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے ایک ایسے پیر کا واقعہ بتایا ہے۔ وہ گاؤں وغیرہ کے ہوتے ہیں نا پیر اس قسم کے۔ تو وہ گاؤں والے سادہ لوگ ہوتے ہیں۔ وہ پیر صاحب آئے جی انہوں نے کہا اوہو پیر صاحب آپ تو بڑے دبلے ہو گئے کیا ہو گیا مسئلہ؟ بیماری ہو گئی کیا ہو گیا؟ وہ پیر صاحب نے بھی موقع دیکھا تو اس نے کہا کہ میں دبلا کیوں نہیں ہوں گا تمہارے لیے تو سب کچھ کرنا تمہارے لیے روزے رکھتا ہوں تمہارے لیے میں نماز پڑھتا ہوں تمہارے لیے یہ کرتا ہوں تو پھر دبلا نہیں ہوں گا تو کیا ہوں گا؟ انہوں نے کہا اچھا پیر صاحب تو ہمارے لیے بہت کر رہے ہیں چلو میں نے آپ کو فلاں کھیت دے دیا۔ تو پیر صاحب نے کہا کہ یہ تو پتہ نہیں اپنی بات پہ قائم ہوتا ہے یا نہیں تو قبضہ بھی لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا اچھا پھر قبضہ بھی دلا دو۔ انہوں نے کہا آ جاؤ قبضہ لے لو۔ اب اس کو لے گئے تو یہ نہیں ہوتے درمیان میں جو پتلی پتلی وہ کیا ہوتی ہیں جو separation کے لیے ہوتی ہیں نا؟ تو وہ اس پہ وہ لوگ تو استعمال کرتے ہیں تو وہ لوگ تو آسانی سے آتے جاتے ہیں۔ ایک دوسرا آدمی جس کو تجربہ نہ ہو وہ نہیں جا سکتا۔ تو وہ پیر صاحب پھسل گئے۔ پھسل گئے تو ادھر سے اس نے بھی ایک لات ماری کہ اُدھر تو پل صراط پہ تو ہمارے لیے پھرو گے اور اب اِس پر بھی نہیں جا سکتے ہو؟ جھوٹ کہتے ہو۔ چلو میں نہیں دیتا۔ تو جاہلوں کے پیر ایسے ہوتے ہیں۔ صحیح پیر کی بات یہ نہیں ہے۔ صحیح پیروں کی بات یہ نہیں ہے۔ آپ اپنا concept درست کر لیں۔ اپنا ذہن بنا لیں کہ کام تو ہمیں کرنا پڑے گا۔ کام تو ہمیں کرنا پڑے گا۔

ہاں! اب دیکھو کام انسان کرتا ہے لیکن غلط طریقے سے بھی انسان کام کر سکتا ہے۔ غلط طریقے سے کام کرنے سے فائدہ بھی نہیں ہوتا بلکہ بعض دفعہ نقصان ہو سکتا ہے۔ نقصان بھی ہو جاتا ہے۔ اب پیر کا کام یہ ہے کہ آپ کو غلط کام سے روک دے اور صحیح طریقے سے کام کرنے کا طریقہ سکھا دے۔ بس یہ پیر کا کام ہے۔ مثلاً فائدہ ذکر سے ہوتا ہے، مان لیا۔ یہ ایک کام ہے جس کے ذریعے سے فائدہ ہوتا ہے۔ اب ذکر کا ایک صحیح طریقہ بھی ہوتا ہے اور ایک وہ طریقہ جو غلط طریقہ ہوتا ہے۔ اب پیر صاحب آپ کو کون سا طریقہ بتائیں گے؟ صحیح طریقہ بتائیں گے۔ اور طریقے سے لے جائیں گے آہستہ آہستہ آہستہ آہستہ، یکدم نہیں۔ وہ ایک دفعہ ہم کسی درود شریف کی مجلس میں گئے۔ تو اوپر چھت پہ ہمارا پروگرام تھا۔ نیچے مسجد تھی نا تو ان مسجد میں دو سیکیورٹی گارڈز وہ ذکر کر رہے تھے۔ سیکیورٹی گارڈز ذرا ظاہر ہے تگڑے لوگ ہوتے ہیں۔ تو ذکر کر رہے تھے اور ذکر اس طریقے سے کر رہے تھے غلط طریقے سے کر رہے تھے۔ مطلب ان کا جو ضرب تھا وہ یہاں پڑ رہا تھا یہ گردن کے اوپر پڑ رہا تھا۔ تو میں نے وہاں کے لوگوں سے کہا میں نے کہا ان کو کہو کہ یا ذکر سیکھیں صحیح طریقے سے، یا پھر یہ ہے کہ نہ کریں۔ اگر صحیح طریقے سے نہیں کر سکتے تو پھر نہ کریں۔ تو یہ ایک ڈاکٹر سے میں نے سنا تھا۔ ایک ڈاکٹر نے کہا تھا کہ بھئی یا تو صحیح دوائی استعمال کرو یا غلط دوائی کے استعمال کرنے سے نہ استعمال کرنا بہتر ہے، یہ بتایا تھا۔ مجھے یہ بات یاد تھی۔ تو یہ ذکر جو علاجی ذکر ہوتے ہیں تو علاج ہے نا۔ تو یا تو صحیح طریقے سے کرو یا نہیں کر سکتے ہو صحیح طریقے سے تو پھر نہ کرو۔ تو میں نے ان سے کہا کہ یا تو صحیح طریقے سے۔۔۔ کیونکہ یہ جو طریقہ یہ کر رہا ہے، یہ ان کو دماغ کی خشکی کی طرف لے جا رہا ہے۔ جو بالآخر پاگل پن کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ اب لوگ کہتے ہیں ذکر کی وجہ سے پاگل، بھئی ذکر کی وجہ سے پاگل نہیں ہوا غلط طریقے سے ذکر کرنے کی وجہ سے پاگل ہو گیا، غلط طریقے سے۔ اب دیکھو ہوتا ہے نا، بھئی کچھ دوائیاں ہوتی ہیں ان کو آپ صحیح استعمال کر لیں تو اس میں بڑی طاقت ہوتی ہے، غلط استعمال کر لیں تو موت بھی ہو سکتی ہے۔ یہ تو ہوتا ہے۔ تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دوائی ہی استعمال نہ کرو، اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ دوائی استعمال کرو لیکن as prescribed by the physician۔ physician جس طریقے سے بتا رہا ہے اس طریقے سے استعمال کرو۔ تو یہی بات ہوتی ہے تو لوگ اس کو جانتے نہیں ہیں۔ وہ دوسروں کو دیکھتے ہیں وہ ذکر اور پھر خود اپنی مرضی سے ذکر شروع کرتے ہیں۔ یہ ہمارے ادھر خیابان میں تھے ہم۔ رات کے تقریباً گیارہ بجے سردیوں کی راتوں میں ہمارے ایک پڑوسی تھا دکان تھا اس کا ہمارے بالکل گھر کے پاس۔ تو وہ آیا۔ اور وہ تھے ذرا دوسرے مسلک کے۔ وہ آیا اور کہا جی شاہ صاحب میرے بچے کو جھٹکے لگ رہے ہیں، آپ ذرا آ کر اس کو دیکھیں۔ اب پڑوسی کا حق ہوتا ہے۔ اگرچہ ہمارا ان کے ساتھ آنا جانا نہیں تھا کیونکہ مسلک ذرا ان کا مختلف تھا۔ تو کبھی پہلے نہیں آئے تھے۔ خیر میں نے کہا کہ اب کیا کریں، نہیں جاتے تو بھی حق ان کا پڑوسی، جاتے ہیں تو خطرہ بھی ہے۔ پتہ نہیں کوئی چکر نہ ہو۔ میں نے گھر والوں کو صرف اتنا کہا میں ان کے ساتھ جا رہا ہوں تاکہ ان کو معلوم ہو کہ میں کہاں جا رہا ہوں۔ میں نے بتا دیا۔ پھر چلا گیا ان کے پاس۔ بچہ تقریباً اکیس بائیس سال کا۔ اور میں نے دیکھا کہ واقعی لیٹا ہوا تھا اور تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد اس کو جھٹکے لگتے تھے۔ میں نے کہا کہ یہ کن کے ساتھ اٹھتا بیٹھتا ہے؟ تو انہوں نے کہا یہ سبز پگڑی والے ہیں ان کے ساتھ۔ میں نے کہا پھر یاد رکھو کہ ان کو نقصان اس سے ہوا ہے، اس نے غلط طریقے سے ذکر کیا ہے۔ اور اس کو نقصان ہوا ہے۔ یہ ٹھیک ہو سکتا ہے امید ہے شاید تین چار دن میں ٹھیک ہو جائے گا، لیکن میرے ساتھ وعدہ کرو آئندہ ان کے ساتھ نہیں بیٹھے گا۔ اگر وعدہ نہیں کرتے میں نہیں کرتا، میں پھر کچھ نہیں کرتا۔ ان کا دادا جو اس مسجد کا متولی بھی تھا اور سب کچھ تھا وہ اس نے خود وعدہ کیا کہ بھئی آئندہ ان کے ساتھ نہیں بیٹھے گا۔ میں نے کہا پھر ٹھیک ہے۔ الحمد للہ پھر اللہ تعالی نے فضل فرمایا اور اس کے اوپر تین چار دن میں ٹھیک ہو گیا، شکر ہے الحمد للہ۔ اور پھر بیعت بھی ہو گیا۔ اور ماشاءاللہ نارمل ہو گیا۔ اب یہی بات ہوتی ہے کہ وہ طریقہ جانتے نہیں ہیں۔ ظاہر ہے یہ تو مشائخ کس لئے ہوتے ہیں؟ وہ اس کا طریقہ جانتے ہیں نا، ان کا تجربہ ہوتا ہے۔ ایک کام انہوں نے کیا ہوتا ہے اور ان لوگوں کے سامنے کیا ہوتا ہے جو اس چیز کے ماہر ہوتے ہیں لہذا وہ۔ ایک دفعہ مولانا صاحب رحمۃ اللہ علیہ، ان سے ایک صاحب نے کہا، وہ اس وقت کسی Foreign ملک میں جا رہا تھا۔ تو مولانا صاحب سے پوچھا، مولانا صاحب میں اللہ اللہ کر لیا کروں؟ تو مولانا صاحب نے فرمایا ہاں کر لیا کرو۔ اچھا اس نے رخصت لی اور جب چلا گیا، تھوڑی دیر کے بعد مولانا صاحب نے فرمایا ان کو بلا لو، ان کو بلا لو۔ پھر ان کے پاس پیچھے آدمی دوڑ کے چلا گیا اور ان کو واپس بلا لیا۔ واپس بلا لیا، کہا درود شریف پڑھ لیا کرو۔ درود شریف پڑھ لیا کرو بس آپ کے لئے یہ بہتر ہے۔ پھر ان کو رخصت کر دیا۔ جب وہ چلا گیا تو انہوں نے فرمایا اصل میں یہ ذکر صحیح طریقے سے نہ کرنے سے بعض دفعہ لوگ لیونے ہو جاتے ہیں۔ وہ اصل میں یہی بات ہوتی ہے۔ کیوں، ان کے ساتھ حضرت کو خیال آیا کہ بھئی وہاں تو ان کے پاس کوئی رہنما ہوں گے نہیں۔ یہ تو طریقہ سکھانے کا ہوتا ہے۔ تو وہاں ان کے پاس ہوگا نہیں تو وہ اپنی طرف سے کرے گا، اپنی طرف سے کرے گا تو پتہ نہیں کس طریقے سے کرے گا۔ تو حضرت نے فوراً ان کو فرمایا کہ درود شریف پڑھ لیا کریں۔ یہ مطلب ذکر نہ کیا کریں کیونکہ یہ علاجی ذکر ہے۔ درود شریف تو علاجی ذکر نہیں ہے نا۔ وہ تو ثوابی ذکر ہے۔ تو لہذا اس کی تو اجازت ہے، اس میں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لیکن یہ علاجی ذکر جو ہوتا ہے اس میں سارے طریقے ہوتے ہیں۔ بھئی سب کچھ سیکھنا ہوتا ہے۔

تو بہرحال میں عرض کر رہا ہوں۔ کہ ایک تو یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پہ سب کچھ کرنا ہے۔ اور صرف اللہ کی رضا کے لیے کرنا ہے۔ اور یہ دونوں چیزیں جو ہیں، اس کے بارے میں عرض کرتا ہوں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر کرنے کے لیے شیطان آپ کو چھوڑے گا نہیں۔ نفس آپ کی مانے گا نہیں۔ اس وجہ سے نفس کی اصلاح ضروری ہے اور شیطان کا نہ ماننا ضروری ہے۔ ٹھیک ہے نا۔ تو اس، ان دو چیزوں کو درمیان سے نکالنے کے لیے اصلاح نفس ہے۔ یہی مطلب ہے جو ہمارا مطلب ہے جس کو ہم تصوف کہتے ہیں وہ یہی چیز ہے۔ تو اس کو اس لیے کیا جاتا ہے تاکہ آپ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے، ہم حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر سارا کچھ کر سکیں۔ ایک کام تو یہ ہو گیا۔ اب مثال کے طور پر میں کسی چیز کو بدعت کہہ دوں۔ اور دوسرا آدمی غصے میں آ جائے اور میرا مخالف ہو جائے، وہ کام ایسے نہیں ہوتا۔ نہیں، کہنے کی بات نہیں ہے، آپ ان کو ایسے لاؤ کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اتنی محبت اس کو ہو جائے کہ اس کے علاوہ اور کوئی کام کر ہی نہ سکے۔ پھر مجھے بتاؤ پھر بدعت ہوگا؟ بدعت کی جڑ ہی ختم ہو جائے گی۔ بدعت، بدعت کہنے سے بدعت ختم نہیں ہوتا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت آنے سے، صحیح محبت۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح محبت آ گئی تو بدعت ختم ہو جائے گی، بدعت کا تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ اور جس وقت للٰہیت آ جائے گی تو شرک بھی ختم ہو جائے گا۔ پھر شرک نہیں رہے گا۔ تو شرک اور بدعت کے اوپر تقریریں کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے اوپر محنت کی ضرورت ہے اور وہ کیا ہے، لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ پر محنت، جس کو ہم تصوف کہتے ہیں۔ یہ اگر ہو جائے، ان شاءاللہ پھر کچھ بھی نہیں ہوگا۔ تو بہرحال میں عرض کرتا ہوں کہ ایک تو یہ بات ہے کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پہ سب کچھ کریں۔ اس کے لیے جو نفس کی مخالفت ہے اور شیطان کی اغوا ہیں اس سے ہم بچیں، اس کو ہم ختم کریں تصوف کے ذریعے سے۔ اور ہر کام اللہ کے لیے کر لیں۔ ہر کام اللہ کے لیے کر لیں۔ اس کے لیے اخلاص کی ضرورت ہے، اخلاص کے لیے دنیا کی محبت دل سے نکلنا ضروری ہے۔ کیونکہ دنیا کیا ہے، عاجلہ ہے۔ وہ فوری ہے، وہ فوری ہے۔ تو فوری کی چیزوں میں انسان پڑ جاتا ہے۔ لہذا عاجلہ کی محبت کو دل سے نکالنا ہے، آجلہ کی محبت کو لانا ہے۔ بس یہی چیز ہے۔ فانی کی محبت کو دل سے نکالنا ہے، باقی کی محبت کو دل میں لانا ہے۔ اس سے ان شاء اللہ العزیز ہمارا دل بھی درست ہو جائے گا، ہمارا نفس بھی قابو میں آ جائے گا، اور ہماری عقل صحیح کام کرنے لگے گی۔ اور یہی ہمارے لیے کامیابی کا راستہ ہے۔ اسی پر ہی ہم کامیاب ہو سکتے ہیں۔

تو اگر ہم لوگ اس میں کامیاب ہو گئے تو پھر کوئی مسئلہ نہیں ہے،

تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمایا کہ اعمال نیت ہی کے ساتھ ہیں اور ہر شخص کے واسطے وہی چیز ہے جس کی اُس نے نیت کی۔ (متفق علیہ)

آنحضرت ﷺ گُزرے اور ابوبکر رضی اللہ عنہ اپنے کسی غلام کو لعنت کر رہے تھے۔ پس آپ نے ان کی طرف التفات فرمایا اور (ازراہِ تعجّب) یہ ارشاد فرمایا کہ لعنت کرنے والے ہیں اور صدیق ہیں؟ ایسا ہرگز نہیں، قسم ہے رب کعبہ کی! بس (یہ سن کر) ابو بکر رضی اللہ عنہ نے اُسی روز اپنا کوئی غلام آزاد کر دیا۔ پھر آنحضرت ﷺ کی خدمت میں آئے اور عرض کیا: پھر کبھی ایسا نہ کروں گا۔ (بیہقی)

اللہ جل شانہ نے (آنحضرت ﷺ سے) ارشاد فرمایا: فرما دیجئے کہ مجھ کو یہ حکم کیا گیا ہے کہ الله کی عبادت کروں اس حال میں کہ (شرک وغیرہ سے) خالص رکھوں اس کے واسطے عبادت کو۔

اور آنحضرت ﷺ نے ارشاد فرمایاکہ بشارت ہے مخلصین کے واسطے کہ وہ ہدایت کے چراغ ہیں، ہر اندھیرا فتنہ ان کی وجہ سے کھل جاتا ہے۔ (بیہقی)

مطلب یہ ہے کہ اندھیرے جو ہیں وہ آئے ہیں، مطلب اردگرد میں، وہ ایمان کی روشنی سے کھل جاتے ہیں، پتہ چل جاتا ہے بصیرت سے، پتہ چل جاتا ہے کہ یہ فتنہ ہے، یہ نقصان ہے، اس سے بچنا چاہیے۔ اللہ پاک ہم سب کی حفاظت فرمائے۔

وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔

رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُونَ وَسَلَامٌ عَلَى الْمُرْسَلِينَ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ بِرَحْمَتِكَ يَا أَرْحَمَ الرَّاحِمِينَ۔

حقیقتِ اخلاص، اتباعِ سنت اور اصلاحِ نفس: دین و دنیا کی کامیابی کا مدار - خواتین کے لیے اصلاحی بیان - اشاعت دوم