انسان کی اصلیت، اسباب کی حقیقت اور محبتِ الٰہی

درس نمبر 26، دفتر اول، حکایت نمبر 25 کے شعر نمبر 22 تا شعر آخر اور حکایت نمبر 26

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
ڈارنلے مصلیٰ مسجد - 70 وڈ ہیڈ روڈ، گلاسکو، G53 ، 7NN، یو کے
  • انسان کی تخلیق (احسن تقویم) اور نفسانی خواہشات کے سبب اس کا روحانی تنزل (اسفل سافلین)۔
    • مسخِ صورت اور مسخِ سیرت کا فرق اور اخلاقِ ذمیمہ کا نقصان۔
      • تکبر اور شیطانی رویے کی مذمت (ابلیس کے واقعے سے استدلال)۔
        • انسان کے اندر موجود تین قوتوں (قوۃ ناطقہ، غضبیہ، شہویہ) کا اعتدال اور ریاضت کی اہمیت۔
          • گناہوں کے باوجود اللہ کی رحمت سے مایوسی کی ممانعت (حضرت عمر رضی اللہ عنہ اور حضرت عکرمہ رضی اللہ عنہ کے واقعات)۔
            • دنیاوی اسباب و علل کی حقیقت اور مسبب الاسباب (اللہ تعالیٰ) کی قدرتِ کاملہ پر کامل یقین۔
              • مثنوی دفتر اول (حکایت نمبر 26) کے تحت مکار وزیر کا واقعہ جس نے عیسائیوں میں فساد ڈالا۔
                • سچے مرشدِ کامل کی پہچان، صحبتِ اہلِ اللہ کی اہمیت اور نام نہاد مجذوبوں یا شعبدہ بازوں سے اجتناب۔

                  اَلْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ،

                  وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلٰى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ،

                  أَمَّا بَعْدُ:

                  أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

                  بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ.

                  معزز خواتین و حضرات! آج منگل کا دن ہے، منگل کے دن ہمارے ہاں مثنوی شریف کا درس صبح کے وقت ہوتا ہے اور آج ان شاءاللہ حکایت نمبر 25 اس کا باقی حصہ جو ہے وہ پڑھا جائے گا۔ اس میں 21 اشعار ہو چکے تھے، 22 ویں اشعار سے ان شاءاللہ ابتدا ہوگی۔

                  22

                  لائقِ رشکِ ملائک ہستی کو مسخ کیا جو لے لیا اس پستی کو

                  یعنی حضرت فرما رہے ہیں کہ 

                   تو نے اپنے آپ کو اس پستی کے ساتھ اس فطرتِ (انسانیہ) سے (متغیر کر کے) جو رشکِ ملائکہ تھی، مسخ کر لیا۔

                  جیسے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ﴿لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْۤ اَحْسَنِ تَقْوِیْمٍ۔ ثُمَّ رَدَدْنٰہُ اَسْفَلَ سَافِلِیْنَ﴾ (التین: 4-5) یعنی ”ہم نے انسان کو بہتر سے بہتر ساخت کا پیدا کیا۔ پھر ہم اس کو کمتر سے کمتر مخلوق کے درجے میں لوٹا لائے“۔ فطرتِ انسانیہ میں یہ عجیب بات ہے کہ وہ علو و سفول دونوں قسم کی صلاحیتیں رکھتی ہے۔ بخلاف اس کے دوسری مخلوقات اپنی فطرت کے خاص محدود و معین درجے پر قائم رہتی ہیں۔ ترقی و تنزل ان کے اختیار میں نہیں۔ 

                  مولانا تنبیہًا فرماتے ہیں کہ تم بلحاظِ صلاحیت کمال و حسن تقویمِ رشکِ ملائکہ تھے مگر تنزل میں پڑ کر اپنے آپ کو مسخ کر لیا۔

                  اللہ جل شانہ نے اختیار دیا ہے فجور لینے کا یا تقویٰ لینے کا۔ اگر فجور لے لے آدمی، تو پھر یہ جانوروں سے بھی گیا گزرا ہو سکتا ہے اور اگر تقویٰ لے لے، تو پھر ملائکہ بھی اس پر رشک کریں گے۔

                  23

                  مسخ صورت سے مسخ سیرت بد تر اس پہ کیا ہوگی تیری حالت بد تر

                   پس اس سے بدتر مسخ کیونکر ہو سکتا ہے۔ اس مسخ (صورت) کے آگے یہ مسخِ (سیرت) نہایت گرا ہوا ہے۔

                   اصل بات یہ ہے کہ مسخِ صورت سے وہ جو بندر بن گئے تھے لوگ، وہ مسخِ صورت تھا اور یہ جو ہے یہ مسخِ سیرت ہے۔ مسخِ سیرت سے مراد یہ ہے کہ انسان اچھے اخلاق سے برے اخلاق پہ چلا جائے۔ اب جیسے آپ ﷺ کے بہترین اخلاق اگر کوئی اپناتا ہے، تو فرشتے بھی اس پہ رشک کریں گے اور اگر انسان فجور کے راستے کو اختیار کر لے، تو شیطان کی طرح ہو جائے گا۔ شیطان کس طرح بن گیا تھا؟ شیطان اس طرح بن گیا تھا کہ اس نے اپنے آپ کو بڑا سمجھا تھا اور اللہ پاک نے سجدہ کرنے کا حکم دیا تھا آدم علیہ السلام کو، تو وہ نہ کر سکا اور جب اس سے پوچھا گیا کہ تو نے کیوں نہیں کیا؟ تو کہتا ہے کہ «أَنَا خَيْرٌ مِّنْهُ» میں اس سے اچھا ہوں۔ «خَلَقْتَنِي مِن نَّارٍ وَخَلَقْتَهُ مِن طِينٍ» مجھے تو نے آگ سے پیدا کیا اور اس کو مٹی سے پیدا کیا ہے، تو میں اس کو کیسے سجدہ کرتا؟ تو اللہ پاک نے نکال دیا، مردود کر دیا۔ تو یہ چیز بہت بری ہے کہ انسان اچھے اخلاق سے برے اخلاق کی طرف چلا جائے۔

                  24

                  جانبِ لذات کی ہمت اپنی نہ پہچانا قدر و منزلت اپنی

                  یعنی تو نے لذتوں کے سامنے ہمت ہار دی۔ جیسے مثال کے طور پر کوئی sugar کا آدمی ہو، sugar جس کو ہو، اور وہ میٹھے کا سامنا نہ کر سکے اور میٹھا کھا لے، تو ظاہر ہے اپنی صحت کو گرا دے گا، نقصان کرے گا اپنا۔ اسی طریقے سے جو لذات حرام ہیں، ان لذات میں پڑ کر انسان اللہ سے دور ہوتا ہے، تو اس کی وجہ سے انسان اپنی قدر و منزلت گرا دیتا ہے، اللہ تعالیٰ کے سامنے اور فرشتوں کے سامنے۔ تو اس وجہ سے یہ فرمایا:

                  جانبِ لذات کی ہمت اپنی نہ پہچانا قدر و منزلت اپنی

                   تو نے اپنی ہمت کا گھوڑا چراگاہ (لذات) کی طرف دوڑایا (یا یوں کہو کہ تو نے اپنی ہمت کا گھوڑا پیش قدمی کے بجائے پیچھے کی طرف دوڑایا) اور (اپنے باپ) آدم علیہ السلام (کی منزلت) کو نہ پہچانا جن کے آگے فرشتے سر بسجود ہو چکے ہیں۔

                   یعنی صلاحیت تو تم میں ایسی رکھی گئی تھی کہ تم ملائکہ کے مسجود بنا دیے گئے، لیکن کیا ہوا؟ تو نے اپنے آپ کو اپنے نفس کا غلام بنا دیا، نتیجہ ہوا کہ تو اپنی جگہ سے گر کے جانوروں سے بھی گیا گزرا ہو گیا۔

                  25

                  اے کپوت آخر تو آدم زاد ہے کیوں تحصیلِ دنیا میں برباد ہے

                  اے کپوت! آخر تو آدم علیہ السلام کی اولاد ہے۔ بنی آدم جس کو ہم کہتے ہیں۔ کہاں تک (تحصیلِ دنیا) کی پستی کو بزرگی سمجھتا رہے گا۔

                  اللہ اکبر!

                  یہ جو دنیا کی چیزیں ہیں نا، جو انسان حرام طریقے سے کماتا ہے یا حرام طریقے سے استعمال کرتا ہے، تو یہ بالکل یہ بول و براز کی طرح ہے، جیسے گندگی ہوتی ہے۔ تو اگر کوئی چیز انسان کے سامنے گندگی کھائے تو اس کو بڑی گھن آتی ہے کہ یہ کیا کر رہا ہے؟ تو فرشتے بھی جب ایسے لوگوں کو دیکھتے ہیں تو ان کو بھی گھن آتی ہے کہ یہ کیا کر رہے ہیں؟ مطلب دیکھو نا حرام کھا رہے ہیں۔ حرام چاہے کمانے کے لحاظ سے حرام ہو، چاہے اپنی ذات کے لحاظ سے حرام ہو جیسے شراب ہے یا سور کا گوشت ہے یا کوئی اور چیز ہے۔ تو بہرحال یہ کہ جس طریقے سے بھی حرام ہو، تو جو حرام کھائے گا، تو ظاہر ہے بزرگی سے پستی کی طرف جائے گا۔ 


                  26

                  یہ کہ عالم کو فتح کردوں ہمہ

                  دیکھو نا پہلے لذت کی بات کی، تو لذت و حبِ لذات، یعنی حبِ باہ جس کو ہم کہتے ہیں، اس کی بات کی کہ تو اس کی وجہ سے اپنے آپ کو اتنا برباد کر رہا ہے۔ اب جو ہے نا، حبِ جاہ کی بات ہو رہی ہے۔

                  26

                  یہ کہ عالم کو فتح کردوں ہمہ حشم سے اپنے ہی پُر کر دوں ہمہ

                   تو کب تک یہ دعوٰی کرے گا کہ میں سارا عالم فتح کروں گا اور اس جہان کو اپنے (خدم و حشم) سے پُر کر دوں گا۔

                   یہ بھی ایک انسان کا جذبہ ہوتا ہے کہ میں سب کے اوپر غالب آ جاؤں۔ سب، جیسےشیطان، شیطان تھا۔ شیطان کیا تھا؟ وہ یہی تھا کہ میں سب سے اونچا ہو جاؤں، نتیجہ ہوا کہ سب سے نیچے ہو گیا، اسفل السافلین میں پہنچ گیا۔ تو اس طرح انسان بھی اگر دعویٰ کرتا ہے کہ میں سب سے اوپر رہوں، وہ حضرت مولانا اشرف صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے کہ بعض لوگ کہتے ہیں نا "ہم چو من دیگرے نیست" (ہماری طرح کوئی اور نہیں ہے)، وہ اصل میں کہہ رہے ہیں "ہم چُو من ڈنگرے نیست" (میری طرح کوئی اور جانور نہیں ہے)۔ مطلب وہ یہ کہنا چاہتے ہیں۔

                  27

                  گر جہاں سب برف سے بھر جائے ہے پانی سورج کی تپش کر دے اسے

                  یعنی اللہ پاک کا تو یہ نظام ہے کہ اگر ساری دنیا برف سے بھر جائے تو سورج کو پیدا کیا ہے، سورج کی تپش سے وہ سارا کا سارا پانی ہو جائے گا۔

                  مطلب: اوپر ترکِ دنیا کی ترغیب دی تھی۔ اس سے پانچ سوال پیدا ہوتے ہیں اوّل یہ کہ طلب دنیا میں سابقہ جو گناہ صادر ہو چکے وہ مانعِ نجات ہیں۔ ان کا کیا علاج؟ دوم: تعلقات جو ہر طرف سے حاوی ہیں ان کو کیونکر منقطع کیا جائے؟ سوم: تخیلاتِ فاسدہ جو دل و دماغ میں جا گزیں ہو چکے، کیونکر زائل ہوں؟ چہارم: اخلاقِ ذمیمہ جو طبیعتِ ثانیہ بن چکے ہیں وہ کس طرح علاج پذیر ہوں گے؟ پنجم: ریاضات سے جو ضعفِ جسم اور اضمحلالِ قویٰ لازم آئے گا وہ متحملِ عبادات کیونکر ہونے دے گا؟ اب ان پانچوں سوالوں کا جواب ارشاد ہوتا ہے۔ چنانچہ پہلے سوال کے جواب میں فرماتے ہیں۔ ہوسِ دولت اور طلبِ دنیا میں جو معاصی و ذنوب ہو چکے ہیں ان کے خیالات سے اپنی نجات کو نا ممکن تصور نہ کرو۔ بلکہ اس غفارِ ذنوب کی ایک نگاہِ کرم گناہوں کے دفتر دھو ڈالتی ہے۔ 

                  جیسے سورج کی تپش کا بتا دیا کہ وہ برف کو سارے کا سارا پگھلا دے گی۔

                  گناہوں کے عظیم بار کو انبارِ برف سے تشبیہ دی ہے اور ان کے معاف ہونے کی تمثیل برف کے پگھلنے سے کی ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس شعر کا تعلق شعرِ سابق سے ہو۔ پھر یوں مطلب ہو گا کہ تو کب تک ہفت اقلیم کو اپنے اقتدار سے پُر کرنا چاہتا ہے اگر ایسا بھی ہو جائے تو خدا کی نگاہِ جلال کے سامنے تیرا اقتدار ایک انبارِ برف سے زیادہ وقعت نہیں رکھتا جو چند لمحہ میں پانی پانی ہو کر بہہ جاتا ہے۔

                  دیکھیں انسان کی قدر و قیمت اس کی اس position کے ساتھ ہے جو اللہ نے اس کو دی ہوئی ہے۔ اس position سے اگر گرا دے تو اس کی کچھ بھی value نہیں ہوتی۔ میں عرض کرتا ہوں جیسے انسان بہت بڑی post پر ہوتا ہے، اور ایک دم retire ہو جائے یا demote ہو جائے، کوئی اور ہو جائے، تو آن کی آن میں سارا کچھ اس کا نظام بدل جائے گا، بعض دفعہ انقلاب آ جاتے ہیں، انقلاب سے بھی، وہ جیسے جو اموی بادشاہ، خلیفہ تھے آخری، تو ان کے سامنے عباسیوں کی خاتون وہ کر رہی تھی۔ تو نہیں وہ کوئی آدمی آیا اور اس کو وہ سوال کر رہا تھا، تو عباسی خلفاء کی وہ جو تھی وہ بیٹھی ہوئی تھی، تو اس نے اس کو بہت دھمکایا، اور مطلب اس کو نکال دیا، سخت اس کے ساتھ سختی کی۔ تو اس پر بعد میں جب دیکھا، تو وہ اس طرح وہ ایک دفعہ پھر ایک صاحب بیٹھا ہوا ہے، وہ کھانا کھا رہے ہیں، اس کی بیوی ہے، تو ایک آواز آتی ہے سائل کی، تو یہ باہر بیوی جاتی ہے تو رو پڑتی ہے۔ تو انہوں نے پوچھا کیا ہوا؟ کہتی ہے وہ جو میرا خاوند تھا نا جس سے بعد میں طلاق ہو گئی تھی، اور اس کی غربت کی وجہ سے وہ سارا، تو وہ سائل ہے وہ آیا ہوا ہے۔ تو اس خلیفہ نے اس وقت کہا، آپ کو پتا ہے پہلے جو آیا تھا وہ میں تھا جو سائل تھا۔ تو اللہ پاک نے نظام الٹا کر دیا، یعنی ایک خلیفہ تھا اس کو فقیر بنا دیا، جو فقیر تھا اس کو خلیفہ بنا دیا۔ تو ایسا ہو سکتا ہے، مطلب یہ ہے کہ کوئی مشکل نہیں اللہ تعالیٰ کے لیے۔

                  28

                  گر خدا چاہے تو کر دے خاک سب عشق کی چنگاری پڑے ان سب پر

                   خداوند تعالیٰ (اگر چاہے تو) اس (وزیر) کے بار (علائق) کو اور اس جیسے لاکھوں کے بارِ (علایق) کو (اپنے عشق کی) ایک چنگاری سے نیست و نابود کر دے۔

                  مطلب: اس شعر میں دوسرے سوال کا جواب ہے۔ چنانچہ فرماتے ہیں کہ علائقِ دنیا کو بھی ترکِ دنیا سے مانع سمجھو۔ کیونکہ ان کا علاج عشق ہے۔ جو علائق کے انبار کے لیے وہ تاثیر رکھتا ہے جو خرمن کے لیے ایک شرارہ۔ آتشِ عشق کی بدولت نہ صرف دیگر علائق سے بلکہ خود اپنی ذات کے تعلق سے بھی آزادی مل سکتی ہے۔

                  واقعتاً انسان اپنے نفس کی جب اصلاح کرتا ہے نا تو بہت مشکل ہوتا ہے، ایک پہاڑ کی طرح ہے۔ آسان نہیں ہے اپنے نفس کے خلاف کام کرنا۔ دوسری چیزوں کو کرنا آسان ہوتا ہے لیکن اپنے آپ کو ٹھیک کرنا بڑا مشکل ہوتا ہے۔ یہ بہت مشکل ہوتا ہے، دوسروں کے لیے سوچنا آسان ہے۔ وہ کیسے ٹھیک ہوتا ہے؟ وہ تب ٹھیک ہوتا ہے جب انسان کو اللہ کے ساتھ اتنی محبت ہو جائے کہ اس کے لیے اس کو مشکل سے مشکل کام کرنا آسان ہو جائے۔ تو یہ ظاہر ہے اللہ تعالیٰ کی محبت سے حاصل ہوگا اور اللہ تعالیٰ کی محبت اللہ کے ذکر سے حاصل ہوتی ہے یا اللہ والوں کی صحبت سے حاصل ہوتی ہے۔ تو اگر کسی شخص کو اللہ کے ساتھ عشق ہو جائے، تو اس کے لیے ساری کی ساری چیزیں آسان ہو جائیں گی۔ یہ مطلب یہ فرمایا۔ 

                  یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وِزر سے مراد بارِ گناہ ہو اور شعر سابق کا ہم مضمون ہو۔ یعنی خدا تعالیٰ کی بخشش سے نا امید نہ ہونا چاہیے۔ کیونکہ جب اس کی رحمت جوش میں آتی ہے تو وزیر جیسے لاکھوں شقی بھی اس کی مغفرت سے بہرہ ور ہو سکتے ہیں۔

                  جی ہاں بالکل! حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ آپ ﷺ کو شہید کرنے کے لیے آ رہے تھے اور جب اللہ کی رحمت کی نظر اس پر پڑی تو ماشاءاللہ نمبر دو position پہ آ گئے مسلمانوں میں۔ عکرمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ مسلمانوں سے بھاگ رہے تھے، غصے میں حبشہ جا رہے تھے، راستے میں طوفان آ گیا، کشتی ڈانوا ڈول ہونے لگی۔ اس پر جو ہے نا وہ ملاح نے کہا کہ آسمان والے رب سے مانگو۔ تو اس نے کہا لات و ہبل سے کیوں نہیں؟ اس نے کہا کہ اس وقت وہ کام نہیں دیتے۔ کام نہیں دے سکتے، اس وقت بس آسمان والا رب ہی کر سکتا ہے۔ تو اس نے کہا خشکی پر بھی نہیں کر سکا، مسلمانوں نے ہمارا کچومر نکال دیا اور سمندر میں بھی نہیں کر سکتا، تو کیا ضرورت ہے لات و ہبل کی؟ واپس کرو کشتی! تھے تو سردار۔ کشتی ان کو واپس کرنی پڑی۔ جب اترے ساحل پر تو ان کی بیوی راستے میں اس کو ملی، اس نے آپ ﷺ سے ان کے لیے امان لے لیا تھا، تو ان کے ساتھ چلی، مسلمان ہو گئے ماشاءاللہ۔ اس طرح ابو سفیان رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی، حالانکہ مسلمانوں کے خلاف تھے۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی شخص شقی بھی ہے، لیکن اگر اللہ کی مغفرت کا دریا جوش میں آ جائے تو اس کو بھی ہدایت مل سکتی ہے۔ اس لیے مایوس کبھی نہیں ہونی چاہیے۔ اللہ پاک نے اس کے لیے special ایک آیت اتاری ہے۔ اور وہ کیا ہے؟

                  «لَا تَقْنَطُوا مِن رَّحْمَةِ اللهِ ۚ إِنَّ اللهَ يَغْفِرُ الذُّنُوبَ جَمِيعًا»

                  اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس نہ ہو۔ اللہ جل شانہ سارے کے سارے گناہوں کو معاف کر دیتا ہے، کر سکتا ہے، کر لیتا ہے۔

                  29

                  باطل جو خیالات ہیں حکمت بنے زہر ہلاہل سے بھی شربت بنے

                  یعنی جو باطل خیالات ہیں، اس کو بھی حکمت بنا سکتا ہے۔ عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے آپ سے کہہ رہے ہیں، اے عمر، دیکھو تو کیا تھا، تیرا چچا تجھے کہہ رہا تھا کہ تو ایک اونٹ کو بھی نہیں چرا سکتا اور اب پوری مملکت کو چلا رہا ہے۔ بالکل بات تو تھی۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ پاک نے اس کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔ تو یہ بات ہے کہ اگر انسان کے خیالات باطل بھی ہوں یا غبی بھی ہو، لیکن جب اللہ جل شانہ کی رحمت کی نظر اس پر پڑ جائے تو اس کو کہاں سے کہاں پہنچا سکتے ہیں۔ 

                  اس شعر میں باقی دونوں سوالوں کا جواب ہے کہ اللہ تعالیٰ کا فضل شامل حال ہو تو تخیلاتِ باطلہ اور علوم ضارّہ بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ 

                   بلکہ وہ کھاد بن جاتے ہیں۔ یعنی اس کے ذریعے سے وہ ان کو محالات معلوم ہوتے ہیں کہ غلط چیزوں سے کیسے انسان بچ سکتا ہے، کیوں غلط چیزیں معلوم ہوتی ہیں، تو اس کے علم کا ایک بنیاد بن جاتا ہے۔

                  بلکہ وہی علومِ ضارّہ کئی وجود سے مفید ہو جاتے ہیں۔ یعنی اوّل ان علوم کو پڑھنے والے شرور سے واقف ہو کر محتاط ہو سکتے ہیں۔ دوم ان کی قوتِ استدلال بڑھ جاتی ہے۔ سوم وہ علومِ باطلہ کا علومِ حقّہ سے موازنہ کر کے ان کا بطلان معلوم کر سکتے ہیں۔

                  جیسے ایک فلسفی آدمی اگر صحیح معنوں میں دین کی طرف آ جائے تو فلسفہ کے تمام نقصانات کو جانتا ہوگا۔ لہٰذا وہ تمام نقصانات کا جواب دے سکے گا۔ Tit for tat والی بات ہوتی ہے نا، diamond cuts diamond۔ لہٰذا ایک فلسفی فلسفی کا جواب دے سکتا ہے۔ تو جیسے امام رازی رحمۃ اللہ علیہ، فلسفے کی طرف سے آئے تھے نا، تو انہوں نے تفسیرِ کبیر لکھی ہے۔ سبحان اللہ! تو مطلب یہ ہے کہ اللہ پاک ظاہر ہے کر سکتا ہے، اس پر قادر ہے۔ تو یہ ہے کہ 

                  چہارم ان کی تردید پر قادر ہو سکتے ہیں وغیرہ۔ غرض اگر اعتبار و استبصار کا مادہ ہو تو مضر باتوں سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

                  مجھے بتاؤ یہ جتنے بھی، آپ سے پوچھتا ہوں، یہ جتنی بھی دوائیاں ہیں، کیا یہ ، زہر ہیں یا نہیں ہیں؟ ہے تو زہر ہی نا! اب dose آپ مقرر کریں گے نا۔ یعنی اگر زیادہ تعداد میں کھائیں گے تو زہر ہے۔ بس تھوڑی مناسب dose میں کھائیں تو دوا ہے۔ اب مثال کے طور پر آپ کے جسم میں پہلے سے اس کا کوئی dose موجود ہے۔ اور یہ اس کے ساتھ مل جائے۔ تو یہی زہر بن جائے گا۔ یہی زہر بن جائے گا۔ تو مطلب یہ ہے کہ جو چیزیں ہیں اگر جو زہر ہے، اس سے بھی اللہ پاک کام لے لیتا ہے، اس کو بھی استعمال کرواتا ہے۔

                  پھر فرماتے ہیں کہ اگر اللہ تعالیٰ چاہے تو اخلاقِ ذمیمہ کو بھی اخلاقِ حمیدہ بنا دے۔ 

                  اخلاقِ ذمیمہ کے اخلاقِ حمیدہ میں تبدیل ہونے کی تفصیل یہ ہے کہ نفسِ انسانی میں تین طاقتیں موجود ہیں۔

                   اب دیکھو تفصیل سنو۔

                  ایک قوتِ ناطقہ، دوسری قوتِ غضبیہ، تیسری قوتِ شہویہ، اور ان تینوں طاقتوں میں صدورِ فعل کے خاص خاص ملکات موجود ہیں۔ اگر یہ طاقتیں اعتدال پر ہوں تو ان کے ملکات بھی معتدل اور محمود ہوتے ہیں اور ان کا نام اخلاقِ فاضلہ یا اخلاقِ حمیدہ ہے، اور اگر یہ قوتیں معتدل نہ ہوں بلکہ ان کا میلان افراط یا تفریط کی طرف ہو تو ان کے ملکات بھی درجۂ اعتدال سے بعید اور افراط یا تفریط کی طرف مائل ہوتے ہیں، اس لیے اخلاقِ رذیلہ یا ذمیمہ کہلاتے ہیں۔ مثلًا قوتِ غضبیہ اعتدال پر ہو تو اس کے بہت سے ملکات میں سے ایک ملکۂ حمیت ہے۔ جو اخلاقِ فاضلہ میں سے ہے۔ لیکن اگر وہ قوت اعتدال پر نہ ہو تو افراط کی صورت میں وہی ملکہ غضب کی صورت رکھتا ہے اور تفریط کی حالت میں وہ بے غیرتی ہے۔ (جبن جس کو ہم کہتے ہیں۔) اور یہ دونوں اخلاقِ ذمیمہ میں داخل ہیں۔

                  اخلاقِ ذمیمہ کا علاج یہ ہے کہ مجاہدات و ریاضات کے ذریعہ سے مذکورہ قوتوں کو اعتدال پر لایا جائے تاکہ ان کے ملکات بھی معتدل ہو جائیں پھر وہی ملکہ جو زیادتی کی صورت میں درندے کی سی خونخواری اور کمی کی حالت میں بے غیرتی اور بے حمیتی سے موسوم تھا معتدل ہو کر حمیت و غیرت بن جاتا ہے۔ گویا تبدیلِ ملکات یا اصلاحِ اخلاق کا خاص ذریعہ ریاضات و مجاہدات ہیں۔ جو شیخِ کامل کی ہدایت کے ماتحت یا کتبِ اخلاق و تصوف کی تعلیم کے موافق کئے جاتے ہیں۔ مولانا فرماتے ہیں کہ وہ قادرِ مطلق جل شانہ اگر چاہے تو ریاضت و مجاہدہ کے بغیر اخلاقِ رذیلہ کو اخلاقِ حمیدہ بنا دے۔


                   اس میں کوئی شک نہیں۔ اس کو ہم محبوبین کہتے ہیں۔ یہ جو محبوبین ہوتے ہیں نا ان کے ساتھ ایسا معاملہ ہوتا ہے، لیکن یہ ہے کہ عمومی طور پر تو انسان کو ریاضت و مجاہدات کرنے چاہییں۔

                  30

                  ویرانہ محفوظ خزانہ کرے خار کو گل کرے جسم کو جاں کرے

                  یعنی ویرانے میں خزانہ محفوظ ہوتا ہے۔ کیسے؟ ویرانے میں لوگ سمجھتے ہیں نا، یعنی کہ اس میں کیا ہوگا؟

                  ایک دفعہ میں نے مکان کے لیے پیسے لیے تھے نا تو مکان کی registry کرانی تھی، میں نے کہا گھر والوں کو بتاؤں گا تو یہ پتا نہیں گھبرا جائیں گی کہ اس کی کیا حفاظت کریں گی؟ تو میں نے کاغذات کا جو ہوتا ہے نا ٹوکری، ویسے جو نیچے، اس میں پڑی ہوئی تھی سیڑھیوں کے نیچے، تو اس میں میں نے رکھ دیے۔ ان سے کہہ دیا کہ یہ کاغذات ہیں۔ کچھ کاغذات صحیح بھی ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا اس کو جلانا ولانا نہیں ہے۔ اور اگر کوئی ضرورت پڑے تو مجھے بتانا ہے۔ بس اتنا میں نے کہہ دیا۔ اس میں پڑے رہے، ظاہر ہے مطلب اب کون اس کو کہہ سکتا ہے کہ بھئی یہاں پر پیسے پڑے ہوں گے کہ تین لاکھ 27 ہزار روپے تھے اس وقت پڑے تھے۔ تو مطلب یہ ہے کہ ویرانہ جو ہے وہ خزانے کو محفوظ رکھنے کا ایک بہترین طریقہ ہے کہ آپ کوئی، کسی کا خیال بھی نہیں جائے گا کہ یہاں پر بھی کوئی چیز ہوگی۔

                  خار کو گل کرے جسم کو جاں کرے

                  یعنی کانٹے کو پھول بنا دے اور جسم کو جاں کر دے، یعنی روح بنا دے۔

                  وہ (قادرِ مطلق) ویرانہ میں خزانے محفوظ رکھتا ہے، کانٹے کو پھول اور جسم (کثیف) کو (بمنزلہ) روح لطیف بنا دیتا ہے۔

                  مطلب: یہ شعر جواب ہے پانچویں سوال کا۔ یعنی یہ خوف نہ کرو کہ ریاضت سے جسم میں ضعف اور قوتوں میں اضمحلال پیدا ہو جائے گا جو مانعِ اعمال ہو گا۔ فرماتے ہیں کہ جس طرح وہ قادرِ مطلق گراں بہا خزانے ویرانوں میں مدفون رکھتا ہے۔ اسی طرح دولتِ کمال کو بھی ویران جسم اور تباہ حال بدن میں محفوظ بلکہ ترقی پذیر رکھتا ہے۔ 

                  پھر فرماتے ہیں کہ ریاضات بے شک جسم کے لیے تباہ کن ہیں۔ مگر اس کی قدرت سے یہی خار مرتاض کے لیے پھول بن جاتے ہیں۔

                  اس کے بعد فرماتے ہیں کہ ریاضت کی تکالیف برداشت کر لو گے تو بفضلِ خدا تمہارا جسمِ مضمحل و بدنِ منکسر باوجود اپنی ظاہری بد نمائی کے باطنی نزاہت و نفاست کی بدولت بمنزلۂ روح ہو جائے گا۔

                   مطلب یہ ہے کہ ریاضت کیا چیز ہے؟ یہ انسان کی جو فطرتی سستی ہے اس کو دور کرتا ہے۔ جیسے انسان کے اندر ہوتی ہے، جس کو ہم کہتے ہیں Inertia …  Inertia ہوتی ہے نا، جس حالت پر ہے اس حالت کو تبدیل نہیں کرتا، تو اس کو دور کرتا ہے۔ یہ جیسے ریاضت کی بات ہوتی ہے۔ تو جب انسان ریاضت کے ذریعے سے اپنے قویٰ کو متحرک کرتا ہے، تو پھر بڑے بڑے کام بھی کر لیتا ہے، اس کے بعد اس کے لیے کوئی مشکل نہیں ہوتا۔ تو یہ فرمایا۔

                  31

                  وہ گماں کی بات کو یقین کر دے اور بنائے کینہ سے محبتیں

                  یعنی اس کے اندر تو ایسے تبدیل کرنے کی صلاحیت ہے کہ وہ گماں کی بات کو بھی یقین کی صورت میں بنا دے گا۔ کیا فرمایا؟

                  «أَنَا عِنْدَ ظَنِّ عَبْدِي بِي»

                  میں بندے کے گمان کے ساتھ ہوں۔ تو گمان ہوتا ہے نا، تو اس کو یقین بنا دیتا ہے۔

                  اور بنائے کینہ سے محبتیں

                  کینہ رکھنے والا۔ عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو آپ ﷺ کے ساتھ کینہ تھا۔ اللہ تعالیٰ نے اس کو محبت میں بدل دیا۔ کیا سے کیا ہو گیا۔

                  اس شعر میں عجائباتِ قدرت کے دیگر نظائر بیان کیے ہیں کہ وہ قادرِ مطلق قوتِ قیاسیہ کو، جو شبہات ضلالت خیز اور وساوسِ جہالت آمیز کی سر چشمہ ہے، علومِ یقینیہ و حقیقیہ کا ذریعہ بنا دیتا ہے۔ اور جن امور سے لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے سے بغض و عداوت پیدا ہوتی ہے، مثلًا اموالِ دنیا جب کہ ظلمًا و غصبًا ان کے حصول کی کوشش کی جائے، وہ ان کو وسیلۂ محبت بنا دیتا ہے۔ جیسے کہ احسان و مروت کے طور پر بذل مال کرنے سے ہوتا ہے۔

                  32

                  پرورش کر دے آگ ابراہیم کا خوف بنے باعث امید و بیم کا

                  یعنی جو آگ ہے وہ جلانے والی ہے لیکن وہ ابراہیم علیہ السلام کی پرورش کرتی ہے۔ اور جو خوف ہے، انسان کو جو خوف ہوتا ہے، وہ بجائے امید و بیم کا ذریعہ بن جائے۔ 

                   وہ آگ میں ابراہیم علیہ السلام کی پرورش کرتا ہے (اور موجب) خوف (یعنی آگ) کو روح کے لیے (باعث) امن بنا دیتا ہے۔

                  33

                  اک طرف اسباب اس کے کامل بہت حکم سے اس کے ہو سب باطل بہت

                  مطلب یہ ہے کہ ایک طرف تو اس کے اسباب اتنے کامل ہیں کہ اس میں کوئی کمی نہیں ہے، اور دوسری طرف اس کے حکم سے سارا کچھ دھڑام سے گر سکتا ہے، جو کچھ موجود ہے۔ یعنی 

                   اس کی علت آفرینی سے میں دیوانہ ہوں اور اس کے ابطالِ سبب سے میں (ایک) سُوفسطائی (کی طرح حیران) ہوں۔

                  مطلب: فرماتے ہیں کہ ایک طرف تو میں عالمِ کائنات کو علل و اسباب کے سلسلے سے مربوط و تسلسل دیکھ کر حیران ہوں۔ دوسری طرف جب اس کی قدرت سے ایسے امور وقوع پاتے ہیں جن میں سلسلۂ علل و اسباب کی کوئی پابندی نظر نہیں آتی۔ جیسے خلقِ حضرت آدم علیہ السلام، آگ میں سلامتیِ حضرت ابراہیم علیہ السلام، آفرینشِ حضرت عیسیٰ علیہ السلام، ناقۂ حضرت صالح علیہ السلام، عصائے حضرت موسیٰ علیہ السلام، وغیرہ۔ تو میں سوفسطائیہ کی طرح یہ کہنے پر مجبور ہو جاتا ہوں کہ سلسلۂ علل محض وہم و خیال ہے۔ درحقیقت خدا کے حکم اور قدرت کے سوا کچھ بھی نہیں۔ 

                  یہاں پر حضرت نے ایک بڑی بات فرمائی ہے، اس کو سمجھنے کی کوشش فرمائیں۔ اصل میں اللہ پاک نے اسباب کو ذریعہ بنایا ہے کاموں کا دنیا میں۔ بطورِ حکمت، یعنی حکمت کے طور پر اسباب ہیں۔ جیسے پانی آگ کو بجھا دیتی ہے، آگ چیزوں کو جلا دیتی ہے، اوپر سے کوئی گرتا ہے تو چوٹ لگتی ہے، مر بھی سکتا ہے، زہر سے انسان مر جاتا ہے، یہ ساری چیزیں اسباب ہیں۔ لیکن اللہ تعالیٰ مسبب الاسباب ہے، وہ اسباب کو پیدا کرتا ہے اور اسباب کو مؤثر کرتا ہے۔ اگر اسباب کو مؤثر نہ کرے تو اسباب کچھ نہیں کر سکتے۔ یہ چیز کبھی کبھی اللہ پاک ظاہر کر دیتا ہے۔ اگر نبی کے ہاتھ پہ ظاہر کر دے، تو یہ معجزہ ہے اور اگر ولی کے ہاتھ پر ظاہر کر دے تو کرامت ہے۔ تو اس سے پتا چلتا ہے کہ یہ جو اسباب ہیں، یہ مسبب الاسباب کے حکم سے ہیں۔ اگر وہ اپنا حکم اس سے ہٹا دے تو یہ اسباب کچھ نہیں کر سکتے۔ یہ بات ہے۔ تو اس سے مطلب جو ہے نا کہ وہ یہ کہہ رہا ہے کہ جس وقت میں اللہ تعالیٰ کے اس کام کو دیکھتا ہوں کہ وہ اسباب کو bypass کر لیتا ہے، تو مجھے پتا چلتا ہے کہ اسباب تو کچھ بھی نہیں، مجھے پتا ہے بھئی میں جو کر رہا ہوں، پتا نہیں اس سے ہوتا ہے یا نہیں ہوتا۔ تو سوفسطائی اس طرح کرتا ہے نا، وہ کہتا ہے کہ پتا نہیں ہو گا یا نہیں ہو گا، پتا نہیں میں ہوں یا نہیں ہوں۔ تو فرمایا کہ میں جب کوئی کام کرتا ہوں، تو مجھے کیا پتا کہ ہو یا نہ ہو؟ یہی تو "ان شاءاللہ" کی بات ہے۔ جس وقت ہم کوئی کام کرتے ہیں تو ہم کیا کہتے ہیں؟ ان شاءاللہ! اور جب ہو جاتا ہے تو کیا کہتے ہیں؟ ماشاءاللہ! ٹھیک ہے نا، مطلب یہ ہے کہ یعنی اللہ جل شانہ چاہے گا تو ہو گا۔ 

                  "وہ ایک شخص تھے جا رہا تھا بازار۔ تو دوست ملا اس کو، دوست نے پوچھا کدھر جا رہے ہو؟ اس نے کہا بازار جا رہا ہوں۔ کیا کرنے؟ کہتا ہے گدھا لینے۔ (دوست نے کہا) کہہ دے ان شاءاللہ۔ کہتا ہے ان شاءاللہ کی کیا ضرورت ہے؟ پیسے میری جیب میں ہیں، گدھا بازار میں ہے، میں لے لوں گا۔ (دوست نے) کہا اچھا چلے جاؤ۔

                  وہاں گیا تو اس کی جیب کٹ گئی۔ جیب کٹ گئی، اب سودا ہو گیا گدھے کا، پیسے نکالے تو جیب ہی نہیں! اب بڑا گھبرا گیا، لیکن بہرحال بیچارہ مرجھایا ہوا آ رہا ہے واپس۔ تو دوست نے اس کو دیکھا، پتہ تو چل گیا کہ کیا ہوا ہے۔ اس نے کہا بھئی کیا ہوا ہے بھئی؟ گدھا کدھر ہے؟ اس نے کہا: "ان شاءاللہ میری جیب کٹ گئی ہے!" ... پھر ہر چیز کے ساتھ ان شاءاللہ کہہ رہا تھا۔

                  تو یہی بات ہوتی ہے کہ انسان اپنا ارادہ کرتا ہے کہ میں نے یہ کام کرنا ہے۔ لیکن اس کا ارادہ اللہ کے ارادے کے تحت ہے۔ اگر  اللہ کا ارادہ بھی ہوگا، اس وقت وہ کام ہوگا۔ اگر اللہ کا ارادہ نہیں ہوگا، تو کام نہیں ہوگا۔ یہ تو ہم اپنے سامنے سارے دنیا کے کاموں میں دیکھتے ہیں۔ کہ اچھا خاصی تیاری کی مگر، دیکھو نا حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا جو قول ہے، وہ کیا ہے؟

                  فرمایا: «عَرَفْتُ رَبِّي بِفَسْخِ الْعَزَائِمِ»

                  کہ میں نے رب کو پہچانا اپنے ارادوں کے ٹوٹنے سے۔

                  کہ جب میں کوئی ارادہ کرتا ہوں، اور وہ کام اس طرح نہیں ہوتا، تو میں سمجھتا ہوں کوئی اور ہے جو فیصلہ کرنے والا ہے، میں نہیں ہوں۔ تو یہ بات ہے۔ تو اس طرح اس قسم کی چیزیں تو ہوتی رہتی ہیں۔


                  34

                  اسباب سازی میں سرگرداں ہوں میں توڑ سے ان اسباب کے پریشان ہوں میں

                  یعنی اسباب کو تو میں تیار کرتا ہوں، اس میں میں سرگرداں رہتا ہوں، لیکن جس وقت میں دیکھتا ہوں کہ اسباب کام نہیں کرتے تو پھر پریشان ہو جاتا ہوں۔ یعنی 

                  یہ شعر تاکید ہے شعر سابق کے مضمون کی۔ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے علت و معلول میں جو حیرتناک ترتّب قائم کیا ہے اس کے گہرے اسرار کے متعلق تو مجھے حیرانی تھی ہی، دوسری طرف جب وہ کوئی کام بلا علت کر دکھاتا ہے تو اس سے ایک اور ہی حیرت ہوتی ہے۔

                  سوال: سوفسطائیہ فلاسفہ کا ایک گمراہ فرقہ ہے۔ جو حقائقِ اشیاء کا منکر ہے اور حقیقتِ اشیاء کا انکار ضلالت و جہالت ہے۔ پھر مولانا نے سوفسطائیم کیوں کہا؟ یعنی اپنے لیے یہ لقب کیوں استعمال کیا؟

                  جواب: سوفسطائیہ تمام حقائقِ اشیاء کو باطل اور محض وہم و خیال قرار دیتے ہیں اور یہی وہ خیال ہے جو دینِ حق کے نزدیک ضلالت ہے۔ قرآن مجید میں وارد ہے: ﴿اَفَحَسِبْتُمْ اَنَّمَا خَلَقْنٰکُمْ عَبَثًا وَّ اَنَّکُمْ اِلَیْنَا لَا تُرْجَعُوْنَ﴾ (المومنون: 115) ”کیا تم یہ خیال کرتے ہو کہ ہم نے تم کو فضول و بے فائدہ پیدا کیا ہے اور تم ہماری طرف لوٹائے نہیں جاؤ گے“۔ مگر مولانا کے قول سُوفسطائیم میں یہ عقیدہ مراد نہیں بلکہ ان کی حیرت سے تشبیہ مقصود ہے یعنی میں جب علت کو معلول پر مؤثر نہیں پاتا تو سلسلۂ علل کے متعلق مجھے بھی وہی حیرت دامن گیر ہوتی ہے جو سوفسطائیہ کو ہے۔  

                  مطلب شک کی بات ہو جاتی ہے نا۔ شک میں۔۔۔ دیکھو نا میں کہتا ہوں میں نے کام کرنا ہے، پتا نہیں ہوگا نہیں ہوگا؟ تو اس میں مشابہت ہے نا۔ سوفسطائی بھی تو وہ کہتے ہیں پتا نہیں میں ہوں یا نہیں ہوں، تو مشابہت ہے اس میں۔ اس وجہ سے اپنے آپ کو سوفسطائیہ کے طور پہ کہہ دیا اور مشابہت میں ساری چیز بالکل ایک طرح ہونا یہ ضروری نہیں ہوتا۔ کہتے ہیں فلاں چاند کی طرح خوبصورت ہے، تو کیا چاند بن گیا؟ بس صرف چاند کی روشنی کی ایک مشابہت ہے کہ اس کا چہرہ نورانی ہے یا کوئی اس طرح وہ بتاتے ہیں۔ باقی یہ کہ وہ باقاعدہ وہ شیر کی طرح بہادر ہے تو شیر تو نہیں بنتا ۔ 

                  لیکن فرق یہ ہے کہ سوفسطائیہ تو تمام اشیاء کی حقیقت کے متعلق حیران ہیں اور مولانا صرف تاثیرِ علت کے متعلق اظہارِ حیرت کرتے ہیں اور تشبیہِ نفس حیرت میں ہے نہ کہ عقیدے میں۔ 

                  سوال: بعض صوفیہ کے کلام سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ ان کے نزدیک عالم محض وہم و خیال ہے۔

                  اس خیال میں اور سوفسطائیہ کے عقیدہ باطل میں کیا فرق ہے؟

                  سبحان اللہ! 

                  جواب: صوفیہ کے کلام میں جو عالم کو وہم خیال کہا گیا ہے۔ اس میں عالم کے ثبوت و تحقق کی نفی نہیں۔ ورنہ یہ عقیدہ معاذ اللہ عین سوفسطائیہ کے عقیدے کے موافق ہو جاتا۔ بلکہ مقصود یہ ہے کہ عالم کا وجود بالاستقلال کوئی حقیقت نہیں رکھتا۔ حقیقی اور کامل وجود صرف اللہ کا ہے اور غیر اللہ کا وجود ظاہری اور ناقص ہے اور اس کے وجود کے تابع ہے۔

                  دیکھو نا مطلب یہ والی بات ہے کہ وہ سب کا سب اللہ تعالیٰ کے حکم سے قائم ہے۔ میں آپ کو مثال دیتا ہوں، آج کل hologram آئے ہوئے ہیں نا؟ تو hologram ایسے کیمرے ہوتے ہیں مختلف direction سے لگے ہوتے ہیں کہ وہ ایک three-dimensional picture بناتے ہیں۔ یعنی ہم یہاں کمرے میں بیٹھے ہیں تو آپ دیکھیں گے درمیان میں ادھر ہاتھی گزر رہا ہوگا۔ تو آپ کہیں گے بھئی یہ ادھر ہاتھی کدھر سے آ گیا؟ نظر آ رہا ہوگا باقاعدہ بالکل ہاتھی کی طرح three-dimensional۔ تو اب بات یہ ہے کہ وہ صرف کیمروں کی بادشاہی ہوتی ہے۔ اب وہ کیمرے پیچھے سے off کر لے ہاتھی غائب۔ ہاتھی کا وجود ہی نہیں پھر۔ تو وہ اس کی جو موجودگی ہے، وہ صرف اس کیمروں کے اس سے تھی۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے حکم سے یہ چیز موجود ہے، اللہ کا حکم ہٹ جائے تو کچھ بھی نہیں۔ مطلب یہ اس قسم کی بات ہے۔

                  علاوہ ازیں اہلِ سلوک جمالِ لَمْ یَزَلْ کے مشاہدہ میں اس قدر محو و مشغول رہتے ہیں کہ ان کی نظر میں باقی تمام موجودات کالعدم ہو جاتی ہیں،  کالعدم، کالعدم کا لفظ کیا ہے؟ عدم کی طرح۔ عدم نہیں۔ کالعدم ہو جاتی ہیں، اگرچہ وہ حقیقتًا معدوم نہیں ہوتیں۔  «وَمَا خَلَقْتَ هٰذَا بَاطِلًا» قرآن میں تو فرمایا کہ تو نے اے اللہ اس کو بے فائدہ نہیں پیدا کیا، تو اس کا مطلب ہے کہ اس کا وجود بھی ہے، اس کا تمام چیزوں کا وہ اسباب کے دائرے میں ہے، لیکن اصل میں کچھ بھی نہیں ہے، اللہ کا حکم ہی ہے۔ اللہ کا حکم ہی ہے۔ یہ بات ہے۔


                  تو اس سے جو ہے نا حکایت نمبر 25 پورا ہو جاتا ہے۔ 








                  اب ان شاءاللہ ہم حکایت نمبر 26 پہ جاتے ہیں۔


                  (دعا سے قبل دفتر اول حکایت نمبر 26 کا آغاز) دفتر اول حکایت نمبر 26 وزیر کا ایک اور مکر کرنا اور خلوت میں بیٹھنا اور قوم نصاریٰ میں شور ڈال دینا۔

                  جب وزیرِ ماکر و بد اعتقاد نے دینِ عیسیٰ کو بدلا از فساد

                  یعنی جب مکار اور بد اعتقاد وزیر نے فساد ڈالنے کے لیے عیسیٰ علیہ السلام کے دین کی کایا پلٹ دی، مطلب اس نے 12 بنائے ہوئے تھے نا امیر، اور ہر امیر کو جدا انجیل دے دیا۔ اور امیر کو بتا دیا کہ تو ہی میرا نائب ہے۔ میرے بعد تو ہی ہوگا۔ تو مطلب یہ ہے کہ ہر ایک کو الگ الگ story سنا دی، تو ظاہر ہے مطلب کہتے ہیں میرے بعد یہ اپس میں لڑ پڑیں گے، تاکہ لوگ ختم ہو جائیں۔

                  ایک مکر کو دل سے اور بھی گھڑ لیا چھوڑا وعظ، خلوت نشیں وہ ہو گیا

                  مطلب ایک مکر اس نے مزید یہ کر دیا کہ وہ خلوت جو مطلب اس نے وعظ کو چھوڑ دیا، وعظ، نصیحت کو چھوڑ دیا اور خلوت نشین ہو گیا، اندر چلا گیا۔ وعظ و نصیحت کو ترک کر دیا خلوت میں بیٹھ گیا۔

                  یوں بھڑکتا ہے دل میں مریدوں کا سوز اور رہا خلوت میں پچاس چالیس روز

                  مطلب یہ ہے کہ اس نے مریدوں کے دل میں سوز بھڑکا دیا جو ان کے مرید بن گئے تھے اور 40، 50 دن وہ خلوت میں رہا۔ تو مریدوں میں اپنے شوقِ دیدار کی آگ لگائی، 40، 50 روز تک خلوت میں رہا۔

                  ہوگئی مخلوق اس کے شوق سے دیوانہ حال اس کے ذوق سے

                  مطلب یہ ہے کہ مخلوق جو تھی وہ اس کے شوق سے دیوانہ بن گئی۔ اس کے شوقِ دیدار سے، اس کے حال و قول اور ذوق کی جدائی سے مخلوق پہ دیوانگی بن گئی۔

                  لوگ خوشامد اور زاری کرتے رہے وہ ریاضت سے دبلے ہوتے رہے

                  مطلب وہ چونکہ اس کے عادی تھے یہ اونچی اونچی باتیں کرتا تھا۔ اب میں آپ کو ایک اور بات بتاؤں۔ بات ویسے آسان تو نہیں ہے کرنا، لیکن مجبوری ہے کہتا ہوں۔ بعض لوگوں کو ہمارے بتاسے ہضم نہیں ہوتے۔ باتیں بڑی اونچی اونچی کرتے ہیں۔ وہ ایسی باتیں کرتے ہیں جو لوگوں کی سمجھ میں نہیں آتیں۔ تو لوگ سمجھتے ہیں یہ تو بہت اونچا ادمی ہے۔ ہمارے ساتھ گزری ہے صورتحال۔ وہ اتنی اتنی اونچی باتیں کرتے ہیں، ادمی حیران ہو جاتا ہے، جیسے عرش پہ چل رہا ہو اور پتا نہیں کیا کیا کر رہا ہو، اس قسم کی باتیں کرتے ہیں۔ یہ سارا جو ہے نا ڈرامہ بازی ہوتی ہے۔ جو اللہ والے ہوتے ہیں وہ کہاں ایسی باتیں کرتے ہیں۔ وہ تو اپنے آپ کو کچھ بھی نہیں سمجھتے۔ اور جو مامور من اللہ ہوتے ہیں ان کو پھر لوگ جان لیتے ہیں۔ ان کا کام پھر ہوتا ہے، وہ اہلِ اللہ ان کو پہچان لیتے ہیں، عوام کی بات نہیں ہوتی۔ بلکہ ایک بات اور سنیں، حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اصل جو اللہ والے ہوتے ہیں، وہ ایسے ہوتے ہیں کہ اللہ جل شانہ جن کے ساتھ محبت فرماتے ہیں، تو جبرائیل علیہ السلام سے کہتے ہیں یہ میرا محبوب ہے تم بھی اس کے ساتھ محبت کرو تو جبرائیل علیہ السلام اس کے ساتھ محبت کرنے لگتے ہیں۔ تو جبرائیل علیہ السلام پھر اس کی وجہ سے کہ اس کے ساتھ محبت کرتا ہے اور فرشتے جو جبرائیل علیہ السلام کے ساتھ ملتے ہیں ان کو بھی محبت ہو جاتی ہے۔ پھر ان فرشتوں میں جو آسمانِ دنیا پہ ہوتے ہیں، وہ بھی آ جاتے ہیں۔ آسمان دنیا کے فرشتے زمین پہ آتے رہتے ہیں، جاتے رہتے ہیں۔ تو زمین کے جو فرشتے ہوتے ہیں ان کو بھی اس طرح ہو جاتا ہے، وہ بھی ان کے ساتھ محبت کرنے لگتے ہیں۔ ان کے قلوب کا، اور اللہ والوں کے قلوب کا اپس میں مناسبت ہوتی ہے نورانیت کی وجہ سے۔ نتیجتاً ان اچھے لوگوں کے دلوں میں بھی اس کی محبت آ جاتی ہے۔ پھر ان اچھے لوگوں کی محبت کی وجہ سے عام لوگ بھی ان کے ساتھ محبت کرنے لگتے ہیں کہ بھئی فلاں اس کے ساتھ محبت کرتا ہے تو۔ فرمایا یہ طریقہ تو صحیح ہے۔ اس طرح اگر کوئی محبوب ہے تو وہ تو ٹھیک ہے کہ پہلے اللہ والے ان کے ساتھ محبت کریں، بعد میں عوام کریں۔ لیکن اگر پہلے عوام کریں، پھر بعد میں اللہ والے کریں، یہ طریقہ ٹھیک نہیں ہے۔ کیونکہ اس میں confusion ہے۔ عوام تو ظاہر ہے، عوام کیا جانے پتا نہیں؟ عام لوگ جو ہوتے ہیں وہ تو ان چیزوں کو جانتے نہیں ہیں۔ وہ تو پتا نہیں کس کس قسم کے لوگوں کو بزرگ سمجھتے ہیں، مختلف انداز میں۔ تو وہ ان کا، ان کی وجہ سے پھر اچھے لوگ بھی حسنِ ظن کر لیتے ہیں کہ اس میں کچھ ہوگا جو اتنے سارے بڑے بڑے لوگ کر لیتے ہیں۔ تو وہ بھی حسنِ ظن کر لیتے ہیں، تو اس طریقے سے اگر ان کے ساتھ لوگ محبت کرتے ہیں وہ اصل نہیں ہے۔ اس طرح مطلب جو ہے نا جو ڈرامہ بازیاں لوگ ہوتے ہیں، عجیب و غریب لوگ ہوتے ہیں، ہمارے ایک، اس میں آیا تھا ٹینشن کالونی میں، کوئی ہنگو کے صاحب ہیں۔ وہ ظالم ایسا تھا کہ اس نے چیلنج کیا تھا کہ میرے ساتھ کوئی بیٹھے اور پھر نماز پڑھ کر دیکھائے اور اس کے ساتھ بھی لوگ ہوتے تھے۔ ہمارے ایک ساتھی ان کے ساتھ بیٹھے تھے، تو۔۔۔ تو آپ کو یاد ہوگا، تو وہ اس کی تہجد چھوٹ گئی، اور تو کچھ نہیں ہو سکا کیونکہ اہل سلسلے کے ساتھ تعلق تھا۔ تہجد چھوٹ گئی۔ مجھے اس نے بتایا تو میں نے کہا: "تجھے کیا ضرورت تھی اس کے ساتھ بیٹھنے کی؟" بہت مشکل سے پھر بعد میں اس کی تہجد واپس آئی۔

                  اچھا ایک اور آدمی تھا، وہ آیا تھا میرے پاس، باقاعدہ ملنے کے لیے آیا تھا، اور اس نے کہا کہ میں نماز نہیں پڑھ سکتا۔ تو میں اس کو اپنے ساتھ مسجد لے گیا، مغرب کی نماز کا وقت تھا۔ تو ظاہر ہے تین رکعت تو ہم نے امام کے ساتھ پڑھ لیں، پھر میں نے کہا: "سنتیں پڑھو"، تو سنتیں پڑھ لیں۔ پھر میں اوابین پڑھ رہا تھا، تو میں نے کہا کہ دو رکعات آپ صلوۃ التوبہ پڑھیں۔ تو دو رکعات اس نے صلوۃ التوبہ پڑھے۔ میں نے کہا: "دو رکعات صلوۃ الشکرانہ پڑھیں۔" پھر میں نے کہا: "دو رکعات صلوۃ الحاجات پڑھیں، کہ آئندہ آپ کے ساتھ ایسا نہ ہو۔" (تو اس نے پڑھ لیں، اور) کہا: "اب ٹھیک ہے، اچھا۔"

                  مطلب یہ ہے کہ یعنی اتنا اثر ہو جاتا ہے ظالموں کا۔ تو یہ ڈرامہ باز لوگ جو ہوتے ہیں عجیب و غریب لوگ ہوتے ہیں، اور عوام ان کا کیا۔۔۔ ان کو کیا پتہ؟ ان کو کیا پتہ کہ اہلِ اللہ کون ہیں؟

                  وہ شعبدہ بازی کو دیکھتے ہیں، وہ شعبدہ بازی سے متاثر ہو جاتے ہیں۔ مطلب یہ ہے کہ اس قسم کی باتوں سے اور اونچی اونچی باتیں کرتے ہیں۔

                  ایک صاحب نے اس قسم کی بڑی اونچی اونچی باتیں کیں، audio مجھے بھیجی گئی۔ میں نے کسی اللہ والے کو سنائی۔ میں نے کہا یہ تو ویسے ہاں، جس کو کہتے ہیں نا وہ لاحاصل گفتگو کر رہا ہے۔ اس کا تو کوئی مطلب ہی نہیں بنتا۔ یہ کیا کہہ رہا ہے؟ میرے ساتھ audio ابھی تک موجود ہے۔ ہاں، مطلب جو ہے نا وہ، اس نے مجھے بھیجا تھا، میں حیران تھا، میں نے کہا کہہ کیا رہا ہے؟ کون سی چیز کہہ رہا ہے؟ تو حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے تھے، یہ ایسے لوگ جو ہوتے ہیں، یہ اگر چپ رہیں، تو چپ شاہ ہوتے ہیں۔ اور بے تکی بولتے ہیں، تو رموز ہیں۔ رموزِ اسرار ہیں! اور اگر اچھی باتیں کریں تو پھر تو ارشادات ہیں۔ تو مطلب یہ ہے کہ، اوکے فرمایا کہ ان کی ہر وقت جیت ہوتی ہے، عوام کے درمیان۔ ایسے لوگوں کے پاس نہیں جانا چاہیے۔ اپنے ایمان کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔

                  لوگ خوشامد اور زاری کرتے رہے وہ ریاضت سے دبلے ہوتے رہے تیرے بن نوری ہدایت ہے کہاں لاٹھی بن اندھے کو راہ ملے کہاں

                  یعنی ظاہر کررہے ہیں کہ تیرے بغیر نور ہدایت ہمیں کیسے ملے گی کیونکہ اندھا لاٹھی کہ بغیر کیا کر سکتا ہے وہ تو چل ہی نہیں سکتا۔

                  مہربانی کر آپ بہرِ خدا اپنی خدمت سے نہ کر ہم کو جدا

                  مطلب ظاہری کر رہے ہیں کہ آپ مہربانی کر کے اللہ کے واسطے اپنی خدمت سے ہم کو جدا نہ کریں۔

                  ہم ہیں بچے اور تو دایہ ہے اور ہمارے سر پہ تو ایک سایہ ہے

                  مطلب ہم تو تیرے بچوں کی طرح ہیں اور تو ہماری پرورش کر رہا ہے، تو مطلب جو ہے نا کہ کیوں ہم سے مطلب جدا ہو رہا ہے؟

                  بولے جان دوستوں سے میری دور نہیں بے اجازت نکلنا منظور نہیں

                  اس نے پھر بزرگی کی بات کی۔ اس نے کہا کہ بھئی میں تم سے دور نہیں ہوں، لیکن مجھے چونکہ اجازت نہیں ہے نکلنے کی، لہٰذا میں کیسے باہر آؤں؟ ہاں میں باہر نہیں آ سکتا۔ اس میں اشارہ ہے کہ مرید اگرچہ تربیت و تعلیم پانے کے وقت مرشد کے قربِ جسمانی کی ضرورت نہیں ہے، باطنی روحانی کافی ہے۔ بشرطیکہ اس کو مرشد سے محبتِ کامل ہو۔ «الْمَرْءُ مَعَ مَنْ أَحَبَّ»۔ یہ بات تو خیر بڑی زبردست ہے، اصل بات یہ ہے کہ میں اکثر اج کل یہ بات کرتا ہوں کہ اج کل دنیا global village ہے۔ تو contact کا کوئی مشکل نہیں ہے اج کل۔ بس صرف اپنے اخلاق کی pitch کو، محبت کی pitch کو اپنے اندر پیدا کرو۔ تو اللہ کے لیے فاصلے کچھ بھی نہیں۔ فاصلے کچھ بھی نہیں ہیں۔

                  ہاں ٹھیک ہے، کچھ عرصے کے لیے مناسب... مناسب سا ٹائم لے لو، تاکہ ان سے بات ہو جائے۔ مناسب وقت ہو جائے۔ پھر اس کے بعد آپ جو ہے نا، مطلب ہے کہ اپنے گھر پر جا کر معمولات وغیرہ کرتے رہیں، رابطہ رکھتے ہیں، رکھتے رہیں۔ تو ماشاءاللہ گھر پر ہی آپ کی اصلاح ہوتی جائے گی۔

                  ٹھیک ہے نا؟ In door treatment... Out door treatment... (ہنسی) ہسپتال میں بھی داخل ہوتے ہیں بعض لوگ، اور بعض دفعہ وہ کہتے ہیں بس ٹھیک ہے جی گھر پر علاج کرواؤ۔ وہ چیزیں بھی... ہم support بھی دیتے ہیں کہ اچھا ٹھیک ہے جی، یہ چیز لے لو، یہ چیز لے لو، یہ چیز لے لو۔ تو یہ بات ہے۔

                  بولے جان... اچھا۔ وہ امیر بھی درِ شفاعت آ گئے ہیں، اور مرید منت بہت کرنے لگے، کرنے لگے۔ مطلب ہے جو بارہ امیر تھے وہ بھی شفاعت... سفارش کرنے آ گئے کہ بس مان لیجیے نا، مسافت چھوڑ دیجیے۔ اب آ ہی جائیں نا۔ اور مرید بھی منت سماجت کرنے لگے۔ کیا... کہاں ہے... کہاں ہے بختی ہماری اے حضور! کیا ہے؟ نہیں... کیا ہے سن... کیا ہے بدبختی ہماری اے حضور!

                  تیرے صحبت سے ہوئے ہیں اب جو دور اے بزرگ! یہ ہماری کیا بد نصیبی ہے کہ اب بغیر ہمراہ... بغیر آپ کی صحبت کے ہم بے بہرے رہ گئے،

                  آپ نکلنے سے یوں بہانا... یوں بہانہ کریں پھر فراق سے اپنے جلایا کریں

                  یعنی آپ تو باہر نکلنے سے بہانے کرتے ہیں اور ہمیں تیرے... تیرے فراق کے مارے دل کی جلن سے ٹھنڈی آہیں بھر رہے ہیں۔

                  عادی ہیں ہم آپ کی خوش گفتار کے شیریں حکمت کے اور آپ کے پیار کے

                  مطلب ہے ہم تو عادی ہیں آپ کے اچھے اچھے وعظ... نصیحت کی، اور آپ کی حکمت کی باتوں کی، اور آپ کے پیار کی۔ اس وجہ سے آپ مہربانی کر کے ہمارے پاس آ جائیے۔

                  للہ للہ یہ جفا ہم سے نہ کر للہ للہ یہ جفا ہم سے نہ کر مہربانی ہم پہ فرمایا بھی کر

                  اور یہ ہم مطلب یہ ہے کہ للہ ہم پہ جور و جفا نہ کر، مہربانی فرما کر آج کل پر نہ ٹالیے۔

                  ٹال مٹول پر آپ کیوں آمادہ ہیں؟ سب جدائی پر جو فریاد آہیں۔

                  یعنی کیا یہ بتائیں وہ... کیا یہ بے دل آپ کے محروم میں شامل ہو جائے؟

                  سب تڑپتے ہیں جو مچھلی کی طرح دے دے صحبت ہم کو پانی کی طرح

                  بس سارے مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں، آپ مہربانی کر کے پانی بن کر آئیے تاکہ ہم سب کو صحت ہو جائے۔

                  آپ تر اس دور میں کوئی نہیں للہ للہ سن لیں یہ فریاد بھی

                  اے وہ کہ آپ کے برابر زمانے... زمانے بھر میں کوئی نہیں ہے، خدا کے لیے خلقت کی فریاد سن لیجیے۔

                  پہلے مصرعہ میں بد عقادہ ہے کہ اعمالِ محبت، عقیدت اپنے مرشد کو سب سے برتر تسلیم کیا ہے۔

                  اس میں اشارہ ہے کہ اپنے شیخ کو سب سے افضل سمجھنا چاہیے، جو آدابِ ارادت میں داخل ہے۔ اور قلب کی طمانیت اور توجہِ تام کے لیے لازم ہے۔ مقصد اس سے معنی یہ ہونا چاہیے کہ موجودہ زمانے کے جتنے بزرگوں سے میرے لیے استفادہ ممکن ہے، اس میں سب سے زیادہ فیض اپنے مرشد سے ہی پا سکتا ہوں۔ اس تفصیل سے وہ اعتراضات وارد نہیں ہوتے جو اپنے مرشد کو مطلقا... مطلب ہے تفصیل سے آوازیں... یعنی ایک تو جمہور اولیاء کی تخصیص... تخصیص، جن میں اولیاء سابقین بھی شامل ہیں۔ دوسرا مجسم... بزرگوں سے کیا معلوم اللہ تعالیٰ کے نزدیک کون افضل ہے۔

                  میں آپ سے ایک بات عرض کرتا ہوں۔ اس میں معاملہ بہت سہل ہے۔ دیکھیں! انسان کا جو اپنا باپ ہے، انسان سب کے لیے وہی مفید ہوتا ہے۔ باقی چچا بھی... ہوتے ہیں، سب ہوتے ہیں، دوسرے لوگ، رشتہ دار بھی ہوتے ہیں، وہ بھی مفید ہوتے ہیں لیکن باپ سب سے زیادہ مفید ہے، کیوں کہ ان کے ساتھ سب سے زیادہ قریبی واسطہ ہوتا ہے۔ تو یہ مطلب یہ ہے کہ شیخ سے چونکہ تعلق ہوتا ہے اور استفادے کے لیے... لہذا اور استفادہ تب ہو سکتا ہے جب اس کے ساتھ تعلق سب سے زیادہ، سب سے زیادہ ہو۔

                  لہذا اس کو اپنے لیے سب سے زیادہ مفید سمجھے۔ سب سے زیادہ افضل کہنے کی ضرورت ہی نہیں۔ سب سے زیادہ افضل کہنے کی ضرورت ہی نہیں، سب سے زیادہ اس کو مفید سمجھو۔ اور جب سب سے زیادہ مفید ہے تو اس کے ساتھ رابطہ بدستور رکھ، اس رابطے میں کوئی سستی نہ کر۔ یہ والی بات ہے۔

                  (سامعین میں سے ایک شخص): پینتالیس... تینتالیس... تینتالیس جی۔

                  ماشاءاللہ! تو ٹھیک ہے، Time بھی پورا ہونے والا ہے۔ اللہ جل شانہٗ ہم سب کو اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرما دے۔ آمین۔ اب دعا کرتے ہیں۔ مطلب جو ہے نا وہ... کافی عرصے کے بعد ہم دعا کر رہے ہیں مناجاتِ مقبول سے۔ کیونکہ ویسے تو مطلب جو ہے نا دعا ہم وہیں پر... یہی کرتے تھے، لیکن یہاں چونکہ مصروفیت رہی، لہذا ایسا نہیں ہو سکا لیکن چلو آج Time مل رہا ہے تو آج جو ہے نا انشاءاللہ مناجاتِ مقبول سے ہم دعا کرتے ہیں۔

                  (سامعین میں سے ایک شخص): استاد محترم! ذکر بھی کر سکتے ہیں؟ ذکر... آٹھ... آٹھ ہو گئے؟ چلو بعد میں... شام میں کر لیں گے۔

                  نَحْمَدُكَ يَا خَيْرَ مَأْمُولٍ، وَأَكْرَمَ مَسْئُولٍ، عَلَى مَا عَلَّمْتَ مِنْ مُنَاجَاتِ الْمَقْبُولِ، مِنْ قُرُبَاتٍ عِنْدَ اللَّهِ وَصَلَوَاتِ الرَّسُولِ، فَصَلِّ عَلَيْهِ مُخْتَلَفَ الدُّبُورِ وَالْقَبُولِ، وَانْشِعَابِ الْفُرُوعِ مِنَ الْأُصُولِ، ثُمَّ نَسْأَلُكَ بِمَا سَأَلَكَ النُّقُولُ، وَمِنَّا السُّؤَالُ وَمِنْكَ الْقَبُولُ.

                  اللَّهُمَّ لَكَ صَلَاتِي وَنُسُكِي، وَمَحْيَايَ وَمَمَاتِي، وَإِلَيْكَ مَآبِي، وَلَكَ رَبِّ تُرَاثِي. اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ مِنْ خَيْرِ مَا تَجِيءُ بِهِ الرِّيَاحُ. اللَّهُمَّ اجْعَلْنِي أُعَظِّمُ شُكْرَكَ، وَأُكْثِرُ ذِكْرَكَ، وَأَتَّبِعُ نَصِيحَتَكَ، وَأَحْفَظُ وَصِيَّتَكَ. اللَّهُمَّ إِنَّ قُلُوبَنَا وَنَوَاصِيَنَا وَجَوَارِحَنَا بِيَدِكَ، لَمْ تُمَلِّكْنَا مِنْهَا شَيْئًا، فَإِذَا فَعَلْتَ ذَلِكَ بِنَا فَكُنْ أَنْتَ وَلِيَّنَا وَاهْدِنَا إِلَى سَوَاءِ السَّبِيلِ. اللَّهُمَّ اجْعَلْ حُبَّكَ أَحَبَّ الْأَشْيَاءِ إِلَيَّ، وَاجْعَلْ خَشْيَتَكَ أَخْوَفَ الْأَشْيَاءِ عِنْدِي، وَاقْطَعْ عَنِّي حَاجَاتِ الدُّنْيَا بِالشَّوْقِ إِلَى لِقَائِكَ، وَإِذَا أَقْرَرْتَ أَعْيُنَ أَهْلِ الدُّنْيَا مِنْ دُنْيَاهُمْ فَقَرِّ عَيْنِي مِنْ عِبَادَتِكَ. اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ الصِّحَّةَ وَالْعِفَّةَ وَالْأَمَانَةَ وَحُسْنَ الْخُلُقِ وَالرِّضَا بِالْقَدَرِ. اللَّهُمَّ لَكَ الْحَمْدُ شُكْرًا، وَلَكَ الْمَنُّ فَضْلًا. اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ التَّوْفِيقَ لِمَحَابِّكَ مِنَ الْأَعْمَالِ، وَصِدْقَ التَّوَكُّلِ عَلَيْكَ، وَحُسْنَ الظَّنِّ بِكَ. اللَّهُمَّ افْتَحْ مَسَامِعَ قَلْبِي لِذِكْرِكَ، وَارْزُقْنِي طَاعَتَكَ وَطَاعَةَ رَسُولِكَ، وَعَمَلًا بِكِتَابِكَ. اللَّهُمَّ اجْعَلْنِي أَخْشَاكَ كَأَنِّي أَرَاكَ، أَبَدًا حَتَّى أَلْقَاكَ، وَأَسْعِدْنِي بِتَقْوَاكَ، وَلَا تُشْقِنِي بِمَعْصِيَتِكَ. اللَّهُمَّ الْطُفْ بِي فِي تَيْسِيرِ كُلِّ عَسِيرٍ، فَإِنَّ تَيْسِيرَ كُلِّ عَسِيرٍ عَلَيْكَ يَسِيرٌ، وَأَسْأَلُكَ الْيُسْرَ وَالْمُعَافَاةَ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ. اللَّهُمَّ افْعَلْ بِي فإِنَّكَ كَفُؤٌ كَرِيمٌ. اللَّهُمَّ طَهِّرْ قَلْبِي مِنَ النِّفَاقِ، وَعَمَلِي مِنَ الرِّيَاءِ، وَلِسَانِي مِنَ الْكَذِبِ، وَعَيْنِي مِنَ الْخِيَانَةِ، فَإِنَّكَ تَعْلَمُ خَائِنَةَ الْأَعْيُنِ وَمَا تُخْفِي الصُّدُورُ. اللَّهُمَّ ارْزُقْنِي عَيْنَيْنِ هَطَّالَتَيْنِ تَسْقِيَانِ الْقَلْبَ بِذُرُوفِ الدَّمْعِ، مِنْ خَشْيَتِكَ قَبْلَ أَنْ تَكُونَ الدُّمُوعُ دَمًا، وَالْأَضْرَاسُ جَمْرًا. اللَّهُمَّ عَافِنِي فِي قُدْرَتِكَ، وَأَدْخِلْنِي فِي رَحْمَتِكَ، وَاقْضِ أَجَلِي فِي طَاعَتِكَ، وَاخْتِمْ لِي بِخَيْرٍ، وَاخْتِمْ لِي بِخَيْرِ عَمَلِي، وَاجْعَلْ ثَوَابَهُ الْجَنَّةَ. اللَّهُمَّ فَارِجَ الْهَمِّ، كَاشِفَ الْغَمِّ، مُجِيبَ دَعْوَةِ الْمُضْطَرِّينَ، رَحْمَانَ الدُّنْيَا وَرَحِيمَهَا، أَنْتَ تَرْحَمُنِي، فَارْحَمْنِي بِرَحْمَةٍ تُغْنِينِي بِهَا عَنْ رَحْمَةِ مَنْ سِوَاكَ. اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ مِنْ فُجَاءَةِ الْخَيْرِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فُجَاءَةِ الشَّرِّ. اللَّهُمَّ أَنْتَ السَّلَامُ وَمِنْكَ السَّلَامُ وَإِلَيْكَ يَعُودُ السَّلَامُ، أَسْأَلُكَ يَا ذَا الْجَلَالِ وَالْإِكْرَامِ أَنْ تَسْتَجِيبَ لَنَا دَعْوَتَنَا، وَأَنْ تُعْطِيَنَا رَغْبَتَنَا، وَأَنْ تُغْنِيَنَا عَمَّنْ أَغْنَيْتَهُ عَنَّا مِنَ الْخَلْقِ. اللَّهُمَّ خِرْ لِي وَاخْتَرْ لِي. اللَّهُمَّ أَرْضِنِي بِقَضَائِكَ، وَبَارِكْ لِي فِيمَا قُدِّرَ لِي، حَتَّى لَا أُحِبَّ تَعْجِيلَ مَا أَخَّرْتَ، وَلَا تَأْخِيرَ مَا عَجَّلْتَ. اللَّهُمَّ لَا عَيْشَ إِلَّا عَيْشُ الْآخِرَةِ. اللَّهُمَّ أَحْيِنِي مِسْكِينًا وَأَمِتْنِي مِسْكِينًا، وَاحْشُرْنِي فِي زُمْرَةِ الْمَسَاكِينِ. اللَّهُمَّ اجْعَلْنِي مِنَ الَّذِينَ إِذَا أَحْسَنُوا اسْتَبْشَرُوا، وَإِذَا أَسَاءُوا اسْتَغْفَرُوا. اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ رَحْمَةً مِنْ عِنْدِكَ، تَهْدِي بِهَا قَلْبِي، وَتَجْمَعُ بِهَا أَمْرِي، وَتَلُمُّ بِهَا شَعَثِي، وَتُصْلِحُ بِهَا دِينِي، وَتَقْضِي بِهَا دَيْنِي، وَتَحْفَظُ بِهَا غَائِبِي، وَتَرْفَعُ بِهَا شَاهِدِي، وَتُبَيِّضُ بِهَا وَجْهِي، وَتُزَكِّي بِهَا عَمَلِي، وَتُلْهِمُنِي بِهَا رُشْدِي، وَتَرُدُّ بِهَا أُلْفَتِي، وَتَعْصِمُنِي بِهَا مِنْ كُلِّ سُوءٍ. اللَّهُمَّ آتِنِي إِيمَانًا لَا يَرْتَدُّ، وَيَقِينًا لَيْسَ بَعْدَهُ كُفْرٌ، وَرَحْمَةً أَنَالُ بِهَا شَرَفَ كَرَامَتِكَ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ. اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ الْفَوْزَ فِي الْقَضَاءِ، وَنُزُلَ الشُّهَدَاءِ، وَعَيْشَ السُّعَدَاءِ، وَمُرَافَقَةَ الْأَنْبِيَاءِ، وَالنَّصْرَ عَلَى الْأَعْدَاءِ، إِنَّكَ سَمِيعُ الدُّعَاءِ. اللَّهُمَّ أَقْصُرُ عَنْهُ رَأْيِي، وَضَعُفَ عَنْهُ عَمَلِي، وَلَمْ تَبْلُغْهُ أُمْنِيَّتِي وَمَسْأَلَتِي، مِنْ خَيْرٍ وَعَدْتَهُ أَحَدًا مِنْ خَلْقِكَ، أَوْ خَيْرٍ أَنْتَ مُعْطِيهِ أَحَدًا مِنْ عِبَادِكَ، فَإِنِّي أَرْغَبُ إِلَيْكَ فِيهِ، وَأَسْأَلُكَهُ بِرَحْمَتِكَ يَا رَبَّ الْعَالَمِينَ. اللَّهُمَّ إِنِّي أُنْزِلُ بِكَ حَاجَتِي، وَإِنْ قَصُرَ رَأْيِي وَضَعُفَ عَمَلِي افْتَقَرْتُ إِلَى رَحْمَتِكَ، فَأَسْأَلُكَ يَا قَاضِيَ الْأُمُورِ، وَيَا شَافِيَ الصُّدُورِ، كَمَا تُجِيرُ بَيْنَ الْبُحُورِ، أَنْ تُجِيرَنِي مِنْ عَذَابِ السَّعِيرِ، وَمِنْ دَعْوَةِ الثُّبُورِ، وَمِنْ فِتْنَةِ الْقُبُورِ. اللَّهُمَّ ذَا الْحَبْلِ الشَّدِيدِ، وَالْأَمْرِ الرَّشِيدِ، أَسْأَلُكَ الْأَمْنَ يَوْمَ الْوَعِيدِ، وَالْجَنَّةَ يَوْمَ الْخُلُودِ، مَعَ الْمُقَرَّبِينَ الشُّهُودِ، الرُّكَّعِ السُّجُودِ، الْمُوفِينَ بِالْعُهُودِ، إِنَّكَ رَحِيمٌ وَدُودٌ، إِنَّكَ تَفْعَلُ مَا تُرِيدُ. اللَّهُمَّ اجْعَلْنَا هَادِينَ مُهْتَدِينَ، غَيْرَ ضَالِّينَ وَلَا مُضِلِّينَ، سِلْمًا لِأَوْلِيَائِكَ، وَحَرْبًا لِأَعْدَائِكَ، نُحِبُّ بِحُبِّكَ مَنْ أَحَبَّكَ، وَنُعَادِي بِعَدَاوَتِكَ مَنْ خَالَفَكَ مِنْ خَلْقِكَ. اللَّهُمَّ هَذَا الدُّعَاءُ وَعَلَيْكَ الْإِجَابَةُ، وَهَذَا الْجُهْدُ وَعَلَيْكَ التُّكْلَانُ. اللَّهُمَّ لَا تَكِلْنِي إِلَى نَفْسِي طَرْفَةَ عَيْنٍ، وَلَا تَنْزِعْ مِنِّي صَالِحَ مَا أَعْطَيْتَنِي. اللَّهُمَّ إِنَّكَ لَسْتَ بِإِلَهٍ اسْتَحْدَثْنَاهُ، وَلَا بِرَبٍّ يُبِيدُ ذِكْرُهُ، ابْتَدَعْنَاهُ، وَلَا إِلَيْكَ شُرَكَاءُ يَقْضُونَ مَعَكَ، وَلَا كَانَ لَنَا قَبْلَكَ مِنْ إِلَهٍ نَلْجَأُ إِلَيْهِ، وَنَذَرُكَ وَلَا أَعَانَكَ عَلَى خَلْقِنَا أَحَدٌ، فَنُشْرِكُهُ فِيكَ، تَبَارَكْتَ وَتَعَالَيْتَ، فَنَسْأَلُكَ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ اغْفِرْ لِي. اللَّهُمَّ أَنْتَ خَلَقْتَ نَفْسِي وَأَنْتَ تَوَفَّاهَا، لَكَ مَمَاتُهَا وَمَحْيَاهَا، إِنْ أَحْيَيْتَهَا فَاحْفَظْهَا بِمَا تَحْفَظُ بِهِ عِبَادَكَ الصَّالِحِينَ، وَإِنْ أَمَتَّهَا فَاغْفِرْ لَهَا وَارْحَمْهَا. اللَّهُمَّ إِنِّي بِالْعِلْمِ وَزَيِّنِّي بِالْحِلْمِ، وَأَكْرِمْنِي بِالتَّقْوَى، وَجَمِّلْنِي بِالْعَافِيَةِ. اللَّهُمَّ لَا يُدْرِكُنِي زَمَانٌ وَلَا يُدْرِكُ زَمَانِي لَا يُتَّبَعُ فِيهِ الْعَلِيمُ، وَلَا يُسْتَحْيَا فِيهِ مِنَ الْحَلِيمِ، قُلُوبُهُمْ قُلُوبُ الْأَعَاجِمِ، وَأَلْسِنَتُهُمْ أَلْسِنَةُ الْعَرَبِ. اللَّهُمَّ إِنِّي أَتَّخِذُ عِنْدَكَ عَهْدًا لَنْ تُخْلِفَنِي، فَإِنَّمَا أَنَا بَشَرٌ، فَأَيُّمَا مُؤْمِنٍ آذَيْتُهُ أَوْ شَتَمْتُهُ أَوْ جَلَدْتُهُ أَوْ لَعَنْتُهُ، فَاجْعَلْهَا لَهُ صَلَاةً وَزَكَاةً وَقُرْبَةً تُقَرِّبُهُ بِهَا إِلَيْكَ. اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْبَرَصِ، وَمِنَ الشِّقَاقِ، وَالنِّفَاقِ، وَسُوءِ الْأَخْلَاقِ، وَمِنْ شَرِّ مَا تَعْلَمُ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ شَرِّ مَا تَعْلَمُ، وَأَسْتَغْفِرُكَ لِمَا تَعْلَمُ، إِنَّكَ أَنْتَ عَلَّامُ الْغُيُوبِ. اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عِلْمٍ لَا يَنْفَعُ، وَعَمَلٍ لَا يُرْفَعُ، وَقَلْبٍ لَا يَخْشَعُ، وَقَوْلٍ لَا يُسْمَعُ. اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ كَلِمَةٍ تَأْلَمُ، وَأَعُوذُ بِاللَّهِ مِنْ حَالِ أَهْلِ النَّارِ وَمِنَ النَّارِ، وَمَا قَرَّبَ إِلَيْهَا مِنْ قَوْلٍ أَوْ عَمَلٍ، وَمِنْ شَرِّ مَا أَنْتَ آخِذٌ بِنَاصِيَتِهِ، أَوَعُوذُ بِكَ مِنْ شَرِّ مَا فِي هَذَا الْيَوْمِ، وَشَرِّ مَا بَعْدَهُ، وَمِنْ شَرِّ نَفْسِي وَشَرِّ الشَّيْطَانِ وَشِرْكِهِ، وَأَنْ أَقْتَرِفَ عَلَى أَنْفُسِنَا سُوءًا، أَوْ نَجُرَّهُ إِلَى مُسْلِمٍ، أَوْ أُكْتَسِبَ خَطِيئَةً أَوْ ذَنْبًا لَا تَغْفِرُهُ، وَمِنْ ضِيقِ الْمَقَامِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ، وَتَقَبَّلْ هَذِهِ الدَّعَوَاتِ فِي حَقِّ مُحَمَّدٍ أَشْرَفِ عَلِيٍّ وَكَاکَا حَسِيبٍ، وَحَضْرَتِ مَوْلَانَا هَارُونَ، وَعَبْدِ الْوَاسِعِ، مُحَمَّدٍ مُصْطَفَى، مُحَمَّدٍ عَلِيٍّ، مُحَمَّدٍ شَفِيعٍ، عَبْدِ الْمَاجِدِ، وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ أَشْرَفَ سُلَيْمَانِي، وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ زَكَرِيَّا، وَصُوفِي مُحَمَّدِ إِقْبَالٍ الْمَدَنِيِّ، وَسَيِّدِ عَلِي شَاه، وَسَيِّدِ تَسْنِيمٍ، وَسَيِّدِ تَنْظِيمٍ، رَحْمَةُ اللَّهِ عَلَيْهِمْ، وَجَمِيعِ الْمُتَعَلِّقِينَ، وَفِي كَافَّةِ مُهِمَّاتِهِمْ، وَجَمِيعِ الْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ، وَصَلَّى اللَّهُ تَعَالَى عَلَى سَيِّدِ الْكَائِنَاتِ، وَخَيْرِ الْمَخْلُوقَاتِ، صَلَوَاتٌ تَسْبِقُ الْكَلِمَاتِ، رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ، وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ. سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُونَ، وَسَلَامٌ عَلَى الْمُرْسَلِينَ، وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ.

                  ماشاءاللہ!

                  انسان کی اصلیت، اسباب کی حقیقت اور محبتِ الٰہی - درسِ اردو مثنوی شریف - پہلا دور