معاشرے میں برائیوں کی کثرت اور عمومی عذابِ الٰہی کا خطرہ

189 درس نمبر 293 جلد 1، باب 23: بَابٌ فِى الْاَمْرِ بِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّهْيِ عَنِ الْمُنْكَرِ : حدیث نمبر

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  • یاجوج و ماجوج اور قربِ قیامت کے فتنے
  • خباثت کی کثرت اور عمومی ہلاکت
  • معاشرتی برائیوں کے اثرات اور قدرتی آفات
  • نیک لوگوں کی نجات اور قیامت میں نیتوں کا اعتبار

الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔

فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔

(189) ﴿السادس. عَنْ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ أُمِّ الْحَكَمِ زَيْنَبَ بِنْتِ جَحْشٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهَا أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: دَخَلَ عَلَيْهَا فَزِعًا يَقُولُ: لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ، وَيْلٌ لِلْعَرَبِ مِنْ شَرٍّ قَدِ اقْتَرَبَ فُتِحَ الْيَوْمَ مِنْ رَدْمِ يَأْجُوجَ وَ مَأْجُوجَ مِثْلُ هَذِهِ وَحَلَّقَ بِإِصْبَعَيْهِ الإِبْهَامِ وَ الَّتِى تَلِيْهَا، فَقُلْتُ: يَارَسُولَ اللهِ أَنَهْلِكُ وَفِينَا الصَّالِحُونَ، قَالَ نَعَمْ إِذَا كَثُرَ الْخَبَثُ﴾ (متفق عليه)

ترجمہ: "ام المؤمنین حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ ان کے پاس گھبراہٹ کے عالم میں تشریف لائے، آپ فرمارہے تھے "لا الہ الا اللہ" عرب کے لئے ہلاکت ہے اس شر سے جو قریب آچکا ہے، آج یاجوج و ماجوج کی دیوار کو اس قدر کھول دیا گیا ہے۔ آپ نے انگوٹھے کے ساتھ متصل انگلی کے ساتھ حلقہ بناتے ہوئے ارشاد فرمایا۔ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ! کیا ہم تباہ و برباد ہو جائیں گے جب کہ ہم میں نیک لوگ موجود ہوں گے؟ آپ نے فرمایا: ہاں جب کہ خباثتیں زیادہ ہو جائیں گی۔"

تشریح: "اسْتَيْقَظَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم مِنَ النَّوْمِ مُحْمَرًّا وَجْهُهُ يَقُوْلُ" آپ سو کر اٹھے آپ کا چہرہ مبارک سرخ تھا۔ وَيْلٌ لِلْعَرَبِ: عرب کے لئے ہلاکت ہے۔ عرب کو مخصوص کیا حالانکہ اس زمانے میں عرب مسلمان ہونے کی وجہ سے معظم تھے۔ مِنْ شَرٍّ قَدِ اقْتَرَبَ: اس شر سے جو قریب آچکا ہے۔ مراد اس سے حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی شہادت ہے اس شہادت کی وجہ سے مسلسل فتنے آئے۔ شر سے کیا مراد ہے؟ علامہ قرطبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں شر سے مراد وہ ہے جس کو حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ ایک دن آپ ﷺ نے فرمایا: مَاذَا أُنْزِلَ اللَّيْلَةَ مِنَ الْفِتَنِ وَمَاذَا أُنْزِلَ مِنَ الْخَزَائِنِ: آج کی رات کتنے فتنے نازل ہوئے اور کتنے اللہ کے خزانے نازل ہوئے۔ آپ ﷺ کے بعد فتوحات بہت زیادہ ہوئیں اور پھر لوگوں میں مقابلہ ہوگا مال کے اعتبار سے، اور امیر بننے میں بھی مقابلہ کریں گے۔ ﴿فُتِحَ الْيَوْمَ مِنْ رَدْمِ يَأْجُوْجَ وَ مَأْجُوْجَ﴾ یہ وہ دیوار ہے جو یاجوج ماجوج کے فتنہ سے بچنے کے لئے بنائی گئی ہے اور یہ دیوار کئی ہیں۔ ایک کا تذکرہ تو قرآن میں سورت کہف میں بھی آتا ہے۔ جب خباثت غالب آجائے نَعَمْ إِذَا كَثُرَ الْخَبَثُ: ہاں جب خباثت غالب آجائے۔ علامہ نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں مراد یہ ہے کہ جب خباثت زیادہ ہو جائے پھر عمومی ہلاکت کا عذاب آئے گا۔ تو نیک لوگ بھی ہلاک ہو جائیں گے۔ ہاں اگر وہ حق کی بات لوگوں کو سمجھاتے رہے ہیں تو قیامت کے دن یہ لوگ فاسق و فاجر سے الگ ہوجائیں گے۔ ﴿ثُمَّ يُبْعَثُ كُلُّ أَحَدٍ عَلَى نِيَّتِهِ﴾ کہ قیامت کے دن ہر ایک اپنی اپنی نیتوں کے اعتبار سے اٹھایا جائے گا۔

تخریج حدیث: صحيح بخارى كتاب الانبياء و كتاب الفتن (باب قصة يأجوج و مأجوج و غيرهما من الكتب، و صحيح مسلم كتاب الفتن (باب اقتراب الفتن و فتح ردم يأجوج مأجوج). و أحمد فى مسند 27483/10۔حمیدی 308۔ مصنف عبدالرزاق 20749، مصنف بن ابی شیبۃ 19061۔ ابن ماجہ، ترمذی، و ابن حبان 327۔ و ھکذا بیھقی 93/10۔

یہاں پر بھی ایک بات سامنے آ رہی ہے اور وہ یہ ہے جب خباثت غالب ہو جائے۔ تو خباثت غالب ہونے سے مراد یہ ہے کہ جب کثرت سے گناہ ہونے لگیں۔ یعنی اس میں یہ والی بات ہوتی ہے کہ دیکھیں۔ اگر ہم کسی سوراخ کو دیکھیں جس سے پانی پریشر سے آ رہا ہو۔ تو ایک تو اس سوراخ کی دیواروں کی جو resistance ہے۔ مطلب یہ ہے کہ جو کہ روک رہی ہے پانی کو، مزید آنے سے اسے روک رہی ہے، مطلب یہ مزید ٹوٹنے سے روک رہی ہے۔ تو وہ ہے۔ دوسرا وہ ہے جس وقت یہ بڑھ جائے تو پھر وہ پریشر پانی کا اتنا زیادہ اس حصے پہ آ رہا ہے کہ مزید دیوار اس کو برداشت نہیں کر سکتی، مطلب یہ وہ دیوار ساری ٹوٹ جاتی ہے۔ جیسے ہم دیکھتے ہیں یہ سونامی وغیرہ میں یا سیلاب جب آتے ہیں۔ تو اس میں پہلے جو چیز ہوتی ہے وہ resist کرتی ہے جیسے پل وغیرہ یا جو بھی ہے، لیکن جس وقت وہ پانی بہت زیادہ ہو جائے تو پھر اس کے بعد پھر وہ روک نہیں سکتی، پھر بس وہ بڑی بڑی چیزیں لڑھک جاتی ہیں۔ تو اسی طریقے سے جب تھوڑا شر ہوتا ہے تو معاشرے کے اندر جو resistance ہے وہ اس کو مزید بڑھنے نہیں دیتی۔ لیکن جس وقت زیادہ شر ہو جائے تو پھر وہ بڑھ جاتا ہے۔ اور وہ سب چیزیں ٹوٹ جاتی ہیں، تو یہاں پر بات یہ ہے کہ جس وقت شر غالب آ جائے۔ تو پھر کیا ہوتا ہے؟ پھر اس کا جیسے ظاہری نقصان مطلب بڑھ جاتا ہے، تو اس کا جو چونکہ "ظَهَرَ الْفَسَادُ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ بِمَا كَسَبَتْ أَيْدِي النَّاسِ" والی بات ہے، تو اس سے تو جو تکلیف اور مصیبت آ رہی ہے وہ بھی غالب ہونا چاہتی ہے۔ جب وہ غالب ہو جاتے ہیں تو سب کے اوپر آ جاتے ہیں، مثال کے طور پر زلزلہ آ گیا۔ اب زلزلہ آ گیا تو زلزلہ میں اللہ پاک کی قدرتیں ہیں۔ جیسے ہم نے دیکھا۔ یہ وہاں پر جب زلزلہ آیا تھا بالاکوٹ میں تو ایک بلڈنگ بچی ہوئی تھی، باقی ساری ادھر ادھر سب گری ہوئی تھیں۔ تو اس کے بارے میں بتایا کہ وہ جو تھا، جو بچی ہوئی بلڈنگ تھی۔ وہ ماشاءاللہ ایک ایسے صاحب کی تھی جو کہ اپنے اس پلازہ میں کسی ایسے شخص کو دکان نہیں دیتا تھا جو کہ داڑھی مونڈتا ہو۔ اور نہ کسی ایسے شخص کو دکان دیتا تھا جو کہ میوزک بجاتا ہو۔ یہ دو کام، اور اپنے پیسوں سے جو فائدہ ہوتا تھا اس سے خیرات کرتے تھے۔ یہ تین کام وہ کرتے تھے، تو اس کی بلڈنگ بچ گئی۔ تو اللہ تعالی نمونہ کے لیے ایسے لوگوں کو بھی کر لیتے ہیں، لیکن بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ وہ شر اتنا غالب آ چکا ہوتا ہے کہ پھر سب کے اوپر عذاب آ جاتا ہے۔ البتہ ان میں سے وہ لوگ جو کہ لوگوں کو سمجھاتے رہے ہیں تو ان کو آخرت میں ان سے بچایا جائے گا۔ یعنی آخرت میں ان کا حساب کتاب الگ ہوگا۔ ہر شخص اپنی نیت پر اٹھایا جائے گا، ان کے ساتھ وہ معاملہ کیا جائے گا جس میں وہ تھے۔ اللہ جل شانہ ہم سب کو حق پر قائم رکھے اور باطل کے ساتھ کسی بھی صورت میں بھی ہم نہ ہوں۔

وَاٰخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ۔

معاشرے میں برائیوں کی کثرت اور عمومی عذابِ الٰہی کا خطرہ - درسِ ریاضُ الصالحین - پہلا دور