"غزوہ خیبر: حضرت علی رضی اللہ عنہ کی فضیلت اور دعوتِ دین کی عظمت"

175 درس نمبر 268 جلد 1، باب 20: بَابٌ فِي الدَّلَالَةِ عَلَى خَيْرٍ وَالدُّعَاءِ إِلَى هُدًى أَوْ ضَلَالَةٍ : حدیث نمبر

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی

حضرت علی رضی اللہ عنہ کا بلند مقام (اللہ اور رسول ﷺ کے محبوب)

نبی کریم ﷺ کا معجزہ (لعابِ مبارک سے آنکھوں کی فوری شفا)

اسلامی جنگ کے آداب (جنگ سے قبل اسلام کی دعوت کا اصول)

ہدایت کی قیمت (ایک انسان کی ہدایت، دنیاوی دولت سے بہتر)

الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔

فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔

غزوہ خیبر میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سرفرازی

(175) ﴿وَ عَنْ أَبِيْ الْعَبَّاسِ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ السَّاعِدِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ رَسُوْلَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ يَوْمَ خَيْبَرَ: لَأُعْطِيَنَّ هذِهِ الرَّايَةَ غَدًا رَجُلًا يَفْتَحُ اللَّهُ عَلَى يَدَيْهِ يُحِبُّ اللَّهَ وَ رَسُوْلَهُ وَ يُحِبُّهُ اللهُ وَ رَسُوْلُهُ فَبَاتَ النَّاسُ يَدُوْكُوْنَ لَيْلَتَهُمْ أَيُّهُمْ يُعْطَاهَا. فَلَمَّا اَصْبَحَ النَّاسُ غَدَوْا عَلَى رَسُوْلِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كُلُّهُمْ يَرْجُوْا اَنْ يُعْطَاهَا فَقَالَ: أَيْنَ عَلِيُّ بْنُ أَبِيْ طَالِبٍ؟ فَقِيْلَ يَا رَسُوْلَ اللَّهِ هُوَ يَشْتَكِيْ عَيْنَيْهِ قَالَ: فَاَرْسِلُوْا إِلَيْهِ“ فَاُتِيَ بِهِ فَبَصَقَ رَسُوْلُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِيْ عَيْنَيْهِ وَ دَعَا لَهُ فَبَرِيءَ حَتّى كَاَنْ لَّمْ يَكُنْ بِهِ وَجَعٌ فَاَعْطَاهُ الرَّايَةَ. فَقَالَ عَلِيٌّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ: يَا رَسُوْلَ اللهِ اُقَاتِلُهُمْ حَتّى يَكُوْنُوْا مِثْلَنَا؟ فَقَالَ: انْفُذْ عَلَى رِسْلِكَ حَتّى تَنْزِلَ بِسَاحَتِهِمْ ثُمَّ ادْعُهُمْ إِلَى الْإِسْلَامِ وَ اَخْبِرْهُمْ بِمَا يَجِبُ عَلَيْهِمْ مِّنْ حَقِّ اللَّهِ تَعَالَى فِيْهِ فَوَ اللَّهِ لَاَنْ يَّهْدِيَ اللَّهُ بِكَ رَجُلًا وَاحِدًا خَيْرٌ لَّكَ مِنْ حُمْرِ النَّعَمِ﴾ (مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ)

ترجمہ: ”حضرت سہل بن سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ خیبر کے دن رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ کل میں یہ جھنڈا ایسے شخص کو دوں گا جس کے ہاتھوں پر اللہ فتح نصیب فرمائیں گے اور وہ اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہوگا اور اللہ اور اس کا رسول بھی اس کو محبوب جانتا ہوگا۔ لوگوں نے رات اس بحث و مباحثہ میں گزاری کہ جھنڈا کس کو دیا جائے گا، صبح ہوئی تو تمام لوگ رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر ہوئے، ہر شخص پرامید تھا کہ جھنڈا اس کو دیا جائے گا۔ آپ ﷺ نے فرمایا علی بن ابی طالب کہاں ہے؟ عرض کیا گیا کہ اس کی آنکھیں درد کرتی ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا اس کی طرف پیغام بھیجو۔ پس انہیں لایا گیا، رسول اللہ ﷺ نے ان کی آنکھ میں لعاب مبارک ڈالا اور ان کی صحت کے لئے دعا فرمائی، وہ ایسے تندرست ہوئے گویا ان کو درد ہی نہ تھا، پس آپ ﷺ نے جھنڈا ان کو دیا۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کیا یا رسول اللہ میں ان کے ساتھ برسرپیکار رہوں گا یہاں تک کہ وہ ہماری طرح (مسلمان) بن جائیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا اپنے معمول کے مطابق جاؤ اور ان کی زمین پر اترو پھر انہیں اسلام کی طرف بلاؤ اور بتاؤ جو اللہ کے حقوق ان پر لازم ہوتے ہیں، اللہ کی قسم! اگر اللہ تیرے سبب کسی ایک آدمی کو ہدایت بخش دے یہ تیرے لئے سرخ اونٹوں سے بہتر ہے۔“

یہ یہاں پر فرمایا کہ

تشریح: یہ جھنڈا میں کل ایسے شخص کو دوں گا جس کے ہاتھوں اللہ فتح دے گا۔ ایک دوسری روایت میں ”لَا يَرْجِعُ حَتّى يَفْتَحَ اللَّهُ لَهُ“ کے الفاظ آئے ہیں کہ وہ نہیں لوٹے گا یہاں تک کہ اللہ جل شانہ اس کے ہاتھ پر فتح نصیب فرمادیں گے۔ ”أَيْنَ عَلِيُّ ابْنُ أَبِيْ طَالِبٍ“ علی ابن ابی طالب کہاں ہیں؟ اس سے علماء نے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فضیلت پر بھی استدلال کیا ہے کہ ان کے لئے یہ فضیلت ثابت ہوئی کہ وہ اللہ اور اس کے رسول سے اور اللہ اور اس کا رسول حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے محبت کرتے ہیں۔ ”فَبَرَأَ“ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی آنکھ کی تکلیف بالکل ختم ہوگئی۔ ایک دوسری روایت میں آتا ہے کہ اس کے بعد موت تک حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اس آنکھ میں تکلیف کی شکایت نہیں ہوئی۔ ”انْفُذْ عَلى رِسْلِكَ“ آرام وسکون کے ساتھ چلو۔ ایک دوسری روایت میں آتا ہے ”لَا تَلْتَفِتْ حَتّى يَفْتَحَ اللَّهُ عَلَيْكَ.“ جنگ میں سب سے پہلے دعوت دی جائے گی ”ثُمَّ ادْعُهُمْ إِلَى الْإِسْلَامِ“ پھر ان کو اسلام کی دعوت دو۔ اسلام کا یہ ضابطہ ہے کہ جنگ سے پہلے دعوت دی جائے پھر دعوت کے انکار پر ان کو جزیہ کے لئے آمادہ کیا جائے پھر بھی وہ نہ مانے تو جنگ کی جائے۔

اور یہ جو روایت ہے

”لَاَنْ يَّهْدِيَ اللَّهُ بِكَ رَجُلًا وَّاحِدًا“ ایک آدمی کا ہدایت یافتہ ہونا تمہارے لئے سرخ اونٹوں سے بہتر ہے۔ عرب میں سب سے زیادہ قیمتی سرمایہ سرخ اونٹ تصور کئے جاتے تھے اس لئے فرمایا جارہا ہے کہ سرخ اونٹ سے بہتر ہے۔ یہ مثال دی گئی ہے ورنہ ایک آدمی کے ہدایت یافتہ ہوجانا تمام دنیا اور اس کے اندر کی تمام چیزوں سے بہتر ہے۔

یعنی واقعتاً ایک بچے کو اگر کہا جائے کہ یہ تو ٹافی سے بھی اچھا ہے تو ٹافی اس کو بہت پسند ہوتی ہے نا، تو ٹافی سے تو بہت اچھی اچھی چیزیں موجود ہیں لیکن بچے کی سمجھ کے مطابق۔تو انسان ہے کہ جو انسان کی دنیاوی مطلب جو مزاج ہے، اس میں تو فوری چیزوں سے اثر لیتا ہے۔ تو فوری چیزیں یہی ہیں کہ عربوں کے لیے سرخ اونٹ، جیسے آج کل ہمارے ہاں آپ کہہ سکتے ہیں Mercedes یا BMW ہوتا ہے کیا ہوتا ہے۔ بالکل ہاں۔ تو مطلب یہ ہے کہ جیسے لوگ اس کو اس کے اس کو دیکھ کر منہ میں رال ٹپک جاتی ہے نا کہ یہ تو بہت بڑی چیز ہے۔ اس طرح یہ سرخ اونٹ بھی عربوں کے لیے ایسی چیز تھی۔ تو یہ فرمایا کہ تمہارے لیے سرخ اونٹوں سے بھی زیادہ بہتر ہے۔ یعنی اب ذرا دیکھ لیں کہ لوگ اپنے پروموشن اور اپنے جو دنیاوی مفاد ہیں ان کے لیے جو دینی مصالح کو قربان کرتے ہیں تو کتنے خسارے میں ہیں۔ یعنی جو ان کے لیے جو چیزیں وہاں کی ہیں وہ کتنی اونچی ہیں اور ہم یہاں کی چیزوں کو کتنا پریفرنس دیتے ہیں یہ بات ہم سب کو سمجھنا چاہیے۔ اللہ جل شانہ ہم سب کو اس حقیقت کو جاننے کی جلد سے جلد توفیق عطا فرمائے۔

وَآخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ۔

"غزوہ خیبر: حضرت علی رضی اللہ عنہ کی فضیلت اور دعوتِ دین کی عظمت" - درسِ ریاضُ الصالحین - پہلا دور