نیکی کی طرف رہنمائی: لامحدود اجر اور عظیم صدقہ جاریہ کا ذریعہ

173 درس نمبر 266 جلد 1، باب 20: بَابٌ فِي الدَّلَالَةِ عَلَى خَيْرٍ وَالدُّعَاءِ إِلَى هُدًى أَوْ ضَلَالَةٍ : حدیث نمبر

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
جامع مسجد ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ - نزد گاڑہ، خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ، جہانگیرہ

محدود عمل اور لامحدود ثواب کا انوکھا راستہ

بروقت اور صحیح رہنمائی کی برکت: ایک طالبِ علم کا سبق آموز واقعہ

بہترین سرمایہ کاری: نیکی کے کاموں کو اپنے لیے صدقہ جاریہ بنانا

الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ، الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ، اَمَّا بَعْدُ۔

فَاَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ، بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ۔

نیکی کی طرف رہنمائی کرنے والے کو بھی اجر ملتا ہے

(173) ﴿وَ عَنْ أَبِيْ مَسْعُوْدٍ عُقْبَةَ بْنِ عَمْرٍو الْأَنْصَارِيِّ الْبَدْرِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: مَنْ دَلَّ عَلَى خَيْرٍ فَلَهُ مِثْلُ أَجْرِ فَاعِلِهِ﴾ (رَوَاهُ مُسْلِمٌ)

ترجمہ: ”حضرت ابو مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو شخص کسی نیکی کی طرف رہنمائی کرتا ہے اس پر عمل کرنے والے کے برابر اسے ثواب ملتا ہے۔“

دَلَّ: دَلَّ، دَلَالَةً و دُلُوْلَةً نصر سے بمعنی رہنمائی کرنا۔ تشریح: ”مَنْ دَلَّ عَلَى خَيْرٍ فَلَهُ مِثْلُ أَجْرِ فَاعِلِهِ“ جو کسی نیکی کی طرف رہنمائی کرتا ہے اس پر عمل کرنے والے کے برابر اسے ثواب ملتا ہے۔ شان ورود جس طرح قرآن کی آیات کا شان نزول ہوتا ہے تو اس طرح بعض احادیث کا بھی شان ورود ہوگا کہ خاص موقعہ پر ارشاد فرمایا تو اسی طرح اس حدیث کا بھی شان ورود ہے۔ ایک صحابی رضی اللہ عنہ نے جب سفر کے لئے آپ ﷺ سے سواری مانگی اس پر آپ ﷺ نے فرمایا میرے پاس تو سواری نہیں ہے، ایک شخص نے کہا میں ایسا آدمی بتاتا ہوں جو اسے سواری مہیا کردے گا اس پر آپ ﷺ نے حدیث بالا ارشاد فرمایا۔ اس حدیث میں حق تعالیٰ شانہ کی طرف سے زبردست انعام اور عطاء کا بیان ہے کہ آدمی خود اتنا کام نہیں کرسکتا دوسرے کو ترغیب دے کر اس عمل کے لئے آمادہ کردے مثلاً نادار ہونے کی وجہ سے یا کسی اور وجہ سے مال کثرت سے خرچ نہیں کرسکتا دوسروں کو ترغیب دے کر خرچ کرائے تو یہ ترغیب دینے والا خرچ کرنے والوں کے ساتھ خود بھی ثواب میں شریک ہوجائے گا۔ ایک شخص خود روزہ نہیں رکھ سکتا، حج نہیں کرسکتا، جہاد نہیں کرسکتا غرض یہ کہ کسی بھی نیک کام کے لئے دوسرے کو آمادہ اور ترغیب دے دے تو کرنے والے کی طرح ترغیب دینے والے کو بھی اجر و ثواب ملے گا۔

تخریج حدیث: صحيح مسلم كتاب الامارة (باب فضل اعانة الغازى فى سبيل الله بركوب وغيره) بخارى فى الادب المفرد و ابوداؤد و ترمذى.

یہ واقعی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی طرف آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اشارہ فرمایا ہے کہ انسان خود جو عمل کرتا ہے وہ تو محدود ہوتا ہے، یعنی مطلب وہ اتنا ہی کر سکتا ہے جتنا وہ کر سکتا ہے۔ لیکن کسی نے اگر دس لوگوں کو ایک کام کے بارے میں بتا دیا، کہ ترغیب دی، انہوں نے اس پر عمل کر لیا۔ تو ماشاء اللہ وہ دس لوگوں کا اجر اس کو مل جائے گا۔ خود کرے گا بھی تو ایک ہی ملے گا نا۔ لیکن دوسروں کو جب بتائے گا تو ممکن ہے زیادہ کو بتا دے، تو ان دس دس کا، ان کا اجر مل گیا۔ اچھا پھر بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ وہ کام جب کرتا ہے نا تو وہ وہ، کام سے اس کو مزید دین پر چلنے کی توفیق مل جاتی ہے۔ تو جیسے کوئی علم حاصل کر لے۔ اب علم حاصل کر لے تو ظاہر ہے، مطلب ہے کہ اس کے بعد جتنا بھی اس علم سے فائدہ اٹھائے گا خود، یا دوسرے فائدہ اٹھائیں گے، وہ سب اس میں آ جائے گا۔ تو ماشاء اللہ وہ بہت بڑا ذخیرہ ہو جاتا ہے۔ یہ ایک دفعہ ایسا ہوا تھا کہ ایک بچہ تھا، وہ کسی مدرسے میں داخل ہو گیا۔ وہ مدرسہ ایسا تھا جس میں یہ ختم وغیرہ پڑھنے کے لیے جانا بچے اور اس قسم کی چیزیں ہوا کرتی تھیں۔ تو ختم کے لیے بچوں کو لے گئے، تو یہ بھی نیا آیا ہوا تھا تو اس کو بھی لے گئے۔ کوئی چوہدری تھا جس نے مطلب ان کو بلایا تھا ختم کے لیے۔ تو کھانا سب کو کھلایا اور پھر اس کے بعد، مطلب اس سے پوچھا کہ آپ برتن لائے ہیں؟ یہ تو نیا تھا، اس کو پتا ہی نہیں تھا کہ برتن کس لیے لاتے ہیں، ان کے استاد اور دوسرے لوگ تو برتن لائے تھے، یعنی گھر لے جانے کے لیے۔ تو اس سے جب پوچھا تو اس نے کہا کہ برتن کس لیے؟ تو سمجھ گیا کہ لڑکا نیا ہے۔ اس نے کہا تم بیٹھو۔ اس کو بٹھا دیا۔ بعد میں اس سے پوچھا کہ تم کہاں سے آئے ہو؟ تو اس نے کہا، جی فلاں جگہ سے۔ اب آئے ہو؟ جی ہاں۔ بیٹا! بات یہ ہے کہ یہ جو مدرسہ ہے نا، یہاں تو سبق وبق اتنا نہیں ہوتا، بس یہی چیزیں ہوتی ہیں کہ بس ختموں پہ جاتے ہیں اور کھانا شانا کھاتے ہیں، اور کوئی کام یہاں پر نہیں ہوتا۔ تو اگر تو نے پڑھنا ہے نا تو دیوبند چلے جاؤ۔ تو پیسے میں دیتا ہوں ابھی راستے کے، تو یہ اس سے، اتنے پیسوں سے آپ پہنچ جاؤ گے۔ وہاں ٹیسٹ دے دینا، اگر لے لیا تو پھر وہاں پڑھ لینا۔ تو اس کو رخصت کر لیا، وہ جب وہاں پہنچا تو ماشاء اللہ اچھا لڑکا تھا تو پاس ہو گیا، تو دے دیا، داخل ہو گیا۔ ماشاء اللہ عالم ہو گیا، فاضلِ دیوبند ہو گیا۔ پھر جب اپنے علاقے میں آ گیا تو ماشاء اللہ، اللہ پاک نے اس سے بڑا کام لے لیا۔ کیونکہ اچھا ذہین تھا تو کافی کام اپنے علاقے میں کیا مختلف۔ تو میں نے جب یہ واقعہ پڑھا تو میں نے کہا کہ دیکھیں کتنا خوش قسمت تھا وہ چوہدری صاحب۔ کہ اس نے پتا نہیں کتنے پیسے دیے ہوں گے۔ لیکن پورے علاقے کا ثواب اپنے لیے ریزرف کر لیا کہ بہت بڑی بات ہے۔ اور ایسا ہوتا ہے۔ تو یہ، اس قسم کے کاموں کا بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ صدقۂ جاریہ انسان اپنے لیے کر دے۔ عموماً خیال نہیں ہوتا ان، ایسی چیزوں کا عموماً۔ ورنہ واقعی بہت حصہ انسان حاصل کر سکتا ہے۔ تو اللہ جل شانہٗ ہم سب کو توفیق عطا فرمائے کہ اس میں اپنا حصہ ہم ڈالیں۔

وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ للهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ۔