سالکین کی تربیت، اصلاح، معمولات اور احوال سے متعلق سوالات کے جوابات

مجلس نمبر 565

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلیٰ خَاتَمِ النَّبِیِّیْنَ

اَمَّا بَعْدُ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

سوال نمبر 1:

I hope you are in the best of health and spirits. Sir, I have finished my thirty days of prescribed ذکر اَلْحَمْدُ لِلّٰہ hundred, hundred, hundred and hundred. Should I continue the same or do you want to change it? Please remember me in your prayers. اَلْحَمْدُ لِلّٰہ I am able to do اعمال and will send you the اعمال sheet.

جواب:

وعلیکم السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! مَاشَاءَ اللہ ابھی آپ دو سو مرتبہ ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہْ‘‘، دو سو مرتبہ ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوْ‘‘، دو سو مرتبہ ’’حَقْ‘‘ اور سو مرتبہ ’’اَللّٰہ‘‘ کا ذکر شروع کرلیں۔ یہ ایک مہینے کے لئے یہ ہوگا اور تیسرا کلمہ، درود شریف اور استغفار سو سو دفعہ یہ عمر بھر کے لئے ہوگا اور آپ کو نماز کے بعد والا جو ذکر بتایا تھا وہ بھی عمر بھر کے لئے اِنْ شَاءَ اللہ۔

سوال نمبر 2:

السلام علیکم! حضرت میرے لئے خصوصی دعا فرما دیں، جَزَاکَ اللہ۔

جواب:

جو بھی یاد آرہے ہیں ان سب کے لئے خاص دعا ہی کررہا ہوں، خاص دعا یہی ہے کہ یہاں پر جو دعائیں ہوتی ہیں وہ خاص ہی ہیں مَاشَاءَ اللہ۔

سوال نمبر 3:

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ حضرت آپ نے جو عمل بتایا تھا، وہ میں کرنا بھول گیا۔



جواب:

انسان سے جو بھی غلطی ہوجائے اس سے انسان کو سیکھنے کی کوشش کرنی چاہئے، اور وہ یہی ہے کہ اس سے انسان کو تنبیہ ہوجائے اور اس سے پھر آئندہ مستقبل میں اس کو بچنے کی صورت سمجھ آئے، اسی کو تجربہ کہتے ہیں۔ لہٰذا آپ اس تجربہ کو استعمال کریں اور آئندہ ایسا نہ ہونے دیں کہ آپ یہ عمل بھول جایا کریں۔

سوال نمبر 4:

شیخ صاحب مجھے آپ کی رہنمائی چاہیے میں بہت ذہنی کشمکش میں ہوں، میں حق پہ آنا چاہتی ہوں، بہت عرصے سے میں بہت بے سکون ہوں، جب جب میں بہت زیادہ دل سے فیصلہ کرتی ہوں، ہمیشہ تب ہی میرے لئے زیادہ کوتاہی ہوتی ہے۔ میں نماز کی پابندی کرنا چاہتی ہوں، میں نے نماز کے لئے بہت دفعہ سجدے میں رو رو کے اللہ پاک سے توفیق مانگی ہے لیکن شاید اللہ مجھ سے ناراض ہے، آپ please مغفرت کی دعا فرمایئے، میں جتنا زیادہ راہ راست پر آنے کے لئے پرجوش ہوں اتنا زیادہ شیطان میرے اوپر حاوی ہے۔ میں نے پچھلے دو ماہ سے کوئی ایک نماز بھی نہیں پڑھی، مجھے بہت خوف آتا ہے۔ میں غصہ پر بھی قابو پانا چاہتی ہوں، آپ please اپنے قیمتی وقت سے تھوڑا سا وقت نکال کر میری مدد کریں، میں بہت پریشان ہوں اور آپ کی بہت زیادہ شکرگزار ہوں گی۔

جواب:

مَاشَاءَ اللہ! آپ نے اپنے بارے میں جو بتایا ہے یہ بہت اچھا کیا ہے اور اس کے بارے میں فکرمند بھی ہونا چاہئے، آپ کی فکر بہت اچھی فکر ہے۔ البتہ مسئلے کو حل کرنے کے لئے جو طریقہ کار ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ ساری چیزیں ایک ہی وقت میں ٹھیک نہیں ہوتیں، کیونکہ انسان ہے، کمزوریاں ہیں، اس لئے طریقہ یہ ہوتا ہے کہ ان میں سے چننا پڑتا ہے کہ سب سے پہلے کس چیز کو ٹھیک کیا جائے۔ مثلاً کوئی ایسی بیماری ہو کہ خون بہہ رہا ہو یا کسی کا سانس رک جائے اور اس کو بِھڑ نے بھی ڈس لیا ہو، تو ایسی صورت میں بِھڑ کا علاج تو ہم بعد میں کریں گے پہلے اس کی سانس کو ٹھیک کریں گے، کیونکہ اس سے اس کی موت بھی ہوسکتی ہے۔ لہٰذا اس طرح کی جو چیزیں ہوتی ہیں پہلے ہمیں ان چیزوں کو touch کرنا ہوتا ہے جو کہ سب سے زیادہ ضروری ہوتی ہیں۔ چنانچہ اس وقت آپ کے لئے سب سے زیادہ ضروری اپنی نماز کو صحیح کرنا ہے، تو اپنی تمام توانائی اس پر لگا دیں اور باقی چیزوں کے متعلق ارادہ یہ رکھیں کہ اِنْ شَاءَ اللہ یہ بھی ٹھیک کروں گی، لیکن فی الحال اپنی نماز کی طرف آجائیں اور ہمت سے کام لیں۔ کیونکہ بغیر ہمت کے کوئی کام بھی نہیں ہوسکتا۔ مثلاً ایک آدمی کسی کے سامنے کھانا رکھ دے اور وہ کہتا ہے کہ خود بخود میرے منہ میں چلا جائے، تو خود بخود منہ میں تو نہیں جائے گا، ظاہر ہے اس کے لئے تو کوشش کرے گا، ہاتھ بڑھائے گا، ساری محنت کرے گا۔ لہٰذا اس کے لئے اللہ پاک نے آپ کو موقع بھی دیا ہوتا ہے، طاقت بھی دی ہوتی ہے، سمجھ بھی دی ہوتی ہے تو پھر کس چیز کا انتظار ہے، پھر آپ بس عمل کریں اور اس میں ہمت سے کام لیں، کوشش کریں کہ آپ سے نماز رہ نہ جائے۔ اس کے لئے آپ ہمت کریں گی تو اللہ پاک بھی مدد کریں گے:

﴿وَالَّذِیْنَ جَاهَدُوْا فِیْنَا لَنَهْدِیَنَّهُمْ سُبُلَنَاؕ (العنکبوت: 69)

ترجمہ1: ’’اور جن لوگوں نے ہماری خاطر کوشش کی، ہم ان کو ضرور بالضرور اپنے راستوں پر پہنچا دیں گے‘‘۔

اور اگر آپ صرف روتی رہیں گی اور ہمت نہیں کریں گی، تو یہ رونا بیکار ہوگا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ ہمت نہیں کر رہیں۔ لہٰذا آپ ہمت شروع کر لیں اور رونا بھی جاری رکھیں، اِنْ شَاءَ اللہُ الْعَزِیْز اللہ تعالیٰ کی طرف سے آپ کی مدد ہوگی۔

سوال نمبر 5:

السلام علیکم! حضرت جی گوجرانوالہ سے فلاں بات کررہا ہوں۔ حضرت جی مجھ سے تمام ذکر اذکار چھوٹ گئے تھے، اب واپس پاکستان آکر ذکر دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کرتا ہوں تو نہیں ہورہا، کبھی کوئی call آجاتی ہے یا کوئی پاس آکر کوئی کام کہہ دیتا ہے، اگر کوئی بھی disturb نہ کرے تو نیند کا غلبہ ہوجاتا ہے، یہاں تک کہ آپ کو اطلاع کرنے کو بھی دل نہیں مان رہا تھا، بہت مشکل سے message کررہا ہوں، برائے مہربانی میری رہنمائی فرما دیں۔

جواب:

وعلیکم السلام! بات یہ ہے کہ اس میں آپ ان چیزوں کو نہ دیکھیں کہ ہو نہیں رہا، بلکہ اگر آپ اس کو ضروری سمجھتے ہیں تو یہ دیکھیں کہ میں یہ کیسے کرسکتا ہوں، اگر ضروری ہے تو لامحالہ مجھے کرنا پڑے گا، اور علاج میں تو یہ ہوتا ہے کہ اگر آدمی کو ڈاکٹر دوائی لکھ دے اور وہ اس کو سامنے رکھ کر روتا رہے کہ مجھ سے تو نہیں کھائی جارہی۔ تو رونے سے تو ٹھیک نہیں ہوگا بلکہ وہ دوائی کھائے گا تو ٹھیک ہوگا۔ اس وجہ سے آپ اس پر رونا بند کریں اور کام شروع کریں۔ اور اگر ہوسکے تو اِنْ شَاءَ اللہُ الْعَزِیْز جب میں انیس یا بیس اپریل کو واپس آجاؤں گا تو اس میں آپ کچھ وقت نکال کر خانقاہ بھی آجائیں اور ایک سہہ روزہ لگا لیں، پھر اپنے تمام اذکار دوبارہ شروع کرلیں۔ اس میں آپ کی ہمت کی ضرورت ہے، اللہ تعالیٰ کی طرف سے تو پھر مدد آہی جاتی ہے اَلْحَمْدُ لِلّٰہ۔

سوال نمبر 6:

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! محترم المقام میرے بھائی صاحب And all family اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے اَلْحَمْدُ لِلّٰہ میں خیریت سے ہوں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے عمرہ ادا کیا، بیت اللہ شریف کو دیکھتے ہوئے آپ کے لئے دعائیں مانگی ہیں، آپ کی دین و دنیا اور آخرت کی تمام بھلائیاں آپ کے لئے اور آپ کے تمام اہلِ خانہ کے لئے اللہ تعالیٰ سے خوب دعائیں مانگی ہیں، اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔ اور ابھی مدینہ منورہ میں حاضری پر بھی آپ کی طرف سے اور آپ کے تمام اہلِ خانہ کی طرف سے صلوٰۃ و سلام پیش کیا ہے اور آپ سب کے لئے خوب خوب دعائیں مانگی ہیں، اِنْ شَاءَ اللہ تعالیٰ مزید مانگتا رہوں گا اللہ تعالیٰ قبول فرمائیں۔

جواب:

اَلْحَمْدُ لِلّٰہ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ ثُمَّ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ! اللہ کا شکر ہے کہ ہم بھی عمرہ کے لئے آچکے ہیں، پہلے مدینہ منورہ گئے تھے پھر وہاں سے عمرہ کے لئے مکہ مکرمہ آئے اور ابھی فی الحال مکہ مکرمہ میں ہیں، عمرہ ادا ہوچکا ہے اور مَاشَاءَ اللہ اگلے جمعہ کو پھر میں مدینہ منورہ آؤں گا، آپ کے تمام اعمال اللہ تعالیٰ قبول فرمائیں اور یہاں کی جملہ برکات سے آپ کو بیش بیش حصہ عطا فرما دیں اور ہم سب کو بھی مَاشَاءَ اللہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللہ تعالیٰ ہم سب سے راضی ہوجائیں۔


وَاٰخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ


  1. ۔ (آسان ترجمہ قرآن از مفتی تقی عثمانی صاحب)

    نوٹ! تمام آیات کا ترجمہ آسان ترجمہ قرآن از مفتی تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم سے لیا گیا ہے۔

سالکین کی تربیت، اصلاح، معمولات اور احوال سے متعلق سوالات کے جوابات - مجلسِ سوال و جواب