ذرہ بھر نیکی کی عظمت اور سورۃ الزلزال کی جامعیت

درس نمبر 146، جلد 1، باب 11: جدوجہد کا بیان

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  • سورۃ الزلزال کی آیت "فَمَن يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَيْرًا يَرَهُ" کی تفسیر اور مفہوم۔
    • اللہ کے دربار میں معمولی اور چھوٹی نیکی کی اہمیت و قبولیت۔
      • حلال کمائی سے کیے گئے صدقے کا اللہ کے ہاں پہاڑ کے برابر پروان چڑھنا (حدیثِ نبوی ﷺ)۔
        • حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ، حضرت انس رضی اللہ عنہ اور حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کے اقوال کی روشنی میں اس آیت کا منفرد اور جامع ہونا۔

          الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ،

          وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ،

          أَمَّا بَعْدُ

          فَأَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيمِ،

          بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ۔

          ﴿فَمَنْ يَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَیْرًا یَّرَہٗ﴾ (زلزلت: 7)

          ”جس نے ذرہ بھر نیکی کی ہوگی وہ اس کو دیکھ لے گا۔“

          ذَرَّةٍ: کہتے ہیں چھوٹی چیونٹی کو کہ وہ نیکی جو بھی ہو معمولی سی ہی کیوں نہ ہو اگر اللہ کے دربار میں قبول ہوگئی تو قیامت کے دن اس پر بھی بہت کچھ ملے گا۔ اسی وجہ سے حضرت مقاتلؒ نے فرمایا اس آیت میں مسلمانوں کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ نیک عمل کرلو خواہ وہ قلیل ہی کیوں نہ ہو کیونکہ آئندہ قریب وقت میں چھوٹی نیکی بھی بڑی ہو جائیگی جیسے کہ آپ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ جو شخص پاک کمائی سے آدھے چھوارے کے برابر بھی خیرات کرتا ہے تو اللہ اس کو قبول کر لیتا ہے اور اپنے دائیں ہاتھ میں اس کو لے لیتا ہے پھر خیرات کرنے والے کے لئے اس نیکی کو بڑھاتا رہتا ہے یہاں تک کہ وہ پہاڑ کے برابر ہو کر دیا جاتا ہے جیسے کہ تم میں سے بعض لوگ بچھڑے کی پرورش کرتے ہیں۔ (وہ بڑا ہو جاتا ہے)

          یہ آیت بہت ہی جامع آیت ہے، اسی وجہ سے عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں یہ قرآن کی سب سے زیادہ مستحکم اور جامع آیت ہے، حضرت انس بن مالکؓ کی ایک لمبی روایت آئی ہے جس میں ہے کہ آپ ﷺ نے اسی آیت کو ”اَلْاٰیَةُ الْجَامِعَةُ“ فرمایا یعنی منفرد یکتا اور جامع آیت۔

          ایک شخص حسن بصریؒ کے پاس سورۃ الزلزال پڑھتے ہوئے گذرا، جب اس آخری آیت پر پہنچا تو حسن بصریؒ نے فرمایا بس میرے لئے یہی کافی ہے تو نے نعمت کی انتہاء کردی۔

          سبحان اللہ! فَمَن يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَيْرًا يَرَهُ۔ سبحان اللہ! یعنی ہر چیز، جو انسان جو بھی نیکی کرتا ہے وہ، اس کا بہت زیادہ فائدہ اس کو ہوگا۔ ماشاء اللہ۔