حقیقت جذب و سلوک پر اشکالات کا جواب

درس نمبر 13

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْن وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیِّیْنَ

اَمَّا بَعْدُ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

سب سے پہلے تو آپ سب کو عید مبارک ہو۔ اللہ جلّ شانہٗ اس عید کی جملہ برکات ہم سب کو نصیب فرمائیں۔

’’عید مبارک‘‘ اصل میں دعا ہے، یعنی اللہ تعالیٰ آپ کو اس عید کی برکات عطا فرما دے۔ دعا کے طور پر یہ بات ٹھیک ہے، لوگوں میں تو رسمی طور پہ یہ بات ہوتی ہے، لیکن یہ دعا ہے۔ اگرچہ عید کے دن لوگ مصروف ہوتے ہیں اور شاید کم لوگ توجہ کر رہے ہوں، لیکن ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کسی بھی معمول کے اندر ناغہ نہ ہو، کیونکہ ناغے سے نقصان ہوتا ہے۔ اس وجہ سے اللہ کا شکر ہے کہ اگر کبھی ہم سفر میں بھی ہوں، تو پھر بھی ہمارا معمول ہوتا رہتا ہے، یہاں تک کہ منیٰ سے بھی اور مدینہ منورہ سے بھی ہمارے پروگرام نشر ہوتے رہے ہیں۔ اللہ ان جگہوں کی حاضری ہمیں بار بار نصیب فرمائے۔ ایک بہت اہم موضوع ہے جو کہ آج آپ کے سامنے لانا ہے، وہ یہ ہے کہ ہماری کتاب ’’حقیقتِ جذب و سلوک‘‘ حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے ایک معرکۃ الآرا مکتوب شریف ’’مکتوب نمبر 287‘‘ کی تشریح ہے، چونکہ یہ ایک انقلابی مکتوب تھا۔ انقلاب کا مطلب یہ ہے کہ کچھ ایسی چیزیں ہوں، جن میں کچھ deviations آئی ہوں اور مفہومات کے کچھ مسائل ہوں، تو جب ان کو واپس صحیح طور پہ لایا جاتا ہے، تو اس کی اچھی خاصی مزاحمت ہوتی ہے، یعنی آسانی کے ساتھ لوگ اس کو تسلیم نہیں کرتے، لیکن پھر بھی ان کو بتا کر سمجھانا ہوتا ہے۔ جتنی نرم زبان سے ہوسکتا ہے، اس کو سمجھانا ہوتا ہے اور دعا بھی کرنی ہوتی ہے، کیونکہ ہدایت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ ہمارا نقشبندی سلسلہ الحمد للہ! بہت مبارک سلسلہ ہے، سارے سلسلے مبارک ہیں، ہم ان میں فرق نہیں کرتے، بلکہ ہم کہتے ہیں کہ سارے سلسلے مبارک ہیں۔ قرآن میں ہے:

﴿لَا نُفَرِّقُ بَیْنَ اَحَدٍ مِّنْ رُّسُلِهٖ﴾ (البقرۃ: 285)

ترجمہ1: ’’ہم اس کے رسولوں کے درمیان کوئی تفریق نہیں کرتے (کہ کسی پر ایمان لائیں، کسی پر نہ لائیں)‘‘۔

پس ہم جس طرح پیغمبروں میں فرق نہیں کرتے، اسی طرح ہم ان سلسلوں میں بھی فرق نہیں کرتے۔ لیکن بہرحال ہر سلسلے کی اپنی خاصیات اور اپنی برکات ہیں۔ نقشبندی سلسلے کی بھی اپنی برکات ہیں، بشرطیکہ وہ صحیح طریقے سے اس پر چلے۔ لیکن اگر درمیان میں کچھ ایسی چیزیں ہوں، جو اس کی برکات کو ختم کر دیں، تو پھر دوبارہ اس کے لئے محنت کرنی پڑتی ہے تاکہ وہ چیزیں دوبارہ حاصل ہوں۔ ظاہر ہے کہ ہم تو اس کے اہل نہیں ہیں، لیکن جو اہل تھے، جیسے: حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ اور دوسرے اکابر، انہوں نے اس پہ قلم بھی اٹھایا ہے اور بڑے زور سے قلم اٹھایا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ زیادہ لوگ اس کی طرف متوجہ نہیں ہوئے، کیونکہ میں نے خود دیکھا ہے کہ مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات شریفہ کے دروس جہاں جہاں پر ہوتے تھے، وہاں صرف مکتوب سنا دیا جاتا تھا، مکتوبات کی تشریح بہت کم لوگوں نے کی ہیں۔ اور جنہوں نے تشریحات کی ہیں، خدا کی شان! ان کو پھر پورا موقع نہیں ملا۔ میں نے ذرا غور کیا، تو پتا چلا کہ کسی صاحب نے مکتوب نمبر 1 سے شروع کیا اور مکتوب نمبر 150 پر وہ فوت ہوگئے، اور کوئی صاحب مکتوب نمبر 200 پر فوت ہوگئے، اور کوئی صاحب 210 نمبر مکتوب پر فوت ہوگئے۔ کیونکہ درس شروع کرتے ہوئے بھی عمر لگ جاتی تھی، پھر اس کے بعد جو تشریح کرنی ہوتی تھی، اس میں بھی عمر لگتی تھی۔ پہلے میں حیران تھا کہ مکتوب نمبر 287 اتنا اہم مکتوب ہے، وہ لوگوں کی نظر سے کیوں نہیں گزرا۔ پھر مجھے پتا چلا کہ مکتوبات کے ترجمے تو ہوئے ہیں، لیکن تشریح ابھی تک سارے مکتوبات کی نہیں ہوئی۔ record پہ ہے کہ سارے مکتوبات شریف کی تشریح نہیں ہے۔ اور ظاہر ہے کہ یہ چیزیں تو تشریح سے ہی کھلتی ہیں۔ کیونکہ اگر ان پر غور نہ کیا جائے، تو بہت ساری چیزیں رہ جاتی ہیں۔ اس لحاظ سے جس وقت ہم نے کام شروع کیا، تو ہم تو تھے ہی کم علم، اور اس میں ہمارا تو درک بھی نہیں تھا، لیکن اللہ تعالیٰ ابابیلوں سے بھی کام لیتا ہے، پس اللہ پاک نے اسباب بنا دیئے۔ اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ الحمد للہ 2015 میں مکتوبات شریفہ کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور 2020 کے رمضان شریف میں ستائیسویں کو یہ سلسلہ مکمل ہوا، اللہ کا شکر ہے۔ ایک تو یہ ہوا کہ سارے مکتوبات شریفہ الحمد للہ! ہمارے ساتھیوں کی نظر سے گزرے ہیں، اس وجہ سے ان کا مجموعی تاثر الحمد اللہ ہمارے سامنے ہے، کسی ایک خاص مکتوب پر صرف نظر نہیں ہے۔ جیسے قرآن پاک کی ایک آیت سے آپ ساری چیز نہیں حاصل کرسکتے، جب تک آپ کی پورے قرآن کے اوپر نظر نہ ہو۔ ایک حدیث شریف سے آپ سارا کچھ حاصل نہیں کرسکتے، جب تک کہ ساری احادیث شریفہ کے اوپر آپ کی نظر نہ ہو۔ پس الحمد للہ! اللہ پاک نے اس ذریعے سے سارے مکتوبات کے ہماری نظر سے گزرنے کا نظم کر دیا۔ اگرچہ بالکل ابتدا ہی میں ہم نے اس مکتوب شریف کو پڑھا ہے اور اس کا واقعہ بھی بڑا عجیب ہے کہ ایک، دو، تین، چار مکتوبات شریفہ کی تشریح کر کے اس کے بعد footnote پہ حضرت سید زوار حسین شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ اس خاص نکتے کی تشریح آپ کو مکتوب نمبر 287 میں ملے گی۔ اس کے لئے دیکھا، تو میرے ذہن میں کافی عرصے سے جو سوالات تھے، ان کے جوابات مجھے اس میں مل گئے۔ میں نے سوچا کہ سبحان اللہ! اصل تو یہی ہے۔ پھر بعد میں الحمد للہ! جب ہم نے اس پہ کام شروع کیا، تو ذہن میں یہ بات آئی کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ 1، 2، 3 اور 4 کے بعد آگے 287 نمبر مکتوب کی تشریح ہو۔ لوگ کہیں گے کہ اتنا بڑا jump کیوں لگایا گیا۔ درمیان والے مکتوبات کی تشریح کیوں نہیں کی گئی۔ پس اسی گو مگو میں تھے کہ حضرت کی طرف سے ایک صاحب کو اشارہ آیا کہ یہ نمبر میں نے نہیں لگائے، یہ بعد میں لوگوں نے لگائے ہیں۔ اس وجہ سے جس طریقے سے بھی مناسب ہو، اس پر کام جاسکتا ہے۔ یہ تو ایک خبر تھی، لیکن مجھے اس سے ایک نتیجہ ذہن میں آ گیا کہ حضرت خود یہ چاہتے ہیں کہ یہ ہوجائے، یعنی حضرت نے خود یہ جو ارشاد فرمایا، اس کا مطلب یہ ہے کہ خود حضرت کی یہ خواہش ہے کہ یہ مکتوب شریف پہلے ہوجانا چاہئے۔ اس وجہ سے اللہ کا شکر ہے کہ پھر میں نے اس پہ کام شروع کیا۔ اور سب ساتھی جانتے ہیں کہ اس کو چار دفعہ ختم کیا گیا، یعنی ہر دفعہ چار چار درس اس پہ ہوئے، تو 16 درسوں میں یہ ساری چیزیں سامنے آئیں۔ اور اس کے بعد الحمد للہ! حضرت ہی کی برکت سے اس کا نام آیا ’’حقیقتِ جذب و سلوک‘‘۔ تو پھر یہ کتاب شائع ہوگئی۔ اور جیسا کہ یہ مکتوب انقلابی مکتوب تھا، تو اس نے پورا انقلاب برپا کردیا۔ کتاب کے شائع ہوتے ہی الحمد للہ! اس کی برکات سامنے آ گئیں، یہاں تک کہ بعض نقشبندی مشائخ نے مجھ سے فرمایا کہ بس ہم اب الف، ب سے شروع کرنا چاہتے ہیں۔ پھر اللہ کا شکر ہے کہ ان حضرات کی دعاؤں کی برکت سے سلسلہ چلتا رہا۔ کتاب تو چھپ گئی، لیکن اس پر سوالات اٹھ گئے اور اٹھنے ہی تھے۔ سوالات بڑے جارحانہ تھے، اتنے جارحانہ تھے کہ ہمارے دوست تلملا جاتے تھے کہ یہ کیا ہورہا ہے، لیکن میں خوش ہوتا تھا۔ اس لئے خوش ہوتا تھا کہ یہ باتیں سامنے آ رہی تھیں، یعنی جو بات بعد میں سامنے آنی تھی، وہ پہلے سامنے آ رہی تھی، تو یہ اچھی بات تھی۔ ہر ایک کو سمجھنے کا حق ہے۔ جتنے مشکل سوالات ہوتے تھے، اللہ تعالیٰ کی طرف سے اتنی ہی زیادہ مدد آتی تھی، اللہ کی کھلی مدد تھی۔ اور اللہ کا شکر ہے کہ اللہ پاک نے اپنی مدد دکھائی۔ ما شاء اللہ! ان کے جوابات بھی آ جاتے تھے۔ اور پھر الحمد للہ! جوابات کے سامنے آنے سے وہ چیز تو ختم ہوجاتی، لیکن پھر بعد میں کسی دوسری چیز پہ ان کے سوالات اور اشکالات کھڑے ہوجاتے۔ ان کے جوابات بھی اللہ پاک کے فضل و کرم سے آجاتے۔ گویا کہ ابھی جو میں اس کا نچوڑ پیش کر رہا ہوں، یہ اس کتاب اور تمام اشکالات و سوالات کا ایک لازمی نتیجہ ہے۔ اس وجہ سے اس کی زمین بہت سادہ رکھی گئی ہے، اس میں وہ مشکلات نہیں ہیں، جو پہلے تھیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ ایک نیا موضوع تھا، اس میں ہم بھی اتنا زیادہ نہیں جانتے تھے، طالب علم تھے، اس وجہ سے اس وقت جو سمجھ میں آیا، وہ بیان کیا، لیکن بعد میں جو سوالات اٹھے اور اس کے جوابات آ گئے، تو چیزوں کی تشریح اس طرح سامنے آئی کہ یہ لفظ کہنے سے ایسا ہوتا ہے اور یہ لفظ کہنے سے ایسا ہوتا ہے، کیوں کہ الفاظ کا بھی کافی اثر ہوتا ہے، اس وجہ سے ہم نے اس نچوڑ میں الفاظ بھی کافی سادہ قسم کے رکھے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ اب اس کو ان شاء اللہ جو لوگ بھی سمجھنے کی نیت سے پڑھیں گے، ان سب کو یہ سمجھ میں آ جائے گا۔ اس میں کافی روانی آ گئی ہے اور کافی آسانی پیدا ہوگئی ہے، جو مشکل مضامین تھے، وہ الحمد للہ! اب بہت آسان ہوگئے ہیں۔ اب بغیر تاخیر اور انتظار کے اس کو شروع کرتے ہیں، اس لب لباب کا نام ’’حقیقتِ جذب و سلوک‘‘ نام ہے، کیونکہ کتاب ہی اس پہ لکھی گئی ہے۔

متن:

یہ دو اصطلاحات ہیں، جن کا ذکر اکثر آتا ہے۔ جب تک تمام سلاسل میں ابتدا سلوک سے کی جاتی تھی، تو اس میں جذب سے مراد دو قسم کا جذب ہوتا تھا۔ ایک جس میں سالک کو سلوک طے کرنے پر جو جذب وہبی حاصل ہوتا تھا اور دوسرا وہ جو سلوک کی تکمیل سے تو رہ جاتا تھا، لیکن وہ کسی تیز وارد یا کسی بے احتیاطی کی وجہ سے دماغی توازن کھو بیٹھتا تھا۔ ان میں اولُ الذکر میں یا تو مستھلکین ہوتے تھے، جو صرف اپنے محبوبِ حقیقی کی طرف متوجہ رہتے تھے اور خود شریعت پر عمل کر کے اپنی زندگی پوری کر کے منزلِ مقصود پا لیتے تھے، یا راجعین جن سے دوسروں کی تربیت کا کام لیا جاتا تھا۔ ان کو فنا کے بعد بقا سے مشرف کر کے مخلوق کی طرف ان کی تربیت کے لئے لوٹا دیا جاتا تھا۔

تشریح:

یعنی اس کے لئے ان کو نزول کرا دیا جاتا تھا۔

متن:

ان ہی کو منتہی مرجوع بھی کہتے ہیں۔ جب سلوک کی طرف براہِ راست توجہ کم ہوئی، تو حضرت خواجہ بہاء الدین نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ نے اللہ تعالیٰ سے ان حالات کے مطابق ایک آسان طریقے کی دعا کی، جو قبول ہوئی اور حضرت رحمۃ اللہ علیہ کو ایسا طریقہ عطا ہوا، جس میں ابتدا میں فاعلات کے ذریعے جذب کو کسبی طریقے سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ چونکہ یہ بھی ایک قسم کا جذب ہوتا ہے، جو ایک خاص طریقے سے حاصل کیا جاتا ہے، اس لئے جذب منتہی جو کہ سلوک کی تکمیل کے بعد عطا ہوتا ہے، اس کے ساتھ مشابہت کی بنیاد پر حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ ہم نے انتہا کو ابتدا میں مندرج کردیا۔ اور چونکہ یہ طریقہ ایک خاص فضل کے ذریعے عطا ہوا تھا، تو حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: ہم فضلی ہیں۔ یہ دو باتیں اگرچہ نقشبندی سالکین کے شوق کو بڑھانے کے لئے کی گئی تھیں، اس لئے مفید تھیں، لیکن وقت کے ساتھ بعض دفعہ اصطلاحات کی روح ختم ہوجاتی ہے اور نفس کے جال میں پھنسے ہوئے لوگوں کے پاس صرف چھلکا رہ جاتا ہے، اس لئے بجائے اس کے کہ اس کی وجہ سے ترقی کی کوشش کرتے، ایسے لوگوں نے اپنے آپ کو بغیر محنت کے کامل سمجھنا شروع کر لیا، بلکہ دوسرے سلاسل کے کاملین سے بھی اپنے آپ کو افضل جاننا شروع کیا اور یہاں تک کہا کہ ہم فضلی ہیں اور دوسروں کی جہاں انتہاء ہے، وہاں سے ہماری ابتدا ہے۔

تشریح:

میں خود یہ سن چکا ہوں، میں کوئی مبالغہ نہیں کر رہا، منبر پہ بیٹھے لوگ یہ کہتے تھے کہ دوسروں کی جہاں انتہا ہے، وہاں سے ہماری ابتدا ہے۔ یہ بہت بڑا دعویٰ ہے۔ مجھے بتائیں کیا صوفی دعویٰ کرسکتا ہے؟ صوفی کے اوپر تو دعویٰ بند ہے، صوفی کا سر تو جھکا رہتا ہے۔ حضرت ابراہیم بن ادھم رحمۃ اللہ علیہ نے بادشاہت چھوڑی تھی، ایک پولیس والے نے ان کے اوپر بہت سخت ظلم کیا، تو کسی نے کہا کہ حضرت! آپ اس کے لئے کچھ کریں۔ فرمایا کہ وہ سر جو اکڑ جاتا تھا، وہ ہم بلخ میں چھوڑ آئے تھے۔ پس صوفی کا سر تو دبا ہوا ہوتا ہے، وہ کیسے دعویٰ کرسکتا ہے کہ میں ایسا ہوں اور میں ایسا ہوں۔ جو شخص ’’میں ایسا ہوں، میں ایسا ہوں‘‘ کرتا ہے، اس کو تصوف کی ہوا بھی نہیں لگی۔ لیکن اب اس سے کوئی شخص انکار تو نہیں کرسکتا، یہ باقاعدہ میں آپ کو ان کی آوازیں سنوا سکتا ہوں، میرے پاس audios موجود ہیں۔ پس یہ مسائل تو تھے۔

متن:

یقیناً اس کی تاویل کی جاسکتی ہے کہ اس سے مراد یہ ہوسکتا ہے کہ دوسروں کو جذب بعد میں ملتا ہے، ہمیں پہلے سے ملتا ہے، لیکن یہ بات تب ممکن ہے کہ اس کو طریقۂ کار تک محدود رکھا جائے نہ کہ اس سے محض نقشبندی سلسلے میں دخول کے ساتھ تکمیل سمجھا جائے، کیونکہ اس سے ترقی کے بجائے تنزل اور پستی وجود میں آتی ہے، جس کا سد باب ضروری تھا۔ اس وجہ سے ان دو اصطلاحات کی حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے مکتوب نمبر 287 میں اچھی خاصی شرح فرما دی۔ اس مکتوب کو حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اس حال میں لکھا ہے کہ فرمایا: میں سمجھتا ہوں کہ لوگ جذب اور سلوک کے سمجھنے میں گڑبڑ کر رہے ہیں، میرے خاطر فاتر میں یہ آتا ہے کہ اس کے بارے میں چند سطور تحریر کر لوں۔

حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جذب کے بارے میں بنیادی باتیں کرنے کے بعد لکھا کہ یہ جذب سلوک طے کرنے کے لئے ہے، اگر کوئی سلوک طے نہ کرسکے اور حالتِ جذب میں ہی احوال کے بدلنے کو سلوک کے مقامات طے کرنا سمجھے اور اس پر مطمئن ہو کر اپنی فطری ہوشیاری سے تمکین حاصل کر لے، تو یہ مجذوب تو ہے لیکن مجذوب متمکن ہے، کیونکہ یہ سلوک طے نہیں کرچکا اور اس کے نفس کی اصلاح ابھی نہیں ہوئی، اس لئے منتہی مرجوع نہیں، جس کی وجہ سے اس کو شیخ نہیں بنایا جاسکتا۔ تاہم اس میں چونکہ جذب کے آثار ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے اس کے کلام میں اثر ہوتا ہے اور توجہ بھی کرسکتا ہے، اس لئے عوام اس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، لیکن چونکہ یہ خود ابھی نہیں پہنچا، اس لئے دوسرے کو پہنچا بھی نہیں سکتا۔ کامل وہ ہوسکتا ہے، جس کو اپنے نفس پر قابو حاصل ہوچکا ہو، جو کہ صرف سلوک طے کرنے کے بعد ہوسکتا ہے۔ یہ تیسری قسم کا مجذوب ہے جس کی نشاندہی سب سے پہلے حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے اسی مکتوب شریف میں فرمائی۔

محبوبین اور محبین کی بات

حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے اپنے احوال چونکہ بہت عالی تھے اور جن حضرات کو یہ حاصل نہیں تھے، ان کو یہ بات سمجھ نہیں آرہی تھی، اس لئے حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے محبوبین کا جو طریقہ ہوتا ہے، اس پر خصوصی کلام فرمایا ہے۔ جس پر بعد میں بعض حضرات کو یہ گمان ہوا کہ جو بھی نقشبندی ہوتے ہیں وہ محبوبین ہوتے ہیں۔ حالانکہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات شریفہ سے یہ بات ثابت کرنا کوئی ناممکن نہیں کہ محبوبین اور محبین کی تخصیص کسی سلسلہ کی بنیاد پر نہیں، بلکہ یہ ہر شخص کے لئے الگ ہے، چاہے وہ کسی بھی سلسلے میں ہو۔ یعنی دوسرے سلاسل میں بھی محبوبین ہیں اور محبین بھی، اور اسی طرح نقشبندیہ سلسلے میں بھی محبین بھی ہیں اور محبوبین بھی۔ اصل میں ان کو دھوکہ دو باتوں سے ہوا کہ ایک تو انہوں نے محبوب اور مجذوب کو ایک مان کر بزعمِ خود اپنے آپ کو مجذوب سمجھ کر خود کو محبوب بھی سمجھ لیا۔

اس دلیل کے ساتھ کہ چونکہ جذب کا ایک سرا اللہ پاک کی طرف اور دوسرا مجذوب کی طرف ہوتا ہے، اس لیے مجذوب محبوب بھی ہوتے ہیں۔ (یہ بات میں نے خود سنی ہے، میرے پاس اس کی audios بھی موجود ہیں)۔ اور دوسرا یہ کہ مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے احوال کو اپنے اوپر منطبق کیا کہ چونکہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے بارے میں یا اپنے جیسے حضرات کے بارے میں فرمایا تھا کہ ان کا سلوک ضمناً طے ہوجاتا ہے، اس لئے ان حضرات نے اپنے بارے میں بھی گمان کیا کہ ہمیں بھی سلوک کے مقامات علیحدہ طے کرنے کی ضرورت نہیں، وہ اسی جذب میں خود بخود طے ہوجاتے ہیں۔ (یہ بات بھی میرے پاس audios میں موجود ہے)۔ حالانکہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے صاف فرمایا ہے کہ جو بعد میں سلوک کے بعد جذب منتہی حاصل ہوتا ہے، وہ بھی ضروری نہیں کہ محبوبین میں ہو، وہ بھی دونوں طرح کے سالکین کو حاصل ہوسکتا ہے۔ محبوبین اور محبین کے لئے طریقۂ کار کا جو فرق ہے، وہ یہ ہے محبین کو سلوک باقاعدہ طے کرنا ہوتا ہے، جبکہ محبوبین کو کسی طرح طے کرا دیا جاتا ہے، جس سے ان کو ابتدا میں سلوک کا خلاصہ سا حاصل ہوتا ہے، بعد میں ان کو تفصیلی طور پر متعارف کرایا جاتا ہے۔

تشریح:

یعنی بعد میں ان کو راستہ دکھایا جاتا ہے۔ پہلے پہنچا دیا جاتا ہے، پھر اس کے بعد ان کو طریقہ سکھایا جاتا ہے۔

متن:

محمدی مشرب اور دوسرے اولیاء کرام کا فرق

یہ بھی اسی مکتوب شریف کا خصوصی موضوع ہے۔ اس کو سمجھانے کے لئے حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے پہلے دو قسم کے فیوض کے بارے میں بات کی اور وہ یہ کہ پہلی قسم تکوینی فیض جس میں موت زندگی بیماری، گرمی سردی وغیرہ آتے ہیں اور دوسری قسم تشریعی فیض۔ یہ پہلی قسم تو حضرت رحمۃ اللہ علیہ بتاتے ہیں کہ سب صفات کے ذریعے ملتا ہے، کیونکہ ان میں اللہ تعالیٰ کی صفات کارگر ہوتے ہیں اور سالکین کا اگرچہ اس میں کچھ بھی حصہ نہیں ہوتا، البتہ معرفت کا بہت بڑا ذریعہ ہے، کیونکہ ان سے اللہ تعالیٰ کی پہچان ہوتی ہے اور دوسری قسم کا فیض محمدی مشرب اولیائے کرام کو شیونات کے ذریعے اور باقیوں کو صفات کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔ اس میں جن حضرات کا تعلق اللہ تعالیٰ کے ساتھ براہِ راست ذات کی طرف توجہ سے ہوتا ہے، ان کو صفات کی طرف توجہ نہیں ہوتی، صفات کی طرف ان کا دھیان ایک دھندلا سا ہوتا ہے۔

تشریح:

میں اس کو سمجھا دیتا ہوں۔ یہ ہماری آنکھ ہے، آنکھ کے اندر cones بھی ہیں اور rods بھی ہیں، cone بالکل صحیح resolution کے ساتھ آپ کو چیز دکھاتا ہے، آپ اس کو پہچانتے اور سمجھتے ہیں اور rod صرف موجودگی کا احساس دلاتا ہے۔ مثال کے طور پر rod اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ ادھر desk ہے اور ادھر فلاں چیز ہے۔ اس کے ذریعے مجھے صرف موجودگی کا پتا ہے، باقی اس کے اوپر کوئی چیز پڑی ہے یا نہیں پڑی، مجھے کیا پتا؟ یہ کیا ہے اور کیا نہیں ہے، اس کا بھی پتا نہیں۔ کوئی کھڑا ہو، تو شاید میں اس کو پہچان بھی نہ سکوں اور اگر پہچانوں گا، تو ذہن میں اس کا پہلے سے تصور ہوگا، اس کی وجہ سے پہچانوں گا، مطلب یہ ہے کہ اس کے ذریعے سے میں اس کی پہچان نہیں کرسکتا۔ پس rods صرف موجودگی کا احساس دلاتے ہیں اور یہ اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا فضل ہے۔ وہ اس وجہ سے کہ اگر یہ بھی بالکل صحیح resolution کے ساتھ نظر آتا، تو آپ غض بصر نہ کرسکتے۔ غض بصر اس کو کہتے ہیں کہ آپ اپنی آنکھیں نیچی کر کے غیر محرم سے اپنی نظر کو ہٹا لیں۔ راستہ چلتے ہوئے اگر آپ نیچے دیکھتے ہیں، تو کسی سے ٹکر کھانے کا اندیشہ ہوتا ہے اور اگر اوپر دیکھتے ہیں، تو نظر پڑتی ہے، لہذا اس کے درمیان کوئی ایسی چیز ہونی چاہئے تھی کہ جو موجودگی کا پتا دے، لیکن آپ کو یہ پتا نہ ہو کہ وہ کیا ہے، تو وہ یہی rods چیز ہے۔ اگر آپ نیچے دیکھتے ہیں، تو اوپر بھی rods ہیں، جن سے آپ کو صرف اتنا پتا چلے گا کہ کوئی آ رہا ہے، لہٰذا آپ اس سے بچ جائیں گے۔ لیکن کون آ رہا ہے، وہ آپ کو پتا نہیں لگے گا، لہٰذا غضِ بصر ہوسکتا ہے۔ ہمارے حضرت ’’مولانا اشرف صاحب‘‘ رحمۃ اللہ علیہ کے ایک مرید کراچی کے تھے، انہوں نے خط لکھا کہ حضرت! یہاں یہ مسئلہ ہے کہ اگر میں اوپر دیکھتا ہوں، تو ایمان جاتا ہے اور اگر نیچے دیکھتا ہوں، تو جان جاتی ہے، یعنی accident کا خطرہ ہوتا ہے۔ حضرت نے فرمایا کہ ایسا طریقہ سیکھو کہ جس میں ایمان بھی نہ جائے اور جان بھی نہ جائے۔ اس کے لئے اللہ پاک نے عقل دی ہے، اس کو استعمال کرو۔ پس یہ بات ہے۔ اس پر میں آپ کو ایک واقعہ سناتا ہوں، ہمارے خاندان میں پہلے سے میرے بارے میں یہ معلوم تھا کہ یہ خواتین کے بارے میں بڑا سخت ہے۔ اور سخت یہ تھا کہ پردہ کرتا ہوں۔ اور پردہ کرنا تو سختی نہیں ہوتی، وہ تو شریعت پر عمل ہے، لیکن لوگ اس کو سختی سمجھتے ہیں۔ لہذا یہ مشہور تھا کہ یہ بڑا سخت ہے۔ کم از کم ہماری کزنوں کو تو پتا ہی تھا۔ ہماری ایک cousin کراچی میں تھی، بلکہ دو تھیں، ایک کے ہاں باقاعدہ خواتین کا ہمارا بیان بھی ہوتا تھا، وہ پردے میں بیٹھی ہوتی تھیں، میں mic سے بیان کرتا تھا، جیسے یہاں پر ہوتا ہے۔ اس cousin کے بیٹے نے میری اس cousin کو کہا کہ ہم اس طرح کر لیں، انہوں نے کہا کہ ناممکن۔ اس نے کہا کہ اچھا، پھر اس طرح کر لیں، انہوں نے کہا: ناممکن۔ بالآخر انہوں نے کہا کہ اچھا، پھر آپ آ جائیں اور خود دیکھ لیں۔ پھر وہ آ گیا۔ جب وہ آیا، تو میں خواتین کے لئے بیان کر رہا تھا۔ مجھے کہتے ہیں کہ مجھے کوئی تکلیف نہیں ہو رہی، بلکہ خوشی ہو رہی ہے کہ آپ نے یہ کام شروع کر لیا، مجھے صرف اس لئے یقین نہیں آ رہا تھا کہ آپ کا گزشتہ ماضی میرے سامنے تھا۔ اب میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ آپ ہمارے ہاں بھی آ کے خواتین کے لئے بیان کریں، میں آپ کے لئے arrange کرتا ہوں۔ میں نے کہا کہ ٹھیک ہے۔ انہوں نے میرے سامنے کم از کم وہ ساری چیزیں دیکھ لی تھیں، میں نے سوچا کہ ایسا ہی کرے گا، مجھے کیا پتا کہ اس کے ذہن میں کچھ اور ہے۔ وہ Clifton کے تھے اور آپ کو پتا ہے کہ Clifton کیسی جگہ ہے۔ خیر! وہ اپنے گھر میں گیا اور گھر کے صحن میں میرے لئے seat بنائی اور سامنے عورتیں بٹھا دیں۔ اب میں سمجھ گیا۔ میں نے کہا کہ یا اللہ! خیر، یہ تو معاملہ الٹ ہوگیا، لیکن پھر وہی پرانی طریقہ کام آیا کہ نیچے دیکھو۔ پس میں نے نیچے دیکھتے دیکھتے سارا بیان کیا اور بیان کو اتنا لمبا کیا کہ مغرب کی اذان ہوجائے، کیونکہ اگر میں بیان ختم کرتا اور اس حالت میں اٹھتا، تو نظریں مل سکتی تھیں، اس لئے میں نے انتظار کیا کہ اذان شروع ہوجائے۔ جیسے اذان شروع ہوئی، تو میں نے اعلان کیا کہ بس ٹھیک ہے، اب اذان شروع ہوگئی ہے، لہذا اب میں نماز کے لئے جا رہا ہوں۔ کیونکہ مجھے خطرہ تھا کہ لوگ questions کرنا شروع کر لیں گے اور questions میں پھر غیر ارادی طور پہ انسان کی نظر اٹھ سکتی ہے، بیان میں تو انسان control کرسکتا ہے، لیکن question answer میں ذرا مشکل ہوجاتا ہے، اس لئے میں نے بیان اتنا لمبا کیا کہ مغرب کی اذان ہوگئی۔ پھر میں نے کہا کہ بس اب میں جا رہا ہوں اور واپس آؤں گا، تو اس Drawing room میں بیٹھوں گا اور یہ کھڑکی ہے، اس کھڑکی سے آپ لوگوں نے سوال کرنا ہے اور میں اندر سے جواب دوں گا، ابھی میں جا رہا ہوں۔ پھر میں نظریں نیچی کئے ہوئے چلا گیا اور واپس آ کے Drawing room میں بیٹھ گیا۔ اور اس کے بعد پھر انہوں نے سوال و جواب کئے، کچھ خواتین بیعت بھی ہوگئیں۔ خیر! ایسا ہوا کہ بعد میں خواتین نے میری رشتہ دار خواتین سے بقول ان کے، کہا کہ کیا شاہ صاحب کو نظر آتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہاں نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تو خیال تھا کہ شاید ان کو نظر نہیں آتا۔ بہرحال! یہ غضِ بصر ہوتا ہے، اس میں اللہ پاک نے نظام بنایا ہوا ہے، آپ اس نظام کو استعمال کرسکتے ہیں۔ اب اگر نظام ہوتے ہوئے بھی آپ اس کو استعمال نہیں کرو گے، تو یہ آپ کا اپنا fault اور اپنا مسئلہ ہے۔

محمدی مشرب والے حضرات کی توجہ ذات کی طرف اتنی ہوتی ہے کہ صفات ان کے لئے ایسی ہوتی ہیں جیسے کہ side کی چیزیں، ان کو صفات کا ادراک اور احساس ہوتا ہے، لیکن تفصیل معلوم نہیں ہوتی۔ جبکہ جو سالکین صفات کے ذریعے سے چلتے ہیں، ان کو صفات کی تفصیل معلوم ہونے کے بعد ذات کی طرف توجہ ہوتی ہے۔

متن:

دوسری قسم کا فیض محمدی مشرب اولیائے کرام کو شیونات کے ذریعے اور باقیوں کو صفات کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔ اس میں جن حضرات کا تعلق اللہ تعالٰی کے ساتھ براہِ راست ذات کی طرف توجہ سے ہوتا ہے، ان کو صفات کی طرف توجہ نہیں ہوتی، صفات کی طرف ان کا دھیان ایک دھندلا سا ہوتا ہے، جس میں ان کو صفات کا مشاہدہ اس کی ذات کی طرف توجہ کی وجہ سے ہوتا ہے، جبکہ دوسرے حضرات کو صفات کی طرف توجہ ہوتی ہے اور اس کے ذریعے وہ ذات کا دھیان حاصل کرتے ہیں۔ پہلے قسم کے اولیائے کرام محمدی مشرب ہوتے ہیں۔ حضرت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ ان کی فنا و بقا کامل ہوتی ہے، جب کہ دوسرے حضرات کو عود کا خطرہ ہوتا ہے، کیونکہ فنائیت کامل نہ ہونے کی وجہ سے بوقتِ زوال ان کا نفس پھر فعال ہوسکتا ہے۔ یہاں پر بھی کچھ حضرات کو محمدی مشرب میں ہونے کے شوق کی وجہ سے یہ خیال ہوجاتا ہے کہ ان پر بھی محمدی مشرب ہونے کے آثار ہیں، اس لئے جو معاملہ اللہ کا ان کے ساتھ ہے ہمارے ساتھ بھی ہے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے تفصیلی طور پر سلوک کا طے ہونا اپنے لئے لازم نہیں سمجھا اور یہ سمجھا کہ وہ ضمناً طے ہوجاتا ہے، حالانکہ یہ طریقہ صرف محمدی مشرب اولیاء کرام کے ساتھ مخصوص ہے۔

تشریح:

یعنی اس سے انکار نہیں ہے، لیکن یہ محمدی مشرب والے لوگوں کے لئے ہے۔

متن:

حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اس غلط فہمی سے نکالنے کے لئے کئی اصولی باتیں مختلف مکتوبات میں ارشاد فرمائی ہیں:

1۔ محمدی مشرب میں ہونا اور نہ ہونا؛ یہ کام اختیاری نہیں۔ اس کا فیصلہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں، اس لئے اس پر ہی چھوڑنا چاہیے۔ ہمیں تفویض سے کام لینا چاہیے، کیونکہ کم از کم غیر اختیاری کاموں میں تفویض کے بغیر چارہ نہیں اور ناشکری کے سبب سے جو کچھ پاس ہے، اس کے بھی زائل ہونے کا احتمال ہوتا ہے، اس لئے اگر کوئی اس میں گرفتار ہے، تو اس کو اس سے توبہ کرنی چاہیے۔

2۔ اس میں اگر عود کا خطرہ ہے، تو حدیث شریف میں ’’اَلْاِیْمَانُ بَیْنَ الْخَوْفِ وَالرَّجَاءِ‘‘ آتا ہے، تو یہ دغدغہ تو ہمارے عمر بھر کا کام ہے، اس سے تو مفر ممکن نہیں۔ آخر ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے امت میں کون بڑا ہوگا کہ ان کو تو اپنے انجام کا خوف تھا اور ہم چین کی بانسری بجائیں، اس لئے اس کی وجہ سے بلاوجہ ناشکری کی وجہ سے اپنے آپ کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

3۔ اگر محبوبین محبین کے راستے پر چلیں، تو ان کو فائدہ ہوتا ہے، لیکن محبین اگر اپنے آپ کو محبوبین سمجھ کر ان کے راستے ہر چلیں، تو ناکام ہوجاتے ہیں، اس لئے بالفرض اگر کوئی محبوبین میں سے بھی ہو، تو تفصیلی طور پر سلوک کو طے کرنے سے ان کو کیا عار ہوسکتا ہے، اس سے فائدہ ہی ہوگا۔ ان شاء اللہ۔

تشریح:

مثلاً: کچھ لوگ تیز چل سکتے ہیں اور کچھ لوگ تیز نہیں چل سکتے، تو جو تیز چل سکتے ہیں، اگر وہ آہستہ آہستہ چلیں، تو ان کا کوئی نقصان نہیں، اور جو تیز نہیں چل سکتے، وہ اگر تیز چلنے کی کوشش کریں گے، تو گر جائیں گے۔ جتنا ان سے ہوسکتا ہوگا، وہ بھی ان سے نہیں ہوسکے گا۔ جیسے motorway پر لکھا ہوتا ہے کہ نہ پہنچنے سے دیر سے پہنچنا بہتر ہے، یعنی آپ اتنی speed لگائیں کہ کسی دوسری جگہ یعنی عالمِ بالا میں پہنچ جائیں، تو پھر کیا ہوگا۔ لہٰذا اس کے Prescribed limits کے اندر اندر رہیں۔ اسی طرح یہاں بھی یہ معاملہ ہے، کیونکہ اس میں کوئی عار نہیں ہے۔

متن:

مجاہدہ اور مراقبہ کی بات

انسان دو چیزوں کا مرکب ہے۔ روح اور نفس کا۔ روح کا تعلق عالمِ بالا کے ساتھ ہے اور نفس کاعالمِ سفل کے ساتھ۔ روح کو نفس نے جکڑا ہوا ہوتا ہے، اس لئے روح کو اگر نفس سے آزادی دلائی جائے، تو اس کا عالمِ بالا کے ساتھ تعلق ہوجاتا ہے اور نفس کو اگر آزادی دی جائے، تو گراوٹ کی طرف جاتا ہے۔ چونکہ اللہ تعالیٰ نے ہر شخص کو کچھ روحانی صلاحیتیں دی ہوئی ہیں اور نفس کے اندر فجور کے تقاضے بھی ہیں، تو ان روحانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے کچھ محنت درکار ہوتی ہے، جن کو فاعلات کہلاتے ہیں، جیسے: ذکر شغل مراقبہ، اور جو نفس کے رذائل ہوتے ہیں، ان کو دبانا ہوتا ہے، ان کے اس دبانے کو مجاہدہ کہتے ہیں۔ اس لئے ہر سالک کو اپنی اصلاح کے لئے ان دونوں کی ضرورت ہوتی ہے، جس کا فیصلہ اس کے شیخ کو کرنا ہوتا ہے۔ اس میں ہر سلسلے کا اپنا رنگ ہوتا ہے اور ہر شیخ کے پاس اپنا تجربہ ہوتا ہے، جس کی بنیاد پر شیخ اپنے مریدین کی روحانیت کو بڑھانے کے لئے فاعلات کا استعمال کرتے ہیں اور رذائل کو دبانے کے لئے مجاہدات سے کام لیتے ہیں۔

تشریح:

ہر شخص کے اندر کچھ صلاحیتیں ہوتی ہیں، جو فاعلات کے ذریعے سے اجاگر ہوتی ہیں اور کچھ رذائل بھی ہوتے ہیں۔ ہماری بات کی کیا حیثیت ہے، اللہ پاک خود فرمایا ہے:

﴿فَأَلْهَمَهَا فُجُوْرَهَا وَتَقْوَاهَا﴾ ‎(الشمس: 8)

ترجمہ: ’’پھر اس کے دل میں وہ بات بھی ڈال دی جو اس کے لئے بدکاری کی ہے، اور وہ بھی جو اس کے لئے پرہیزگاری کی ہے‘‘۔

یہ اللہ پاک نے خود قرآن پاک میں فرمایا ہے۔ اب اگر اس فجور کو نہ دبایا جائے، تو پھر کیا نتیجہ ہوگا؟ ظاہر ہے کہ آپ کی ساری کی ساری کوششیں بیکار ہوجائیں گی۔ اس کے لئے میں مثال دیتا ہوں کہ جیسے ایک تالاب ہے، اس تالاب کے اندر کئی نہریں آ رہی ہیں، جو گندے پانی کی ہیں، اگر آپ اس تالاب کو صاف کرنا چاہتے ہیں، تو اس کا کیا طریقہ ہوگا؟ ظاہر ہے کہ گندے پانی کے جو pipe ہیں یا نہریں ہیں، سب سے پہلے ان کو روکنا پڑے گا، اس کے بعد پھر آپ تالاب کو صاف کرسکیں گے، ورنہ تالاب میں مسلسل گندا پانی آرہا ہوگا، آپ اس کو صاف کرتے جائیں گے، وہ پھر آتا جائے گا، آپ صاف کرتے جائیں گے، وہ پھر آتا جائے گا، اس طرح کبھی بھی تالاب صاف نہیں ہوگا۔ اسی طرح نفس کے اثرات پہلے سے موجود ہیں، آپ ان کو بغیر محنت کے ختم نہیں کرسکتے، اس لئے جب تک آپ نے ان کو دبانے کی محنت نہیں کی ہوتی، اس وقت آپ کے دل کی صلاحیتوں کو جگانے والی محنت کارگر نہیں ہوگی، کیونکہ دل کو قلب کہتے ہیں اور قلب تبدیل ہونے والی چیز کو کہتے ہیں، یعنی کبھی کچھ اور کبھی کچھ، لہٰذا کبھی تو آپ ایسے ہوں گے کہ آپ بزرگ ہوگئے اور کبھی آپ کہیں گے کہ میرا تو اس پہ بس ہی نہیں ہے، میں کیا کروں۔ لہٰذا اس قلب کو control کرنے کے لئے نفس کو control کرنا پڑتا ہے۔ جب تک آپ نفس کے اوپر قابو نہیں رکھیں گے، اس وقت آپ کا قلب صاف نہیں ہوسکتا، اس وجہ سے دو قسم کی چیزیں ضروری ہیں، فاعلات کی بھی ضرورت ہے اور نفس کی اصلاح کی بھی ضرورت ہے۔ نفس کو دبانے کی بات بھی آگے آئے گی، ان شاء اللہ۔ پھر ذرا اور بھی یہ بات کھل جائے گی، ان شاء اللہ۔ یہ بہت اہم موضوع ہے۔

متن:

بعض سلاسل ابتدا سے ہی مجاہدہ کراتے ہیں، جس سے نفس کا زور ٹوٹ جاتا ہے اور وہ ماننے پر تیار ہوجاتا ہے اور پھر فاعلات کے ذریعے سالکین کی روحانیت کو جگاتے ہیں۔ اس وقت چونکہ نفسانیت قابو میں آ چکی ہوتی ہے، اس لئے روحانیت کو جلدی جلدی ترقی نصیب ہوتی ہے۔ نقشبندی طریقہ میں ابتدا میں سالک کو ایک خاص طریقے سے ذکر اور مراقبات کے ذریعے جذبِ کسبی حاصل کروایا جاتا ہے اور پھر اس جذب سے کام لے کر سلوک طے کرایا جاتا ہے، جس سے نفس قابو میں آجاتا ہے اور فنائیت نصیب ہوجاتی ہے، پھر اگر اللہ نے چاہا، تو اسے دوسروں کے لئے واپس لوٹایا جاتا ہے۔

فاعلات اور مجاہدات میں ہر طریقے کا اپنا رنگ ہوتا ہے۔ بعض سلاسل ذکر جہری، پاس انفاس یا ذکرِ خفی سے کام لیتے ہیں اور خلوت و اختیاری مجاہدہ کے ذریعے نفس کی اصلاح کراتے ہیں، جبکہ نقشبندی حضرات کے ہاں ذکرِ سری اور مراقبات کے ذریعے جذب حاصل کیا جاتا ہے اور صحبتِ شیخ اور مسنون اعمال میں مطلوب مجاہدے کو اصلاح کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، تاہم اس میں نگرانی کی شدید ضرورت ہوتی ہے کہ سالک کہیں عملی دنیا سے کٹ کر تخیلاتی دنیا میں نہ چلا جائے۔ ایسا سالک کبھی اپنے تخیل سے بزرگی کا کوئی رنگ تراش کر اپنی خیالی دنیا میں منہمک ہوجاتا ہے۔

تشریح:

جب تک نفس پہ قابو نہیں ہوگا، شیطان پہ قابو نہیں ہوسکتا، کیونکہ شیطان نفس کے ذریعے سے آتا ہے، نفس کی خواہشات کے ذریعے سے شیطان وسوسے design کرتا ہے، اس وجہ سے جب تک نفس قابو میں نہ آئے، اس وقت تک شیطان قابو میں نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا آپ کا مراقبہ بھی قابو میں نہیں ہے، آپ کا کشف بھی قابو میں نہیں ہے، آپ کا خواب بھی قابو میں نہیں ہے، ان سب کے اندر شیطان تصرف کرسکتا ہے۔ اور شیطان آپ کی حبِ جاہ کو استعمال کرتے ہوئے آپ کو بزرگ declare کروا سکتا ہے۔ اور جب آپ اپنے آپ کو بزرگ سمجھیں گے، تو پھر آپ اصلاح کے لئے invalid ہوگئے، پھر آپ کی اصلاح نہیں ہوسکتی، کیونکہ بزرگوں کی کوئی اصلاح نہیں کرسکتا۔ صاف صاف باتیں ہیں، درمیان میں کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ جب تک آپ نے اپنے نفس کی اصلاح نہیں کرائی، اس وقت تک آپ شیطان سے محفوظ نہیں، کیوں کہ نفس کی خواہشات فعال ہیں، لہٰذا شیطان بھی فعال ہے اور شیطان کو یہ speciality بھی حاصل ہے کہ وہ آپ کے کشف میں بھی اثر کرسکتا ہے، آپ کے خواب میں بھی اثر کرسکتا ہے، آپ کے خیالات میں بھی اثر کرسکتا ہے، آپ کے اندر بزرگی کے خیالات بھی پیدا کرسکتا ہے، جو بھی ہو، آپ سمجھیں گے کہ میں صحیح ہوں۔ میں نے خود اپنے کانوں سے ایسی ایسی باتیں سنی ہیں۔ میں آپ کو کیا بتاؤں! بس لوگ انہیں باتوں میں پڑے ہوتے ہیں اور کشفیات کی باتیں کرتے ہیں۔ حکیموں کے اندر ایک مرض پایا جاتا تھا اور ابھی تک ہے، اِلَّا ماشاء اللہ۔ وہ مرض کیمیا کا تھا، وہ کہتے تھے کہ کیمیکل طریقے سے سونا بنایا جاسکتا ہے، اور وہ مختلف طریقے apply کرتے تھے۔ ایک دفعہ ایسا ہوا کہ میں ایک جگہ پہ سونا چاہتا تھا، وہاں دو حکیم بیٹھے ہوئے تھے، ان حکیموں کی آپس میں discussion میں نے سن لی، ایک حکیم صاحب دوسرے کو اپنے تجربات بتا رہے تھے کہ بس میں یہاں تک پہنچ گیا تھا، لیکن درمیان میں ایک غلطی ہوگئی، بس پھر مسئلہ حل نہیں ہوا۔ پھر اس طرح ہوگیا اور پھر اس طرح ہوگیا۔ وہ سونا بنانے کے چکر میں لگے رہے اور میں سن رہا تھا۔ اگرچہ وہ سمجھ رہے تھے کہ میں سو رہا ہوں، حالانکہ میں کیسے سو سکتا تھا کہ وہ باتیں کر رہے تھے۔ اخیر میں میں اٹھا اور میں نے کہا کہ میں آپ حضرات سے مؤدبانہ گزارش کرتا ہوں کہ جو باتیں آپ کر رہے ہیں، یہ آپ کی field کی نہیں ہیں، یہ ہماری فیلڈ ہے، Nuclear Engineering کے ساتھ ہمارا تعلق ہے، Chemical reaction سے یہ چیزیں نہیں ہوسکتیں اور physical سے تو سوال ہی نہیں پیدا ہوسکتا، Chemical reaction سے بھی یہ چیزیں نہیں ہوسکتیں، Chemical reaction سے سونا نہیں بن سکتا، یہ Nuclear reaction سے reactor کے ذریعے سے بنایا جاسکتا ہے، لیکن اس پہ جتنا خرچ آتا ہے، وہ اصل سونے سے زیادہ مہنگا پڑے گا، اس وجہ سے اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ میں نے کہا کہ اس پہ مزید آپ نہ سوچیں، آپ خواہ مخواہ اپنے آپ کو تھکا رہے ہیں، کیوں کہ جو کام نہیں ہوسکتا، اگر اس پہ آپ لگے رہیں گے، تو نتیجہ کچھ بھی نہیں ہوگا۔ یہ میں اس دورِ حاضر کی بات بتا رہا ہوں، میرے خیال میں ابھی اس واقعہ کو شاید 15 سال ہوچکے ہوں گے، تو یہ دورِ حاضر ہی ہے۔ ان میں سے ایک حکیم صاحب تو فوت ہوگئے ہیں، دوسرے کا مجھے اس وقت علم نہیں ہے۔ بہرحال! یہ اس قسم کی بات ہے، اسی طریقے سے نقشبندی حضرات جب آپس میں ملتے ہیں، تو وہ اپنے مشاہدات اور کشفیات میں لگے رہتے ہیں۔ خدا کے بندو! سب سے بڑا کشف قرآن کا سمجھنا ہے، حدیث کا سمجھنا ہے، اسی کی طرف آجاؤ، یہ کن چیزوں میں لگے ہو۔ قرآن و حدیث کو علم کہتے ہیں اور پھر اللہ پاک سمجھ بھی دے دیتے ہیں، جس کو فقاہت کہتے ہیں۔ پھر اس کے بعد عمل کی بات ہوتی ہے اور عمل کے لئے نفس کو قابو کرنا ضروری ہے۔ یہ بالکل دو، دو چار کی طرح باتیں ہیں، ان پہ زیادہ research کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

متن:

تاہم اس میں نگرانی کی شدید ضرورت ہوتی ہے کہ سالک کہیں عملی دنیا سے کٹ کر تخیلاتی دنیا میں نہ چلا جائے۔ ایسا سالک کبھی اپنے تخیل سے بزرگی کا کوئی رنگ تراش کر اپنی خیالی دنیا میں منہمک ہوجاتا ہے۔

تشریح:

اللہ تعالیٰ ہمیں ایسے چکروں سے بچائے۔ میں اپنے شیخ کو اس قسم کے حالات بتا رہا تھا، تو فرمایا کہ دور کرو، دور کرو، یہ راستے کے کھیل تماشے ہیں۔ یعنی ابتدا ہی سے کاٹ دیا کہ اس line پر چڑھو ہی نہیں۔ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے بھی (اللہ تعالیٰ حضرت کے درجات بلند عطا فرمائے) بعض چیزوں کو بہت آسانی سے سمجھایا ہے۔ حضرت نے اس کے لئے جو مثال دی ہے، وہ اس وقت مجھے یاد تو نہیں، لیکن میں حضرت کی مثال کے مطابق مثال دے رہا ہوں۔ مثلاً: آپ لاہور جا رہے ہیں، train میں بیٹھ گئے، train کے سارے دروازے بند ہیں، کھڑکی بھی بند ہے اور train چل رہی ہے، تو آپ کو کچھ بھی پتا نہیں چلے گا کہ میں کہاں کہاں سے گزر رہا ہوں، لیکن آپ کی منزل لاہور ہے، بالآخر آپ لاہور پہنچ جائیں گے۔ جب آپ وہاں اتر جائیں گے، تو مقصد پورا ہوجائے گا۔ اور دوسرا شخص ایسا ہے کہ اس کے لئے کھڑکیاں کھلی ہیں اور دروازے بھی کھلے ہیں، اس کو پتا چل رہا ہے کہ میں فلاں جگہ پر پہنچ گیا اور فلاں جگہ پر پہنچ گیا۔ اس طرح بھی وہ لاہور پہنچ جاتا ہے۔ حضرت نے فرمایا کہ جس آدمی کو کچھ بھی نظر نہیں آیا، وہ بھی لاہور پہنچ گیا اور جس کو بہت کچھ نظر آیا، وہ بھی لاہور پہنچ گیا، دنوں کے نتیجے میں کوئی فرق نہیں ہے، لیکن جس کو نظر آ رہا ہوتا ہے، اس میں یہ خطرہ ہے کہ کسی جگہ کو بہت interesting سمجھ کر جہاں گاڑی تھوڑی دیر کے لئے کھڑی ہو، وہ اس کو دیکھنے کے لئے یا touch کرنے کے لئے باہر اتر جائے اور گاڑی چل پڑے۔ اگر ایسا ہوا، تو پھر وہ ادھر ہی رہ جائے گا اور اپنی منزل سے رہ جائے گا۔ فرمایا کہ یہ خطرہ ان کے لئے ہوسکتا ہے، جن کے لئے دروازے کھلے ہیں اور کھڑکیاں کھلی ہیں۔ اسی طرح جو لوگ کشف کے اندر بیٹھ جاتے ہیں، اسی پر تکیہ کر لیتے ہیں کہ بس ہمیں منزلِ مقصود مل گئی، تو وہ پھر آگے نہیں چل پاتے۔ حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ بھی اپنے مکتوبات شریفہ میں اس پر زور دیتے ہیں کہ خدا کے بندو! اخروٹ کے چھلکے پہ مطمئن نہ ہوجانا، بلکہ اپنے مقصد اور اپنی منزل کو سامنے رکھو، یہ کیا تم درمیان کی چیزوں پہ عاشق ہوگئے ہو؟

35 اسباق اور سلوک کے دس مقامات

جیسا کہ پہلے بتایا گیا ہے کہ اصل تو سلوک طے کرنا ہے یعنی نفس کو قابو کر کے ایمانی صفات جیسے اخلاص، تقویٰ، تواضع، خشوع، صبر، شکر وغیرہ حاصل کرنا ہے، اس کے لئے جذب تیاری کے لئے حاصل کیا جاتا ہے جیسا کہ لوہے سے کوئی خاص چیز بنانا چاہتے ہوں، تو اس کے لئے اس کو گرم کر کے نرم کیا جاتا ہے، تاکہ اس کو مخصوص شکل دی جا سکے، محض گرم کرنا مقصود نہیں ہوتا اور اگر گرم ہو کر بغیر اس کو کسی مطلوبہ شکل میں ڈالے وہ ٹھنڈا ہوجائے، تو ساری محنت ضائع ہوسکتی ہے، اس لئے اگر 35 اسباق سے شوق و جذب حاصل تو ہوجائے اور وقتی طور پر ایسا محسوس ہوجائے کہ جیسے وہ ایمانی صفات بھی حاصل ہوچکی ہیں، لیکن جیسے ہی فطری طور پر وہ جذب ختم ہوجائے اور وہ ایمانی صفات مستقل طور پر نہ رہیں، تو اصل مقصد تو فوت ہوگیا۔ پس اگر دوبارہ محنت کی اور پھر بھی ایسا ہو اور اس طرح بار بار کرتا رہے، تو اس صورت میں مایوس ہو کر چھوڑ دے گا۔ اس کی بجائے اگر اس نے صرف اس پر اکتفاء کیا اور اپنے آپ کو کامل سمجھا، تو معاملہ اور بھی خطرناک ہوجاتا ہے۔ ایسے ہی شخص کو حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ نے مجذوب متمکن فرمایا ہے۔ حضرت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جذب کوئی کورس نہیں کہ اس کو پاس کیا، تو کامیاب ہوگیا، بلکہ بدرجۂ ضرورت مطلوب ہے، جیسے ہی حاصل ہوجائے، تو فوراً سلوک کی تکمیل کی طرف متوجہ ہونا چاہیے، تاکہ نفس کا شر دفع ہو اور اخلاقِ حمیدہ مستقل طور پر حاصل ہوسکیں۔ اس کے لئے کم از کم دس مقاماتِ سلوک طے کرنا لازمی ہے، وہ اس لئے کہ نفس کی ہر سمت میں شرارت کو ختم کرنا ہے، اس کے لئے کوئی دروازہ کھلا نہیں چھوڑنا۔ یہ دس مقامات مقامِ توبہ، مقامِ انابت، مقامِ ریاضت، مقامِ قناعت، مقامِ تقویٰ، مقامِ صبر، مقامِ زہد، مقامِ توکل، مقامِ تسلیم اور مقامِ رضا ہیں۔ ان کو تفصیل کے ساتھ طے کرنا ہوتا ہے، تب ہی نفس کی ٹیڑھ ختم ہوسکتی ہے۔ آج کل بعض حضرات جو کہتے ہیں کہ جذب سے بھی تکمیل ہوتی ہے اور سلوک سے بھی۔

تشریح:

کتاب میں لکھا ہے، اپنی طرف سے نہیں کہہ رہا۔ شاید ہماری اس کتاب کے جواب میں بھی لکھا ہے اور وہ ہم تک پہنچ بھی گیا ہے، جس میں لکھا ہے کہ جذب سے بھی تکمیل ہوتی ہے اور سلوک سے بھی۔

متن:

جذب کی مثال lift کے ذریعے چڑھنا ہے اور سلوک کی مثال سیڑھیوں سے

چڑھنے کی طرح ہے، سو یہ ان کا طریقہ تو ہوسکتا ہے، لیکن نقشبندی سلوک نہیں ہے۔ نقشبندی سلوک وہی ہے، جو حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے مکتوبات شریفہ بالخصوص مکتوب نمبر 287 میں بیان کیا ہے، جس کا حاصل وہی ہے جو اوپر بیان کیا گیا۔ واللہ اعلم بالصواب۔

تشریح:

آگے اس کا آخری topic ہے، یعنی سلوک کے 10 مقامات کا طے کرنا۔

سلوک کے دس مقامات کا طے کرنا

حضرت مجدد الف ثانی نے جو ارشاد فرمایا ہے کہ سلوک کے دس مقامات کو لازمی طے کرنا ہے (تفصیل کے ساتھ) ان میں پہلا مقام توبہ ہے۔ یعنی ابھی تک جو میں نے اس نفس کی بات مانی ہے۔ اے اللہ! میں توبہ کرتا ہوں۔ اور اس کے بعد ان گناہوں کو ترک کر دے، جس قسم کا گناہ ہو اس سے توبہ کرے۔ اس کے بعد دوسرا مقام جو ہے، وہ مقامِ انابت ہے۔ یعنی یہ عہد کرے کہ اب میں اس نفس کو تیری مرضی کے مطابق استعمال کروں گا۔ اس کی پکی نیت کرلے۔ گویا کہ گزشتہ پر توبہ اور آئندہ کے لیے عہد کہ میں اب اس نفس کو تیری رضا کے لیے استعمال کروں گا۔ اس کی بات نہیں، بلکہ تیری بات مانوں گا اور اس نفس کو تیرے لیے استعمال کروں گا اور اس عہد کو نبھانے کے لئے جن اسباب کی ضرورت ہے، ان کو اختیار کرنا شروع کرے۔ یہ دو باتیں ہوگئیں۔ تیسری بات یہ ہے کہ اب اس نفس کو دین کے کسی کام میں بھی سستی نہیں کرنے دوں گا، اس کے لئے نفس کو مشقت کی عادت ڈالے جس کے لئے شیخ جو بھی مجاہدہ تجویز کرے تو وہ کرے، کیونکہ نفس کسی بھی ایسی چیز کے لئے جس میں اس کو مزہ نہ ملے آسانی سے تیار نہیں ہوتا، تو اس کو بے مزہ کام میں مشغول رکھ کر اس کو اس حالت میں کام کی عادت ڈلوائے۔

تشریح:

یعنی مزہ نہیں آتا۔ جو شخص مزہ میں رہا، تو صرف مزہ میں کام نہیں ہوسکتا۔ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ صاحب کو اللہ پاک نے اس چیز کی بڑی بصیرت دی تھی، چونکہ وہ ان چیزوں سے گزرے تھے۔ حضرت نے فرمایا: مزہ تو مذی میں ہے، کام میں نہیں ہے۔ بہت صاف صاف فرمایا، تاکہ لوگوں کو اچھی طرح سمجھ میں آجائے۔ لہذا مزے کے لئے کام نہیں کرنا چاہئے۔

متن:

یہ مقامِ ریاضت ہے۔ چوتھا مقام مقامِ قناعت ہے، کیونکہ حریص نفس کبھی سیر نہیں ہوتا، تو اب نفس کو حرص سے دور رکھنے کے لئے اس کی پسندیدہ چیزوں میں اس طرح بتدریج کمی کی جائے کہ نفس قوت لایموت پر بھی کام کرنے کے لئے تیار ہو۔ اصل میں اس مقام پر یہ نیت عملاً پکی کرنی ہوتی ہے کہ نفس کو اس کی مرضی کے مطابق نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ کی مرضی کے مطابق دیا جائے گا، یہ مقامِ قناعت ہے۔ پھر اس کے بعد جو مقامِ تقویٰ ہے، وہ یہ ہے کہ یہ نفس جو ادھر ادھر منہ ماری کرتا ہے، اس کو نہ کرنے دیا جائے۔ چاہے آنکھ کے ذریعے سے کرتا ہے، چاہے کان کے ذریعے سے کرتا ہے، چاہے زبان کے ذریعے سے کرتا ہے، چاہے دماغ کے ذریعے سے کرتا ہے۔ یعنی اس کو آزاد نہ چھوڑا جائے، بلکہ اس کو اللہ تعالیٰ کے حکموں کا ایسا پابند کیا جائے کہ جیسے ہی کسی گناہ کا تقاضا ابھرے، اسی وقت اس کا سر کچلا جا سکے۔ یہ تقویٰ ہے۔ پھر اس کے بعد اللہ تعالیٰ کے بھیجے ہوئے حالات اور احکامات پر نفس کی جو ناگواری ہو، اس کو گناہ کی حدود میں جانے سے روکنا صبر ہے۔ یہ صبر اس کو بتدریج عملاً سکھانا ہوتا ہے اور نفس کی جائز خواہش بھی فوراً نہ پوری کی جائے، بلکہ اس کو مناسب تاخیر کے ساتھ، تاکہ جہاں نفس کے لئے رکنا لازم ہو، وہاں اس کو روکنا عملاً ممکن ہو، اگر یہ حاصل ہوجائے، تو یہ مقامِ صبر ہے۔ پھر اس کے بعد مقامِ قناعت پر عملاً ایسا عمل ہو کہ نفس کم پر گزارا سیکھ لے اور نفس بوقتِ ضرورت اپنی خوشی، آرام اور جاہ اپنے رب کے حکم پر قربان کرسکے، یہ مقامِ زہد ہے۔ اسباب کا فعل کے ساتھ جو تعلق ہے، وہ اگرچہ مشہود ہے، لیکن یہ جب مشہود ہوجائے کہ اسباب بھی در حقیقت اللہ تعالیٰ کے حکم کے غلام ہیں، اس لئے ان پر اتنی نظر جائے جتنی کہ اللہ تعالیٰ نے اجازت دی ہے، اس سے زیادہ نہیں۔ اس صلاحیت کو بتدریج حاصل کرنا توکل کہلاتا ہے اور جس سالک کو اس میں رسوخ حاصل ہوجائے، تو کہتے ہیں کہ اس کو مقامِ توکل حاصل ہوگیا۔ اس کے بعد ایک زبردست انقلاب آئے گا۔ وہ یہ کہ جب اس نے یہ تمام چیزیں مان لیں، تو اب یہ نفس حقیقی طور پر مسلمان ہوجائے گا۔ نفس انسان کا کافر ہوتا ہے، یہ نہیں مانتا۔ تو اس مقام پر آ کر یہ نفس مسلمان ہوجاتا ہے۔ شیطان تو کبھی بھی مسلمان نہیں ہوتا، لیکن نفس مسلمان ہوسکتا ہے۔ (یعنی نفس مطمئنہ ہوجاتا ہے) جب نفس مسلمان ہوجاتا ہے، تو یہ مقامِ تسلیم ہے، کیونکہ اسلام کا معنی اللہ تعالیٰ کے سامنے غیر مشروط سلامی ہونا ہوتا ہے، حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے یہ جو فرمایا ہے کہ اس وقت انسان حقیقی طور پر مسلمان ہوجاتا ہے۔ حقیقی طور پر کیوں؟ کیونکہ ایک ہوتا ہے؛ ظاہری اسلام اور ایک ہوتا ہے؛ باطنی اسلام۔ باطنی اسلام اس کے بعد ہوتا ہے۔ وہ یہی چیز ہوتا ہے۔ جس وقت یہ پوزیشن آتی ہے، تو باطنی طور پر بھی انسان مسلمان ہوجاتا ہے۔ ظاہراً تو پہلے سے مسلمان تھا۔ جب تک یہ کیفیت نہیں آتی، تو اس کا ظاہر تو مسلمان ہوتا ہے، لیکن اس کا باطن اس کا ساتھ نہیں دیتا۔

یوں کہہ سکتے ہیں اِقْرَارٌ بِاللِّسَانِ یعنی زبان سے اقرار تو اس نے کر لیا، وَتَصْدِيْقٌ بِالْقَلْبِ بھی موجود تھا، لیکن اب تصدیق بالنفس بھی حاصل ہوگئی یعنی نفس نے بھی مان لیا، پس سچا مومن ہوگیا، کیونکہ ایمان کے لیے تو شرط صرف اِقْرَارٌ بِاللِّسَانِ وَتَصْدِيْقٌ بِالْقَلْبِ ہی ہے، لیکن عمل کے لئے نفس کا ساتھ دینا ضروری ہے۔ تو جب یہ مان لیتا ہے، تو یہ پورا پورا مسلمان ہونا ہے۔ کیونکہ نفس اس ایمان کا مقابلہ کرتا ہے۔ جس چیز کا دل کے ساتھ تعلق ہے اور دماغ اور عقل کے ساتھ وہ تو اقرار باللسان و تصدیق بالقلب یعنی ایمان کے ساتھ مسلمان ہوجاتا ہے، لیکن یہ جو نفس ہے، یہ مسلمان نہیں ہوتا۔ بلکہ اس کے لئے سلوک طے کرنا ہوتا ہے، اس کے ذریعے اس کو مسلمان کرنا ہوتا ہے۔ تو یہ جو 10 سلوک کے مقامات ہیں، ان کے طے کرنے سے انسان حقیقی معنوں میں مسلمان ہوجاتا ہے اور پھر حقیقی معنوں میں اللہ تعالیٰ سے ہر چیز پر راضی ہوجاتا ہے۔ پہلے حقیقی طور پر مسلمان نہیں تھا، اقراری مسلمان تھا، اب اس کے بعد یہ حقیقی مسلمان ہوگیا، اللہ تعالیٰ کے ہر کام پر راضی ہوگیا۔ جب یہ اللہ کے ہر کام پر راضی ہوگیا، تو اللہ تعالی کا بندہ بن گیا۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ اس کو جس حال میں رکھے گا، تو اس پر راضی ہوگا اور شکر کرنے کے قابل ہوگا۔ شیطان نے کہا تھا کہ میں ان کو شکر نہیں کرنے دوں گا، تُو ان میں بہت کم کو شکر گزار پائے گا۔ اور بات ایسی ہی ہے، جب تک یہ حالت نہ آئے، تو انسان کبھی راضی نہیں رہتا، شاکی رہتا ہے اور شاکی شکر نہیں کرسکتا۔ اس میں اب ذرا غور کر لیں کہ صبر پہلے ہوتا ہے اور شکر بعد میں آتا ہے، کیونکہ شکر مقامِ رضا کے بعد بندگی حاصل ہونے کے بعد ملتا ہے۔ اوروں کی بات تو الگ ہے، سالکین کو دیکھیں۔ کیا بعض صوفی اس سوچ میں غلطاں نہیں ہوتے کہ میں مراد کیوں نہیں، مرید کیوں ہوں؟ (پس پھر وہ شاکی ہوگیا) تو کیا یہ اللہ کے فعل پر راضی ہے؟ مجھے خلیفہ کیوں نہیں بنایا جا رہا ہے؟ کیا یہ اللہ کے فعل پر راضی ہونا ہے؟ میں ایسا کیوں نہیں ہوں؟۔۔۔ میں ایسا کیوں نہیں ہوں؟۔۔۔ یہ سب مقامِ رضا حاصل نہ ہونے والی بات ہے۔ جب انسان اصلی مسلمان ہوجاتا ہے اور اللہ تعالیٰ سے راضی ہوجاتا ہے، تو ہر چیز پر شکر کرتا ہے کہ یا اَللہ! تیرا شکر کہ تو نے مجھے ایمان دیا، اس سے بڑی چیز اور کیا ہوگی، مجھے ایمان دیا ہے، مجھے مسلمان کے گھر پیدا کیا ہے، مجھے توفیق دی ہے۔ یہ ساری چیزیں ہیں۔ اس پر وہ خوش ہوگا، راضی ہوگا۔ اس وجہ سے مقامِ رضا کو لوگوں نے ویسے سمجھا ہوا ہے۔ یہ کوئی گپ نہیں ہے، اس تک پہنچنے کے لیے نو مقامات طے کرنے ہوتے ہیں، پھر کہیں انسان اللہ تعالیٰ سے راضی ہوتا ہے۔ نو مقامات طے کرنے کے بعد انسان راضی ہوتا ہے، ورنہ نہیں ہوتا، اپنے آپ کو صرف سمجھتا ہے۔ سمجھنا اور ہے، ہونا اور ہے۔ جو اللہ تعالیٰ سے راضی ہوتا ہے، اللہ کے کسی فعل پر وہ شکوہ دل میں نہیں رکھتا۔ کسی فعل پر بھی، کسی بات پر بھی۔ یہ اصل بات ہے۔ اللہ کریم ہم سب کو نصیب فرمائے۔

اب ذرا دو باتوں کی تشریح کرنی ضروری ہے۔ مقامِ توبہ طے ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ انسان گناہوں سے پاک ہوگیا ہو۔ توبہ کا مطلب یہ ہے کہ انسان نے گزشتہ گناہوں سے توبہ تو کرلی اور آئندہ بھی گناہوں سے بچنے کے لئے ذریعے اختیار کر لئے اور اصلاح کے ذریعے گناہوں سے بچنے کی کوشش شروع کرلی اور اس کے بعد وہ جب دیکھتا ہے کہ اس سے گناہ ہوگیا، تو وہ فوراً اس سے بھی توبہ کرلیتا ہے اور اللہ کے سامنے گڑگڑاتا ہے، لیکن جب تک نویں مقام مقامِ تسلیم تک انسان نہیں پہنچتا، اس وقت تک گناہ کا اس کے اندر شائبہ رہتا ہے یعنی جب تک نفس نفسِ مطمئنہ نہیں بن جاتا، اس وقت تک گناہ جاری رہتے ہیں، لیکن اس وقت توبہ کے ذریعے اس کو مٹاتا رہتا ہے، جب یہ حالت نصیب ہوجائے کہ سالک توبہ کے ذریعے اپنے گناہ معاف کرواتا رہے، تو کم از کم اس کو مقامِ توبہ کا ایک درجہ یعنی اس کا فرض درجہ حاصل ہوگیا۔ دوسرا یہ جو مقامِ انابت ہے، تو کوئی بھی مقام محض اس کی نیت کے ساتھ حاصل نہیں ہوسکتا، مثلاً: کوئی یہ عہد کرلے کہ میں آئندہ اپنے نفس کو احکامات کی پابندی پر مجبور کروں گا، تو مقام کے تعین کے لئے یہ نیت کافی نہیں ہے۔ مقام کے تعین کے لئے یہ ہوسکتا ہے کہ کم از کم فرائض کی حد تک عبادات زندہ ہوجائیں اور کسی حد تک مستحبات کا بھی اہتمام شروع کر دے تو کہہ سکتے ہیں کہ اس کا مقام انابت طے ہوگیا، چاہے اس کے اندر اخلاص اتنا ابھی نہیں آیا ہو، لیکن ظاہری عبادات میں وہ کچھ رسوخ حاصل کرچکا ہو، تو کہہ سکتے ہیں کہ اس کا مقام انابت طے ہوگیا ہے۔

تشریح:

یہ اس کا نچوڑ ہے، حضرت کی باتیں اب سمجھ میں آ رہی ہیں۔ پہلے وقتوں میں ایسا نہیں ہوتا تھا، یعنی کافی ذہن چکرا جاتا تھا، لیکن اب الحمد للہ حضرت کی برکت سے اللہ کے فضل سے یہ سمجھ میں آنے کے قابل ہوگیا، اللہ تعالیٰ قبول بھی فرمائے۔

اللہ پاک نے اس کے لئے دن بھی بڑا اچھا چن لیا یعنی عید کا دن، جیسے 27 رمضان کو مکتوبات شریفہ کے آخری سبق کے لئے چنا تھا، اسی طرح اس نچوڑ کے لئے غیر ارادی طور پہ اللہ پاک نے ایسے حالات پیدا کر دیئے کہ یہ عید کے دن میں آگیا۔ جس وقت اللہ کی طرف سے یہ آیت نازل ہوئی:

﴿اَلْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِيْنَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِيْ وَرَضِيْتُ لَكُمُ الْإِسْلَامَ دِيْنًا﴾ (المائدۃ: 3)

ترجمہ: ’’آج میں نے تمہارے لئے تمہارا دین مکمل کر دیا، تم پر اپنی نعمت پوری کردی، اور تمہارے لیے اسلام کو دین کے طور پر (ہمیشہ کے لئے) پسند کرلیا‘‘۔

تو ایک یہودی نے اس آیت کو سنا، اس نے کہا کہ اگر یہ آیت ہم پر نازل ہوتی، تو ہم اس کے نازل ہونے کے دن کو عید بنا لیتے۔ یہ بات حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ تک پہنچ گئی، حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ اس کے نازل ہونے کے دن ہماری دو عیدیں تھیں، ایک تو وہ حج کا دن تھا اور پھر جمعہ کا دن بھی تھا۔ پس ہماری بھی آج عید ہے اور عیدِ قربان ہے، جو مجاہدے کے ساتھ تعلق رکھتی ہے۔ اللہ پاک نے اس کے لئے یہ دن چن لیا۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس دن میں اس کا نچوڑ سامنے آ گیا، اللہ تعالیٰ اب ہمیں اس کو اپنے عمل میں لانے کی توفیق عطا فرمائے۔

وَآخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ


  1. (آسان ترجمہ قرآن از مفتی تقی عمثانی صاحب)

    تمام آیات کا ترجمہ آسان ترجمہ قرآن از مفتی تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم سے لیا گیا ہے۔

حقیقت جذب و سلوک پر اشکالات کا جواب - حقیقتِ جذب و سلوک پر اشکالات کا جواب