شیطان کی ازلی عداوت اور عصرِ حاضر کے فتنوں سے بچاؤ (حصہ دوم)

سورۃ ص: آیات: 71 تا 85

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  1. دورِ حاضر کے فتنوں اور شیطانی نظام سے بچنے کے لیے نفس کی اصلاح اور پاکیزگی انتہائی ضروری ہے۔
  2. شیطان کو انسان پر صرف وسوسے کا اختیار حاصل ہے مگر نفسِ امارہ کے ذریعے وہ اسے اپنا آلۂ کار بنا لیتا ہے۔
  3. اپنے نفس کو رذائل سے پاک کر کے مطمئن بنانے والے ہی دراصل اللہ کے وہ چنے ہوئے بندے ہیں جن پر شیطان کا زور نہیں چلتا۔
  4. نفس کی اصلاح نہ کرنے والے کے تمام وسائل، مال اور عقل مکمل طور پر شیطانی مقاصد کے لیے استعمال ہونے لگتے ہیں۔
  5. دنیا کے بیشتر کفار شیطانی نظام کا حصہ ہیں لہٰذا مسلمانوں کو اپنے وسائل کی حفاظت کے لیے ان سے ہمیشہ چوکنا رہنا چاہیے۔
  6. شریعت کے احکامات پر بغیر کسی رد و بدل کے سیدھے سادے طریقے سے چلنا شیطان کے وسوسوں سے بچنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
  7. نفس کی اصلاح اور تربیت کے لیے کسی فوت شدہ بزرگ کے بجائے ایک زندہ شیخِ کامل کے ہاتھ پر بیعت کرنا لازمی ہے۔
  8. تھوڑے پر قناعت، مشکل حالات میں بھی شکر گزاری اور مقامِ رضا پر قائم رہنے سے انسان کو نفسِ مطمئنہ نصیب ہوتا ہے۔
  9. نفسِ مطمئنہ کے حصول کے بعد انسان پر شیطان کا کوئی بس نہیں چلتا اور وہ اللہ کی رضا پا کر جنت کا حق دار بن جاتا ہے۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔ اَلصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ۔

إِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلَائِكَةِ إِنِّي خَالِقٌ بَشَرًا مِّن طِينٍ۔ فَإِذَا سَوَّيْتُهُ وَنَفَخْتُ فِيهِ مِن رُّوحِي فَقَعُوا لَهُ سَاجِدِينَ۔ فَسَجَدَ الْمَلَائِكَةُ كُلُّهُمْ أَجْمَعُونَ إِلَّا إِبْلِيسَ، اسْتَكْبَرَ وَكَانَ مِنَ الْكَافِرِينَ۔ قَالَ يَا إِبْلِيسُ مَا مَنَعَكَ أَن تَسْجُدَ لِمَا خَلَقْتُ بِيَدَيَّ۔ أَسْتَكْبَرْتَ أَمْ كُنتَ مِنَ الْعَالِينَ۔ قَالَ أَنَا خَيْرٌ مِّنْهُ خَلَقْتَنِي مِن نَّارٍ وَخَلَقْتَهُ مِن طِينٍ۔ قَالَ فَاخْرُجْ مِنْهَا فَإِنَّكَ رَجِيمٌ۔ وَإِنَّ عَلَيْكَ لَعْنَتِي إِلَىٰ يَوْمِ الدِّينِ۔ قَالَ رَبِّ فَأَنظِرْنِي إِلَىٰ يَوْمِ يُبْعَثُونَ۔ قَالَ فَإِنَّكَ مِنَ الْمُنظَرِينَ۔ إِلَىٰ يَوْمِ الْوَقْتِ الْمَعْلُومِ۔ قَالَ فَبِعِزَّتِكَ لَأُغْوِيَنَّهُمْ أَجْمَعِينَ۔ إِلَّا عِبَادَكَ مِنْهُمُ الْمُخْلَصِينَ۔ قَالَ فَالْحَقُّ وَالْحَقَّ أَقُولُ۔ لَأَمْلَأَنَّ جَهَنَّمَ مِنكَ وَمِمَّن تَبِعَكَ مِنْهُمْ أَجْمَعِينَ۔ (ص: 71 تا 85)

صَدَقَ اللَّهُ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ وَصَدَقَ رَسُولُهُ النَّبِيُّ الْكَرِيمُ۔

معزز خواتین و حضرات! جیسا کہ آپ لوگوں کو معلوم ہے پچھلی دفعہ ایک معرکۃ الآراء بحث شروع ہو گئی تھی۔ اور وہ ہے شیطان اور شیطان کے کاموں کے بارے میں۔ چونکہ آج کل دورِ فتن ہے، فتنے بہت زیادہ ہیں۔ اس وجہ سے شیطان، شیطانی نظام اور اس سے وجود میں آنے والے فتنے اور ان کی پہچان اور ان سے بچنے کا سامان، یہ تمام چیزیں بہت زیادہ اہم ہوتی جا رہی ہیں۔ اس وجہ سے اس پر جتنی بھی بات کی جائے شاید کم ہوگی۔ البتہ ممکن حد تک جتنی بات ہو سکتی ہے تو اس پہ ان شاء اللہ کریں گے۔

پچھلی دفعہ جو آیتِ کریمہ میں نے تلاوت کی ہے اس کے بارے میں بات عرض کر چکا تھا کہ ملائکہ سے اللہ پاک نے فرمایا تھا کہ سجدہ کرو آدم علیہ السلام کو۔ تو سارے فرشتوں نے سجدہ کیا لیکن ابلیس نے نہیں کیا۔ اس نے تکبر کیا اور کافروں میں سے ہو گیا۔ تو اللہ جل شانہ نے ابلیس کو براہِ راست مخاطب کیا کہ کس چیز نے تمہیں اس کو سجدہ کرنے سے منع کیا جس کو میں نے خاص شان سے پیدا کیا تھا؟ کیا تو بہت بڑا ہے؟ مطلب اپنے آپ کو بڑوں میں سمجھتا ہے؟ اس نے کہا کہ میں اس سے اچھا ہوں تو نے مجھ کو آگ سے پیدا کیا، اس کو مٹی سے پیدا کیا۔ یعنی دلیل اپنی طرف سے دینے کی کوشش کی حالانکہ اللہ پاک کو کون دلیل دے سکتا ہے؟ اللہ تعالیٰ تو ساری چیزوں کو جانتا ہے۔ تو اللہ پاک نے فرمایا کہ دربار سے نکل جا۔ بیشک تو لعنتی ہے۔ وَإِنَّ عَلَيْكَ لَعْنَتِي إِلَىٰ يَوْمِ الدِّينِ اور قیامت تک تجھ پر لعنت کی جائے گی۔

اس وقت اس نے اللہ پاک سے مانگا کہ اے اللہ مجھے مہلت دے۔ جب دوبارہ اٹھائے جائیں گے لوگ۔ اللہ پاک نے فرمایا تو تمہیں ایک معلوم وقت تک مہلت دی جاتی ہے۔ تو جب مہلت دی گئی تو پھر اس نے کہا کہ اے اللہ تیری عزت و جلال کی قسم میں ان سب کو اغوا کروں گا مطلب یہ ہے کہ ان کو بھٹکاؤں گا سب کو، مگر وہ تیرے چنے ہوئے لوگ ان پہ میرا دعویٰ نہیں چل سکے گا۔ تو اللہ پاک نے فرمایا ٹھیک ہے اور میں ٹھیک بات کرتا ہوں کہ میں تم سے جہنم کو بھر دوں گا اور جو تمہاری متابعت کریں گے ان سے بھی جہنم کو بھر دوں گا۔

اصل میں بات اس پر رکی تھی کہ مُخْلَصِین کون لوگ ہیں؟ ایک ہوتے ہیں مُخْلِصِین ایک ہوتے ہیں مُخْلَصِین۔ مُخْلِصِین تو وہ جو اخلاص والے ہیں، سُبْحَانَ اللهِ۔ اور مُخْلَص وہ جن کو اللہ پاک چن لیتے ہیں۔ تو اللہ جل شانہ نے کن کو چنا ہے؟ یہ ذرا تھوڑا سا مطلب اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

تو میں نے عرض کیا تھا کہ سورۂ شمس اس کو اگر کوئی پڑھ لے تو اس سے ان شاء اللہ اس کا جواب مل جائے گا۔ کیونکہ اللہ جل شانہ نے سورۂ شمس میں سات قسمیں کھائی تھیں۔ سات قسمیں کھائی تھیں۔ ایک ایک قسم اللہ پاک کی بہت اونچی ہے کیونکہ اللہ پاک کو تو کسی ایک قسم کے کھانے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن اللہ پاک نے سات قسمیں کھائیں اور سات بڑی بڑی نشانیوں کی قسمیں کھائی ہیں۔ سورج کی قسم، چاند کی قسم، دن کی قسم، رات کی قسم، زمین کی قسم، آسمان کی قسم، اور پھر خود نفس کی قسم۔

تو پھر اس کے بعد اللہ پاک نے فرمایا اس نفس کے اندر بہت ہی زبردست قسم کا انتظام ہے اور وہ یہ ہے کہ اس کے اندر خیر کے بھی سارے انتظام ہیں اور شر کے بھی سارے انتظام ہیں۔ یعنی اس سے خیر بھی وجود میں آ سکتا ہے، شر بھی وجود میں آ سکتا ہے۔ تقویٰ خیر کا بہت بڑا سورس ہے یعنی بغیر اس کے انسان خیر کا کام نہیں کر سکتا تقویٰ کے بغیر۔ اور فجور جو ہے یہ شر کی طرف لے جا رہے ہیں اور بالخصوص نفسِ امارہ جو ہے یہ تو شر کی طرف ہی لے جاتا ہے۔ نفسِ امارہ کا مطلب ہی یہی ہے شر کی طرف شر کی طرف مائل چیز۔

تو نفسِ امارہ جو ہے یہ شر کی طرف لے جانے والا ہے لہٰذا اس کے بارے میں یہ ذرا ہمیں دیکھنا پڑے گا کہ اس کو کیسے مطمئنہ بنایا جائے۔ اللہ جل شانہ نے اس کی دعوت دی ہے: قَدْ أَفْلَحَ مَن زَكَّاهَا۔ وَقَدْ خَابَ مَن دَسَّاهَا۔ یقیناً کامیاب ہو گیا وہ شخص جس نے اپنے نفس کو رذائل سے پاک کر دیا، یقیناً تباہ و برباد ہو گیا وہ شخص جس نے اپنے نفس کو اس کے اندر مبتلا چھوڑ دیا۔ شر جو ہے شر، اس کو آپ چھوڑ دیں گے اسی طریقے سے تو بس تباہی یقینی ہے۔ پھر کیا مطلب آپ اس سے خیر کی توقع کر سکتے ہیں؟

تو نفسِ امارہ چونکہ شر ہے۔ لہٰذا اگر اس کی اصلاح آپ نے نہیں کی تو تباہی کے لیے کافی ہے۔ اس تباہی کے لیے کافی ہے۔ اس وجہ سے جنہوں نے اپنے نفس کو قابو کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو عقل مند فرما دیا۔ جنہوں نے اپنے نفس کے رذائل کو دبا دیا، اللہ پاک نے ان کو کامیاب قرار دیا۔ اور جنہوں نے اس کام کو چھوڑ دیا، اللہ تعالیٰ نے ان کو تباہ حال قرار دیا۔ اور جنہوں نے اس چیز کو چھوڑ دیا، اور خیالات میں گم ہو گیا تو اس کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیوقوف قرار دیا۔

اب میرے خیال میں بات بالکل واضح ہو گئی ہے کہ وہ چنے ہوئے لوگ کون سے ہیں، وہ چنے ہوئے لوگ وہ ہیں جو اپنے نفس کی اصلاح کر دیں۔ کیونکہ جب نفس کی اصلاح ہو جاتی ہے اس کے بعد پھر شیطان کا بس ختم ہو جاتا ہے، شیطان کچھ بھی نہیں کر سکتا۔ کیونکہ شیطان کے سارے رستے جو ہیں وہ نفس کے through چلتے ہیں۔ یعنی انسان کا جو نفس ہے وہ شیطان کا آلۂ کار بن جاتا ہے۔ ایک بات یاد رکھنا چاہیے، شیطان کو صرف اللہ پاک نے وسوسے کا اختیار دیا ہے اس سے زیادہ اختیار نہیں دیا۔ پس اگر ایک انسان جو ہے اگر نفس کی اصلاح نہیں کرتا، تو ظاہر ہے مطلب ہے اپنے آپ کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دے گا۔ اور جب نفس کی اصلاح کرے گا تو پھر سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔

اب یہاں پر ایک سوال ہے کہ شیطان کو چونکہ اللہ پاک نے صرف اور صرف وسوسے کا اختیار دیا ہے۔ اس سے زیادہ کا اختیار نہیں ہے۔ لیکن انسان کو، یا جنات کو جو مکلف مخلوقات ہیں ان کو سارے اختیارات دے دیے، وہ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ مطلب ان کے پاس جو وسائل ہیں، ان کے پاس جو مال ہے، ان کے پاس جو رسوخ ہے، ان کے پاس جو طاقت ہے، ان کے پاس جو عقل ہے، ان کے پاس جو بھی چیز ہے وہ سب کی سب وہ اللہ پاک نے ان کو دی ہے، وہ یہ ہے کہ وہ استعمال کر سکتے ہیں۔

پس شیطان اگر کسی کو اپنے وسوسے کے ذریعے سے اپنا آلۂ کار بنا دے۔ تو اس کے سارے اختیارات شیطان کے ہاتھ میں آ جاتے ہیں۔ اس کا مال بھی شیطان کے لیے استعمال ہو گا، اس کا رسوخ بھی شیطان کے لیے استعمال ہو گا، اس کا فکر بھی شیطان کے لیے استعمال ہو گا، اس کا خاندان بھی شیطان کے لیے استعمال ہو گا، اس کی زمینیں بھی شیطان کے لیے استعمال ہوں گی، اس کا علم بھی شیطان کے لیے استعمال ہو گا۔ اب بتائیں یہ شخص خطرناک ہے!! شیطان خطرناک نہیں ہے، شیطان تو صرف وسوسہ ہے۔ وسوسے سے آپ بچ سکتے ہیں لیکن اس سے بچنا بڑا مشکل ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ کیا ہے، یہ شیطانی نظام بن جاتا ہے۔ شیطانی نظام بن جاتا ہے اور شیطانی نظام میں یہ ساری چیزیں ہیں۔

اب اس وقت دیکھیں تقریباً 84 فیصد لوگ کافر ہیں، 84 فیصد لوگ۔ اب یہ شیطان نے ان کو ورغلایا ہے۔ اب ان کے پاس جتنے بھی اختیارات ہیں وہ سارے ان کے نفس کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ اور چونکہ نفس کے مقابلے میں اللہ کے احکامات آتے ہیں، یعنی اسلام آتا ہے لہٰذا مسلمانوں کے خلاف ہوتے ہیں۔ تو اس وجہ سے سارے کفار ملتِ واحدہ ہیں اور وہ مسلمانوں کے خلاف استعمال ہوتے ہیں۔ اگر مسلمانوں کے ساتھ کوئی قریب ہے کسی وقت، وہ اپنے مفادات کے لیے ہے۔ مسلمانوں کی ہمدردی کی وجہ سے نہیں ہے۔ وہ اپنے مفادات کے لیے ہے، جب وہ مفادات اپنے اٹھا لیں گے پھر اس کے بعد پھر دوبارہ وہی کا وہی حال ہو جائے گا۔ تو لہٰذا کسی بھی کافر پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ ہوشیار اور چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

مطلب یہ ہے کہ ایک انسان ہے، اس کے پاس اگر کوئی خزانہ ہے۔ تو اگر وہ چوکنا نہیں ہے تو اس خزانے کو کوئی بھی لوٹ سکتا ہے۔ یعنی آپ اندازہ کر لیں ہندوستان جو تھا، یہ کسی وقت سونے کی چڑیا اس کو کہا جاتا تھا، سونے کی چڑیا۔ پوری دنیا کے اندر معیشت کے لحاظ سے سب سے زیادہ مضبوط یہ علاقہ تھا۔ اور تعلیم کے لحاظ سے بھی سب سے زیادہ مضبوط علاقہ تھا۔ لیکن انگریزوں نے اپنی عقل کو منفی طور پر استعمال کر کے ان کو زیر کر لیا۔ اور پھر ان کے تمام وسائل لوٹ لیے۔ اور پھر یہ کہ نہ صرف یہ کہ پوری دنیا کے اوپر وہ حکمرانی کرنے لگے بلکہ ہمارے لیے بھی بہت ساری مصیبتیں کشمیر کی اور پتا نہیں کیا کیا۔ وہ وہ پیدا کر دیں۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر ہم لوگ غافل ہوں تو ہماری ساری کی ساری چیزیں کسی وقت بھی غیر کے control میں جا سکتی ہیں۔ تو یہ میں اس لیے عرض کرتا ہوں کہ یہ شیطان کا جو نظام ہے اس کو سمجھنے کے لیے بہت ہی ضرورت ہے۔

تو یہاں پر شیطان کے بارے میں کچھ۔

نفس اور شیطان کی حقیقت

شاگرد سوال کرتے ہیں اپنے استاد سے:

نفس و شیطان کے بارے میں تو کہتے ہیں بہت
ہم ان کے بارے میں شاید نہیں جانتے ہیں بہت

نفس کیا ہے؟ اس کی تفصیل بتادیں استاد
اور شیطان کے بارے میں سمجھادیں استاد
اور جو بچنے کا گر ہے ان سے، سکھادیں استاد
چھڑا کے ان سے ہمیں، حق سے ملا دیں استاد

ہمارے حق میں مفید آپ کی یہ تعلیم ہوگی
یہ علم نعمت ہمارے لیٕٔے عظیم ہوگی

نفس، خواہشات کا ہے جسم میں مربوط اک نظام

یہ استاد بتا رہا ہے۔

نفس، خواہشات کا ہے جسم میں مربوط اک نظام
اس کی خواہش ہو پوری،ہے اس کی چاہت یہ تمام
چاہے نقصان ہو، فائدہ ہو اس کو کیا اس سے کام
شوق پورا کرکے بے شک، رہ جائے بے نیل و مرام

یہ نفس چونکہ بے وقوف ہے، یہ اپنا مزہ چاہتا ہے، یہ اپنی خواہش چاہتا ہے کہ پوری ہو۔ اس کو اس سے غرض نہیں کہ مجھے فائدہ ہو یا نقصان۔ اب جیسے شوگر کا بیمار میٹھی چیز کھاتا ہے، تو اس کو فائدہ ہوتا ہے یا نقصان ہوتا ہے؟ نقصان کرتا ہے۔

اس کو گناہ ثواب سے کوئی سروکار نہیں
بات ماننے کے لئے یہ کبھی تیار نہیں

اور جو شیطان ہے اس کا نام تھا پہلے ابلیس
اور عبادت سے ملائک کا ہوا تھا یہ جلیس
دل میں لیکن تھا عبادت سے خلافت کا حریص
نہ کیا سجدہ آدم کو، کیا بحث و تمحیص

اس کی پاداش میں، مردودِ بارگاہ ہوا
سب کچھ غارت ہوا، ذلیل ہوا، تباہ ہوا

اس نے عین اس وقت اللہ سے کچھ مہلت مانگی
تو خدا نے اسے، اس وقت ہی مہلت دے دی
وہ جب سمجھا کہ میں نے رب سے ہے مہلت پالی
اس تباہ حال نے، اللہ سے اک بات کہہ ڈالی

وہی قرآن میں جو ابھی ذکر ہوا ہے۔

جن کے آنے سے مرا سب کچھ ہی تباہ ہوا
میں نافرماں ہوا، مردودِ بارگاہ ہوا

ان کی اولاد کے رستے میں، میں بیٹھ جاؤں گا
آگے پیچھے سے، دائیں بائیں سے میں آؤں گا
ان کو تجھ تک کبھی آنے نہ دوں، بہکاؤں گا
ہوں گے ناشکرے، ناشکرے ان کو بناؤں گا

تیرے بندوں پہ البتہ، مرا کچھ بس نہ چلے
سن کے اللہ بھی جواباً پھر یوں گویا ہوئے

ہاں، مطلب یہ اس نے وہی بات کی کہ جن پر میرا بس نہیں چلتا، تیرے بندوں پہ، بس وہی مجھ سے بچیں گے۔

جو ہوں گے میرے، ان کو تو نہیں گمراہ کر سکے

اللہ پاک نے فرمایا، یہ دوسری آیت میں ہے۔

جو ہوں گے میرے، ان کو تو نہیں گمراہ کر سکے
ساتھ جہنم میں ترے ڈالوں بنیں جو بھی ترے
تو شیاطین ہمیں گمراہ کرنے شروع پھر ہوئے
پر جو طاقت تھی ان کی وہ بس وسوسے ہی رہے

مطلب صرف وسوسے، بس۔ اس سے زیادہ طاقت اللہ پاک نے اس کو نہیں دی۔

بچ جائیں وہ جو اس کے وسوسوں پہ کان نہ دھریں
آگے پیچھے نہ ہوں بس سیدھے شریعت پہ چلیں

سبحان اللہ!

ایک بات یاد رکھنا چاہیے، میں اکثر ایک بات عرض کرتا ہوں: اگر کوئی نماز سیکھ لے، فرائض، واجبات، سنت، مستحبات کے ساتھ مکمل، اور اس میں ذرہ برابر بھی تبدیلی نہ کرے، اس کو کسی مفتی سے پوچھنے کی ضرورت نہ پڑے کبھی بھی۔ اس کی وجہ ہے کہ نماز جو ہے وہ بہت آسان ہے۔ میرے خیال میں حضرت مولانا تقی عثمانی صاحب کی جو کتاب ہے "نمازیں سنت کے مطابق پڑھیے"، پچیس چھبیس صفحات کی ہے ساری۔ تو کون نہیں سیکھ سکتا؟ بہت آسانی کے ساتھ سیکھ سکتا ہے۔ تو اس کو سیکھ لو، بالکل اسی طرح پھر نماز پڑھے، ذرہ برابر بھی تبدیلی نہ کرے، تو پھر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لیکن اگر آپ نے کوئی ایک تبدیلی اپنی طرف سے کر لی تو بس پھر اس کے بعد کچھ بھی ہو سکتا ہے، پھر آپ کو کتابیں کھنگالنی پڑیں گی کہ یہ کیا ہو گیا اور مفتیوں سے پوچھنا پڑے گا اور یہ ہو گیا، وہ ہو گا۔

تو اس وجہ سے... اس طرح حج ہے۔ حج بھی بہت آسان ہے، پانچ منٹ میں سکھایا جا سکتا ہے، لیکن اسی طرح کرنا پڑے گا جس طرح بتایا جائے۔ اس سے اگر آگے پیچھے ذرہ برابر بھی گئے، پھر مفتیوں سے پوچھتے رہو گے۔ پھر پتہ چلے گا کہ یہ کتنا مشکل ہے۔

تو اس طریقے سے مطلب یہ ہے کہ سیدھے سیدھے شریعت پہ چلنا بہت آسان ہے، لیکن اگر درمیان میں تھوڑی سی کجی ڈالی، بس پھر اس کے بعد پھر مسئلہ ہے، پھر اس کے بعد معاملہ بگڑتا جاتا ہے۔ تو یہ بات ہے۔

بچ جائیں وہ جو اس کے وسوسوں پہ کان نہ دھریں
آگے پیچھے نہ ہوں بس سیدھے شریعت پہ چلیں

ہاں یہ شیطان ہمارے نفس سے خبردار بھی ہے
یہ دھوکہ بازی کے کاموں میں تیز طرار بھی ہے
بے وقوفی سے نفس جب ماننے کو تیار بھی ہے
یہ ہے حریص اور ناسمجھ ہے، بے اعتبار بھی ہے

تو ذریعہ اس کو شیطان پھر بنا دیتا ہے
دل میں یہ زہر وسوسوں کا ملا دیتا ہے

قرآن پاک میں ہے نا:

"قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ، مَلِكِ النَّاسِ، إِلٰهِ النَّاسِ، مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ، الَّذِي يُوَسْوِسُ فِي صُدُورِ النَّاسِ"

تو مطلب یہ ہے کہ یہ وسوسے انسان کے دل میں ڈالتا ہے۔ آج کل ذرا ماڈرن قسم کے جو لوگ ہیں نا، وہ کہتے ہیں مائنڈ... دل مائنڈ کو کہتے ہیں۔ وہ تصور نہیں کر سکے دل سمجھ بھی سکتا ہے، ان کے خیال میں دل سمجھنے سے قاصر ہے۔ تو یہ مجھے بتاؤ: "وَلَهُمْ قُلُوبٌ لَّا يَفْقَهُونَ بِهَا"، یہ قرآن ہے یا نہیں ہے؟ "وَلَهُمْ قُلُوبٌ لَّا يَفْقَهُونَ بِهَا"، ان کے دل ہیں مگر اس سے سمجھتے نہیں۔ تو سمجھنا کس چیز کا کام ہے؟ ظاہر ہے جو چیز سمجھے گی تو وہیں پر ظاہر ہے مطلب... تو دل جب سمجھ سکتا ہے یا نہیں سمجھ سکتا، تو پھر ظاہر ہے مطلب ان کو دل سوچ بھی سکتا ہے۔

تو اب یہ جب بات آ گئی لیکن تو لوگ کہتے ہیں: نہیں نہیں، اصل میں مائنڈ دل کو کہتے ہیں، یہ سوچنے کا کام مائنڈ کا ہے۔ تو پھر ہم کہتے ہیں: اچھا ٹھیک ہے، پھر قرآن کی اس سورت کی تشریح کرو: "قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ، مَلِكِ النَّاسِ، إِلٰهِ النَّاسِ، مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ، الَّذِي يُوَسْوِسُ فِي صُدُورِ النَّاسِ"۔ صدور... صدور کس کو کہتے ہیں؟ سینے کو کہتے ہیں۔ مجھے بتاؤ، مائنڈ سینے میں ہے؟ کہاں پر ہے؟ سر میں ہے۔ تو سینے میں کون سی چیز ہے؟ یہی دل ہے نا! تو اس کا مطلب یہی دل ہے۔ ٹھیک ہے نا؟ اب ٹھیک ہے، اگر ان کی سمجھ میں بات نہیں آ رہی تو علیحدہ بات ہے۔ ٹھیک ہے، وہ ایک علیحدہ بات ہے لیکن بہرحال بات تو یہی ہے کہ یہ یہی دل ہے۔

تو یہ بات ہے کہ:

تو ذریعہ اس کو شیطان پھر بنا دیتا ہے
دل میں یہ زہر وسوسوں کا ملا دیتا ہے

کہیں منقول نہیں شیطان کی تربیت کرنا
ہر غلط وسوسے کی ہے مخالفت کرنا
نفس کی اصلاح میں البتہ بہت محنت کرنا
شیخ کامل سے ہے بہتر اس پہ بیعت کرنا

مطلب یہ ہے کہ یہی طریقہ ہے۔ ہمارے اکابر کا یہی طریقہ چلا آ رہا ہے، ہمارے اکابر کا یہی طریقہ چلا آ رہا ہے۔ اور اس میں ایک بات میں عرض کروں، اللہ جل شانہٗ نے یہ سارا اسباب کے ذریعے سے بنایا ہوا ہے، اور اسباب حسی اسباب ہیں۔ مثال کے طور پر زندہ شخص جو آپ کے ساتھ interact کر سکے، اس سے تربیت کرنا ہوتا ہے۔

مجھ سے کینیڈا سے ایک صاحب تھے، اس نے کہیں ہماری ویب سائٹ دیکھا تھا، تو سوال کیا کہ میرے دادا جو تھے، بڑے دادا، یہ چشتی سلسلے کے بہت بڑے شیخ گزرے ہیں، تو میری خواہش ہے کہ میں ان سے بیعت کر لوں۔ میں نے کہا: ٹھیک ہے، آپ ان سے بیعت کرنا چاہیں تو چاہیں گے، لیکن بیعت ان سے کرنا ہوتا ہے جو سامنے ہوتا ہے، جن سے آپ بات چیت کر سکیں۔ ورنہ اگر فوت شدہ شخص سے بیعت کرنا صحیح ہوتا، مطلب ممکن ہوتا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں کسی سلسلے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ بس آپ صلی اللہ علیہ وسلم موجود تھے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلے میں شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کا کیا مقام ہے، یا خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کا کیا مقام ہے؟ وہ سارے کے سارے تو صحابی بھی نہیں ہیں۔ پیغمبر اور پھر خاتم النبیین، ان کی موجودگی میں پھر کون ٹھہر سکتا ہے؟

لیکن یہ جو بات میں عرض کرتا ہوں کہ چونکہ تربیت کا تعلق زندہ شخص کے ساتھ ہوتا ہے، تو اس وجہ سے اب... مثال کے طور پر کسی کے خاندان میں بہت بڑا حکیم گزرا ہو، اور وہ بیمار ہو جائے، تو علاج کس سے کروائے گا؟ اس حکیم صاحب کی قبر پہ جائے گا؟ مطلب ظاہر ہے کسی... بے شک اس حکیم صاحب ہی کا کوئی شاگرد ہو یا اس کا کوئی شخص ہو، مطلب اس کے پاس ہی جائے گا نا۔

تو بس یہی بات ہے کہ یہ تو اسباب کے رخ سے بات ہے، تو اسباب اختیار کرنے پڑیں گے۔ تو میں نے کہا کیا۔ کہتے: پھر اس کا مطلب ہے انہی کے سلسلے میں کسی سے کر لوں؟ میں نے کہا: ہاں ممکن ہے، ممکن ہے۔ لیکن صرف ایک شرط ہے کہ وہ واقعی آپ کے دادا کے طریقے پہ چل رہا ہو، ایسا نہ ہو کہ درمیان میں disconnect ہو چکا ہو۔ ایسا ہو جاتا ہے، یہ سجادہ نشین ٹائپ لوگ جو ہوتے ہیں، یہ بیچارے ویسے موجود تو ہوتے ہیں لیکن ان کے پاس خود کچھ رہتا نہیں ہے۔

تو میں نے کہا: آپ اس کی تحقیق کر لیں۔ تو اس نے کہا: میں کیا کروں؟ میں نے کہا: استخارہ کرو اور اپنے بزرگ کو ایصال ثواب کرو۔ یہی صحیح طریقہ ہے۔ اس کا میسج آیا تھا کہ کیا میں آپ سے بیعت کر سکتا ہوں؟ تو میں نے کہا کہ ٹھیک ہے، تو پھر کہتے: واٹس ایپ پر ہو سکتا ہے؟ میں نے کہا: ٹھیک ہے، تو واٹس ایپ پر پھر میں نے اس کو الفاظ کہلوا دیے۔

مقصد میرا یہ ہے کہ یہ چونکہ اپنے بزرگ کو انہوں نے ایصال ثواب کیا تو اللہ پاک کی طرف سے رحمت متوجہ ہو جاتی ہے پھر۔ تو یہ بات ہے کہ ایصال ثواب کر سکتے ہیں، آپ ان کی تعلیمات پر عمل کر سکتے ہیں، لیکن بیعت کسی زندہ شخص سے کرنی ہوتی ہے۔

کہیں منقول نہیں شیطان کی تربیت کرنا
ہر غلط وسوسے کی ہے مخالفت کرنا
نفس کی اصلاح میں البتہ بہت محنت کرنا
شیخ کامل سے ہے بہتر اس پہ بیعت کرنا

نفس کی اصلاح ہو تو شیطان کے یہ ہاتھ آتا نہیں

کیونکہ نفس کی اصلاح ہو تو نفس پھر شیطان کے ہاتھ نہیں آئے گا۔

نفس کی اصلاح ہو تو شیطان کے یہ ہاتھ آتا نہیں
نفس مطمئن کبھی شیطان سے ہاتھ ملاتا نہیں

"يٰۤاَيَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّةُ، ارْجِعِیْۤ اِلٰى رَبِّكِ رَاضِیَةً مَّرْضِیَّةً، فَادْخُلِیْ فِیْ عِبٰدِیْ، وَادْخُلِیْ جَنَّتِیْ"

نفس کی پاکی پہ ہے، قرآن میں، فلاح منحصر

قَدْ أَفْلَحَ مَن زَكَّاهَا۔

نفس کی پاکی پہ ہے، قرآن میں، فلاح منحصر
اور ہے نفس کی تباہی پہ گندگی مقدر

وَقَدْ خَابَ مَن دَسَّاهَا، جیسے کہتے ہیں نا خائب و خاسر ہو گیا۔

اور ہے نفس کی تباہی پہ گندگی مقدر
اس میں کہیں بھی نہیں دیکھ لیں شیطان کا ذکر

پوری سورۂ شمس میں کہیں شیطان کا ذکر ہے؟ لیکن تباہی بھی ساری کی ساری نفس کے ذریعے سے ہوئی اور کامیابی بھی ساری ساری نفس کی پاکی پہ ہوئی۔ شیطان کا کہیں ذکر ہی نہیں۔ تو پتہ چلا کہ آپ نفس کی اصلاح کر لیں تو شیطان خود بخود نکل جائے گا، شیطان کچھ نہیں کر سکے گا۔ یہ بات ہے۔

اس میں کہیں بھی نہیں دیکھ لیں شیطان کا ذکر
نہ کچھ بگاڑ سکے شیطان، نفس اپنا پاک ہو اگر
دل سے شبیرؔ کہے گر نفس کی اصلاح ہو تو
تو پھر شیطان کے وسوسے کا کوئی زور نہ ہو

مطلب شیطان جو ہے وہ چاہے کتنا ہی زور کیوں نہ لگائے، لیکن شیطان کیا کرے گا؟ شیطان نفس کے ذریعے سے کرے گا، اور نفس کی اصلاح ہو چکی ہوگی، وہ شیطان کی نہیں مانے گا۔

اس کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی گھر کا بچہ کسی دشمن کے ساتھ ہو جائے۔ اور وہ بچہ اس کو باتیں بتائے اپنے گھر کی، ایسا ہوتا ہے، گھروں میں بھی یہ چیز ہوتی ہے۔ تو وہ بچہ جو ہے نا گھر کی باتیں دشمن کو بتائے، اور وہ دشمن پھر اس کو سمجھائے کہ اچھا پھر یہ کرو، اب یہ کرو، اب یہ کرو، اب یہ کرو۔ اس کو کوئی ٹافی وافی دے، کوئی اس طرح مطلب جو اس کی پسند کی چیزیں ہیں، اس کو دے اور اپنے مقصد کے لیے اس کو استعمال کرنا شروع کر لے۔ لیکن وہ بچہ اگر سمجھدار ہو، سمجھ جائے، پھر اگر وہ دشمن اس سے کہے کہ تم یہ کرو، کہتے: کیوں کروں؟ میں اپنے ابا کو بتاتا ہوں۔ وہ خود ہی بھاگ جائے گا، یہ تو سمجھدار ہو گیا۔

ٹھیک ہے نا؟ تو جو نفس ہے، یہ بھی بچے کی طرح ہے۔ تو اس کو پرایوں کا نہ بناؤ، اس کو اپنوں کا بناؤ۔

نفس مطمئنہ، یہ بہت بڑی بات ہے۔ یعنی اللہ پاک نے اس شان سے اس کو خطاب کیا ہے کہ میں آپ کو کیا بتاؤں! اللہ پاک فرماتے ہیں: "يٰۤاَيَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّةُ" اے مطمئن نفس! "ارْجِعِیْۤ اِلٰى رَبِّكِ رَاضِیَةً مَّرْضِیَّةً" اپنے رب کی طرف لوٹ جا اس حالت میں کہ تو اس سے راضی وہ تجھ سے راضی ہے۔ کیوں؟ نفس مطمئنہ اس وقت تک ہو نہیں سکتی جب تک وہ اللہ سے راضی نہ ہو۔ مقام رضا پہ جو فائز نہ ہو، وہ نفس مطمئنہ نہیں حاصل کر سکتا۔ تو جو مقام رضا پہ قائم ہو گیا، اس کو اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہو گئی، کیونکہ اللہ جل شانہٗ کی شان یہ ہے کہ اللہ پاک فرماتے ہیں: اگر کوئی میری طرف ایک بالشت بھر آتا ہے، میری رحمت اس کی طرف دو بالشت جاتی ہے، اگر کوئی میری طرف ایک ہاتھ آتا ہے تو میری رحمت اس کی طرف دو ہاتھ جاتی ہے، اور اگر کوئی میری طرف چل کے آتا ہے تو میری رحمت اس کی طرف دوڑ کے جاتی ہے۔ تو اب مجھے بتاؤ، ہم اللہ سے راضی ہوں گے تو پھر اللہ ہم سے راضی نہیں ہو گا؟ یہ تو بات ہے۔ تو اللہ تعالیٰ اپنی شان کے مطابق بندے سے راضی ہو جاتا ہے، اپنی شان کے مطابق بندے سے راضی ہو جاتا ہے۔

بس یہ چیز وہ ذرا ہمت کی بات ہے، اس کو ذرا حاصل کرنا ہے۔ اگر یہ چیز حاصل ہو گئی تو پھر سبحان اللہ، پھر میں کہتا ہوں کہ آپ کو کسی اور چیز کی ضرورت نہیں ہے، آپ کو سب کچھ اس کے ذریعے سے ملے گا، ان شاء اللہ العزیز، کیونکہ نفس مطمئنہ ہر خیر کو کھینچنے والی چیز ہے، اور جو نفس امارہ ہے، وہ ہر شر کو کھینچنے والی چیز ہے۔

تو بس اس وقت ہمیں نفس مطمئنہ کو حاصل کرنے کی جو محنت ہے، اس کو بہت زیادہ کرنا چاہیے، اور اپنے طور پر ہمیں ایسے کام کرنے چاہیے جس سے ہمارا نفس مطمئنہ ہمیں حاصل ہو جائے۔ تو اس کے لیے بھی ایک ہے۔

اس راہِ معرفت کا جو ہے راہ ہے منزل
شرط اس کا ہے مگر کہ اس میں ہو خلوصِ دل

جو کر لے اس میں جہد اسے راہ ہے دیتا
اور رہنما بھی ساتھ جس سے ہووے وہ واصل

بس نفس کا جو پہاڑ ہے سر کرنا ہے اس کو
یہ نفس ہی تو ہے جو اس کی راہ میں ہے حائل

توبہ سے مٹا دے کہ جو گناہ کیے ہیں
نفسِ باغی کو سلوک سے کرے حق پہ پھر مائل

سستی کو ریاضت سے خوب چستی سے بدل دے
نفس کی حرص کو چھوڑ دے قناعت پہ ہو قائل

تقویٰ سے مزین کرے خوب دل کو جہد سے
ہر کام میں سالک کرے اپنا صبر شامل

تھوڑے پہ قناعت عملاً نصیب ہو جائے

یہ بہت بڑی بات ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں نصیب فرمائے۔ تھوڑے پہ قناعت۔ تھوڑے پہ قناعت اور اس پر شکر کی توفیق ہو جائے، بڑی بات ہے۔ اپنے پاؤں پہ لوگ کلہاڑی مارتے ہیں، شکر کرنا چھوڑ دیتے ہیں، مصیبتیں اپنے لیے کھڑی کر دیتے ہیں۔ اگر کوئی ناشکری نہ کرے تو اللہ پاک کی طرف سے مسائل نہیں ہوتے، اللہ پاک کی طرف سے تو پھر فضائل ہی آتے ہیں۔ لیکن ناشکری کرنے سے، ابھی گزر گیا نا کہ شیطان نے کہا تھا کہ میں ان کو شکر نہیں کرنے دوں گا۔ تو وہ شکر کرنے نہیں دیتا۔

تو میں اکثر جب شکر کی باتیں کرتا ہوں تو بعض حضرات ذرا دل میں کہتے ہوتے ہیں کہ کیسے مطلب ہمارے حالات ایسے نہیں ہیں شکر کے یا غریب ہیں یا مشکل میں ہیں یا بیمار ہیں یا جو بھی۔ تو صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جا رہے تھے تو انہوں نے دیکھا کہ ایک صاحب ہیں جو آنکھوں سے نابینا ہیں، کانوں سے بہرے ہیں، ہاتھ پاؤں بھی اس کے شل ہیں اور یعنی اس قسم کی اور بیماریاں بھی ہیں۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا کہ کیا اس کو بھی شکر کرنا چاہیے؟ تو صحابۂ کرام نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ شکر مشکل ہے اس کے لیے۔ یعنی کیسے کرے گا؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا شکر کرنا پڑے گا کیونکہ پیشاب تو صحیح کرتا ہے، اب بتائیں؟ کبھی سوچی یہ چیز؟ تو اس کا مطلب ہے شکر ہر حالت میں کرنا چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کوئی چیز ہماری اپنی نہیں ہے۔ یہ تو امتحان ہے، امتحان کے لیے کسی کو اچھے حالات دیے کسی کو مشکل حالات دیے۔ فیصلہ تو ادھر ہے۔

اور کیا سارے صحابۂ کرام مالدار لوگ تھے؟ کیا سارے صحابہ صحت مند تھے؟ کیا سارے صحابہ خوش حال تھے؟ کیا سارے صحابہ اچھی حالت میں تھے؟ ایسی حالت میں تھے کہ پورا کپڑا بھی لوگوں کو نہیں ملتا تھا۔ حضرت امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی جب لاشِ مبارک کی تدفین ہوئی ہے قد زیادہ تھا تو چادر پوری نہیں آتی تھی۔ تو پاؤں کے اوپر پھر وہ ڈال دیے۔ ان لوگوں کے حالات کیسے تھے؟ وہ ان حالات میں شکر کرتے تھے۔ ہم لوگ سمجھتے ہیں کہ بھئی جب ہماری مرضی کے مطابق سارا کچھ ہو جائے گا تو پھر ہم شکر کریں گے۔ تو اللہ پاک تمہارے شکر کا محتاج نہیں ہے جو شرطیں لگاتے ہو۔ شرطیں لگاتے ہو نا تو اللہ پاک تمہارے شکر کا محتاج نہیں ہے۔ تم خود اللہ پاک کے فضل کے محتاج ہو۔

تو شکر جو کرتا ہے اس کے لیے آسانی بنتی ہے۔ جو اللہ پہ بھروسا کرتا ہے اس کے لیے آسانی ہوتی ہے۔ جو بندوں پہ بھروسا کرتا ہے ان کے ساتھ معاملہ گڑبڑ ہوتا رہتا ہے، مسائل پیدا ہوتے رہتے ہیں۔ اللہ پاک ہماری حفاظت فرمائے۔

تھوڑے پہ قناعت عملاً نصیب ہو جائے
طے کر دے دھیرے دھیرے سارے زہد کے مراحل

اللہ پہ بھروسے سے غیر سے ڈر سارا کافور ہو جائے توکل حاصل ہو جائے پھر کامل

سالک حق کی ہر بات پھر کر دے دل سے تسلیم
اس کے مقابلے میں دب جائیں سب رذائل

راضی برضا اس کی وہ سالک ہو ہمیشہ
پھر بندگی کے تاج کا وہ بندہ بنے قابل

پھر وقت پہ اس بندے کو کہا جائے گا شبیرؔ
اے بندے میرے تو میری جنت میں ہو داخل

يَا أَيَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّةُ ارْجِعِي إِلَىٰ رَبِّكِ رَاضِيَةً مَّرْضِيَّةً فَادْخُلِي فِي عِبَادِي وَادْخُلِي جَنَّتِي۔ اللہ جل شانہ ہم کو بھی اس میں شامل فرما دے۔

وَآخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔

شیطان کی ازلی عداوت اور عصرِ حاضر کے فتنوں سے بچاؤ (حصہ دوم) - جمعہ بیان - اشاعت اول