فضائلِ درود شریف، محبتِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے تقاضے اور نعت خوانی کے شرعی آداب

فضائل درود شریف، نعتیہ کلام، چہل درود و سلام

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  • درود شریف: مال نہ ہونے کی صورت میں بہترین صدقہ اور زکوٰۃ
  • مومن کی پہچان: نیکیوں اور اعمالِ خیر کی طلب میں کبھی سیر نہ ہونا
  • روحانی علاج: کثرتِ درود اور مطالعہ سیرت کی برکت سے وبائی امراض کا خاتمہ
  • تکمیلِ ایمان کی شرط: اپنی جان اور تمام رشتوں سے بڑھ کر رسول اللہ ﷺ سے محبت
  • نعت خوانی کے آداب: گانے اور موسیقی کی طرز پر نعت پڑھنے کی ممانعت
  • جامع دعا و نعت: اتباعِ سنت، فہمِ قرآن اور راہِ خدا میں جان و مال کی قربانی کا جذبہ

الحمد للہ رب العالمین، والصلوٰۃ والسلام علیٰ خاتم النبیین، اما بعد۔ فاعوذ باللہ من الشیطان الرجیم، بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔

إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا۔

عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ قَالَ: أَيُّمَا رَجُلٍ مُسْلِمٍ لَمْ يَكُنْ عِنْدَهُ صَدَقَةٌ فَلْيَقُلْ فِي دُعَائِهِ: اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ عَبْدِكَ وَرَسُولِكَ، وَصَلِّ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ، وَالْمُسْلِمِينَ وَالْمُسْلِمَاتِ، فَإِنَّهَا زَكَاةٌ. وَقَالَ: لَا يَشْبَعُ الْمُؤْمِنُ خَيْرًا حَتَّى يَكُونَ مُنْتَهَاهُ الْجَنَّةَ.

حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضور اقدس ﷺ کا ارشاد نقل فرماتے ہیں کہ جس کے پاس صدقہ کرنے کو کچھ نہ ہو، وہ یوں دعا مانگا کرے، "اللَّهُمَّ صَلِّ" سے آخر تک۔ اے اللہ! درود بھیج محمد ﷺ پر جو تیرے بندے ہیں اور تیرے رسول ہیں، اور رحمت بھیج مومن مرد اور مومن عورتوں پر اور مسلمان مرد اور مسلمان عورتوں پر۔ پس یہ دعا اس کے لیے زکوٰۃ یعنی صدقہ ہونے کے قائم مقام ہے، اور مومن کا پیٹ کسی خیر سے نہیں بھرتا یہاں تک کہ وہ جنت میں پہنچ جائے

رَوَاهُ ابْنُ حِبَّانَ فِي صَحِيحِهِ، كَذَا فِي التَّرْغِيبِ، وَبَسَطَ السَّخَاوِيُّ فِي تَخْرِيجِهِ، وَزَادَهُ السُّيُوطِيُّ فِي الدُّرِّ إِلَى الْأَدَبِ الْمُفْرَدِ لِلْبُخَارِيِّ.

علامہ سخاوی رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ حافظ ابن حبان نے اس حدیث پر یہ فصل باندھی ہے: اس چیز کا بیان کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھنا، صدقہ نہ ہونے کی صورت میں صدقہ کے قائم مقام ہو جاتا ہے۔ علمائے کرام میں اس بات پر اختلاف ہے کہ صدقہ افضل ہے یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود۔ بعض علمائے کرام نے کہا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر درود صدقہ سے بھی افضل ہے، اس لیے کہ صدقہ صرف ایک ایسا فریضہ ہے جو بندوں پر ہے، اور درود شریف ایسا فریضہ ہے جو بندوں پر فرض ہونے کے علاوہ اللہ جل شانہ اور اس کے فرشتے بھی اس عمل کو کرتے ہیں۔ اگرچہ علامہ سخاوی رحمۃ اللہ علیہ خود اس کے موافق نہیں ہیں۔

علامہ سخاوی رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے حضور اقدس ﷺ کا ارشاد نقل کیا ہے کہ مجھ پر درود بھیجا کرو، اس لیے کہ مجھ پر درود بھیجنا تمہارے لیے زکوٰۃ یعنی صدقہ کے حکم میں ہے۔ ایک اور حدیث سے نقل کیا ہے کہ مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو کہ وہ تمہارے لیے زکوٰۃ یعنی صدقہ ہے۔

نیز حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی روایت سے حضور اقدس ﷺ کا ارشاد نقل کیا ہے کہ مجھ پر تمہارا درود بھیجنا تمہاری دعاؤں کی حفاظت کرنے والا ہے، تمہارے رب کی رضا کا سبب ہے، اور تمہارے اعمال کی زکوٰۃ ہے، یعنی ان کو بڑھانے والا، پاک کرنے والا اور محفوظ کرنے والا ہے۔

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حدیث سے حضور ﷺ کا ارشاد نقل کیا کہ مجھ پر درود بھیجا کرو، اس لیے کہ مجھ پر درود تمہارے لیے گناہوں کا کفارہ اور زکوٰۃ یعنی صدقہ ہے اور حدیثِ پاک کا آخری ٹکڑا کہ "مومن کا پیٹ نہیں بھرتا"، اس کو صاحبِ مشکوٰۃ نے فضائلِ علم میں نقل کیا ہے، اور صاحبِ مرقاۃ وغیرہ نے "خیر" سے "علم" مراد لیا ہے۔ اگرچہ لفظِ خیر عام ہے اور ہر خیر کی چیز اور ہر نیکی کو شامل ہے، اور مطلب ظاہر ہے کہ مومنِ کامل کا پیٹ نیکی کمانے سے کبھی نہیں بھرتا، وہ ہر وقت اس کوشش میں رہتا ہے کہ جو نیکی بھی جس طرح اسے مل جائے، وہ حاصل کر لے۔ اگر اس کے پاس مالی صدقہ نہیں ہے تو درود شریف ہی سے صدقہ کی فضیلت حاصل کرتا ہے۔

اس ناکارہ کے نزدیک خیر کا لفظ علی العموم ہی زیادہ بہتر ہے، کہ وہ علم اور دوسری چیزوں کو شامل ہے۔ لیکن صاحبِ مظاہرِ حق نے خود بھی صاحبِ مرقاۃ وغیرہ کی اتباع میں خیر سے علم ہی مراد لیا ہے، اس لیے وہ تحریر فرماتے ہیں: ہرگز سیر نہیں ہوتا مومن خیر سے، یعنی علم سے، یعنی آخر عمر تک طلبِ علم میں رہتا ہے، اور اس کی برکت سے بہشت میں جاتا ہے۔ اس حدیث میں خوشخبری ہے طالبِ علم کے لیے کہ وہ دنیا سے باایمان جاتا ہے، اِنْ شَاءَ اللّٰهُ۔ اور اس درجے کو حاصل کرنے کے لیے بعض اہلِ اللہ آخر عمر تک تحصیلِ علم میں مشغول رہے ہیں، باوجود بہت سارا علم حاصل کر لینے کے، کیونکہ دائرۂ علم وسیع ہے۔ جو شخص تصنیف اور تعلیم میں مشغول ہو، حقیقت میں طالبِ علم کے ثواب کی تکمیل بھی اسی کے لیے ہے۔

اللہ اکبر۔

ایک ہوتی ہے علمی بحث، تو یہ تو علمائے کرام کرتے رہتے ہیں اور ظاہر ہے ان کا کام ہے۔ ایک ہم اس سے اپنے لیے کیا نتیجہ نکالیں؟ یہ ایک عملی صورت ہے، تو ظاہر ہے عملی طور پر یہ ہے کہ درود پاک، اس کا فائدہ بہت زیادہ ہے۔

اور صدقہ کے بارے میں جو یہاں فرمایا کہ صدقہ ہے، اس میں یہ ہے کہ صدقہ میں کیا ہوتا ہے۔ ہم کسی کو دنیا کی کوئی چیز دیتے ہیں تو صدقہ ہو جاتا ہے۔ لیکن یہ کیا دے رہے ہیں ہم؟ ہم ان کو آخرت کی چیز دینا چاہتے ہیں۔ اور وہ یہ ہے کہ باقاعدہ یہ جو اس میں ارشاد آ گیا ہے، مطلب جو ہے: اے اللہ درود بھیج محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر جو تیرے بندے ہیں۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے تو درود ہے۔ اور تیرے رسول ہیں اور رحمت بھیج مومن مرد اور مومن عورتوں پر۔ تو ہم نے ان کے لیے رحمت کی دعا کی، تو دعا کا ان کو نفع جو ہے وہ آخرت کے لحاظ سے ہے۔ پس یہ دعا اس کے لیے زکوۃ یعنی صدقہ ہونے کے قائم مقام ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ واقعتاً وہ دوسروں کو خیر پہنچا رہا ہے۔

اور فرمایا کہ مومن کا پیٹ کسی خیر سے کبھی نہیں بھرتا یہاں تک کہ وہ جنت میں پہنچ جائے۔ مطلب یہ ہے کہ اس کا تعلق ایمان کے ساتھ ہے، مومن کا لفظ فرمایا مومن۔ تو مومن کیا ہوتا ہے؟ وہ مومن آخرت کی تمام چیزوں کو جانتا ہے اور آخرت پر اس کو یقین ہے، وَبِالْآخِرَةِ هُمْ يُوقِنُونَ۔ اس وجہ سے وہ آخرت کے لئے ہر وقت کچھ نہ کچھ کرتا رہتا ہے کہ آخرت میں کامیابی حاصل کر لے، آخرت میں کچھ کمائے، آخرت کے لئے کچھ کمائے۔ جیسے ہم دنیا دار لوگ دنیا کے لئے کچھ نہ کچھ کرتے رہتے ہیں، جو بھی ہمیں دنیا کے لئے کچھ نہ کچھ ملتا ہے تو ہم اس کو چلاتے رہتے ہیں۔ مثلاً اگر ایک شخص کی دکان بہت اچھی چل رہی ہے، تو کیا یہ کہہ سکتا ہے کہ چلو جی کوئی بات نہیں آج تھوڑا آرام ہو جائے؟ نہیں، وہ اس کے لئے آرام کو قربان کرتا ہے، کیونکہ اس کا یہ ہوتا ہے کہ وہ کبھی بھی آرام نہیں کرتا، بلکہ کہتا ہے کہ اور زیادہ اور زیادہ اور زیادہ۔ دنیا میں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔ تو اسی طریقے سے جو مومن ہوتا ہے اس کا آخرت پر یقین ہوتا ہے، لہذا وہ آخرت کے لئے کچھ نہ کچھ کرتا رہتا ہے۔

تو ظاہر ہے اس میں اگر علم مراد لیا جائے تو بھی، سبحان اللہ، وہ بھی ہمارے لئے خیر ہے، اور اگر کوئی اور خیر مراد لیا جائے تو وہ بھی، ما شاء اللہ، ظاہر ہے مطلب ہے کہ یعنی اس کو ایک عام طور پر ہم کہہ سکتے ہیں۔ اس وجہ سے درود شریف جو ہے، یہ ہر وقت ہمارے لئے خیر ہی ہے، اور اس کو باقاعدہ عادت بنانی چاہئے۔

تکملہ:

اس فصل کو قرآن پاک کی دو آیتوں اور دس احادیث شریفہ پر اختصاراً ختم کرتا ہوں کہ فضائل کی روایات بہت کثرت سے ہیں ان کا احصاء بھی اس مختصر رسالہ میں دشوار ہے اور سعادت کی بات یہ ہے کہ اگر ایک بھی فضیلت نہ ہوتی تب بھی حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وصحبہ اتباعہ بارک وسلم کے اُمت پر اس قدر احسانات ہیں کہ نہ ان کا شمار ہو سکتا ہے اور نہ ان کی حق ادائیگی ہو سکتی ہے۔ اس بناء پر جتنا بھی زیادہ سے زیادہ آدمی درود پاک میں رطب اللسان رہتا وہ کم تھا۔ چہ جائیکہ اللہ جل شانہ نے اپنے لطف و کرم سے اس حق ادائیگی کے اوپر بھی سینکڑوں اجر و ثواب اور احسانات فرما دیئے۔

علامہ سخاوی نے اوّل مجملاً ان انعامات کی طرف اشارہ کیا ہے جو درود شریف پر مرتب ہوتے ہیں۔ چنانچہ وہ لکھتے ہیں:

"باب ثانی درود شریف کے ثواب میں:

اللہ جل شانہ کا بندہ پر درود بھیجنا اُس کے فرشتوں کا درود بھیجنا اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا خود اس پر درود بھیجنا، اور درود پڑھنے والوں کی خطاؤں کا کفارہ ہونا، اور ان کے اعمال کو پاکیزہ بنا دینا اور ان کے درجات کا بلند ہونا اور گناہوں کا معاف ہونا اور خود درود کا مغفرت طلب کرنا درود پڑھنے والے کے لئے، اور اُس کے نامۂ اعمال میں ایک قیراط کے برابر ثواب کا لکھا جانا، اور قیراط بھی وہ جو اُحد پہاڑ کے برابر ہو۔ اور اُس کے اعمال کا بہت بڑی ترازو میں تُلنا۔ اور جو شخص اپنی ساری دُعاؤں کو درود بنادے اُس کے دُنیا و آخرت کے سارے کاموں کی کفایت (جیسا کہ قریب ہی نمبر 9 پر حضرت اُبیؓ کی حدیث میں گزر چکا)۔ اور خطاؤں کو مٹا دینا اور اُس کے ثواب کا غلاموں کے آزاد کرنے سے زیادہ ہونا، اور اس کی وجہ سے خطرات سے نجات پانا، اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا قیامت کے دن اُس کے لئے شاہد و گواہ بننا اور آپ کی شفاعت کا واجب ہونا اور اللہ کی رضا اور اُس کی رحمت کا نازل ہونا۔ اور اُس کی ناراضگی سے امن کا حاصل ہونا۔ اور قیامت کے دن عرش کے سائے میں داخل ہونا، اور اعمال کے تُلنے کے وقت نیک اعمال کے پلڑے کا جُھکنا۔ اور حوضِ کوثر پر حاضری کا نصیب ہونا۔ اور قیامت کے دن کی پیاس سے امن نصیب ہونا۔ اور جہنم کی آگ سے خلاصی کا نصیب ہونا۔ اور پُل صراط پر سہولت سے گزر جانا۔ اور مرنے سے پہلے اپنا مقرب ٹھکانہ جنت میں دیکھ لینا۔ اور جنت میں بہت ساری بیویوں کا ملنا۔ اور اس کے ثواب کا بیس جہادوں سے زیادہ ہونا۔ اور نادار کیلئے صدقہ کے قائم مقام ہونا۔

اور درود شریف زکوٰۃ ہے اور طہارت ہے۔ اور اس کی وجہ سے مال میں برکت ہوتی ہے۔ اور اس کی برکت سے سَو حاجتیں بلکہ اس سے بھی زیادہ پوری ہوتی ہیں۔ اور عبادت تو ہے ہی، اور اعمال میں اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب ہے، اور مجالس کیلئے زینت ہے۔ اور فقر اور تنگیِ معیشت کو دور کرتا ہے۔ اور اس کے ذریعہ سے اسبابِ خیر تلاش کئے جاتے ہیں اور یہ کہ درود پڑھنے والا قیامت کے دن حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے سب سے زیادہ قریب ہوگا۔ اور اس کی برکت سے خود درود پڑھنے والا اور اُس کے بیٹے اور پوتے منتفع ہوتے ہیں اور وہ بھی منتفع ہوتا ہے کہ جس کو درود شریف کا ایصالِ ثواب کیا جائے اور اللہ اور اُس کے رسول کی بارگاہ میں تقرب حاصل ہوتا ہے اور وہ بے شک نور ہے اور دشمنوں پر غلبہ حاصل ہونے کا ذریعہ ہے، اور دلوں کو نفاق سے اور زنگ سے پاک کرتا ہے۔ اور لوگوں کے دلوں میں محبت پیدا ہونے کا ذریعہ ہے۔ اور خواب میں حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا ذریعہ ہے۔ اور اس کا پڑھنے والا اس سے محفوظ رہتا ہے کہ لوگ اس کی غیبت کریں۔ دُرود شریف بہت بابرکت اعمال میں سے ہے اور افضل ترین اعمال میں سے ہے۔ اور دین و دُنیا دونوں میں سب سے زیادہ نفع دینے والا عمل ہے۔ اور اس کے علاوہ بہت سے ثواب جو سمجھدار کیلئے اس میں رغبت پیدا کرنے والے ہیں۔ ایسا سمجھدار جو اعمال کے ذخیروں کے جمع کرنے پر حریص ہو اور ذخائرِ اعمال کے ثمرات حاصل کرنا چاہتا ہو۔"

اب دیکھیں کتنی ساری فضیلتیں درود شریف کے لئے جمع ہو گئی ہیں۔ اس وجہ سے درود شریف کا جو وظیفہ ہے انتہائی قیمتی وظیفہ ہے، اس لحاظ سے کہ اس سے دنیا کے فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں، آخرت کے فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ ایک تو یہ بات ہے۔

دوسری بات یہ ہے کہ اس کی تعداد پہ کوئی مسئلہ نہیں، کیونکہ اس سے کوئی ایسی چیز انسان کے جسم میں ظہور میں نہیں آتی جس سے کوئی مسئلہ ہو۔ جیسے مثال کے طور پر "اللہ اللہ" کا ذکر اگر زیادہ تعداد میں کیا جائے تو اس کے لیے پھر تھوڑا سا خیال رکھنا چاہیے کہ اس کو برداشت کیا جا سکتا ہے یا نہیں برداشت کیا جا سکتا۔ لیکن درود شریف ما شاء اللہ یہ جتنا بھی کوئی پڑھ لے تو اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔

ایک دفعہ ہمارے شیخ مولانا اشرف صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پاس ایک مہمان بیٹھے ہوئے تھے، حضرت نے ارشاد فرمایا کہ یہ صاحب روزانہ ایک لاکھ چوبیس ہزار مرتبہ درود شریف پڑھتے ہیں۔ وہ حضرت شاہ عبدالعزیز دعاجو رحمۃ اللہ علیہ کے مرید تھے اور حضرت کے ساتھ ہوتے تھے، حضرت کے خادم تھے، اور بس وہ درود شریف پڑھتے رہتے تھے۔

تو پھر بعض لوگوں کی کرامت ہوتی ہے، یہ کرامت ہے، مطلب یہ کہ انسان عام طور پر نہیں کر سکتا۔ جیسے انگلینڈ میں ایک صاحب ہیں، باکسر ہیں، اس کی باکسنگ کا رِنگ ہے باقاعدہ، یعنی وہ ٹریننگ دیتا ہے باکسنگ کی، لیکن وہ تین قرآن پاک ختم کرتا ہے اور حافظ نہیں ہے۔ اب یہ عام طور پر نہیں ہو سکتا، یہ اس کو ہم کرامت کہتے ہیں۔ لیکن کرامت بھی ان کی ہوتی ہے نا جن کو اللہ پاک قبول فرماتے ہیں، تو اللہ جل شانہ جن کو وہ قبول فرمائے تو ان کے لیے پھر راستے کھول لیتے ہیں۔ اس وجہ سے مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالی جن کے لیے جو ذریعہ بنائے، اب جس کے لیے درود شریف کے دروازے کھول دیے تو بس اس کے لیے پھر الحمد للہ تو بہت زیادہ اس کا اجر ہوتا ہے۔

اس وجہ سے خود بھی درود شریف پڑھنا چاہیے اور دوسروں کو بھی بتانا چاہیے، اور درود شریف کی مجالس بھی قائم کرنی چاہئیں۔ الحمد للہ اللہ کا شکر ہے ہمارے حضرات کی برکت سے پوری دنیا میں الحمد للہ درود شریف کی مجالس قائم ہو چکی ہیں۔ پوری دنیا میں، انگلینڈ میں ہے، امریکہ میں ہے، یورپ کے اور ملکوں میں ہے، سعودی عرب میں ہے، انڈیا میں ہے، پاکستان میں ہے، برما میں ہے، مطلب جہاں جہاں الحمد للہ ہمارے حضرات کے جو متوسلین ہیں، وہ ما شاء اللہ درود شریف پڑھتے ہیں۔ یہ کتاب جو ہے ما شاء اللہ، جو فضائلِ درود شریف ہے، وہ بہت زیادہ الحمد للہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔

تو الحمد للہ، اللہ کا شکر ہے اس کی برکت سے بہت سارے مسائل حل ہوتے ہیں۔ ہمارے حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی ایک کتاب ہے "نشر الطیب فی ذکر النبی الحبیب"، یہ کتاب جو ہے حضرت نے جو لکھی تھی اس کی وجہ یہ تھی کہ طاعون کی بیماری آئی تھی۔ تو حضرت نے اپنے بزرگوں کے حوالے سے یہ فرمایا کہ ہمارے بزرگوں کا طریقہ یہ تھا کہ جب کبھی اس قسم کی وبا آتی تو اس کو دور کرنے کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر کچھ کام کرتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر۔ تو حضرت نے فرمایا کہ اس وجہ سے میں نے بھی سیرت پر یہ کتاب لکھنی شروع کی، اور فرمایا کہ جس جس دن زیادہ کام ہو جاتا اس دن پتہ چلتا کہ وبا میں کافی کمی آئی ہے۔

تو الحمد للہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے بھی حضرت ہی کی برکت سے یہ کام شروع کر لیا تھا، اور جس وقت یہ وبا کورونا کی آ گئی تھی تو اسی نیت سے ہم نے سیرت پر کام شروع کیا، الحمد للہ۔ اور کام اس طرح شروع کیا کہ جمعرات کے دن سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم — یہ جو حضرت سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ نے لکھی ہے — اس کی تعلیم شروع کی جمعرات کو، درود شریف کی مجلس تو ہوتی ہی ہے، اور ساتھ یہ کہ صبح کے وقت سیرت کا مطالعہ بصورتِ سوال، سیرت کا مطالعہ بصورتِ سوال، یعنی ایک سوال ہوتا تھا سیرت کے مطالعے کا، اس کا جواب دیا جاتا تھا۔ تو یہ ما شاء اللہ تین چار مہینے سے الحمد للہ یہ سلسلہ چل رہا ہے، اور ما شاء اللہ اس پر اچھا خاصا اللہ پاک نے کام کروانے کی توفیق عطا فرمائی۔

تو یہ ہے کہ ہمارے، اب دیکھ لیں، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میں صورتحال کافی بہتر ہے باقی ملکوں کے مقابلے میں، حالانکہ انڈیا بھی ہمارے ہی latitude پر ہے، یعنی گویا یوں سمجھ لیں کہ انڈیا کا موسم اور ہمارا موسم ایک ہے۔ ایران کا موسم، ہمارا موسم، انڈیا کا موسم، سب کا ایک ہے۔ لیکن ایران میں دیکھو اور انڈیا میں دیکھو کیا حالت ہے، اور اللہ کا شکر ہے کہ مطلب پاکستان میں کیا حالت ہے۔ تو الحمد للہ ایسی چیزوں کی برکت سے بہت سارے فائدے ہوتے ہیں، اس وجہ سے ہمیں بہت زیادہ، بہت زیادہ ان چیزوں کا سہارا لینا چاہیے۔

یہ محبت کی باتیں ہیں، یہ محبت کی باتیں ہیں۔ یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ محبت جو ہے، کیا ہے، صاف بات عرض کرتا ہوں: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود ارشاد فرمایا، یعنی اس چیز کی اتنی اہمیت تھی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود اس کے بارے میں ارشاد فرمایا: تمہارا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک مجھ سے اپنے والدین سے زیادہ، اپنی اولاد سے زیادہ، بلکہ سارے لوگوں سے زیادہ محبت نہ کرو۔ اور عمر رضی اللہ عنہ سے ایک موقع پر ارشاد فرمایا: جب تک مجھ سے اپنے آپ سے بھی زیادہ محبت نہ کرو، اس وقت تک تمہارا ایمان کامل نہیں ہو سکتا۔ تو عمر رضی اللہ عنہ نے پھر کہا: یا رسول اللہ، اب تو میں آپ سے اپنے آپ سے بھی زیادہ محبت کرتا ہوں۔ فرمایا: اَلْآنَ یَا عُمَرُ، اب بات بن گئی، اب بات بن گئی۔

اس وجہ سے ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جو محبت ہے یہ بڑھانی چاہیے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو بڑھانے کے لیے جو ذرائع ہیں ان کو اختیار کرنا چاہیے۔ وہ کون سے ذرائع ہیں؟ پہلی بات یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو پڑھیں۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نعت شریف جو صحیح لوگوں نے لکھی ہو، جس میں شرک وغیرہ نہ ہو، اور اچھی آواز سے پڑھی گئی ہو، اس سے محبت بڑھتی ہے۔ الحمد للہ اس سے محبت بڑھتی ہے۔ یہ باقاعدہ ہمارے صحابہ کرام کی سنت ہے، صحابہ کرام نے باقاعدہ نعتیں لکھی ہیں، انہوں نے نعتیں پڑھی ہیں، نعتیں سنی ہیں۔ خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی نعت سنی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی نعت سنی ہے۔ بلکہ حضرت سلیمان علیہ السلام کی نعت بھی محفوظ ہے عبرانی میں۔

تو یہ کیا چیز ہے؟ یہ کوئی ایسی چیز نہیں ہے۔ ہاں البتہ ایک بات میں ضرور عرض کروں گا: ہر چیز کا اپنا طریقہ ہوتا ہے۔ اب قرآن پڑھنا بہت بڑی بات ہے، الحمد للہ، اللہ پاک اس پر بہت خوش ہوتے ہیں، لیکن اگر کوئی اس کو ناچتے ناچتے پڑھے گا، کیا بات ہو گی؟ جائز تو نہیں ہو گا نا، بلکہ قرآن کی بے ادبی ہو گی نا، تو اس کو روکا جائے گا۔ تو کوئی یہ نہیں کہتا کہ یہ قرآن سے روکتے ہیں، وہ ناچتے ناچتے قرآن پڑھنے سے روکتے ہیں۔ سمجھ میں آ گئی نا بات؟ ادب کے ساتھ پڑھنا۔ تو اسی طریقے سے نعت شریف جو ہے بہت اونچی چیز ہے، بہت اونچی چیز ہے، لیکن کوئی اس کو گانے کے طرز پر پڑھے گا تو اس کو روکا جائے گا، وہ نعت شریف کی بے ادبی ہے۔ اس وقت بہت ساری نعتیں جو ہیں گانوں کے طرز پر ہیں۔

ایک دفعہ ایسا ہوا، یہی مسجدِ سید اکبر میں نعت خوانی کی محفل تھی، اور مجھے اس کا وہ بنایا گیا تھا کہ نعت خوانوں کا اکرام میں نے کرنا ہے، ٹھیک ہے صحیح ہے، کوئی ایسی بات نہیں، وہ تو اچھی بات ہے۔ تو میرے ساتھ یہ بات ہے کہ گانے کے طرز پر میں نعت سن نہیں سکتا، میرے سر میں درد ہو جاتا ہے۔ اب وہاں پر بیٹھا تھا تو ساری نعتیں گانے کے طرز پہ ہو رہی تھیں۔ تو میرے لیے تو بہت مشکل تھا، سر میں درد ہو رہا تھا، میں نے کہا یا اللہ میں کیسے اٹھوں؟ کیونکہ اٹھتا ہوں تو پھر وہ وہی ذمہ داری ہے، اور نہیں اٹھتا تو طبیعت پہ اتنا بڑا بوجھ ہے۔

خیر، نعت خوانی کی محفل ختم ہو گئی تو نعت خوانوں کو میں اپنے گھر لے گیا کھانا کھلانے کے لیے۔ کھانا کھاتے کھاتے میں نے ان سے درخواست کی، میں نے کہا: ما شاء اللہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، نعت شریف کی خدمت نا یہ تو بڑی اونچی بات ہے، بڑے بڑے اولیاء اللہ ذمہ دار یہ کام کیا کرتے تھے، تو آپ لوگ جو کر رہے ہیں، بس صرف اس کو گانے کے طرز پہ نہ پڑھیں، یہ بہت گندی حرکت ہے۔ تو دونوں نعت خوانوں کی زبان سے بیک وقت یہ بات نکلی کہ اب تو یہی نعتیں ہیں، اب تو یہی چلیں گی، اب تو لوگ یہی چاہتے ہیں، اس کے علاوہ کوئی نعتیں ہیں ہی نہیں۔ میں نے کہا: إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔

اس کے بعد میں نے تہیہ کیا کہ میں ان شاء اللہ صحیح نعتیں جمع کروں گا جو گانے کے طرز پہ نہیں ہوں گی، جمع کروں گا اور تقسیم بھی کروں گا لوگوں کو تاکہ لوگوں کا ذوق بڑھے کہ صحیح نعتیں سنیں۔ جب صحیح چیز نہیں ہو گی تو غلط چیز کو شہرت ہو گی، صحیح چیز موجود ہو گی تو پھر جو لوگ صحیح چیز لینا چاہیں گے تو ظاہر ہے ان کے پاس موجود ہو گی۔ اللہ کا شکر ہے کہ الحمد للہ آج میں کہہ سکتا ہوں کہ میرے پاس ہزاروں اس قسم کی نعتیں ہیں، ہزاروں الحمد للہ کی تعداد میں، وہ میں نے جمع کی ہیں، ان کی سی ڈیز بنائی ہیں، تقسیم بھی کی ہیں ساتھیوں کے ساتھ، وہ ما شاء اللہ اس کو سنتے بھی ہیں۔

تو یہ جو نعتیں ہیں، نعت شریف جو صحیح طریقے سے ہو، گانے کے طرز پر نہ ہو، عمدہ الفاظ ہوں، شرک و بدعت سے بَری ہوں، اور اچھی آواز کے ساتھ پڑھی گئی ہوں، تو الحمد للہ یہ بہت بڑی بات ہے۔

تو ابھی ان شاء اللہ العزیز ابھی میں شروع کرتا ہوں ایک نعت شریف، پھر اس کے بعد درود شریف پڑھیں گے، اور پھر اس کے بعد ہم ان شاء اللہ وہ جو چہل حدیث شریف پڑھیں گے، اس سے پہلے ان شاء اللہ نکاح ہو گا، پھر چہل حدیثیں پڑھی جائیں گی، پھر دعا ہو گی۔ یہ ہمارا اصل میں بزرگوں کا طریقہ ہے، ہمارے عصر کے بعد، مطلب ہم اسی میں اپنا وقت گزارتے ہیں۔ ہمارے بزرگوں کا طریقہ تھا کہ عصر کے بعد وہ دنیاوی چیزوں میں مصروف نہیں رہتے تھے۔ کیونکہ بہت قیمتی وقت ہے، حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کا ارشاد مبارک ہے کہ اگر میں کسی اور کام میں مصروف بھی ہوں لیکن جب یہ وقت آ جائے تو مجھے بتا دینا، تاکہ میں کٹ کٹا کے اللہ کی طرف متوجہ ہو جاؤں۔ اس وجہ سے ہمارے جتنے بھی اکابر تھے وہ ما شاء اللہ اس وقت میں کسی اور کام میں مشغول نہیں ہوتے تھے، اللہ تعالی کو یاد کرنے میں، درود شریف پڑھنے میں، قرآن پاک کی تلاوت میں، دعاؤں میں لگے رہتے تھے۔ یہ قبولیت کے اوقات ہیں، اللہ تعالی ہمیں نصیب فرما دے۔

تو پہلے میں ان شاء اللہ وہ نعت سناتا ہوں، یہ نعت جو ہے یہ دعا بھی ہے اور نعت بھی ہے، ان شاء اللہ العزیز۔ تو اس پہ آمین آمین بھی کہہ دیا کریں تاکہ دعا قبول ہو جائے۔ یہ علمائے کرام کی محفل میں نعت پڑھی گئی تھی، ما شاء اللہ۔

اپنے محبوب کی یا رب تو محبت دے دے
اس کے سنت پہ چلوں اس کی تو ہمت دے دے

تو مرے دل میں رہے اور مرا دل اس کی طرف
تو ہی جب چاہے تو اس پر استقامت دے دے

اپنے محبوب کی یا رب تو محبت دے دے

حق مجھے حق ہی نظر آئےاور باطل باطل
دلِ بیدار ہو نصیب نورِ فراست دے دے

اس کے سنت پہ چلوں اس کی تو ہمت دے دے

سامنے میرے ہمیشہ ہو ترا حسنِ ازل
اس پہ میں مر مٹوں دنیا سے تو نفرت دے دے

یہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ جو دنیا کی چیزیں ہیں، ان سے نفرت نہیں۔ ہر وہ چیز جو اللہ تعالیٰ سے غافل کرنے والی ہو وہ دنیا ہے، اس وجہ سے اگر کوئی چیز اللہ تعالیٰ سے غافل نہیں کر رہی تو وہ دنیا نہیں ہے، وہ دین بن جاتی ہے۔ جیسے قرآن پاک میں ایسے لوگ بھی ہیں جن کو تجارت اللہ کے ذکر سے نہیں منع کرتی، اس طریقے سے اللہ تعالیٰ پاک نے بھی تعریف فرمائی ہے۔ تو اگر کوئی شخص اپنے کسی شعبے کو دین کے لیے استعمال کر رہا ہے تو دین بن جاتی ہے، اور اگر دین کی چیز کو دنیا کے لیے استعمال کر رہا ہے تو دنیا بن جاتی ہے۔ مثلاً نماز اگر کوئی اس لیے پڑھتا ہے کہ لوگ مجھے نمازی کہیں اور مجھے اچھا کہہ دیں، وہ دنیا بن جائے گی۔ لہذا یہ جو دنیا سے نفرت ہے وہ اس دنیا سے نفرت ہے کہ جو انسان کو آخرت سے غافل کرے۔

ہر ادا اسکی یقینا جو تجھے پیاری ہے
اس کے پانے کی مجھے بھی تو سعادت دے دے

یعنی سنتوں کا اتباع۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کا اتباع جو ہے، قرآن پاک میں، قُلْ إِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ۔ اے میرے حبیب اپنی امت سے کہہ دیں: اگر تم اللہ کے ساتھ محبت کرنا چاہتے ہو تو میری اتباع کرو، اللہ پاک تم سے محبت کرنے لگیں گے۔ لہذا سنتوں کا جو اتباع ہے، اس کو مانگا جا رہا ہے، اس پہ محنت کرنی چاہیے، تاکہ ہماری عادتیں بن جائیں۔

اس کے پانے کی مجھے بھی تو سعادت دے دے
اپنے محبوب کی یا رب تو محبت دے دے

میرے مولا میں ہوں کمزور اور ناتواں انساں
میں تجھ کو راضی کروں اس کی تو قوت دے دے

یہ اللہ پاک کو راضی کرنا جو ہے، یہ ہمارا سب سے بڑا کام ہے، سب سے بڑا کام ہمارا یہ ہے۔ اگر دنیا میں اللہ کو راضی کرنے میں ہم کامیاب ہو گئے تو بس سب کچھ ہمارا ٹھیک ہو گیا، اور اگر یہ نہیں ہوا تو کچھ بھی ٹھیک نہیں۔ اس لیے اس کو مانگ رہے ہیں کہ یہ مشکل کام ہے، آسان کام نہیں ہے، تو میں تو کمزور ہوں، میں تو نہیں کر سکتا، ہاں اللہ پاک قوت دے دے تو پھر انسان کر سکتا ہے، اس کو اس لیے مانگ رہے ہیں۔

اپنے محبوب کی یا رب تو محبت دے دے

اور میں تجھے یاد کروں اور تو مجھے یاد رکھے
فہم قرآں ہو نصیب، ذوقِ تلاوت دے دے

یہ اصل میں اللہ تعالی نے قرآن پاک میں خود اس کا فرمایا ہے: فَاذْكُرُونِي أَذْكُرْكُمْ۔ پس مجھے یاد کرو، میں تمہیں یاد رکھوں گا۔ اس وجہ سے جو بھی اللہ کو یاد کرتا ہے تو اللہ بھی اس کو یاد رکھتا ہے۔ تو یہی اصل میں سب سے بڑا کام ہے۔ اگرچہ بظاہر بہت آسان کام نظر آتا ہے، ذکر پہ انسان کی کوئی بیٹری نہیں لگتی، کوئی پیسہ نہیں لگتا، کوئی تھکتا نہیں ہے، لیکن اتنا بڑا کام ہے کہ اللہ تعالی کی یاد میں آ جاتا ہے، یعنی اللہ پاک اس کو یاد فرماتے ہیں: فَاذْكُرُونِي أَذْكُرْكُمْ۔ قرآن کی آیت ہے، کوئی ضعیف حدیث نہیں ہے۔ آج کل یہ بھی فیشن ہے کہ کوئی کام نہیں کرنا ہو تو کہتے ہیں ضعیف حدیث ہے، اور اس سے اپنے آپ کو مبرا سمجھتے ہیں، حالانکہ قرآن پاک کی آیت ہے: فَاذْكُرُونِي أَذْكُرْكُمْ وَاشْكُرُوا لِي وَلَا تَكْفُرُونِ۔ تو یہی مطلب اس میں، اور پھر یہ جو فہمِ قرآن ہے، یہ بہت بڑی دولت ہے، اور محبت کے ساتھ تلاوت، یہ بہت بڑا نصیب ہے۔ یعنی جس وقت انسان تلاوت کرتا ہے تو اللہ تعالی اس کو ایسی محبت کے ساتھ دیکھتے ہیں جیسے کوئی پسندیدہ اپنا کلام، جو کوئی گانے والا پڑھتا ہو، اسے اتنی محبت کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔ تو یہ قرآن پاک کی تلاوت، اور ساتھ یہ کہ فہمِ قرآن، وہ تو سبحان اللہ تمام علموں کی بنیاد ہے۔ تو یہ دونوں چیزیں اللہ تعالی سے مانگنی چاہئیں۔

میں ترے سامنے گم سم کھڑا ہونا سیکھوں
تو مجھے دیکھ کے خوش ہو ایسی حالت دے دے

تو مجھے دیکھ کے خوش ہو ایسی حالت دے دے
اپنے محبوب کی یا رب محبت دے دے

اب جان و مال وقت و اولاد ہو شبیرؔ کی قبول
اس کے پیش کرنے کی مجھ کو استطاعت دے دے

میرا تصور یہ کہتا ہے کہ حضرت نے ہمارے لیے یہ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ذات کو سامنے رکھتے ہوئے، ان کی ذاتِ اقدس سے ہمارے لیے جو اسباق ہیں، وہ اس شعر میں رکھ دیے ہیں، کہ انہوں سے زندگی میں اللہ نے جو پانچ امتحانات لیے، کٹھن، کیسے، سخت۔ اگر وہ ہمارے سامنے آ جائے کہ جان، مال، اولاد، اللہ کے دربار میں پیش کرے، اگر وقت ہو تو پیش کر دیں، اگر یہ ہمارا جذبہ ہو جائے تو ان شاء اللہ دین پہ چلنا آسان ہو جائے گا، ساری منزلیں آسان ہیں۔ اللہ تعالی ہمیں نصیب فرمائیں۔

اس کے پیش کرنے کی مجھ کو استطاعت دے دے

فضائلِ درود شریف، محبتِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے تقاضے اور نعت خوانی کے شرعی آداب - جمعہ، آخری وقت کی دعا - اشاعت اول