اَلْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْن الصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ عَلیٰ خَاتَمِ النَّبِیِّیْنَ
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم۔
آج ہفتہ ہے اور ہفتے کے دن ہمارے ہاں حضرت مولانا شیخ اشرف سلیمانی رحمۃ اللہ علیہ کی شہرہ آفاق کتاب ”سلوک سلیمانی“ کا درس ہوتا ہے، پچھلے ہفتے جامعیت سلوک اور انفرادی زندگی کے موضوعات پر مشتمل باب شروع کیا گیا تھا، جس کے دو تین صفحے ہوئے اور وقت پورا ہوگیا تھا، اب ہم دوبارہ وہ دو تین صفحے بھی پڑھ لیتے ہیں تا کہ لفظی مضمون سمجھ میں آجائے۔
متن: اسلامی نظریۂ سلوک کی جامعیت کا یہ نتیجہ ہے کہ اجتماعی زندگی کے جملہ پہلوؤں کی طرح سلوک انفرادی زندگی کے جز و کل پر بھی محیط ہے، بلکہ فرد کی زندگی کے جملہ شعبوں کی اصلاح کے لئے ہی اجتماعی حقوق و فرائض کی ادائیگی کی ضرورت ہے کہ افراد ہی کے مجموعہ کا نام ملت و اجتماع ہے۔
حضرت الشیخ قدس سرہ کے نزدیک سلوک انسان کے تمام عقائد و اعمال، افکار و اشغال، احوال و کوائف پر حاوی ہے اور اعلیٰ دین و اعلیٰ اخلاق اور علم حصولِ احسان و تقویٰ کا اصطلاحی نام ہے، اس لئے حضرت والا رحمہ اللہ تعالی تصحیح عقائد، تحسین عبادت، اتباعِ سنت، اصلاح اعمال اور ادائے حقوق عباد، حصول تقویٰ، تحلی بالفضائل و تخلی عن الرذائل برائے رضائے الہی کو ہی اصل دین اور صحیح سلوک سمجھتے تھے، یہ سلوک توحید کے ارفع و اعلیٰ مقام اور احکام الہی کے کامل امتثال اور اتباع نبوی کی مکمل پابندی کا نام تھا، کہ دل میں عقائد حقہ کا ایسا ایقان و اذعان ہوجائے کہ قال، حال اور غیب شہود بن جائے، خلوت خانۂ دل غیر کی محبت سے پاک ہو کر حجلہ نشین ازل کے لئے خاص ہو جائے، تقویٰ اور احسان طبعی تقاضے کی صورت اختیار کر لے، اخلاق نبوی کا پر تو ہر عمل میں جھلکنے لگے، عبادات و اذکار کی پابندی، حقوق العباد کی رعایت، معاملات کی صفائی اور معاشرت کی پاکیزگی میں ادنیٰ کوتاہی نہ ہونے پائے، اعمال صالحہ سے رغبت اور برائیوں سے اجتناب فطرتِ ثانیہ بن جائے معاشرت و معیشت، تجارت و زراعت، سیاست و عسکریت، اقتصاد و عمرانیت زندگی کا ہر شعبہ کلی طور پر امر الہی اور طریق نبوی ﷺ کا پابند ہو جائے غرض محمد رسول اللہ ﷺ کے بتلائے ہوئے طریقۂ حیات کے کامل و مکمل ظاہری و باطنی، انفرادی و اجتماعی اتباع کا نام تصوف و سلوک ہے کہ بقول حضرت سید الملۃ قدس سرہ:
”احکام الہی کی باخلاصِ تام تعمیل و تکمیل ہی طریقت ہے، دگر ہیچ“
تشریح: یہاں حضرت نے بلکل وہی باتیں ارشاد فرمائی ہیں جو حضرت مجدد الف ثانیؒ اور حضرت تھانویؒ نے مکتوبات شریف اور مواعظ شریف میں کی ہیں، واقعتاً یہ بات ہے کہ دین پر چلنے میں جو رکاوٹ ہے اس کو دور کرنا سلوک ہے، اب دین پر چلنے میں دو بڑی بڑی رکاوٹیں ہیں، ایک شیطان، دوسرا نفس، شیطان کو یاد الہٰی اور alertness سے دور کیا جاسکتا ہے، انسان alert ہونا سیکھ لے، ہر وقت بیدار رہے، اس کو تصوف کے رنگ میں ”بیدار دل“ کہتے ہیں۔ اگر دل بیدار ہو، پھر ماشاء اللہ معاملہ الگ ہوتا ہے، شیطان اس پر وار نہیں کرتا، کیونکہ شیطان غافل دل پہ وار کرتا ہے، اگر دل بیدار ہو تو اس پر وار نہیں کرسکتا، جیسے انسان اگر اپنی عمومی زندگی میں غافل ہو جائے تو دشمن اس پر حملہ کرسکتا ہے اور اس کو نقصان پہنچا سکتا ہے، لیکن اگر alert ہو تو پھر وہ جرات نہیں کرتا، سمجھتا ہے کہ میرا مقابلہ ہوگا، اگر میں اس کا نقصان کروں گا تو میرا بھی نقصان ہوگا، لہذا اس پر حملہ نہیں کرتا، اسی طریقے سے انسان کا دل جب بیدار ہوتا ہے اور عقل سمجھ دار ہوتی ہے تو شیطان حملہ نہیں کرسکتا۔
ہمارے جسم کے اندر دو بڑے sections ہیں، دو بڑے compartments ہیں، ایک compartment دل و دماغ کا ہے، یعنی دل بیدار ہو اور عقل سمجھ دار ہو، عقل میں سمجھ کی کمی نہ رہے اور دل میں غفلت نہ رہے تو شیطان حملہ نہیں کرسکتا۔ دوسرا compartment قلب و جگر کا ہے، انسان جب عمل کرتا ہے تو دل کی قوتِ عازمہ استعمال ہوتی ہے اور نفس کی مخالفت کر کے اس کو دبایا جاتا ہے، دل کو دو کام کرنے ہوتے ہیں، قوت عازمہ میں دل کا استعمال ہوتا ہے، لہذا دل کا وہ حصہ جو جگر کے ساتھ کام کررہا ہے وہ قوت عازمہ کہلاتا ہے اور جو حصہ عقل کے ساتھ کام کرتا ہے وہ فہم کے ساتھ متعلق ہے، قرآن پاک میں دونوں کا ذکر ہے۔
یوں سمجھا جائے کہ ہم لوگوں کو دل کے دونوں کاموں کا خیال رکھنا ہوگا، فہم کا بھی اور قوت عازمہ کا بھی، مثال کے طور پر اگر کسی چیز کا عزم و ارادہ نہ ہو تو وہ کام نہیں ہوسکتا، ہم لوگ جو بڑے بڑے کام کر لیتے ہیں، ان کے پیچھے عزم و ارادہ ہی ہوتا ہے۔ حدیث شریف میں ہے کہ جس وقت تو کسی چیز کا ارادہ کرے، ثُمَّ اسْتقِمْ پھر اس کے اوپر ڈٹ جاؤ، قرآن شریف میں ہے: فَاِذَا عَزَمْتَ فَتَوَکَّلْ عَلَی اللّٰہِ جس وقت تو نے کسی چیز کا عزم کیا، پھر اللہ پہ توکل کرو، عَزَمْتَ فرمایا، اب عَزَمْتَ کہاں سے ہوگا یہ دل کا کام ہے، عزم بھی دل کا حصہ ہے، اس کا عقل کے ساتھ رابطہ ہے اور دوسرا حصہ جو فہم کے ساتھ ہے وہ عقل کے ساتھ تعلق نہیں رکھتا، جیسے قرآن پاک میں ہے: "هُمْ قُلُوبٌ لَّا يَفْقَهُونَ بِهَا" ان کے دل ہیں لیکن اس سے وہ سمجھتے نہیں، ہمیں دونوں چیزوں کو دیکھنا پڑے گا۔
اب اگر ہم تصوف کا مختصر نقشہ کھینچنا چاہیں تو یہ ہوگا کہ دل بیدار ہو اور اس کے ساتھ عقل سمجھ دار ہو، اور دل حکم پر چلنے کے لئے تیار ہو اور نفس پہ سوار ہو، نفس پہ قابو ہو۔ خلاصہ یہ کہ دل کے دو کام ہیں، ایک عقل کے ساتھ متعلق ہے، دوسرا نفس کے ساتھ متعلق ہے، جب دل یہ دونوں کام آسانی سے کر پائے، پھر ماشاء اللہ اصل کام (شریعت پر عمل) ہوتا ہے۔
اب ساری چیزیں جو حضرت نے فرمائی ہیں، ایک ایک کرکے ان کو دیکھیں، تصحیح عقائد کو دیکھیں، وہی دل و دماغ والی بات، تحسین عبادت، اس میں نفس پہ قابو بھی ہے اور دل کا ارادہ بھی ہے، اتباعِ سنت میں بھی دونوں ہیں، اصلاح اعمال میں بھی دونوں ہیں، ادائے حقوق عباد میں بھی دونوں ہیں۔ حصول تقویٰ، یہ دل والی بات ہے لیکن اس کا ذریعہ نفس پر قابو ہے، تحلی بالفضائل و تخلی عن الرذائل یعنی فضائل کے ذریعے سے دل کو آراستہ کرنا اور رذائل سے خالی کرنا۔
متن: اسلامی نظریہ سلوک کی جامعیت کا یہ نتیجہ ہے کہ اجتماعی زندگی کے جملہ پہلوؤں کی طرح سلوک انفرادی زندگی کے جز و کل پر بھی محیط ہے۔
تشریح: مطلب یہ کہ اجتماعی زندگی کی طرح انفرادی زندگی پر بھی حاوی ہے۔
متن: بلکہ فرد کی زندگی کے جملہ شعبوں کی اصلاح کے لئے ہی اجتماعی حقوق و فرائض کی ادائیگی کی ضرورت ہے۔
تشریح: یہ معاملہ بعض لوگ ذرا الٹا لیتے ہیں، بعض لوگوں کو یہ نظر آئے گا کہ ہم فرد کی اصلاح اس لئے کرتے ہیں کہ اجتماعی حالت ٹھیک ہوجائے، جبکہ حضرت کہہ رہے ہیں: "بلکہ فرد کی زندگی کے جملہ شعبوں کی اصلاح کے لئے ہی اجتماعی حقوق و فرائض کی ادائیگی کی ضرورت ہے"، تو یہاں مقصود فرد کی زندگی ہوا اور اجتماعی حقوق و فرائض کی ادائیگی اس کے لئے راستہ ہوگیا۔
اب ذرا اس پر غور کر لیں کہ کیا کہنا چاہتے ہیں؟ کہہ کس لئے رہے ہیں؟ بنیاد کیا ہے؟ بڑی گہری بات ہے۔ اصل میں یہ فرمانا چاہتے ہیں کہ دیکھو ہر شخص انفرادی طور پر الگ الگ اللہ تعالیٰ کو جوابدہ ہے، بادشاہ بھی جوابدہ ہے، وزیر بھی جوابدہ ہے، گھر کا رب البیت بھی جوابدہ ہے، یہ سب اپنے اپنے کام کے بارے میں جوابدہ ہیں، ہر ایک سے پوچھا جائے گا، یہاں غور کریں کہ ہر ایک سے پوچھا جائے گا، پورے ملک سے تو نہیں پوچھا جائے گا، ہر ایک کا حساب الگ الگ ہوگا تو ہر ایک نے اپنا اپنا account clear کرنا ہے، تو اس کے لئے پورے معاشرے کو درست کرنا ہوگا تاکہ ہر ایک اپنا account صحیح کرسکے، clear کرسکے، جب سارے لوگ اس طرح کام کریں گے، تو اجتماعی زندگی خود بخود ٹھیک ہوجائے گی، مطلب یہ کہ آپ فرد کے لئے اجتماعی زندگی کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں یہ اور بات ہے، اور جو اجتماعی زندگی کے لئے فرد کو ٹھیک کر رہے ہیں، یہ دوسری بات ہے۔ پہلی صورت میں آپ کا بنیادی مقصد تو اجتماعی زندگی ہوگی، لیکن دوسری صورت میں یہ بات ہے کہ اولاً اجتماعی زندگی اہم نہیں بلکہ آپ کا اللہ کے ساتھ تعلق اہم ہے، ہر شخص کا اللہ کے ساتھ انفرادی طور پر تعلق اہم ہے، اس لئے ہر شخص اپنی اپنی ذمہ داری پوری کرے گا، جب ہر ایک اپنی ذمہ داری پوری کرے گا تو سب ٹھیک ہوجائیں گے۔ یہ ہے اصل بات، جو بعض لوگوں کی لیڈرانہ قسم کی باتوں کا توڑ ہے، اُن لوگوں کا کہنا یہ ہے کہ لیڈر اپنی پروا نہیں کرتا، دوسروں کی چیزوں کو ٹھیک کرتا ہے، جب کہ یہاں پر صورت حال یہ ہے کہ پہلے اپنے آپ کو ٹھیک کرنا ہے، اپنے آپ کو مٹا دو، کسی اور کو نہ مٹاؤ، پہلے اپنے اوپر focus کرنا ہے کہ میں ٹھیک ہو جاؤں کیونکہ مجھ ہی سے پوچھا جائے گا۔
اس میں ایک اور نکتہ کی بات ملحوظ رکھنا بھی ضروری ہے، ”میں ٹھیک ہو جاؤں“ کا مطلب یہ نہیں کہ میں اپنے آپ کو ٹھیک کرنے کے لئے خلوت میں بیٹھ جاؤں، نہیں! خلوت میں بھی نہیں رہنا، سارے معاشرے کو اس طریقہ سے درست کرنا ہے کہ تم معاشرہ میں رہتے ہوئے اپنا حصہ اللہ کے سامنے درست کر لو، اس کی مثال گاڑی جیسی ہے، جیسے گاڑی کا مقصد ایک خاص منزل پر پہنچنا ہے، اس مقصد تک رسائی کے لئے پوری گاڑی کو درست رکھنا ضروری ہے، اس گاڑی میں ذرہ بھر بھی آگے پیچھے کوئی بات ہوگی تو منزل حاصل نہیں ہوسکے گی، اس کے لئے انجن بھی ٹھیک رکھنا ہے، eclectric board کا انتظام بھی صحیح رکھنا ہے، الغرض آپ نے گاڑی کی تمام چیزیں درست رکھنی ہیں، تاکہ آپ کی گاڑی صحیح چلے اور منزل مقصود پر صحیح پہنچ جائے، آپ کی منزل ایک ہے، لیکن اس کے لئے کام بہت سارے ہیں، اس طرح آپ کا اللہ تعالیٰ کے ساتھ جو تعلق ہے وہ ان تمام چیزوں کے through ہے، یعنی معاشرے کے اندر جتنی چیزیں ہیں، ان تمام چیزوں کے through آپ کا اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق ہوگا، ان سے علیحدہ نہیں، آپ کے جن جن حقوق و فرائض کا دوسروں کے ساتھ تعلق ہے وہ اکیلے تو ادا ہو ہی نہیں سکتے، حقوق فرائض کا سلسلہ اجتماعی ہوتا ہے، آپ تب چھوٹیں گے جب آپ کے حقوق و فرائض کا سلسلہ صحیح ہے اور آپ معاشرے کا حقوق و فرائض والا رخ ٹھیک ادا کر رہے ہیں، تاکہ آپ کا اللہ کے ساتھ تعلق ٹھیک ہو جائے، آپ کا مقصد آپ کو حاصل ہوجائے۔
یہ بڑا انقلابی پیراگراف ہے جس پر ہم dicuss کر رہے ہیں۔ حضرت نے فرمایا ہے: "اسلامی نظریہ سلوک کی جامعیت کا یہ نتیجہ ہے کہ اجتماعی زندگی کے جملہ پہلوؤں کی طرح سلوک انفرادی زندگی کے جز و کل پر بھی محیط ہے، بلکہ فرد کی زندگی کے جملہ شعبوں کی اصلاح کے لئے ہی اجتماعی حقوق و فرائض کی ادائیگی کی ضرورت ہے کہ افراد ہی کے مجموعہ کا نام ملت و اجتماع ہے"۔
اس بات کو سمجھانے کے لئے میں نے two triangle بنایا ہے، ایک triangle عقل، نفس اور قلب کا ہے، یہ اندرونی طور پر ہے اور دوسرا مدرسہ، خانقاہ اور مسجد والا ہے، یہ بیرونی طور پر ہے، یہ تین نظام جب درست ہوں گے تو آپ کا اندر کا نظام درست ہوگا، جب آپ کا اندر کا نظام درست ہوگا تو باہر کا نظام ٹھیک ہوگا، اس کی وضاحت کے لئے پھر میں نے یوں کیا ہے کہ یہ triangle پر جو nodes باہر والے exterior پر ہیں اس پہ ہر node کے اوپر nodes ہیں one plus one، تو یہ بن جاتا ہے 9 x 9 matrix، پھر دوسری چیز آگئی، آپ معاشرت کی اصلاح اس 9 x 9 matrix کے ساتھ کرسکتے ہیں۔
متن: قول حضرت سید الملۃ قدس سرہ: احکام الٰہی کی باخلاصِ تام تعمیل و تکمیل ہی طریقت ہے، دگر ہیچ۔
تشریح: یعنی اللہ جل شانہ کے احکام کی تعمیل اخلاص کے ساتھ، یہی تو طریقت ہے۔ واقعتاً بات یہی ہے، یہی طریقت ہے۔
متن: سلوک و تصوف کی یہی حقیقت مختلف طالبین کے نام مکتوبات میں کلک سلیمانی نے ثبت کی ہے اس سلسلہ میں حضرت والا رحمہ اللہ تعالیٰ کے مکاتیب سے چند اقتباسات نقل کرتا ہوں:
1۔ اصل شے احکام الہی کی کلی اطاعت، حلال و حرام کا خیال، معاملات میں صفائی، اخلاق کی نزاہت، اتباع نبوی کا دھیان اور تمام امور میں رضائے الٰہی کی طلب ہے، ان امور کی طرف توجہ فرمائیں کہ یہ اصل ہیں اور باقی سب فروع و تدابیر۔
تشریح: مطلب یہ ہے کہ آپ نے درست ہونا ہے، ٹھیک ہونا ہے، اس میں کچھ چیزیں ایسی ہوں گی، جو مقاصد ہوں گی اور کچھ چیزیں ایسی ہوں گی جو ذرائع ہوں گے، مقاصد کو سمجھنا چاہیے اور ذرائع کو اختیار کرنا چاہیے، حضرت فرماتے ہیں کہ صحیح عقائد کے ساتھ شریعت پر چلنا یہی ہمارا مقصد اور target ہے۔ شریعت میں ظاہر بھی آتا ہے اور باطن بھی آتا ہے، ظاہر شریعت میں تو نماز، روزہ، زکوۃ، حج اورمعاملات کی درستگی یہ سب شامل ہیں۔ باطنی شریعت میں صبر، تقوی، اخلاص اور اللہ کی رضا یہ چیزیں آجاتی ہیں، یہ دونوں sets اہم ہیں، اس کو کرنا چاہیے، ان کو حاصل کیسے کیا جائے؟ اس کی تدابیر میں ذرائع ہوں گے۔
متن: ذکر کے اثر کا ظہور یہی ہے کہ طاعات و مرضیات الہی کے اتباع کا ذوق بڑھے اور اللہ تعالی کی یاد ہرحال میں ہو، باقی کیفیات تو آتی جاتی رہتی ہیں، اگر روز پلاؤ ملے تو پلاؤ کا مزہ ہی بھول جائے۔
تشریح: اس عبارت میں حضرت نے یہ بتایا ہے کہ ذکر دراصل کیا ہے،
آج کل ان چیزوں کی اس لئے ضرورت ہے کہ آج کل لوگ ان معنوں میں اس کو لیتے ہی نہیں، مثلاً لوگ ذکر کو مستی کے طور پر کر لیتے ہیں، اگر ذکر میں بڑا جوش آیا، تو سمجھے کہ بس ہم پہنچ گئے، کدھر پہنچ گئے؟ جس چیز کا کہا گیا وہ کر رہے ہو؟ وہ نہیں کر رہے، تو پھر کہاں پہنچے، یہ دھمال کیا چیز ہے؟ کیا یہ اسی غلط تاثر کو ذکر کا اثر کہتے ہیں؟ ہم سمجھتے ہیں کہ شاید ہم تھوڑی دیر کے لئے "ھُو حَق" کر لیں تو بس ہمارا کام ہوجائے گا، بھئی "ھُو حَق" ذریعہ بن سکتا ہے، یہ مقصد نہیں ہے، مقصد تو آپ کا دین پر چلنا ہے، مثال کے طور پر وقت پر نماز پڑھنا اللہ کا حکم ہے، ایک شخص صبح اٹھنے کے بعد سے رات کو سونے تک مسلسل ذکر کر رہا ہے، "ھُو حَق" ہے یا "اللہ ہُو" ہے یا "لَا اِلٰهَ اِلَّا اللہ" ہے، لیکن جب نماز کا وقت آیا تو اس نے نماز نہیں پڑھی، دوسرا شخص ہے، اس نے نماز پڑھ لی اور باقی سارے وقت میں خاموش رہا یا دنیا کا کوئی جائز کام کرتا رہا، آپ بتائیں اللہ کے نزدیک کس کو نوازا جائے گا؟ دوسرے کو نوازا جائے گا جس نے نماز پڑھی ہے، کیونکہ اس وقت اس سے مطالبہ یہی (نماز پڑھنا) ہے، اس سے یہ مطالبہ (ذکر و شغل) نہیں ہے، بلکہ یہ اس کی تیاری ہوسکتی ہے، اس لئے حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بہت ہی واضح statement دی ہے کہ اصل ذکر وہی ہے جس کے ذریعے انسان گناہ سے بچ جائے، یہ قیامت تک ایک ایسی statement ہے کہ سب کو اس سے فائدہ ہوتا رہے گا۔
اب انسان گناہ سے کیسے بچتا ہے، ذکر کا مطلب کیا ہے؟ ذکر کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنے آپ کو اللہ کے سامنے محسوس کر لے یا اللہ پاک کی موجودگی کو محسوس کر لے، جس وقت انسان اللہ کی موجودگی کو محسوس کرتا ہے، اپنے آپ کو اس کے سامنے محسوس کرتا ہے تو پھر انسان گناہ نہیں کرسکتا، کچھ ہی عرصہ پہلے کی بات ہے کہ انسان اپنے بڑوں کے سامنے ننگے سر نہیں کھڑے ہوسکتے تھے ہر وقت جیب میں ٹوپی پڑی ہوتی تھی، جب بڑے گھر آجاتے تو فوراً دوڑ پڑتے تھے، جو لوگ سگریٹ پیتے تھے تو اگر کوئی بڑا آجاتا تو فوراً بجھا دیتے تھے یا brush کر لیتے تھے، اب اِس وقت صورت حال کیا ہے، اس وقت etiquette یہ ہیں کہ ہم ایک meeting میں بیٹھے ہوئے تھے، وہاں commissioner تھے، deputy commissioner تھے، assitant commissioner تھے اور علماء تھے، سب کی meeting تھی، assitant commissioner نے سگریٹ کا پیکٹ نکالا اور commissioner کو کہتے ہیں کہ can I smoke sir؟ بس یہ ادب اختیار کر لیا، اور commissioner کے پاس no کہنے کا موقع chance نہیں ہے، یہ صرف ایک symbolic چیز ہے، کیوں کہ پھر انگلیاں اسی پر اٹھیں گی کہ commissioner نے no کہہ دیا، یہ اِس وقت کا ادب ہے۔
جب اللہ جل شانہ کی موجودگی کا ادراک اور انسان کے اندر شرافت ہو تو وہ گناہ نہیں کرسکتا، گناہ اس وقت کرسکتا ہے جب غافل ہو، یہی مطلب ہے حضرت کی اس بات کا کہ: "ذکر کے اثر کا ظہور یہی ہے کہ طاعات و مرضیات الہی کے اتباع کا ذوق بڑھے اور اللہ تعالی کی یاد ہرحال میں ہو باقی کیفیات تو آتی جاتی رہتی ہیں، اگر روز پلاؤ ملے تو پلاؤ کا مزہ ہی بھول جائے"۔ اور ہم لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم نے ذکر کیا تو مزہ آئے، اگر مزہ نہ آئے تو بے شک وہ گناہ سے روکے، ذکر نہیں کریں گے۔
؎ ازوستِ ہجر یار شکایت نمی کنم
گر نیست غیبتیے ندہد لذت حضور
اپنے کام میں تا دم آخر استقامت کے ساتھ لگے رھئے یہی بڑی دولت ہے۔
2: یہ خیال رہے کہ قرب و ولایت کی راہ صرف عقائد صحیحہ اور اعمال صالحہ ہیں
تشریح: وہی مجدد الف ثانیؒ والی بات کہ راہ صرف عقائد صحیحہ اور اعمال صالحہ ہیں۔
بقیہ جذب و شوق و نداء و رویاء و غیرہ محمود ہیں مگر مقصود نہیں اس لئے ان سے دل نہ لگائیں اس کو راستہ کی سیر کا تماشہ جانیں۔
تشریح: جیسے انسان بچوں کو راستے میں کھلاتا پلاتا جاتا ہے، مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ طفلانِ طریقت کو اس طریقے سے بہلایا جاتا ہے اور جب آدمی بڑا ہوجائے تو اس کو بہلانے کی ضرورت نہیں ہوتی، اس وجہ سے جو لوگ ماشاءاللہ سلوک طے کر لیتے ہیں، پھر ان کو ان چیزوں کی ضرورت نہیں ہوتی اور وہ ذوق و شوق کے پیچھے نہیں بھاگتے، جو ہمارا آخری مکتوب کا درس تھا اس میں حضرت مجدد صاحب نے یہی ارشاد فرمایا تھا کہ اب تو دل چاہتا ہے کہ کسی سنت کو زندہ کیا جائے اور یہ جو ذوق و شوق اور حال والی بات ہے وہ میں نے اہل ذوق کے سپرد کر دی ہے۔
3: ”اصل شیء ایک ہی ہے اور وہ احوال مع اللہ تعالی ہیں علاقہ الہی میں ترقی ہو جس کی علامت عقیدۃً اور عملاً احکام الہی کا کامل اتباع ہے۔“
4: ”مقصود بذریعہ اعمال حصول رضا و قرب ہے، رویائے صادقہ بشارت ہیں اور بس مقصود بذریعہ اعمال حصول رضا و قرب ہے۔“
5: ”بندہ ہر حال میں گناہ گار ہے اور خدا کی بارگاہ میں اپنے گناہوں کا اعتراف اور اپنی غلط کاری اور تساہل پر ندامت اور آئندہ گناہوں سے بچنے اور احکام الہی کے عمل پر استقامت اور ساری عمر اسی ریاضت میں گزار دینا ہی بندگی ہے۔“
6: ”تقصیرات پر استغفار کر کے آئندہ احتراز کا عزم کیجئے، ایک ایک رذیلہ کو لے کر اس کے ازالہ کی کوشش کیجئے، پہلے اس رذیلہ کی حقیقت سمجھئے پھر ازالہ کی تدبیر حصول تقویٰ تحلی بلفضائل و تخلی عن الرذائل برائے رضائے الہی اصل سلوک ہے۔“
تشریح: ایک کام بہت اہم ہے چونکہ ہمارا تعلق سب کے ساتھ ہے، چاروں سلسلے تو کم از کم ہیں ہی، الحمد للہ، اور پھر مجددین کے طریقے پر چلنے کی کوشش کرتے ہیں، جتنے بھی مجددین گزرے ہیں، ان حضرات نے جو نچوڑ نکالا ہے وہ کم از کم ہمارے سامنے ہے، اس میں صرف ایک بات ہوتی ہے اس پر سب متفق ہیں، اس ایک statement پر سب متفق ہیں، اس میں کوئی اختلاف نہیں ہے اور وہ یہ ہے کہ: "اصل چیز عقائد صحیحہ کے ساتھ رضائے الہی کے لئے شریعت پر چلنا ہے"، اس پر سب متفق ہیں اس میں کوئی اختلاف کسی کا نہیں۔ اب اس کو کیسے حاصل کریں؟ یہ ذرائع ہیں، حضرت نے بھی یہی فرمایا اور مجدد صاحب بھی یہی فرماتے ہیں کہ ذرائع ہیں، تو ذرائع کو اختیار کرنا ہوتا ہے مقصود نہیں بنانا ہوتا۔
جو قریب و دور سننے والے ہیں وہ اس کو اچھی طرح نوٹ کریں:
1: ذرائع استعمال کرنے پڑتے ہیں، ذرائع کے استعمال کے بغیر مقاصد حاصل نہیں ہوا کرتے، لیکن ذرائع کو مقصد نہیں بنانا، ان کو ذرائع ہی رہنے دینا ضروری ہے۔
2: دوسری بات یہ ہے کہ ذرائع میں جمود نہیں ہے، یہ ضروری نہیں ہے کہ قیامت تک ایک ہی ذریعہ کارآمد ہو، دیکھنا پڑے گا کہ کس وقت کون سا ذریعہ زیادہ بہتر ہے، اُس ذریعہ کے مطابق کام کرنا عقل مندی اور دانش مندی ہے، جو حکیم کتاب پر ہی چلتا ہے یا جو ڈاکٹر صرف کتاب پر ہی چلتا ہے، اس کو اناڑی ڈاکٹر کہتے ہیں، وہ ڈاکٹر نہیں ہے، وہ کتابی ہے، کتاب پر تو ایک عام آدمی بھی چل سکتا ہے، ڈاکٹر کو اپنا ذہن کھلا رکھنا پڑتا ہے، مریض کی حالت کے مطابق تبدیلی لانا اس کے لئے ضروری ہوتا ہے۔
مثلاً یہ جو liver کا problem ہوتا ہے، اس میں کسی وقت اگر مریض کو بخار ہو جائے تو اس کو paracetamole کی پوری گولی نہیں دیتے، اس پر dose آدھی ہو جاتی ہے، اور اگر کوئی نسخہ پڑھ لے اور اس کے لئے صبح دوپہر شام ایک گولی دے دے، پھر تو کام ہوگیا، ہر چیز کا اپنا اپنا وقت ہے، مریض کی حالت کے مطابق دوائی دی جائے گی۔
اسی طرح ان چیزوں پہ جمود بھی نہیں، ذرائع مقصود بھی نہیں اور ان پر جمود بھی نہیں، وقت کی حالت کے مطابق ان کو تبدیل کرنا ضروری ہے۔
اب میں آپ کو ایک اہم بات بتا دوں، یہ ہمارے نقشبندیہ سلسلے کے اس دور کی بات ہے جب مجدد صاحبؒ کی خط و کتابت ہوتی تھی، اس خط و کتاب کے ذریعہ اس دور کے اندر جو مہلکات تھے وہ درست کئے جاتے تھے، باقی اعمال خود بخود درست ہوجاتے تھے، آج کل دور ایسا ہے کہ لوگوں کو ان چیزوں کی پہچان ہے نہ صحیح طریقے سے ان کو استعمال کرسکتے ہیں، لہٰذا اب جو output based ہیں ان پہ input based والا method کام نہیں کر رہا، output based سے مراد یہ ہے (جیسے حضرت نے فرمایا) کہ ایک ایک رذیلے کو لے کر اس کی اصلاح کر لو یہ output ہے، کہ آپ ایک ایک رذیلے کو لے کر بنیاد بنا دو کہ اس کو نکالنا ہے، مثلاً میں نے حرص کو نکالنا ہے، اس کا ایک طریقہ کار ہوگا، پھر حرص کے بعد آپ سستی کو نکالیں گے، پھرفجور کو نکالیں گے، الغرض ایک ایک کر کے ان کو نکالا جائے، تو اس سے ایسے ہی مقامات حاصل ہوں گے، پہلے مقامات کا اس طرح تذکرہ ہوتا تھا اور اب اس طرح تذکرہ ہوتا ہے، کیونکہ اِس دور میں اس کے بغیر کام نہیں ہوسکتا کیوں کہ جو لوگ اس طرح نہیں کر رہے، ان کی چیزیں رہ جاتی ہیں، ان کی اصلاح نہیں ہوتی۔
ایک بار میں حلیمی صاحبؒ کے پاس بیٹھا ہوا تھا، انھوں نے کسی کے بارے میں بتایا کہ وہ قرآن شریف بغیر اعراب کے پڑھ سکتا تھا، میں نے کہا کہ بغیر اعراب کے تو ہم بھی پڑھ سکتے ہیں، تو کہتے ہیں کہ صحیح طریقے سے پڑھنا ہوتا ہے، پڑھ تو ہر ایک سکتا ہے مگر غلطی کرے گا، تو اگر ہم ان کی نقل کرلیں اور وہ چیز ہمیں حاصل نہ ہو، جیسے بغیر اعراب کے پڑھنے میں مہارت حاصل نہ ہو تو پھر غلط ہی پڑھیں گے، علم نحو نہ ہو تو بغیر اعراب کے کوئی نہیں پڑھ سکتا، مثال کے طور پر ضَرَبَ زَیْدٌ میں اب یہ زَیْدٌ کیوں ہے، زَیْدٍ کیوں نہیں ہے، ایک عام آدمی کو اس کا کیا پتا، اَنْعَمْتَ عَلَیْھِمْ کو اگر قصداً کسی نے اَنْعَمْتُ عَلَیْھِمْ کہہ دیا تو کافر ہوگیا، اور اگر غلطی سے کہا تو نماز ٹوٹ جائے گی، حالانکہ صرف زبر اور پیش کا فرق ہے، لیکن نماز ٹوٹ جائے گی، مطلب یہ ہے کہ اگر صلاحیت ہے، پھر تو ٹھیک ہے، ورنہ اگر صلاحیت نہیں تو پھر یہ طریقہ output based ہے، اس کو دیکھو کہ وہ چیز نکل جائے، جب تک وہ نہ نکلے اس وقت تک آرام نہیں ہونا چاہئے، یہ بہت اہم بات ہے۔
7: ”پراگندگی خاطر کی کوئی بات نہیں اعمال سب معلوم ہیں ضرورت عمل کی ہے اور حصول تقوی اور رضائے الہی کی ساری کوشش اسی کی چاہئے باقی سب فلسفہ ہے۔“
8: ”اور ہر قسم کے رذائل سے بقدر امکان دوری اور فضائل کے حصول کی کوشش اور اطاعت الہی پر مداومت اور حصول رضائے الہی کا شوق (اصل ہے)، باقی غیر مقصود ہیں تو امور مقصودہ میں سے ان امور کی طرف بیشتر متوجہ رہیں۔“
12: ”اس کتاب قصد السبیل کے آخر میں منہیات و اوامر کی تصریح ہے وہ پیش نظر رہے۔
مقصود حصول تقوی ہے کہ قرآن پاک ھُدًی لِّلْمُتَّقِیْنَ ُ ہے اور عبادت کا منشاء بجا آوری بعد حصول تقوی ہے لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ۔“
13: ”اب ضرورت اس بات کی ہے کہ بعد فرائض و سنن و نوافل کی پابندی علی مراتب الوجوب و الاستحباب کے منہیات شرعیہ سے احتراز کا لزوم کیا جائے اور ہمیشہ نظر اپنے احوال پر رہے اور جو عیب سب سے ابھرا ہوا علی العیان معلوم ہو اس کے دفعیہ کی کوشش کیجئے مثلاً کبر، عجب، ریا، حسد وغیرہ، آپ اس عیب کی حقیقت پہلے دریافت کریں اگر معلوم نہ ہو اور پھر اس کا علاج دریافت کریں۔“
تشریح: یہ علیحدہ علیحدہ پیرا گراف ہیں ایسا نہ ہو کہ آپ مسلسل سمجھیں، حوالہ دے رہے ہیں کہ حضرت نے مختلف مواقع پر ایسا ارشاد فرمایا۔
14: ”نماز، نوافل، ذکر، تلاوت اور اخلاق و معاملات کی نگرانی، یہ چند امور ہیں جو لحاظ کے قابل ہیں ان پر ہمیشہ نظر رہے تو روح مفلوج نہ ہوگی۔“
15: ”اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آپ مع الخیر اپنے فرائض و معمولات میں مصروف ہیں، عبادات کے بعد سب سے زیادہ اہمیت معاملات میں صفائی کی ہے اور پھر حسن خلق کا درجہ ہے۔
16: "ہمیشہ کے لئے یہی نصیحت ہے کہ اللہ تعالی کی یاد سے غفلت نہ ہو، تہجد اور ذکر کا اہتمام رہے حضرت والاؒ کی تصانیف کا مطالعہ انشاءاللہ تعالی ہر بے راہ روی سے آپ کو بچائے گا، معاملات پر خصوصیت سے نظر رہے۔“
17: ”بڑی نعمت اس دنیا سے ایمان و عمل صالح کے ساتھ رخصت ہونے کی ہے جس کا نام حسن خاتمہ ہے۔“
تشریح: اللہ ہمیں بھی نصیب فرمائے۔
18: ”امید ہے کہ اب آپ اپنے معمولات پر قادر ہوگئے ہوں گے، سب سے بڑی چیز فرائض کے بعد اخلاق رذیلہ سے نجات حاصل کرنا ہے جس کے لئے دعا کے علاوہ کوشش کرنا بھی ہے۔“
19: ”پوری توبہ گزشتہ تقصیروں پر کر کے آگے کے لئے اطاعت کامل کا عزم کیجئے اللہ تعالی پورا فرمائیں گے، "مَنْ یَّتَوَكَّلْ عَلَى اللّٰهِ فَهُوَ حَسْبُهٗؕ" تمام منہیات سے توبہ کر کے ان سے بچنے کا اہتمام کرنا چاہئے، اس کے لئے حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کی اصلاح الرسوم اور بہشتی زیور کا مطالعہ کیجئے اور ان کے مطابق عمل کیجئے۔“
20: ”عملاً اتباع سنت ہر کام میں اور قولاً درود کی کثرت حب رسول ﷺ کا ذریعہ ہے۔“
21: ”اپنی تکمیل اور اصلاح سے کبھی غفلت نہ برتیں، ہم ہر حالت میں ناقص ہیں، یاد الہی سے غفلت نہ ہو ذکر کا مقصود یہی ہے، بدعات و رسوم سے احتراز رہے، تقریبات میں ہر قسم کے امور پیش آتے ہیں ان میں بھی احتیاط رہے۔“
22: ”تمام امور میں اتباع سنت اور احتراز بدعت پیش نظر رہے، رذائل میں سے ایک ایک رذیلہ کو سمجھ کر اس کے ازالہ کی کوشش کی جائے، پہلے اہم کو لیجئے اور پوچھئے ـــــــ وظائف کی کثرت کا شوق بیکار ہے غرض صحت ہے، نہ کہ نسخوں کی کثرت، اور یاد‘ اور وہ ایک نسخہ سے بھی حاصل ہوسکتی ہے۔“
تشریح: جو ہومیوپیتھی طریقہ کا اصل ڈاکٹر اور ماہر ہوتا ہے، وہ صرف ایک گولی دیتا ہے زیادہ دوائی نہیں دیتا، لیکن اس کے لئے وہ بہت سوچ بچار کرتا ہے، تمام case history لے گا، ایک ایک چیز پوچھے گا، ہر چیز پہ سوچے گا، books کے ساتھ consult کرے گا، جب آپ کا مرض معلوم کر لے گا کہ بس یہی ایک چیز ہے تو دوائی دے گا اور اسی سے مریض ٹھیک ہوجائے گا، یہ ان کا فلسفہ ہے، یہی ہومیوپیتھی کا اصل طریقہ کار ہے۔ اسی طریقے سے یہاں پر بھی ہے کہ ایک نسخے سے بھی کام ہوسکتا ہے، نسخوں کی کثرت تو ضروری نہیں ہے، ہمارے ڈاکٹر لوگ سستی کا مظاہرہ کرتے ہیں، چونکہ ان کے پاس time نہیں ہوتا، آپ کو پتا ہے ڈاکٹر حضرات آپ کو کیسے دیکھتے ہیں، آپ نے دیکھا ہوگا کہ کئی بار آپ ابھی اپنے مرض کے بارے میں بتا ہی رہے ہوتے ہیں کہ وہ نسخہ لکھنا شروع کر دیتے ہیں، حالانکہ جب تک اس نے آپ کی پوری بات نہیں سنی، وہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ آپ کو کیا مسئلہ ہے، جب تک اس نے پورا check up نہیں کیا کیسے آپ کے مرض کا پتا لگا سکتا ہے، اس نے موسم کے لحاظ سے ایک protocol ذہن میں رکھا ہوتا ہے کہ آج کل یہ بیماریاں ہیں اور جو بھی آئے اسے اس حساب سے چار پانچ دوائیاں دے دیتا ہے کہ یہ بھی ممکن ہے، یہ بھی ہوسکتا ہے، وغیرہ وغیرہ، دو منٹ میں مریض کو فارغ کر دیتا ہے، ایسا ہوتا ہے یا نہیں ہوتا؟ عموماً ان کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ چار پانچ دوائیاں دے دو، اگر یہ بیماری نہیں ہوگی تو یہ ہوگی، یہ نہیں تو یہ ہوگی، کوئی تو ہوگی ہی، سب کی دوائیاں دے دیتے ہیں، تو کسی دوائی سے ٹھیک ہوجائے گا، ہماری واہ واہ ہوجائے گی، لیکن اس بے چارے کا imune system disturb کیا، اس کا حساب کون کرے گا؟ اللہ تعالی اس کا حساب کرے گا! اس کے imune system پر extra بوجھ ڈال دیا، معدے پر بوجھ ڈال دیا، گردوں پر بوجھ ڈال دیا، دماغ پر بوجھ ڈال دیا، اس کا حساب کون کرے گا؟ اللہ تعالی کرے گا، اگر یہ اچھی طرح سوچتے، جتنا time اس کے لئے چاہئے، اتنا time وہ مریض کو دیتے اور اس کے مسئلہ کو اچھی طرح سمجھ جاتے تو پھر بہت تھوڑی دوائی کی ضرورت ہوتی، تو صرف specific دوائی دیتے۔
دوائیوں میں بھی مختلف قسم کی دوائیاں ہوتی ہیں، مثلاً کہتے ہیں کہ یہ گولی cardio specific ہے، یعنی اس کا تعلق cardiology کے ساتھ ہے، اس کا lungs کے ساتھ ہے، جو specific چیز ہوتی ہے، پھر وہی دیں گے، ورنہ یہ ہے کہ ہر طرح کا بوجھ ڈال دیں گے، بعض local practitionist ایسے ظالم ہوتے ہیں کہ steroids تک دھڑلے سے دے دیتے ہیں۔
میرا بیٹا محمد غالباً ایک سال سے کم عمر کا تھا، بیمار ہوا تو میں اسے ایک local practitionist کے پاس لے گیا اس نے مجھے چار بوتلیں دیں، میں نے کہا: اس میں کیا ہے؟ کہتا ہے: آپ کو کیا، ڈاکٹر تو میں ہوں، آپ کیوں پوچھ رہے ہیں؟ میں نے کہا: مجھے یہ ہے کہ اگر یہ علاج ناکام ہوگیا تو میں اسے specialist کے پاس لے جاؤں گا اور specialist کا پہلا سوال یہی ہوگا کہ آپ نے اس کو کیا کھلایا ہے تو میں اس کو کیا جواب دوں گا، وہ سمجھ گیا کہ یہ آدمی وہ نہیں ہے، بہرحال اس نے مجھے کہا کہ ایک میں fernergan ہے، دوسرے میں panadril ہے، تیسرے میں cloranfenicol ہے، چوتھے میں septran ہے، خیر اپنے ذہن سے میں نے اندازہ لگایا کہ fernergan بھی antiallergic ہے، panadril بھی antiallergic ہے، دونوں میں سے ایک کافی تھی دونوں کیوں دیں، مجھے شک ہوگیا cloranfenicol سے bone marrow میں 10% depression کا chance ہوتا ہے، اگر بچے کو دے دی اور اس کا bone marrow depressed ہوجائے پھر کیا کریں گے، یہ تو بہت خطرناک بات ہے اور septran بچوں کو دینا نہیں چاہیے، تو مجھے شک ہوگیا، میں نے کہا یہ دوائی تو نہیں دینی چاہیے۔ میں سیدھا اس کو ڈاکٹر عرفان کے پاس لے گیا، وہ child specialist oiN، جب میں ان کے پاس گیا تو انہوں نے مجھ سے وہی expected سوال کیا کہ آپ نے پہلے اس کو کیا دیا ہے، میں نے کہا: لوکل ڈاکٹر نے چار بوتلیں دی تھیں، ان میں سے ایک بھی نہیں دی، وہ خوشی سے اٹھ کھڑا ہوا، کہتا ہے: ہاتھ ملاؤ بچہ بچ گیا، وہ واقعتاً کھڑا ہوگیا تھا، کہتا ہے کہ ظالم نے کیسے یہ دوائی دی، septran تو سال سے کم والوں کو دینی ہی نہیں چاہئے، ان کے گردے فیل ہوسکتے ہیں، گردوں میں swelling ہوجاتی ہے اور cloranfenicol کے بارے میں وہی بات کہی جو ابھی میں نے عرض کی۔
وہاں دیوار پر لکھا ہوا تھا کہ عین ممکن ہے کہ صرف ڈاکٹر کے مشورے کی ضرورت ہو، اس کو کسی دوائی کی ضرورت نہ ہو، لہذا دوائی لکھوانے پر زور نہ دیا جائے۔
میرا بیٹا احمد weight gain نہیں کر رہا تھا، تو میں اس کے پاس چلا گیا، میں نے کہا ڈاکٹر صاحب یہ weight gain نہیں کر رہا، ڈاکٹر نے کہا کہ اس کی activities میں کوئی فرق تو نہیں ہے، سستی تو نہیں ہے؟ میں نے کہا: تین تین سیڑھیوں سے چھلانگ لگاتا ہے، اس نے کہا: پیچھے دیکھو، میں نے پیچھے دیکھا تو لکھا ہوا تھا کہ ”بچے پتلے ہی اچھے“ عموماً مائیں خوب کھلاتی ہیں، ان کا شوق ہوتا ہے کہ بچہ بہت صحت مند ہو، پتا نہیں ان کو غبارہ بنانا چاہتی ہیں، بچے weight gain کرتے ہیں اور پھر بیچارے کسی بھی چیز کے قابل نہیں رہتے، بھاگ دوڑ نہیں سکتے، ویسے ہی بے چارے ضائع ہوجاتے ہیں۔
ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ میرے پاس مائیں بچے لے آتی ہیں، 80 کلو کا بچہ، تو میں اس کے ساتھ کیا کروں؟
تو specialist ڈاکٹر آپ کو صرف ایک نسخہ ہی بتائے گا بلکہ بعض جگہ عین ممکن ہے کہ دوائی کی ضرورت ہی نہ ہو، صرف تدبیر کا فرق ہو۔
23: ”دوام عمل اور صحت فکر و نظر ہی کامیابی کی کنجی ہے، خلق میں شہرت اور مقبولیت کی خواہش اس راہ کا کانٹا ہے، اللہ تعالیٰ کی رضا کے سوا عمل کا دوسرا محرک نہ ہو، اور ہر حال میں ذکر لساناً و قلباً جاری رہے۔“
تشریح: حضرت شیخ الہند رحمتہ اللہ علیہ کانپور تشریف لے گئے تھے، جہاں حضرت مولانا تھانوی رحمۃ اللہ علیہ ابتداء میں پڑھاتے تھے، چونکہ حضرت شیخ الہند رحمۃ اللہ علیہ حضرت کے استاد تھے، دیوبند میں منقول زیادہ چلتا تھا اور کانپور میں معقول زیادہ چلتا تھا، یعنی منطق و فلسفہ اور اس قسم کے فنون وغیرہ، منطق اور فلسفے میں تکبر زیادہ ہے، جیسے ریاضی، فزکس میں بہت زیادہ تکبر ہے، mathematician پتا نہیں اپنے آپ کو کیا سمجھتے ہیں، عموماً ان میں تکبر زیادہ پایا جاتا ہے۔ حضرت شیخ الہند رحمۃ اللہ علیہ دیوبند سے تھے، بیان شروع کیا تو یہ معقول والے لوگ دور دور بیٹھے ہوئے تھے جیسے کوئی خاص بات نہ ہو، اور زیادہ لفٹ lift نہیں کرا رہے تھے، بیان کے دوران کسی بات میں فلسفے کا کوئی نکتہ آگیا، حضرت نے یہ ساری چیزیں پڑھی ہوئی تو تھیں، اس پر حضرت نے اتنے زبردست قسم کے دلائل دینے شروع کئے کہ وہ سب معقولی اپنی جگہوں سے ہل گئے اور قریب آنا شروع ہوگئے کہ ہمارے مقصد کی بات شروع ہوگئی اور ذرا impress ہوگئے، حضرت مولانا تھانوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ مجھے بڑی خوشی ہوئی کہ الحمد للہ اب ان کو پتا چل گیا ہوگا کہ دیوبند والوں میں یہ کمی نہیں ہے، کہتے ہیں کہ تھوڑی دیر کے بعد حضرت نے بات مختصر کرلی اور بیٹھ گئے، میرے دل پر بہت زیادہ بوجھ آگیا کہ کمال ہے، جب بات کرنے کا وقت آگیا تو حضرت نے بات ختم کرلی، جس وقت میں حضرت کے ساتھ تنہا ہوگیا، تو میں نے کہا: حضرت ابھی تو بات کرنے کا وقت آیا تھا، اب آپ نے بات ختم کرلی، حضرت نے آہستگی سے کہا مجھے بھی یہ خیال آگیا تھا، اس لئے میں نے بات مختصر کرلی، یعنی ایسا نہ ہو کہ بات اللہ کے لئے نہ رہے اور اس لئے ہوجائے کہ لوگ مجھے عالم کہیں، اس لئے میں نے بات مختصر کر لی، اللہ والوں کی یہ بات ہوتی ہے۔
24: ”دو باتوں کا خاص لحاظ رکھا جائے، اول فرئض کی ادائیگی کا پورا پورا اہتمام، دوم نوافل مسنونہ اور اذکار کی کثرت ان کے علاوہ ہر قسم کے گناہوں سے احتراز کا اہتمام رکھا جائے، کہ دل میں تقوی کی کیفیت پیدا ہو۔“
25: ”ــــــــــ قبلہ ایک ہی ہے، اور وہ کتاب و سنت کی تعلیم ہے، اور اس پر عمل کرنا ہے، شیخ کا کام اس پر عمل کرنے کے صحیح اور آسان طریق کی تعلیم ہے۔“
26: ”دینداری آجکل کی اصطلاح میں صرف نماز روزہ اور ظاہری شکل کا نام رہ گیا ہے، ضرورت اس کی ہے کہ حقوق عباد کو پہچانتا ہو، اور معاملات میں راست باز ہو، ساتھ ہی حقوق زوجیت ادا کرنے کے قابل ہو۔“
27: ”تدریج اور آہستگی سے کام شروع کیجئے، پہلے عقائد درست کیجئے، پھر عبادات کی تکمیل کیجئے، پھر اخلاق سنواریئے، پھر آگے بڑھئے، گناہوں سے فی الفور کنارہ کشی اور استغفار ضروری ہے۔“
29: ”پچھلے اعمال کے تدارک کی صورت یہ ہے کہ توبہ و استغفار کیا جائے، اور جن جن فرائض متروکہ کی قضا ہو، اس کی قضا کی جائے، حقوق عباد یا معاف کرائے جائیں یا ادا کئے جائیں ـــــــــــــــ معاصی سے کلیۃً احتراز کی عزیمت کی جائے، اور اللہ تعالی سے استقامت کی دعا مانگی جائے۔“
30۔ ”تقوی کا خیال، حلال و حرام کی فکر، جائز و ناجائز کی تمیز ہر کام میں ضروری ہے، تقوی حاصل اعمال ہے، یٰٓـاَیـُّھَا النَّاسُ اعْبُدُوْا رَبَّــکُمُ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔لَعَلَّــکُمْ تَـتَّقُوْنَ۔“
31: ”تمام گناہوں سے بچنے کا اہتمام رکھئے، اگر غلطی سے کبھی ہوجائے تو یاد آنے پر فورًا استغفار کیجئے، اور نیا عہد کیجئے، کہ ان شاء اللہ اب اپنے قصد سے اس کا ارتکاب نہ ہوگا۔“
32: ”قرب الہی صرف ایمان و عمل صالح کا نتیجہ ہے اس لئے دوام ذکر اور کثرت اعمال صالحہ کی فکر میں رہنا چاہئے۔“
33: ”معمولات کی پابندی استقامت کی دلیل ہے، اس کے آثار اعمال، معاملات اور اخلاق میں نمایاں ہونے چاہئیں ـــــــــ اصل میں یہی مرحلہ ہے جس کی طرف توجہ کم کی جاتی ہے۔“
34: ”اصل نظر اپنے احوالِ قلب اور اعمال پر رہنی چاہئے کہ صراط مستقیم سے کسی حال میں لغزش نہ ہو۔“
35: ”کیفیات و احوال کی طرف توجہ نہ کیجئے، صرف حسن عمل اور کثرت ذکر کی طرف توجہ رکھئے۔“
36: نجات تو صرف فضل الہی کا کرشمہ ہے، عقائد و اعمال کی صحت اس کے لئے بمنزلہ شرط کے ہے، بس اس میں مصروف رہنا چاہئے تاکہ اس کے فضل میں حصہ مل سکے۔“
37: ”اصل معاملہ عمل کا ہے، اس سے ترقی و تنزل کا اندازہ ہوتا ہے، معمولات اور احکام الہی کی اطاعت اور گناہ سے پرہیز یہی اصل چیز ہے۔“
38: ”یہ سب احوال مبارک ہیں، مگر اصل شے اتباع احکام الہی کا اہتمام ہے۔“
39: امور خیر کی تعمیل اور گناہوں سے بچنا انسان کے اختیار میں ہے، پس آپ سب وسوسوں اور خیالات کو چھوڑ دیں اور دل سے یہ طے کر لیں کہ آج سے اللہ تعالی کے کسی چھوٹے بڑے حکم کے خلاف نہیں کریں گے۔“
40: ”محبت کا اخفائے حال اور کیفیات و جذبات پر عقل کو غالب کرنا اور عقل پر حکم شرع کو غالب کرنا اصل دین ہے۔“
تشریح: بہت بڑی بات ہے کہ محبت کو چھپایا جائے اور جو احوال اور کیفیات و جذبات ہیں، ان پر عقل کو غالب کیا جائے اور عقل پر شریعت کو غالب کیا جائے، یوں سمجھ لیجئے کہ عقل نفس کو drive کرتی ہے، گویا وہ دو compartments ایک دل و دماغ کا جس میں دل کی بیداری اور عقل کی سمجھداری مطلوب ہے، اور دوسرا compartment قلب و جگر کا جس میں دل کی قوت عازمہ (یعنی جو عزم بھی قوت رکھتا ہے اس کو متحرک کرنا) خیر کے لئے اور شر کو دبانے کے لئے نفس کو قابو کرنا، یہ اس میں ہو، اب دیکھیں عقل کی سمجھداری نفس اور جذبات کو قابو کرنے کا کام کرے گی، لیکن عقل guidence شریعت سے لے گی، اگر کوئی عقل مند شریعت سے guidence نہیں لے رہا تو وہ دنیا دار عقل مند ہوگا، جیسے یورپ و امریکہ والے ہیں، جو اپنے کاموں میں ماہر ہوتے ہیں، اپنی عقل سے کام چلا رہے ہوتے ہیں، وہ دنیا کی چیز ہے، لیکن جو اللہ کو راضی کرنے کے کام ہیں، ان میں تو guidence ادھر سے ملے گی، اگر ہمیں اللہ سے guidence نہیں ملے گی تو وہ کام اللہ کے لئے نہیں ہوگا، لہذا عقل جذبات کو control کرے گی، نفس کو قابو کرے گی، لیکن عقل کو control کرنے کے لئے شریعت ہے، عقل guidence وہاں سے لے گی۔
41: ”انسان کو ہر حال میں اپنے سے چوکنا رہنا چاہئے، کہ اس کا نفس اس کو فریب میں مبتلا نہ کرے، معاملات میں ہمیشہ صفائی اور ایمان داری اور سچائی پیش نظر رہے۔“
42: ”اللہ تعالی کے محبوب ہونے کا قانونی نسخہ ایک ہی ہے، کہ اللہ تعالی کی اطاعت میں لگا رہے، طلب رزق میں لگنا بھی عبادت ہی ہے اگر اللہ تعالی کے زیر حکم ہو۔“
43: حقیقی اور شرعی تصوف جس کا صحیح نام احسان ہے، روح دین اور جان ایمان ہے، یہ اخلاص فی اللہ اور تزکیہ قلب اور علم حصول تقوی کا نام ہے۔“
حضرت والا رحمہ اللہ تعالی کے ان ارشادات سے یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ سلوک اپنی جامعیت میں کامل دین اور جملہ اوامر الٰہیہ کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے اور ایک سالک صادق کے لئے لازم ہے کہ اپنی ظاہری اور باطنی انفرادی و اجتماعی تمام زندگی کو احکام ربانی اور سنت نبوی کے کامل اتباع سے سنوارے، اور اصلاح نفس اور تزکیہ باطن کو صرف اوراد و اذکار، اشغال و معمولات کی پابندی ہی میں منحصر نہ سمجھے، بلکہ اصلاح عقائد، پابندی فرائض و سنن، تحسین عبادات و اذکار کے ساتھ درستگی اخلاق، صفائی معاملات، ادائیگی حقوق العباد اور حسن معاشرت کی طرف بھی پوری توجہ دے، اور توحید کاملہ عبدیت تامہ اور حصول احسان و تقوی کی اس جدوجہد اور گناہوں اور بدعات سے بچنے کی کوشش میں بکمال اخلاص و استقامت عزیمت و ہمت آخر دم تک لگا رہے۔
مندرجہ بالا مباحث سے ظاہر ہے کہ حضرت سید الملۃ رحمۃ اللہ علیہ ظاہری اعمال کی اصلاح، اخلاق کی پاکیزگی، معاملات کی صفائی اور معاشرت کی درستگی اور حلال و حرام کی تمیز کو تصوف کا بڑا مقصد قرار دیتے اور اسے سالکین کے لئے ضروری سمجھتے تھے، ایک مرتبہ راقم سے فرمایا کہ:۔
”حضرت والا (مولانا تھانویؒ) اپنے آخری دور میں اوراد و وظائف اور اشغال کی تعلیم سے پہلے اخلاق و معاملات کی اصلاح کی طرف متوجہ فرماتے تھے، اس سے مقصود یہ تھا کہ سالک کو اوراد و وظائف میں مشغول کرنے سے پہلے اخلاق و معاملات کی صفائی کی طرف متوجہ کیا جائے کہ اس جانب توجہ کم کی جاتی ہے، بسا اوقات ذکر کی برکت سے طالب کے قلب پر انوار و واردات کا نزول ہوجاتا ہے جس کی بنا پر وہ اسی کو مقصد سمجھ لیتا ہے اور اسی کو بزرگی سمجھ کر اصلاح اعمال اور درستگی اخلاق و معاملات سے غافل ہوجاتا ہے۔“
تشریح: یعنی یہ بھی حضرت کی مجددانہ بصیرت ہے کہ بعض دفعہ انسان پہلے جب ذکر اذکار وغیرہ شروع کر لیتے ہیں، تو عین ممکن ہے کہ اس کے دل میں یہ خیال آجائے کہ میں کامل ہوگیا ہوں، کچھ احوال وغیرہ آجائیں، تو آدمی سمجھے کہ میں تو بس کامل ہوگیا ہوں، ایسی صورت میں باقی چیزوں کا اثر نہیں ہوتا۔
حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے ایسی ایسی باتیں کی ہیں کہ انسان حیران ہوجاتا ہے، بس اللہ تعالیٰ کا فضل ہے جس پر ہوجائے، ارشاد فرمایا: "کہ دیکھو کافر کو ذکر نہ سکھاؤ، جب تک ایمان نہ لائے"۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ذکر کے اپنے اثرات ہوتے ہیں جو کافر پر بھی ہوسکتے ہیں، اگر اس کو حاصل ہوگئے اور اس کو اس کے ذریعے سے اطمینان حاصل ہوگیا، تو وہ سمجھے گا کہ مجھے مقصود حاصل ہوگیا، مجھے ایمان کی ضرورت ہی نہیں ہے، تو آپ نے اس کا راستہ بند کر دیا، اس حد تک حضرت کی سوچ جاتی تھی کہ کافر کو آپ ذکر نہ سکھائیں، کافر کو ایمان کی بات بتائیں، ابتدا وہاں سے ہے کہ ایمان لائے، بہت سارے بڑے بڑے کافروں نے آپ ﷺ کی تعریف میں کتنی باتیں لکھی ہیں، گاندھی جی نے، Bur trend rustle نے اور فرانس کے Napoleon Bonaparte نے، ان لوگوں نے بہت ساری باتیں کہیں، لیکن وہ صرف باتیں تھیں کیونکہ وہ اگر آپ ﷺ کو عظیم سمجھتے تھے، تو عظمت میں ایک چیز جو ضروری ہے، وہ صدق ہے یعنی سچا ہو، تو آپ ﷺ نے اپنے آپ کو نبی کہا لیکن یہ ان کو نبی نہیں کہتے، جس سے پتا چلتا ہے کہ سچا نہیں مانتے، جب سچا نہیں مانتے تو ان کی عظمت کی باتیں صرف باتیں ہی ہوئیں، یہ اپنے آپ کو دھوکا دینے والی بات ہے۔
اخلاق و معاملات کی صفائی کی طرف متوجہ کیا جائے کہ اس جانب توجہ کم کی جاتی ہے۔ بسا اوقات ذکر کی برکت سے طالب کے قلب پر انوار و واردات کا نزول ہوجاتا ہے، جس کی بنا پر وہ اسی کو مقصد سمجھ لیتا ہے اور اسی کو بزرگی سمجھ کر اصلاح اعمال اور درستگی اخلاق و معاملات سے غافل ہوجاتا ہے، اس طرح نہ صرف اس کی ترقی رک جاتی ہے بلکہ بسا اوقات ہلاکت میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ اس لئے حضرت الشیخ رحمہ اللہ تعالی سالکین کی تربیت میں اس چیز کا خاص اہتمام فرماتے تھے کہ دین کے تمام شعبوں کی اصلاح اور جملہ اوامر (ظاہری و باطنی) کی پابندی کو اپنا شیوہ بنائیں اور ایک کو مقصد سمجھ کر باقی سے اغماض نہ برتیں۔ ان اصولوں پر حضرت والا رحمہ اللہ تعالی کے ایک مکتوب سے روشنی پڑتی ہے،
اس لئے پورا خط نقل کرتا ہوں۔
مکرمی و محترمی حفظکم اللہ تعالی
السلام علیکم و رحمۃ اللہ! فقیر نے آپ کا خط پڑھا حالات معلوم ہوئے، اللہ تعالی کا شکر ادا کیجئے کہ آپ کو صحیح ہدایت نصیب ہوئی، کبھی مصیبتیں بھی ہدایت کا باعث ہوتی ہیں۔ آپ حضرت مولانا تھانوی کی کتابوں میں سے پہلے قصد السبیل پھر تعلیم الدین پڑھئے، اور حضرت کے جس قدر مواعظ و ملفوظات مل سکیں مطالعہ کرتے رہیں، اور استغفار کی کثرت کریں، اور نماز پنجگانہ باجماعت کا اہتمام کریں، اور معاملات میں حلال و حرام اور جائز و ناجائز کی تمیز کریں، اور اچھے اخلاق اختیار کریں، اور برے اخلاق سے پرہیز کریں، اگر آپ کا جی چاہے تو مجھ سے خط و کتابت جاری رکھیں اور اپنے احوال سے مطلع کرتے رہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو اپنی مصروفیات پر چلائے۔
سید سلیمان
ایک دوسرے طالب کو ارقام فرماتے ہیں:
"تقوی کا خیال، حلال و حرام کی فکر، جائز و ناجائز کی تمیز ہر کام میں ضروری ہے، تقوی حاصل اعمال ہے یٰٓـاَیـُّھَا النَّاسُ اعْبُدُوْا رَبَّــکُمُ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ لَعَلَّــکُمْ تَـتَّقُوْنَ"
ایک اور گرامی نامہ میں تحریر فرماتے ہیں:۔
”معمولات کی پابندی استقامت کی دلیل ہے، اس کے آثار اعمال معاملات اور اخلاق میں نمایاں ہونے چاہئیں ـــــــــــ“
دوسرے مکتوب میں اسی طالب کو لکھا:۔
”جی ہاں یہی مرحلہ ہے جس کی طرف توجہ کم کی جاتی ہے اس کے لئے ضرورت ہے کہ رسالہ صفائی معاملات پڑھیں۔“
ایک مرتبہ راقم چند سیاسی ساتھیوں کے ہمراہ پشاور سے کراچی کے سفر کے لئے روانہ ہوا، خوش قسمتی سے لاہور کے اسٹیشن سے حضرت والا رحمہ اللہ تعالی کی معیت کراچی تک نصیب ہوگئی، سیکنڈ کلاس کمپارٹمنٹ تھا، باقی رفقائے سفر بھی اپنے ہی ساتھی تھے، لاہور سے گاڑی روانہ ہوئی تو ایک سیٹ پر میں اور حضرت قدس سرہ بیٹھ گئے، حضرت والا کی طبیعت نہایت ہی مضحمل تھی، اور نیند کے غلبہ کی بنا پر گردن مبارک ادھر ادھر جھک جاتی تھی، میں نے یہ دیکھ کر پیچھے تکیہ رکھنے کی کوشش کی، لیکن عجیب دلبرانہ تبسم کے ساتھ انکار فرما دیا، کچھ دیر کے بعد حضرت والا کے اضمحلال، ضعف اور نیند کے غلبہ کو دیکھ کر ہمارے ایک ساتھی نے عرض کیا "حضرت آپ لیٹ جائیں اور آرام فرماویں، اشرف صاحب ہمارے ساتھ بیٹھ جائیں گے" حضرت والا نے اس کے جواب میں مسکراتے ہوئے فرمایا "گاڑی میں بارہ گھنٹے کا جلسہ ضروری ہوتا ہے" مراد یہ تھی کہ ریلوے کے قوانین کے مطابق دن کے اوقات میں بیٹھنے کی جگہ لیٹنے کے لئے استعمال نہیں کرنی چاہئے، اس بنا پر لیٹنے سے معذوری ہے۔ تقوی اور صفائی معاملات کی ایسی نظیریں کہاں ملتی ہیں، اسی سفر میں راقم نے چائے منگوائی اور حضرت والا نے بھی میرے ساتھ نوش فرمائی، چائے پینے کے بعد بل پوچھا، فقیر نے بلطائف الحیل ٹال دیا، کراچی اترنے سے پیشتر پھر ارشاد فرمایا "آپ نے بل نہیں بتایا" عرض کیا "حضرت میں ادا کر چکا ہوں کوئی بڑی رقم نہیں" فرمایا کہ "کیا معلوم آپ کے حالات اس کی اجازت دیتے ہیں یا نہیں" حضرت والا کے اصرار پر مجبوراً رقم بتانی پڑی جو اسی وقت ناکارہ کو عطا فرمادی۔
ایک مرتبہ دار منزل میں حاضری ہوئی، دوران ملاقات میں ایک مستعمل ٹکٹ جس پر مہر کا کوئی نشان نہیں تھا اور دوبارہ استعمال کیا جاسکتا تھا، بندہ کو دکھا کر استسفار فرمایا کیا اس کو استعمال کیا جاسکتا ہے؟ عرض کیا "تقوی کے خلاف ہے" فرمایا: تقوی کے خلاف تو ہے، فتویٰ کیا ہے؟ عرض کیا: آپ ہی ارشاد فرمائیں فرمایا: "ناجائز" ہے اور اسے چاک فرما دیا۔
ایک سفر میں ملتان اتر کر مدرسہ خیر المدارس تشریف لے گئے، خادم ساتھ تھا، چہرہ مبارک راستے کے گرد و غبار سے اٹا ہوا تھا، اس لئے وضو کے وقت صابن کا استعمال فرمایا، احقر نے دوران وضو لوٹا لے کر پانی ڈالنا چاہا، حضرت نے یہ کہہ کر انکار فرما دیا کہ "آپ کو نیت کا ثواب تو مل ہی گیا" دوسرے سے وضو کرانے میں پانی زیادہ صرف ہوتا ہے، جو مستحسن نہیں۔
تشریح: حضرت کو پانی کے استعمال کا بہت زیادہ خیال تھا، بہت تھوڑے پانی سے وضو کرتے تھے اور سکھاتے تھے۔ یہاں پر وہ جو ایک ڈاکٹر جنرل تھے، ان سے ملاقات ہوئی، ان کو حضرت سید صاحب کی زیارت ہوئی تھی، انھوں نے مجھے عملاً بتایا کہ دیکھیں، حضرت نے وضو اس طرح کیا تھا۔
لائلپور کے ایک سفر کی واپسی میں (جس میں خاکسار کو خدمت کی سعادت حاصل ہوئی تھی) حضرت والاؒ کے بستر میں سے ایک روپیہ نکلا، میں پشاور جا چکا تھا، خط میں استفسار فرمایا "یہاں سے واپسی پر میرے بستر سے ایک روپیہ نکلا، میرا نہیں ہے، آپ کا تو نہیں؟"۔ میں نے جواباً لکھا کہ میرا نہیں اور ایک دو رفقائے سفر کے نام لکھ دیئے کہ ان سے پوچھ لیا جائے تحریر فرمایا، "ان میں کسی نے اپنا ہونا نہیں بتایا میں نے پوچھا تھا۔"
اسی طرح ایک دوسرے پشاوری طالب علم کا فونٹین پن حضرت شیخ قدس سرہ کے مکان پر رہ گیا اور وہ پشاور آگئے حضرت والاؒ نے راقم کو تحریر فرمایا کہ مرتضیٰ صاحب کو سلام کے بعد کہہ دیں کہ ان کا فونٹین پن یہاں چھوٹ گیا ہے اگر ان کا ہے تو اس کے بھیجنے کی تدبیر بتائیں۔"
ایک مرتبہ حضرت کی خدمت میں آپ کے استعمال کی تمباکو الائچی دانہ پیش کی شیشی کے لیبل پر تصویر تھی، حضرت والاؒ نے اس کاغذ کی تصویر کا گردن سے اوپر کا حصہ اڑا دیا جو انتہائی احتیاط کی دلیل ہے۔
گو بظاہر یہ واقعات معمولی معلوم ہوتے ہیں لیکن ان ہی سے تقوی کے اہتمام کا اندازہ ہوتا ہے۔
یہ حضرت کے ہاں بھی کسی چیز پہ ایک لیبل لگا ہوا تھا جس پہ کبوتر کی تصویر تھی، اس کی گردن کے اوپر ٹیپ لگا ہوا تھا، سر کے اوپر، اس کے چہرہ کو چھپا دیا گیا تھا، میں نے سوچا کہ یہ حضرت نے اس لئے لگایا ہے کہ لوگوں کو مسئلہ معلوم ہوجائے کہ اگر جاندار کی تصویر میں سر کا حصہ چھپا دیا جائے تو پھر جائز ہے، سوائے عورت کے، عورت کا سارا جسم چھپایا جائے تو پھر جائز ہے۔
اللہ جل شانہ عمل کی توفیق عطا فرما دے یہ باب الحمد للہ پورا ہوگیا۔ وَمَا عَلَيْنَا إِلاَّ الْبَلاَغُ۔