سکر سے صحو، خواب و الہام کی حقیقت اور خالص شریعت پر استقامت

درس: 138، دفتر اول: مکتوب نمبر: 272، 273، 274

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی
  1. دین کا راستہ اعتدال کا ہے جس میں انسان خالق اور مخلوق کے حقوق جذبات کے بجائے محض اللہ کی رضا کے لیے ادا کرتا ہے۔
  2. عوام حقوق کی ادائیگی میں نفسانی مفادات کے تابع ہوتے ہیں جبکہ کاملین ہر حق اعتدال کے ساتھ اللہ کے احکامات کے مطابق ادا کرتے ہیں۔
  3. اعمال میں للہیت پیدا کرنے کے لیے پہلے مخلوق سے کٹ کر خالص اللہ کا بننا پڑتا ہے اور پھر اللہ کے لیے مخلوق سے جڑنا ہوتا ہے۔
  4. ایمان کی بہترین قسم وہ ایمان بالغیب ہے جو انبیائے کرام کی تقلید پر مبنی ہو کیونکہ ان کی سچائی معجزات سے ثابت ہے۔
  5. وحی کی رہنمائی کے بغیر محض عقلی استدلال اور لاجیک پر مبنی ایمان شکوک و شبہات کا شکار رہتا ہے اور یقینی منزل تک نہیں پہنچاتا۔
  6. سالک کے لیے لازمی ہے کہ وہ صرف اپنے شیخ کے طریقے پر سختی سے عمل کرے اور دوسرے مشائخ کے طریقوں کی طرف التفات نہ کرے۔
  7. احکامات کے استنباط میں خوابوں اور مکاشفات کا کوئی اعتبار نہیں کیونکہ یہ ظنی ہوتے ہیں اور قطعی احکام کے مقابلے میں حجت نہیں بن سکتے۔
  8. شیطان نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خاص اصلی صورت نہیں اپنا سکتا لیکن خواب میں دیگر صورتوں اور تخیلات کے ذریعے دھوکہ دے سکتا ہے۔
  9. مختلف روحانی سلسلوں کے اصول مختلف ہوتے ہیں اس لیے ایک طریقہِ کار دوسرے سلسلے کے سالک کی تربیت میں خلل اور نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
  10. سالک کو کثرت کے آئینوں میں شہود کی لذتوں پر اکتفا کرنے کے بجائے توحیدِ شہودی کی اعلیٰ منزل کی طرف بلند ہمتی سے بڑھنا چاہیے۔
  11. تصوف کی اعلیٰ منزل کیفیات اور روحانی لذتوں سے نکل کر مکمل سادگی، شریعت کی کامل اتباع اور جہل و حیرت کا مقام اختیار کرنا ہے۔
  12. اس بلند ترین اور ظاہری لذت سے خالی مقام پر پہنچنے والے کامل اولیاء عموماً بالکل سادہ اور عام علمائے شریعت کی طرح نظر آتے ہیں۔
  13. روحانی کیفیات کی کشش کو چھوڑ کر بظاہر بے لطف معلوم ہونے والے اس اعلیٰ راستے پر استقامت کے لیے ایک کامل شیخ کی رہنمائی ناگزیر ہے۔

اَلْحَمْدُ للہ رَبِّ العالمین والصلوۃ وَالسَّلَامُ علی خَاتَمِ النبیین اَمَّا بَعْدُ۔ فَاَعُوذُ باللہ مِنَ الشیطٰن الرجیم بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرحیم۔

آج بدھ کا دن ہے بدھ کے دن ہمارے ہاں حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات شریف کا درس ہوتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اولیاء کے ان اوصاف و اخلاق کو جو ان عوام کے اوصاف سے مختلف ہیں ان کو بہتر سمجھتے ہیں جو ان کے اخلاق و اوصاف کے مشابہ ہیں اگرچہ وہ اخلاق انبیاء علیہم الصلوات و التسلیمات میں موجود ہیں۔

اصل میں اس میں یہ والی بات ہے کہ جو لوگ ہیں وہ عوام جو لوگ ہوتے ہیں وہ دیکھتے ہیں اگر کوئی ان جیسا ہو چاہے وہ انبیاء یعنی اولیاء ہوں بہت بڑے ان کو وہ کچھ نہیں سمجھتے لیکن جو ان سے ذرا مختلف ہو تو ان کے بارے میں ان کا خیال یہ ہوتا ہے کہ شاید یہ بہت بڑے ہیں۔

(اے عزیز) سنو! مخدوم شیخ فرید شکر گنج؂4 سے نقل کیا گیا ہے کہ جب ان کے لڑکوں میں سے ایک لڑکے کا انتقال ہو گیا اور اس کی موت کی خبر آپ کو پہنچائی گئی تو آپ پر (رنج و غم سے متعلق) کچھ تغیر نہ ہوا اور فرمایا: "سگ بچہ مر گیا، اس کو باہر پھینک دو“۔

اور جب حضرت سید البشر علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کے صاحب زادے حضرت ابراہیم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا انتقال ہوا تو حضرت پیغمبر علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام اس قدر غمگین ہوئے کہ آنسو نکل آئے اور فرمایا: "إِنَّا بِفِرَاقِکَ یَا إِبْرَاھِیْمُ لَمَحْزُوْنُوْنَ" ترجمہ: ”اے ابراہیم! ہم تیری جدائی کی وجہ سے بہت غمگین ہیں“۔ اور بڑے مبالغے اور تاکید کے ساتھ غم و اندوہ کا اظہار فرمایا۔ (فرمائیں) کہ حضرت شکر گنج رحمۃ اللہ علیہ بہتر ہیں یا حضرت سید البشر صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ و سلم ؟ عوام کالانعام کے نزدیک پہلا معاملہ بہتر ہے اور اس کو بے تعلق جانتے ہیں اور دوسرے کو عین تعلق اور اولاد سے لگاؤ خیال کرتے ہیں۔ أَعَاذَنَا اللّٰہُ سُبْحَانَہٗ عَنْ مُعْتَقَدَاتِھِمُ السُّوْءِ (اللہ تعالیٰ ہم کو ان کے بُرے اعتقادات سے اپنی پناہ میں رکھے) اور چونکہ یہ جہان آزمائش و امتحان کی جگہ ہے عوام کو شبہ میں ڈالنا اور مشتبہ کرنا عین حکمت و مصلحت ہے: اَللّٰھُمَّ أَرِنَا الْحَقَّ حَقًّا وَّ ارْزُقْنَا اتِّبَاعَہٗ وَ أَرِنَا الْبَاطِلَ بَاطِلًا وَ ارْزُقْنَا اجْتِنَابَہٗ بِحُرْمَۃِ سَیِدِ الْبَشَرِْ عَلَیْہِ وَ عَلٰی اٰلِہٖ وَ أَصْحَابِہٖ مِنَ الصَّلَوَاتِ أَفْضَلُھَا وَ مِنَ التَّسْلِیْمَاتِ أَکْمَلُھَا

اصل میں ہوتا کیا ہے؟ دین جو ہے یہ تو بیلنس کا نام ہے۔ اعتدال کا نام ہے۔ اور مزہ بے اعتدالی میں آتا ہے extremism میں آتا ہے۔ یعنی extremism کو لوگ زیادہ پسند کرتے ہیں۔ لوگ اعتدال پہ نہیں رہتے۔ تو اس وجہ سے جو اعتدال کا راستہ ہوتا ہے وہ ان کو صحیح نظر نہیں آتا۔ پیغمبر علیہ السلام اور بڑے اولیاء کرام چونکہ کامل ہوتے ہیں لہذا وہ اعتدال پہ چلتے ہیں وہ جذبات کا بھی خیال رکھتے ہیں اللہ تعالی کے احکامات کا بھی خیال رکھتے ہیں۔ ہر چیز کو اپنی اپنی جگہ پہ رکھتے ہیں۔ لہذا وہ ہر چیز کا وہ اس طرح کرتے ہیں جس طریقے سے اللہ تعالی چاہتے ہیں۔ لیکن عوام جو ہوتے ہیں وہ اپنے جذبات کا خیال رکھتے ہیں۔ وہ اللہ تعالی کے احکامات سے واقف نہیں ہوتے۔ لہذا وہ اپنے جذبات کا خیال رکھتے ہیں۔ تو اس وجہ سے ان کو اس قسم کے مسائل میں شبہ ہو جاتا ہے۔

اب دیکھ لیں۔ اللہ جل شانہ نے تعلقات پیدا کیے ہیں۔ اور ان تعلقات کا حق ادا کرنا یہ ہر شخص کے ذمے ہے حقوق ہیں۔ ہر شخص کا جو اپنا حق ہے اس کو خیال میں رکھنا ہوتا ہے۔ جیسے کوئی شخص زندہ ہے اس کا حق ہوتا ہے تو جو شخص فوت ہو چکا ہے وہ اس کا بھی تو حق ہوتا ہے نا۔ اب مثال کے طور پر ایک شخص ہے وہ اپنے رشتہ دار کے فوت ہونے پہ زیادہ غم اس کو ہوتا ہے۔ اور کسی اور رشتہ دار کسی اور شخص کے فوت ہونے پر اس کا اتنا غم نہیں ہوتا۔ تو یہ ہوتا ہی ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ پاک نے حقوق اس بنیاد پہ رکھے ہیں کہ جو جتنا قریب ہے اس کا حق زیادہ ہے۔ جو جتنا زیادہ قریب ہے اس کا حق زیادہ ہے، مثلا میراث میں بھی جو جتنا زیادہ قریب ہے اس کی میراث زیادہ ہوتی ہے۔ تو جو جتنا زیادہ قریب ہے اس کا حق زیادہ ہے مثلا قریب ترین رشتہ دار کا حق زیادہ ہوگا۔ قریب ترین پڑوسی کا حق زیادہ ہوگا۔

لیکن عوام کیا کرتے ہیں رشتہ داروں کے ساتھ تو لڑیں گے اور باہر والوں کے ساتھ دوستیاں نبھائیں گے۔ دوستیاں نبھائیں گے۔ اب یہ چیز ظاہر ہے مطلب اگر ان کو، اگر وہ ان کو واقعی عقل ہوتی۔ تو حق جس کا زیادہ ہے، اس کا حق پورا کرنا زیادہ ہے یا جو باہر جس کا آپ کے اوپر کوئی حق نہیں ہے یا ویسے حق ہے لیکن دور کا حق ہے؟ اس کا حق زیادہ رکھنا چاہیے۔ تو عوام تو اس کو نہیں جانتے۔ لہذا وہ باہر والوں کا حق زیادہ ادا کریں گے، اپنے قریب والوں کا، رشتہ داروں کا حق نہیں زیادہ۔ ان کے ساتھ شکر رنجی ہوتی ہے۔ ان کے ساتھ مسائل ہوتے ہیں، لڑائیاں ہوتی ہیں۔ تو لہذا ان سے تو نالاں ہوتے ہیں، اور دوسرے لوگوں کا حق ادا کرتے رہتے ہیں۔ دوسروں کے اندر بڑے بزرگ بنے ہوتے ہیں کہ یہ تو ماشاءاللہ بڑا خلیق ہے اور لوگوں کا خیال رکھتا ہے۔

تو چونکہ انبیاء کرام جو ہوتے ہیں، وہ تو ان تمام چیزوں کو جانتے ہیں، لہذا ہر چیز کا وہ حق ادا کر سکتے ہیں۔ اپنے بیٹے کا، اپنی بیٹی کا، اپنی بیوی کا، اپنے والد کا، اپنے بھائیوں کا، اپنی بہنوں کا۔ یہ سب کا اپنا اپنا حق جو ہوتا ہے اس کو ادا کرتے ہیں۔

تو عوام چونکہ اس کو نہیں جانتے لہذا وہ، اب اس میں بات یہ ہے کہ ہوتا کیا ہے؟ یہ traffic ہے۔ پہلے جائے گا انسان اللہ کی طرف، جائے گا، جائے گا، جائے گا، اس کی وجہ سے اس میں للہیت آئے گی۔ اور پھر اس للہیت کو لے کر، پھر جو جو خدمت اس کے حوالے ہے، اس خدمت میں للہیت آئے گی۔ بات سمجھ میں آ رہی ہے؟ پہلے اس میں للہیت آئے گی، پھر اس کے اعمال میں للہیت آئے گی۔ یعنی پہلے وہ اللہ کا بنے گا، پھر اس کے اعمال اللہ تعالی کے لیے بنیں گے، بات سمجھ میں آ رہی ہے یا نہیں؟ اب جب تک وہ اللہ کا نہیں بنا، تو اس کے اعمال میں للہیت نہیں آئے گی نا۔ اس کے اعمال میں للہیت نہیں آئے گی۔ لہذا وہ محروم ہوگا۔

اب جس وقت اس کے اندر للہیت آ رہی ہے، تو یہ ایک سکر کی حالت ہوتی ہے۔ یعنی مدہوشی کی حالت ہوتی ہے، کیونکہ باقی تمام چیزوں سے کٹ رہا ہوتا ہے، وہ clutch والی بات ہے نا۔ gear جب انسان بدلتا ہے، تو detach ہو جاتا ہے نا۔ پہلے gear سے detach ہونا لازم ہوتا ہے نا پھر اس کے بعد پھر دوسرے gear پہ جاتا ہے۔ پہلے gear سے detach ہونا لازم ہوتا ہے نا، پھر اس کے بعد پھر دوسرے gear پہ جاتا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ پہلے وہ تمام سے کٹ رہا ہوتا ہے۔ اور جب وہ تمام سے کٹ جاتا ہے، پھر دوبارہ اللہ کا بن کے، وہ پھر دوبارہ لوگوں کا خیال رکھنا شروع کر لیتا ہے۔ یعنی گویا کہ ان کا جو خیال رکھے گا، اللہ کے لیے رکھے گا۔

پہلے نفس کے لیے خیال رکھے گا۔ ماں کا بھی خیال رکھے گا نفس کے لیے، باپ کا بھی خیال رکھے گا نفس کے لیے۔ کیوں؟ کیا ثبوت ہے بھئی خیال رکھے گا نفس کے لیے؟ یہ بہت بڑا سوال ہے۔ کیا ثبوت ہے؟ ثبوت یہ ہے کہ ان کے لیے اللہ کے احکامات توڑے گا۔ تو اگر اللہ کے لیے خیال رکھتا تو اللہ کے احکامات ان کے لیے کیوں توڑتا؟ سمجھ میں آ رہی ہے بات؟ جو باپ کے لیے جھوٹ بولے گا۔ جو ماں کے لیے جھوٹ بولے گا۔ جو باپ کے لیے رشوت کھائے گا۔ جو ماں کے لیے رشوت کھائے گا، تو کیا خیال ہے وہ ماں باپ کا حق ادا کر رہا ہے؟ وہ اپنے نفس کا حق ادا کر رہا ہے۔

تو پہلے یہ چیز ان کی گویا کہ کٹے گی ان سے، یعنی یوں سمجھ لیں باپ سے بھی کٹے گا، ماں سے بھی کٹے گا، بہن سے بھی کٹے گا، بھائی سے بھی کٹے گا، بیٹے سے بھی کٹے گا، بیٹی سے بھی کٹے گا۔ یہ کٹنے والا جو system ہے یہ چل رہا ہوگا۔ للہیت پیدا کرنے کے لیے، اللہ کا بنے گا۔ اور جب یہ اللہ کا بن جائے گا۔ پھر دوبارہ جب واپس آئے گا مخلوق کی طرف۔ تو باپ کے ساتھ بھی جڑے گا، ماں کے ساتھ بھی جڑے گا، بیٹی کے ساتھ بھی جڑے گا، بھائی کے ساتھ بھی جڑے گا، بہن کے ساتھ بھی جڑے گا۔ سب کے ساتھ جڑے گا لیکن اللہ کے لیے جڑے گا۔ پھر سب کا حق ادا کرے گا اللہ کے لیے۔

سمجھ میں آئی نا بات؟ وہ نفس سے detach ہونا لازم تھا۔ تو وہ جو ideal condition ہے، مطلب جس کو میں clutch میں کہتا ہوں، وہ جو اس condition میں، اس وقت وہ سب سے کٹ چکا ہے۔ پھر دوبارہ جب دوسری دفعہ آئے گا، تو وہ اللہ تعالی کا بن کے آئے گا ان کی طرف۔

تو حضرت بابا فرید گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ جو تھے، اس وقت جس وقت وہ اللہ کی طرف جا رہے تھے، وہ سکر کی حالت میں تھے، تو یہ حالتیں ان کی سکر کی باتیں ہیں۔ بعد میں تو ایسا نہیں تھا۔ بعد میں تو ہر چیز اپنی اپنی جگہ پہ تھی۔ لیکن جس وقت وہ حالت سکر میں تھے، تو اس وقت تو انہوں نے یہ کہنا تھا۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اوپر تو یہ حالت آ نہیں سکتی تھی، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تو پہلے سے کامل تھے۔ لہذا انہوں نے تو پہلے سے وہی بات کرنی تھی۔ بات سمجھ میں آ رہی ہے نا؟ یہی اصل چیز ہے۔

تو جو کاملین ہوتے ہیں وہ مخلوق کا حق ادا کرتے ہیں لیکن اللہ کے لیے ادا کرتے ہیں۔ اور جو ناقصین ہوتے ہیں وہ مخلوق کا حق اول تو ادا نہیں کرتے۔ وہ اگر ادا کرتے ہیں اپنے نفس کے لیے کرتے ہیں۔ حتی کہ والدین کا حق بھی اپنے نفس کے لیے ایسے کرتے ہیں جب ان کو کوئی مفاد ہوتا ہے تو کرتے ہیں۔ یہاں تک ہوتا ہے۔ یا رواج کے لیے کرتے ہیں۔ رواجاً ہوتا ہے یا پھر مفاداً ہوتا ہے۔ تو اللہ کے لئے تو کسی حالت میں بھی نہیں ہوا نا۔

اب یہ جو چیز ہے مطلب یہ سکر کی حالت میں جانا پھر سکر سے صحو کی حالت میں آنا۔ یعنی پہلے کسی کا بھی نہ ہونا اللہ کے لئے اور پھر اللہ کا ہوتے ہوئے سب کا ہونا۔ یہ تمام باتیں مطلب گویا کہ یعنی سمجھ میں اس طرح آ سکتی ہیں۔

عوام کالانعام کے نزدیک پہلا معاملہ بہتر ہے اور اس کو بے تعلق جانتے ہیں اور دوسرے کو عین تعلق اور اولاد سے لگاؤ خیال کرتے ہیں۔ أَعَاذَنَا اللّٰہُ سُبْحَانَہٗ عَنْ مُعْتَقَدَاتِھِمُ السُّوْءِ

اب ہم اصل بات بیان کرتے ہیں کہ انبیاء علیہم الصلوات و التسلیمات کا ایمان اور ان کے اصحاب کا ایمان اور ان کے اولیاء کا ایمان جو کہ اصحاب کے ساتھ ملحق ہیں شہود کے بعد دعوت (بخلق) کی طرف رجوع کرنے کی وجہ سے غیبت کے ساتھ قرار پایا ہوا ہوتا ہے

یعنی شہود سے مطلب یہ ہے کہ جس وقت وہ اللہ جل شانہ کی جو توحید شہودی ان کو حاصل ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد پھر جو خلق کی طرف لوٹا دیے جاتے ہیں۔ تو وہ پھر یہ ہوتا ہے کہ اس صورت میں گویا کہ غیبت کی حالت ان کی ہو جاتی ہے۔ یعنی غیبت کی حالت میں یہ ہے کہ گویا کہ اللہ جل شانہ کی طرف سے وہ مخلوق کی طرف ہوتے ہیں۔ تو بظاہر حالت غیبت کی ہوتی ہے لیکن اصل میں غیبت نہیں ہوتی۔

جس طرح کہ کوئی شخص سورج کو دن میں دیکھتا ہے تو آفتاب کے وجود کے ساتھ ایمانِ شہودی پیدا ہو جاتا ہے

یعنی آفتاب جب سامنے آ جاتا ہے تو اس کا ایمان شہودی جیسے گویا کہ یوں سورج نظر آ رہا ہے۔

اور جب رات ہو جاتی ہے تو اس کا ایمانِ شہودی، ایمانِ غیب میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

اور اس کو پتہ ہوتا ہے کہ سورج ہے لیکن مجھے نظر نہیں آ رہا۔

علماء کا ایمان اگرچہ غیب کے ساتھ ہے لیکن ان کا غیب انبیاء علیہم الصلوات و التحیات کی متابعت کے نور کے واسطہ سے حکمِ حدس (یعنی ذہن کا سرعت کے ساتھ مبادی سے مطالب کی طرف منتقل ہو جانے) کا حکم پیدا کر لیتا ہے اور استدلالیت سے نکل جاتا ہے۔

مطلب یہ ہے کہ ایک ولی وہ ہوتا ہے کہ علماء جو ہوتے ہیں علمائے کرام وہ وہ جن کو یہ چیز حاصل ہے پہلے سے شہود کے ساتھ وہ ان کی نقل کرتے ہیں تقلید کرتے ہیں۔ یعنی یہ ہر چیز کو نبی کے واسطے سے جانتے ہیں۔ اور یہی ہمارا ایمان بھی ہے۔ ہم نے کوئی چیز دیکھی تو نہیں ہے ہم نے نہ جنت دیکھی نہ دوزخ دیکھی لیکن ہم تو جانتے ہیں کہ اس طرح ہے۔ تو جو علماء ہوتے ہیں وہ کیا ہوتے ہیں وہ نبی کی حیثیت سے کہ نبی کی تقلید کے طور پر کرتے ہیں۔ اور استدلالیت سے نکل جاتا ہے یعنی عقلی دلیل کو نہیں سامنے لاتے۔ وہ وہ نقلی دلیل کی بنیاد پر کام کرتے ہیں۔

اس جگہ علماء سے مراد علماءِ آخرت ہیں نہ کہ علماءِ دنیا۔ کیونکہ علماءِ دنیا عام مومنین کے زمرے میں داخل ہیں۔ ایمان بالغیب جو عامۂ مومنین کے ساتھ منسوب ہے ان کے اقسام میں سے بہترین قسم وہ ایمان ہے جو انبیاء علیہم الصلوات و التسلیمات کی تقلید کے ساتھ وابستہ ہے اور اللہ تعالی کی کتاب اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سنّت سے ملا ہوا ہے۔

اب میری بات سمجھ گئے؟ یعنی علماء اور جو مومنین لوگ ہیں وہ ایمان بالغیب رکھتے ہیں۔ اور ایمان بالغیب بواسطہ نبی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم چونکہ جانتے ہیں اور ہم یہ جانتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جانتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جانتے ہیں اور ہم یہ جانتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جانتے ہیں لہذا ان کا جاننا ہمارا جاننا ہوا۔ ان کا جاننا ہمارا جاننا ہوا لہذا ہم تقلیدا وہ بات کرتے ہیں۔ ٹھیک ہے نا۔

حضرت مولانا اشرف صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے یہی تو فرمایا تھا نا کہ کسی نے پوچھا کہ آپ خدا پر ایمان رکھتے ہیں کہتے ہیں ہاں کہتے ہیں دلیل کیا ہے کہتے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے۔ بس بات صحیح ہے۔ ٹھیک ہے نا۔

سوال: علماء نے فرمایا ہے کہ ایمانِ استدلالی ایمانِ تقلیدی سے بہتر ہے یہاں تک کہ بہت سے علماء استدلال کو ایمان کی شرط قرار دیتے ہیں اور ایمانِ تقلیدی کو معتبر نہیں جانتے، اور تم نے ایمانِ تقلیدی کو بہتر کہا ہے؟

کیا وجہ ہے؟ خود ہی سوال بنایا ہے۔

جواب: وہ ایمان جو انبیاء علیہم الصلوات و التسلیمات کی تقلید سے حاصل ہوتا ہے در اصل ایمانِ استدلالی ہے۔

دیکھو میں نے کیا کہا نبی جانتے ہیں۔ اور ہم یہ جانتے ہیں کہ نبی جانتے ہیں۔ تو اس لیے ہم جانتے ہیں۔ تو استدلالی ہوا یا نہیں ہوا؟ دلیل تو ہو گئی نا۔ دلیل تو اس میں آ گئی نا۔ بھئی نبی جانتے ہیں اور ہم یہ جانتے ہیں کہ نبی جانتے ہیں لہذا ہم یہ جانتے ہیں۔ تو استدلال تو ہو گیا نا۔ تو اصل استدلال تقلید سے آتا ہے نا۔

اچھا یہاں آگے حضرت فرماتے ہیں دراصل ایمان استدلالی ہے۔

کیونکہ صاحبِ تقلید دلیل کے ساتھ جانتا ہے کہ انبیاء علیہم الصلوات و التحیات تبلیغِ رسالت میں صادق ہیں کیونکہ وہ شخص جس کی (رسالت کی) تصدیق حضرت حق سبحانہٗ و تعالٰی نے معجزات کے ذریعے کی ہے یقینًا وہ سچا ہے لہٰذا تمام انبیاء علیہم الصلوات و التسلیمات جن کی تائید معجزات سے ہوئی ہے، وہ سب کے سب سچے ہیں۔ غیر معتبر تقلید وہ ہے کہ ایمان میں اپنے آباء و اجداد کی تقلید کرے

مَا وَجَدْنَا عَلَيْهِ آبَاءَنَا۔ اس پہ ہم نے اپنے آبا و اجداد کو دیکھا، وہ تقلید غلط ہے۔ کیونکہ ان کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ وہ صحیح ہے یا غلط ہے۔ ہم اگر اپنے آبا و اجداد کی تقلید مانیں تو اس کی تو کوئی گارنٹی نہیں ہے نا کہ وہ صحیح ہے یا غلط ہے، لیکن انبیاء کی بات کی تو گارنٹی ہے نا۔ انبیاء تو سچے ہیں نا۔ تو انبیاء کی تقلید یہ تو عین دین ہے، اور اپنے آبا و اجداد کی تقلید، اب اگر اپنے آبا و اجداد مومنین ہیں اور ہم بھی ان کو مانتے ہیں تو اس میں تو مسئلہ نہیں، لیکن وہ اصل میں بالواسطہ ہے نا، نبی کی ہے نا۔ اگر ہم ان کے واسطے سے ہو جائیں پھر بھی ٹھیک ہے، اگر براہ راست ہو جائیں پھر بھی ٹھیک ہے۔ کیونکہ اصل میں تو ان کی بات نہیں نا، اصل میں تو نبی کی بات ہے۔ بے شک ہمارے آبا و اجداد بھی ان کو مانتے ہوں تو ہم کہتے ہیں ٹھیک ہے، لیکن وہ "مَا وَجَدْنَا عَلَيْهِ آبَاءَنَا" اس لیے نہیں ہے کہ وہ بھی تو وہی کر رہے ہیں نا جو ہمیں کرنا چاہیے۔ لہذا "مَا وَجَدْنَا عَلَيْهِ آبَاءَنَا" والی بات نہیں ہے۔ لیکن جو لوگ کفار ہیں اور وہ کہتے ہیں "مَا وَجَدْنَا عَلَيْهِ آبَاءَنَا" جس پر میرا باپ، تو وہ تو غلط ہوگا کیونکہ ان کے پاس دلیل تو نہیں ہے۔ ٹھیک ہے نا۔

اچھا۔

غیر معتبر تقلید وہ ہے کہ ایمان میں اپنے آباء و اجداد کی تقلید کرے اور انبیاء علیہم الصلوات و التحیات کی صداقت اور ان کی تبلیغ کی حقیقت اور راستی کو منظور نہ رکھے۔ ایسا ایمان بہت سے علماء کے نزدیک معتبر نہیں ہے۔ باقی رہا (ایمانِ) استدلالی جو اربابِ نظر (منطقی) اپنے مقدمات کے ذریعے حاصل کرتے ہیں اور صغریٰ و کبریٰ کی ترتیب سے نتیجہ نکال کر ایمان حاصل کرتے ہیں وہ (ایمانِ) استدلالی ایک ایسا امر ہے جو امکان سے نزدیک اور وقوع سے دور ہے، کیونکہ استدلال کے مقام میں واجب تعالیٰ کے اثبات کے لئے اربابِ نظر میں سے مولانا جلال الدین دوانی؂5 جیسا معلوم نہیں کہ کوئی اور گزرا ہو، کیونکہ وہ محقق بھی ہے اور متاخرین میں سے ہے اور اس نے عالی مطلب کے ثابت کرنے میں بہت کوشش کی ہے۔ اس کے با وجود کوئی مقدمہ اس کے استدلالات کے مقدمات میں سے ایسا نہیں ہے جس میں اس کے رسالوں کے حاشیہ نگاروں نے منع یا نقص کے ساتھ پیش نہ کیا ہو اور معتبر اعتراضات نہ کئے ہوں۔ اس صاحبِ استدلال پر بہت افسوس ہے جو ایمان کو محض استدلال ہی سے حاصل کرتا ہے اور انبیاء علیہم الصلوات و التسلیمات کی تقلید اس کی دست گیری اور مدد نہیں کرتی۔

یہ بات اب ذرا ایک بہت بڑی بات کا سند مل گیا ہے۔ وہ یہ ہے کہ جن کو نبوت کی دعوت نہیں پہنچی۔ یا نبوت کی دعوت پہنچی ہے لیکن انہوں نے اپنے طور پر scientific انداز میں، منطقی انداز میں، logical انداز میں ایک چیز کو مان لیا۔ تو اس کے بارے میں حضرت بات کر رہے ہیں۔ کہ ان کے اندر بڑے مسائل ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی دو باتیں ٹھیک ہوں گی، تین باتوں میں گڑبڑ ہوگا۔ کیونکہ اپنے نتیجے پہ پہنچنا تو بڑا مشکل کام ہے۔

بھئی دیکھو ایک شخص ایک راستے پہ گیا ہوا ہے۔ وہ آپ کو بتاتا ہے کہ اس طرح جانا ہے۔ اور دوسرا شخص اس پہ گیا نہیں لیکن وہ اپنے analysis سے، calculation سے، سوچنے سے وہ راستہ معلوم کرتا ہے۔ بھئی اور تو چھوڑو ہمارے پاس آج کل یہ ہے نا۔ کیا ہے یہ موبائل پر جو ہوتا ہے۔ google۔ لیکن اگر کوئی راستہ نہ سمجھائے تو بعض دفعہ google ہمیں پھنسا دیتا ہے نہیں؟ بند گلی میں۔ کچھ پتہ نہیں چلتا کہ کس وقت ہم پھنس جائیں۔ عین ممکن ہے وہاں construction شروع ہو چکی ہو آپ کو کیا پتہ؟ google کو کیا پتہ؟ تو google ٹھیک ہے بڑا learned ہے۔ لیکن وہ فوری طور پر بہت ساری چیزوں کو تو نہیں جانتا۔ لہذا عین ممکن ہے کہ وہ گڑبڑ ہو جائے۔ ہم گڑبڑ کر بھی چکے ہیں یعنی کتنی دفعہ۔ تو یہ بات ہے کہ خود سے جو گیا ہو گزرا ہو اس کے اوپر۔ اس کی بات ہو رہی ہے وہ جو آپ کو بتائے۔ اور باقی تمام calculations سے جو آپ کرتے ہیں نا تو اس کے اندر بہت سارے مسائل ہو سکتے ہیں۔

تو حضرت نے فرمایا کہ وہ جو ایک صاحب تھے جو بہت ذہین تھے اور جس نے واقعی بہت سارا calculation کی تمام استدلالات سے وہ چیز کی ہے۔ اس پر بھی بہت سارے اعتراضات قائم ہو گئے ہیں۔ تو اس وجہ سے نبوت کے بغیر یہ چیز نہیں چل سکتی۔ کیا خیال ہے؟ calculation سے۔ آپ کو کیسے پتہ چلے گا؟ کہ فجر کی دو رکعتیں ہیں؟ فرض۔ پتہ چل سکتا ہے؟ نہیں یہ تو ممکن نہیں ہے۔ ممکن نہیں ہے۔ یہ تو ساری کی ساری چیزیں revealed ہیں revealed۔

evolved اور revealed میں جو فرق ہے وہ یہی ہے۔ evolved اور revealed۔ revealed کی ذمہ داری اللہ لیتا ہے۔ اور evolved کی ذمہ داری تم خود لیتے ہو۔ تو کہاں وہ کہاں یہ۔ تو بڑے بہت بڑے فرق ہیں۔

اس صاحبِ استدلال پر بہت افسوس ہے جو ایمان کو محض استدلال ہی سے حاصل کرتا ہے اور انبیاء علیہم الصلوات و التسلیمات کی تقلید اس کی دست گیری اور مدد نہیں کرتی۔ ﴿رَبَّنَا آمَنَّا بِمَا أَنْزَلْتَ وَ اتَّبَعْنَا الرَّسُوْلَ فَاكْتُبْنَا مَعَ الشَّاهِدِيْنَ﴾ (آل عمران: 53) ترجمہ: ”اے رب ہمارے! ہم اس پر ایمان لائے ہیں جو تو نے نازل فرمایا اور ہم نے رسول کی اتباع کی پس تو ہم کو گواہوں کے ساتھ لکھ دے“۔

تو اس پے یہ مکتوب الحمد للہ پورا ہو گیا۔ اللہ کا شکر ہے۔

مکتوب نمبر 273

یہ مرزا حسام الدین احمد کی طرف صادر فرمایا ہے۔اس بیان میں کہ سالک کو چاہیے کہ اپنے شیخ کے طریقے کو لازم جانے اور دوسرے مشائخ کے طریقے کی طرف التفات نہ کرے اور اگر واقعات اس کے خلاف ظاہر ہوں تو ان کا کچھ اعتبار نہ کرے کیونکہ شیطان زبر دست دشمن ہے اور اس کے مکر و فریب سے غافل نہیں ہونا چاہیے اور اس کے مناسب بیان میں۔

﴿اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْ هَدٰنَا لِهٰذَا وَ مَا كُنَّا لِنَهْتَدِيَ لَوْ لَاۤ أَنْ هَدٰنَا اللّٰهُ‌ ‌ۚ لَقَدْ جَآءَتْ رُسُلُ رَبِّنَا بِالْحَـقِّ‌﴾ (الأعراف: 43) ترجمہ: ”اللہ تعالی کی حمد ہے جس نے ہم کو ہدایت دی اور ہم ہر گز ہدایت نہ پاتے اگر اللہ تعالی ہم کو ہدایت نہ دیتا، بے شک ہماری رب کے رسول حق بات لیکر آئے ہیں“۔ عَلَیْھِمْ مِّنَ الصَّلَوَاتِ أَتَمُّھَا وَ مِنَ التَّحِیَّاتِ أَکْمَلُھَا اللہ تعالیٰ ان (رسولوں) پر پوری صلوات اور کامل تحیات نازل فرمائے)

آپ کا التفات نامہ جو آپ نے مہربانی فرما کر اس حقیر کے نام لکھا تھا وصول ہو کر خوشی اور مسرت کا باعث ہوا، اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی جزائے خیر عطا فرمائے۔ آپ کے گرامی نامے میں لکھا ہوا تھا کہ ''اگر سماع کے منع ہونے کا مبالغہ ایسے مولود کے منع ہونے کو بھی شامل ہے جو نعتیہ قصیدوں اور غیر نعتیہ اشعار کے پڑھنے سے مراد ہے (جیسا کہ آپ کہتے ہیں) تو برادر عزیز میر محمد نعمان اور اس جگہ کے بعض دوستوں کے لئے جنہوں نے واقعہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو دیکھا ہے کہ اس مجلسِ مولود سے بہت خوش ہیں، یہی وجہ ہے کہ مولود کے سننے کو ترک کرنا ان کے لئے بہت مشکل ہے''۔

حضرت سے پوچھتے تھے نا لوگ، تو اس بھائی نے کہا کہ ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے خوش ہیں، تو لہذا وہ کیسے اس کو چھوڑیں۔ تو اس کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

میرے مخدوم اگر وقائع کا کچھ اعتبار ہوتا اور خوابوں پر بھروسہ ہوتا تو مریدوں کو پیروں کی کچھ ضرورت نہ رہتی اور طریقوں میں سے کسی ایک طریقے کو اپنے اوپر لازم کرنا لغو اور بے فائدہ ہوتا کیونکہ ہر ایک مرید اپنے واقعات کے موافق عمل کر لیتا اور اپنے خوابوں کے مطابق زندگی بسر کرتا، خواہ وہ واقعات اور منامات پیر کے طریقے کے موافق ہوں یا نہ ہوں، اور خواہ پیر کو پسند ہوں یا نہ ہوں۔ اس طریقے پر سلسلۂ پیری و مریدی درہم برہم ہو جاتا اور ہر بو الہوس اپنی وضع و طریقے پر مضبوطی سے قائم ہو جاتا۔

ہمارے ہاں جو یہ چیز ہے نا کہ خوابوں کا اعتبار نہیں کیا جاتا، وہ اس کی جڑیں یہاں، مطلب ہے، حضرت اور بھی تفصیلات بتا رہے ہیں۔

حالانکہ مریدِ صادق ہزارہا واقعات کو پیر کی موجودگی میں آدھے جو کے عوض بھی نہیں خریدتا اور طالبِ رشید پیر کی حضوری (موجودگی) کی بدولت خوابوں کو پریشان و جھوٹے خواب جانتا اور ان کی طرف کچھ التفات نہیں کرتا۔ شیطان لعین ایک طاقت ور دشمن ہے جب منتہی حضرات اس کے فریب سے امن میں نہیں ہیں اور اس کے مکر سے لرزاں و ترساں ہیں تو پھر مبتدیوں اور متوسطوں کا کیا ذکر ہے۔

شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ۔

حاصلِ کلام یہ ہے کہ منتہی شیطان کے غلبے سے محفوظ و مصون ہیں بخلاف مبتدیوں اور متوسطوں کے پس ان کے واقعات اعتماد کے لائق نہیں ہیں اور نہ ہی دشمن کے مکر سے محفوظ ہیں۔

سوال: وہ واقعہ کہ جس میں حضرت پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو دیکھیں اور زیارت ہو وہ سچ ہے اور یہ بات شیطان کے مکر و فریب سے محفوظ ہے: "فَإِنَّ الشَیْطَانَ لَا یَتَمَثَّلُ بِصُورَتِہٖ، کَمَا وَرَدَ" ترجمہ: ”کیونکہ شیطان ان (حضور علیہ الصلوۃ و السلام) کی صورت میں نہیں آ سکتا جیسا کہ حدیث میں وارد ہے“۔ پس وہ وقائع جن کا ہم ذکر کر رہے ہیں سچے ہیں اور شیطان کے مکر و فریب سے محفوظ ہیں۔

اس نے سوال بنایا اب جواب سن لو

صاحب فتوحات مکیہ شیخ ابن عربی رحمۃ اللہ علیہ ان کا حوالہ دے رہے ہیں اجواب:

صاحبِ فتوحاتِ مکیہ (شیخ ابن العربی رحمۃ اللہ علیہ) فرماتے ہیں کہ آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کی اس صورت خاصہ کے ساتھ جو کہ مدینہ منورہ میں (گنبد خضراء کے اندر) مدفون و آرام فرما ہیں شیطان متمثل نہیں ہو سکتا (لیکن) اس مخصوص صورت کے علاوہ جس صورت کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو دیکھا جائے، شیطان کے عدم متمثل ہونے کا حکم تجویز نہیں کرتے۔یعنی (شیخ اکبر رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک اس صورت خاص (شبیہ مبارک) کے علاوہ اور جس صورت میں بھی حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم کو دیکھیں، شیطان متمثل ہو سکتا ہے، اور امام ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ بھی اسی طرف گئے ہیں) اور اس میں کچھ شک نہیں کہ آنحضرت علی صاحبہا الصلوۃ و السلام کی اس صورت خاص (شبیہ مبارک) کی تمیز و تشخص خصوصًا خوابوں میں بہت مشکل اور دشوار ہے۔ پھر یہ بات کس طرح اعتماد کے لائق ہو گی؟ اور اگر شیطان کے متمثل نہ ہونے کو آں سرور علیہ و علی الصلوۃ و السلام کی اس صورتِ خاصہ کے ساتھ مخصوص نہ کریں اور جس صورت میں بھی لوگ آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کے دیدار سے مشرف ہوں، اس صورت میں شیطان کے متمثل نہ ہونے کو تجویز کریں جیسا کہ بہت سے علماء اس طرف گئے ہیں تو یہ بات بھی آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کی رفعت شان کے نہایت مناسب ہے۔

میں کہتا ہوں کہ اس صورت سے جو خواب میں دیکھی ہے احکام کا اخذ کرنا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی مرضی و نا مرضی کا معلوم کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ ہو سکتا ہے کہ دشمن لعین شیطان درمیان میں واسطہ بن گیا ہو اور خلاف واقعہ کو واقعہ کی صورت میں ظاہر کیا ہو اور دیکھنے والے کو شک و شبہ میں ڈال دیا ہو، اور اپنی عبارت و اشارت کو آں سرور علی صاحبہا الصلوۃ و السلام کی اس صورت کی عبارت و اشارت کر کے دکھایا ہو۔

چنانچہ مروی ہے کہ ایک دن حضرت سید البشر علیہ و علی آلہ الصلوۃ مجلس میں تشریف رکھتے تھے اور قریش کے بڑے بڑے سردار اور اہلِ کفر کے رئیس بھی اس مجلس میں حاضر تھے اور بہت سے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین بھی وہاں موجود تھے۔ حضرت سید البشر علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام نے ان کے سامنے سورۂ والنجم کی تلاوت شروع کی اور جب ان کے باطل معبودوں کے ذکر پر پہنچے تو شیطان لعین نے اس وقت چند فقرے ان کے بتوں کی تعریف میں آں سرور علیہ و علیٰ آلہ الصلوۃ و السلام کے کلام کے ساتھ اس طرح شامل کر دیئے کہ حاضرین نے اس کو آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کا کلام سمجھا اور اس میں کچھ تمیز نہ کر سکے۔

اس پر جو کافر وہاں موجود تھے انہوں نے خوش ہو کر شور مچا دیا اور کہنے لگے کہ محمد صلی اللہ علیہ و سلم نے ہمارے ساتھ صلح کر لی اور ہمارے بتوں کی تعریف کی۔ حاضرینِ اہلِ اسلام بھی اس کلام سے حیرت میں پڑ گئے، لیکن آں سرور صلی اللہ علیہ و سلم اس لعین کے کلام سے مطلع نہ ہو سکے، آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کیا بات ہے؟ (یہ کافر کیوں خوش ہو رہے ہیں؟) صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نے عرض کیا کہ اثناءِ کلام میں آپ سے اس قسم کے فقرے ظاہر ہوئے۔ آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام یہ بات سن کر متفکر اور مغموم ہو گئے۔ اسی اثناء میں جبرئیل امین علی نبینا و علیہ الصلوۃ و السلام وحی لے کر حاضر ہوئے کہ وہ کلام شیطان کا القا کیا ہوا تھا، اور کوئی نبی یا رسول ایسا نہیں گزرا کہ جس کے کلام میں شیطان نے القا نہ کیا ہو، جس کے بعد حق سبحانہٗ و تعالیٰ نے اس کو رد کر کے اپنے کلام کو محکم بنایا ہے

پس جب آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کی حیات مبارکہ بیداری کے وقت صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی مجلس میں شیطان لعین نے اپنے باطل کلام کو آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کے کلام میں القا کر دیا (ملا دیا) اور حاضرین صحابہ رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین میں سے کسی نے تمیز نہ کی تو آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کے دنیا سے تشریف لے جانے کے بعد خواب کی حالت میں جو کہ حواس کے معطل اور بے کار ہونے کا محل اور شک و شبہ کا مقام ہے، دیکھنے والے کی تنہائی کے با وجود کہاں سے معلوم ہو سکتا ہے کہ یہ واقعہ شیطان کے تصرف اور مکر و فریب سے محفوظ و مامون ہے؟

دیکھو میں آپ کو بات بتاؤں۔ جو آواز آ رہی ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے ۔ تو وہ آواز آپ تک نہ پہنچے اور درمیان میں شیطان کوئی اور آواز آپ تک پہنچا دے تو کیا یہ ممکن نہیں ہے ؟ تو آواز تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تھی ۔ لیکن درمیان میں شیطان نے وہ جو تصرف کر لیا اور اس کی آواز کے ساتھ ملا کر آواز ملا کر دوسری آواز شامل کر دی تو اس کی تمیز کرنا تو ہر ایک کے لیے ممکن نہیں ہے نا ۔ ہر ایک کے لیے تو ممکن نہیں ہے ۔

تو لہذا اصول یہ ٹھہرا ۔ کہ احکامات میں خوابوں پر اعتبار نہیں کیا جائے گا ۔ ظنی کو ظنی سمجھو قطعی کو قطعی سمجھو ۔ ظنی کو ظنی سمجھو قطعی کو قطعی سمجھو ۔

کیونکہ اگر یہ بالکل اسی طرح ہوتا جیسے کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صورت مبارکہ قطعی نظر آنے کا ہوتا ۔ تو وہ خواب میں دیکھنے والا شخص صحابی بن جاتا ۔ اور وہ حدیث شریف بن جاتی ۔ تو اس کو کوئی حدیث سمجھتا ہے ؟ کوئی اس شخص کو صحابی سمجھتا ہے ؟ ایسا ہوتا ہے ۔ ایسا ہوتا ہے ۔

حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمتہ اللہ علیہ سے ایک صاحب نے عرض کیا ۔ حضرت میں نے خواب میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کی ۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے پوچھا صحابی کیا حال ہے ۔ پوچھا ۔ صحابی کیا حال ہے ۔ تو حضرت نے جواب دیا ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تمہیں صحابہ کے طریقے پہ چلنا چاہیے ۔ صحابہ کے نقش قدم پہ چلنا چاہیے ۔ یعنی تمہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کی طرح دیکھنا چاہتے ہیں ۔ سمجھ میں آ رہی ہے بات ۔ جیسے ہم کسی medical student کو doctor صاحب کہہ دیں ۔ تو doctor تو اس وقت نہیں ہوتا ۔ doctor بن سکتا ہے نا ۔ ہم چونکہ اس سے attachment رکھتے ہیں اور ان سے توقع کرتے ہیں کہ وہ جلدی doctor بن جائے تو ان کو کہتے ہیں doctor صاحب کیا حال ہے ۔ یا حفظ کوئی کر رہا ہو ۔ ابھی اس کا حفظ مکمل نہ ہو ۔ اور والدین کو کہے حافظ صاحب کیا حال ہے حافظ صاحب ٹھیک ہیں ۔ اس کو پہلے سے حافظ صاحب کہنا شروع کر دیں ۔ تو وہ ٹھیک ہے حافظ بن جائے گا انشاءاللہ ۔ لیکن اس وقت حافظ تو نہیں ہے نا ۔ ہو سکتا ہے حافظ تو نہیں ہے ۔ تو اسی طریقے سے گویا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مطلب اس سے یہ چاہتے تھے کہ وہ صحابہ کے نقش قدم پہ چلے ۔ طریقہ صحابہ اختیار کر لے ۔

بلکہ آج کل کی ہماری جو تحقیقات چل رہی ہیں ۔ سیر الی اللہ مکمل کر لے نا ۔ کیونکہ اس کے بعد طریقہ صحابہ ہے نا ۔ اس کے بعد تو طریقہ صحابہ ہے جس کو ہم سیر فی اللہ کہتے ہیں ۔ تو اس پہ چلنا شروع کر لے ۔ یعنی وہاں تک پہنچ جائے وہاں تک تو کوئی بھی پہنچ سکتا ہے ۔ طریقہ صحابہ تک تو پہنچ سکتا ہے صحابی نہیں بن سکتا ۔ طریقہ صحابہ پہ تو جا سکتا ہے کیونکہ طریقہ صحابہ تو وہی ہے نا ۔ وہی نماز جو صحابہ نے پڑھی ہم نے بھی وہی پڑھنی ہے یا نہیں پڑھنی ۔ وہی پڑھنی ہے نا ۔ تو طریقہ صحابہ تو وہی ہے کہ ہم لوگ اللہ کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر سارے کام کرنے لگیں ۔ یہ طریقہ صحابہ ہے نا ۔ رکاوٹیں تو ہمارے قلب و نفس اور عقل میں جو ہیں ان کو سیر الی اللہ میں دور کرنا چاہیے نا ۔ تو اسی کو طریقہ صحابہ کہتے ہیں ۔ یا اللہ بہت زبردست research ہے جی حضرت کی۔

پس جب آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کی حیات مبارکہ بیداری کے وقت صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی مجلس میں شیطان لعین نے اپنے باطل کلام کو آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کے کلام میں القا کر دیا (ملا دیا) اور حاضرین صحابہ رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین میں سے کسی نے تمیز نہ کی تو آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام کے دنیا سے تشریف لے جانے کے بعد خواب کی حالت میں جو کہ حواس کے معطل اور بے کار ہونے کا محل اور شک و شبہ کا مقام ہے، دیکھنے والے کی تنہائی کے با وجود کہاں سے معلوم ہو سکتا ہے کہ یہ واقعہ شیطان کے تصرف اور مکر و فریب سے محفوظ و مامون ہے؟ اس کے با وجود میں کہتا ہوں کہ جب نعتیہ قصیدوں کے پڑھنے اور سننے والوں کے ذہن میں یہ بات بیٹھ چکی تھی کہ آں سرور علیہ و علی آلہ الصلوۃ و السلام اس عمل سے راضی ہیں جیسا کہ ممدوح لوگ اپنی مدح کرنے والوں سے راضی ہوتے ہیں اور یہ حقیقت ان کی قوتِ متخیلہ میں منقش ہو گئی ہو، تو ہو سکتا ہے کہ واقعہ میں اسی اپنی متخیلہ صورت کو دیکھا ہو، قطعِ نظر اس کے کہ اس واقعے کی کوئی حقیقت بھی ہے یا صرف تمثیلِ شیطانی ہی ہے۔

مطلب ایسے انسان اپنے تخیل کو بھی تو دیکھ سکتا ہے نا متشکل ہو جاتا ہے اس کا تخیل ۔ یہ اصل میں graphics ۔ آج کل graphics چل رہے ہیں نا net پر۔ تو graphics سے بہت ساری چیزیں متشکل کر دی جاتی ہیں۔ اور پھر animation کے ذریعے سے باقاعدہ ان کو display کیا جاتا ہے ان کی videos بنتی ہیں۔ اور videos بالکل ویسے جیسے چلتی پھرتی چیزوں کی ہوتی ہیں اس طرح بنی ہوتی ہیں۔ ٹھیک ہے نا۔ تو آج کل کے اس دور میں computer جو کہ natural system کے مقابلے میں کافی slow system ہے۔ تو ہمارا جو دماغ ہے وہ اگر اس قسم کی چیز بنا لے اندر ہی اندر۔ تخیل کی بنیاد پر تو کیا ناممکن ہے؟ graphics آج کل پورا بہت زبردست بہت بڑا art ہے۔ آج کل تو کچھ بھی نہیں کہہ سکتے کہ آپ کو جو video نظر آ رہی ہے وہ natural ہے یا ویسے ہے۔ درمیان میں کیا گڑبڑ ہے؟ آج کل یہ گھپلے نہیں آ رہے؟ وہ جی فلاں چیز فلاں کی قبر سے یہ نکل آیا اور وہ درمیان میں photoshop چل چکی ہوتی ہے۔ photoshop۔ تو آج کل تو بہت گھپلے ہو رہے ہیں۔ تو اگر یہ گھپلے scientifically ہو سکتے ہیں تو شیطان تو بہت بڑا اعلی scientist ہے۔ تو وہ کیا کچھ نہیں کر سکتا؟ وہ متخیل کر دے گا۔

نیز واقعات اور رویائے صادقہ کبھی ظاہر پر محمول ہوتے ہیں اور ان کی حقیقت وہی ہوتی ہے جو دیکھنے والے نے دیکھی ہے، مثلًا زید کی صورت کو خواب میں دیکھا اور اس سے مراد زید کی وہی حقیقت ہے، اور کبھی واقعات اور رویائے صادقہ ظاہر سے پھرے ہوئے اور تعبیر پر محمول ہوتے ہیں مثلًا زید کی صورت کو خواب میں دیکھا اور اس سے مراد عمرو کو رکھا گیا اس مناسبت کے لحاظ سے جو زید و عمرو کے درمیان ہے

-سبحان اللہ- ہے اس طرح اس طرح بھی ہوتا ہے۔ خوابوں کی تعبیر پر depend کرتا ہے۔ باقی بعض دفعہ واقعی بالکل اس طرح ہی ہوتا ہے۔ یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی خاص آدمی کی صورت میں نظر آ جاتے ہیں۔ تو اس سے مراد یہ ہوتا ہے کہ یہ شخص متبع سنت ہے۔ تو نسبت ہے نا کہ یہ شخص متبع سنت ہے۔ تو اس طرح مطلب تعبیر مختلف یعنی دی جاتی ہے، وہ حقیقت پر نہیں ہوتی بلکہ تعبیر کے محتاج ہوتی ہے۔

لہذا کس طرح معلوم ہو سکتا ہے کہ احباب کے یہ واقعات ظاہر پر محمول ہیں اور ظاہر سے پھرے ہوئے نہیں ہیں؟ کیا یہ نہیں ہو سکتا کہ ان واقعات سے مراد ان کی تعبیریں ہوں اور وہ واقعات دوسرے امور سے کنایہ ہوں، بغیر اس کے کہ تمثیلِ شیطانی کی گنجائش ہو۔

ابھی مجھ سے میرا خیال ہے کل کسی نے خواب پوچھا تھا۔ کل تھا یا پرسوں تھا بہرحال خواب میں اس نے بتایا کہ۔ کوئی مانگنے والی عورت آئی ہے۔ اور وہ مجھ سے دودھ مانگ رہی ہے۔ تو اس کا کیا مطلب ہے؟ تو میں نے کہا اس کا مطلب یہ ہے کہ خواب میں عورت وہ دنیا ہے۔ اور دودھ دین ہے۔ تو ان شاء اللہ آپ دین پر چلیں گے تو آپ کو دنیا بھی حاصل ہو جائے گی۔ اب بتاؤ کہاں سے کہاں بات پہنچ گئی؟ بات کیا تھی کیا اور کہاں سے کہاں بات پہنچ گئی؟ دودھ مانگ رہی ہے، اس کا دودھ دین ہے، تو دین تم کر لو تو عورت وہ دنیا ہے تو تمہارا دنیا کا بھی ہو جائے گا، کام ہو جائے گا۔ بہت ساری چیزیں ہیں، خوابوں کی دنیا بہت وسیع ہے۔ بہت وسیع ہے۔

لیکن اس کو میں کہتا ہوں خواب جو ہے یہ دو آدمیوں کا کشف ہوتا ہے۔ دو آدمیوں کا کشف ہوتا ہے۔ ایک خواب دیکھنے والے کا کشف ہوتا ہے ایک تعبیر دینے والے کا کشف ہوتا ہے کہ اس کو سچی تعبیر منکشف ہو جائے۔ ہر ایک کو تو نہیں ہوتا نا۔ اور یہ ضروری نہیں کہ ہر وقت ہی سچے خواب کی تعبیر منکشف ہو جائے۔ عین ممکن ہے کسی وقت منکشف ہو کسی وقت منکشف نہ ہو۔ یہ بھی ہو سکتا ہے۔ البتہ مشائخ کو اللہ پاک جو ان کے مریدوں کے بارے میں چیز عموماً منکشف فرما دیتے ہیں۔ مریدوں کے بارے میں۔ باقیوں کے بارے میں نہیں۔ مریدوں کے بارے میں جو اپنے مرید ہوتے ہیں جن کی تربیت ان کے ذمے ہوتی ہے۔ تو ان کو ان کے خوابوں کی تعبیر منکشف فرما دیتے ہیں۔ تو صحیح بات ان کے دل پر القا فرما دیتے ہیں۔

میں آپ کو ایک واقعہ سناؤں ہمارے دوست alfred نو مسلم بھائی germany میں۔ وہ lecture دیا کرتے تھے اسلام پر۔ مختلف جگہوں پر ان کو بلایا جاتا تھا۔ تو ایک دفعہ کہتے ہیں جی میں فلاں جگہ lecture کے لیے جا رہا ہوں۔ میں نے کہا have you prepared for it؟ کہتے ہیں no۔ میں نے کہا why؟ کہتے ہیں allah will send right words at right time or right silence at right time۔ کہ اللہ پاک صحیح الفاظ بھیج دیں گے یا صحیح خاموشی بھیج دیں گے۔ صحیح۔

حضرت صوفی اقبال صاحب رحمۃ اللہ علیہ ایک دن کہنے لگے۔ مجھے ہر سوال کا جواب آتا ہے۔ یہ فرمایا مجھے ہر سوال کا جواب آتا ہے۔ حضرت تو بے نفس انسان تھے وہ کبھی بھی اس طرح بات نہیں کرتے تھے میں حیران ہو گیا حضرت کیا فرما رہے ہیں۔ تو ساتھ ہی فورا ارشاد فرمایا کیونکہ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ مجھے اس کا جواب نہیں آتا۔ کیونکہ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ مجھے اس کا جواب نہیں آتا۔

ایک دفعہ حضرت تسنیم الحق صاحب رحمۃ اللہ علیہ وہ بھی بہت بے نفس تھے۔ تو کسی کو کہا جو میرے پاس تھا اور میں نے آپ کو دے دیا۔ پھر ہنس پڑے، کہتے ہیں خالی جیب تو ہر ایک کو دیا جا سکتا ہے نا۔ کسی کے پاس کچھ نہ ہو تو وہ تو ہر ایک کو دے سکتا ہے وہ۔

لہذا کس طرح معلوم ہو سکتا ہے کہ احباب کے یہ واقعات ظاہر پر محمول ہیں اور ظاہر سے پھرے ہوئے نہیں ہیں؟ کیا یہ نہیں ہو سکتا کہ ان واقعات سے مراد ان کی تعبیریں ہوں اور وہ واقعات دوسرے امور سے کنایہ ہوں، بغیر اس کے کہ تمثیلِ شیطانی کی گنجائش ہو۔ غرض کہ وقائع کا کچھ اعتبار نہیں کرنا چاہیے۔ اشیاء خارج میں موجود ہیں، کوشش کرنی چاہیے کہ اشیاء کو بیداری میں دیکھيں جو کہ اعتبار کے لائق ہے اور اس میں تعبیر کی بھی گنجائش نہیں۔

وہ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ والی بات۔۔

نہ شبم نہ شب پرستم کہ حدیث خواب گویم
من ہم از آفتابم ہم از آفتاب گویم

نہ میں رات ہوں نہ رات کا پرستار ہوں۔ میں تو دن کے ساتھ ہوں اور آفتاب کے ساتھ چلتا ہوں۔

آنچہ در خواب و خیال دیدہ شود خواب و خیال است۔ جو کچھ خواب و خیال میں دیکھا جائے وہ خواب و خیال ہی ہوتا ہے۔

آنچہ در خواب و خیال دیدہ شود خواب و خیال است

جو کچھ خواب و خیال میں دیکھا جائے وہ خواب و خیال ہی ہے۔

وہاں کے احباب ایک عرصے سے اپنی وضع کے مطابق زندگی بسر کر رہے ہیں، ان کے اختیار کی لگام ان کے لئے اپنے ہاتھ میں ہے لیکن میر محمد نعمان کو فقیر کے حکم کی تعمیل کے سوا چارہ نہیں،

یعنی ان کو جو خط لکھ رہے ہیں۔

عِیَاذًا بِاللہِ سُبْحَانَہٗ (اللہ سبحانہٗ کی پناہ) کہ منع کرنے کے بعد ایک لمحہ بھی توقف کرے۔ اگر بالفرض توقف کرے بھی تو کس کا نقصان ہو گا؟ اس منع کرنے میں فقیر کا مبالغہ اپنی طریقت کی مخالفت کی وجہ سے ہے، وہ مخالفت خواہ بطریق سماع و رقص ہو یا بطریق مولود و شعر خوانی۔ ہر سلسلے کے لئے مطلبِ خاص کے ساتھ ایک وصول ہے، اور اس طریق میں مطلبِ خاص کا وصول ان امور کے ترک کرنے پر وابستہ ہے۔

یہ بالکل میں ایک صاف بات آج عرض کر رہا ہوں۔ کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو شرعا مباح ہوتی ہیں۔ لیکن کچھ لوگوں کے نظام تربیت میں وہ ممنوع ہوتی ہیں۔ اور کچھ لوگوں کے نظام تربیت میں ممنوع نہیں ہوتی۔ تو جن کے نظام تربیت میں ممنوع نہیں ہے تو ان کو نقصان نہیں ہو گا۔ اور جن کے نظام تربیت میں ممنوع ہو گا ان کو نقصان ہو گا کیوں؟

مجھے آپ بتا دیں، آپ مقناطیس کو اس طرح رگڑتے ہیں۔ اس طرح رگڑتے ہیں اس سے مقناطیس بن جاتا ہے۔ کیونکہ اس طرح اس طرح کریں گے تو مقناطیس کبھی نہیں بنے گا۔ آپ اس طرح اس طرح کرتے ہیں۔ ٹھیک ہے نا، یعنی ایک سائیڈ، ایک سائیڈ صرف۔ اور اگر کوئی اس طرح کر لے، پھر بھی بنے گا۔ پھر بھی مقناطیس بنے گا، بات سمجھ میں آ رہی ہے نا؟ لیکن اگر میں نے دو دفعہ اس طرح کیا، اور پھر کسی اور کو دے کر دو دفعہ اس طرح کیا، تو مقناطیس بن گیا؟ وہ تو ختم ہو گیا نا جو تھا۔ اب مقناطیس اس طرح بھی بنتا ہے، اس طرح بھی بنتا ہے۔ لیکن اس طرح کبھی، اس طرح کبھی، اس سے نہیں بنتا۔

تو جو چشتی طریقہ ہے وہ چشتیوں کے لیے مبارک۔ جو نقشبندی طریقہ ہے وہ نقشبندیوں کے لیے مبارک۔ جو قادری طریقہ ہے وہ قادریوں کے لیے مبارک، جو سہروردی طریقہ ہے وہ سہروردیوں کے لیے مبارک۔ کبھی چشتی کبھی قادری، یہ والی بات ٹھیک نہیں ہے۔ بات سمجھ میں آ گئی نا۔ حضرت یہی فرمانا چاہتے ہیں۔ اب سمجھ میں آ گئی نا بات۔

حضرت یہ فرمانا چاہتے ہیں کہ اس میں کیا ہے کہ طریقہ ہمارا طریقہ ہی نہیں ہے۔ مطلب ہم ان چیزوں کے ذریعے سے نہیں چلاتے کام۔ باقی لوگ تو اس کے ذریعے سے کام چلاتے ہیں۔ ان کے تو وہ مراقبات کے ذریعے سے نہیں، اس کے ذریعے سے چلاتے ہیں تو آپ کو کیا۔ ان کے لیے اور طریقہ ہے۔ تو ٹھیک ہے نا، صحیح ہے مطلب، ان کے لیے صحیح ہے۔ لیکن آپ کے لیے صحیح نہیں ہے کیونکہ آپ ایک طریقے سے کر رہے ہیں تو وہ ڈسٹرب ہو جائے گا اس کے ذریعے سے۔ بھئی اس میں ہیجان ہے، مراقبہ میں یکسوئی ہے۔ دونوں جمع ہو سکتی ہیں؟ ٹھیک ہے نا، ہر ایک کا اپنا اپنا کام ہے نا۔ چلو اگر آپ صحیح کہتے ہو تو مجھے سماع کے دوران مراقبہ کر کے دکھاؤ۔ ٹھیک ہے۔

ہر سلسلے کے لئے مطلبِ خاص کے ساتھ ایک وصول ہے

بڑے زبردست حضرت نے یہ بات فرمائی ہے۔

اور اس طریق میں مطلبِ خاص کا وصول ان امور کے ترک کرنے پر وابستہ ہے۔ جس شخص کو اس طریقے کے مطلبِ (خاص تک پہنچنے) کی طلب ہو اس کو چاہیے کہ طریق کی مخالفت سے پرہیز کرے اور دوسرے طریقوں کے مطالب اس کے منظور نظر نہ ہوں۔ اور حضرت خواجہ نقشبند قدس سرہٗ نے فرمایا ہے کہ "ما نہ این کار می کنیم و نہ انکار می کنیم" (ہم یہ کام خود نہیں کرتے اور نہ اس کا انکار کرتے ہیں) یعنی یہ کام ہمارے خاص طریقے کے خلاف ہے اس لئے نہیں کرتے اور چونکہ اس کو دوسرے مشائخ کرتے ہیں اس لئے منع بھی نہیں کرتے۔

یعنی اس کو غلط نہیں کہتے۔ اس کو غلط نہیں کہتے، لیکن کرتے نہیں ہیں۔ کیونکہ ہمارے طریقے میں شامل نہیں ہے۔ کیونکہ فرض و واجب اور سنت تو ہے نہیں۔ فرض واجب و سنت تو ہے نہیں۔ تو اس وجہ سے ہم تو اس لحاظ سے تو کر نہیں سکتے۔

علاج کی بات ہے تو علاج کی جب بات ہے تو ان کے لیے علاج ہے ہمارے لیے نہیں ہے۔ جیسے homeopathy میں علاج کا اصول اور ہے اور allopathy میں اور ہوتا ہے۔ بلکہ یہاں تک کہ جو homeopathy کے علاج کے پاس جاتے ہیں تو ان کو ایک دوائی کھلاتے ہیں اس کا نام ہے nux vomica، nux vomica۔ یہ nux vomica کسی نے اگر allopathy علاج کرایا ہو تو اس کے اثر کو ختم کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ کہ پہلے اس اثر کو ختم کر لے پھر اس کے بعد ہی چلے گا کیونکہ اصول مختلف ہے۔ وہ علاج بالضد ہے یا علاج بالمثل ہے۔ اصول مختلف ہے۔ تو علاج بالمثل اور علاج بالضد میں تو بڑا فرق ہے۔ تو آپ اگر دونوں ساتھ چلائیں گے تو کوئی بھی نہیں چلے گا۔ وہی مقناطیس والی بات، کوئی بھی نہیں چلے گا۔ ٹھیک ہے نا۔ سبحان اللہ سبحان اللہ۔

﴿وَلِكُلٍّ وِّجْهَةٌ هُوَ مُوَلِّـيْـهَا﴾ (البقرۃ: 148) ترجمہ: ”اور ہر شخص کے واسطے ایک جہت قبلہ ہے کہ وہ اس کی طرف رخ کرے “۔ فیروز آباد (نواح دہلی کی ایک بستی) جو ہم فقرا کا ملجا و ماویٰ ہے ہمارے پیروں اور پیشواؤں کا مرکز ہے، جب وہاں اس طرح کی کوئی بات ہوتی ہے جو اس طریقۂ عالیہ کے خلاف ہے تو ہم فقرا کے لئے نہایت اضطراب و بے قراری کا مقام ہے۔ حضرات مخدوم زادے اپنے والد بزرگوار کے طریقے کی حفاظت کے زیادہ مستحق اور حق دار ہیں۔ حضرت خواجہ احرار قدس سرہٗ کے فرزندوں نے اپنے والد بزرگوار کے طریقے کے تبدیل ہو جانے کے بعد اصل طریقے کی حفاظت کی اور تغیر کرنے والوں کے ساتھ جھگڑا کیا۔ چنانچہ آپ کے مبارک کانوں میں بھی یہ بات پہنچی ہو گی۔

نیز آپ نے ہمارے حضرت خواجہ (باقی باللہ رحمۃ اللہ علیہ) کے مشرب قوی العذب (نہایت خوشگوار طریقہ) کے متعلق لکھا تھا۔ ہاں ہاں! ابتدائی احوال میں بعض امور کے اندر ملامتیہ مذہب کی رعایت کی وجہ سے آسانی اور نرمی برتتے تھے اور ملامت کو ترجیح دے کر بعض چیزوں میں عزیمت کو ترک کر دیا کرتے تھے، لیکن آخر میں ان امور سے بھی پرہیز اختیار کر لیا تھا اور ملامت و ملامتیہ کا ذکر تک نہیں کرتے تھے۔ اگر آپ انصاف کی نظر سے دیکھیں کہ بالفرض حضرت ایشاں (خواجہ باقی باللہ رحمۃ اللہ علیہ) اگر اس وقت دنیا میں بقیدِ حیات ہوتے اور ایسی مجلس و اجتماع کا انعقاد ان کی موجودگی میں ہوتا تو وہ اس امر سے راضی ہوتے اور اس اجتماع کو پسند کرتے یا نا پسند کرتے۔ فقیر کو اس کا یقین ہے کہ وہ اس کو ہرگز جائز نہیں سمجھتے بلکہ اس کا انکار کرتے۔ فقیر کا مقصد تبلیغ کرنا ہے قبول کریں یا نہ کریں کوئی مضائقہ نہیں اور نہ جھگڑے کی کوئی گنجائش ہے۔

اگر مخدوم زادے اور ان کے احباب اسی حال پر قائم رہیں اور (اپنی حالت کو نہ بدلیں) تو ہم فقیروں کو ان کی صحبت سے سوائے مایوسی اور دور رہنے کے کوئی چارہ نہیں ہے، اس سے زیادہ کیا تکلیف دی جائے۔ وَ السَّلَامُ أَوَّلًا وَّ آخِرًا

کیسے ماشاءاللہ پوری دلائل کے ساتھ تبلیغ بھی کی اور اپنے آپ کو اس میں involve بھی نہیں کیا۔ کہ بھئی ٹھیک ہے میرا کام ہے وَمَا عَلَيْنَا اِلَّا الْبَلَاغُ بس ہم نے بات پہنچا دی اس کے بعد ہم کچھ نہیں کہتے۔ کوئی مانے نہ مانے یہ اپنی بات ہے۔ یہی علماء کا طریقہ ہے۔ علماء ایسے ہی کرتے ہیں۔

مکتوب نمبر 274

شیخ یوسف برکی کی طرف صادر فرمایا۔ بلند ہمتی کی ترغیب میں اور سفلی مشاہدات جو کثرت کے آئینوں سے تعلق رکھتے ہیں ان کی طرف التفات نہ کرنے اور اس کے مناسب بیان میں۔

حمد و صلوۃ اور تبلیغِ دعوات کے بعد واضح ہو کہ تینوں مکتوب جو آپ نے ارسال کئے تھے موصول ہوئے اور وہ وقائع، احوال اور کرامات جو ان میں درج تھے، سب واضح طور پر معلوم ہوئے۔ وہ حال جو آپ نے کثرت میں شہودِ وحدت کے آخرِ حال میں لکھا ہے اور اس عبارت کے ساتھ ادا کیا ہے کہ (ایمان کی انتہا) یہ ہے کہ اول حال کی طرح حال ہو جائے اور گم ہونے کا خیال بھی گم ہو جائے یعنی یہ حال ہو جائے کہ میں بندہ ہوں، مخلوق ہوں اور حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ و سلم کی امت میں ہوں۔ یہ حال اصلی ہے اور مذکورہ احوال سے بلند و بالا ہے، لیکن انتہا دوسری چیز ہے، اور نہایت اس سے کئی منزلیں دور ہے۔

ہنوز ایوان استغنا بلند است
مرا فکر رسیدن نا پسند است

قصر استغنا تو اونچا ہے ہنوز
سخت مشکل واں پہنچنا ہے ہنوز

کلمہ طیبہ لَآ إِلٰہَ إِلَّا اللہُ کے تکرار کا مقصود (جو فقیر نے اپنے سابقہ مکتوب میں آپ کو لکھا تھا کہ) اس شہود کی بھی نفی ہو جائے جو کثرت کے ساتھ تعلق رکھتا ہے۔ لِلّٰہِ سُبْحَانَہُ اَلحَمْدُ وَ الْمِنَّۃُ (اللہ سبحانہٗ کی حمد اور اس کا احسان ہے) کہ اس کلمۂ طیبہ کی برکت سے یہ شہود آپ سے زائل ہو گیا۔ آپ بلند ہمت رکھيں اور اس راہ کی جوز و مویز (معمولی چیزوں) پر اکتفا نہ کریں۔ إِنَّ اللّٰہَ سُبْحَانَہٗ یُحِبُّ مَعَالِیَ الْھِمَمِ (اللہ سبحانہٗ بلند ہمت والوں کو دوست رکھتا ہے) آپ توحید (وجودی) کے تنگ کوچے سے نکل کر (توحیدِ شہودی) کی شاہراہ پر آ گئے ہیں، کتنی بڑی نعمت ہے۔ اگر آپ پہلے احوال کا ذکر نہ کریں اور کثرت آمیز شہود کی لذتوں کو یاد نہ کریں اور عمر بھر استقامت کے ساتھ اس راہ کی تگ و دو میں مشغول رہیں تو بہت اچھا ہے۔ کیونکہ بہت سے شہودِ کثرت کے پوستیوں کو ہم نے دیکھا ہے کہ انہوں نے اپنے اس کام کی غلطی پر اطلاع پا کر پوست پینا چھوڑ دیا، اتفاقًا ایک مدت کے بعد جب کبھی پوست پینے کا خیال اور اس کی لذت یاد آئی تو پھر اپنی قدیم حالت کی طرف لوٹ آئے (اور پینا شروع کر دیا)

میرے مخدوم! وہ شہود جو کثرت کے آئینوں سے تعلق رکھتا ہے بہت لذت بخش ہے اور شہودِ تنزیہی کہ جس کا تعلق جہل (حیرت) سے ہے وہ لذت سے دور ہے۔ شیخِ مقتدا کی مدد کے بغیر اس راہ پر چلنا مشکل ہے۔ برادر عزیز مولانا احمد برکی جس کو عام لوگ علمائے ظاہر سے جانتے ہیں اور وہ خود بھی اپنے احوال اور اپنے دوستوں کے احوال کی خبر نہیں رکھتا، اس کا راز یہ ہے کہ اس کا باطن شہودِ تنزیہی کی طرف متوجہ ہے جو جہل کا مقام ہے اور اس کا ایمان علماء کی طرح ایمان بغیب ہے، اس کے باطن نے بلند فطرت ہونے کی وجہ سے کثرت آمیز شہود کی طرف التفات نہیں کیا ہے اور اس کا ظاہر ترہاتِ صوفیہ (وہ کلمات جو بظاہر شریعت کے خلاف ہوں) کے ساتھ فریفتہ اور مغرور نہیں ہوا، اس کا وجودِ مبارک ان اطراف میں غنیمت ہے۔ یہ حالت جس کے حاصل ہونے کی آپ نے خبر دی ہے، مولانا مذکور مدت سے اس حالت کے ساتھ متحقق ہے خواہ اس کو اس کا علم ہو یا نہ ہو۔ فقیر کے نزدیک اس جگہ کی اصلاح کا مدار مولانا کے وجود پر ہے۔ بڑے تعجب کی بات ہے کہ یہ امر اُن اطراف کے صاحبانِ کشف پر کس طرح مخفی رہا ہے (حالانکہ) فقیر کے علم میں مولانا کی شرافت و بزرگی وجود آفتاب کی طرح ظاہر و باہر ہے۔ زیادہ کیا تکلیف دی جا ئے۔ دعا و فاتحہ کا التماس ہے۔ و السلام

اصل میں یہاں پر حضرت نے ایک بات کی ہے۔ یعنی کثرت میں شہود وحدت یوں کہیے، یوں کہہ سکتے ہیں کہ کثرت کے آئینوں میں وہ نظر آنا، یا گویا کہ ظاہر سے باطن پر استدلال، آپ کہہ سکتے ہیں، اس کو یوں کہہ سکتے ہیں۔ تو فرمایا، ابتداء میں تو یہ ٹھیک ہے۔ لیکن بالآخر اس کثرت کے شہود سے بھی نکلنا ہوتا ہے۔ کثرت کے شہود سے بھی نکلنا ہوتا ہے۔ اور پھر وہ والی بات کہ جو انسان سمجھتا ہے کہ میں اس کو جانتا ہوں، وہ اس کو بھی نہیں جانتا۔ گویا کہ جہل کی طرف چلا جاتا ہے، اور حیرت کی طرف چلا جاتا ہے۔ تو یہ جو جہل و حیرت ہوتا ہے، اس میں انسان خود کوئی فیصلہ ہی نہیں کرتا۔ جب فیصلہ نہیں کرتا تو بس پھر وہ ایمان بالغیب پہ جا رہا ہوتا ہے۔ ٹھیک ہے نا، جو بتایا جائے شریعت، بس پھر اس کو کرتا ہے، وہ اس کے اندر وہ خود کوئی اور بات نہیں کرتا۔ تو یہ پہلے بھی شریعت ہوتی ہے۔ لیکن وہ جو شریعت پہ چلنا ہوتا ہے، وہ، مثلاً یوں کہہ سکتے ہیں کہ، یوں کہہ سکتے ہیں کہ ان کو یہ کیفیات نہیں حاصل ہو چکی ہوتیں ابتداء میں۔ تو اس وجہ سے بے کیفیت وہ شریعت پر چلتا ہے، لیکن وہ کیفیت کے حاصل نہ ہونے کی وجہ سے ہے۔

اور دوسری دفعہ جب کیفیت کو چھوڑتا ہے اس کے لیے، اور صرف ایمان بالغیب کی طرف آتا ہے، کہ اپنے کیفیت کے لحاظ سے کسی چیز کو نہیں دیکھتا، بلکہ اپنے ایمان کے لحاظ سے اس کو دیکھتا ہے، تو اس کے اندر پھر جہل و حیرت ہے، یعنی یہ بات فرمائی ہے، کہ جہل و حیرت ہو جاتی ہے۔ تو ایسی صورت میں، یہ جو کیفیت کی باتیں لوگ کرتے ہیں، ان سے لوگ متاثر زیادہ ہوتے ہیں۔ اور جو کیفیت کی بات نہیں کرتے، وہ سیدھی سیدھی باتیں کرتے ہیں، تو وہ پہلے والی کنڈیشن کے مطابق ہوتی ہے، یعنی ان کی طرح نظر آتی ہے، حالانکہ وہ ہوتی نہیں ہے۔ لہذا لوگ ان کو کامل نہیں جانتے۔

ہمارے تسنیم الحق صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا حال تقریباً ایسا تھا۔ یعنی، میں آپ کو کیا بتاؤں، کیا مثال آپ کو دوں؟ یعنی اتنا بڑا عالم ہونے کے باوجود، وہ بالکل ایسے بات کرتے نا، کہ جیسے کوئی عوام کوئی بات کر رہا ہو۔ یعنی اس قسم کے انداز میں بات کرتے۔ تو ایک دفعہ حضرت مولانا اشرف صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پاس آئے تھے۔ تو بڑی لجاجت سے، اس وقت وہ مجھے ابھی تک وہ یاد ہے وہ کنڈیشن، دماغ میں۔ کہ حضرت سے بڑی لجاجت سے کہہ رہے تھے کہ ہم تو دیہاتی لوگ ہیں، ہم تو ادب کرنا نہیں جانتے، آپ ہمیں معاف کر لیا کریں۔ تو حضرت مسکرا رہے تھے۔ کیونکہ حضرت کو تو ان کے مقام کا پتا تھا۔ لیکن حضرت مسکرا رہے تھے کہ مطلب ظاہر ہے وہ سامنے انکار بھی نہیں کر رہے تھے، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ حضرت کا مقام ہی ایسا تھا۔ اور ایسی لجاجت سے وہ کرتے تھے کہ مطلب آدمی حیران ہو جاتا کہ بھئی کیا کہہ رہے ہیں۔

یہ جس وقت انسان ان تمام چیزوں سے گزر کر پھر سادگی پہ آتا ہے تو وہ سادگی، سادگی ہوتی ہے۔ کہ انسان سب کچھ اس نے دیکھا ہوتا ہے۔ لیکن وہ پھر اس سادگی کو اپنا لیتا ہے۔ اور اپنے آپ کو بالکل اللہ تعالیٰ کے اس پہ چھوڑ دیتا ہے۔ کہ جو وہ کروائے، بس وہ کرتا ہے۔ اس سے آگے پیچھے کچھ نہیں کرتا۔

وہ ایک دفعہ حلیمی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں کچھ فرمایا۔ فرمایا ماشاءاللہ ان کا تو بڑا محبت والا سلسلہ ہے۔ ہمارا تو وہی مشکل راستہ ہے۔ بس اپنے نفس کے ساتھ لڑنا ہے، اور کچھ ہمارے پاس نہیں ہے۔ تو یہ، مطلب ظاہر ہے ان کا یہ تھا، حالانکہ یہ ہمارے ڈاکٹر ارشد صاحب فرماتے تھے۔ کہ ایک دفعہ میں نے خواب دیکھا انگلینڈ میں۔ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے ہیں۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے فرمایا کہ کسی کو پتا نہ لگے کہ میں آیا تھا آپ کے پاس۔ تو میں نے کہا، یا رسول اللہ، حلیمی صاحب کو تو پتا چل ہی جائے گا۔ وہ تو معلوم کر لیں گے کہ آپ آئے تھے میرے پاس۔ فرمایا، نہیں، نہیں، ان کا تو ویسے ہی جذباتی تعلق ہے۔ ان کا جو بڑے بھائی ہے نا، وہ تو میرا خط بھی دیکھ کے معلوم کر لے گا۔ وہ تو میرا خط بھی دیکھ کر معلوم کر لے گا۔

تو اس سے پتا چلا کہ دیکھیں نا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک ان کا کیا، یعنی وہ تھا۔ اور عمر بھر روتے تھے کہ مجھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت نہیں ہوئی۔ یعنی وہ کرتے تھے۔ یہ ان لوگوں کے لیے بھی ایک تسلی ہے جو کہتے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت نہیں ہوئی۔ یہ اللہ کی حکمتیں ہوتی ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کی حکمتیں ہوتی ہیں۔ بعض لوگوں کو بالکل عام حالت میں بھی ہو جاتی ہے، اور بعض لوگ وہ، ان کے لیے اللہ پاک نے کوئی اور چیز مقرر کی ہوتی ہے۔ ان کو عمر بھر تڑپانا ہوتا ہے۔ تو وہ تو اللہ تعالیٰ کا اپنا نظام ہے۔

تو یہ میں اس لیے عرض کرتا ہوں کہ یہ سادگی جو ہے یہ بہت۔۔۔ جو کثرت کے آئینوں میں نہیں ہے۔ یہ تو یوں کہہ سکتے ہیں کہ بس ایمان بالغیب اسی میں ہوتا ہے۔ وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے جو آیا ہے بس اسی پہ چلتے ہیں۔

اب ذرا میں دوبارہ ذرا تھوڑا سا پڑھتا ہوں تاکہ ذرا آپ کو اندازہ ہو جائے کہ میں نے کیا بات کی ہے۔

کلمہ طیبہ لَآ إِلٰہَ إِلَّا اللہُ کے تکرار کا مقصود (جو فقیر نے اپنے سابقہ مکتوب میں آپ کو لکھا تھا کہ) اس شہود کی بھی نفی ہو جائے جو کثرت کے ساتھ تعلق رکھتا ہے۔ لِلّٰہِ سُبْحَانَہُ اَلحَمْدُ وَ الْمِنَّۃُ (اللہ سبحانہٗ کی حمد اور اس کا احسان ہے) کہ اس کلمۂ طیبہ کی برکت سے یہ شہود آپ سے زائل ہو گیا۔ آپ بلند ہمت رکھيں اور اس راہ کی جوز و مویز (معمولی چیزوں) پر اکتفا نہ کریں۔ إِنَّ اللّٰہَ سُبْحَانَہٗ یُحِبُّ مَعَالِیَ الْھِمَمِ (اللہ سبحانہٗ بلند ہمت والوں کو دوست رکھتا ہے) آپ توحید (وجودی) کے تنگ کوچے سے نکل کر (توحیدِ شہودی) کی شاہراہ پر آ گئے ہیں، کتنی بڑی نعمت ہے۔ اگر آپ پہلے احوال کا ذکر نہ کریں اور کثرت آمیز شہود کی لذتوں کو یاد نہ کریں

یعنی مطلب یہ ہے کہ ہر چیز کے اندر آپ کو اللہ تعالی جیسے نظر آتا ہے۔ یعنی کثرت آمیز شہود جو ہے، ہاں، لذتوں کو کہتے ہیں، اس میں لذت تو ہے۔

اور عمر بھر استقامت کے ساتھ اس راہ کی تگ و دو میں مشغول رہیں تو بہت اچھا ہے۔ کیونکہ بہت سے شہودِ کثرت کے پوستیوں کو ہم نے دیکھا ہے کہ انہوں نے اپنے اس کام کی غلطی پر اطلاع پا کر پوست پینا چھوڑ دیا، اتفاقًا ایک مدت کے بعد جب کبھی پوست پینے کا خیال اور اس کی لذت یاد آئی تو پھر اپنی قدیم حالت کی طرف لوٹ آئے (اور پینا شروع کر دیا) میرے مخدوم! وہ شہود جو کثرت کے آئینوں سے تعلق رکھتا ہے بہت لذت بخش ہے

یعنی اس میں لذت زیادہ ہے۔

اور شہودِ تنزیہی

جس میں یہ ساری چیزیں نہیں ہیں۔ جس میں انسان کو یہ محسوس نہیں ہوتا کہ میں کچھ دیکھ رہا ہوں۔

بلکہ اپنے آپ کو بہت دور پاتا ہے۔ اپنے آپ کو بہت دور پاتا ہے۔

کہ جس کا تعلق جہل (حیرت) سے ہے وہ لذت سے دور ہے۔ شیخِ مقتدا کی مدد کے بغیر اس راہ پر چلنا مشکل ہے۔

کیوں؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ لذت کو چھوڑ کے وہ اس راستے پہ چلنا تو پھر بڑا مشکل ہے نا۔ انسان تو لذت آشنا ہے نا، لذت کے پیچھے جاتا ہے۔ یعنی آپ اندازہ کریں لذت کے پیچھے انسان اتنا جاتا ہے کہ جو گانے سنتا ہے اور گانے سننے سے وہ آ جاتا ہے، یعنی کوئی ظاہر ہے مطلب کسی کی مجلس میں بیٹھ کے یا تبلیغ میں جا کر، یعنی کسی طریقے سے ان کو دین کے ساتھ محبت ہو جاتی ہے، پھر گانے چھوڑ دیتا ہے۔ تو پھر نعتوں کو گانوں کی طرزوں پہ سنتا ہے۔ کیونکہ لذت ان سے حاصل کرنا شروع کر لیتے ہیں۔ کیونکہ وہ لذتوں کا طالب ہوتا ہے نا۔ تو وہ چیز اگر اس کو غلط کہتا ہے تو پھر اسی میں شروع کر لیتا ہے۔ یہ قوالیاں جو لوگوں نے شروع کی ہیں تو کس طریقے سے شروع کی ہیں؟ وہ آخر وہ اپنے ان چیزوں کو satisfy کر رہے ہوتے ہیں نا۔

تو یہی یہاں پر بھی یہ والی بات ہے کہ اس وقت یعنی اس پہ جانا بڑا مشکل ہوتا ہے کیونکہ اس میں لذت نہیں ہے۔ تو شیخ کامل جب ہوتا ہے تو وہ ذرا اس کو اس راستے پہ چلا سکتا ہے۔

پتھروں کے اوپر اگر آ سکو تو آؤ
میرے گھر کے راستے میں کوئی کہکشاں نہیں ہے

مطلب یہ ہے کہ وہ دوریاں اور حیرتیں، یہ چیزیں جو ہیں نا وہ آپ کے آڑے آئیں گی۔ تو انسان دور ہوتا ہے اس سے کیونکہ اس کی طرف جانا نہیں چاہتا۔

برادر عزیز مولانا احمد برکی جس کو عام لوگ علمائے ظاہر سے جانتے ہیں،

دیکھو نا۔ وہ ہمارے تسنیم الحق صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی طرح۔

جس کو عام لوگ علمائے ظاہر سے جانتے ہیں اور وہ خود بھی اپنے احوال اور اپنے دوستوں کے احوال کی خبر نہیں رکھتا، اس کا راز یہ ہے

مجھے ایک دن کہنے لگے کہ حضرت غفلت سے تو نکل گئے، باقی اور کچھ نہیں ہے۔ غفلت سے تو نکل گئے الحمدللہ لیکن باقی اور کچھ نہیں۔ اپنی گنہگاری کا پتہ چل گیا۔ مطلب یہ ہے۔ اپنی گنہگاری کا پتہ چل گیا۔ یہ بات ہے۔

تو یہ تھے ایک بڑے صاحب کشف بزرگ تھے مولانا خالد محمد صاحب۔ ان کو ڈاکٹر ارشد صاحب لے گئے تھے ان کے گھر، ان سے ملنے کے لیے۔ ملاقات ہو گئی، جب باہر آئے تو ڈاکٹر ارشد کہنے لگے کہ میں نے موٹر سائیکل سٹارٹ کیا کہ وہ میرے ساتھ بیٹھیں۔ کہتے ہیں وہ دیوار کی طرف دیکھ رہے ہیں مسلسل دیکھ رہے ہیں مسلسل دیکھ رہے ہیں۔ کہتے ہیں میں نے پوچھا جانا نہیں ہے؟ جانا ہے۔ تو پھر کیوں نہیں جاتے؟ کہتے ہیں میں اس پر حیران ہوں کہ اس دور میں بھی اتنا بڑا بزرگ کوئی ہو سکتا ہے۔ میں اس پر حیران ہوں کہ اس دور میں بھی اتنا بڑا آدمی ہو سکتا ہے۔ یہ والی بات۔

تو یہ دیکھو نا حضرت نے بھی اس پر فرمایا۔

بڑے تعجب کی بات ہے کہ یہ امر اُن اطراف کے صاحبانِ کشف پر کس طرح مخفی رہا ہے

یعنی ان کو کیسے نہیں پہچانا؟

(حالانکہ) فقیر کے علم میں مولانا کی شرافت و بزرگی وجود آفتاب کی طرح ظاہر و باہر ہے۔ زیادہ کیا تکلیف دی جائے

کیونکہ مٹے ہوئے تھے نا، مطلب ان کا تو کوئی بزرگی نظر ہی نہیں آ رہی تھی۔ بس وہی۔ اسی طرح حضرت بھی تھے، میاں جی نور محمد جھنجھانوی رحمۃ اللہ علیہ یہ بھی ایسے ہی تھے۔ بالکل ایک عالم ظاہر نظر آتے تھے۔ جیسے کہ بس ایک ظاہری عالم ہو، مسئلے مسائل بیان کرتا ہو، نماز پڑھا رہا ہو۔ بس وہی چیز تھی ان کو۔

تو یہ مولانا احمد برکی رحمۃ اللہ علیہ جو تھے یہ مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے خلفاء میں سے تھے۔ اور ان کے نام پانچ مکتوبات لکھے گئے تھے۔ بہر حال یہ ہے کہ یہ جو یعنی بے لطفی کی جو حالت ہے جس میں کوئی لطف بھی نہیں آتا۔ تو یہ واقعی مشکل راستہ ہے۔ لیکن بہرحال اللہ تعالی جن کے لیے بھی پسند فرمائے اور جو اس پہ چل سکتے ہوں تو ان کو پھر اللہ بہت نوازتے ہیں۔

تو میاں جی نور محمد جھنجھانوی رحمۃ اللہ علیہ ان کا جیسے میں نے آپ سے عرض کیا کہ وہ بھی اس طرح تھے کہ بالکل ظاہر۔ تو ایک دفعہ کسی نے کہا کہ حضرت سماع کی محفل ہے تو اس میں آپ تشریف لائیں۔ چشتی تھے۔ تو حضرت نے فرمایا کہ مجھے لوگ کبھی کبھی امام بنا لیتے ہیں۔ اور چونکہ بعض علماء نے اس میں اختلاف کیا ہے کہ بغیر مزامیر کے جو اشعار گوئی ہے اس میں بھی کچھ مسائل ہیں۔ تو میں چونکہ بعض اوقات امام بنتا ہوں تو میرے لیے مناسب نہیں ہے۔ یعنی اپنے آپ کو اس طرح بچا لیا۔ کوئی منطقی دلیل نہیں دی، کوئی علمی دلیل نہیں دی۔ بس اس نے کہا کہ چونکہ بعض لوگوں نے کہا ہے لہذا بس۔ تو اس طرح مطلب یعنی وہ ظاہر۔ حالانکہ بہت بڑے بزرگ تھے۔

حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جب فوت ہونے لگے تو ہم رونے لگے۔ تو حضرت نے فرمایا کہ میرا ارادہ تھا کہ آپ سے کچھ کام لوں گا کیونکہ آپ جوان تھے۔ لیکن اب اللہ کے حکم کے آگے اس سے چارہ نہیں ہے۔ تو جانے کا وقت آ گیا ہے۔ بہر حال کوئی بات نہیں، فقیر مرتا نہیں ہے، انتقال کرتا ہے ایک جگہ سے دوسری جگہ۔ آپ میری قبر پہ آتے رہیں ان شاء اللہ آپ کو ایسے ہی ملتا رہے گا۔ ایسا مطلب آپ کو ایسے ہی ملتا رہے گا۔

تو یہ ہے کہ یہ جو جس میں کوئی مزہ نہیں ہے۔ کوئی جس کو کہتے ہیں کیفیات بظاہر نہیں ہیں۔ سیدھی سیدھی بات ہے بس شریعت پر چلنا ہے۔ شریعت پر اس طرح چلنا ہے کہ اس کو دل کے ساتھ تسلیم کر لیا کہ یہ ہم نے کرنا ہے۔ اس میں ہماری اپنی کوئی مرضی ہے نہیں۔ بس جو اللہ چاہے تو وہی ہم نے کرنا ہے۔ تو ان کی کیفیت یہی ہوتی ہے۔ surrender، صحیح معنوں میں اسلام۔ کیونکہ surrender یہی ہے نا کہ آدمی اپنی کوئی رائے نہ رکھے۔

سر تسلیم خم ہے جو مزاج یار میں آئے۔

تو ظاہر ہے پھر اصل کام تو انہی کا ہے۔ اللہ تعالی نصیب فرمائے۔

سکر سے صحو، خواب و الہام کی حقیقت اور خالص شریعت پر استقامت - درسِ مکتوباتِ امام ربانیؒ