حقیقتِ جذب و سلوک اور اقسامِ مجذوب
درس: 136 (ایک سوال کے جواب میں مکتوب نمبر 287 سے اقتباس)
- سلوک کے بغیر محض جذب مقصود تک پہنچنے کے لیے کافی نہیں، بلکہ باقاعدگی سے منازلِ سلوک طے کرنا لازمی شرط ہے۔
- روح عالمِ ارواح میں اللہ کی عاشق تھی، لیکن دنیا میں آ کر نفس کے تسلط اور شکنجے میں پھنس گئی۔
- طریقہ نقشبندیہ میں ابتدا میں ذکر سے جو جذبِ کسبی حاصل ہوتا ہے، وہ روح کو اس کا بھولا ہوا عشق یاد دلانے کے لیے ہے۔
- دل کی بیداری اور جذب ملنے کے بعد نفسانی رذائل کے علاج کے لیے سلوک اور مخالفتِ نفس کا راستہ اپنانا ناگزیر ہے۔
- اگر جذب ملنے کے بعد جلد سلوک طے نہ کیا جائے تو نفس اپنی مورچہ بندی کر کے روح کو دوبارہ اپنا غلام بنا لیتا ہے۔
- جذبِ کسبی سلوک کی مشقتوں کو برداشت کرنے کے لیے دل میں شوق پیدا کرتا ہے، یہ بذاتِ خود سلوک کا متبادل نہیں ہے۔
- گہرے رذائل کو جڑ سے اکھاڑنے اور روحانی صفات کو درست ترتیب دینے کے لیے دس مقاماتِ سلوک کا طے کرنا لازمی ہے۔
- حقیقی اور پائیدار جذبِ وہبی سلوک مکمل کرنے کے بعد عطا ہوتا ہے، جو انسان کے اعمال اور درست شدہ صفات میں جان ڈالتا ہے۔
- بدایت میں نہایت کے ادراج سے مراد صرف نہایت کی صورت اور شوق کا پیدا ہونا ہے، نہایت کی اصلی حقیقت سلوک کے بعد ہی حاصل ہوتی ہے۔
- موجودہ دور میں نفس کے لیے پرکشش خرافات کی کثرت کی وجہ سے نفس کو قابو کرنے کے لیے سلوک کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
- جو شخص سلوک طے کیے بغیر مجرد جذب پر ٹھہر جائے، وہ خود کمال تک نہیں پہنچتا اور نہ ہی کسی دوسرے کو کامل بنا سکتا ہے۔
- کمال تک نہ پہنچنے والے مجذوبِ متمکن کو پیری مریدی کی اجازت دینا طالبین کی اعلیٰ استعداد اور قابلیت کو ضائع کر دیتا ہے۔
- گناہوں سے سچی توبہ اور نفس کے خلاف سخت جدوجہد بذاتِ خود مجاہدہ اور سلوک ہی کا حصہ ہے۔
- تمام روحانی سلاسل متفق ہیں کہ سلوک کی ابتدا کے بعد ہی اللہ تعالیٰ کی طرف سے جذبِ وہبی نصیب ہوتا ہے۔
- کامل مجذوب وہی ہے جو جذب میں بھی عقل و ہوش کے ساتھ شریعت کا پابند رہے اور سیر الی اللہ کے بعد سیر فی اللہ طے کرے۔
الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔ الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ أَمَّا بَعْدُ۔ فَأَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ۔
آج بدھ کا دن ہے، اور بدھ کے دن ہمارے ہاں حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات شریف کا درس ہوتا ہے۔ یہ جو مکتوبات شریف کا درس ہے، یہ اَن گنت علوم اور معارف کا مجموعہ ہوتا ہے۔ اس وجہ سے بعض حضرات اس کا خاص اہتمام فرماتے ہیں سننے کا۔ اور ہم بھی کوشش کرتے ہیں کہ اس میں ہم کوئی سستی کا مظاہرہ نہ کریں۔ بلکہ وقت پر یہ ساری چیزیں ہو سکیں۔
البتہ چونکہ نمازوں کے اوقات کا بعض دفعہ اندازہ نہیں ہوتا۔ تو اس وجہ سے بعض دفعہ تاخیر سے یہ شروع ہو جاتا ہے۔ آج بھی یہی ہوا ہ مارا پروگرام تو پونے سات بجے شروع کرنے کا تھا۔ لیکن تاخیر ہو گئی۔
بہر حال چونکہ اس کی طرف بہت سارے حضرات دور دور متوجہ ہیں۔ لہٰذا اس کے بارے میں سوالات بھی۔ گزشتہ پیر کے دن ہم چونکہ سفر میں تھے۔ اور سفر میں تو حالات کا بالکل پتہ نہیں چلتا کچھ سے کچھ ہو جاتا ہے بعض دفعہ۔ تو اس کے ساتھ یہ ہوا کہ ہم نے عصر کے بعد وہ جوابات ریکارڈ کرنا چاہے کہ وہ جوابات ہم ریکارڈ کر لیں تو پھر مغرب کے بعد وہ نشر کر لیے جائیں گے اور ایسا ہی ہوا۔ لیکن بہت ہی signals کی کمی ہونے کی وجہ سے اور نیٹ کے slow ہونے کی وجہ سے۔ ہمارا زیادہ تر وقت نیٹ پر ان کو پہنچانے میں صرف ہوتا رہا۔ یعنی اس میں توجہ بھی بٹتی رہی اور کافی مشکل پیش آئی۔
تو اس وجہ سے مطلب یہ ہے کہ بعض جو سوال بالکل اخیر میں آیا، اس وقت ہمارے پاس بالکل ٹائم نہیں تھا کیونکہ اذانیں شروع ہونے کی تھیں۔ سوال چونکہ بہت اہم تھا، لہٰذا ہم نے بہرحال جواب تو دے دیا ہم نے۔ لیکن وہ جو جواب تھا، اس سے میں خود مطمئن اس لیے نہیں تھا کہ وقت بہت تھوڑا تھا۔ اور وہ اصل میں جو سوال تھا، وہ تفصیل کا متقاضی تھا۔ لہٰذا پھر ہم نے کوشش کی کہ آج دوبارہ اس سوال کو کم از کم ہم اس کو دوبارہ وہ کر لیں تاکہ یہ ہے کہ کم از کم یہ جو کمی تھی وہ پوری ہو جائے۔ تو آج ان شاء اللہ کوشش کرتے ہیں۔
السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللّٰهِ وَبَرَكَاتُهُ۔ حضرت مرشدی و مولائی۔ حضرت اقدس کی خدمت پاک میں۔ سوال عرض ہے کہ حضرت والا کی زندگی کو دیکھ کر اور حضرت کے صبر و استقلال کو دیکھ کر ایک پیر صاحب سے تو میں نے اپنے شیخ کا ایک بیان فارورڈ کیا۔ باتیں ہماری چل رہی تھیں۔ تو آپ نے اس میں حضرت والا کی تعلیمات مبارکہ مجدد الف ثانی قدس سرہ کے مکتوبات شریف کی روشنی میں۔ ما شاء اللہ ان کو بہت فائدہ محسوس ہوا گزشتہ مکتوبات کی دو تین مجالس میں ان کی برابر حاضری بھی رہی ہے۔ تو وہ یہ بیان ہم نے فارورڈ کیا ان شیخ کا۔
اس میں انہوں نے بیان کیا کہ سلوک اور جذب کی مثال ایسی ہے جیسے ایک بلڈنگ ہو اور سلوک سیڑھی کے مانند ہے۔ اور جذب جو ہے لفٹ میں کھڑے ہو جانا منزل وہی طے ہو گی۔ جذب والے کی رفتار لفٹ کی طرح تیز ہو گی اور سالک کی جو سلوک کا راستہ اختیار کرے گا اس کو پاپڑ بیلنے پڑیں گے مجاہدے ریاضت کرنی پڑے گی۔ اور اس میں حضرت جنید بغدادی اور دیگر مشائخ کا حوالہ دیا ان کی سیرت کا۔ تو حضرت ہمیں تو یہ سمجھ میں آیا اس بیان کے مفہوم سے کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ یا تو یہ طریقہ یا وہ طریقہ کہ اگر جذب ہو گیا کسی پر اللہ نے خود اپنی طرف کھینچ لیا۔ مثال جگر مراد آبادی رحمۃ اللہ علیہ کی جو شاعر تھے حضرت تھانوی قدس سرہ کے ہاتھ پہ بیعت کی، شراب سے توبہ تائب کی اور
بالآخر شراب کے ترک کرنے سے وہ کافی عرصہ جی رہے تھے کہ وفات پائی۔ تو کہا کہ بس ایک جھٹکے سے وہ حضرت سے بیعت ہو گئے۔ اور اللہ نے ان کو جذب کر لیا۔ تو گویا کہ ان کو کوئی پاپڑ نہیں بیلنے پڑے ان کے الفاظ استعمال کرنے کے لیے اور سلوک طے نہیں کرنا پڑا۔ بس قبولیت ہو گئی۔
حضرت ہمیں تو یہ بات برعکس معلوم ہوتی ہے مجدد الف ثانیؒ کی تعلیمات کے، کہ سلوک لازمی ہے، دس مقامات طے کرنا۔ جذب اس کو کسی بھی راستے سے ملا ہو۔ حضرت مزید روشنی فرما دیں اس پر اگر مناسب ہو اس مجلس کے لیے۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ۔ اصل میں یہ واقعی بہت اہم سوال ہے جیسے کہ آپ حضرات نے نوٹ کر لیا ہوگا۔ اور مجھے بڑی حیرت ہے کہ مشائخ اس قسم کی بات کر سکتے ہیں۔ مشائخ بھی نقشبندی سلسلے کے ہوں۔ وہ یہ بات کس طرح کر سکتے ہیں، اس پر مجھے حیرت در حیرت در حیرت ہے۔ کمال کی بات یہ ہے کہ اگر ہم اس نکتے کو نہ سمجھیں جو ابھی میں کہنے والا ہوں، تو شاید نقشبندی سلسلے کی پوری عمارت گویا کہ گر جائے گی۔ بہت اہم بات ہے، ابھی میں جو عرض کرنے والا ہوں۔
یہ بات تو بالکل صحیح ہے، اس بات میں کوئی غلطی نہیں ہے کہ جذب بہت تیز ہوتا ہے۔ اور تیزی کے ساتھ، کیونکہ جذب ایک جذبہ ہے۔ تو جذبہ میں وقت کیا لگتا ہے؟ وہ تو تیز ہو گا۔ سلوک میں ایک ایک چیز کو ٹھیک کرنا ہوتا ہے۔ ایک ایک چیز کو۔ جیسے کہ حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا دس مقامات سلوک تفصیل کے ساتھ طے کرنے ہوتے ہیں۔ یہ حضرت کے الفاظ ہیں دس مقامات سلوک جو ہیں وہ تفصیل کے ساتھ طے کرنے ہوتے ہیں۔ لہٰذا اس میں پاپڑ بھی بیلنے پڑیں گے، مجاہدات اور ریاضتیں بھی ہوں گی، سارا کچھ ہو گا۔
لیکن ذرا اس پر غور فرمائیں کہ جذب کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ خواجہ نقشبند رحمۃ اللہ علیہ نے جو ارشاد فرمایا تھا کہ میں نے نہایت کو بدایت میں مندرج کر لیا۔ اس کا مطلب کیا تھا؟ اس کا مطلب یہ تھا کہ جو دوسرے سلاسل میں جذبِ منتہی یا جذب وہبی جو بعد میں حاصل ہوتا تھا رسوخ کے لیے اور اس میں جان ڈالنے کے لیے۔ طریقہ تو سلوک کے ساتھ سمجھ میں آ گیا۔ اصلاح تو سلوک کے ساتھ ہو گئی لیکن اس میں جان ڈالنے کے لیے طاقت پیدا کرنے کے لیے اللہ جل شانہٗ جذبہ وہبیہ عطا فرما دیتے ہیں۔ تو وہ طریقہ تھا پہلے یعنی سلوک طے کرنا پھر اس کے بعد جذب کا ہو جانا۔ لیکن ان حضرات نے جذب کو پہلے کر دیا کیوں پہلے کر دیا اور کیسے پہلے کر دیا؟ اب ذرا سنیے۔
حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرماتے ہیں کہ ہماری جو روح ہے یہ پہلے سے اللہ کی عاشق تھی۔ أَلَسْتُ بِرَبِّكُمْ اس میں اس بات کا اظہار ہے کہ اللہ پاک نے پوچھا تھا ارواح سے کہ کیا میں تمہارا رب نہیں ہوں؟ تو سب نے کہا کہ بَلٰى کیوں نہیں۔ تو اس سے ارواح کا گویا کہ اللہ پاک کا عاشق ہونا ثابت ہو جاتا ہے۔
لیکن جیسے ہی انسان عالم ارواح سے اس دنیا میں آتا ہے، اور روح نفس کے شکنجے میں آ جاتی ہے، اور نفس کے تسلط میں آ جاتی ہے، گویا کہ روح کو وہی کرنا پڑتا ہے جو نفس کرتا ہے۔ مطلب گویا کہ اس کے ساتھ وہی ہوتا ہے۔ اب مثلاً روح آنکھ میں موجود ہے۔ تو آنکھ زندہ ہے روح کی وجہ سے۔ لیکن چل کس وجہ سے رہی ہے؟ وہ کیا چیز چاہتی ہے؟ اس طرح کانوں کا معاملہ ہے، اس طرح زبان کا معاملہ ہے، اس طرح ذہن کا معاملہ ہے، تمام حواس کا معاملہ ہے۔ تو یہ ساری کی ساری روح کی وجہ سے چیزیں چل رہی ہیں۔ لیکن حکم اس پر نفس کا چل رہا ہے۔ اور نفس متشدد ہے اس مسئلے میں۔
اللہ پاک نے فرمایا: كَلَّا بَلْ تُحِبُّونَ الْعَاجِلَةَ وَتَذَرُونَ الْآخِرَةَ۔ اللہ تعالیٰ نے فرما دیا ہے۔ اور یہ: بَلْ تُؤْثِرُونَ الْحَيَاةَ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةُ خَيْرٌ وَأَبْقَىٰ۔
یہ ساری باتیں جو ہیں مطلب یعنی اس میں یوں کہہ سکتے ہیں کہ نفس کا تسلط روح پر ہوتا ہے۔ لہٰذا روح مطلب گویا کہ یوں سمجھ لیں وہی ہو رہا ہوتا ہے جو نفس چاہتا ہے۔
اب حضرت نقشبند رحمۃ اللہ علیہ نے یہ کیا کہ وہ جو عشق تھا روح کا جو نفس کے جال میں پھنس کر گم کر چکا تھا اس کو یاد بھی نہیں تھا کہ میں کس کا عاشق ہوں۔ کیونکہ كَلَّا بَلْ تُحِبُّونَ الْعَاجِلَةَ۔ یہ کام کس کا ہے؟ یہ تو دل کا ہے نا محبت کا معاملہ ہے۔ دل کا معاملہ ہے۔ لہٰذا اب یہ ہے کہ جو عاجلہ کی محبت ہے وہ اس میں ہے لیکن ہے نفس کی وجہ سے جیسے میں پہلے بھی عرض کر چکا ہوں کہ فجور نفس میں ہوتے ہیں اور اس کی مخالفت نفس میں ہوتی ہے تو تقویٰ پیدا ہوتا ہے اور تقویٰ اسٹور دل میں ہوتا ہے۔ تو اسی طریقے سے یہاں پر بھی یہ بات ہے کہ یہ جو چیزوں کے ساتھ تعلق ہے یہ تو نفس کی وجہ سے ہے لیکن اس کی محبت دل میں ہے۔ مطلب یہ چیزیں ہیں تو كَلَّا بَلْ تُحِبُّونَ الْعَاجِلَةَ اور دوسری بات بَلْ تُؤْثِرُونَ الْحَيَاةَ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةُ خَيْرٌ وَأَبْقَىٰ اس میں آپ دیکھ لیں کہ روح جو ہے یہ نفس کے جال میں آ کر چونکہ سب کچھ چھوڑ چکی تھی سب کچھ بھول چکی تھی تو پھر دوبارہ اس کو ذکر اذکار مراقبات کے ذریعے سے وہ چیز یاد دلائی گئی جو اس کو پہلے سے حاصل تھی۔ یعنی اس کو اللہ یاد آ گیا۔ روح کو اللہ یاد آ گیا۔
اب روح کو جیسے اللہ یاد آ گیا تو اللہ کے احکامات پر عمل کرنا بھی یاد آ گیا۔ اب عمل کرنا وہ چاہتی ہے۔ لیکن ادھر نفس موجود ہے وہ نہیں کرنا چاہتا۔ اب دل عمل تو کرنا چاہتا ہے جذب کی حالت میں عمل تو کرنا چاہتا ہے۔ لیکن نفس عمل نہیں کرنا چاہتا۔ تو اب نفس کو عمل پر لانے کے لیے جس چیز کی ضرورت ہو گی اس کو کرنا پڑے گا۔ تو جیسے دل کا علاج ذکر ہے اور جو ذکر کے ساتھ زندہ ہو گیا۔ تو اب نفس کا علاج ذکر تو نہیں ہے۔ اس کا علاج تو مجاہدہ ہے ریاضت ہے، مخالفتِ نفس ہے۔ وہ کرنا پڑے گا۔ تو اسی کو سلوک کہتے ہیں۔ تو وہ سلوک طے کرنا تھا۔
تو وہ سلوک اگر طے نہ کرے تو یوں سمجھ لیجیے کہ محبت تو حاصل ہو گئی جذب حاصل ہو گیا۔ جذب حاصل ہو گیا لیکن کام نہیں ہو رہا وہ جو ہونا چاہیے وہ نہیں ہو رہا بلکہ یوں کہہ سکتے ہیں جو جذب کسبی ہے یہ زیادہ دیر تک نہیں ٹھہرتا۔ مطلب یہ ہے کہ یہ تو مختصر وقت کے لیے کیونکہ ظاہر ہے آپ نے نفس کے خلاف گویا کہ ایک انقلاب برپا کر دیا، نفس ختم تو نہیں ہوا۔ نفس ختم تو نہیں ہوا نفس جس وقت آپ نے دیر کر دی نفس اپنی مورچہ بندی کر کے سارا کچھ ختم کر دے گا۔ پھر اس کے بعد آپ کچھ نہیں کر سکیں گے۔ اب عین ممکن ہے کہ دوبارہ آپ اس کے اوپر قابو ہی نہ پا سکیں۔ ایسا ممکن ہے کیونکہ وہ اپنی مورچہ بندی پوری طرح کر چکا ہو گا۔ تو ایسی صورت میں ضروری تھا کہ جلد سے جلد سلوک کے لیے تیاری کی جائے۔ یعنی جیسے دیکھیں نا دل بیدار ہو گیا، دل نے چاہا کہ اب میں اللہ پاک کے احکامات پر عمل کر لوں، نفس مزاحمت کر رہا ہے۔ تو اس وقت چونکہ دل ما شاء اللہ مسلح ہے اللہ تعالیٰ کی محبت سے تو اس وقت اسی سے فائدہ اٹھا کر فوراً سلوک طے کرایا جاتا تو سبحان اللہ وہ کام بن جاتا کام ہو جاتا۔ لیکن اگر اس میں دیر کر دی تو پھر کیا ہو گیا وہ دوبارہ وہ ختم ہو جائے گا۔ reaction سخت بھی ہو سکتا ہے!! reaction سخت بھی ہو سکتا ہے۔ تو یہ چیز یہ کہ یہ بات اسی وجہ سے حضرت نے بھی فرمائی کہ جو لوگ کسی طریقے سے جذب حاصل کر لیں، کسی طریقے سے جذب حاصل کر لیں، لیکن وہ سلوک کو طے نہ کریں، وہ راستے میں ٹھہر گئے۔ اس کے لیے مثال حضرت نے وہی خانہ کعبہ والے دی تھی۔ وہ راستے میں ٹھہر گیا پہنچ نہیں سکے۔ نہ صرف خود پہنچ سکے اب کسی اور کو بھی نہیں پہنچا سکتے۔
ٹھیک ہے جذب کی وجہ سے ان کو کچھ قوتیں حاصل ہو گئیں وہ قوتیں جو دل کے ساتھ تعلق رکھتی ہیں وہ ان کو حاصل ہو گئیں۔ قوت عزمہ جس کو ہم کہتے ہیں وہ ان کو حاصل ہو گئیں۔ توجہ کر سکتے ہیں مختلف اور جو مطلب جو ان کے جس میں وہ چیزیں ظہور میں آتی ہیں وہ ہو سکتی ہیں۔ لیکن وہ جو اصل چیز ہے جو اللہ پاک کے احکامات کی پابندی تھی وہ نہیں ہو پائے گی۔ نتیجتاً دوبارہ یہ روح نفس کے تسلط میں آ جائے گی اور پھر معاملہ بہت خطرناک ہو جائے گا۔
تو اب اگر اس وقت یہ کر لے کہ سلوک طے کر لیا جائے۔ سلوک طے کر لیا جائے تو سلوک طے کرنے کے بعد پھر سبحان اللہ پھر جو سیر فی اللہ شروع ہو جاتا ہے، یہی حضرت نے بھی بات فرمائی۔ جو سیر فی اللہ شروع ہو جائے اس وقت جو جذب حاصل ہوتا ہے وہ جذب جان ڈالنے کے لیے ہوتا ہے۔ یعنی چیزیں وہی ہیں جو سلوک والی ہوتی ہیں۔ مثلاً آپ نے وہی کام کرنے ہیں جو سلوک آپ سے کرا رہا ہے لیکن وہ آپ محبت کے ساتھ کریں گے۔ وہ شوق کے ساتھ کریں گے، وہ آپ انتہائی انہماک کے ساتھ کریں گے، وہ چیزیں اس میں آ جائیں گی وہ جذبہ وہبی کے ذریعے سے آ جائیں گی۔ تو اب یہی چیز وہ جو جذبہ وہبی ہے وہ جان ڈالنے کے لیے استعمال ہوگا۔
اب یہ والی بات میں اب اس لیے عرض کرتا ہوں کہ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے ارشاد فرمایا ہے کہ مطلب یہ ہے کہ جس وقت بچہ جیسے چلتا ہے پھر گر جاتا ہے پھر چلتا ہے پھر گر جاتا ہے پھر چلتا ہے تو گویا کہ بچے کو والدین اٹھا لیتے ہیں، تو بعینہ اسی طریقے سے جب سلوک طے کرتے ہیں تو سلوک کا معاملہ تو ایسا ہے کہ وہ تو لمبا کام ہے، تو اللہ تعالیٰ اس میں مدد فرماتے ہیں اور وہ مدد اس طرح فرماتے ہیں کہ وہ بہت سارے کام اللہ تعالیٰ خود ہی کرواتے ہیں، لیکن یہ ترتیب تو اللہ تعالیٰ چاہتے ہیں۔ وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا، وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا یہ ہماری طرف سے ہے، لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا یہ اللہ کی طرف سے ہے۔ تو جَاهَدُوا فِينَا اول ہے یا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا دوسرا اول ہے جَاهَدُوا فِينَا اول ہے۔ لہٰذا یہ تو کرنا پڑے گا۔ بنیادی بات تو وَالَّذِينَ جَاهَدُوا سے شروع ہوتی ہے، لہٰذا پہلے جتنے سلسلے تھے وہ سلوک سے شروع ہوتے تھے۔ اور لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا وہ بعد میں خود بخود آ جاتا تھا، لیکن چونکہ مجبوری تھی لوگوں میں شوق نہیں تھا، تو حضرت خواجہ نقشبند رحمۃ اللہ علیہ نے اتنا کیا، اتنا فرق ہے اس سے زیادہ فرق نہیں ہے، اتنا کیا کہ اس کو پہلے کر دیا، وہ جذبِ کسبی ہے۔
لیکن حضرت نے ثابت کر دیا کہ جذب کسبی اور جذب وہبی بظاہر ایک نظر آتے ہیں لیکن ان میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ وہ اس طرح نہیں ہے، کیونکہ جذب وہبی سلوک کے طے کرنے کے بعد ہے، نتیجتاً چیزیں اپنی اپنی جگہ پر چلی گئی ہیں، اب اس کے اندر جان ڈالی گئی ہے۔ اور دوسری طرف جذبِ کسبی جو ہے، اس میں سبحان اللہ محبت تو ابھر گئی، سارا شوق بھی آ گیا سب کچھ آ گیا، لیکن چیزیں اپنی اپنی جگہ پر ہیں نہیں۔ تو کیا کریں گے اب؟ کام تو نہیں ہو سکتا۔ کام تو تب ہو سکتا ہے جب چیزیں اپنی اپنی جگہ پر ہو جائیں، ہر چیز آپ کی اپنی اپنی جگہ پر ہو۔ تو اب یہ جوانے کا مطلب ہے آپ بے شک وہ کچھ بھی کر لیں، یعنی وہ وہ ٹربو ڈیزل ڈال لیں یا جو بھی آپ نے ڈالنا ہو، لیکن مشین ہی خراب ہو تو کیا کر سکتے ہیں آپ؟ اس وجہ سے پہلے ان چیزوں کو ٹھیک کرنا پڑے گا، پھر ما شاء اللہ جو آپ کا Fuel ہے جذب کا وہ اس کو ہوا پہ چلائے گا۔ لیکن اس وقت کم از کم آپ کو یہ کام تو پہلے کرنا پڑے گا، تو سلوک والے کام کو اس کو ignore نہیں کیا جا سکتا۔
اور میں حیران ہوں کہ اگر یہ چیز جو یہ نہیں مانتے، پھر وہ پہلا والا سٹیپ کس لیے تھا؟ مطلب دیکھیں نا آپ ذرا غور کر لیں، پہلے عاشق تو تھی نا روح، روح عاشق تھی۔ لیکن کیوں پھنسی؟ کس چیز میں پھنسی؟ نفس میں پھنسی نا۔ نفس کی وجہ سے تو مطلب وہ دوبارہ وہ بھول گئی۔ تو کیا وہ دوبارہ نہیں بھول سکتی؟ مطلب یہ کہ اگر آپ نے نفس کا علاج نہیں کیا، اس کو کنٹرول نہیں کیا، تو پھر دوبارہ بھی تو وہی ہو سکتا ہے، دیکھو نا وہاں سے تو پورا پرفیکٹ عاشق ہو کے آئی تھی، یہاں بالکل بری طرح پھنس گئی کہ کچھ بھی نہیں کر سکتی تھی۔ اب دوبارہ آپ یہ کہ وہ ہے کہ وہ چیزیں ٹھیک نہیں کرتے جس نے اس کو غلام بنایا تھا۔ آپ اس کو وہ یعنی وہ کام نہیں کرتے کہ وہ آپ سلوک طے کر کے نفس کے ہاتھ پیر باندھ لیں۔ اگر یہ آپ نہیں کرتے اور اس کو آزاد چھوڑا ہوا ہے، تو جیسے مطلب پہلے غلام بنایا تھا اب بھی غلام بنا لے گا۔ اور اب غلام بنانا زیادہ خطرناک ہو گا۔ تو یہ اصل میں بنیادی بات ہے۔
اب میں ذرا تھوڑے سے اقتباسات سناتا ہوں حضرت کے میں نے تو اپنی طرف سے کی لیکن بہرحال یہ ہے کہ کوشش میں کرتا ہوں کہ حضرت کے الفاظ میں بھی یہ چیزیں آ جائیں۔ اور یہ ضروری ہے۔ اصل میں افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ چیزیں لوگ نہیں دیکھ رہے۔ ان چیزوں کو دیکھنا پڑے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پہلے سلوک طے اتنا۔۔۔تھا اہم لیکن شاید آسان تھا، آج کل بہت مشکل ہے، وجہ کیا ہے؟ آج کل نفس کی جو پسندیدہ چیزیں ہیں وہ بڑھ رہی ہیں۔ پہلے موبائل تھا؟ پہلے موبائل نہیں تھا، پہلے انٹرنیٹ نہیں تھا، پہلے ٹیلی ویژن نہیں تھا، پہلے جو خرافات جو اس قسم کی آج کل ہو رہی ہیں قدم قدم پر وہ نہیں تھیں۔ وہ نفس کے لیے جو جاذب نظر چیزیں ہیں، وہ چیزیں نہیں تھیں۔ اب تو وہ بے تحاشا بڑھ رہی ہیں، اب اگر آپ نے نفس کو کھلا چھوڑ دیا، پھر آپ کیا کر سکتے ہیں؟ اللہ پاک معاف فرمائے ہم نے تو ایسے ایسے حالات سنے ہیں اور دیکھے ہیں اور خود لوگ بتاتے ہیں کہ آدمی حیران ہو جاتا ہے کہ کیا سے کیا ہو رہا ہے۔ اور پتہ نہیں میں تو ہمارے پشتو میں کہتے ہیں ہاتی پہ خوب اودہ دے، یعنی ہاتھی کے کان میں سونا۔ پتہ نہیں ان کو یہ چیزیں نظر نہیں آ رہیں یا کیا وجہ ہے کہ ان کو یہ چیزیں سمجھ نہیں آ رہیں۔
بے شک جذب تیز ہے، سلوک وہ سست ہے کیونکہ طویل ہے۔ لیکن سلوک مجبوری ہے، اس کو کرنا پڑے گا۔ اب اس مجبوری کی وجہ سے اللہ پاک مدد فرما دے اور اس کو تیز کرا دے تو یہ اس کا کام ہو گا۔ لیکن آپ اپنی طرف سے نہیں کہہ سکتے کہ بس وہ پہلے والا جو جذب ہے اور سپیڈ لگا دی اس نے وہ سلوک بھی طے کرا دیا۔ نہیں ایسا نہیں ہوتا، وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا ہے۔ وہ موجود ہے، اس کو آپ ختم نہیں کرسکتے، اس کے بعد لَنَھدِیَنَّھُم سُبُلَنَا آئے گا ان شاء اللہ۔ وہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آئے گا، لیکن بہرحال ہم لوگوں کو کم از کم ابتدا کرنی پڑے گی، اور وہ یہ ہے کہ ہم لوگوں کو پہلے سلوک طے کرنے کا بندوبست کرنا پڑے گا۔ اور خواجہ نقشبند رحمۃ اللہ علیہ نے یہی بندوبست ہی تو کیا تھا کہ پہلے اتنا جذب لایا جائے کہ سلوک کے لیے آدمی تیار ہو جائے، یہی والی بات تھی۔
اس جگہ ایک نکتہ ہے جس کو جاننا ضروری ہے،
یہ میں تشریح نہیں سنا رہا، یہ میں حضرت سید زوار حسین شاہ صاحب کا ترجمہ براہ راست سنا رہا ہوں تاکہ کوئی میرے اوپر یہ اعتراض نہ کر لے کہ اپنی طرف سے بات کر رہا ہے۔
اس جگہ ایک نکتہ ہے جس کو جاننا ضروری ہے۔ وہ یہ کہ روح کو بدن کے ساتھ تعلق ہونے سے پہلے اپنے مقصود کی طرف ایک قسم کی توجہ حاصل تھی، اور جب روح بدن کے ساتھ متعلق ہو گئی تو وہ توجہ بھی زائل ہو گئی۔
یہی بات میں نے عرض کی۔
اس سلسلہ عالیہ کے اکابرين نے اس سابقہ توجہ کے ظہور کے لیے ایک طریقہ وضع کیا ہے، لیکن چونکہ روح کا تعلق بدن کے ساتھ ہے اس لیے توجہ قلبی موجود رہتی ہے، جو نفس اور روح کی توجہ کی جامع ہے۔
یعنی دونوں کی موجود ہے۔
اس میں شک نہیں کہ توجہ روحی توجہ قلبی میں مندرج ہے لیکن وہ توجہ روحی جو منتہیوں کو فنا کے بعد حاصل ہوتی ہے اُس کی بقا حقانی وجود کے ساتھ ہے۔ جس کو ہم بقا باللہ کے ساتھ تعبیر کرتے ہیں۔ اور توجہ روحی جو قلبی توجہ کے ضمن میں ہے بلکہ روح کی توجہ جو بدن کے ساتھ متعلق ہونے سے پہلے تھی وہ ایسی توجہ ہے جو با وجود ہستئ روح ہونے کے فنا نے اس کی طرف راہ نہیں پائی۔ روح کی ہستی کے وجود کے ساتھ روح کی توجہ کے درمیان اور روح کے فنا کے ساتھ روح کی توجہ کے درمیان بہت بڑا فرق ہے۔
کیونکہ پہلے والے کی اور بات ہے، دوسرے والے کی اور بات ہے۔
لہذا اس توجہ روحی مندرجہ کو نہایت کہنا اس اعتبار سے کہ وہ روح ہی کی توجہ ہے کیونکہ نہایت میں صرف یہی توجہ باقی ہے اور بس۔ لہذا بدایت میں نہایت کے اندراج سے مراد یہ ہے کہ نہا یت کی صورت بدایت میں مندرج ہے نہ کہ نہایت کی حقیقت،
صاف بالکل صاف صاف بات ہے۔ صرف صورت موجود ہے، حقیقت نہیں۔
کیونکہ اس کا بدایت میں اندراج محال ہے۔
محال کس کو کہتے ہیں؟ ناممکن ہے۔
محال ہے، ہو سکتا ہے کہ لفظِ صورت
حضرت اپنی طرف سے فرما رہے ہیں،
ہو سکتا ہے کہ لفظِ صورت اس لیے لایا ہو کہ اس راہ کے طالبوں میں ترغیب و شوق پیدا ہو۔
کیونکہ شوق ہی کے لیے تو یہ چیز کی گئی ہے، تو شوق کو زائل تو کرنا مقصود نہیں تھا۔
حقیت یہی ہے جو میں نے اللہ تعالیٰ کی توفیق سے بیان کی ہے۔
اور وہ سابقین (سبقت کرنے والے) جن کا انجذاب بے تعمل و بے کسب (یعنی بغیر عملی تکلیف اور بغیر ظاہری کسب کے) ہے، بلکہ وہ توجہ و حضور کے ذریعے آئے ہیں، ان کا انجذاب بھی قلبی ہے، اور روح کی توجہ اس سابقہ توجہ کا اثر ہے جس کا تعلق بدن سے بالکلیہ زائل نہیں ہوا ہے (بلکہ باقی ہے) لہٰذا سابقہ توجہ (روحی) کے ظہور کے لیے کسب و عمل کی ضرورت اس جماعت کے لیے ہے جس نے (بدنی تعلق کی وجہ سے) اس سابقہ توجہ کو فراموش کر دیا ہے۔ گویا کہ کسب، توجہِ سابق کے لیے ایک تنبیہ ہے، اور اس گم شدہ دولت کے لیے یاد دہانی ہے۔ لیکن سابقہ توجہ کے فراموش کرنے والے، سابقانِ مذکورہ سے زیادہ لطیف استعداد رکھنے والے ہیں۔ کیونکہ توجۂ سابق کو بالکلیہ فراموش کر دینا متوجہ الیہ کی طرف بالفعل توجہ کے ساتھ گم ہونے کی خبر دیتا ہے اور توجہ کا عدم نسیان ایسا نہیں ہے۔ غایۃ ما فی الباب (خلاصۂ کلام یہ ہے) کہ سابقین میں وہ توجہ کلی طور پر شمول (عموم) اور سَرَیان (سرایت کر جانا) پیدا کر لیتی ہے اور ان کا بدن بھی روح کی شان کا حکم پیدا کر لیتا ہے جیسا کہ محبوبین اور مرادین کی شان ہے، لیکن شمولِ محبوبان (محبوبوں کی سرايت) اور شمولِ سابقان کے درمیان ایسا ہی فرق ہے جیسا کہ حقیقتِ شئ اور صورتِ شئ میں ہوتا ہے، جس طرح کہ اس کے جاننے والوں پر ظاہر ہے۔ ھاں، محبانِ واصل اور مریدانِ کامل کو بھی اس قسم کے شمول کا تحقق حاصل ہو جاتا ہے، لیکن وہ کالبرق۔۔۔
یہ تو میرے خیال میں بہت تفصیل چاہتی ہے۔ یہ تو آپ کی سمجھ میں نہیں آئے گی، وہ تو اس کی تشریح کتاب میں موجود ہے۔
مجذوبانِ اربابِ قلوب جب مقامِ قلب میں متمکن ہو کر رسوخ (ثبات) پیدا کر لیتے ہیں اور ایک قسم کی معرفت و صحو (عقل و ہوش) جو اس مقام کے مناسب ہے ان کو میسر ہو جاتا ہے، تو وہ بھی طالبوں کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں اور ان کی صحبت میں طالبوں کو انجذاب و محبت قلبی حاصل ہو جاتی ہے، لیکن کمال تک نہیں پہنچ سکتے، کیونکہ وہ خود بھی حدِ کمال تک نہیں پہنچ سکے ہیں
یعنی جو خود حاصل ہو گیا وہی دوسرے کو دے سکتے ہیں۔
اس لیے دوسروں کے لیے کمال حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بن سکتے۔ مشہور ہے کہ ناقص کے ذریعے کوئی بھی کامل نہیں بن سکتا۔ البتہ ان کی فیض رسانی جس قدر بھی ہو ان اربابِ سلوک کے افادے سے زیادہ ہوتی ہے۔ وہ کتنا ہی سلوک کی انتہا کو پہنچ جائیں اور منتہیوں والا جذب پیدا کر لیں لیکن وہ مقامِ قلب میں سیر عن اللہ باللہ کے طریق سے نیچے نہیں آئیں گے،
اثر ان کا زیادہ ہوتا ہے، کمال نہیں ہوتا۔
وہ کتنا ہی سلوک کی انتہا کو پہنچ جائیں اور منتہیوں والا جذب پیدا کر لیں لیکن وہ مقامِ قلب میں سیر عن اللہ باللہ کے طریق سے نیچے نہیں آئیں گے، کیونکہ وہ منتہی جس نے ابھی عالَم (مخلوق) کی طرف رجوع نہیں کیا وہ تکمیل و افادے کا مرتبہ نہیں رکھتا،
اچھا یہ تو یہاں پر یہ بات ہو گئی۔ اب ذرا تھوڑا سا اور آگے چلتے ہیں۔ آخر میں کہتے ہیں:
شیخِ مقتدا کو چاہیے کہ اس قسم کے مجذوبِ متمکن کو افادۂ عام کی اجازت نہ دے اور اس کو تکمیل و پیری کے مقام پر نہ بٹھائے، کیونکہ طالبوں میں بعض ایسے ہوتے ہیں جن کی استعداد بلند ہوتی ہے اور وہ کمال و تکمیل کی قابلیت اپنے اندر بدرجۂ اتم رکھتے ہیں۔ اس مجذوب کی صحبت میں اگر آ جائیں تو احتمال ہے کہ ان کی استعداد ضائع ہو جائے اور قابلیت بھی ختم ہو جائے۔
اب تو افسوس کی بات ہے کہ ایسے لوگوں کو اجازت دی جا رہی ہے جن کو سلوک کا سرے سے پتہ ہی نہیں۔ جنہوں نے شروع ہی نہیں کیا۔ ان کو خلافت دے دی جاتی ہے افسوس کی بات ہے، اللہ پاک ہم سب کو معاف فرمائے اور اس ابتلاء سے بچائے۔ یہ دور بہت ابتلاء کا ہے۔ مطلب ان چیزوں سے اپنے آپ کو بچانا بہت ضروری ہے، لیکن کیا کریں؟ مطلب اس وقت بہت زیادہ مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔
مثلًا وہ زمین جس میں گندم کی کاشت کی عمدہ قابلیت ہے اگر اس میں گندم کا اچھا بیج ڈالا جائے تو بیج کی استعداد کے اندازے کے مطابق پیداوار اچھی ہو گی اور اگر اس زمین میں خراب گندم یا چنے کا بیج ڈال دیا جائے تو اچھی کاشت تو کجا، اس کی پیداوار کی استعداد بھی مسلوب و ضائع ہو جائے گی۔ مطلب یہ ہے کہ، ایسی صورت میں نقصان زیادہ ہو سکتا ہے۔
کیونکہ تزکیۂ نفس نہ ہونے کی وجہ سے اس سے ہوائے نفسانی زائل نہیں ہوئی ہے۔ جب اس (مجذوبِ متمکن کو) معلوم ہو جائے کہ طالب اس سے انتہائی فائدہ حاصل کر چکا ہے اور اس طالب کی استعداد میں ابھی ترقی کی قابلیت موجود ہے تو اس کو چاہیے کہ اس پر اس معنیٰ کو ظاہر کر کے رخصت کر دے تاکہ وہ اپنا کام کسی دوسرے شیخ سے مکمل اور پورا کر لے، اور اپنے آپ کو منتہی نہ جانے اور اس حیلہ و بہانہ سے لوگوں کی رہ زنی نہ کرے۔ اسی طرح کی اور شرائط جو اس کے وقت اور حال کے مناسب ہوں، اس کے سامنے بیان کر دے اور ان باتوں کی وصیت کر کے اس کو اجازت دے دے۔ لیکن منتہی مرجوع (الی الخلق) فائدہ اور تکمیل میں ان قیود و شرائط کا محتاج نہیں ہے،
یہ فرمایا کہ یہ تو ان لوگوں کو بتایا گیا جو مجذوب متمکن ہیں، اگر وہ دین کا کام کرنا چاہتے ہیں تو یہ کر سکتے ہیں۔ اگر وہ کرنا چاہتے ہیں تو۔ وہ یہ کر سکتے ہیں۔ لیکن فرمایا کہ جو اصل جن کو اللہ جل شانہٗ نے واقعی مرجوع الی الخلق وہ بنا دیا ہو، یعنی ان کو اللہ تعالیٰ نے کمال نصیب فرما دیا ہو، تو ان کے اوپر یہ پابندی نہیں۔
لیکن منتہی مرجوع (الی الخلق) فائدہ اور تکمیل میں ان قیود و شرائط کا محتاج نہیں ہے، کیونکہ اس کو جامعیت کی وجہ سے تمام طریقوں کی استعداد اور مناسبت حاصل ہے لہٰذا ہر شخص اس سے اپنی استعداد اور مناسبت کے لحاظ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اگرچہ شیوخ اور مقتداؤں کی صحبت میں مناسبت کے قوی یا ضعیف ہونے کے اعتبار سے جلدی یا دیر میں (فیض یاب ہونے میں) فرق ہے، لیکن اصل فائدہ پہنچانے میں جملہ مشائخ مساوی الاقدام (برابر) ہیں۔
یہ اصل میں یہ بات ہے تو اصل بات یہ ہے کہ، اس وقت میں ذرا بات کو اخیر میں وہ جس کو کہتے ہیں لب لباب عرض کرتا ہوں۔ کیونکہ اہم بات ہے۔ جذب سے کوئی منکر نہیں ہے۔ جذب کی سپیڈ سے کوئی منکر نہیں ہے۔ لیکن جذب سے یہ ساری چیزیں ٹھیک نہیں ہوتیں۔ کیونکہ چیزیں ٹھیک ہونے کے لیے باقاعدگی چاہیے اور جذب میں باقاعدگی نہیں ہوتی۔ وہ تو ایک طاقت ہے۔ اب مثال کے طور پر میں طاقت کا ساری چیزوں کے اوپر اکٹھا استعمال کر لوں تو وہ چیزیں کیا بن جائیں گی؟ وہ تو آپس میں گڈمڈ ہو جائیں گی۔ تو اس طاقت کو صحیح جگہ پہ استعمال کرنے کے لیے پہلے سے ان چیزوں کو ارینج کرنا ہوتا ہے۔ تو یہ جو پہلا والا جذب ہے، جذبِ کسبی، یہ صرف اور صرف تیاری کے لیے ہے کہ انسان سلوک کے لیے تیار ہو جائے۔ مطلب وہ سلوک کی جگہ نہیں لے سکتا۔ کیونکہ چیزیں ترتیب سے ہیں نہیں۔
مثلاً دیکھو، تکبر کو کیسے نکالنا ہے؟ ریا کو کیسے نکالنا ہے؟ یا حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے جو ارشاد فرمایا ہے آخر کوئی معمولی بات تو نہیں ہے۔ حضرت نے ارشاد فرمایا کہ جب میں دیکھتا ہوں کہ کوئی نماز نہیں پڑھتا تو مجھے اتنا زیادہ ڈر نہیں ہوتا کیونکہ ابھی اگر یہ نماز پڑھنا شروع کر لے تو پانچ منٹ میں نمازی ہو سکتا ہے۔ لیکن جب کسی میں دیکھتا ہوں کہ اس میں تکبر ہے تو فرمایا کہ میرے پیروں سے جان نکل جاتی ہے اور سوچتا ہوں کہ اگر یہ ابھی ارادہ کر بھی لے اور شروع بھی کر لے تو اس کو مدتیں لگیں گی تکبر کو نکالنے میں، مدتیں لگیں گی۔ تو اب یہ جو چیزیں ہیں، یہ تو نکالنے کے لیے باقاعدہ پوری ترتیب، کیونکہ جڑیں گھسی ہوتی ہیں۔ ان جڑوں کو نکالنا ہوتا ہے۔ اب ان جڑوں کو نکالنے کے لیے سلوک طے کرنا ہے۔ ان تمام چیزوں کو، مطلب اس کے لیے وہ مقاماتِ سلوک جیسے حضرت نے فرمایا، دس مقامات لازمی طے کرنے ہیں۔ تو یہ ان کو طے کرنے ہوں گے۔
اب یہ اگر کوئی طے نہ کر لے، اور صرف جذب کی طاقت سے کام لے، تو جذب کی طاقت نے اس تک پہنچا دیا نا۔ اب اس سے کام لو۔ بعد میں جو دوسرا جذب آتا ہے، وہ پہلے سے چیزیں ارینج ہونے کے بعد آتا ہے۔ تو ہر ہر چیز میں اپنی اپنی طاقت آ جاتی ہے۔ کیونکہ پہلے سے اپنی اپنی جگہ پہ پہنچ چکی ہیں۔ تو ہر ایک چیز میں اپنے اپنے حصے کی طاقت آ جاتی ہے، اور وہ بہت طریقے سے ما شاء اللہ، یعنی قوی ہوتی ہے۔ لیکن پہلے سے جو چیزیں ترتیب میں نہیں ہیں، ان کو جذب کے ذریعے سے ترتیب میں نہیں لایا جا سکتا، اس کے لیے سلوک ہے۔
یہ اصل میں بنیادی بات ہے جس کو مطلب میرے خیال میں شاید میں نہیں سمجھ پایا ہے۔ سلوک اس لیے ضروری ہے کہ بغیر سلوک کے چیزوں کی ترتیب ہو نہیں سکتی۔
سائل: حضرت اس میں ایک بات ہے۔ یہ جو جگر مراد آبادی رحمۃ اللہ علیہ کی وجہ سے ان کو یہ شبہ ہو رہا ہے۔ کہ انہوں نے سلوک طے نہیں کیا۔ ہمارے پاس ایک قانون کلی ہے۔ کہ سب لوگوں نے کہا ہے کہ سلوک طے کرنا چاہیے۔ اب ایک آدمی کی وجہ سے وہ قانون تو نہیں ٹوٹ سکتا نا۔
نہیں نہیں ایسی بات ہے ہی نہیں اصل میں تو صحابہ کرام کی مثال موجود ہے۔ ایک صحابی رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، وہ مسلمان ہوئے اور اس کو ابھی ایک نماز پڑھنے کے لیے بھی وقت نہیں ملا، اور شہید ہو گئے۔ تو اس پر صحابہ رشک کرتے تھے کہ دیکھیں وہ کچھ بھی نہیں کیا اور جنت میں پہنچ گئے۔ تو یہ تو تیار تو ہو گئے نا اس کے لیے، تیار تو ہو گئے لیکن موقع نہیں ملا، لہٰذا اللہ پاک نے اس کو وہ اسی میں شامل کر دیا۔ آخر جو حافظ ہے حافظ قرآن ہے، وہ مشہور روایت ہے کہ جو حافظ قرآن حفظ شروع کر لیتا ہے تو اگر درمیان میں فوت ہو جائے اور پورا نہ ہو سکے تو ان کو حافظوں میں اٹھایا جاتا ہے، حافظوں میں اٹھایا جاتا ہے۔ تو حافظوں میں ان کو اٹھایا جا سکتا ہے اس طریقے سے کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ اسی طریقے سے اگر کوئی محنت کرتا ہے وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا میں آ گیا، تو لنھدینھم سبلنا ایک راستہ تو نہیں ہے نا۔ اللہ تعالی کے پاس بے شمار راستے ہیں، اس کو کامیاب کرنے کے لیے۔ باقی یہ والی بات ہے کہ سب سے پہلے میں یہ بات عرض کروں کہ حضرت جگر مراد آبادی نے کیا کیا تھا؟ تھوڑا سا غور تو فرمائیں نا انہوں نے شراب سے توبہ کی تھی اور ایسی توبہ کی تھی کہ حکیموں ڈاکٹروں نے کہا کہ آپ کے لیے گنجائش ہے، فرمایا اب میں نے چھوڑ دیا اب میں مر سکتا ہوں اس کو اس چیز کو نہیں پی سکتا ہوں۔ ایسی توبہ کی تھی۔ یہ کیا چیز ہے؟ مقام توبہ میں چل رہے تھے نا؟ پورا نہیں ہو سکا۔ ظاہر ہے مقام توبہ ہی میں فوت ہو گئے۔ تو بہرحال یہ کیسی عجیب باتیں بھلے کرتے ہیں۔ تو یہ میں اس لیے عرض کرتا ہوں کہ اگر یہ والی چیز ہے تو اس میں کوئی شک نہیں ہے ہم لوگ بھی اس بات کے قائل ہیں کہ جذب تیز ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں۔ لیکن تیز ہونے کا مطلب یہ تو نہیں ہے نا کہ یہ مطلب یہ کافی ہے۔ اصل بھی وہی ہے۔ اصل بھی وہی ہے یہ تو نہیں ہے۔ اب دیکھیں سلوک اور جذب کے درمیان مکالمہ ہے۔ یہ بہت پہلے میں نے لکھی ہے۔ یہ آج میں نے نہیں لکھی ہے۔ یہ کافی عرصہ ہوا میں نے بلکہ حضرت کی کتابیں پڑھنے سے پہلے میں نے لکھی ہے۔
سلوک کہتا ہے:
میں ہوں سلوک، رذائل کو جو دبائے خوب
اور جو دل کے فضائل ہیں سامنے لائے خوب
میں رذائل کو تو قابو مجاہدات سے کروں
دل کی تنویر کے لئے ذکر اس میں خوب بھروں
ہر رذیلے کو ختم کرنے تک میں ساتھ چلوں
جب تلک دل کی صفائی نہ ہو چپ کیسے رہوں
پھر تو قرآن کا زکھّٰا سمجھ میں آئے
اس کے دسّٰھا سے نجات بھی نفس خوب پائے
ایک مشکل مجھے آج کل یہ نظر آتی ہے
کہ رذائل سے خلاصی نہیں ہو پاتی ہے
ایک برائی ختم ہو دوسری دل کو بھاتی ہے
دوسری شروع ہو، جب یہ ایک ختم ہو جاتی ہے
اب میں چاہتا ہوں کہ اس کی کوئی تدبیر کروں
خوابِ اصلاح کی مناسب کوئی تعبیر کروں
ٹھیک ہے مطلب ظاہر ہے سلوک کے اندر یہ مسئلہ تو ہے۔
جذب کہتا ہے۔
جذب ہوں، جذب سے اصلاح بہت آسان ہے نا یہ جذب کہتا ہے۔
دیکھ لیا آپ نے، سلوک پریشان ہے نا
دل سے دنیا کی محبت کو جب نکالوں گا
دل میں اللہ کی محبت کو جیسے لاؤں گا
جو رذائل ہوں پھر دنیا کے وہ دبالوں گا
جو فضائل ہیں ان کو راستے میں جالوں گا
سامنے میرے دنیا کی محبت کچھ بھی نہیں
ہے جو دنیا کی عزت اور ذلت کچھ بھی نہیں
میں دل کو حبِ الہٰی سے جب سرشار کروں
اس سے حاصل میں جواباً، خدا سے پیار کروں
کیسے ایک ایک رذیلے کا انتظار کروں؟
آؤں جس دل میں اس کو روشن اور بہار کروں
طریقِ جذب بتا کیسے نظر آتا ہے؟
جو کہ خالق سے ایک جست میں ملاتا ہے
ٹھیک ہے جی مطلب لفٹ سے بھی آگے لفٹ چلا گیا۔ لفٹ کی بات بھی نہیں ہے۔ وہ تو ایک جست میں پہنچ گیا۔
ایک مشکل ہے کہ اس میں کچھ انتظام نہیں
طریقِ خاص ہے ہر ایک کے لئے عام نہیں
جو ملائے خدا سے وہ بھی ہر اک جام نہیں
جست تو ہو مگر ہو رو بہ انہدام نہیں
کہیں یہ جست کسی پتھر سے سر کو پھاڑ نہ دے
صرف رذائل کو نہیں سب کو کہیں جھاڑ نہ دے
محاکمہ بین السلوک و الجذب
سلوک خوب ہے آج کل یہ کفایت نہ کرے
جذب ہے خوب، پر خطر ہے، حفاظت نہ کرے
سلوک طویل ہے یہ تو ختم نہ ہوپائے
جذب مختصر ہے، پرُخطر کہیں نہ ہوجائے
دیر ہونے سے کہیں بخت اپنا نہ سو جائے
زیادہ تیزی سے کہیں سب کچھ ہی نہ کھو جائے
طریق مختصر تو ہو پر انتظام بھی ہو
فہم ہو اپنی جگہ پر ہاتھ میں جام بھی ہو
دونوں چیزیں اپنی ہونی چاہئیں۔
اس لئے ابتداء ہوگی سلوک سے بہتر
اور پھر جذب ہو کہ ہے یہ اک طریق مختصر
ہوش میں رہنے سے بچ جائیں گے اپنے بال و پر
اور تکمیل کے لئے ہے مفید جذب مگر
دیکھو پرانا طریقہ جو تھا وہ اس میں سامنے آ گیا نا کہ وہ کیسے ہے۔ کہ جس میں سلوک سے ابتدا ہوتی اور جذب پہ ختم ہوتا۔ وہ اب بھی ہے۔ نقشبندی سلسلے نے صرف اس میں اتنا انتظام کر دیا ہے بضرورت کہ اس میں جذبِ کسبی کی ایک اور صورت شامل کر دی کہ سلوک کے لیے تیار ہو جائے کیونکہ سلوک کے لیے تیار نہیں ہو رہی تھی باقی تو یہی چیز ہے نا۔
اس لئے ابتداء ہوگی سلوک سے بہتر
اور پھر جذب ہو کہ ہے یہ اک طریق مختصر
ہوش میں رہنے سے بچ جائیں گے اپنے بال و پر
یعنی ہوش مطلب چونکہ سلوک میں ہوش ہے نا۔
ہوش میں رہنے سے بچ جائیں گے اپنے بال و پر
اور تکمیل کے لئے ہے مفید جذب مگر
ایک ہاتھ جام شریعت، دوسرے عشق کی سنداں
ان شاء اللہ شبیرؔ پھر سامنے ہو جانِ جاناں
مطلب یہ ہے کہ یہ والی بات ضروری ہے۔ کہ کم از کم شریعت پر عمل نصیب ہو جائے۔ اس وجہ سے سیر الی اللہ یہ طریقِ تربیت ہے۔ اور طریق صحابہ یہ سیر فی اللہ ہے۔ یعنی یوں سمجھ لیجیے کہ وہ تربیت جو حاصل کی ہے اس کو اب استعمال کرنا ہے اعمال کے اندر۔ تو اعمال کے اندر اگر آپ جذب کے ذریعے سے آئے اور آپ کو پتہ نہ چلے کہ کس وقت میں کیا کروں۔ تو پھر آپ کیا کریں گے؟
تو جذب صرف کافی نہیں ہے۔ سلوک کسی حد تک کافی ہے۔ لیکن مشکل ہے۔ کیونکہ سلوک میں راستہ تو مل گیا نا راستے پہ تو چل سکتے ہیں۔ ہاں البتہ تکمیل اللہ پاک کروا دیتے ہیں جذب کے ذریعے سے راستہ کو کم کرنے کے لیے شارٹ کرنے کے لیے درمیان میں سے اٹھا لیتے ہیں اور پہنچا دیتے ہیں۔ لیکن یہ والی بات ہے کہ آپ اپنی طرف سے تو نہیں لگا سکتے بس مجھے پہنچا دو اسی طریقے سے۔ اپنی طرف سے تو ہم نہیں کر سکتے اپنی طرف سے تو آپ نے اپنے آپ کو پیش کرنا ہے۔ کہ یا اللہ میں تیری طرف آنے کے لیے تیار ہوں۔ وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا، میں اس میں شامل ہونا چاہتا ہوں۔ اور آپ نے شامل ہونے کی سعی بھی کر لی اس کے لیے کوشش بھی شروع کر لی وہ سارا کچھ ہونے لگا۔ اس کے بعد پھر اللہ تعالیٰ آپ کے لیے جلدی کروا دے، تو یہ ہے۔
جذب تو ہو پر شریعت کا وہ قابو میں رہے۔
اصل مجذوب وہی ہے جو شریعت پہ چلے۔
عقل بھی کام کرے اور دل ہو اس کے ساتھ۔
پھر کچھ ہی دیر میں مجذوب کہاں تک پہنچے۔
مطلب یہ ہے کہ یہ ساری چیزیں اپنی اپنی جگہ پر درست ہیں۔ تو اب یہ ہے کہ میں آپ کو ایک اور چیز ان شاء اللہ سنانا چاہتا ہوں تاکہ یہ چیز پوری ہو جائے۔ میرا تو خیال تھا کہ شاید آج یہی ہو جائے گا۔ آپ دیکھیں حضرت نے مزید ایک بات فرمائی ہے۔
بعض مشائخ نے فرمایا ہے کہ جب طالب کا کام جذبے تک پہنچ جاتا ہے تو پھر جذبہ ہی اس کا رہبر بن جاتا ہے اور بس۔ یعنی اس کو کسی دوسرے رہبر کے توسط کی ضرورت نہیں بلکہ وہی جذبہ اس کے لیے کافی ہے۔ اگر اس جذبے سے سیر فی اللہ کا جذبہ مراد ہے تو بس یہ کافی ہے لیکن لفظِ ”رہبر“ اس ارادہ کے منافی ہے۔ کیونکہ سیر فی اللہ کے بعد کوئی مسافت (سیر) نہیں ہے کہ جس کو طے کرنے کے لیے وہ رہبر کا محتاج ہو۔ اسی طرح جذبۂ متقدم بھی مراد نہیں ہے
یعنی جذبِ کسبی
جیسا کہ عبارت سے متبادر (بظاہر) مفہوم ہوتا ہے (یعنی جذبۂ متقدم مطلقًا انجامِ کار سلوک کی طرف لے جائے یا نہ لے جائے، وہ جذبہ ہے)۔ لہٰذا ناچار جذبۂ متوسط ہی مراد ہو گا لیکن وہ مطلوب کے وصول کی پوری کفالت کرتا ہوا معلوم نہیں ہوتا، کیونکہ بہت سے متوسط اس جذبہ کے حصول کے وقت فوق کی طرف عروج کرنے سے رہ جاتے ہیں اور اسی جذبے کو جذبۂ نہایت سمجھ لیتے ہیں۔
یعنی جذبہ وہبی سمجھ لیتے ہیں۔
اگر یہ (جذبہ) کافی ہوتا تو (ان کو) راستے میں نہ چھوڑ دیتا۔
یعنی کافی نہیں ہوا نا کیونکہ سلوک طے نہ ہونے کی وجہ سے نفس نے اس کو پکڑ لیا آگے نہیں جانے دیا۔
ہاں، چونکہ جذبۂ مقدم کا تعلق محبوبوں سے ہے، اگر کافی حاصل ہو جائے تو بھی گنجائش رکھتا ہے۔
لیکن آگے حضرت ایک زبردست بات فرماتے ہیں۔
کیونکہ محبوبوں کو محض عنایتِ قلابہ (حلقہ) سے اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں اور راستے میں نہیں چھوڑتے، لیکن یہ کفایت تمام متقدم جذبات کے حق میں بھی ممنوع ہے۔ صرف وہ جذبہ جو انجام کار سلوک کی طرف کھینچ لے وہی کافی ہے۔
یعنی جو سلوک تک لے جائے وہ جذبہ ہے صحیح یہ جو متقدم والا۔
اگر وہ سلوک تک نہیں آیا تو یہ مجذوب ابتر (بے نصیب) ہے اور محبوبوں میں سے نہیں ہے۔
حضرت نے بالکل فیصلہ فرمایا۔ تو اب میں عرض کرتا ہوں چشتی حضرات تو پہلے سے اس بات کے قائل، حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے مواعظ سے بھی یہی چیز ہمیں ملی ہے۔ اور حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی رحمۃ اللہ علیہ ان کے تو حضرت نے تو باقاعدہ کہ وہ دل پاک ہو نفس قابو میں ہو اور عقل فہیمِ میں سنت ہو۔ حضرت نے تو اپنے ملفوظات میں یہ بیان فرما دیا۔ اور نقشبندی حضرات میں جو تمام تعلیمات کا نچوڑ ہے حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرما دیا۔ تو لہٰذا بات تو بالکل واضح ہو گئی۔ صورت حال یہی ہے۔
سب سلاسل ان دو پوائنٹس میں ایک ہیں۔ سب سلاسل سارے چاروں کے چاروں ایک ہیں۔ کہ سلوک طے کرنا ہے ابتدا میں اور اس کے بعد اس کو مطلب اللہ تعالیٰ کی طرف سے جذب عطا ہوتا ہے جذب وہبی عطا ہوتا ہے۔ اس میں سب ایک ہیں۔ ہاں البتہ نقشبندی حضرات اس میں ایک سٹیپ کا اضافہ کر دیتے ہیں بضرورت اور وہ یہ کہ سلوک طے کرنے کے لیے جس قوت اور جس شوق اور جس محبت کی ضرورت ہے وہ جذب کسبی سے اس کو حاصل کر لیتے ہیں۔ لیکن اگر کسی کو پہلے سے ہی شوق حاصل ہو تو پھر ان کو ضرورت نہیں ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت تھانوی رحمہ اللہ نے فرمایا کہ نقشبندی سلسلہ عوام کے لیے مفید ہے اور چشتی سلسلہ خواص کے لیے مفید ہے۔ کیونکہ خواص کو ضرورت ہی نہیں ہے۔ خواص کو اس چیز کی ضرورت ہی نہیں وہ تو پہلے سے تیار ہیں۔ لہٰذا اگر وہ چشتی سلسلے میں آ جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ لیکن عوام کے لیے بہتر یہی ہے کہ نقشبندی سلسلے کے ذریعے سے آ جائیں۔
الحمد للہ اب یہ بات ہو گئی کہ تمام سلسلے اس لیے ایک ہو رہے ہیں کہ جو چشتی سلسلہ ہے یا قادری سلسلہ ہے سہروردی سلسلہ ہے وہ بھی ابتدا ذکر سے کراتے ہیں۔ تو گویا کہ یوں سمجھیں وہ بھی جذب کسبی حاصل کر لیتے ہیں۔ وہ جذبِ کسبی ذکر جہر سے حاصل کرتے ہیں نقشبندی حضرات مراقبے میں سے حاصل کر لیتے ہیں۔ یا کسی اور طریقے سے حاصل کر لیتے ہیں۔ تو چیز تو ایک ہی ہو گئی نا کیونکہ آج کل عوام زیادہ ہے۔ اور عوام کو ضرورت ہے۔ لہٰذا سارے سلاسل نے یہ کام شروع کر دیا۔ اب کوئی بھی سلسلہ ایسا نہیں جو پہلے سے مجاہدات شروع کرا دے۔ مطلب ایسا وہ کوئی نہیں ہے۔ تو پہلے یہ ذکر اذکار دیتے ہیں۔ تو جو ذکر اذکار دیتے ہیں تو طریقے سب کے ایک ہو گئے۔ چاہے جہری ہے چاہے وہ وہ سری ہے۔ چیزیں تو مختلف ہو سکتی ہیں لیکن نتیجہ تو ایک ہے۔
تو اب وہ جذب جو حاصل ہو جائے چاہے وہ بطریقہ شطاریہ حاصل ہو جائے۔ یعنی شیخ کے ساتھ اتنی محبت ہو کہ اس کو وہ چیز حاصل ہو جائے۔ یا پھر ذکر کے ذریعے سے حاصل ہو جائے۔ یا پھر انسان اتنا عقلمند ہو، اللہ تعالیٰ نے اس کو اتنی عقل نصیب فرمائی ہو کہ وہ خود اس چیز کو جان لے کہ بغیر اس کے کام نہیں بنے گا۔ اور وہ سلوک پہلے طے کر لے۔ تو وہ بھی ٹھیک ہے۔ تو آپ چاہے دل کو استعمال کر لیں چاہے عقل کو استعمال کر لیں۔ لیکن نفس کو تو کنٹرول کرنا پڑے گا۔ چاہے دل کے ذریعے سے آپ تیار ہو جائیں چاہے عقل کے ذریعے سے تیار ہو جائیں لیکن نفس کو تو کنٹرول کرنا پڑے گا۔ یہ والی بات ہے۔ تو اس وجہ سے اب تو مجھے بالکل درمیان میں فرق ہی نظر نہیں آتا۔ یہ ساری چیزیں جو ہیں نا مطلب ایک ہی نظر آتی ہیں۔ اس وجہ سے ہم لوگوں کو اس میں خواہ مخواہ اپنے آپ کو الجھانے کی ضرورت نہیں ہے۔
اب میں ذرا وہ آپ کو جو جدید وہ حالانکہ کلام پہلے پڑھا تھا۔ لیکن چونکہ اس میں ضرورت وہ نہیں تھی تیسرا جو حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بیان فرمایا ہے اس کی ضرورت پہلے نہیں تھی۔ اب چونکہ اس کی ضرورت پڑ گئی لہٰذا ہم نے تھوڑی سی امینڈمنٹ کی اور اب ما شاء اللہ اب اس کو ہم لوگ اس وجہ سے اس طریقے سے ہم کر سکتے ہیں۔
مجذوب
تین قسم کے مجذوب
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب سچ کے محبوب خدا ہیں مجذوب
عقل اور ہوش سے ہے بیگانہ اگر
اقتدا سے رکھو پرے مجذوب
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب
بات شریعت کی ہی چلے گی ہمیش
گو خدا کو تو ہیں پیارے مجذوب
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب
دین کی بنیاد عقل و ہوش پہ ہے
اور اس پر نہیں چلے مجذوب
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب
ہاں جذب ہوش
یہ ابھی تک جس مجذوب کا ذکر ہوا ہے، یہ وہ مجذوب ہے جو مجاہدات کی کثرت سے یا ذکر کی کثرت سے اپنی حیثیت سے بڑھ کر اگر کوئی کر لے کسی شیخ کامل کی مطلب اس میں نہ ہو۔ یعنی مطلب یہ ہے کہ اس کا جذبہ تو صحیح ہو لیکن شیخ کامل کی رہنمائی حاصل نہ ہو یا شیخ کامل کی مانے نہیں۔ تو ایسی صورت میں وہ مجذوب ہو سکتا ہے، اس کا دماغ اور عقل فیل ہو سکتا ہے۔ ایسی صورت میں اس پر شریعت لاگو نہیں ہوتی۔ اور اللہ کو پیارا اس لیے ہوتا ہے کہ اس کی کم از کم نیت تو صحیح ہوتی ہے وہ اللہ کی محبت کی کی ہوتی ہے، اللہ کی محبت میں وہ پاگل ہو چکے ہوتے ہیں۔ لہٰذا اللہ پاک کے ہاں تو اس کا مقام ہوتا ہے لیکن اس کی حیثیت لاش کی طرح ہوتی ہے۔ یعنی مطلب یہ ہے کہ اس کا مزید عمل بڑھتا نہیں ہے۔ لیکن زندہ ہوتا ہے، لوگوں کے درمیان میں ہوتا ہے۔ یہ مجذوب کافی مشکل ہوتا ہے لوگوں کے لیے۔ کیونکہ اس کی بے ادبی بھی نہیں ہو سکتی کیونکہ اللہ پاک کا محبوب ہوتا ہے اور اس کی مانی بھی نہیں جا سکتی۔ تو اس وجہ سے بعض لوگ اس کی مان کر اپنی عاقبت خراب کر لیتے ہیں۔ اور بعض لوگ اس کو نقصان پہنچا کر، تکلیف دے کر عاقبت خراب کر لیتے ہیں۔ لہٰذا ایسے مجذوبوں سے تھوڑا دور دور رہیں تو اچھی بات ہے۔ تاکہ ہم قریب نہ ہوں اور اپنے آپ کو بچائیں۔
لیکن یہ جو ابھی مجذوب آ رہا ہے، یہ وہ مجذوب ہے جن کو اللہ جل شانہٗ نے جذب عطا فرمایا لیکن وہ عقل و ہوش میں ہیں اور اس کو کنٹرول کیے ہوئے ہیں۔ اور تکمیل اس کی ہو چکی ہے۔ تو ایسا مجذوب جو ہوتا ہے وہ بڑے کام کا ہوتا ہے یعنی سلوک طے کرنے کے بعد جو اس کو جذب حاصل ہو چکا ہے، وہ والا مجذوب ہے۔
ہاں جذب ہوش کے قابو میں رہے
اور شریعت کی بھی مانے مجذوب
شریعت کے ماننے کا مطلب یہ ہے کہ وہ سلوک طے کر چکا ہے یعنی سیر الی اللہ مکمل ہو چکی ہے کیونکہ تبھی تو شریعت پر عمل کر سکتا ہے صحیح معنوں میں۔
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب
ایسا جذب فضلِ خداوندی ہے
دل کی باتیں پھر بتائے مجذوب
یہ جذب وہبی کہلاتا ہے اور فضلِ خداوندی ہے، اور دلوں کی باتیں بتانے کا مطلب یہ ہے کہ ملاء اعلیٰ تک ان کی ایکسیس ہوتی ہے۔ کیونکہ ظاہر ہے ان کی روح ملاء اعلیٰ پہنچ چکی ہوتی ہے۔ لہٰذا وہاں جو کچھ ہو رہا ہوتا ہے وہ ان کو پتہ چلتا ہے، لہٰذا وہ گہری باتیں جو ان پہ اللہ پاک کھولتے ہیں سِر کے ذریعے سے، وہ لوگوں کو بھی بتا دیتے ہیں اور لوگوں کو بھی اس سے فائدہ پہنچتا ہے۔
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب
دل سے پھر عقل شریعت پہ چلے
دل سے پھر عقل شریعت پہ چلے، یعنی عقل گویا کہ شریعت کو سامنے رکھتی ہے، اس کے مطابق فیصلے کرتی ہے۔ اور یہ سارے دل سے ہوتے ہیں یعنی اللہ کے ساتھ محبت کی وجہ سے ہوتے ہیں۔
دل سے پھر عقل شریعت پہ چلے
نفس پہ خوب پھر چھائے مجذوب
یعنی نفس کی چونکہ تربیت ہو چکی ہے لہٰذا وہ خوب اس پہ چھاتا ہے۔
نفس پہ خوب پھر چھائے مجذوب
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب سچ کہ محبوب خدا ہے مجذوب
اور اگر ہوش میں مجذوب تو ہے
یہ تیسری قسم کا مجذوب ہے جس کا ذکر حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کیا ہے۔
اے، اور اگر ہوش میں مجذوب تو ہے
اور سلوک نہ کرے طے مجذوب
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب
پھر یہ مجذوب متمکن ہے بس
اور یہ حق تک نہ پہنچے مجذوب
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب
اس کے آثار بزرگوں کے ہیں
یعنی توجہ، باتیں، تمام چال ڈھال، سارا بزرگوں کی طرح ہوتا ہے۔
اس کے آثار بزرگوں کے ہیں
لیکن بزرگ نہیں، یہ ہے مجذوب
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب
چاہیے یہ کہ مستعد ہو
کرے دس مقاماتِ سلوک طے مجذوب
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب
سیر الی اللہ تب اس کا پورا ہو
سیر فی اللہ پہ یہ چلے مجذوب
یعنی سیر الی اللہ اس کا مکمل ہو جائے گا، اس مجذوب کا جس نے سلوک طے کر لیا۔ اور پھر اس کو جو ہے جذب کی حالت میں سیر فی اللہ طے کرے گا تو یہ جذبِ وہبی کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ اس کو قوت عطا فرمائے گا۔
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب سچ کہ محبوب خدا ہے مجذوب
عشق کے نور میں ملفوف شبیرؔ
ایسے اشعار سنائے مجذوب
یہ ہے مانا ہے جذب سے مجذوب سچ کہ محبوب خدا ہے مجذوب
بہرحال یہ بات اب میرے خیال میں کھل کے آ گئی ہے کہ یہ جو دو قسم کے مجذوب تھے ان کا ذکر تو پہلے سے تھا۔ یعنی حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات کا یہ نچوڑ تھا جو میں نے عرض کر لیا ہے۔ ان اشعار میں، پہلے دو قسم کے مجذوب۔ اور حضرت نے اس پر بہت زور دیا ہے۔ یعنی ہمارے بہت سارے لوگ اسی سلسلے میں بہت اپنا وقت ضائع کر لیتے ہیں کہ وہ مجذوبوں کے پیچھے پھرتے ہیں۔ اور مجذوبوں سے فیض حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ حالانکہ مجذوب بس وہ جو وہ معنی مجذوب جو شریعت پہ نہیں چلتے، اور وہ شرعاً مکلف بھی نہیں ہیں کیونکہ وہ پاگل ہو چکے ہوتے ہیں، مجنون ہوتے ہیں۔ تو وہ کسی کو کچھ نہیں دے سکتے۔ کیوں وجہ کیا ہے کہ ان کے پاس وہ چیز ہوتی نہیں ہے، وہ خود جب شریعت پہ نہیں چل رہے تو آپ کو کیسے چلائیں گے؟ تو فیض تو شریعت پہ چلنے کا ہے۔ اچھا ہاں اگر آپ اس کو دیکھتے ہیں کہ وہ دنیا کی کوئی چیز حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو وہاں پر بھی نقصان ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی مثال گائیڈڈ میزائل کی طرح ہوتی ہے۔ یعنی ان کو اللہ تعالیٰ استعمال کرتے ہیں۔ وہ جہاں کے لیے ان کو فائر کرتے ہیں، تو ان پہ فائر کر لیتے ہیں۔ مطلب ظاہر ہے وہ آپ نہیں چینج کر سکتے۔ آپ اگر چینج کریں گے بھی تو اگر آپ کے لیے اللہ پاک نے نہیں لکھا تو وہ نہیں کریں گے۔ تو اس وجہ سے ان کی منتیں کرنا فضول ہیں، ان سے دور ہونے میں ہی فائدہ ہے، حضرت نے فرمایا۔ اس کی وجہ ہے کہ ان کے لیے اللہ تعالیٰ نے نظام ہی الگ بنایا ہوا ہے۔ وہ نظام ہمارا نظام نہیں ہے، ہمارا نظام تو شریعت والا نظام ہے، لہٰذا اس میں مرشدین ہی کام آ سکتے ہیں کہ ہم مرشدوں کے پاس جائیں۔ باقی یہ بات ہے کہ دعا بھی، ہر مسلمان کر سکتا ہے۔ مرشد بھی کر سکتے ہیں، سب کر سکتے ہیں۔ سب سے بڑی بات ہے کہ تہجد کے وقت جو دعا ہے وہ بہت ہی مجرب ہے۔ لہٰذا اس وقت اپنے لیے دعائیں کرنی چاہئیں۔ اس کے لیے بھی مجذوبوں کے پیچھے جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
تو یہ پہلا مجذوب تو حضرت نے فرمایا ہے۔ دوسرے مجذوب بھی حضرت کا فرمودہ ہے کہ جو سلوک طے کر کے اللہ تعالیٰ ان کو کیفیت جذب نصیب فرما دے۔ جیسے حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ ہمارے ہاں بذریعہ جذب تکمیل ہوتی ہے۔ تو وہ جذب حاصل ہو جاتا ہے۔ کیونکہ جس وقت انسان اخلاص کے ساتھ سلوک طے کر رہا ہوتا ہے مطلب اللہ کو ہماری کمزوریوں کا پتہ ہے کہ ہم لوگ کوشش کر رہے ہیں لیکن ہمارے کنٹرول میں چیزیں نہیں آ رہی ہوں۔ تو پھر اللہ پاک اس وقت جذب عطا فرما دیتے ہیں اور اس کے ذریعے سے وہ تمام چیزیں وہ کروا دیتے ہیں۔ لیکن بہر حال یہ سیٹنگ سلوک کے لحاظ سے ضروری ہے۔ اس کے لیے ہمیں کرنا پڑے گا۔ اس کے بعد پھر جذب عطا ہو جائے، جذب وہبی۔ تو سبحان اللہ! اس کے ذریعے سے بڑے فاصلے، دور دور کے فاصلے طے ہو جاتے ہیں۔
بس ان لوگوں کو غلط فہمی یہ ہوئی کہ جذبِ کسبی کو جذب وہبی کی جگہ پہ رکھ دیا، بس غلطی صرف اتنی ہوئی۔ کہ انہوں نے وہ ساری چیزیں، جذب وہبی کے لیے جو تھیں، ان کو جذب کسبی کے لیے سمجھ لیا۔ وہاں کے لیے نہیں ہے، جذبِ وہبی کے لیے ہم سب مانتے ہیں۔ سلوک طے کرنا بہر حال ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو سمجھ کی توفیق عطا فرمائے۔
وَمَا عَلَيْنَا إِلَّا الْبَلَاغُ۔