اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ عَلٰى خَاتَمِ النَّبِيِّيْنَ
اَمَّا بَعْدُ بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
حضرت مولانا عبد الحلیم صاحب، جن کو ’’حلیم گل بابا‘‘ کہتے ہیں، ان کی کتاب سے ہم حضرت کاکا صاحب رحمہ اللہ کے زہد و عشق کے بارے میں تعلیم کر رہے ہیں۔ یہ سلسلہ چوں کہ کافی پہلے سے چلا آ رہا ہے، اس لئے جہاں تک ہوا تھا وہاں سے آگے پڑھتے ہیں۔
متن:
إِذَا تَمَّ الْفَقْرُ فَھُوَ اللہُ وَ تَخَلَّقُوْا بِأَخْلَاقِ اللہِ" ”جب فقر درجۂ کمال کو پہنچ جاتا ہے، تو یہی خدا کا مقام ہے، اور اللہ تعالیٰ کے اخلاق اختیار کرو“ عاشق کا اس سے بلند تر مقام اور کوئی نہیں۔ یا اللہ کریم! ہمارا یہی مقصود ہمیں نصیب فرما۔
اے عزیز بھائی! حضرت یوسف علیہ السلام کے قصے کو احسن القصص (بہترین قصہ) کہا گیا ہے، اس کا سبب بس یہی ہے کہ ﴿وَ یُحِبُّھُمْ وَ یُحِبُّوْنَہٗ﴾ (المائدۃ: 54) کی نشانی اپنے میں رکھتا ہے۔ اے بھائی! ﴿یُحِبُّھُمْ وَ یُحِبُّوْنَہٗ﴾ (المائدۃ: 54) کی خبر تجھے اُس وقت ہو جائے گی کہ تجھے اس آیت مبارک کے معنیٰ نظر میں جلوہ افروزی کریں: ﴿وَمَا کَانَ لِبَشَرٍ أَنْ یُّکَلِّمہُ اللہُ إِلَّا وَحْیًا أَوْ مِنْ وَّرَاءِ حِجَابٍ أَوْ یُرْسِلَ رَسُوْلًا فَیُوْحِيَ بِإِذْنِہٖ مَا یَشَآءُ۔۔۔﴾ (الشوری: 51)۔
ترجمہ: ”اور یہ کسی بشر کا مرتبہ نہیں کہ اللہ تعالیٰ کسی سے کلام کرے، مگر ہاں یا تو وحی سے یا کسی آڑ پردے سے یا کسی قاصد فرشتے کو بھیج دے، سو وہ وحی پہنچائے اللہ کے حکم سے جو اللہ تعالیٰ کو منظور ہوتا ہے“
اور لفظ طٰہٰ میں سب کچھ تو مشاہدہ کرے گا اور سمجھ جائے گا کہ ﴿یُحِبُّھُمْ وَ یُحِبُّوْنَہٗ﴾ (المائدۃ: 54) کیا ہے۔ کیونکہ اے بھائی! شہد، شہد کہنا، یا گڑ، شکر وظیفہ کرنا اور بات ہے اور اس کا دیکھنا دوسری بات ہے اور چکھنا دوسری بات ہے۔ یعنی لیلیٰ ہونا دوسری بات ہے اور لیلیٰ کا نام جپنا دوسری بات ہے اور جب مجنون خود عالَم استغراق میں ہو تو وہ خود کو لیلیٰ دیکھتا ہے اور کہتا ہے کہ میں لیلیٰ ہوں اور لیلیٰ مجھ میں ہے۔ بیت:
عشق و عاشق محو گردد زیں مقام
چوں ہماں معشوق ماند والسلام
”اس مقام میں عشق اور عاشق سب محو ہو جاتے ہیں اور معشوق رہ جاتا ہے“
اور بس اے بھائی! ﴿یُحِبُّوْنَہٗ﴾ (المائدۃ: 54) کے خلوت خانے میں یہ سب ہم سر برابر اور ہم مشاہدہ ہیں۔ ﴿یُحِبُّھُمْ وَ یُحِبُّوْنَہٗ﴾ (المائدۃ: 54) ایک دوسرے کے سودا میں نہیں ہوتے بلکہ ہم سر و ہم مشاہدہ ہوتے، اور کہتے ہیں کہ "لَا یَطَّلِعُ عَلَیْنَا مَلَکٌ مُّقَرَّبٌ وَلَا نَبِيٌّ مُّرْسَلٌ" ”ہماری حالت کی مقرب فرشتے اور پیغمبر تک اطلاع اور آگاہی نہیں ہوتی“۔
ہمارے حضرت صاحب یعنی شیخ رحمکار رحمۃ اللہ علیہ اخلاق حمیدہ، بلند ہمتی، صداقت، مقامات انفاس اور زبانِ حال کے لحاظ سے "مُوْتُوْ قَبْلَ أَنْ تَمُوْتُوْا" ”موت سے پہلے مر جاؤ“ کے مقامِ عالی تک پہنچے تھے، اور اس مقام کی فرحتوں سے لطف اندوز ہو گئے تھے اور اس کے آثار و اسرار آپ کی روح پر ظاہر ہو گئے تھے۔ یہ ایک ایسا راستہ ہے کہ اس میں خود کو ہلاک کیے بغیر منزل تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔ جناب علی محمد عطاء صاحب جو کہ طریقت کے راستے کے عطار تھے، فرماتے ہیں کہ ایک دن میں نے ایک درویش صاحب کو دیکھا جو کہ قسم قسم مصائب و آفات میں مبتلا تھا، جب میں نے اسے اس حال میں دیکھا، تو میرا دل اُس کی حالت پر سوزش کرنے لگا، درویش نے مجھے دیکھ کر مجھے زور سے کہا کہ "یَا مُکَلَّفُ مَا دُخُوْلُکَ فِيْ مَا بَیْنِيْ وَ بَیْنَ رَبِّيْ دَعْہُ یَعْمَلْ مَا یَشَاءُ" ”اے ہوشیار اور مکلف شخص! تمہیں میرے اور میرے رب کے معاملات میں دخل اندازی کی کوئی ضرورت نہیں، یہ بات چھوڑیے، وہ جو چاہے اور جو کچھ اس کی مرضی ہو وہ کرتا رہے“ مجھے یہ کہہ کر اس نے کہنا شروع کیا: "إِلٰھِيْ بِعِزَّتِکَ وَ جَلَالِکَ لَوْ قَطَعْتَنِيْ إِرْبًا أَوْ صَبَبْتَ عَلَيَّ مِنَ الْبَلَاءِ صَبًّا مَا ازْدَدْتُّ لَکَ إِلَّا شَوْقًا وَّ حُبًّا" ”اے میرے رب مجھے آپ کی عزت و جلال کی قسم ہے! اگر آپ مجھ پر مصیبتوں کا پہاڑ توڑ ڈالیں اور میری ہر حاجت منقطع کر ڈالیں، تو ایسے حال میں بھی میری محبت اور میرا شوق بڑھتا جائے گا“
فرماتے ہیں کہ اس کی سلطنت میں آگ کے آداب ہیں یعنی آگ بھی اس کے حکم کے ما تحت ہے۔ وہ معاملہ جو کہ ابراہیم علیہ السلام اور نمرود کے درمیان گزر چکا اور جس کا بڑا حصّہ لوگوں کو بتلا دیا، وہ کیا تھا؟ "لِیَعْلَمُوْا أَنَّ کُلَّ مَنْ أَحَبَّہٗ لَا یَضُرُّہٗ شَيْءٌ فِي الدَّارَیْنِ وَ لِیَعْلَمُوْا أَنَّ أَھْلَ الْمَعْرِفَۃِ فِي النَّارِ أَطْیَبُ عَیْشًا وَّ أَحْسَنُ حَالًا وَّ أَشَدُّ سُرُوْرًا مَّعَ اللہِ تَعَالٰی مِنْ أَھْلِ الْجَنَّۃِ فِي الْجَنَّۃِ" ”وہ صرف یہ بات تھی کہ لوگ جان لیں کہ جو لوگ اللہ تعالیٰ سے محبت کرتے ہیں، دونوں جہانوں میں کوئی چیز بھی اسے ضرر نہیں پہنچاتی، اور یہ بات بھی ذہن نشین کر لیں کہ اہل معرفت کے لیے آگ میں بہت اعلیٰ قسم کی زندگی ہے، اور بہتر حالت ہوتی ہے اور اہل جنت کو جنت میں جتنی خوشی ہوتی ہے، اہل معرفت کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ اور معیت میں اُس سے زیادہ خوشی ہوتی ہے“ سلطان العارفین فرماتے ہیں کہ اگر قیامت کے دن اہل جنت سے ملاقات کا مزہ منقطع کیا جائے تو اہل بہشت بھی ویسی ہی فریاد کریں گے جیسا کہ دوزخ کے لوگ دوزخ میں کرتے ہیں۔
تشریح:
اصل میں اس کلام کو سمجھنے کے لئے بڑے حوصلے کی ضرورت ہے، اس لئے جلدی نہیں مچانی چاہئے۔ حوصلے کی ضرورت اس لئے ہے کہ اگر جلدی مچا لی، تو محروم ہو جائیں گے اور نقصان بھی ہو سکتا ہے۔
اصل میں اللہ تعالیٰ نے پوری کائنات کو پیدا کیا، تاکہ اس کو جان اور پہچان لیا جائے۔ کائنات کو پیدا کرنے میں مشیتِ الہیٰ یہی ہے۔ اس پر اچھی طرح غور کرنا چاہئے۔ اب اس مشیتِ الہیٰ کے مطابق مخلوق میں سے جو لوگ اللہ تعالیٰ کو جاننے اور معرفتِ الہیٰ تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، سب سے اچھے لوگ یہی ہیں، جن کو ہم ’’عارفین‘‘ کہتے ہیں۔ عارفین کے سب سے اچھا ہونے کی وجہ یہ ہے کہ یہ منشاءِ الہیٰ کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ کیوں کہ اللہ یہی چاہتا ہے۔
اب اس منشاءِ الہیٰ کے مطابق عمل کر کے اللہ کی پہچان حاصل کرنے میں جو چیز رکاوٹ ہے، وہ ہمارا نفس ہے۔ جب تک نفس موجود ہے، اس وقت تک ہم اللہ تعالیٰ کو نہیں پہچان سکتے۔ وجہ یہ ہے کہ نفس چوں کہ قریب ہے، اس لئے اس کا اثر زیادہ ہوتا ہے۔ نتیجتاً انسان کے لئے جو معرفت کے راستے ہیں، وہ آلودہ ہو جاتے ہیں۔ آنکھ بھی آلودہ، کان بھی آلودہ، دل بھی آلودہ، ذہن بھی آلودہ۔ اس صورت میں وہ اللہ کو کیسے پہچانے گا؟ اس کی آنکھیں کام نہیں کریں گی، شنوائی متاثر ہو گی، دماغ صحیح نہیں سوچ سکے گا اور دل صحیح بات اخذ نہیں کرے گا۔ جیسا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالی نے اس بارے میں فرمایا: ﴿لَهُمْ قُلُوْبٌ لَّا یَفْقَهُوْنَ بِهَا وَ لَهُمْ اَعْیُنٌ لَّا یُبْصِرُوْنَ بِهَا وَ لَهُمْ اٰذَانٌ لَّا یَسْمَعُوْنَ بِهَا﴾ (الأعراف: 128)
ترجمہ: ’’ان کے پاس دل ہیں جن سے وہ سمجھتے نہیں، ان کے پاس آنکھیں ہیں جن سے وہ دیکھتے نہیں اور ان کے پاس کان ہیں جن سے وہ سنتے نہیں‘‘۔
اللہ جل شانہ نے یہ چیزیں جن مقاصد کے لئے دی ہیں، ہمارے نفس کی آلودگی کی وجہ سے وہ مقاصد ان سے پورے نہیں ہو رہے ہوں گے اور ہم صحیح بات تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ اب ہم نفس پر کیسے قابو پائیں گے؟ اس کا کیا طریقہ ہو گا؟ اس کا طریقہ یہ ہے کہ معرفت کے حصول میں جو رکاوٹیں ہیں، ان کو دور کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ ہمارے پاس نہیں ہے۔
رکاوٹ کیسے دور ہو گی؟ اس کے لئے دو راستے ہیں: ایک راستہ اللہ تعالیٰ کے عشق اور محبت کا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا عشق اور اس کی محبت اتنی بڑھ جائے کہ نفس اس کی گرد کو بھی نہ پہنچ سکے۔ ایک یہ طریقہ ہے۔ لیکن اس کے کچھ Side effects (مضر اثرات) بھی ہمارے اوپر ہوں گے۔ دوسری طرف ہمارا نفس جو رکاوٹ کی base (بنیاد) ہے، اس کی خواہشات کو قابو کیا جائے گا اور اس کو توڑا جائے گا۔ یہ زہد ہے۔ اس بات سے یہ بھی معلوم ہو جائے گا کہ زہد اور عشق دونوں چیزوں کو یہاں ایک جگہ کیوں ملایا گیا ہے۔ نفس کی قوت کو توڑنے کے لئے زہد ہے، جو مجاہدات سے حاصل ہوتا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کی محبت اور عشق کے حاصل کرنے کے جو ذرائع ہیں، ان کو اختیار کر کے اللہ کی محبت اور عشق کو حاصل کیا جائے گا۔ ان دونوں چیزوں کا مشترک نام فقر ہے۔ فقر یہ ہے کہ انسان کی اپنی خواہش فنا ہو جائے اور اس کی خواہش بھی وہی ہو جائے جو اللہ کی خواہش ہے۔ یہ فقر ہے۔ جب تک نفس کی خواہش زندہ ہے، انسان فقیر نہیں ہو سکتا۔ اپنے آپ کو فقیر کہہ تو سکتا ہے، لیکن فقیر ہو نہیں سکتا۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے فرمایا: ﴿رَبِّ اِنِّیْ لِمَاۤ اَنْزَلْتَ اِلَیَّ مِنْ خَیْرٍ فَقِیْرٌ﴾ (القصص: 23)
ترجمہ: ’’میرے پروردگار! جو کوئی بہتری تو مجھ پر اوپر سے نازل کر دے، میں اس کا محتاج ہوں‘‘۔
اس دعا میں دونوں چیزیں شامل ہیں، یعنی محبت کا جذبہ بھی ہے اور اپنے نفس کا چھوڑنا بھی ہے۔ یہ دونوں چیزیں اس کے اندر شامل ہیں۔ جب انسان فقر کے اعلیٰ مقام پر پہنچ جائے، تو پھر اللہ کے اخلاق یعنی اللہ کی صفات کو حاصل کر لیتا ہے۔ ’’تَخَلَّقُوْا بِأَخْلَاقِ اللہِ‘‘ کے تحت ان صفات کو انسان حاصل کر لیتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ جل شانہ بے لوث ہے۔ اللہ تعالیٰ کو کسی چیز کی حاجت نہیں۔ اس لئے اللہ پاک کے تمام فیصلے ان تمام چیزوں سے آزاد ہیں۔ اللہ تعالی اپنے ارادے سے بات کرتے ہیں، اپنے ارادے سے کام کرتے ہیں، اپنے ارادے سے قبول فرماتے ہیں اور اپنے ارادے سے کسی عمل کو رد کرتے ہیں۔ اس میں کوئی اور چیز شامل نہیں ہوتی۔ اب انسان بھی جس وقت اس کیفیت کو حاصل کر لے کہ اس کی اپنی خواہش ختم ہو جائے اور اس کی خواہش وہی ہو جائے جو اللہ کی خواہش ہے تو انسان اور اللہ دونوں کی بات ایک ہو جائے گی۔ پھر وہی بات ہو جائے گی، جو بہلول رحمۃ اللہ علیہ نے کہی تھی۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا حال ہے؟ انہوں نے کہا: اس شخص کی کیا حالت پوچھتے ہو جس کی مرضی کے مطابق سب کچھ ہوتا ہے؟ ہارون الرشید نے کہا: آپ نے خدائی کا دعویٰ کب سے کیا ہے؟ جیسے میں نے ابھی آپ سے کہا ہے کہ جلدی نہیں مچانی چاہئے۔ جلدی مچانے سے نقصان ہو جاتا ہے۔ ہارون الرشید نے جلدی مچائی اور بہلول رحمہ اللہ کی بات کا وہ مطلب لیا، جو ان کے نزدیک نہیں تھا۔ حضرت نے فرمایا کہ میں نے تو خدائی کا دعویٰ نہیں کیا۔ ہارون الرشید نے کہا: بات تو آپ کی وہی ہے، کیوں کہ سب کچھ صرف اللہ تعالیٰ کی مرضی کے مطابق ہی ہو سکتا ہے۔ بہلول رحمہ اللہ نے فرمایا: میں نے اپنی خواہش کو اللہ کی خواہش میں فنا کر دیا ہے۔ اب میری خواہش وہی ہے، جو اللہ تعالی کی خواہش ہے۔ لہذا سب کچھ میری مرضی کے مطابق ہو رہا ہے۔ پھر ہارون الرشید کو بات سمجھ میں آ گئی کہ واقعتاً بہلول صحیح کہہ رہے ہیں۔
میں تھوڑا سا اس سے ہٹ کر ایک بات کرنا چاہوں گا کہ ہم لوگ سیاست میں حصہ لیتے ہیں۔ سیاست میں پارٹیاں ہوتی ہیں۔ جو شخص جس پارٹی میں ہوتا ہے۔ اس پارٹی کی طرف سے جو فیصلہ ہوتا ہے۔ وہ اس کی تائید کرتا ہے اور کہتا ہے کہ بالکل ٹھیک ہے۔ یعنی وہ بھی وہی چاہتا ہے، جو اس کی پارٹی چاہتی ہے۔ جب کہ دوسرا شخص اسی بات کی مخالفت کرتا ہے اور اس کو وہ بات غلط نظر آتی ہے۔ اب ظاہر ہے کہ جس شخص کو جو کام صحیح نظر آتا ہے، وہ اس میں شامل ہو گا اور اس کی رائے پارٹی کی رائے کے ساتھ اکٹھی ہو گئی۔ اسی طرح جو لوگ اللہ کے ہو جاتے ہیں، تو اللہ بھی ان کے ہو جاتے ہیں۔ ’’مَنْ کَانَ لِلّٰہِ کَانَ اللّٰہُ لَہٗ‘‘ (جو شخص اللہ کا ہو جاتا ہے، تو اللہ اس کا ہو جاتا ہے) نتیجتاً پھر انسان عام انسان نہیں رہتا۔ اس انسان کے اندر دو چیزیں ہر وقت پائی جاتی ہیں: ایک چیز؛ اللہ جل شانہ کے لئے اپنا سب کچھ پیش کرنا اور دوسری چیز؛ اللہ جل شانہ کی مدد کا ہر حال میں اس کے ساتھ ہونا۔ یہ دونوں چیزیں ساتھ ساتھ چلتی ہیں۔ اس وجہ سے اللہ جل شانہ اپنے ارادے کے مطابق اس کو جو مقامات نصیب فرمانا چاہتے ہیں، اس قسم کے حالات بھی بنا دیتے ہیں اور وہ انسان ان حالات پر دل سے راضی ہوتا ہے۔ اس طریقے سے وہ آگے بڑھ رہا ہوتا ہے۔ کیوں کہ وہ بھی اللہ کا محبوب ہوتا ہے۔ اللہ کا محبوب ہونے کی وجہ سے اگرچہ اللہ تعالی اس کو بہت وافر دے سکتا ہے، لیکن اللہ جل شانہ اس کے لئے وہ چیزیں پسند کرتا ہے، جو اس کے لئے سب سے زیادہ مفید ہوتی ہیں اور دوسری طرف وہ بھی اسی پر دل سے راضی ہوتا ہے۔ وہ یہ نہیں کہتا کہ فلاں کے ساتھ یہ ہے اور میرے ساتھ یہ کیوں ہے؟ کیوں کہ وہ تمام چیزوں کو ختم کر چکا ہوتا ہے۔ لہذا وہ بالکل اللہ کی مرضی اور منشا کے مطابق زندگی گذار رہا ہوتا ہے۔ یہی بات ہے جو اس آیت میں فرمائی گئی ہے کہ ﴿یُحِبُّھُمْ وَ یُحِبُّوْنَہٗ﴾ (المائدۃ: 54)
ترجمہ: ’’جن سے وہ محبت کرتا ہو گا، اور وہ اس سے محبت کرتے ہوں گے‘‘۔
مطلب یہ ہے کہ پھر اللہ ان کو پسند کرتا ہے اور وہ اللہ کے ساتھ محبت کرتے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کے محبوب ہوتے ہیں، البتہ یہ الگ بات ہے کہ اللہ، اللہ ہے اور بندہ، بندہ ہے، لہذا اللہ، اللہ ہونے کے لحاظ سے ایسا نہیں کر سکتا، جیسا کہ ایک انسان دوسرے انسان کے ساتھ کرتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں جنس کا اختلاف نہیں ہے اور وہاں خالق و مخلوق کا فرق ہے۔ اس لئے اگر محبت کی وجہ سے اِس میں فنائیت پائی جاتی ہے، تو معرفت کی وجہ سے اُس میں تنزیہ پائی جاتی ہے اور دونوں چیزیں ساتھ ساتھ ہوتی ہیں۔ اس لئے وہ اگرچہ فنائیت کی وجہ سے اپنا سب کچھ لوٹاتا ہے۔ لیکن معرفت کی وجہ سے اللہ کے سامنے دم نہیں مارتا اور ناز نہیں کرتا، بلکہ نیاز کی کیفیت میں رہتا ہے۔ ایسا معرفت کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہی وہ چیز ہے، جس کو حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے شہود کہا ہے۔ وحدۃ الشہود کا مطلب یہ ہے کہ بندہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اتنی محبت کرتا ہے کہ اس کے لئے اپنی تمام خواہشات کو فنا کر دیتا ہے، سب کچھ قربان کرتا ہے اور بندہ کی مرضی کچھ بھی نہیں ہوتی۔ اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے علاوہ اور اس کی کوئی خواہش نہیں رہتی۔ لیکن چوں کہ اللہ تعالیٰ اس کے اوپر حکمت بھی کھول دیتے ہیں اور معرفت بھی اس کو حاصل ہو جاتی ہے، ان چیزوں کی وجہ سے انسان جتنا اپنے آپ کو اللہ کے لئے ختم کرتا جاتا ہے، اتنا ہی اللہ کے ساتھ باقی ہوتا جاتا ہے۔ نتیجتاً اس بقا کی وجہ سے جو اس کو معرفت ملتی ہے، اللہ تعالیٰ کی اس معرفت کی وجہ سے اس کو تنزیہ کی کیفیت حاصل ہو جاتی ہے۔
معرفت کا مطلب کیا ہے؟ معرفت کا مطلب یہ ہے کہ یہ احساس ہو جاتا ہے کہ میں مخلوق ہوں اور اللہ، اللہ ہے۔ میں دونوں کو کیسے ایک کر سکتا ہوں۔ اگر میں ایسا کرتا ہوں تو معرفت نہیں ہے اور اگر کرتا ہوں تو پھر تنزیہ ہے۔ مطلب یہ ہے کہ جنس کا جنس کے ساتھ جو رابطہ ہوتا ہے، وہ تو میں اللہ کے ساتھ تصور بھی نہیں کر سکتا۔ گویا یہاں پر انسان انتہائی قریب بھی ہوتا ہے اور اپنی سمجھ کے لحاظ سے انتہائی دور بھی ہوتا ہے۔ محبت کے لحاظ سے قریب ہوتا ہے اور تنزیہ کے لحاظ سے بہت دور ہوتا ہے۔ یہی وہ وحدۃ الشہود ہے، جو حضرت ارشاد فرمانا چاہتے ہیں۔ وحدۃ الوجود میں محبت غالب ہوتی ہے اور معرفت حاصل نہیں ہوئی ہوتی۔ ابھی وہ علم نہیں آیا ہوتا، اس لئے اس پُل سے گذرنا تو پڑتا ہے، لیکن جب انسان گذر جاتا ہے، تو پھر اس کو اپنا ادراک ہو جاتا ہے کہ میں کون ہوں۔ اس کے اوپر اپنی بندگی کُھلتی ہے کہ میں بندہ ہوں اور اللہ، اللہ ہیں۔ اللہ کی صفات اس کے اوپر کُھلتی ہیں اور ذاتِ خدا کی محبت کی تجلی اس کو حاصل ہوتی ہے۔ اس وجہ سے وہ مقامِ حیرت میں چلا جاتا ہے، کیوں کہ اس دوری اور قرب کو اکٹھا کرنا ممکن نہیں ہے۔ جتنی دوری بڑھے گی، اتنا انسان قرب حاصل کرے گا۔ تو آپ بتائیں کہ مقامِ حیرت بڑھے گا یا نہیں بڑھے گا؟ یہ مقام حیرت ہے، جس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ اس پر حضرت نے اس مقام میں کلام فرمایا ہے۔ اگر ہم جلدی کرتے، تو اس کلام سے ہم کیا نتیجہ نکالتے؟ پس یہ ساری چیزیں اصل میں موجود ہیں، لیکن ان کا ادراک قلب کرتا ہے، ذہن ان کا ادراک نہیں کر سکتا۔ کیوں کہ ذہن محدود ہے اور قلب لا محدود ہے۔ اسی وجہ سے فرمایا گیا ہے کہ میں کسی چیز میں نہیں سما سکتا، لیکن مومن کے قلب میں سماتا ہوں۔ پس اصل میں یہی معرفت ہے۔ کیوں کہ اس میں آنے کا وہ مطلب تو ہے نہیں، جس مطلب میں ہم انسان کہتے ہیں کہ فلاں چیز آ گئی۔ یہ آنا اور چیز ہے، یہ کیفیتِ تنزیہ کے ساتھ ہے۔ چوں کہ یہ کیفیتِ تنزیہ کے ساتھ ہے اس وجہ سے پھر دونوں چیزوں کو جمع کرنا پڑتا ہے اور وہ مقامِ حیرت ہے۔ حضرت نے یہ جو فرمایا ہے کہ شہد، شہد کہنا یا گڑ، شکر کہنا؛ اس سے کچھ حاصل نہیں، جب تک آپ کو گڑ حاصل نہیں ہوا یا جب تک آپ کو شکر حاصل نہیں ہوئی۔ بلکہ اکثر میں یہ بات عرض کرتا رہتا ہوں، میرے خیال میں شاید حضرت ہی کی بات ہے، لیکن میں چوں کہ پہلے سے یہ بات کرتا ہوں تو الفاظ مختلف ہیں۔ وہ یہ کہ کیفیت الفاظ میں نہیں سمائی جا سکتی۔ میں اکثر عرض کرتا رہتا ہوں کہ اگر کسی نے گڑ اور شہد کھایا ہے، تو اس کو بغیر کسی ایک لفظ بتائے، گڑ اور شہد کے درمیان فرق معلوم ہو گا اور وہ کہہ سکے گا کہ یہ گڑ ہے اور یہ شکر ہے، چاہے اس کی آنکھیں بند کر دی جائیں۔ لیکن اگر کسی نے گڑ اور شہد نہیں کھایا، تو آپ اس موضوع پر کتابیں لکھیں، پوری لائبریری بھر دیں کہ گڑ کی یہ صفات ہیں اور شہد کی یہ صفات ہیں لیکن جس نے کھایا نہیں، وہ دونوں میں فرق نہیں کر سکتا۔ پس کیفیت جب تک کسی کو حاصل نہ ہو، اس کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن ہی نہیں ہے۔ اب جو لوگ مقامِ حیرت میں گذر رہے ہوتے ہیں، ان کو پتا ہوتا ہے کہ مقامِ حیرت کیا ہے۔ چنانچہ مقامِ حیرت تنزیہ کی حالت ہے۔ اور تنزیہ کی جو کیفیت ہے اور محبت کی جو حالت ہے یعنی محبت کی وجہ سے جو قرب ہے اور معرفت کی وجہ سے جو دوری ہے، اس کو الفاظ میں جمع کرنا نا ممکن ہے۔ آپ الفاظ میں اس کو بیان ہی نہیں کر سکتے۔ اس وجہ سے یہ بات سمجھ میں نہیں آ سکتی، جس کی وجہ الفاظ کی تنگ دامنی ہے، اس کے علاوہ اور کوئی وجہ نہیں۔ مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے باقاعدہ ایک جگہ پر اس کے بارے میں ارشاد فرمایا ہے کہ جتنا میں کہہ سکتا تھا، وہ میں نے کہا۔ لیکن الفاظ کی تنگ دامنی کی وجہ سے میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں نے صحیح کہا ہے یا غلط کہا ہے۔ اسی وجہ سے ایسے لوگ اس پر استغفار بھی کرتے ہیں۔ یہ استغفار ایک دفعہ حضرت گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ نے بھی کیا ہے۔ میرے پاس حضرت کے مکاتیب رکھے ہوں گے، حضرت نے حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو جو پہلا خط لکھا ہے، اس کے آخر میں اَسْتَغْفِرُ اللہْ، اَسْتَغْفِرُ اللہْ، اَسْتَغْفِرُ اللہْ کہہ کر استغفار پڑھنا شروع کر دیا۔ یہ مکاتیبِ حضرت گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ میں موجود ہے۔ اور یہ کیفیات گذرتی ہیں۔ کیفیات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔ لہذا جو شخص یہ کہتا ہے کہ میں نے کیفیات کو صحیح معنوں میں بیان کر دیا ہے۔ یہ سب سے بڑا جھوٹ ہے۔ کیوں کہ یہ نا ممکن ہے۔ البتہ اشاروں سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں، تھوڑا تھوڑا قریب ہو سکتے ہیں۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ ان کا احاطہ کر لیں۔ "مُوْتُوْا قَبْلَ أَنْ تَمُوْتُوْا" ”موت سے پہلے مر جاؤ‘‘، اصل میں وہ جو نفس کو ہلاک کرنے والی بات ہے، وہ یہی ہے۔ نفس کو ہلاک کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تم اس کو ذبح کر دو۔ یہ ایسے ہی ہے، جیسے حدیث میں آتا ہے: ’’أَنْ تَعْبُدَ اللَّهَ كَأَنَّكَ تَرَاهُ، فَإِنْ لَمْ تَكُنْ تَرَاهُ فَإِنَّهٗ يَرَاكَ‘‘۔ (مشکوۃ المصابیح، حدیث نمبر: 2) یہ بھی ایک کیفیت ہے، جس کو کیفیتِ احسان کہتے ہیں۔ اب جس کو یہ کیفیت حاصل ہے، وہ تو اس کو جانتا ہے اور جس کو یہ حاصل نہیں، اس کو سمجھایا نہیں جا سکتا۔ بہر حال اللہ تعالیٰ کے سامنے حضوری کی کیفیت تو آپ نے اس کے ذریعے سے حاصل کرنی ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق میں جو چیز مانع ہے، وہ نفس ہے۔ اگر اس کو آپ نے ایسا نظر انداز کر لیا، ایسا اس کو چھوڑ دیا اور اس پر قابو پا لیا کہ اب وہ آپ کے اور اللہ کے درمیان حائل نہیں ہو سکتا تو یہ کیفیت ہے۔ ’’مُوْتُوْا قَبْلَ أَنْ تَمُوْتُوْا‘‘ کا یہی مطلب ہے۔ یہ نہیں کہ آپ اس کو ذبح کر دیں۔ بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ نفس تمھارے اور اللہ کے درمیان حائل نہ ہو سکتا ہو۔ حضرت بایزید بسطانی رحمۃ اللہ علیہ نے خواب دیکھا تھا، خواب میں اللہ تعالیٰ کا دیدار ہوا، انہوں نے اللہ تعالیٰ سے پوچھا کہ یا اللہ! آپ تک پہنچنے کا آسان ترین راستہ کون سا ہے؟ فرمایا: ’’دَعْ نَفْسَکَ وَ تَعَالْ‘‘ اپنے نفس کو چھوڑ دے اور آ جا۔ دیکھیں! انسان فضا میں ہوتا ہے، جہاز ہیں، راکٹ ہے اور یہ ساری چیزیں ہیں۔ فضا میں زمین کی کشش ہوتی ہے، جب تک انسان زمین کی کشش سے آزاد نہیں ہوتا، اس کو چلنے کے لئے بہت کچھ چاہئے ہوتا ہے، مسلسل پاور چاہئے ہوتی ہے۔ لیکن جس وقت وہ اس سے آزاد ہو جاتا ہے، تو پھر جب چلے گا، تو چلتا رہے گا اور جب کھڑا ہو گا، تو کھڑا رہے گا۔ اس کو کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔ اب اللہ کی محبت آپ کو اللہ کے قریب کر رہی ہے اور نفس آپ کو دور کر رہا ہے تو ان دونوں کے درمیان مزاحمت لگی رہتی ہے اور یہ سلسلہ چل رہا ہوتا ہے۔ جس وقت نفس کو ختم کر دیا، یعنی نفس کی resistance (مزاحمت) ختم ہو گی تو اس کے بعد تھوڑی سی روحانیت بھی آپ کو آگے لے جائے گی۔ کیوں کہ وہ direction (سمت) تو وہی ہو گی یعنی اللہ کی طرف ترقی ہو گی، اس لئے تھوڑی سی روحانیت بھی آپ کو اللہ کی طرف لے جائے گی۔ اور جب تک آپ نفس کو ختم نہیں کریں گے، اس وقت تک مسلسل منازعت ہو گی۔ اس لئے مسلسل نفس کو ختم کرنے کی کوشش میں لگے رہنا چاہئے۔ یہی اصل میں بنیادی چیز ہے۔ گذشتہ زمانے میں تمام سلاسل سب سے پہلے نفس کی منازعت کو ختم کرتے تھے۔ مجاہدات کے ذریعے اس کے خلاف محنت کرتے تھے اور نفس کو بالکل کالعدم کر دیتے تھے۔ جب نفس کالعدم ہو جاتا، تو تھوڑا سا ذکر کرنے سے واصل ہو جاتے۔ کیوں کہ رکاوٹ ختم ہو چکی ہوتی تھی۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ لوگ نفس کے خلاف مجاہدات کے لئے تیار نہیں ہیں، کیوں کہ مجاہدات میں نفس کی خلاف ورزی کرنا پڑتی ہے۔ جب نفس کی خلاف ورزی کے لئے تیار نہیں، تو اصلاح کیسے ہو؟ حضرت خواجہ نقشبند رحمۃ اللہ علیہ نے بامرِ مجبوری ایسا کیا تھا (کیوں کہ لوگ مجاہدات کے لئے تیار نہیں تھے) کہ پہلے جذب حاصل کر لو، جب جذب حاصل ہو جائے گا، تو اس کے بعد نفس مجاہدے کے لئے تیار ہو جائے گا۔ اس وجہ سے انہوں نے جذب کو پہلے کر دیا اور مجاہدہ اور سلوک کو بعد میں کر دیا۔ یہ نہیں کہ سلوک ختم ہو گیا، سلوک کو انہوں نے ختم نہیں کیا تھا، کیوں کہ جب تک نفس کی کشش موجود ہے، اس وقت تک بے شک آپ کو جذب حاصل ہو، بے شک کتنی ہی روحانیت نصیب ہو، آپ آگے نہیں جا سکیں گے، آپ کی گاڑی نہیں چلے گی، ہاں شور بہت ہو گا۔ جیسے کھڈے میں کوئی گاڑی پھنس جائے، تو وہ گڑ گڑ کرتی رہتی ہے اور چل نہیں سکتی۔ اسی طرح وہ آدمی بھی نہیں چل سکتا۔ لہذا نقشبندی حضرات کا جذب اگرچہ پہلے ہے، لیکن اس کے بعد سلوک بھی طے کرنا ہوتا ہے یعنی نفس کی منازعت کو دور کرنا ہوتا ہے۔ یہ دونوں لازم ملزوم ہیں۔ اب اگر نفس مجاہدہ نہیں کرے گا، آپ نفس کو train (تیار) نہیں کریں گے اور نفس کی منازعت کو ختم نہیں کریں گے تو نفس آپ کے افکار کے اوپر بھی اثر ڈالے گا، آپ کی سوچ اور تمام چیزوں پر اثر ڈالے گا۔ پس نفس نے اپنا اثر ڈالتے ڈالتے یہ ہوا کہ لوگوں نے مجاہدہ کو بالکل ختم کر دیا اور اس کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی۔ کیوں کہ روحانیت جو آپ نے اللہ تعالیٰ کے ذکر اور مراقبات کے ذریعے سے حاصل کی، اس کے اندر مزہ بہت ہے۔ اب اگر انسان خود مزہ کا عاشق ہو جائے، تو پھر اس کو مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہی نہیں، کیوں کہ نفس کی مخالفت میں تکلیف ہے۔ حالانکہ میں عرض کروں کہ تکلیف ہی تو شریعت ہے۔ کیا خیال ہے کہ ایسا ہے یا نہیں؟ بالکل اسی طرح ہے کہ تکلیف ہی شریعت ہے، کیوں کہ انسان مکلف ہے اور تکلیف ہی کا مکلف ہے۔ تکلیف کیا چیز ہے؟ تکلیف شریعت ہی ہے۔ لہذا اگر آپ اپنے آپ کو تکلیف سے بچانا چاہتے ہیں، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اپنے آپ کو شریعت سے بچانا چاہتے ہیں اور ایسا ممکن ہی نہیں ہے۔ اس وجہ سے نفس کو پاک کرنے کے لئے مجاہدہ کی صورت میں جو تکلیف اٹھانی پڑتی ہے، وہ لازم ہے۔ اس کے بغیر وہ چیز حاصل نہیں ہو سکتی؟ اس کی وجہ کیا ہے؟ میں آپ کو وجہ بتاتا ہوں، الحمد للہ صحیح باتیں ذہن میں آ رہی ہیں، وجہ یہ ہے کہ اگر آپ مجاہدہ نہیں کرتے، تو پھر بھی تکلیف رہے گی اور وہ تکلیف مستقل ہو گی۔ مستقل اس لئے ہو گی کہ کام تو بہر حال کرنا ہے، اوامر و نواہی پر عمل کرنا ہے، مثلاً: صبح سویرے آپ نے نماز کے لئے اٹھنا ہے، تو آپ چاہے مریں، چاہے جیئیں، یہ کام تو آپ کو کرنا ہو گا۔ آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ مجھ سے تو نہیں اٹھا جاتا۔ اٹھنا پڑے گا، نماز پڑھنی پڑے گی۔ اسی طریقے سے زکوٰۃ بھی دینی پڑے گی۔ حج اگر فرض ہے، تو وہ بھی کرنا پڑے گا۔ جتنے بھی شرعی اعمال ہیں، سب کرنے ہوں گے۔ معاملات کی صفائی کرنی پڑے گی، معاشرت درست کرنی پڑے گی۔ اب اگر آپ مجاہدہ نہیں کرتے، تو عمر بھر تکلیف میں ہوں گے، کیوں کہ شرعی تکلیف تو لازم ہے اور شرعی تکلیف کا مجاہدہ مستقل ہو گا، لیکن جس وقت آپ تصوف کی تکلیف یعنی نفس کے مجاہدات کے ذریعے سے اپنے نفس کی تربیت کر دیں گے، تو پھر یہ مستقل تکلیف نہیں رہے گی۔ آپ کا نفس ماننا شروع کر دے گا، لیکن نفس کا ماننا اس طرح نہیں ہو گا کہ آپ کو محنت ہی نہ کرنی پڑے۔ محنت تو کرنی پڑتی ہے، لیکن آپ کا نفس محنت کے لئے تیار ہو گا۔ کیا خیال ہے کہ جس گھوڑے کو سدھا لیا جاتا ہے، اگر اس کے اوپر کوئی وزن رکھ دے، تو کیا اس کو وزن محسوس نہیں ہو گا؟ محسوس تو ہوتا ہے، لیکن وہ اس کے لئے تیار ہو چکا ہوتا ہے، وہ اسے اٹھا لیتا ہے۔ اب اگر اس کی تربیت نہ ہوئی ہو، تو وہ اچھلے گا، اڑی کرے گا اور نہیں اٹھائے گا۔ اصل میں مجاہدہ کی تکلیف سے اِس اڑی کو دور کیا جاتا ہے۔ اب اگر مستقل تکلیف برداشت کریں گے، تو ہر وقت اس اڑی کا سامنا کریں گے، ہر وقت نفس اڑی کرے گا، پھر آپ کو اس کے لئے پوری محنت کرنی پڑے گی۔ لیکن لوگوں کو یہ بات سمجھ میں نہیں آ رہی، نتیجتاً انہوں نے مجاہدات کو ختم کر دیا۔ اب دو قسم کے لوگ ہو گئے: ایک تو وہ جو مخلص تھے، انہوں نے اس ہر وقت کی اڑی کو برداشت کر لیا، تو وہ مسلسل ایسا کرتے رہے کہ کام تو ہو رہا ہے، اگرچہ مشکل سے ہو رہا ہے۔ یہ حضرات اگر مجاہدہ کرتے، تو پھر سیدھے طریقے سے کام کرنے کے لئے تیار ہو جاتے۔ یہ کون سا مشکل کام تھا۔ نقشبندی سلسلہ کے جن حضرات نے مجاہدات سے مفر اختیار کیا، تو انہوں نے اپنے آپ کو مستقل مجاہدہ میں ڈال دیا، لیکن مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس کے بارے میں جو ارشاد فرمایا ہے، وہ یہی ہے کہ جذب حاصل کرنے کے بعد سلوک حاصل کرنا ہے۔ سلوک لازم ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ نفس کے اوپر کوئی اعتماد نہیں ہے۔ آپ سمجھیں گے کہ اب تو میں اس پر سوار ہوں، میں کر سکتا ہوں۔ لیکن کسی بھی وقت، بالخصوص جب اس کا تعلق نظریات کے ساتھ ہو، احساسات کے ساتھ ہو، وہاں پر یہ نقصان پہنچا سکتا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ وہ باریک چیزیں ہوتی ہیں، ان کے اندر فرق کرنا آسان نہیں ہوتا۔ وہاں پر معاملہ بہت خراب ہو جاتا ہے۔ مثال کے طور پر آپ نمازیں پڑھیں گے، روزے رکھیں گے، زکوٰۃ دیں گے، حج کریں گے، لیکن کسی جگہ ایسا معاملہ ہو گا کہ گڑ بڑ ہو جائے گی۔ مثلاً: اشرافِ نفس سے بچنا ضروری ہے، لیکن یہ ایک ذہنی چیز ہے، قلبی چیز ہے، اس میں انسان کبھی بھی پھنس سکتا ہے۔ اگر میں آپ سے امید کر لوں کہ آپ مجھے کچھ دیں گے۔ لیکن آپ مجھے کچھ نہ دیں تو میں اس پر action (ردِ عمل دینا) شروع کر دوں یعنی آپ کی مخالفت شروع کر دوں اور آپ سے اپنے آپ کو دور سمجھوں تو یہ کیا چیز ہے؟ یہ اشرافِ نفس active (متحرک) ہے۔ اب یہ صرف ذہنی نہیں رہا، بلکہ اس کے تقاضے پر عمل ہو گیا۔ جب اس کے تقاضے پر عمل ہو گیا، تو نقصان تو ہو گیا۔ آپ سمجھ رہے ہیں کہ میں تو اپنے مراقبات کے لحاظ سے کامل ہو گیا ہوں، لیکن ہو کیا رہا ہے؟ اسی طریقے سے خواتین کے معاملہ میں مسئلہ ہو سکتا ہے کہ مثال کے طور پر آدمی کہتا ہے کہ میری نظر پاک ہو گئی۔ یہ اس کی ایک ذہنی کیفیت ہے، قلبی کیفیت ہے، لیکن صحابی سے تو یہ بڑا نہیں ہے۔ اگر صحابی کا رخ آپ ﷺ پھیر سکتے ہیں کہ عورتوں کو نہ دیکھو۔ تو آج کل کوئی ولی اللہ کیسے مستغنی ہو جائے گا؟ میں بالکل کھری کھری باتیں کر رہا ہوں، یہ مجبوراً مجھے کرنی پڑ رہی ہیں۔ اب اسی قسم کی چیزوں میں انسان پھنس جاتا ہے۔ انسان نمازیں پڑھے گا، روزے رکھے گا، زکوٰۃ دے گا، حج کرے گا، غرض سب کچھ کرے گا، لیکن یہاں پھنس جائے گا۔ یہ جو قلبی اور ذہنی چیزیں ہیں، یہاں پر مصیبت آ جائے گی اور اس کی وجہ سے نقصان ہو جائے گا۔ یہ باتیں میں اس لئے عرض کر رہا ہوں کہ یہ جو مقام ہے، ﴿یُحِبُّھُمْ وَ یُحِبُّوْنَہٗ﴾ (المائدۃ: 54) اس کو حاصل کرنا اور فقر کو حاصل کرنا، یہ سب ضروری ہے۔ ﴿یُحِبُّھُمْ وَ یُحِبُّوْنَہٗ﴾ (المائدۃ: 54) کا تعلق دل کے ساتھ ہے اور فقر کا تعلق نفس کے ساتھ ہے۔ نفس جب تک قابو میں نہیں ہے، انسان کو فقر حاصل نہیں ہو سکتا۔ اس لئے دونوں چیزوں کو کرنا چاہئے۔
اور پھر تنزیہ، جیسے حضرت نے فرمایا کہ قرآن کی آیت ہے: ﴿وَ مَا کَانَ لِبَشَرٍ أَنْ یُّکَلِّمَہُ اللہُ إِلَّا وَحْیًا أَوْ مِنْ وَّرَاءِ حِجَابٍ أَوْ یُرْسِلَ رَسُوْلًا فَیُوْحِيَ بِإِذْنِہٖ مَا یَشَآءُ۔۔۔﴾ (الشوریٰ: 51)
ترجمہ: ’’اور کسی انسان میں یہ طاقت نہیں ہے کہ اللہ اس سے (رو برو) بات کرے، سوائے اس کے کہ وہ وحی کے ذریعے ہو، یا کسی پردے کے پیچھے سے، یا پھر وہ کوئی پیغام لانے والا (فرشتہ) بھیج دے، اور وہ اس کے حکم سے جو وہ چاہے، وحی کا پیغام پہنچا دے‘‘۔
مطلب یہ ہے کہ یہ تنزیہ نہیں کہ انسان اللہ تعالیٰ کے ساتھ اس طرح کر سکتا، جس طرح ہم عام طور پر آپس میں کر سکتے ہیں۔ اللہ کا معاملہ تو چھوڑو، کیوں کہ اللہ تو اللہ ہیں، اللہ تعالیٰ کی ذات وراء الوراء ہے، سمجھ میں نہیں آ سکتی، یہ نا ممکن ہے۔ آپ ﷺ کے بارے میں بھی اللہ پاک نے فرمایا ہے کہ ان کو اس طرح آواز نہ دو جس طرح عام طور پر ایک دوسرے کو آواز دیتے ہو۔ سورۃ الحجرات میں روکا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا جو مقام ہے، اس کے بارے میں میں آپ کو کیا کہوں؟ صحیح بات یہ ہے میں اس کو define (یعنی اس کی تعریف) نہیں کر سکتا اور نہیں سمجھا سکتا کہ آپ ﷺ لوگوں کے درمیان چلنے پھرنے والے کس مقام کے انسان تھے۔ آپ کو سمجھ نہیں آ سکتا۔ اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو جو مقام دیا تھا، آپ اس کا ادراک نہیں کر سکتے۔ اگر آپ صلی اللہ علیہ و سلم لوگوں کے درمیان ہیں، تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ان کا مقام کم ہو گیا۔ مقام تو ان کا وہی ہے، لیکن بطورِ اسائنمنٹ یعنی چوں کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم رسول ہیں، اس لئے لوگوں میں تو رہنا تھا، مگر لوگوں میں رہتے ہوئے بھی آپ صلی اللہ علیہ و سلم اللہ کے ساتھ ہیں۔ اسی وجہ سے اللہ نے فرمایا کہ ان کو عام لوگوں کی طرف نہ سمجھو، اس طرح آواز نہ دو۔ جب آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا یہ مقام ہے، تو اللہ تعالیٰ تو اللہ ہیں۔ ان کا تو ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے بارے میں بھی اللہ تعالیٰ نے ہمیں ادب سیکھایا ہے، کیوں کہ وہاں پر بھی معاملہ مختلف ہے۔ جب دو چیزیں حاصل ہوں، ایک نفس کے اوپر قابو پانا اور ایک اللہ تعالیٰ کے ساتھ محبت ہونا، اتنی محبت کہ تمام چیزوں پر حاوی ہو جائے۔ تو پھر انسان کو آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا مقام بھی سمجھ میں آ سکتا ہے۔ اس لئے ان کے بارے میں بہت محتاط رہنا چاہئے۔ جس طرح صحابہ کرام جب آپ ﷺ کے سامنے بیٹھے ہوتے تھے، تو ایسے محسوس ہوتا کہ جیسے ان کے اوپر چادر ڈالی جاتی، پرندے ان کے اوپر بیٹھ جاتے، اتنی بھی حرکت نہیں ہوتی تھی کہ پرندہ اڑ جائے۔ ایسی مثال صحابہ رضی اللہ عنہم نے قائم کی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مقامِ ادب مقامِ ادراک کے ساتھ ہے۔ جب تک کسی کو ادراک نہیں ہو گا، وہ ادب بھی نہیں کر سکے گا۔ اور ادراک تقویٰ سے حاصل ہوتا ہے، تقویٰ دل کی کیفیت ہے۔ قرآن میں ہے: ﴿مَنْ یُّعَظِّمْ شَعَآىِٕرَ اللّٰهِ فَاِنَّهَا مِنْ تَقْوَی الْقُلُوْبِ﴾ (الحج: 32)
ترجمہ: ’’جو شخص اللہ کے شعائر کی تعظیم کرے، تو یہ بات دلوں کے تقویٰ سے حاصل ہوتی ہے‘‘۔
کیوں کہ شعائر اللہ کے ساتھ اللہ جل شانہ کا ایک خاص تعلق ہے، اس تعلق کی بنیاد پر اللہ تعالیٰ سے ڈرنے کی وجہ سے ان کی تعظیم کی جاتی ہے۔ جیسے بادشاہ کا کوئی کارندہ آ جائے، تو اس سے بات کرتے ہوئے انسان ڈرتا ہے کہ پتہ نہیں کوئی غلط بات ہم سے ہو جائے اور یہ رپورٹ کر دے، تو پھر کیا ہو گا۔ سچی بات یہ ہے کہ دنیا کے معاملے میں ہمیں ساری باتیں سمجھ میں آتی ہیں، دین کے معاملے میں سمجھ نہیں آتیں۔ یہ جو فارن آفس والے لوگ ہوتے ہیں، آپ یقین جانئے کہ چھینک کو بھی کنٹرول کرنے کا طریقہ ان کو سیکھایا جاتا ہے کہ چھینک کو آپ کیسے کنٹرول کریں گے۔ چھینک تو ایک فطری چیز ہے، اس میں انسان کا کوئی دخل نہیں، لیکن اس کو کنڑول کرنے کا بھی ان کو طریقہ سکھایا جاتا ہے۔ کیوں کہ ان کا بڑے بڑے لوگوں کے ساتھ واسطہ پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر امریکہ کا کوئی آدمی آ گیا اور یہاں کی حکومت کا مہمان ہو گیا، اب اس کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران ان تمام چیزوں میں احتیاط کرنا ہو گی، جن چیزوں میں امریکہ کے ساتھ بولنے میں احتیاط کرنا ہوتی ہے۔ آپ ایک کمزور نحیف آدمی کو ڈمپر میں بیٹھا دیں، جو بہت تیز چلتا ہے اور اکثر اس کے accidents (ایکسیڈنٹ) ہوتے ہیں، تو لوگ سامنے سے ہٹتے جاتے ہیں۔ اب اس ڈرائیور کی کچھ طاقت نہیں ہے، لیکن وہ جس چیز پر بیٹھا ہے، معاملہ اس کا ہے۔ لوگ ڈمپر سے بھاگتے ہیں۔ اگرچہ ڈرائیور تو ایک نحیف سا آدمی ہے، لیکن جب معاملہ گاڑی کے ساتھ ہے، تو لوگ اس سے بچتے ہیں۔ بالکل یہی بات ہے کہ جس چیز کا معاملہ اللہ کے ساتھ ہو، اللہ کے ساتھ جس کا تعلق ہو، تو اس کے بارے میں محتاط معاملہ کرنا چاہئے۔ یہی ادب ہے۔ جیسا کہ فرمایا گیا کہ شعائر اللہ کی تعظیم دلوں کے تقویٰ کی وجہ سے ہے۔ اس لئے جو لوگ ادب نہیں کرتے، تو یہ اس بات کی indication (علامت) ہے کہ ان کے دل اللہ کے ساتھ ملے ہوئے نہیں ہیں، ان کے دلوں میں تقویٰ نہیں ہے یعنی ان کے دل تقویٰ سے خالی ہیں۔ یہ ساری باتیں میں اس لئے عرض کر رہا ہوں کہ ہم لوگوں کو یہ دو باتیں حاصل کرنی ہیں: ایک فقر اور ایک محبت۔ فقر سے زہد ہے اور محبت سے عشق ہے۔ جب یہ دونوں چیزیں جمع ہوتی ہیں تو ’’تَخَلَّقُوْا بِأَخْلَاقِ اللہِ‘‘ کی صفت انسان کو حاصل ہوتی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ جب یہ دو چیزیں حاصل ہو گئیں، تو نفس ختم ہو گیا، نفس کی خواہش کو آپ نے صفر سے ضرب دے دیا اور اللہ کے ساتھ محبت ہو گئی، تو اس کے بعد پھر آپ وہی کریں گے، جو اللہ چاہے گا۔ جب آپ وہی چاہیں گے، جو اللہ چاہے گا، تو بس پھر آپ کی اور اللہ کی بات ایک ہو گئی۔ جیسے میں نے بہلول رحمۃ اللہ علیہ کا واقعہ عرض کیا کہ ان کو ہارون الرشید نے کہا: کیا حال ہے؟ انہوں نے کہا: اس شخص کا کیا حال پوچھتے ہو، جس کی مرضی کے مطابق سب کچھ ہوتا ہے؟ ہارون الرشید نے کہا: خدائی کا دعویٰ کرتے ہو؟ انہوں نے فرمایا کہ خدائی کا دعویٰ میں نے نہیں کیا، بلکہ میں نے اپنے ارادے کو اللہ کے ارادے میں فنا کر دیا ہے۔ لہذا اب جو کچھ اللہ کر رہا ہے، میرا بھی وہی ارادہ ہے۔ حضرت شاہ دولا رحمۃ اللہ علیہ کے پاس لوگ آئے کہ حضرت! ہمارے گاؤں کی طرف دریا چڑھا آ رہا ہے، آپ دعا کیجئے۔ انہوں نے کہا: کوتال لے آؤ۔ لوگ کوتال لے آئے۔ حضرت اسے کندھے پر اٹھا کر آگے آگے چل دیئے، لوگ پیچھے پیچھے چل پڑے کہ پتہ نہیں، حضرت کچھ ٹونا ٹوٹکہ کر رہے ہیں، اس سے کچھ بچت ہو جائے گی۔ وہاں پہنچ کر حضرت نے دریا کے لئے گاؤں کی طرف راستہ بنانا شروع کر دیا۔ لوگوں نے کہا: حضرت آپ کیا کر رہے ہیں؟ حضرت نے فرمایا: کیوں کیا ہوا؟ انہوں نے کہا کہ آپ اپنے گاؤں کی طرف راستہ بنا رہے ہیں۔ حضرت نے فرمایا: جدھر مولا، ادھر شاہ دولا۔ اگر اللہ کی مرضی یہ ہے کہ میرا گاؤں غرق ہو جائے، تو میں سب سے پہلے غرق کروں گا۔ یہ ان کی کیفیت تھی، اگرچہ مجذوبیت والی کیفیت تھی اور یہ کیفیت Side effects (مضر اثرات) میں آتی ہے۔ مطلب یہ ہے کہ انسان جو کچھ چاہتا ہے تو وہ میسیج اس کے دل کی آواز ہوتی ہے، اس پر check (چیک) نہیں ہے۔ جب کہ وحی کا چیک موجود ہے، وحی بے غبار ہے۔ اس لئے جو شخص شریعت کی اتباع کرتا ہے، اپنے ارادے کی پیروری نہیں کرتا، تو اس میں balance (توازن) قائم ہو جاتا ہے۔ یہی بات میں عرض کر رہا تھا۔ اس لئے فرمایا:
متن:
ہمارے حضرت صاحب یعنی شیخ رحمکار رحمۃ اللہ علیہ اخلاق حمیدہ، بلند ہمتی، صداقت، مقامات انفاس اور زبانِ حال کے لحاظ سے "مُوْتُوْ قَبْلَ أَنْ تَمُوْتُوْا" ”موت سے پہلے مر جاؤ“ کے مقامِ عالی تک پہنچے تھے، اور اس مقام کی فرحتوں سے لطف اندوز ہو گئے تھے اور اس کے آثار و اسرار آپ کی روح پر ظاہر ہو گئے تھے۔ یہ ایک ایسا راستہ ہے کہ اس میں خود کو ہلاک کیے بغیر (خود کو ہلاک کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اپنے نفس کو بالکل صفر سے ضرب دے دیں، یہ نہیں کہ خود کشی کر لیں) منزل تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔ جناب علی محمد عطاء صاحب جو کہ طریقت کے راستے کے عطار تھے، فرماتے ہیں کہ ایک دن میں نے ایک درویش صاحب کو دیکھا جو کہ قسم قسم مصائب و آفات میں مبتلا تھا، جب میں نے اسے اس حال میں دیکھا، تو میرا دل اُس کی حالت پر سوزش کرنے لگا، (اور خفا ہونے لگا کہ اس کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ اس نے کہا: کیا کر رہے ہو؟ میرے اور اللہ کے درمیان میں نہ آؤ) اگر آپ مجھ پر مصیبتوں کا پہاڑ توڑ ڈالیں اور میری ہر حاجت منقطع کر ڈالیں، تو ایسے حال میں بھی میری محبت اور میرا شوق بڑھتا جائے گا“۔
تشریح:
یہ صرف باتیں نہیں ہیں، بلکہ کیفیت ہے۔ باتیں کرنے والے اس کو جان ہی نہیں سکتے۔ کیفیت والوں کے لئے کوئی مشکل نہیں، وہ سمجھ جائیں گے کہ یہ کیا چیز ہے۔ ہم لوگ اس وجہ سے حیران و پریشان ہوتے ہیں کہ ہمیں یہ چیز حاصل نہیں ہوتی۔
متن:
فرماتے ہیں کہ اس کی سلطنت میں آگ کے آداب ہیں یعنی آگ بھی اس کے حکم کے ما تحت ہے۔ وہ معاملہ جو کہ ابراہیم علیہ السلام اور نمرود کے درمیان گزر چکا اور جس کا بڑا حصّہ لوگوں کو بتلا دیا، وہ کیا تھا؟ "لِیَعْلَمُوْا أَنَّ کُلَّ مَنْ أَحَبَّہٗ لَا یَضُرُّہٗ شَيْءٌ فِي الدَّارَیْنِ وَ لِیَعْلَمُوْا أَنَّ أَھْلَ الْمَعْرِفَۃِ فِي النَّارِ أَطْیَبُ عَیْشًا وَّ أَحْسَنُ حَالًا وَّ أَشَدُّ سُرُوْرًا مَّعَ اللہِ تَعَالٰی مِنْ أَھْلِ الْجَنَّۃِ فِي الْجَنَّۃِ" ”وہ صرف یہ بات تھی کہ لوگ جان لیں کہ جو لوگ اللہ تعالیٰ سے محبت کرتے ہیں، دونوں جہانوں میں کوئی چیز بھی اسے ضرر نہیں پہنچاتی، اور یہ بات بھی ذہن نشین کر لیں کہ اہل معرفت کے لیے آگ میں بہت اعلیٰ قسم کی زندگی ہے۔
تشریح:
آگ صرف ایک نمونہ کے طور پر بتائی گئی ہے، ورنہ اصل میں تکالیف اور مشکلات کی بات ہے۔ مشکلات کے اندر ان کے لئے اپنی الگ زندگی ہے۔ لہذا آپ ان کو تکلیف میں دیکھیں گے اور وہ بڑے مزے میں ہوں گے۔ آپ کی بات اپنی سوچ کے مطابق ہو گی اور ان کی بات ان کی سوچ کے مطابق ہو گی۔
متن:
اور بہتر حالت ہوتی ہے اور اہل جنت کو جنت میں جتنی خوشی ہوتی ہے، اہلِ معرفت کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ اور معیت میں اُس سے زیادہ خوشی ہوتی ہے“۔
تشریح:
مثال کے طور پر لذت کو لے لیں۔ کیڑے کی لذت، کتے کی لذت، خنزیر کی لذت، جانور کی لذت، انسان کی لذت اور فرشتے کی لذت؛ ان تمام لذات مین فرق ہے یا نہیں؟ ہر شخص اور ہر چیز کی لذت مختلف ہے یا نہیں؟ پس عارف کی لذت اور غیرِ عارف کی لذت میں بھی فرق ہو گا یا نہیں؟ بالکل فرق ہو گا۔ اس وجہ سے اہلِ معرفت کا معاملہ اللہ کے ساتھ ایسا ہے کہ جیسے ان کی جنت ہی اللہ کا قرب ہے۔ پھر اللہ تعالیٰ ان کی جیسے بھی مہمانی فرمائے، وہ اللہ تعالیٰ کی مرضی ہے۔ اب دیکھیں! اللہ پاک قرآن میں فرماتے ہیں اور اللہ کا کلام general (عام) ہے، سب کے لئے ہے۔ فرمایا: ﴿وَ لَكُمْ فِیْهَا مَا تَشْتَهِیْۤ اَنْفُسُكُمْ وَ لَكُمْ فِیْهَا مَا تَدَّعُوْنَ، نُزُلًا مِّنْ غَفُوْرٍ رَّحِیْمٍ۠﴾ (حم السجدہ: 31)
ترجمہ: ’’اور اس جنت میں ہر وہ چیز تمہارے ہی لئے ہے، جس کو تمہارا دل چاہے، اور اس میں ہر وہ چیز تمہارے ہی لئے ہے جو تم منگوانا چاہو، یہ سب کچھ اس ذات کی طرف سے پہلی پہلی میزبانی ہے، جس کی بخشش بھی بہت ہے اور جس کی رحمت بھی کامل‘‘۔
ایک ہمارے دوست تھے، اب وہ شہید ہو گئے ہیں، ہنس مکھ طبیعت کے تھے، گپ شپ لگانے والا مزاج تھا، میڈیکل سٹوڈنٹ تھے۔ وہ کہتے تھے کہ اگر میں جنت میں چلا گیا، تو میری ساٹھ میل لمبی مرسڈیز ہو گی اور میں گاڑیوں کے ساتھ ایکسیڈنٹس کروں گا۔ ان کی جنت یہی تھی۔ اب ہر انسان اپنے بارے میں تھوڑا تھوڑا imagine (تصور) کر لے۔ میں کیا عرض کروں گا۔ ہر شخص اپنی معرفت کے مطابق کہہ رہا ہے۔ جتنی اس کو معرفت حاصل ہے، وہ اس کے حساب سے بات کر رہا ہے، لیکن جو صحیح معنوں میں عارف ہیں، وہ کیا چاہیں گے؟ ﴿وَ لَكُمْ فِیْهَا مَا تَشْتَهِیْۤ﴾ میں تو ان کو اختیار دیا گیا کہ تم جو چاہو گے، وہ تمہارے لئے ہو گا۔ یہ تو نہیں کہا گیا کہ ان کے لئے وہ ہو گا جو آپ ان کے لئے چاہیں گے۔ کیوں کہ ہم اپنی خواہش ان کے اوپر مسلط نہیں کر سکتے۔ ہر شخص کی اپنی خواہش ہو گی۔ اگر کسی کی یہ خواہش ہو کہ میں اللہ کے قریب ہوں، تو اس کو یہی ملے گا۔ پھر اللہ کے قریب ہونے کی وجہ سے اللہ اس کے ساتھ جو کرے گا، وہ پھر اللہ کا کام ہے۔ عارفین چوں کہ اللہ کی رضا میں اپنے آپ کو پہلے سے دنیا ہی میں فنا کر چکے ہوں گے، اس لئے وہاں پر بھی ان کی خواہش اللہ کی مرضی ہو گی۔
یہ ہمارے کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ملفوظات کی برکت ہے۔ ورنہ وہاں ہم یہ باتیں کیسے سوچ سکتے تھے۔ یہ انہی کی برکت ہے اور انہی کا فیض ہے۔
متن:
سلطان العارفین فرماتے ہیں کہ اگر قیامت کے دن اہل جنت سے ملاقات کا مزہ منقطع کیا جائے تو اہل بہشت بھی ویسی ہی فریاد کریں گے جیسا کہ دوزخ کے لوگ دوزخ میں کرتے ہیں۔ (یعنی ان کے لئے جنت بھی دوزخ ہو جائے گی) بایزید بسطامی نے ایک دفعہ ایک شخص کو قرآن کریم پڑھتے ہوئے سنا، جب اس آیت پر پہنچا کہ ﴿مِنْکُمْ مَنْ یُّرِیْدُ الدُّنْیَا وَ مِنْکُمْ مَنْ یُّرِیْدُ الْآخِرَۃِ...﴾ (آل عمران:152)۔ ترجمہ: ”کوئی تم میں سے چاہتا تھا دنیا، اور کوئی تم میں سے چاہتا تھا آخرت“ (ترجمہ شیخ الہند) تو بایزید صاحب رونے لگے اور فرمانے لگے کہ "ھٰذَا مِنَ اللہِ شِکَایَۃٌ عَلٰی عَبْدِہٖ کَأَنَّہٗ یَقْوْلُ مِنْکُمْ مَّنْ رَّضِيَ اللہُ عَنِّيْ بِالدُّنْیَا وَ مِنْکُمْ مَّنْ رَّضِيَ عَنِّيْ بِالْآخِرَۃِ فَأَیْنَ مَنْ رَّضِيَ عَنِّيْ؟" یعنی یہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے بندہ کے خلاف شکایت ہے کہ تم میں سے بعض تو دنیا پر راضی ہو گئے اور بعض مجھ سے عقبیٰ پر راضی ہو گئے، پس وہ کہاں ہیں جو کہ مجھ پر راضی ہوئے؟
تشریح:
کیا ہی خوب بات ہے! یہ پرواز ہے۔ صحیح بات ہے کہ معرفت، معرفت ہے۔ انسان اس کا ادرک بھی نہیں کر سکتا۔ اصل میں اللہ جل شانہ کا نظام سب کے لئے ہے۔ اللہ پاک نے ہر ایک کو اپنی اپنی حالت پر رکھا ہے۔ جو اچھے لوگ ہیں، ان میں بھی درجات ہیں۔ ﴿تِلْكَ الرُّسُلُ فَضَّلْنَا بَعْضَهُمْ عَلٰى بَعْضٍ﴾ (البقرہ: 253)
ترجمہ: ’’یہ پیغمبر جو ہم نے (مخلوق کی اصلاح کے لئے) بھیجے ہیں، ان کو ہم نے ایک دوسرے پر فضیلت عطا کی ہے‘‘۔
جب رسولوں میں درجات ہیں، تو ہم لوگوں میں بھی درجات ہوں گے۔ درجات تو ہیں، ہر ایک کا اپنا اپنا درجہ ہے۔ آپ دیکھیں! حضرت نے اس آیت سے کیا خوب استدلال کیا کہ کچھ لوگ دنیا پر راضی ہو گئے اور کچھ لوگ آخرت پر راضی ہو گئے، تو اللہ پر کون راضی ہوں گے؟ لیکن یہ بات قرآن سے باہر بھی نہیں ہے، کیوں کہ قرآن ہی کہتا ہے: ﴿وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَشَدُّ حُبًّا لِّلهِ﴾ (البقرہ: 165)
یعنی ایمان کے جس درجہ پر یہ لوگ ہیں، ان کو اسی حد تک محبت ہو گی۔
متن:
پس مردِ کامل وہ ہے جو کہ خدا کو بذاتہ چاہے اور خدا کے ملنے پر خدا سے راضی ہو جائے۔ اور جو لوگ کہ خداوند تعالیٰ سے اُس کے ملنے پر راضی ہو جائیں وہ کسی وقت بھی نہ تو کسی سے تکلیف پا کر خفا ہوتے ہیں، اور نہ کسی کو ناراض اور خفا کرتے ہیں۔ اور دنیا میں اِس سے سخت کام کوئی نہیں کہ کوئی اپنا دل اور باطن کسی سے جدا کرے۔ اے میرے بھائی! اگر تم چاہتے ہو کہ تمہارا باطن ہمیشہ سالم اور مجتمع رہے تو کسی دوسرے کے دل کو تکلیف نہ پہنچاؤ، جیسا کہ ہمارے شیخ صاحب رحمۃ اللہ علیہ تھے، حضرت شیخ صاحب لوگوں کی دل داری فرماتے تھے اور ان پر خرچ کرنے کے لیے بہت کوشش فرماتے تھے اور کبھی چیونٹیوں کے سوراخوں میں دانے اور غلہ وغیرہ ان کے کھانے کی خاطر ڈالتے تھے۔ کبھی صحرائی درندوں اور جانوروں کے لیے گوشت ڈالتے تھے اور کبھی کتوں کے ساتھ احسان کرتے تھے اور کبھی بھی سانپ اور بچھو وغیرہ کو تکلیف نہیں پہنچاتے تھے۔ ایک دفعہ آپ کو ایک بچھو لڑا آپ نے اس کو کچھ نہ کہہ کر چھوڑ دیا، اور دوسروں کو بھی منع کیا کہ اس کو کچھ نہ کہا جائے۔ ایک دفعہ جونک آپ کے حلق میں چمٹ گئی کچھ عرصے تک آپ کو سخت تکلیف دیتی رہی، کچھ عرصہ کے بعد جب وہ جونک باہر آ گئی، حضرت شیخ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ اس کو لے جا کر پانی میں چھوڑ دیا جائے۔ اور اس کو ضرر پہنچانے سے لوگوں کو منع فرمایا۔
تشریح:
میں آپ کو ایک بات بتاؤں، لوگ جلدی مچاتے ہیں۔ ایک ہے اجازت۔ اجازت تو یہ ہے کہ موذی جانوروں کو مار سکتے ہو. لیکن اگر کوئی شخص کہتا ہے کہ میں نہیں مارنا چاہتا. تو وہ اس اجازت سے فائدہ نہیں اٹھا رہا۔ ایسا نہیں ہے کہ وہ حکم کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ حکم کی خلاف ورزی نہیں کر رہا، بلکہ صرف اجازت سے فائدہ نہیں اٹھا رہا۔ اجازت کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی نے ان کو مار دیا، تو اللہ تعالیٰ اس سے مطالبہ نہیں کرے گا۔ لیکن اگر کوئی اس کیفیت میں ہے کہ اس تکلیف کی وجہ سے بھی اللہ کے قریب ہو گیا ہے، اس کے اوپر ایسا حال طاری ہے کہ وہ اس کے ساتھ زیادتی نہیں کرنا چاہتا، تو اس کی بات الگ ہے۔ جو آدمی اس تکلیف کی وجہ سے اللہ کے قریب ہو گیا، تو ’’اَلْخَلْقُ عَیَالُ اللہِ‘‘ مخلوق اللہ کا کنبہ ہے، اس بات کا کچھ اثر اس میں بھی تو آئے گا کہ مخلوق اللہ کا کنبہ ہے اور اللہ کے کنبہ کے ساتھ احسان کرو، تو اللہ تعالیٰ اس پر خوش ہو گا۔ میرے خیال میں پیغمبروں میں سے ایوب علیہ السلام نے بھی ایسا ہی کیا تھا کیوں کہ ان کے جسم میں کیڑے پڑ گئے تھے۔
اللہ جل شانہ حضرت کاکا صاحب رحمہ اللہ کے درجات کو بلند فرمائے اور حضرت کے فیوض و برکات سے قوتِ برداشت کے ساتھ ہمیں بہت زیادہ حصہ عطا فرمائے۔
وَ آخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ