فصل ۔ حضرت صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے حزن، عشق، فکر اور معرفت کے بیان میں

باب 4 ، درس 10

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی



اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ وَ الْصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰى خَاتَمِ النَّبِيِّيْنَ

بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مقاماتِ قطبیہ اور مقالاتِ قدسیہ (کتاب) سےحضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے سوز و گداز کے بارے میں گزشتہ سے پیوستہ بات چل رہی ہے۔ چند ابیات سامنے آئے تھے۔

متن:

ابیات:

؎ باز تر آمد زِ جان نعرۂ غوغا ز عشق

باز ازاں کوہ قاف آمدہ عنقائے عشق

سینہ کشادہ سنت فقر جانب دلہائے پاک

در شکم طور بیں طنطنہ ہائے عشق

عشق ندائے بلند کرد بآواز پست

گفت کہ بالائے عرش کنگر بالائے عشق

”روح کے اندر سے عشق کی وجہ سے ایک نعرہ بلند ہوا۔ کوہِ قاف کی بلندیوں سے عشق کا عنقا بر آمد ہوا۔ فقر نے اپنا سینہ پاک دلوں کے لئے کشادہ کیا ہے۔ کوہِ طور کے پیٹ میں عشق کے طنطنے دیکھ لو۔ عشق نے نیچی آواز سے آواز بلند کر کے نعرہ لگایا کہ عرش کی بلندیوں پر عشق کا مینارہ بلند کیا گیا ہے“۔

پس اے میرے پیارے! لیلیٰ کا جمال مجنون کے عشق سے کہتا ہے کہ اے مجنون کے عشق! اگر میں غمزہ کروں، یعنی آنکھ کا اشارہ کروں تو لاکھوں مجنون صفت لوگ بے ہوش ہو جائیں گے۔ اور ہمارے غمزے، اور آنکھ کے اشارے کے شہید ہو جائیں گے، تو مجنون کا عشق بھی جواب میں کہتا ہے کہ اگرچہ تمہارا غمزہ مجنون کو فنا کرتا ہے، مگر تمہارا وصال و لطف اُس کو عالمِ بقا تک پہنچاتا ہے۔ اور ہر گھڑی اور ہر آن اُس کو مقامِ ارفع و اعلیٰ میں نوازتا ہے۔

ابیات:

؎ وصلِ تو گنج ست پنہاں ہم از خود

ہر کہ فانی شد ز خود مردانہ است

گو مرا در عشق خود فانی کنی

باقیت ہر جان خود شکرانہ است

”تمہارا وصال ایک ایسا خزانہ ہے جو کہ خود ہم سے بھی پوشیدہ ہے۔ جو کوئی عشق میں فانی ہوا وہ مرد ہے۔ اگر تم مجھے اپنے عشق میں فانی کرو گے تو ہماری جان اس نوازش عالی کے لئے شکرانہ ہے“

پس اے برادرِ عزیز! عشق کا متوالا بنا رہ کہ عشق کے محرم لوگ خود جانتے ہیں کہ عشق کی ایک حالت ہوتی ہے۔ نا اہل لوگوں کے لئے عشق ملامت اور بیماری کا سبب ہوتا ہے۔ عشق کی خلعتِ فاخرہ ہر کسی کو نہیں پہنائی جاتی، نا مردوں اور مخنث ہیجڑوں کا عشق سے کیا واسطہ۔

تشریح:

واقعتاً انسان اُن لوگوں کی بات کو نہیں سمجھ سکتا جن کی صفات انسان کی سمجھ کے دائرہ سے بہت بالا ہوتی ہیں۔ انسان ان مقامات کو نہیں سمجھ سکتا۔ عشق اور عقل میں کشمکش چلتی رہتی ہے۔ عقل بھی ایک بہت بڑی نعمت ہے جو اللہ کی طرف سے عطا ہوتی ہے لیکن ساری چیزیں عقل سے حاصل نہیں ہوتیں۔ عقل بعض چیزوں کے حصول کا ذریعہ ہے۔ اگر عقل کے ذریعے اس کی پہنچ سے بلند تر چیزوں کو حاصل کرنے کی کوشش کی جائے تو عقل کام چھوڑ دیتی ہے؛ کیونکہ وہ چیز اس کی پہنچ سے باہر ہوتی ہے۔ یہ بات کئی حضرات کے ہاں زیر بحث رہی ہے۔ عقل مندی بذات خود مطلوب ہے لیکن اصل عقل مندی وہ ہے جو انسان کو کامیاب کرا دے۔ لہذا عقل مندی اگر کامیابی میں آڑے آ جائے تو پھر وہ عقل مندی نہیں رہے گی۔ وہ عقل مندی کی ایک صورت تو ہے لیکن عقل مندی کی حقیقت نہیں ہے۔

عقل چاہے کتنی ہی عمدہ چیز کیوں نہ ہو لیکن اس میں دو کمزوریاں ہیں جو انسان کو کامیابی کے حصول سے روک سکتی ہیں۔ ان کمزوریوں پر قابو پا کر انہیں دور کرنے کے لئے عقل کو عشق کا ساتھ چاہئے ہوتا ہے۔ عقل کی ایک کمزوری یہ ہے کہ عقل معلومات پر انحصار کرتی ہے۔ جس حد تک معلومات کامل ہوں گی اس حد تک عقل صحیح کام کرے گی۔ اگر معلومات میں نَقص ہو گا تو عقل کے ان فیصلوں میں بھی نقص ہو گا جو وہ ان معلومات کی بنیاد پر کرے گی۔ دوسری کمزوری یہ ہے کہ عقل کے اندر بذات خود ایثار نہیں ہے اس میں خود غرضی ہے۔ انسان کی عقل اور ظاہری حِس اسے تکلیف نہیں دینا چاہتی، عقل کو جس کام میں تکلیف نظر آئے اسے کرنے میں رکاوٹ ڈالتی ہے۔

جب یہ بات سمجھ آ گئی تو اب یہ سمجھنا چاہئے کہ ان کمزوریوں پہ قابو کیسے پایا جائے۔ پہلی کمزوری یعنی معلومات کے نقص کی وجہ سے عقل کے فیصلوں میں نقص کا ہونا، اس پہ قابو کا طریقہ یہ ہے کہ عقل کو وہ معلومات دی جائیں جن میں نَقص نہ ہو۔ وہ ایک ہی چیز ہے جس میں علمی لحاظ سے کوئی نقص نہیں ہے، اور وہ کتاب اللہ ہے۔ اللہ پاک نے فرمایا:

﴿الٓمّٓۚ ذٰلِكَ الْكِتٰبُ لَا رَیْبَ فِیْهِ هُدً لِّلْمُتَّقِیْنَ﴾ (البقرہ:1۔2)

ترجمہ: ”الم یہ کتاب ایسی ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں یہ ہدایت ہے ان ڈر رکھنے والوں کے لئے“۔

اگر علمی لحاظ سے دیکھا جائے تو کتاب اللہ کے اندر کوئی نقص نہیں ہے کیونکہ کتاب اللہ براہ راست اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، بھلا اس کے اندر نقص کیسے ہو سکتا ہے؟ نقص سے پاک معلومات کا ایک ذریعہ قرآن ہے اور دوسرا ذریعہ آپ ﷺ کی سنت ہے۔ سنتِ نبوی میں بھی کوئی نقص نہیں ہے بلکہ تمام کمالات کو جمع کر کے اِس میں شامل کر دیا گیا ہے۔ لہذا آپ ﷺ کا ہر طریقہ محبوبِ حقیقی کی رضا کا بہت بڑا سبب ہے۔

جب یہ بات سمجھ میں آ گئی کہ کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ ﷺ کا علم ہر قسم کی غلطی، کمزوری اور خطا سے پاک ہے تو معلوم ہو گیا کہ اگر عقل کا محور کتاب و سنت کا عِلم بن جائے تو عقل صحیح فیصلے کرے گی۔

عقل کی کمزوری یہی ہے کہ اس کے اندر یہ دو نقص پائے جاتے ہیں۔ یہ بڑے نقص ہیں چھوٹے نقص نہیں ہیں۔ عقل کی معلومات کے ذرائع ناقص ہوں گے تو اس کے فیصلے بھی ناقص ہوں گے۔ لوگوں کے پاس جو علم موجود ہے، اس میں نقص پایا جاتا ہے، اس میں روزانہ تبدیلی ہوتی ہے۔ سائنس کی دنیا کے لحاظ سے بات کر رہا ہوں کہ آج ہم کسی چیز کے بارے میں ایک بات کہتے ہیں تو کل اسی بات سے رو گردانی کا اظہار کرتے ہیں۔ سائنس کے اندر جو کمال ہے وہ اس کا تغیر ہی ہے۔ اور تغیر بذاتِ خود نقص ہے۔ اس وجہ سے سائنس کے اندر کمال پایا نہیں جا سکتا کیوں کہ سائنس کے اندر تغیر ہے۔ سائنس کے اندر تغیر اس وجہ سے کمال ہے کہ سائنس مشاہدات اور تجربات پر مبنی علوم کا نام ہے۔ اگر اس کو مشاہدات و تجربات سے الگ کر دیں تو اس کا کوئی وجود نہیں رہتا۔ جب سائنس کا تمام تر انحصار مشاہدات و تجربات پر ہے تو اس میں جو تبدیلیاں آئیں گی ان کے نتیجہ میں، سائنس میں لازماً تغیر ہو گا۔ لہذا سائنس کا کمال تغیر میں ہے۔

اس کی مثال ایسی ہی ہے جیسے Hepatitis-C جیسی بیماریوں کا وائرس اپنے آپ کو وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل کرتا رہتا ہے، اس کے لحاظ سے علاج بھی تبدیل ہوتا رہے گا۔ اسی طرح سائنس میں بھی تغیر ہے، یہی اس کا کمال ہے۔ لیکن یہ بھی یاد رہے کہ کسی چیز میں تغیر کا ہونا بذات خود ایک نقص ہے۔

حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے ایک موقع پہ عجیب بات فرمائی۔ فرمایا کہ ایک شخص کسی کو برے حال میں دیکھ کر متاثر ہوتا ہے، اس کے چہرے پر (رِقّت کے) آثار آ جاتے ہیں وہ رونا شروع کر دیتا ہے اس کے بعد اس کا ہاتھ اپنی جیب میں جاتا ہے، وہ جیب سے پیسے نکال کر اس کو دیتا ہے۔ اس کے برعکس دوسرا شخص ہے، وہ کسی غریب کو دیکھتا ہے تو اس کے چہرے پر ذرہ بھر کوئی تاثرات نہیں آتے لیکن وہ جیب میں ہاتھ ڈالتا ہے اور پہلے شخص سے زیادہ پیسے نکال کے اس کو دے دیتا ہے اور اس کے مسئلہ کو حل کر دیتا ہے۔ ان میں سے کامل کون ہے؟ دوسرا کامل ہے، کیونکہ پہلے میں تغیر پایا گیا، دوسرے میں کمال پایا گیا۔ اور تغیر بذاتِ خود نقص ہے۔

حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے ایک اور عجیب مثال دی ہے۔ فرماتے ہیں کہ انگریز نشے میں لڑتا ہے اور پٹھان بغیر نشے کے لڑتا ہے۔ ان میں سے بہادر کون ہے؟ ظاہر ہے بہادر وہ ہو گا جو ہوش میں لڑے گا۔

بہرحال تغیر بذاتِ خود ایک نقص ہے، اور چونکہ سائنس میں یہ نقص پایا جاتا ہے اس لئے یہ آپ کو با کمال نہیں بنا سکتی۔ دوسری طرف قرآن و سنت کامل ہیں، ان میں تغیر نہیں ہے۔ اللہ پاک نے فرمایا:

﴿اَلْیَوْمَ اَكْمَلْتُ لَكُمْ دِیْنَكُمْ وَ اَتْمَمْتُ عَلَیْكُمْ نِعْمَتِیْ وَ رَضِیْتُ لَكُمُ الْاِسْلَامَ دِیْنًا﴾ (المائدہ: 3)

ترجمہ: ”آج میں نے تمہارے لئے تمہارا دین مکمل کر دیا، تم پر اپنی نعمت پوری کر دی، اور تمہارے لئے اسلام کو دین کے طور پر (ہمیشہ کے لئے) پسند کر لیا“۔

لہٰذا دین میں کوئی نقص نہیں ہے۔ اللہ نے جو دینا تھا دے دیا، جو نعمت عطا فرمانی تھی عطا فرما دی۔ اب یہ کمال کو پہنچی ہوئی چیز ہے، اور معاملہ بھی اللہ کے ساتھ ہے۔ اب خود سوچ لو۔ اِس (کتاب و سنت) پہ فیصلہ کرو گے تو کیسا ہو گا اور اُس متغیر (سائنس و عقل) پہ فیصلہ کرو گے تو کیسا ہو گا۔

اگر ہم عقل کا input (ماخذ) قرآن و سنت کو بنا دیں تو پہلا نقص دور ہو جائے گا اور یہ عقل عقلِ ایمانی کہلائے گی۔ کیونکہ اس کا تعلق ایمان بالغیب کے ساتھ ہے، جو کہ اس کا کمال ہے۔

عقل کی دوسری کمزوری یہ ہے کہ عقل خود غرض ہے۔ یہ کمی عشق کے ذریعے سے دور ہو گی۔ عشق میں ایثار ہے۔ عشق میں فنائیت ہے۔ عشق کے اندر جو ایثار اور فنائیت ہے، اگر عقل اس کی خادم بن جائے اور قرآن و سنت کو اپنا ماخذ بنا لے تو یہی کمال ہو گا اور ایسے ہی لوگ با کمال ہوتے ہیں۔ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ ان اشعار میں یہی باتیں فرما رہے ہیں۔

اگر میں یہ ساری تمہید نہ باندھوں تو یہ باتیں سمجھ میں نہیں آئیں گی بلکہ محض جذباتی قسم کے نعرے محسوس ہوں گے۔ مگر یہ جذباتی باتیں نہیں ہیں بلکہ حقائق ہیں اور حقائق کو سمجھنے کے لئے کڑیاں ملانی پڑتی ہیں۔

متن:

”روح کے اندر سے عشق کی وجہ سے ایک نعرہ بلند ہوا۔ یعنی کوہِ قاف کی بلندیوں سے عشق کا عنقا بر آمد ہوا۔

تشریح:

جو چیز بظاہر نا ممکن ہے وہ عشق کے ذریعے سے ممکن ہوئی۔

متن:

فقر نے اپنا سینہ پاک دلوں کے لئے کشادہ کیا ہے۔ کوہِ طور کے پیٹ میں عشق کے طنطنے دیکھ لو۔ عشق نے نیچی آواز سے آواز بلند کر کے نعرہ لگایا۔

تشریح:

”نیچی آواز سے نعرہ لگایا“ کا مطلب یہ ہے کہ اپنے آپ کو فنا کر کے دکھایا۔ عاشق اپنے آپ کو فانی کرتا ہے، وہ اپنے آپ کو ظاہر نہیں کرتا۔

حضرت مولانا عبد الکریم صاحب رحمۃ اللہ علیہ، حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کے مجازِ صحبت تھے، وہ فرماتے ہیں: حضرت مولانا فقیر محمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ (جو حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کے مجازِ بیعت تھے) گرمیوں میں حضرت کو پنکھا جھلتے تھے۔ وہ پنکھا بوری کا ہوتا تھا۔ میں نے ایسا پنکھا دیکھا ہے۔ رسی کے ساتھ ایک بہت بڑی بوری لگی ہوتی تھی اور ایک جھولا سا بنا ہوتا تھا، اس کے ساتھ بوری لٹکی رہتی تھی اور اس کا جو دھونک تھا اس کے ساتھ رسی ہوتی تھی۔ اس رسی کو ہلایا جاتا تھا تو پورے کمرے میں ہوا چلتی تھی۔ اس رسی کو ہلانے والا آدمی کمرے سے باہر کھڑا ہوتا تھا۔ باہر سے مراد یہ ہے کہ باہر کی ہوا میں ایک آدمی بیٹھا رسی کو آگے پیچھے کر رہا ہوتا اور اندر والا آرام سے سو رہا ہوتا تھا۔ گھروں میں اس قسم کی چیزیں ہوا کرتی تھیں۔ ضرورت ایجاد کی ماں ہے۔ لوگ اپنے مسائل حل کر لیتے ہیں۔ اُس وقت لوگ مسائل کو اس طرح حل کر لیتے تھے۔

بہرحال حضرت مولانا عبد الکریم رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ گرمیوں کے موسم میں دوپہر کے دوران سارا وقت مولانا فقیر محمد صاحب بیٹھ کر پنکھا جھلتے رہتے اور جس وقت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کے اٹھنے کا وقت آتا تھا اس وقت ہم لوگ آ کر مولانا فقیر محمد سے وہ پنکھا لے لیتے تھے۔ مولانا وہ پنکھا انہیں دے دیتے تھے اور اس بات کی پروا نہیں کرتے تھے کہ سارا وقت تو میں نے پنکھا جھلا ہے اور اب آخری وقت میں تم لے رہے ہو۔ حضرت مولانا عبد الکریم فرماتے ہیں کہ انہوں نے کبھی یہ اعتراض نہیں کیا۔ جب بھی ہم نے پنکھا لینا چاہا انہوں نے دے دیا۔ اس اخلاص کی برکت دیکھو کہ ہم کیا ہیں اور وہ کیا ہیں۔

یہی تو بات ہے کہ عشق اپنے آپ کو فنا کرتا ہے، اس میں خود غرضی نہیں ہوتی، اس میں اظہار نہیں ہوتا۔ ذرا غور کریں کہ جب انسان کی انسان کے ساتھ محبت کا یہ حال ہے تو جو محبت اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہو گی، اس کا کیا حال ہو گا۔ اندر ہی اندر بڑی کڑیاں مل رہی ہیں۔ میں کچھ عمل کر کے اس کو یاد رکھوں کہ میں نے یہ عمل کیا ہے اور دوسرا شخص عمل کر کے اس کو بھول جاتا ہے کہ میں نے کچھ کیا ہے، اس کو کچھ سمجھتا ہی نہیں بلکہ اگر کوئی اسے بتا دے کہ تو نے یہ عمل کیا ہے تو وہ اس پہ شرمندہ ہوتا ہے کہ میں نے یہ کیا کیا ہے۔ بتائیے دونوں میں فرق ہو گا یا نہیں۔ ضرور ہو گا۔

آپ ﷺ ایک صحابی کے گھر کے پاس سے گزرے، پکا گھر تھا۔ پوچھا: یہ کس کا گھر ہے؟ عرض کیا گیا کہ یہ فلاں کا گھر ہے۔ بعد میں جب وہ صحابی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ ﷺ ان کی طرف نظرِ التفات نہیں فرما رہے تھے۔ وہ قصداً حضور ﷺ کے سامنے آ گئے کہ شاید آپ ﷺ کو نظر نہ آیا ہو۔ یہ بھی محبت کے عجیب انداز ہوتے ہیں۔ حضور ﷺ نے اس طرف سے بھی منہ موڑ لیا۔ پھر وہ دوسری طرف گئے تو وہاں سے بھی چہرہ موڑ لیا۔ اس سے انہیں پتا چل گیا کہ یہ تو قصداً ہو رہا ہے۔ اب عاشق کے لئے تو یہ بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔ وہ بہت پریشان ہو گئے۔ اپنے دوست صحابہ سے پوچھا: کیا میرے متعلق کوئی خاص واقعہ ہوا ہے، کیا کوئی بات آپ ﷺ کو پتا چلی ہے کہ اس طرح ناراضگی کا اظہار فرما رہے ہیں۔ کسی نے بتایا کہ آپ کے گھر کے پاس سے گزرے تھے اور اس طرح بات ہوئی تھی۔ انہوں نے فوراً جا کر اس گھر کو گرا دیا اور آپ ﷺ کو بتایا بھی نہیں کہ میں نے یہ کیا ہے۔ یہ ہے ایثار۔ آج کل کے لوگوں کو دیکھیں کہ تھوڑی سی بات ہو تو وہ آ کر بڑے جوش سے اطلاع دیں گے کہ حضرت میں نے یہ کر لیا۔ خیر ان صحابی نے از خود نہیں بتایا، بعد میں کسی وقت آپ ﷺ وہاں سے گزرے تو دیکھا کہ وہ گھر نہیں تھا۔ پوچھنے پر معلوم ہوا کہ اسے گرا دیا گیا ہے۔ تب آپ ﷺ نے فرمایا: ہاں پختہ گھر انسان کے اوپر بوجھ ہی ہوتا ہے۔

ایک بات عرض کرتا چلوں کہ آپ ﷺ کے نظامِ تربیت اور ہمارے نظام تربیت میں بہت زیادہ فرق ہے۔ یہ فرق حالات کی وجہ سے ہے۔ ہم کئی کام آج کل کے حالات میں ویسے کر ہی نہیں سکتے۔ دیکھیں، ایک مینار بن رہا ہو، اس کی ابتدا بن رہی ہو تو اس کا انداز کیسا ہو گا اور جب اس کی انتہا بن رہی ہو گی تب اس کا نقشہ کیسا ہو گا۔ دونوں کا طریقہ ایک جیسا نہیں ہو سکتا۔

آج کل اگر ہم کسی کے ساتھ ایسا کر لیں (جیسا نبی کریم ﷺ نے اس صحابی کے ساتھ معاملہ فرمایا) اور ہم نے اسے پہلے اس کے لئے تیار بھی نہ کیا ہو، اس مقام تک نہ پہنچایا ہو، تو ایسا کرنے سے اس کی اصلاح نہیں ہو گی، یہ بالکل توڑنے والی بات ہو گی بلکہ ہو سکتا ہے کہ وہ ہمارے بارے میں الٹی سیدھی باتیں مشہور کرنا شروع کر دے۔ لہٰذا اس بات کو سمجھنا چاہئے کہ وہ معاملہ اور تھا، ہمارا معاملہ اور ہے۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اپنے بارے میں جو فیصلے ہوتے تھے یا حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے جو فیصلے ان کے اپنے بارے میں ہوتے تھے وہ ان کا معاملہ تھا۔ کہاں ہم اور کہاں وہ۔ چہ نسبت خاک را با عالمِ پاک ’’بھلا مٹی کو عالمِ پاک کے ساتھ کیا نسبت ہے۔‘‘ لہٰذا وہ معاملہ اور تھا۔ ایسی فقر کی بات آج کل کسی کو نہیں بتائی جا سکتی۔ ہم ساری عمر یہ باتیں بولتے رہیں اور لوگ اس پہ ناراض نہ ہوں تو یہ بھی غنیمت ہے، ماننے والی بات تو بڑا مشکل کام ہے۔

بہرحال میں یہ عرض کر رہا ہوں کہ عشق ایثار پیدا کرتا ہے۔ عقل خام حالت میں ہے، خود غرضی پیدا کرتی ہے۔ اگر عقل کو دو چیزیں مل جائیں ایک بنیاد اور دوسری ایثار، تو عقل کی اصلاح ہو جائے گی۔ بنیاد یہ ہے کہ عقل کی معلومات کے حصول کا ذریعہ و ماخذ قرآن و سنت ہو۔ جب ایسا ہو گا تو وہ الگ طریقے سے سوچنا شروع کرے گی، پھر اس کا رخ الگ ہو گا۔ دوسری چیز ایثار ہے۔ ایثار اس طرح آ سکتا ہے کہ عقل عشق کی خادم بن جائے۔ چونکہ عشق ایثار والا ہے، جب عقل عشق کی خادم بن جائے گی تو یہ بھی ایثار کے بارے میں سوچے گی، ایثار کے لئے سارے کام کرے گی اور اپنے آپ کو فنا کرنے کے لئے سارے کام کرے گی۔

اس لئے حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے عشق کے بارے میں یہ باتیں فرمائیں۔ آگے یہ آ رہا ہے کہ اس سب پہ کیا ملے گا۔ یہ مختصر سا پیرا گراف ہے لیکن دیکھئے گا کہ اس کے اندر کیا کیا موجود ہے۔

متن:

پس اے میرے پیارے! لیلیٰ کا جمال مجنون کے عشق سے کہتا ہے کہ اے مجنون کے عشق! اگر میں غمزہ کروں۔

تشریح:

یعنی میں نظر کر لوں، کوئی اشارہ کر لوں۔

متن:

تو لاکھوں مجنون صفت لوگ بے ہوش ہو جائیں گے۔

تشریح:

صرف ایک اشارے کی دیر ہے۔ مطلب یہ ہے کہ یہ کام صرف تُو نہیں کر رہا۔ مانا کہ تو عاشق ہے، لیکن میرے حسن کا عالَم یہ ہے کہ اگر ایک اشارہ کر دوں تو ایک طوفان بن جائے گا، صرف اشارہ کرنے کی دیر ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ بات بالکل درست ہے کیونکہ جمال ہی ایسا ہے تو اس کا اثر بھی ایسا ہی ہو گا۔

متن:

اور ہمارے غمزے، اور آنکھ کے اشارے کے شہید ہو جائیں گے، تو مجنون کا عشق بھی جواب میں کہتا ہے۔

تشریح:

سبحان اللہ! مجنون اپنی فنائیت کے کمال کو پیش کرتا ہے۔ اپنے کچھ نہ ہونے کو بنیاد بناتا ہے۔ کیا خوب بات ہے کہ اپنے کچھ نہ ہونے کو بنیاد بناتا ہے۔

متن:

اگرچہ تمہارا غمزہ مجنون کو فنا کرتا ہے، مگر تمہارا وصال و لطف اُس کو عالمِ بقا تک پہنچاتا ہے۔

تشریح:

یہ فنائیت یوں ہی نہیں ہے، اس کے پیچھے بہت بڑی کامیابی ہے۔ اس کی مثال Chemical reaction (کیمیائی عمل) جیسی ہے۔ کیمیائی عمل میں جب ہم ایک چیز کو فنا کرتے ہیں تو اس سے دوسری چیز بنتی ہے۔ اگر وہ چیز بہت زیادہ قیمتی ہو تو اس کے لئے پہلی کا فنا ہونا کوئی نقصان نہیں ہے۔ اسی طرح ایک فنائیت نفس کے لئے ہوتی ہے، وہ تو ایسے ہی ہے جیسے آپ کسی چیز کو جلا کر خاک کر دیں، اس کا کوئی فائدہ نہیں سوائے اس کے کہ اس کی راکھ بن گئی۔ اور ایک فنائیت اللہ کے لئے ہے، جسے فنا فی اللہ کہتے ہیں۔ یہ فنا ایسے ہے جیسے Chemical reaction ہوتا ہے کہ اس سے بہترین چیز وجود میں آ جاتی ہے۔ پہلی چیز کا فنا ہونا دوسری چیز کے حصول کا ذریعہ بن جاتا ہے۔ حضرت یہی فرما رہے ہیں:

متن:

کہ اگرچہ تمہارا غمزہ مجنون کو فنا کرتا ہے، مگر تمہارا وصال و لطف اُس کو عالمِ بقا تک پہنچاتا ہے۔ اور ہر گھڑی اور ہر آن اُس کو مقام ارفع و اعلیٰ میں نوازتا ہے۔

تشریح:

حضرت خواجہ بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ اس شعر کو سنتے سنتے شہید ہو گئے تھے۔

کشتگانِ خنجر تسلیم را

ہر زماں از غیب جانِ دیگر است

یعنی تیرے عشق کی تلوار سے جس کی جان چلی جائے اسے ہر وقت ایک نئی جان ملا کرتی ہے۔ جیسے جیسے ادھر فنا ہوتی ہے، دوسری جانب بقا ملتی جاتی ہے۔ ہر زماں از غیب جان دیگر است۔ غیب سے اس کو نئی جان عطا ہو رہی ہوتی ہے۔

تیرے پاس کوئی چیز ہے، اگر تو نے اس کو اپنا (ذاتی کمال) سمجھا اور ایسا سمجھنے کی وجہ سے اس کو پیش نہ کر سکا تو یہ بھی ایک action (عمل) ہے، یہ بھی ایک حرکت ہے، ایک کام ہے۔ لیکن اگر تو نے اس کو اِس تناظر میں دیکھا کہ یہ دیا کس نے ہے، وہ کیسا ہے اور میں کیا ہوں، میری کیا حیثیت ہے، یہ سمجھ کر اُس کی رضا کے لئے قربان کر دیا۔ اب اللہ تعالیٰ ان سب معاملات کو دیکھ رہا ہے۔ تو نے اپنی جان کو اللہ کے لئے فنا کیا، اگر یہ کام نفس کے لئے ہوتا تو اس کی کوئی حیثیت نہیں تھی لیکن اب چونکہ یہ اللہ کے لئے ہے اس لئے اس کی نسبت اُتنی ہی اونچی ہو گئی جتنا اُونچا وہ خود ہے۔ لہذا اب یہ جان معمولی جان نہیں ہے بلکہ اس نسبت کی وجہ سے یہ بہت بڑی جان بن گئی ہے۔ یہاں پر یہی بات ہو رہی ہے کہ جب اس فنائیت کو محبوب قبول کر لے تو جو بقا حاصل ہوتی ہے اس بقا کی کوئی پیمائش نہیں کی جا سکتی۔ فرماتے ہیں:

متن:

وصل تو گنج ست پنہاں ہم از خود

ہر کہ فانی شد ز خود مردانہ است

گو مرا در عشق خود فانی کنی

باقیت ہر جان خود شکرانہ است

”تمہارا وصال ایک ایسا خزانہ ہے جو کہ خود ہم سے بھی پوشیدہ ہے۔ جو کوئی عشق میں فانی ہوا وہ مرد ہے۔ اگر تم مجھے اپنے عشق میں فانی کرو گے تو ہماری جان اس نوازش عالی کے لئے شکرانہ ہے“۔

تشریح:

یہ تو صرف شکرانہ کے طور پہ عشق کر رہا ہے۔

متن:

پس اے برادرِ عزیز! عشق کا متوالا بنا رہ کہ عشق کے محرم لوگ خود جانتے ہیں کہ عشق کی ایک حالت ہوتی ہے۔ نا اہل لوگوں کے لئے عشق ملامت اور بیماری کا سبب ہوتا ہے۔ عشق کی خلعتِ فاخرہ ہر کسی کو نہیں پہنائی جاتی، نا مردوں اور مخنث ہیجڑوں کا عشق سے کیا واسطہ۔

تشریح:

ہم لوگوں کو نہ اس بات کی سمجھ آ سکتی ہے نہ ہی ہم اس کے سمجھنے کے اہل ہیں۔ حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ ایسے مواقع پر ایک شعر ارشاد فرمایا کرتے تھے کہ

با مدعی مگوید اسرارِ عشق و مستی

جو ڈینگیں مارنے والا ہے، انکار کرنے والا ہے اس کے سامنے عشق و مستی کے اسرار نہ بیان کیا کرو۔ منکر کے لئے اتنی سزا کافی ہے کہ وہ اس سے محروم ہے۔ وہ اس بات کو سمجھنے کا اہل ہی نہیں ہے لہذا اس کے سامنے یہ باتیں نہ بیان کیا کرو۔ وہ ان باتوں کی قدر نہیں کر سکتے انہیں ان باتوں کا ذوق ہی نہیں ہے۔ یہاں پر حضرت نے بھی گویا یہی فرمایا ہے کہ ہر ایک ان باتوں کو نہیں سمجھے گا یہ باتیں ہر ایک سامنے بیان کرنے کی نہیں ہیں۔

متن:

بیت:

؎ تا نباشد ہم چوں موسیٰ عاشقے

ہر عصا در دست ثعبان کے شود

در کف گل کاںچ وجود آدمی ست

آنچناں خورشید پنہاں کے شود

تشریح:

ہمارے حضرات بڑے اعلیٰ ذوق کے ہیں، کیسے کیسے اشعار کہاں کہاں سے لا رہے ہیں۔ صحیح بات ہے کہ ہمیں بھی معلوم نہیں تھا کہ ہمارے اکابر ایسے با ذوق حضرات تھے۔

متن:

”اگر حضرت موسیٰ علیہ السلام کی طرح عاشق نہ ہو تو ہر عصا اور چھڑی ہاتھ میں کب سانپ بن جاتی ہے۔ اس مٹھی بھر خاک میں جو کہ انسان کا وجود اور جسم ہے۔ اس طرح کا سورج کب اور کیسے چھپا اور پوشیدہ ہو جاتا ہے؟“

پس اے برادرِ عزیز! جو عشق کرنے کے قابل ہے وہ اعلیٰ مقام کے قابل ہوتا ہے اور جو کوئی عشق کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا، وہ مقامِ عزت میں پذیرائی حاصل نہیں کر سکتا۔

تشریح:

واقعتاً ایسا ہی ہوتا ہے (کہ جو عشق کرنے کا اہل نہیں ہوتا وہ ان باتوں کو نہیں سمجھ سکتا) ایک اللہ والے تھے، بڑے کھاتے پیتے خاندان سے تعلق رکھتے تھے، مولوی بن گئے تھے، ان کے خاندان میں زیادہ تر لوگ جرنیل، بریگیڈیئر، جج، انجینئر اور پروفیسر تھے۔ یہ سارے حضرات ایک تقریب میں اکٹھے ہو گئے۔ خاندان کی تقریب تھی۔ اشاروں اشاروں میں منصوبہ بن گیا کہ اس (مولوی صاحب) کو تنگ کرنا ہے۔ جنرل صاحب سے پوچھا کہ آپ کی کیا privileges (مراعات) ہیں؟ جنرل صاحب نے اپنی مراعات بتائیں کہ تنخواہ ہے، کار ہے کوٹھی ہے، ریٹائرمنٹ پر اتنے پلاٹ ملیں گے، یہ ہو جائے گا وہ ہو جائے گا، ساری ترتیب بتا دی۔ انجنیئر صاحب سے پوچھا گیا، اس نے اپنی مراعات بتا دیں۔ پروفیسر سے پوچھا گیا، پروفیسر نے اپنی بتا دیں، جج صاحبان نے اپنی بتا دیں۔ جس کے لئے یہ پورا کھیل تیار ہو رہا تھا اخیر میں اس سے پوچھا کہ جی حضور آپ کی کیا مراعات ہیں؟ اس نے ذرا مریل سی آواز میں کہا: میری تنخواہ ابھی شروع نہیں ہوئی مجھے فی الحال گذارا الاؤنس ملتا ہے، میری تنخواہ موت کے بعد شروع ہو گی۔

یہاں بھی یہی بات ہے۔ ایسے لوگوں کو ان کی بات کہاں سمجھ آ سکتی ہے؟ اگر سمجھ آتی تو وہ بھی ایسے نہ ہوتے؟ یہ ایمان بالغیب کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں اور وہ جو مشاہدہ کے غلام ہیں بھلا اُن کو یہ چیزیں کیسے سمجھ آ سکتی ہیں؟ وہ تو مشاہدہ کی بنا پر ہی فیصلہ کریں گے، ان کو فوری نتیجہ چاہئے۔

ہمارے ایک ساتھی تھے جو انجینئرنگ کالج میں سٹوڈنٹ تھے۔ سٹوڈنٹ الیکشن ہو رہا تھا۔ اس نے کہا: اگر سلائیڈ رول دو گے تو ہم آپ کو ووٹ دیں گے۔ میں بڑا حیران ہوا کہ یہ کیا کہہ رہا ہے۔ ووٹ بیچنا، یہ تو کم از کم میری سمجھ میں نہیں آتا۔ اس نے بڑی ڈھٹائی سے کہا کہ ان لوگوں نے بعد میں ہمارے لئے کیا کرنا ہے، ابھی جو لینا ہے لے لو بعد میں انہوں نے ہمارے لئے کون سا پہاڑ کھودنا ہے؟ بات تو اس کی بھی غلط نہیں تھی۔ اس لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو وہ لوگ جو مشاہدہ کے غلام ہیں، انہوں نے بھی آخرت کے لئے کچھ کرنا تو نہیں، کیونکہ انہیں فوری نتیجہ چاہئے۔ جو فوری نتیجہ چاہے گا اس کو یہ باتیں سمجھ نہیں آئیں گی۔ فوری نتیجہ موجودہ سسٹم میں ہوتا ہے، دنیا کے اندر ہوتا ہے، لہٰذا فوری نتیجہ چاہنے والوں کو آخرت کی باتیں سمجھ ہی نہیں آ سکتیں، وہ ان کا domain (شعبہ) ہی نہیں ہے، اس پہ تو وہ سوچ ہی نہیں رہے۔ اگر آپ کوئی ایسی بات کریں گے تو وہ کہیں گے یہ کون سی باتیں کر رہے ہو۔ یہ باتیں ان کی سمجھ سے بالاتر ہیں۔

متن:

چنانچہ ایک بزرگ نے نہایت اچھی بات فرمائی ہے کہ اے عاجز! اگر تو عشق کرنے کا خیال اور حوصلہ نہیں رکھتا، پس نادانی اور حماقت اختیار کر، کیونکہ ”أَکْثَرُ أَهْلِ الْجَنَّۃِ بُلْہٌ“ (إحیاء العلوم، ربع المھلکات، بیان معنی النفس و الروح و القلب و العقل، رقم الصفحۃ: 23/3، دار المعرفۃ، بیروت) ”جنت والوں میں اکثریت نادانوں کی ہے“

تشریح:

مطلب یہ ہے کہ پھر اس طرح کرو کہ اپنے ذہن سے کام ہی نہ لو، بس جو تمہیں بتایا جائے اس پہ عمل کرو۔ پہلے صحیح شخص کو تلاش کر لو پھر جو بھی وہ بتائے اس پہ عمل کرو۔ ایک بات عرض کرتا ہوں، بڑی عجیب بات ہے، اللہ تعالیٰ سمجھنے کی توفیق نصیب فرمائے اور غالباً یہ نکتہ پہلی دفعہ آ رہا ہے۔ دیکھئے ایک شخص میں سمجھ ہے اور ایک میں سمجھ نہیں ہے۔ جس میں سمجھ ہے اسے دونوں چیزیں نظر آ رہی ہیں اور محسوس ہو رہی ہیں۔ وہ ایک چیز پر فیصلہ کر رہا ہے اور بلند مقام پر جا رہا ہے۔ دوسرے شخص میں اتنی سمجھ نہیں ہے کہ اسے چیزیں نظر آ سکیں اور محسوس ہو سکیں لیکن اس کے اندر اتنی سمجھ ہے کہ اس نے سمجھ دار لوگوں کا دامن پکڑ لیا ہے اور جو وہ اسے کہتے ہیں، کئے جا رہا ہے۔ اب جن لوگوں کو یہ دونوں چیزیں حاصل ہیں ان کا مقام یقیناً بہت اوپر ہے لیکن اس میں خطرہ بھی ہے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے پوچھا گیا کہ اگر آپ کو اختیار دیا جاتا کہ آپ بچپن میں فوت ہونا چاہیں، آپ کو بچپن میں وفات دے دی جائے اور یقینی طور پر جنت میں داخل کر دیا جائے، یا پھر جوانی میں موت دی جائے لیکن دونوں باتوں کا احتمال ہو، جنتی بھی ہو سکتے ہوں دوزخی بھی ہو سکتے ہوں، تو آپ کس چیز کو اختیار کریں گے؟ حضرت نے فرمایا دوسری چیز کو اختیار کروں گا۔ دوسری صورت ہے تو مشکل، لیکن اعلیٰ مقام تو اسی کے ساتھ حاصل ہو گا۔ سادہ لوگ یقیناً جنت جائیں گے اور وہ کثیر تعداد میں ہوں گے کیونکہ زیادہ لوگ اپنی عقل اور بصیرت کے لحاظ سے تو اس مقام تک پہنچ نہیں سکتے، یہ بڑا مشکل ہے، اس میں دونوں چیزیں ساتھ ساتھ ہوتی ہیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ زیادہ محفوظ تو وہی لوگ ہیں لیکن اعلیٰ مقام ان کا ہے جو خود چیزوں کو محسوس کر سکتے ہیں۔ لہٰذا یہ تھوڑے ہوں گے اور وہ زیادہ ہوں گے۔ اب دیکھو امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ بھی ان شاء اللہ جنتی ہیں، اسی طرح سادہ لوگ بھی بہت سارے جنتی ہوں گے لیکن اعلیٰ درجہ تو انہی کا ہے جن کی پوری زندگی باقاعدہ ایک اونچے علمی مقام کے ساتھ وابستہ رہ کر فنائیت والے حال میں گزری ہے، جبکہ دوسرے لوگوں کا درجہ اِن جیسا تو نہیں ہے لیکن بہرحال وہ محفوظ ہیں۔ اس وجہ سے دونوں میں فرق بھی لازمی ہو گا۔

حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی برکت سے آج یہ بات سمجھ میں آ گئی ہے، ورنہ صحیح بات یہ ہے کہ بہت عرصہ تک میرے ذہن میں اس کا مطلب واضح نہیں تھا، حدیث شریف بھی ذہن میں ہوتی تھی کہ فقہاء کا مقام زیادہ ہوتا ہے، لیکن آج حضرت کی برکت سے یہ چیز واضح ہو گئی۔ فرمایا:

متن:

اے عاجز! اگر تو عشق کرنے کا خیال اور حوصلہ نہیں رکھتا، پس نادانی اور حماقت اختیار کر، کیونکہ ”أَکْثَرُ أَهْلِ الْجَنَّۃِ بُلْہٌ“ (إحیاء العلوم، ربع المھلکات، بیان معنی النفس و الروح و القلب و العقل، رقم الصفحۃ: 23/3، دار المعرفۃ، بیروت) ”جنت والوں میں اکثریت نادانوں کی ہے۔“

جنت طلب کرنے والے کو سرور عالم سید الکونین ﷺ نے ابلہ اور نادان کہا ہے۔ بھلا جو کوئی کہ دُر و گوہر اور لعل و جواہرات کے لئے لایا گیا ہے وہ خرمروں اور کوڑیوں پر قناعت کرے، آخر اس سے بڑی نادانی کیا ہو سکتی ہے؟ ابیات: ؎

حضرت حق ہست دریائے قدیم

قطرۂ خورد است جنات النعیم

چوں بدریا مے توانی راہ یافت

سوئے یک شبنم چرا باید شتافت

”اللہ تعالیٰ جل شانہٗ ایک عظیم و قدیم سمندر ہے، اور جنات النعیم اور ساری جنتیں اُس کے آگے ایک چھوٹا سا قطرۂ آب ہے۔ جب تم دریا کے پاس جا سکتے ہو، تو شبنم کے ایک قطرے کے لئے کیوں دوڑ دھوپ میں لگے ہو؟“

ہر کہ داند گفت با خورشید راز

کے تواند ماند با یک ذرہ باز

ہر کہ کل شد ذرہ را با اوچہ کار

چونکہ جان شد عضو را با اوچہ کار

”جو کوئی سورج کو اپنا راز داں بنا کر اپنا راز کہہ سکتا ہے تو اس کو ایک ذرہ کو بیان کرنے کی کیا ضرورت ہے؟

جو کوئی ”کُل“ ہو جائے تو ذرے کا اُس سے کیا کام؟ اور جب جان ہو جائے تو ایک عضو کا اس سے کیا واسطہ؟“

تشریح:

یہ حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات آپس میں مل رہی ہیں۔ حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ نے جو صفات کے اندر فنائیت اور ذات کے اندر فنائیت والی بات فرمائی ہے وہ یہی چیز ہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ کسی صفت میں فنا ہونا اور ہے، ذات میں فنا ہونا اور ہے۔ شیونات میں فنا ہونا اور ہے، صفات میں فنا ہونا اور ہے۔ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جو یہ بات بیان فرمائی کہ جو کوئی سورج کو راز دان بنا کر اپنا راز کہہ سکتا ہے تو اسے ایک ذرہ کو بیان کرنے کی کیا ضرورت ہے، کوئی کُل ہو جائے تو ذرہ کو اس سے کیا کام، اور جب جان ہو جائے تو ایک عضو کا اس سے کیا واسطہ۔ تو یہ وہی بات ہے جو حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ نے دوسرے انداز میں بیان فرمائی ہے۔

متن:

اے پیارے بھائی! جنت کی طلب میں ایک دنیا اُمنڈ آئی ہے اور ایک آدمی بھی عشق کا خواہاں نظر نہیں آتا، یہ اس لئے کہ جنت نفس اور دل کی خواہش کا مقام ہے اور عشق روح کی جائے قیام ہے۔

حقیقت میں ہزاروں لوگ خرمرہ اور کوڑی کے خواہاں ہیں، مگر ایک آدمی بھی دُر و گوہر کا طلب گار نہیں۔ کیونکہ عشق تو جان کے وصال کا واسطہ اور ذریعہ ہے اور ہر کس و نا کس کو اس کی ہمت کیونکر ہو سکتی ہے۔

تشریح:

پس پتا چلا کہ اللہ جل شانہ چونکہ اپنی مخلوق کو دینے کے لئے اپنی شان سے بہت نیچے کلام فرماتا ہے تاکہ مخلوق کو سمجھ آ جائے، اگر اللہ پاک اپنی شان کے مطابق کلام فرمائے تو کسی کو سمجھ ہی نہ آئے۔ لوگ اسی کلام کو حتمی اور آخر بات سمجھ لیتے ہیں حالانکہ کسی اور جگہ بڑی تفصیلات ہوتی ہیں۔

﴿وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰهِ﴾ (البقرہ: 165)

ترجمہ: ”اور جو لوگ ایمان لا چکے ہیں وہ اللہ ہی سے سب سے زیادہ محبت رکھتے ہیں“۔

﴿اَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰهِ﴾ ہے، ’’اَشَدُّ حُبًّا لِّلْجَنَّۃِ‘‘ تو نہیں ہے۔ لیکن پھر بھی ’’اَللّٰھُمَّ اِنّیِْ اَسْأَلُکَ الْجَنَّۃَ‘‘ کہو کیونکہ یہ حکم ہے۔ اس لئے دعویٰ نہ کرو لیکن دل میں ﴿وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰهِ﴾ رکھو اور مانگو وہی جس کا حکم ہے، حکم سمجھ کر مانگو مقصود سمجھ کر نہیں۔

متن:

مثنوی:

؎ عشق جمال جاناں دریائے آتشین است

گر عاشقی بسوزی زیرا کہ روئی ایں است

تور درہ چنانی زیر آنکه مردں را

اول قدم دریں ره بر چرخ هفتمین است

کار قوی ست عالی اندر رہ حقیقت

در ہر ہزار سالے یک مرد راہ بین است

تشریح:

علامہ اقبال کہتے ہیں کہ

ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے

بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا

متن:

”معشوق کے حُسن و جمال کی محبت آگ کا دریا ہے، اگر تم عاشق ہو تو تم ضرور جل اُٹھو گے، کیونکہ اُصول یہی ہے تم ایسے راہ رو ہو اور اس طرح کے راہرو مسافروں کا پہلا قدم ساتویں آسمان پر ہوتا ہے۔ راہِ حقیقت قوی اور عالی ظرف لوگوں کا کام ہے، اس لئے کہیں ہزاروں سالوں میں کوئی راہ شناس آدمی پیدا ہوتا ہے“

قَال النَّبِيُّ ﷺ: ”إِذا أَحَبَّ اللہُ عَبْدًا وَّ عَشِقَ عَلَیْہِ فَیَقُوْلُ اللہُ تَعَالیٰ عَبْدِيْ أَنْتَ عَاشِقِيْ وَ مُحِبِّيْ فَأَنَا عَاشِقٌ لَّکَ وَ مُحِبٌّ لَّکَ“ ”'اَللّٰھُمَّ ارْزُقْنَا'“ (شرح تمہیدات، رقم الصفحۃ: 198، طبع حیدر آباد دکن، سنہ 1364ھ) ”جب اللہ تعالیٰ اپنے بندہ کے ساتھ محبت اور عشق کرے تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اے میرے بندے! تم میرے عاشق اور محبت کرنے والے ہو، تو میں بھی تمہارا عاشق اور محبت کرنے والا ہوں۔ اے ہمارے خدا ہمیں یہ نصیب فرما۔“

اے میرے عزیز بھائی! عشق کی ابتدا میں شاہد و مشہود کا فرق ہوتا ہے، مگر جب انتہائے عشق ہوتی ہے، یعنی جب عشق انتہا کو پہنچ جاتا ہے، تو پھر فرق نہیں ہوتا۔

تشریح:

عاشق اپنے آپ کو گم کر دیتا ہے۔

متن:

یعنی جب عاشق و معشوق ایک ہو جاتا ہے تو شاہد مشہود ہو جاتا ہے۔

تشریح:

اللہ اکبر! حضرت کس خوبی سے سمجھاتے ہیں۔ یہاں بالکل دوسرے انداز سے سمجھا دیا۔ اگر ہم اس کو یاد رکھیں ’’مَنْ کَانَ لِلّٰہِ کَانَ اللّٰہُ لَہٗ‘‘ (جو اللہ کا ہو گیا اللہ اس کا ہو گیا) تو ہمیں یہ بات بخوبی سمجھ آ جائے گی۔ جب انسان عاشق ہوتا ہے تو اللہ معشوق ہوتا ہے جب ایک طرف سے عشق بڑھتا ہے تو دوسری طرف سے بھی عشق بڑھتا ہے۔ ہوتے ہوتے جب فنائیت کے عالم پر پہنچتا ہے تو عاشق معشوق ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ تو معشوق ابدی ہے ہی، اللہ تعالیٰ تو معشوق حقیقی ہے ہی، وہ تو اپنی طرف سے نہیں بدلے گا بلکہ یہ عاشق بدلے گا، یہ بدلتا رہا، بدلتا رہا یہاں تک کہ آخر میں معشوق کے ساتھ ایک ہو گیا۔ ایک ہونا اس معنی میں ہے کہ عاشق اور معشوق میں اب فرق نہیں رہا۔ پہلے یہ فرق تھا کہ بندہ عاشق تھا اور اللہ معشوق تھے، بندہ عشق میں بڑھتے بڑھتے یہاں تک پہنچ گیا کہ معشوق ہو گیا، جبکہ اللہ پاک پہلے بھی معشوق تھے آئندہ بھی معشوق رہیں گے۔ اس کی معشوقیت ختم نہیں ہو گی۔ ہاں اب یہ فرق ہے کہ بندہ بھی معشوق ہے اور اللہ بھی معشوق ہے۔ ایک ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ (نعوذ باللہ من ذلک) بندہ خدا بن جاتا ہے۔ یہی وہ بات ہے جو لوگوں کو سمجھ نہیں آتی تو پریشان ہو جاتے ہیں۔ حالانکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو کچھ ہمارے پاس ہے جب اس کو ہم فنا کرتے ہیں، اور اللہ پاک اس فنائیت کی وجہ سے بندے کو قبول فرماتے ہیں تو پھر بندہ وہ نہیں رہتا جو پہلے تھا بلکہ اب تو وہ فانی بھی نہیں رہتا بلکہ باقی باللہ ہو جاتا ہے۔ پہلے عاشق تھا اب معشوق ہو گیا، پہلے شاہد تھا اب مشہود ہو گیا اور پہلے فانی تھا اب باقی باللہ ہو گیا۔

من تو شُدم تو من شُدی، من تَن شُدم تو جاں شُدی

تا کس نہ گوید بعد ازیں، من دیگرم تو دیگری (امیر خسروؒ)

ایک ہونے کا یہ مطلب ہوتا ہے کہ یگانگی اور اتحاد کا کمال حاصل ہو جاتا ہے۔

آج الحمد للہ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی برکت سے انتہائی مشکل مضمون بہت آسانی کے ساتھ حل ہو گیا۔ الحمد للہ علی ذلک! یہ اللہ پاک کا فضل ہوتا ہے کہ ایسے علوم عطا فرما دیتے ہیں ورنہ صحیح بات ہے کہ ہمارے حالات کے لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو اس کا عطا ہونا کوئی آسان بات نہیں ہے۔ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ چونکہ نسبی لحاظ سے ہمارے بڑے ہیں اس لئے الحمد للہ، ان کی برکت سے اللہ تعالیٰ یہ علوم نصیب فرما رہے ہیں۔

متن:

پس اللہ تعالیٰ کے ساتھ محبت کرنے والوں کا مذہب و ملت کیا اور کون سا ہوتا ہے؟ یعنی اللہ تعالیٰ کے ساتھ محبت کرنے والے امام ابو حنیفہ و امام شافعی رحمہا اللہ کے مذہب و ملت پر نہیں ہوتے، بلکہ اللہ تعالیٰ کے عشق کے مذہب و ملت پر ہوتے ہیں۔

تشریح:

جیسے میں نے عرض کیا کہ جنت مانگو، کیونکہ اس کا حکم ہے۔ محبوب کی رضا جس میں ہو اس پہ دل و جان سے ہم راضی ہیں۔ لیکن جنت مانگنے سے ہمارا مقصود کیا ہے؟ آیا ہم جنت مانگ رہے ہیں یا جنت والے کو مانگ رہے ہیں، یہ ہر شخص کی اپنی اندر کی ایک بات ہے جو اللہ کو پتا ہوتی ہے۔ ذرا غور کریں کہ ہمیں حکم ہے جنت مانگنے کا، اس لئے مانگنی تو ہے۔ لیکن یہ دیکھا جائے گا کہ جو اس حکم پہ عمل کر رہا ہے وہ کس جذبہ سے کر رہا ہے، بظاہر تو منہ سے نکلتا ہے: ’’اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ الْجَنَّۃَ‘‘ لیکن حقیقت میں یہ ہوتا ہے: ’’اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ مَالِکَ الْجَنَّۃِ‘‘۔ ؎

نہ آہ چاہتا ہوں نہ واہ چاہتا ہوں

خدا کے لئے میں خدا چاہتا ہوں

یہ عجیب مضامین ہیں۔

متن:

یعنی اللہ تعالیٰ کو دیکھتے ہیں۔

تشریح:

اگر کوئی اس کی تشریح نہ کرے تو پڑھنے والا نہ جانے کس طرف چلا جائے۔ حضرت کا مطلب یہ نہیں کہ غیر مقلد بن جاؤ نہ امام ابو حنیفہؒ کی مانو، نہ امام شافعیؒ کی مانو، بلکہ ان کا مطلب یہ ہے کہ فروعی باتوں میں تو ہم انہی کی پیروی کریں گے لیکن مقصود حنفیت یا شافعیت نہیں ہے۔ ہم تو اصل میں حنفیت میں بھی محمدیت مانگیں گے، شافعیت میں بھی محمدیت مانگیں گے، سب کی بات ایک ہے۔ یہ چیزیں دوسرے لوگوں کے لئے فرق کا باعث ہیں ہمارے لئے ان میں کوئی فرق نہیں ہے۔ جو حنفی ہیں وہ حنفیت میں محمدیت پہ چل رہے ہیں اور جو شافعی ہیں وہ شافعیت میں محمدیت پہ چل رہے ہیں اور محمدیت بعینہٖ للہیت ہے۔ ہم آپ ﷺ کو بھی تو اللہ کا فرستادہ سمجھتے ہیں، اللہ تعالیٰ کا پیغمبر کہتے ہیں: ”اَشْھَدُ اَنْ لَّآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَ اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُہٗ“۔ اگر ہم آپ ﷺ کو مانتے ہیں تو اللہ کے لئے مانتے ہیں اور اللہ جل شانہ کے بھیجے ہوئے مانتے ہیں، اللہ تعالیٰ تک پہنچانے والے مانتے ہیں، جیسا کہ رسول پاک ﷺ نے فرمایا: ”اِنَّمَا اَنَا قَاسِمٌ وَاللہُ یُعْطِیْ“ (بخاری شریف، حدیث نمبر: 71)

ترجمہ: ’’بے شک میں تقسیم کرنے والا ہوں اور اللہ پاک عطا فرمانے والے ہیں۔‘‘

لہذا ہم آپ ﷺ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے قاسم مانتے ہیں۔ ان سب باتوں کو دھیان میں رکھنا چاہئے۔ ایک دفعہ میں یہ بات عرض کر رہا تھا تو ایک بہت بڑے بزرگ نے فرمایا کہ یہی صحیح توحید ہے۔

مجھے بڑی حیرت ہوتی ہے کہ آپ ﷺ کے ساتھ محبت کرنے والا آپ ﷺ کی ذات پر رک کیسے جاتا ہے؟ آپ ﷺ کی ذات تو ہے ہی اس لئے کہ وہ اللہ سے ملا دے۔ نبی پاک ﷺ سے محبت کرنے والا اس مقصد کو کیسے چھوڑ دیتا ہے۔ آپ ﷺ کی ہر چیز کے ماننے میں ہی تو اللہ سے ملنا ہے۔ لہذا بنیاد کو تو ہم نہیں چھوڑیں گے۔ اس لئے ہم آپ ﷺ پہ رک نہیں رہے بلکہ آپ ﷺ کے ذریعے سے اللہ تک پہنچ رہے ہیں، جیسے ہم شیخ پہ نہیں رکتے، شیخ کے بعد فنا فی الرسول تک پہنچنا چاہتے ہیں اور فنا فی الرسول سے فنا فی اللہ تک پہنچنا چاہتے ہیں۔ یہ سب ذرائع ہیں اور ذرائع کو ذرائع سمجھنا چاہئے۔ یہ اللہ تک پہنچنا آپ ﷺ ہی کا مطلوب تھا، آپ ﷺ بھی یہی چاہتے تھے لہذا جو لوگ وہیں رک جائیں گے وہ آپ ﷺ کے حکم پہ نہیں چل رہے۔ آپ ﷺ جس مقصد کے لئے آئے تھے، وہ اس مقصد کو پورا نہیں کر رہے۔

لہٰذا یہاں پر بھی (امام ابوحنیفہ اور امام شافعی رحمۃ اللہ علیہما) پہ نہیں رکنا۔ یہ مقصد کے لحاظ سے بات کر رہا ہوں۔ بلا شبہ یہ حضرات ذریعہ ہیں، ذریعہ تو یہی ہے لیکن مقصد کے لحاظ سے ہم نے ان پہ نہیں رکنا۔ جیسے میں نے کہا کہ میں زبان سے تو یہ کہہ رہا ہوں: ’’اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ الْجَنَّۃَ‘‘ لیکن میرے دل میں کیا ہے؟ کیا میں اس سے اللہ کا طالب ہوں یا جنت کا طالب ہوں۔ دونوں ایک ہی بات کر رہے ہیں، جنت کا طالب بھی ’’اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ الْجَنَّۃَ‘‘ کہہ رہا ہے اور اللہ کا طالب بھی ’’اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ الْجَنَّۃَ‘‘ کہہ رہا ہے لیکن حقیقت اللہ کو معلوم ہے کہ وہ کیا طلب کر رہے ہیں۔ اسی طرح جو امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے طریقے پہ چل رہے ہیں یا امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کے طریقے پہ چل رہے ہیں وہ بھی وہاں نہیں رکتے بلکہ آگے محمدی ہونے کی طرف چلتے ہیں۔

متن:

بلکہ اللہ تعالیٰ کے عشق کے مذہب و ملت پر چلتے ہیں۔ اِس مذہب میں ان کو اللہ تعالیٰ کی لِقا حاصل ہوتی ہے۔ اور جب محمد رسُول اللہ ﷺ کو دیکھتے ہیں تو آپ ﷺ کی لِقا اُن کا ایمان بن جاتا ہے۔

تشریح:

تمام ایمان آپ ﷺ پر ایمان سے نکلے ہیں۔ اللہ پاک کی صفات بھی آپ ﷺ کی بتائی ہوئی ہیں، ہم اپنی طرف سے اللہ تعالیٰ کی صفات نہیں بیان کر سکتے۔ اللہ کی معرفت بھی آپ ﷺ کے ذریعے سے ہے، ہم آپ ﷺ کے ذریعے سے ہی اللہ تعالیٰ کو پہچان سکتے ہیں۔ ہمارے پاس کوئی اور راستہ ہے ہی نہیں۔ کیونکہ اللہ پاک نے نبی ﷺ کے سوا کسی کو بتایا ہی نہیں کہ میں ایسا ہوں۔ لہٰذا اگر ہم اللہ کو جانتے ہیں تو وہ آپ ﷺ کے ذریعے سے جانتے ہیں۔

متن:

اور جب ابلیس کو دیکھتے ہیں تو ان کا یہ کفر ہوتا ہے۔ محققین کے دین و ایمان اور کفر کا دار و مدار اس مشاہدہ پر ہوتا ہے، اور یہ بہت تھوڑا ہوتا ہے۔ وہ ان باتوں سے آگے نکلے ہوتے ہیں، اور اُن کو آگے نکل جانا چاہئے۔

اے میرے بھائی! دین و ایمان اور کفر کا مقصود محمد حسین کے کلمات تم پر یہ باتیں واضح کریں گے۔ اللہ تعالیٰ محمد حسین کے کلمات اُس شخص پر روشن کرے کہ معشوق کے خد و خال اور ابرو و زلفیں عاشق پر کیا (اثر) کرتے ہیں۔ تب تک تُو ہرگز یہ بات نہ جانے گا کہ خد و خال محمد ﷺ کے نور کے چہرے کے سوا نہیں۔ کیونکہ فرمایا گیا ہے کہ ”أَوَّلُ مَا خَلَقَ اللہُ نُوْرِيْ“ (بحار الأنوار للمجلسی، رقم الصفحۃ: 24/15، و ھو من کتب الشیعۃ) ”سب سے پہلے اللہ تعالیٰ نے میرے نور کی تخلیق فرمائی ہے“ یعنی نور احدیت کا جمال خد و خال نور احمدیت ہے، اور اگر دلیل چاہتے ہو، تو کلمہ کے جمال میں مشاہدہ کرو کہ ”لَا إِلٰہَ إِلَّا اللہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللہِ“ کیونکہ اگر کوئی کافر ایک ہزار سال بھی کلمۂ جمال بغیر خد و خال کے فہم کے پڑھے تو و اللہ وہ ہر گز مسلمان نہیں بن سکتا۔

تشریح:

یعنی محمد رسول اللہ ﷺکے ساتھ نہیں ہو گا تو وہ مسلمان نہیں ہو سکتا۔

متن:

اور جس کو خد و خال کا مشاہدہ قال (بولنے) پر آمادہ کرے، تو اس کی قال میں کمال درجہ کا حسن و جمال ظاہر ہوتا ہے۔

تشریح:

یہ محمد حسین کوئی شخص ہے جس نے یہ بات کی ہے، اس کی طرف اشارہ ہے۔

متن:

محمد حسین نے کہا ہے کہ چشم و ابرو کیا ہیں، عرش کے اوپر جو سیاہ رنگ کا نور ہے، میں نے اُس کا مشاہدہ قطب عالم کے مقام سے کیا ہے پس تو جان لے کہ وہ سیاہ نور محمد ﷺ کی آنکھوں اور ابرو کا نور ہے۔ مطلب یہ ہے کہ جو کوئی کہ شاہد و معشوق کو خد و خال اور زلف و ابرو اور آنکھوں سمیت مشاہدہ کرے تو لازمی بات ہے کہ وہ منصور کی طرح ”أَنَا الْحَقُّ“ اور بایزید کی طرح ”سُبْحَانِيْ“ کہہ ڈالے۔ جو اس حقیقت کو سمجھ ڈالیں تو وہ یہی کچھ کرتے ہیں۔ ابیات:

؎ آنرا کہ حیاتش ز بت دلبر نیست

از خال و خط و لب چوں شکر نیست

جان و دل او در ابروئے زلفتیں نیست

در ہر دو جہاں جز مشرک و کافر نیست

از کفر و بکفر رفتن باور نیست

زیر آنکہ جز او دیگر در خور نیست

”جس کی زندگی کا دار و مدار اپنے محبوب اور اس کے خط و خال اور شکر جیسے میٹھے ہونٹوں سے نہیں، اور جس کے دل و جان اپنے محبوب کی زلف و گیسو میں نہ ہوں تو دونوں جہانوں میں اُس سے بڑھ کر کوئی دوسرا مشرک اور کافر نہیں، کفر سے بڑھ کر مزید کفر پر جس کا یقین نہیں تو وہ دیکھ لے، کہ اُس کے سوا دوسرا کوئی اس کا لائق نہیں“

جو عاشق کمال اور انتہا کو پہنچ جائے تو وہ اللہ تعالیٰ کی کبریائی حجاب کے بغیر اور کسی مقام میں نہیں ہوتا، رسول اللہ ﷺ نے اس جماعت کے بارے میں رمزیہ طور پر فرمایا ہے، کہ ”لِيْ مَعَ اللہِ وَقْتٌ لَّا یَسَعُ فِیْہِ مَلَکٌ مُّقَرَّبٌ وَّ لَا نَبِيٌّ مُّرْسَلٌ“ (المقاصد الحسنۃ، رقم الحدیث: 926) ”اللہ تعالیٰ کے ہاں مجھے ایک وقت میسر ہوتا ہے کہ جس میں نہ کسی مقرب فرشتہ اور نہ کسی رسول پیغمبر کی گنجائش ہوتی ہے“ یہ وہ مقام ہے کہ نبی مرسل اور ملک مقرب کو بھی اس کی خبر نہیں۔

تشریح:

؎

میان عاشق و معشوق رمزیست

کراماً کاتبیں را ہم خبر نیست

یعنی عاشق و معشوق کے درمیان ایک وقت ایسا بھی ہوتا ہے کہ جس میں کراماً کاتبین کو بھی پتا نہیں ہوتا کہ کیا ہو رہا ہے۔

متن:

لیکن یہ بات اولیاء اللہ نہیں کہا کرتے، کیونکہ وہ اولیاء ہوتے ہیں (نبی نہیں ہوتے) وہ جو فرمایا گیا ہے کہ ”إِنِّيْ أَعْرِفُ رِجَالًا مِّنْ أُمَّتِيْ فِيْ لَیْلَۃِ الْمِعْرَاجِ مَنْزِلُتُھْمْ بِمَنْزِلَتِيْ عِنْدَ اللہِ تَعَالیٰ“ (لم أجد لھذا الحدیث أصلا) ”میں اپنی امت کے اُن آدمیوں کو پہچانتا ہوں، جن کی منزل اور مقام اللہ تعالیٰ کے نزدیک معراج کی رات میں میری منزل اور مقام کے برابر تھا“ اے برادر عزیز! عشق تمثیلی لباس رکھتا ہے اور اگر تمثیل نہ ہوتی تو سالک اور راہِ طریقت کے راہ رو کافر ہو جاتے۔ کیونکہ اگر ہر چیز کو مختلف اوقات میں ایک شکل پر ہی دیکھتا رہے تو اس سے انسان نفسیاتی طور پر سیر ہو جاتا ہے جو کہ باعثِ ملال ہوتا ہے۔ اور جب ہر لحظہ اور ہر آن جمال و حسن میں زیادتی اور اضافہ دیکھتا ہے تو عشق بھی زیادہ ہوتا رہتا ہے، دید کا اشتیاق اور ملاقات کا شوق مزید بڑھتا جاتا ہے۔ پس ”یُحِبُّھُمْ“ (اُن کے ساتھ محبت کرتا ہے، یعنی اللہ تعالیٰ اپنے اولیاء کے ساتھ محبت کرتا ہے) ہر وقت ایک تمثیل کا حامل ہوتا ہے، جو ”یُحِبُّوْنَہٗ“ کے ساتھ تعلق رکھتا ہے۔ اور اسی طرح ”یُحِبُّوْنَہٗ“ ؂1 بھی، پس اس حالت میں محبوب کو انتہائی کمال کے ساتھ کمال عشق و محبت اور پورے شوق کے ساتھ دیکھنا ہوتا ہے۔ ابیات:

؎ ہر روز بعشق تو بجمال و گرم

و ز حسن تو در بند جمال و گرم

تو آیت حسن را جمال دیگرے

من آیت حسن را کمال دگرم

”تمہارے عشق میں ہر روز جداگانہ قسم کے جمال سے آشنا ہوتا ہوں، اور تمہارے حسن کی نیرنگیوں سے نرالے حسن و جمال کا اسیر ہوتا ہوں، تم حسن و جمال کی ایک جداگانہ نشانی ہو اور میں حسن کے کمال کی ایک علیحدہ علامت ہوں“

(حاشیہ: ؂1 اُس کے ساتھ محبت کرتے ہیں۔ سورۂ المائدہ آیت 54 پوری آیت شریفہ کا ترجمہ یہ ہے: "اے ایمان والو! اگر کوئی تم میں سے اپنے دین سے پھر جائے گا، تو اللہ تعالیٰ ایسے لوگ پیدا کر دے گا، جن کو وہ دوست رکھے، اور جسے وہ دوست رکھیں، اور جو مؤمنوں کے حق میں نرمی کریں اور کافروں سے سختی سے پیش آئیں، خدا کی راہ میں جہاد کریں، اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہ ڈریں، یہ خدا کا فضل ہے، جسے چاہے دیتا ہے، اور خدا بڑی کشائش والا (اور) جاننے والا ہے“)

پس اے بھائی معشوق کا رزق اور حصّہ لطف کس چیز میں ہے، اور عاشق کس چیز سے اپنا نصیب حاصل کرتا ہے، اور خود عشق کس چیز سے زندہ ہے، لیکن عشق کے بارے میں کیا بیان کیا جائے، اور کیا ظاہر کیا جائے؟ اس کے بارے میں رمز اور مثال کے سوا اور کیا کہا جا سکتا ہے

تشریح:

حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بھی ان چیزوں پہ بڑا کلام فرمایا ہے۔ اس بارے میں انہوں نے جو لکھا ہے اس کا مفہوم یہ ہے کہ ایک تو اللہ پاک نے خود اپنی شان کے بارے میں فرمایا:

﴿كُلَّ یَوْمٍ هُوَ فِیْ شَاْنٍۚ﴾ (الرحمٰن: 29)

ترجمہ: ”وہ ہر روز کسی شان میں ہے“۔

اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ پاک مختلف شان میں ظاہر ہوتے رہتے ہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ اعتبار (مثال و تمثیل) کے ذریعے اس چیز کو سمجھا جاتا ہے۔ اِلٰہیات میں اعتبارات کے ذریعے بات ہوتی ہے۔ اسی لئے یہاں پر رمز و مثال کی بات فرمائی گئی ہے۔ گویا کہ تشبیہ سے تنزیہ کے راستے نکلتے ہیں۔ پہلے ایک چیز کو سمجھا جاتا ہے پھر اسے منفرد کیا جاتا ہے جسے ہم ”تفرید“ کہتے ہیں، پھر اسے مزید منفرد کرتے ہیں، پھر مزید منفرد کرتے ہیں، اس کے بعد مزید منفرد کرتے ہیں۔ یوں سمجھ لیجئے کہ تفرید و تجرید کے تمام مقامات سے گزرتے گزرتے انسان معرفت الٰہی کو حاصل کرتا ہے۔ اگر یہ چیز (تفرید و تجرید) نہ ہوتی تو سارا معاملہ یہیں اٹک جاتا اور آدمی کچھ بھی سمجھنے کے قابل نہ ہوتا۔

جب بھی کسی نے ایسی چیزوں پہ کلام کیا ہے جیسے حضرت شیخ اکبر رحمۃ اللہ علیہ نے فصوص الحکم میں کلام کیا ہے، جن لوگوں نے اس کو نہیں سمجھا انہوں نے اسے زندیقی کہا اور جو سمجھ گیا اس نے معرفت کو حاصل کیا۔ لیکن اکثریت زندیقی سمجھنے والوں کی ہو گئی، زیادہ تر لوگ سمجھ نہیں پائے۔ اس وجہ سے ان اصطلاحات کو وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل کر دیا گیا۔ حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ نے ان اصطلاحات کو تبدیل کر دیا۔ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے وقت میں ہی حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ تھے۔ دونوں کا زمانہ تقریباً ایک ہی ہے۔ لیکن ان حضرات کے زمانہ میں مواصلات کے ذرائع آج کل جیسے نہیں تھے۔ ایسا نہیں تھا کہ ایک جگہ پر کوئی بات ہو رہی ہو اور بہت دور دراز کے لوگ بھی اسے سن یا دیکھ سکیں۔ جیسے میں بیان کر رہا ہوں، اِس کو انگلینڈ والے بھی سن رہے ہیں، امریکہ والے بھی سن رہے ہیں۔ اُس زمانہ میں ایسے حالات نہیں تھے، خط بھی آسانی سے نہیں پہنچتا تھا۔ اس کے با وجود ہم دیکھ رہے ہیں اور محسوس کر رہے ہیں کہ ہمارے اکابرین کا رنگ ایک ہی تھا اب بھی وہی رنگ چلا آ رہا ہے اور کیا ہی محفوظ طریقے سے چلا آ رہا ہے۔

بہرحال حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ان اصطلاحات میں تبدیلی کی، لیکن انہی کے زمانے کے بعض حضرات وہی پرانی اصطلاحات استعمال کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات و پیغامات شاید ان تک نہیں پہنچے ہوں گے اس لئے وہ حضرات پرانی اصطلاحات ہی استعمال کرتے ہیں۔ وحدت الشہود اور وحدت الوجود والی اصطلاحات ان کے کلام میں نظر نہیں آتیں۔ البتہ اصلاح یہاں بھی نظر آتی ہے۔ جیسے کئی مشکل چیزیں آسان ہو رہی ہیں، سمجھ میں آ رہی ہیں۔ ہم پر اللہ کا بڑا فضل و احسان ہے کہ اس نے ہمیں دونوں دریاؤں کے ساتھ ملایا ہے۔ ایک حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کا دریائے عرفان، اور دوسرا حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ذریعے ہمارے سہروردی حضرات کے دریائے عرفان کے ساتھ بھی ہمیں ملایا گیا ہے۔ گویا ہمیں دونوں جگہوں سے فیض مل رہا ہے اور کمال تو یہ ہے کہ ایک ہی وقت میں دونوں چیزیں شروع ہوئی ہیں۔ حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ والا کام تو ابھی ابھی شروع ہوا ہے اسے زیادہ دیر نہیں ہوئی۔ اس سے پہلے حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات چل رہی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ والا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ہم نے یہ دونوں سلسلے ڈرتے ڈرتے شروع کئے ہیں۔ اس میں ہمارا کوئی کمال نہیں بلکہ ہم نے تو ڈرتے ڈرتے شروع کئے ہیں۔ لیکن اللہ کا شکر ہے کہ سمجھ میں آ رہا ہے کہ ان دونوں سلسلوں کی تعلیمات کو ایک وقت میں پڑھنے سے کیا فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔ ان دونوں کو ایک وقت میں پڑھنے سے ہمیں جدید اور قدیم کا رنگ آپس میں ملتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ کیونکہ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا رنگ قدیم ہے اور حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ مجدد ہیں، ان کے پاس ان کے اپنے دور کے لحاظ سے جدید ہے۔ یہ جدید اور قدیم ایک وقت میں مل رہے ہیں یہ اللہ پاک کا بڑا کرم ہے۔

حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے وقت کی بات ذرا مختلف ہو گی کیونکہ ان کے اور اِن حضرات کے زمانے میں کافی فرق ہے۔ لیکن حضرت کاکا صاحب اور حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہما کا زمانہ تقریباً ایک ہی ہے لیکن ایک ہندوستان کے ایک حصہ میں اور دوسرے ہندوستان کے دوسرے حصہ میں تھے۔ حضرت آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ جو حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفۂ اجل ہیں۔ یہ خصوصی طور پہ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے ملنے کے لئے تشریف لائے تھے اور حضرت ان کو اپنے ساتھ لے گئے نماز کا وقت ہو گیا۔ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ علماء کی بڑی قدر کرتے تھے۔ حضرت آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ بھی بڑے عالم تھے، انہوں نے اِن سے فرمایا کہ آپ نماز پڑھائیں، انہوں نے عرض کیا کہ حضرت آپ کی باقی ساری باتیں میں مان سکتا ہوں، آپ حکم فرمائیں لیکن جس مقصد کے لئے میں آیا ہوں وہ تو مجھ سے نہ چھینیں۔ میں آپ کے پیچھے نماز پڑھنے کے لئے ہی آیا ہوں۔ میرے آنے کا مقصد تبدیل نہ کریں، نماز آپ ہی پڑھائیں۔ پھر حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے نماز پڑھائی۔ اس کے بعد وہ تاریخی جملہ ارشاد ہوا جس پہ ہم ناقل ہونے کے لحاظ سے شکر ادا کر سکتے ہیں۔ وہ جملہ یہ ہے کہ حضرت آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: ایک وہ نماز جو میں نے مجدد صاحب کے پیچھے پڑھی ہے اور ایک وہ نماز جو میں نے کاکا صاحب کے پیچھے پڑھی ہے، ان دونوں نمازوں کی طرح کہیں اور نماز نہیں پڑھی، ان دو نمازوں کی طرح کوئی اور نماز نہیں ہے۔ دیکھیں حضرت آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ بھی دونوں دریاؤں سے فیض یاب ہوئے۔ ان کی ملاقات حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ کے ساتھ بھی ہوئی اور حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ بھی۔ ظاہر ہے جب حضرت کاکا صاحب سے ملے ہوں گے، تبادلۂ خیال ہوا ہو گا تو حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ کی فکر بھی زیرِ گفتگو آئی ہو گی۔ لیکن آپ یہ دیکھئے کہ حضرت آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ نے دونوں حضرات کی روحانیت کا ادراک کس خوبی سے کیا کہ فرمایا: ایک نماز میں نے مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پیچھے پڑھی اور ایک کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پیچھے پڑھی ہے، ان دو نمازوں جیسی نماز کہیں نہیں پڑھی۔

کمال کی بات یہ ہے کہ دونوں بزرگوں کا رنگ ایک جیسا تھا۔ دونوں محبوبین میں تھے، مجتبائین میں تھے۔ مجتبائین چنے ہوئے لوگ ہوتے ہیں۔ ان میں کسب کا دخل کم ہوتا ہے اور اِجتباء کا کردار زیادہ ہوتا ہے۔ یہ حضرات نبی نہیں ہوتے لیکن نبوت کے رنگ کے قریب ہوتے ہیں۔ اسے سلوکِ نبوت کہتے ہیں۔ حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ بھی ایسے ہی تھے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس مقصد کے لئے چنا ہوا تھا، انہیں بہت بڑے بڑے اکابر کی روحانیت ملی تھی اور وہ بڑے بڑے اکابر کی روحانیت کا مَظْہَر تھے۔ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ بھی یہی بات تھی، وہ تو مادر زاد ولی تھے۔ انہیں اللہ تعالیٰ نے بچپن ہی سے یہ نعمت نصیب فرمائی تھی۔ خلافت اور سلسلے تو بعد میں چلے ہیں، قبولیت پہلے سے ہی تھی۔ یہ دریائے عرفان جو دونوں سلسلوں میں ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہمیں پہنچا ہے، اس پر ہم بہت شکر ادا کرتے ہیں۔ اے اللہ تیرا بہت شکر ہے۔

وَ اٰخِرُ دَعْوٰنَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ

فصل ۔ حضرت صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے حزن، عشق، فکر اور معرفت کے بیان میں - مقاماتِ قطبیہ و مقالاتِ قدسیہ