شیخ رحمکار رحمۃ اللہ علیہ کے اوصافِ حمیدہ

باب 1 ، درس 2

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی - مکان نمبر CB 1991/1 نزد مسجد امیر حمزہ ؓ گلی نمبر 4، اللہ آباد، ویسٹرج 3، راولپنڈی

صوتی فائل کانام (MQMQ(002)-20160517-P(34-38)

بیان : مقامات قطبیہ و مقالات قدسیه

تاریخ : جمعرات، 17 مئی 2016

دورانیہ: 1 گھنٹہ 5 منٹ

سٹیٹس: ریڈی ٹو پبلش

خانقاہ رحمکاریہ امدادیہ راولپنڈی ، پاکستان











اَلْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ الصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیِّیْنَ اَمَّا بَعْدُ

فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم


متن:

مناقب ہٰذا کا یہ ضعیف اور کمزور جامع (شیخ عبد الحلیم صاحب فرزند کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ) عرض کرتا ہے کہ ایک دن میں نے اپنے شیخ صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے عرض کیا کہ حضرت شیخ آپ کے پیر و مرشد محترم کون صاحب ہیں؟ انہوں نے فرمایا کہ خدا مجھے آپ کا درد نہ دکھائے۔ یہ خاص الفاظ حضرت صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا معمول تھے جو کہ مہربانی اور تلطف کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے فرماتے تھے، کہ شیخی کو میں نے شیخوں یعنی مشائخ کے لیے چھوڑ دیا۔ پیری کو پیروں کے واگزار کر دیا۔ سلوک سالکوں کو بخش دیا۔ تصوف صوفیوں کے لیے چھوڑ دیا۔ میں تو یہ چاہتا ہوں اور میری حالت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی بندگی کی جو زنجیر میرے گلے میں ڈال دی ہے، چاہتا ہوں کہ یہ میری گردن میں پڑی رہے اور میری گردن سے جدا نہ ہو۔

رشتہ در گرد نم افگندہ دوست

مے برد ہر جا کہ خاطر خواہ اوست

میری گردن میں دوست نے رسی ڈال رکھی ہے اور جس طرف کہ اُس کی مرضی ہو مجھے کھینچے لیے جا رہا ہے پس یہ عبودیت کا مقام ہے اور عبودیت کے بہت سے اور بکثرت درجات ہیں۔

با دو قبلہ در رہ توحید نتواں رفت راست

یا رضائے دوست باید یا ہوائے خویشتن

تو حید کے راستے پر دو قبلوں کی طرف رخ کر کے نہیں چلا جاتا یا دوست کی مرضی پر چلنا ہوتا ہے اور یا اپنی خواہش پر۔

بیت:

گر مرا دوزخ بسوزند خاکسارے گو مباش

ور مرا جنت نباشد بوستانے گو مباش

منا سگ اصحاب کہفم بر در مرداں مقیم

گردِ ہر دَر نے مگر استخوانے گو مباش

اگر مجھے دوزخ جلائے تو بھی مجھے کچھ پروا نہیں اور اگر میرے لیے جنت نہ ہو تو ایک باغ کی بھی مجھے حاجت نہیں میں اصحاب کہف کا کتا ہوں اور اُن جواں مردوں کے دروازے پر قیام پذیر ہوں میں، ہر دروازے پر نہیں جاتا کیونکہ مجھے ہڈی کی کوئی ضرورت اور خواہش نہیں۔ اور یہ محبت ذاتی ہے ﴿اَللّٰھُمَّ ارْزُقْنَا﴾ "اے خدا یہ ہمیں نصیب فرما" اور عبودیت مقام رضا ہے۔ اگر تم پر کوئی افتاد پڑے تو قضائے الٰہی پر عمل کرو قضائے الٰہی پر رضامندی اختیار کرنا اور اس پر چوں و چرا نہ کرنا مقام رضا و عبودیت ہے۔ جب عبدیت کا شرف و سعادت نصیب ہو جائے تو لازمی طور پر کرامت کا تاج اور امامت کی خلعت حاصل ہوتی ہے۔ ﴿سُبْحٰنَ الَّذِیْ اَسْرٰی بِعَبْدِہٖ﴾ (الاسراء:1) پاک ہے وہ ذات جس نے رات کے وقت اپنے عبد کو سیر کرائی۔ اسی کی جانب "عبد" سے اشارہ ہے ﴿یٰعِبَادِ لَا خَوْفٌ عَلَیْکُمُ الْیَوْمَ وَ لَا اَنْتُمْ تَحْزَنُوْن﴾ (الزخرف:68) اسی "عبدیت" کا نتیجہ ہے۔

تشریح:

اصل میں حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی تربیت اویسی طریقے سے ہوئی تھی، ان کو نسبت اویسیت حاصل تھی اور جیسا کہ آگے آ رہا ہے کہ آپ ﷺ کے ساتھ حضرت کا ایسا روحانی رشتہ قائم تھا جس کے ذریعے سے آپ کی تربیت ہو رہی تھی، لیکن چونکہ کسی زندہ شیخ کے ساتھ تعلق رکھنا ضروری ہوتا ہے اور ظاہر اس پر کیا جاتا ہے، اس لیے کوئی اور زندہ ذریعہ موجود ہونا بھی ضروری ہے۔ حضرت کے بارے میں جیسے ابھی ان شاء اللہ آگے بات آ رہی ہے کہ چونکہ حضرت کے والد صاحب حضرت بہادر بابا رحمۃ اللہ علیہ بھی بہت بڑے ولی تھے، باخود قطب عالم تھے، حضرت کی ارادت اپنے والد صاحب کے ساتھ ہی ظاہر ہو رہی ہے گویا حضرت کے طریقے پر سہروردی نسبت میں ظاہری تربیت ہوئی تھی لیکن چونکہ بیعت ہونا لازم نہیں ہوتا بلکہ مستحسن ہے، یعنی کسی کی تربیت میں ہونا ہی کافی ہوتا ہے لہذا تربیت اصل ہے بیعت اس کے لیے ایک ذریعہ ہے۔ بعض لوگ بیعت تو ہو جاتے ہیں لیکن ان کی تربیت نہیں ہوتی، کیونکہ وہ اس کے مقصد کو نہیں سمجھتے، بس بیعت ہونا کافی سمجھتے ہیں حالانکہ بیعت ہونا کافی نہیں ہے، تربیت ہونا ضروری ہے، چنانچہ اگر تربیت ہو اور بیعت نہ ہو تو مقصد حاصل ہو جاتا ہے لیکن اگر بیعت ہو مگر تربیت نہ ہو تو مقصد حاصل نہیں ہوتا۔ اس لیے تربیت حاصل ہونا بنیادی چیز ہے۔ چنانچہ حضرت کی تربیت کی جگہ موجود تھی اور وہ ان کے والد صاحب تھے، کیونکہ جب وہ باقی حضرات کی تربیت فرما رہے تھے تو یقیناً اپنی اولاد کے لیے انہوں نے کیا کچھ نہیں چھوڑا ہو گا؟ لیکن بہرحال کسی اور شیخ سے حضرت کا بیعت ہونا ثابت نہیں ہے، اشارے بہت ملتے ہیں لیکن کوئی اشارہ ابھی قطعیات تک نہیں پہنچا، محض اشارے ہی رہ گیے، لہذا ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ فلاں شیخ سے بیعت تھے۔ البتہ حضرت کی تربیت بنیادی طور پر آپ ﷺ کی روحانیت کے ذریعے سے ہوئی ہے۔ یہ آج کل کی باتیں نہیں ہیں، بہت پہلے سے یہ سلسلہ چلا آ رہا ہے۔ میرا اپنا قلبی ذوق بھی یہی کہتا ہے کہ تقریباً جتنے بھی بڑے شیوخ گزرے ہیں ان کی تربیت پہلے اویسی ہوتی تھی بعد میں پھر ظاہری طریقے سے کسی کے حوالے کر دیا جاتا تھا۔ مثلاً ہمارے بڑے بڑے اکابر جیسے حضرت شیخ احمد سرہندی رحمۃ اللہ علیہ، شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ، یا اس طرح کے دیگر اکابر کی بنیادی تربیت اویسی طریقے سے ہو چکی ہوتی تھی بعد میں پھر کسی مرشد کے حوالے کر دیا جاتا تھا جیسے آپ ﷺ نے حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکی رحمۃ اللہ علیہ کو میاں جی نور محمد جھنجھانوی رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے فرمایا تھا اور حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اتنا وثوق تھا کہ انہیں ڈھونڈھ رہے تھے چونکہ ان کا چہرہ اور صورت یاد تھی، جہاں بھی جاتے تو پتا چلتا کہ یہ وہ نہیں ہیں تو کسی اور جگہ جاتے بالآخر کسی نے کہا کہ جھنجھانہ میں بھی ایک بزرگ ہیں آپ انہیں بھی دیکھ لیں ممکن ہے وہی ہوں تو حاجی صاحب وہاں گیے اور جب ان کو دیکھا تو واقعتاً وہی تھے، چنانچہ فوراً حضرت کے قدموں پہ پڑ گیے اور عرض کی کہ مجھے اپنی فرزندی میں لے لیجئے، حضرت نے ان کو مونڈھوں سے پکڑ کر اٹھایا اور فرمایا تمہیں اپنے خواب کے اوپر بڑا وثوق ہے، گویا حضرت کو بھی اس کا پتا تھا کہ ان کو میں دکھایا گیا ہوں۔ یہ واقعہ حضرت شیخ الحدیث مولانا زکریا صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب "تذکرہ مشائخِ چشت" بیان فرمایا ہے۔ چنانچہ واقعتاً بعض حضرات کی تربیت روحانیت کے عالم میں ہو جاتی ہے لیکن پھر ان کو کسی کے پاس بھیج دیا جاتا ہے۔ اسی طرح حضرت کی روحانی تربیت بچپن سے ہوئی تھی جیسا کہ حضرت کی سوانح میں یہ باتیں موجود ہیں، اور آگے شاید آئیں گی۔ لیکن ان کی ظاہری تربیت میں حضرت کے والد صاحب ہی نظر آتے ہیں۔

یہاں یہ بات ذکر کی گئی ہے کہ حضرت شیخ عبد الحلیم بابا گل چونکہ عالم تھے اور سب علماء کرام تحقیق کرتے ہیں اور ہر بات تحقیقاً کرتے ہیں، لہذا انہوں بھی اپنی تسلی کے لیے اپنے والد بزرگوار کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے پوچھا کہ آپ کے مرشد کون ہیں؟ حضرت نے جواب میں ایسی بات ارشاد فرمائی جس سے حضرت کا اپنا مقام بھی چھپ گیا اور ساتھ ہی بہت قیمتی بات بھی فرمائی۔ چنانچہ حضرت نے یہ نہیں فرمایا کہ میری تربیت آپ ﷺ کے ذریعے ہوئی ہے، کیونکہ یہ مناسب نہیں تھا۔ اور ساتھ ہی ایسی قیمتی بات ارشاد فرمائی جو تصوف کا ما حاصل ہے اور جسے ہمیں سنہری حروف سے اپنے دل پہ لکھنا چاہیے، اللہ تعالیٰ ہم سب کو نصیب فرما دے۔ یہ بہت بڑی بات ہے، اللہ تعالیٰ کرے ہمیں اس کا ذوق نصیب ہو جائے، اصل تو ذوق کی بات ہے ورنہ ممکن ہے علمی لحاظ سے شاید اکثر کو معلوم ہو لیکن اس کا ذوق کسی کسی کو حاصل ہوتا ہے۔ وہ بات حضرت نے یہ فرمائی کہ میں نے شیخی شیخوں کے حوالے کردی، پیری پیروں کو واگزار کر دی، سلوک سالکوں کو بخش دیا، تصوف صوفیوں کے لیے چھوڑ دیا۔ چنانچہ اس میں تمام عالی مراتب سے اپنے آپ کو فارغ کر دیا۔ اور ساتھ یہ فرمایا کہ اللہ جل شانہ نے اپنی بندگی کی زنجیر میرے گلے میں ڈالی ہے، یعنی جسے ہم عبدیتِ محض کہتے ہیں کہ بس میں اللہ کا بندہ ہوں اور کچھ نہیں ہوں۔ میرے خیال میں ہمارے سب اکابر حضرات اپنے نام کے ساتھ "بندۂ نا چیز" یا "بندۂ ضعیف" بھی لکھتے ہیں۔ البتہ صرف دل اور قلم یا دل اور زبان کا ہی فرق ہے اگر یہ کیفیت دل میں آ جائے کہ میں واقعی بندۂ ضعیف ہوں تو پھر بات ہی ختم ہو جائے، اور پھر تو سارے کے سارے titles سارے کے سارے آگے پیچھے ہو جائیں، لیکن دل titles میں پھنسا ہوتا ہے اور کوئی نہ کوئی title چاہیے ہوتا ہے۔ طریقت کے راستے کا سب سے بڑا روڑا خلافت کی سوچ ہے جس سے شاید بہت کم لوگ بچتے ہیں۔ اگر اللہ تعالیٰ کسی کو بچائے تو یہ اس پر اللہ کا بڑا کرم ہے ورنہ صورت حال یہی ہے۔ جب کہ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے مقام کو دیکھو کہ اپنے آپ کو بالکل کچھ بھی نہیں سمجھتے، کسی چیز کی طرف بھی دھیان نہیں ہے، صرف اللہ کی طرف دھیان ہے کہ میں بس اللہ کا بندہ ہوں۔ اگر یہ بات ہمیں سمجھ میں آ جائے تو کیا بات ہے، پھر تو ہماری ساری باتیں clear ہو جائیں، لیکن ایسا کہاں ہوتا ہے؟ ایسا ہوتا نہیں ہے، ہمارے اندر بہت ساری باتیں ہوتی ہیں جن کی وجہ سے ہم لوگ اپنے آپ کو پھنساتے رہتے ہیں۔

یہاں مزید فرمایا کہ اگر کوئی شخص عبد بن جائے تو عبدیت کے ساتھ جو تاجِ کرامت ہے وہ خود بخود حاصل ہو جائے گا، لیکن صحیح بندگی حاصل کرنا ہی تو مشکل کام ہے، کیونکہ صحیح بندگی نفسانیت کے خاتمے اور روحانیت کے چھا جانے کا نام ہے۔ اور اتنی روحانیت کو پیدا کرنے کے لیے اور اتنی نفسانیت کو ختم کرنے کے لیے ہی تو سارے پاپڑ بیلے جاتے ہیں، لہذا جب تک نفسانیت موجود ہو بندگی نہیں آتی، جیسے آگے شعر میں بالکل واضح طور پر فرمایا ہے:

متن:

با دو قبلہ در رہِ توحید نتواں رفت راست

یا رضائے دوست باید یا ہوائے خویشتن

توحید کے راستے پر دو قبلوں کی طرف رخ کر کے نہیں چلا جاتا۔

تشریح:

ایک road اِدھر ہے اور ایک road دوسری طرف ہے اگر کوئی ایک طرف ہے تو وہ دوسری طرف نہیں ہو گا، یہی وجہ ہے کہ اگر نفسانیت ہو تو توحید نہیں رہتی۔ اور نفسانیت اتباعِ ہوا کا نام ہے، جیساکہ قرآن میں ہے: ﴿أَفَرَأَيْتَ مَنِ اتَّخَذَ إِلٰھَهُ هَوَاهُ﴾ (الجاثية:23) "کیا تو نے دیکھا جس نے اپنے نفس کو اپنا معبود بنا لیا" چنانچہ جو نفس کو اپنا معبود بنا لیتا ہے تو وہ توحید پر کہاں رہتا ہے؟ لہذا اسی نفسانیت کو ختم کرنا ہوتا ہے۔ میرے خیال میں یہ سمجھانا بہت ہی مشکل کام ہے، یہ ادھر اور ادھر والی مثال بھی صحیح ہے لیکن بہرحال میں ایک اور مثال کے ذریعے سے آسانی سے سمجھا سکتا ہوں کہ اگر آپ اوپر جانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے نیچے جانے والی چیز چھوڑنا پڑے گی، کیونکہ نیچے جانا ثقل یعنی نفسانیت ہے اور اوپر جانا روحانیت ہے، چنانچہ اگر روحانیت کمزور ہو اور نفسانیت زیادہ ہو تو اوپر آپ نہیں جا سکیں گے بلکہ نیچے ہی جائیں گے۔ اسی لیے میں نے کہا یہی چیز سمجھانا مشکل ہے کیونکہ انسان ہر وقت کسی نہ کسی حالت پر ہوتا ہے، لہذا تمام احوال کو اسی طرح بیان کیا جا سکتا ہے کہ اوپر کا راستہ روحانیت کا ہے اور نیچے والا نفسانیت کا ہے۔ مثلاً غبارے میں Hydrogen بھریں گے تو وہ اوپر کی طرف جائے گا لیکن اس غبارے کا اپنا وزن اگر کم ہو گا تو وہ زیادہ اوپر جائے گا۔ جیسے جہاز Aluminium طرز کے metals سے بنایا جاتا ہے جو مضبوط اور ہلکے ہوتے ہیں اور اس میں lift بڑھانے کے لیے potential ہے، اس کو بڑھایا جاتا ہے یعنی انجن کی طاقت کو بڑھایا جاتا ہے، اور اس کا وزن جو نیچے لانے کا باعث بنتا ہے اسے کم کر دیا جاتا ہے، لیکن اگر اس کو نیچے لانے والی قوت اوپر لے جانے والی قوت سے زیادہ ہو تو آپ اوپر جا ہی نہیں سکتے بلکہ نیچے ہی جائیں گے اور اگر دونوں قوتیں برابر ہو جائیں تو آپ اپنی جگہ پر ہی رہیں گے۔ جہاز میں تو یہ نہیں ہو سکتا۔ البتہ helicopter میں ممکن ہوتا ہے اس potential اتنا رکھو جتنا کھڑے رہنے کے لیے کافی ہوتا ہے۔ اور جب بلندی پہ جانے والی طاقت نیچے لے جانے والی قوت سے بڑھ جائے تو آپ اوپر جائیں گے۔ لیکن پھر ان کی speed ratio پر depend کرتی ہے، جیسے جیسے ان کا ratio بڑہتا جائے گا یعنی روحانیت جتنی جتنی بڑھتی جائے گی اتنی ہی اس کی speed بڑھتی جائے گی اور اگر نفسانیت بالکل ختم ہو جائے اور مکمل روحانیت آ جائے تو اس کی speed آن کی آن میں لا متناہی ہو جائے گی۔

چې پهٔ يو قدم تر عرشه پورے رسي ما ليدلې دے رفتار دَ درويشانو

یعنی جب مکمل روحانیت آ جائے اور نفسانیت بالکل ختم ہو جائے تو یہ مقامِ عبدیت ہے جس میں نفسانیت صفر ہے۔ اگر عبدیتِ کاملہ کا یہ مقام حاصل ہو جائے تو یہ کامل معراج ہے جیسے فرمایا: ﴿سُبْحٰنَ الَّذِیْۤ اَسْرٰى بِعَبْدِهٖ لَیْلًا مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اِلَى الْمَسْجِدِ الْاَقْصَا الَّذِیْ بٰرَكْنَا حَوْلَهٗ لِنُرِیَهٗ مِنْ اٰیٰتِنَاؕ﴾ (الاسراء:1) اس لیے کہتے ہیں "اَلصَّلٰوۃُ مِعرَاجُ الْمُؤْمِنِیْن" چونکہ نماز عبدیت کے لیے ہے لہذا نمازی کی نمازیت جتنی زیادہ ہو گی اور اس کی نماز جتنی کامل ہو گی اس کو یہ اتنے ہی بلند مقام پہ لے جائے گی۔ اور نماز میں تمام چیزیں عبدیت کی ہیں جیسے قیام کا مطلب ہے کہ اے اللہ میں تیرے سامنے کھڑا ہوں جو تیرا حکم ہو میں اس کے سامنے سر تسلیمِ خم ہوں، اور جب آپ کہتے ہیں "اَللہُ اَکْبَر" تو گویا آپ نے نفسانیت کو پیچھے پھینک دیا کہ اب میں یہاں کا نہیں ہوں، پھر آپ ثنا سے نماز شروع کرتے ہیں جو عبدیت کا خلاصہ ہے۔ پھر سورہ فاتحہ کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ کے ساتھ ربط بڑھایا جاتا ہے۔ پھر قیام کی حالت میں اللہ پاک کو اس کا کلام سنایا جاتا ہے کہ میرا مقصود تو یہ ہے، پھر جب رکوع میں جاتے ہیں تو گویا یہ عبدیت کی جانب ایک منزل ہے کہ میں نے اپنے نفس کو تیرے آگے جھکا دیا ہے، یعنی اپنے نفس کو اللہ کے سامنے جھکانا رکوع کہلاتا ہے۔ کیونکہ رکوع کا معنیٰ جھکنا ہے۔ بہر حال رکوع میں ہم اللہ کے سامنے جھکتے ہیں جیسے قرآن پاک میں ہے: ﴿وَارْكَعُوْا مَعَ الرَّاكِعِيْنَ﴾ (البقرة:43) لیکن اس کے اندر کیا پڑھنا ہے اور رکوع میں جاتے ہوئے کیا پڑھنا ہے، اس سے واپس آتے ہوئے کیا پڑھنا ہے، ان تمام چیزوں پہ غور کریں تو ان سے بھی عبدیت ظاہر ہوتی ہے۔ کیونکہ رکوع میں جاتے ہوئے کہتے ہیں "اَللہُ اَکْبَر" کہ میں نہیں، میرا نفس نہیں بلکہ اللہ سب سے بڑے ہیں۔ پھر رکوع کے اندر پڑھتے ہیں "سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَظِیْم" "پاک تو میرا رب ہے جو بہت عظمت والا ہے" پھر جب رکوع سے سر اٹھاتے ہیں تو کہتے ہیں "سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهٗ" "جس کی حمد ہے اس نے سن لی" اور اس کے بعد "رَبَّنا لَکَ الْحَمْدُ" ہے کہ "اصل تعریف تو اے اللہ تیری ہے" یعنی اے ہمارے رب جس کو تعریف کہتے ہیں وہ تو تیرے لیے ہے، میں اپنے تمام titles سے جدا ہو گیا۔ گویا دماغ میں بنیادی ڈھانچہ دیا جاتا ہے پھر اس میں رنگ بھرنا ہوتا ہے۔ اسی لیے ہم کہتے ہیں طریقت نماز کی تکمیل ہے، یعنی تمام لوگ نماز کی صفت پر آجائیں، جیسے آپ حضرات نے تبلیغی جماعت میں بھی سنا ہو گا کہ با قاعدہ فضائل میں یہ بتایا جاتا تھا کہ ہماری زندگی نماز کی صفت پر آ جائے۔ یہ نماز میں کیا ہے؟ یعنی جو میں عرض کر رہا ہوں اس کو اچھی طرح سمجھیں "سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهٗ"، "رَبَّنا لَکَ الْحَمْدُ" یہ بظاہر الفاظ ہیں لیکن در حقیقت ان الفاظ میں بہت بڑی حقیقت ہے اگر ہمارے دل کی حالت بھی ان الفاظ کے مطابق بن جائے تو مسئلہ حل ہو جائے گا۔ بہر حال پھر اس کے بعد ہم "اَللہُ اَکْبَرْ" کہتے ہوئے سجدے میں جاتے ہیں۔ اب چونکہ اپنا سب کچھ گرا دیا اور پھر نماز میں اپنی اشرف ترین جگہ ماتھا اسفل ترین جگہ پہ رکھ دیا کیونکہ اس سے نیچے ہم جا نہیں سکتے۔ پھر ہم نے کہا "سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلٰی" "پاک ہے میرا رب جو بلند ہے" پھر "اَللہُ اَکْبَرْ"، پھر "اَللہُ اَکْبَرْ"، پھر "سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلٰی" گویا سجدہ ایک قسم کا استمرار ہے جیسے جب انسان والہانہ طور پہ کسی کے سامنے جھکتا ہے تو ایک دفعہ نہیں جھکتا بلکہ بار بار جھکتا ہے۔ چنانچہ جب سجدہ دو بارہ ہوتا ہے یا تسبیحات بار بار پڑھی جاتی ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ اس کی اضطراری کیفیت ہے کہ میں تو اپنے رب کے سامنے جھکوں گا یا میں پڑھوں گا، یہ سجدوں کی حالت ہو گئی۔ اس کے بعد پھر ہم دوسری رکعت کے لیے کھڑے ہو جاتے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ کام کرنا ہے کیونکہ قیام کا مطلب کام کرنا، اس لیے کہ قیام کام کے لیے ہوتا ہے اور سجدہ کیفیت پیدا کرنے کے لیے ہوتا ہے لہذا جھکنا اللہ کے سامنے ہے لیکن کھڑا ہونا اس کے حکم کے لیے ہے، اسی لیے کہتے ہیں کہ انسان کی نیت اس وقت بڑی ہو گی جب اس کا ہر ہر رکن اس نیت کے ساتھ ہو کہ میں اپنے رب کے حکم سے دوبارہ دوسرے رکن پہ جا رہا ہوں۔ ورنہ بہترین حالت تو سجدے کی ہے بس سجدے میں ہی پڑے رہو، جیسا کہ قرآن میں ہے: ﴿وَاسْجُدْ وَاقْتَرِبْ﴾ (العلق:19) یہ آیت سجدہ ہے لہذا اس پر سجدہ تلاوت کرنا ضروری ہے۔ بہرحال مقصود اللہ کے سامنے جھکنا ہے، اور یہ جھکنا بنیاد ہے، قرب بھی اسی سے حاصل ہو گا لیکن قرب کس لیے حاصل کیا جاتا ہے؟ کام کے لیے حاصل کیا جاتا ہے۔ لہذا دوبارہ کام کے لیے کھڑے ہو جاؤ۔ چنانچہ 2 رکعت نماز کی ہو یا 3 یا 4 رکعت ہو سب میں بالآخر آخری قعدہ جو فرض ہے اس میں ہم کیا کرتے ہیں؟ اگرچہ درمیانی قعدہ میں بھی وہی کچھ کرتے ہیں لیکن وہ اس کی rehearsal ہے بہر حال آخری قعدہ میں ہم کیا کرتے ہیں؟ پہلے "اَلصَّلٰوۃُ مِعْرَاجُ الْمُوْمِنِیْن" کی مناسبت کے لحاظ سے معراج کے واقعے کو درمیان میں رکھا گیا ہے، چونکہ بنیادی نماز 2 رکعت ہے لہذا 2 رکعت عبادت واجب ہے کیونکہ اگر آپ نفل پڑھو گے تو بنیادی 2، 2 رکعتیں ہیں۔ ہر 2 رکعت کے بعد ایک درمیانی قعدہ واجب ہوتا ہے، چاہے 3 رکعت نماز ہو چاہے 4 رکعت کی۔ پھر آخری قعدہ جو فرض ہے اس میں "تَشَھُّدْ" ہے، اور تشہّد آپ ﷺ کی معراج کے واقعے کی rehearsal ہے کہ معراج میں اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ سے پوچھا تھا کہ تم میرے لیے کیا لائے ہو؟ آپ ﷺ نے فرمایا: "اَلتَّحِيَّاتُ لِلہِ وَالصَّلَوَاتُ وَالطَّيِّبَاتُ" یعنی میں جانی اور مالی عبادتیں لایا ہوں۔ تو اللہ پاک نے فرمایا "اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَ رَحْمَةُ اللهِ وَ بَرَكَاتُهٗ" ﺍﺱ کے ﺟﻮﺍﺏ میں ﺭﺳﻮﻝ ﺍللہ ﷺ نے ﻓﺮﻣﺎﯾﺎ: "اَلسَّلَامُ ﻋَﻠَﻴْﻨَﺎ ﻭَﻋَﻠٰﻰ ﻋِﺒَﺎﺩِ ﺍللہِ ﺍﻟﺼَّﺎﻟِﺤِﻴﻦَ" اس پر جبراٸل علیہ سلام نے کہا: "اَشْہَدُ اَنْ لّآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَ اَشْہَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبدُہُ وَ رَسُوْلُہْ" اسے سلام بھی کہتے ہیں اور تشہد بھی کہتے ہیں اور یہ معراج کے واقعہ کا ایک حصہ ہے۔ چونکہ آخری قعدہ میں آپ ﷺ کی شان کا ظہور ہوا ہے لہذا مصلی (نمازی) پر لازم ہے کہ وہ آپ ﷺ پہ درود پڑھے، کیونکہ آپ ﷺ کے معراج کے واقعے میں جو شان ظاہر ہوئی ہے اور آپ ﷺ پر سلام تو پڑھ لیا لہذا اب درود پڑھو اور درود پڑھنے کے بعد چونکہ دعائیں قبول ہوتی ہیں اور اس طرح یہ نماز کا اختتام بھی ہے اور نماز کے اختتام پر بھی دعائیں قبول ہوتی ہیں لہذا اب دعا بھی کر لو۔

مولانا عبد اللہ کاکا خیل رحمۃ اللہ علیہ بہت بڑے عالم تھے اور اسلامی university میں dean تھے، ان سے کسی نے کہا کہ آپ نماز کے بعد دعا کیوں نہیں کرتے؟ فرمایا میں کرتا ہوں۔ اس نے کہا کب کرتے ہیں؟ فرمایا: نماز کے اخیر میں جو دعا ہے وہ میں کرتا ہوں۔ در اصل حضرت قعدہ اخیرہ میں زیادہ لمبی دعائیں کرتے تھے، چونکہ انہیں عربی پر عبور حاصل تھا اور چونکہ نفلوں اور سنتوں میں احادیث کی دعائیں پڑھی جا سکتی ہیں اور فرضوں میں قرآنی دعائیں پڑھ سکتے ہیں اور حضرت چونکہ حافظِ قرآن بھی تھے اور عربی میں بھی شیخ الادب تھے لہذا نماز میں وہ زیادہ دعائیں پڑھتے تھے، باہر اتنی نہیں پڑھتے تھے۔ فرماتے تھے کہ زیادہ قبولیت نماز کے اندر ہے تو میں اس وقت کو کیوں استعمال نہ کروں؟ جب کہ ہم لوگوں نے صرف ایک دعا یاد کی ہوتی ہے "رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَّ فِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً" اور پتا بھی نہیں چلتا کہ ہم نے مانگا کیا ہے۔ وہ تو ہماری عام دعا ہوتی ہے پتا ہی نہیں چلتا۔ صحیح بات عرض کرتا ہوں نہ تشہد کا پتا چلتا ہے، نہ درود کا پتا چلتا ہے اور نہ دعا کا پتا چلتا ہے، بس سلام پھیر کر نماز ختم کر لیتے ہیں۔ لیکن اللہ والوں کے لیے اسی طرح علما اور اللہ سے ڈرنے والوں کے لیے تو یہ اللہ تعالیٰ سے مانگنے کے اعتبار سے عید کا موقع ہوتا ہے۔ لہذا وہ اپنی دعائیں اس وقت مانگ لیتے ہیں۔ بہرحال یہ نماز کی شان ہے لہذا یوں کہہ سکتے ہیں کہ نماز عبدیت حاصل کرنے کا ایک rehearsal ہے جو ہم روزانہ پانچ وقت کرتے ہیں۔ جس میں تمام اعمالِ عبدیت کو جمع کیا گیا ہے، یہ فرشتوں کو بھی دی گئی ہے لیکن جزوی طور پر، کوئی رکوع میں ہے، کوئی سجدے میں ہے، کوئی قیام میں ہے۔ لیکن پوری جامعیت کے ساتھ یہ صرف انسان کو دی گئی ہے جس میں قیام بھی ہے، رکوع بھی ہے، سجدہ بھی ہے اور قرات بھی ہے۔ لہذا انسان اس سے جتنا فائدہ اٹھا سکتا ہے اسے اٹھانا چاہیے۔ اسی لیے حضرت کو نماز سے بڑی محبت تھی۔ اور آپ ﷺ تو فرماتے تھے "اَرِحْنِیْ یَا بِلَالُ" "اے بلال (اذان کے ذریعے سے) مجھے راحت پہنچاؤ" چنانچہ حضرت نے بھی یہی فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں عبدیت کا وہ مقام نصیب فرمائے جس کے لیے ہمیں پیدا کیا گیا ہے۔ ﴿وَ مَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُوْنِ﴾ (الذاریات:56) لہذا انسان کی زندگی کا مقصد ہی عبدیتِ محض ہے، عبادت ہے۔ گویا نماز عبدیت کا پورا ایک منشور ہے لہذا باقی پوری زندگی اس صفت پہ آنی چاہیے، باقی زندگی میں سارے اعمال نماز نہیں ہیں لیکن تمام اعمال نماز کی صفت پر ہوں تو وہ عبدیت بن جائیں گے، چاہے وہ کسی لیٹرین کو صاف کرنے والا عمل ہی کیوں نہ ہو۔ اگر ہماری زندگی اس صفت پہ آجائے تو وہ ہمارا عمل بھی دین بن جائے گا، لیکن اس کے لیے ہمیں نماز کی کیفیت حاصل کرنی پڑے گی۔ گویا ایک ہے عبادت اور ایک ہے عبدیت۔ عبادت عبدیت کا اظہار کلی ہے اور باقی زندگی اس کا اظہارِ مقصدی ہے یعنی باقی زندگی میں ہم وہ اعمال کریں جن کے لیے ہمیں پیدا کیا گیا اور اس کے مطابق ہم اپنی زندگی گزاریں۔

متن:

رباعی:

درگہ خلق ہمہ زرق است و فسوس و ہوس

کار درگاہ خداوند جہاں دارد و بس

بندہ خاص ملک باش کہ با داغ ملک

روز ہا ایمن از شخنه و شب ہا زعس

مخلوق کی درگاہ تمام دھوکہ فریب اور ہوس کاری۔ خدائے جہاں کے دربار کا کام مفید ہے اور بس بادشاہ کا خاص بندہ اور غلام ہو جا کیونکہ بادشاہ کی غلامی کی نشانی کی وجہ سے دن کے وقت داروغہ سے اور رات کو کوتوال کے دار و گیر سے محفوظ اور امن میں رہو گے۔

تشریح:

اس طرح ہوتا ہے، جیسے جب کسی کو assignment دی جاتی ہے تو اس کو ایک card جاری کر دیا جاتا ہے جسے وہ لٹکا لیتا ہے پھر وہ کسی بھی وقت جہاں بھی جانا چاہے اس کو روکا نہیں جاتا، اس سے سب کو پتا چل جاتا ہے کہ یہ فلاں ہے، جیسے اگر کوئی خدمت میں ہے تو خدمت والوں کو نہیں روکا جاتا۔ اسی طرح اگر ہم اللہ تعالیٰ کی غلامی کی صفت میں آ جائیں تو بات بن جائے گی۔

متن:

بد در مخلوق بودن عمر ضائع کردن است

خاک آن در شو کہ آب بندگانش روشن است

مخلوق کے دروازے پر ہونا اپنی عمر ضائع کرنا ہے اس دروازے کی خاک بن جا کہ اس کے غلاموں کی عزت روشن عیاں اور نمایاں ہے۔ پس حضرت شیخ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا طریقہ اویسی تھا اور ان کو نبی کریم ﷺ کا نورِ مبارک تربیت دے رہا تھا اور اُن کو سارے درجات عالیہ اللہ تعالیٰ کے فضل و عنایت سے حاصل ہو گیے تھے اور جو محبت سعادت وغیرہ ان کو حاصل تھی یہ سب کچھ اُس کا فیض تھا اور یہ قسمتِ ازلی تھی، اور ان کا مریدوں اور احباب قسمت کے ساتھ رابطہ باطنی توجہات کے ذریعے ہوتا تھا۔ فضل ایزدی سے صاحب نظر تھے بہت عرصے تک ارادت یعنی مرید بنانے کا سلسلہ خفیہ رکھتے تھے اور اس کو ظاہر نہیں فرماتے تھے لیکن جب اللہ تعالیٰ کی مرضی اور ارادے سے اس مشک کی خوشبو اور اس عطر کی لپٹیں نسیم صبح کی طرح اللہ تعالیٰ کی لطف اور فضل و کرم کے گلزار سے ظاہر و عیاں ہو گئیں تو بہت عرصے کے لیے جو کوئی بھی حضرت شیخ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی زیارت اور ملاقات کو آتا تھا۔ ان کو کھانا وغیرہ نہیں کھلاتے۔

تشریح:

یہ بڑا عجیب واقعہ ہے، کیونکہ بزرگوں کے ہاں ایسے کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے جو حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ہاں ہوا ہے کہ لمبے عرصے تک یہ معمول تھا کہ جو بھی حضرت شیخ کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی زیارت کے لیے آتا تھا اس کو کھانا وغیرہ نہیں کھلاتے تھے۔

متن:

تاکہ یہ لوگ منع ہو جائیں اور کھانا وغیرہ نہ ملنے کی وجہ سے لوگ زیارت کو نہ آئیں۔ مگر زائرین اپنے ساتھ خود کھانے کا سامان لاتے اور دیہاتی لوگ کھانا پکاتے تھے۔ اس کے بعد حضرت صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حکم کیا کہ جو لوگ ان کے پڑوس میں تھے اور ان کے نزدیک قرب و جوار میں رہتے تھے۔ ان کو فرمایا کہ زائرین کے لیے ان کے لائے ہوئے سامان خوراک سے کھانا نہ پکائیں۔


تاکہ لوگوں کی کثرت اور ہجوم نہ ہو مگر زائرین اس پر بھی کم نہ ہوئے بلکہ وہ اشیائے خوراک کے ساتھ پکانے کا سامان دیگ وغیرہ بھی لانے لگے۔ اور اپنے ساتھ لایا ہوا سامان خود پکاتے اس پر حضرت صاحب نے حکم فرمایا کہ ان کے دیگ وغیرہ توڑ دیئے جائیں مگر مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔ لوگ آتے رہے اور بھوکے رہتے اور آنے سے منع نہ ہوئے اور نہ کم ہوئے لوگ تسلسل سے متواتر آتے رہتے جب اس حالت میں کچھ عرصہ گزر گیا تو حضرت شیخ صاحب نے فرمایا کہ میری تو خواہش تھی کہ اپنے آپ سے لوگوں کا ہجوم باز رکھوں لیکن جب اللہ تعالیٰ نے ان کو میرے پیچھے لگا رکھا ہے اب نجات کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا اور اس کا کوئی مداوا نہیں اس کے بعد اجازت فرمائی کہ جو کوئی چاہتا ہو ان زائرین کی خدمت کرے اور خود بھی گاہ گاہے کچھ کھانے کی چیزیں عنایت فرماتے، حضرت صاحب کے بعض مخلص مریدوں کی ایسی حالت ہو گئی کہ ان کو کھانا کھانے کی بھی حاجت نہیں تھی۔ اور بعض بہت کھانا کھاتے اور کبھی بالکل نہیں کھاتے تھے۔

تشریح:

یہ مجاہدے کی قسمیں ہیں جو غالباً حضرت سے آئی ہیں، بہت کم حضرات کے ہاں یہ چیز ملے گی کہ بہت کھانا اور پھر اس کے بعد نہ کھانا۔

متن:

ہر حال میں کھانے اور نہ کھانے کی شکل میں اپنے نفس کی مخالفت کرتے اور حضرت شیخ رحمۃ اللہ علیہ صاحب جب کبھی بزرگوں کی تعریف فرماتے تو اپنے والد محترم حضرت شیخ بہادر صاحب کی بہت تعریف فرماتے اور ان کے قبور کی زیارت کو اکثر تشریف لے جاتے اور مزار پر حاضری دیتے، میں نے ان کی زبانی تو کوئی بات نہیں سنی لیکن جب حضرت والد صاحب رحمۃ اللہ علیہ بہت زیادہ ادب کرتے اور تعریف فرماتے نیز ان کے مزار پر کثرت سے حاضری دینے کی وجہ سے میرا دل گواہی دیتا ہے کہ طریقہ سہروردی میں اپنے والد صاحب کے ساتھ بھی نسبت رکھتے ہیں۔

تشریح:

یعنی حضرت نے بھی اندازے سے فرمایا ہے، کیونکہ خود حضرت نے اس کے بارے میں کچھ ذکر نہیں فرمایا، لیکن یہ عمل سے ظاہر ہو گیا۔

متن:

ان کے واضح قول و بیان سے اُن کا طریقہ اویسی معلوم ہوتا ہے اور حضرت شیخ صاحب یہ طریقہ اویسی ہر کسی کو بیان یا ظاہر نہ فرماتے۔

تشریح:

اس حوالے سے لوگ بہت جلدی دھوکے میں آ جاتے ہیں۔ در اصل طریقہ اویسیہ یا سلسہ اویسیہ قطعاً کوئی چیز نہیں ہے، البتہ نسبتِ اویسی پہلے سے چلی آ رہی ہے، اویس قرنی رحمۃ اللہ علیہ کے وقت سے اب تک۔ یہی بنیادی فرق ہے جس کو نہ جاننے کی وجہ سے بعض لوگ دھوکے میں آ جاتے ہیں۔ سلسلہ اویسیہ کس کو کہتے ہیں؟ وہ یہ ہے کہ اویسی نسبت جس کو حاصل ہو وہ وہی چیز آگے اسی اویسی نسبت کے مطابق دے دے تو یہ سلسلہ بن جائے گا۔ جب کہ اویسی نسبت کو سلسلے کی ضرورت ہی نہیں ہے کیوں اس میں سب کچھ براہِ راست ہوتا ہے۔ کیونکہ ایک ہوتا ہے conduction اور ایک ہوتا ہے radiation۔ چنانچہ conduction, point to point ہوتی ہے ذرہ ذرہ کے ساتھ۔ اور radiation براہ راست ہوتی ہے۔ لہذا جب کسی کے لیے radiation ہو سکتی ہو تو conduction کی کیا ضرورت ہے؟ وہ تو ہر جگہ اس چیز کو پہنچا دے گا۔ اسی طرح اگر آپ ﷺ کی روح مبارک سے کوئی استفادہ کر سکتا ہے تو اس کے لیے سلسلے کی کیا ضرورت ہے؟ بلکہ وہ براہ راست آپ ﷺ سے استفادہ فرما لیتا ہے اور دوسرا بھی اسی طرح کر سکتا ہے، دوسرے کو بھی اگر اویسی نسبت حاصل ہو تو وہ بھی وہی کرے گا، لہذا اس کے لیے کسی سلسلے میں آنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اس سے واضح ہوا کہ اویسی نسبت موجود ہے لیکن اویسی سلسلہ کوئی چیز نہیں ہے، یہ بنیادی بات ہے۔ آپ اس کو سمجھیے کہ جیسے حدیث شریف کا سلسلہ منفرد ہے اور آپ ﷺ کا خواب میں تشریف لانا بھی حقیقت ہے، اور حدیث شریف میں اس کی باقاعدہ سند دی گئی ہے کہ جو آپ ﷺ کو خواب میں دیکھے تو وہ آپ ﷺ ہی ہوتے ہیں شیطان آپ ﷺ کے شکل مبارک میں نہیں آ سکتا۔ لہذا خواب میں یہ بات قطعی ہوئی کہ خواب میں آپ ﷺ ہی ہوتے ہیں، لیکن اگر آپ ﷺ نے کسی کے خواب میں کوئی بات ارشاد فرمائی ہو تو کیا اس کو ہم حدیث کہہ سکتے ہیں؟ نہیں کہہ سکتے۔ کیونکہ اس کے لیے لازم ہے کہ ایک راوی سے دوسرے راوی تک باقاعدہ سند متصل چلی آ رہی ہو، درمیان میں کوئی راوی بھی miss ہو جائے تو وہ صحیح حدیث نہیں رہے گی بلکہ ضعیف رہ جائے گی اور صحیح کی طرح قابل عمل نہیں رہے گی۔ لہذا چاہے آپ کو یقین ہو کہ خواب آپ ﷺ ہی نے فرمایا ہے مگر نہ تو اسے حدیث کہہ سکتے ہیں اور نہ ہی اس سے فقہ کا کوئی حکم ثابت ہو گا۔ البتہ خواب فضائل میں قابل قبول ہو سکتا ہے، جیسے ضعیف حدیث فضائل کے بارے میں قابلِ عمل ہوتی ہے لیکن فقہ میں استعمال نہیں ہو سکتی، کیونکہ فقہ میں کشف اور خوابوں کا حصہ نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالی نے اس نظام کو شفافیت کے ساتھ مشرف فرمایا ہے اگر یہ خوابوں اور کشفوں پہ چلے تو شفافیت نہیں رہے گی۔ لہذا جو چیزیں فقہ کے ذریعے سے ثابت ہوں یا سنداً ثابت ہوں ان کے اندر قوت ان چیزوں (کشف وغیرہ) کے ذریعے سے آ سکتی ہے۔ اس لیے کہتے ہیں جن کو کشفِ قبور حاصل ہو اور وہ صاحبِ نسبت ہوں تو وہ کسبِ فیض کر سکتے ہیں اور اس سے ان کی نسبت قوی ہو جاتی ہے۔ لیکن اگر وہ صاحب نسبت ہی نہیں تو وہ فیض حاصل نہیں کر سکتے، لہذا پہلے نسبت حاصل کرنی ہوتی ہے پھر یہ چیزیں حاصل ہو سکتی ہیں، اگر نسبت ہی حاصل نہ ہو تو کشفِ قبور سے استفادہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بہت ہی اہم بات ہے جس کو لوگ نہیں سمجھتے۔ اب حالت یہ ہے کہ عوام بھی قبور پر آ کر طواف کرنا شروع کر دیں گے اور سمجھیں گے کہ ہمیں قبر سے فائدہ ہو گا۔ حالانکہ عوام کے لیے یہ چیز نہیں ہے۔

حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ایک دفعہ شاہ رفیع الدین رحمۃ اللہ علیہ کسی قبر پر گیے، ان کے ساتھ 2 طالب علم بھی تھے، حضرت تو بڑے صاحبِ کشف تھے اور صاحبِ نسبت بھی تھے، حضرت جب قبر پہ مراقب ہوئے تو وہ طالب علم بھی مراقب ہو گیے، تو فرماتے ہیں میں نے ان کو دو لگائیں کہ وہ آنکھیں تو تمہاری بند ہیں یہ آنکھیں کیوں بند کر لیں؟ یعنی نسبت بھی تمہیں حاصل نہیں ہے کہ ادھر سے فیض حاصل کر سکو تو خواہ مخواہ آنکھیں کیوں بند کر دیں؟ یہ دکھانے کے لیے کہ میں بھی کچھ حاصل کر رہا ہوں؟ لہذا حضرت نے اس بات کا اظہار فرما دیا کہ تیری وہاں کی آنکھ نہیں ہے (یعنی باطنی آنکھ، جس کے ذریعے وہی کچھ دیکھنے لگو جو حضرت شاہ رفیع الدین صاحب رحمۃ اللہ علیہ دیکھ رہے ہیں)

مولانا احمد علی لاہوری رحمۃ اللہ علیہ سے کسی نے کہا کہ حضرت! یا رسول اللہ کہنے کی اجازت ہے؟ فرمایا کس کے لیے؟ انہوں نے کہا: میرے لیے۔ فرمایا: نہیں۔ وہ حیران ہو گیے، پھر پوچھا کیا آپ کے لیے؟ فرمایا میرے لیے جائز ہے تو وہ حیران ہو گیے کہ آپ کے لیے جائز ہے میرے لیے جائز نہیں کیا مطلب؟ فرمایا: تم تصور میں آپ ﷺ کو ادھر لاتے ہو اور میں تصور میں ادھر پہنچ جاتا ہوں۔ لہذا میرے لیے جائز ہے تمہارے لیے جائز نہیں ہے۔ چنانچہ صاحب نسبت حضرات کو یہ مقام حاصل ہوتا ہے کہ جہاں پہنچنا ہوتا ہے اللہ تعالی ان کو وہاں پہنچا دیتا ہے۔ یہی اصل میں بنیادی بات ہے جسے لوگ نہیں سمجھتے کہ اویسی سلسلہ بھی چلا آ رہا ہے۔ حالانکہ اویسی سلسلہ ہے ہی نہیں، جیسا کہ فقہ میں خواب قابلِ بحث نہیں ہے اس طرح طریقت میں اویسی سلسلہ زیر بحث نہیں ہے۔ البتہ اویسی نسبت موجود ہے اور کمال کی بات یہ ہے کہ جس کو یہ نسبت حاصل ہے وہ اس کا اظہار بھی نہیں کرتا۔ جیسا کہ حضرت نہیں کیا کرتے تھے، ہم یہ بات کر رہے ہیں لیکن حضرت نے کبھی ظاہر نہیں کیا کہ میری اویسی نسبت ہے کیونکہ بعض اوقات کوئی چیز راز ہوتی ہے جسے ظاہر نہیں کیا جاتا۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کا ملفوظ ہے کہ وہ صاحب دوستی کے قابل نہیں ہے جو دوست کے راز کو راز نہ رکھ سکتا ہو۔ لہذا اویسی نسبت بھی ایک راز ہوتا ہے جو بیان کرنے کا نہیں ہوتا ہے۔ جیسا کہ شعر ہے:

میان عاشق و معشوق رمزیست

کراماً کاتبین خبر نیست

"عاشق و معشوق کے درمیان تو ایک ایسا رمز ہوتا ہے جس کا کراماً کاتبین کو بھی پتا نہیں ہوتا" لہذا اگر کوئی ایسا اللہ والا ہو جسے اویسی تعلق ہو تو وہ لیتا رہے گا لیکن بتاتا نہیں رہے گا۔ اس لیے جس نے اپنے آپ کو اویسی سلسلہ کہہ دیا اس نے تو سارا کچھ ضائع کر دیا کیونکہ جو بیان نہیں کرنا تھا وہ بھی بیان کر دیا اور جو غیر واقعی تھا وہ بھی ساتھ شامل کر دیا۔ حالانکہ حقیقت میں یہ کچھ بھی نہیں ہے۔ ہمارے حضرت نے اس کے متعلق فرمایا کہ پکھنڈ بنایا ہوا ہے۔ حضرت مولانا اشرف صاحب رحمۃ اللہ علیہ ایسے لوگوں کی ڈٹ کے مخالفت کرتے تھے۔ ان دنوں یہ فتنہ نیا نیا آیا تھا، جب حضرت کو پتا چلا تو حضرت نے سختی کے ساتھ اس کی تردید فرمائی تھی۔ یعنی آپ ﷺ سے براہ راست بیعت کروانا اور اس طرح کی تمام چیزیں انہوں نے مشہور کی تھیں تو حضرت نے سختی کے ساتھ اس کا رد فرمایا کہ یہ کیا پکھنڈ بنایا ہوا ہے۔ حضرت نے ہمیں سمجھانے کے لیے وہی مثالیں دی تھیں۔ بہرحال حضرت کاکا رحمۃ اللہ علیہ اویسی نسبت کے تھے۔ آگے یہی بات آ رہی ہے۔

متن:

حضرت شیخ صاحب یہ طریقہ اویسی ہر کسی کو بیان یا ظاہر نہ فرماتے اور اس کے بارے میں کچھ نہ فرماتے اس کی علت غائی یہ ہے کہ یہ اسرار میں سے ہے اور اسرار کا چھپانا بہت اچھی بات ہے ایک بار حضرت صاحب رحمۃ اللہ علیہ اپنے والد محترم کے مزار کو بہت سے لوگوں سمیت تشریف لے جا رہے تھے حضرت صاحب کے والد محترم حضرت شیخ بہادر صاحب رحمۃ اللہ علیہ قطب عالم کے مرتبے پہ فائز تھے حضرت شیخ صاحب نے اپنے ساتھیوں کو فرمایا کہ ہر شخص راستے پر چلتے ہوئے یہ دعا کرے کہ اللہ تو اُن کی سر بلندی فرما یعنی درجات بلند فرما کیونکہ آپ کی سر بلندی اور بلندی درجات ہماری سر بلندی ہے

تشریح:

یعنی اپنے والد صاحب کے لیے دعا کی تھی۔

متن:

اور جب مذکورہ مزار شریف کے قریب پہنچ گیے تو تمام لوگوں کو ایک وادی میں روکے رکھا اور ہر شخص کو ایک بلند مقام پر تعینات فرمایا کہ جس کسی پر نظر پڑے کہ وہ اس طرف آ رہا ہے اُس کو آنے سے منع کیا جائے۔

تشریح:

یہ وہی اویسی سلسلے والی بات ہے۔

متن:

اور اُن کو کہا جائے کہ یہاں سے واپس چلیں جائیں تھوڑی دیر بعد اُس تمام مجمع اور گروہ جس کو منع کیا گیا تھا طلب فرمایا اور حضرت شیخ بہادر رحمۃ اللہ علیہ کے مزار اقدس پر تشریف لے گیے لوگوں نے ایک ایسے شخص سے جو کہ بلندی پر تعینات کیا گیا تھا اُن حالات اور حقیقت کے بارے میں پوچھا اُس نے بیان کیا کہ حضرت صاحب ننگے سر مذکورہ قبر کے پائنتی کھڑے تھے اور یہ بات حکمت سے خالی نہ تھی کہ اس سے قبل یا بعد آپ کو اس طرح کرتے نہیں دیکھا گیا بہرحال جب آپ اپنے والد محترم قطبِ عالم شیخ بہادر صاحب کا اسم گرامی یاد فرماتے تو نہایت ادب و احترام سے یاد فرماتے اور ان کو (ریشتنے) راست گو کے نام سے یاد فرماتے۔ پس اے میرے پیارے یہ بات جان لے کہ اولیاء اللہ تین نوع کے ہوتے ہیں بعض کو تو ولایت حاصل ہوتی ہے سرایت نہیں ہوتی کہ دوسروں پر اثر کر لے اور بعض کی ولایت اور دوسروں پر اثر اندازی کی خاصیت ہوتی ہے لیکن اثر کا یہ نفوذ ان کے حین حیات میں ہوتا ہے ان کے وفات کے بعد یہ تاثر منقطع ہو جاتا ہے اور ایسے ولی کو کامل کہتے ہیں اور بعض ولایت بھی رکھتے ہیں اور سرایت و اثر اندازی کی اہلیت بھی رکھتے ہیں زندگی میں اور مرنے کے بعد بھی ان کی تاثیر جاری رہتی ہے اور ان کے اثر کا یہ نفوذ غیر منقطع ہوتا ہے ان کو مکمّل کہتے ہیں اور اس زمانے میں یہ مرتبہ بایزید بسطامی کو حاصل تھا ان کے یعنی شیخ صاحب کے دوران حیات بہت سارے لوگوں نے ان کے جام و ساغر سے شراب محبت نوش کی تھی۔ اور ان کی معرفت کے درخت کا میوہ کھایا تھا اس کے علاوہ تین ہزار تین سو تین (3303) غلاموں کو آزاد کر کے حضرت صاحب نے کمال جمال بے مثال تک پہنچایا تھا اور جو لوگ حضرت شیخ صاحب کے ہاتھوں فیض یاب ہو گیے تھے اُن میں سے اکثر بنگش کُرم ٹل اور مروت کے علاقوں میں سکونت پذیر ہیں یا وہاں دفن ہو چکے ہیں ان میں سے بعض کی شہرت ہو چکی ہے اور ان کے مزارات معروف و مشہور ہیں اور بعض ابھی تک مخفی و مستور ہیں اور جو فیض کہ ان کو حاصل ہوا ہے تو بعض کو نگاہ کی تاثیر سے حاصل ہے بعض کو مجلس کے اثر سے اور بعض کو نیند کی حالت میں اور بعض کو کم کھانے اور فاقہ کشی کے ذریعے حاصل ہے اور بعض مخلصوں کو غیبی شکل میں کہ اگرچہ وہ دور دراز کے علاقوں مثلاً ہندوستان وغیرہ میں ہوتے تو حضرت شیخ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی باطنی توجہ سے ان کو فیض پہنچتا اور وہ اس فیض سے مستفید ہو جاتے اور ان کو فائدہ پہنچتا اور ان کی وفات کے بعد بھی بہت سے لوگوں نے ان سے فیض حاصل کیا ہے اور فیض پا رہے ہیں بعض کو خواب میں بعض کو مزار کے حاضری کے وقت اور بعض کو نیند میں بھی اور حضور میں بھی فیض حاصل کرتے رہے ہیں اس مناقب کی کتاب کا جمع کرنے والا فقیر (شیخ عبد الحلیم صاحب) کو بھی روضۂ مبارک سے فیض حاصل ہوا ہے۔

تشریح:

چونکہ شیخ عبد الحلیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ زیادہ تر ہندوستان میں رہے ہیں کیونکہ وہاں حصولِ علم کے لیے گیے تھے، جب واپس آئے تو حضرت کی وفات ہو چکی تھی تو پھر اس طریقے سے کسب فیض کیا۔

متن:

اور اکثر اوقات مزار اقدس پر حاضری کے وقت انواع و اقسام کے فیوضات حاصل ہوئے ہیں اور جو کچھ کہ دیکھا ہے میرے دل نے دیکھا ہے اور جو کچھ سنا ہے وہ میرے کانوں نے سنا ہے اور اس کا لُطف وہ جانتے ہیں یہ اشارہ اس کے بیان کے لیے کافی ہے اس سلسلے میں زیادہ باتیں کرنا بھی خلاف ادب ہے۔

تشریح:

حضرت کا یہ انداز بڑا عجیب تھا۔ بہرحال اللہ تعالی کا ایک نظام با قاعدہ ہوتا ہے جو عموماً چلتا ہے اور ایک دوسرا نظام بھی ہے جو خاص حالات کو ظاہر کرنے کے لیے ہے تا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ اس کے علاوہ کچھ ہو نہیں سکتا۔ اگرچہ ایسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں لیکن ظاہر ہو جاتے ہیں اور وہ سارا نظام بھی ان کے ذریعے سے ظاہر کروا دیا جاتا ہے۔ چنانچہ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ انہیں کے قبیل سے ہیں جن کے ذریعے سے اللہ پاک نے بعض چیزوں سے پردہ اٹھایا ہے لیکن ہم لوگوں کو حضرت سے جو لینا ہے وہ عبدیت ہے جو حضرت کا خاص ممتاز وصف تھا اور شریعت پر حتمی عمل لینا ہے۔ باقی ہر ایک شخص کی قسمت ہے چاہے اسے باقاعدہ طریقے سے نوازا جائے یا بے قاعدہ طریقے سے، یہی عبدیت ہے۔ بہر حال جس طریقے سے بھی اسے نوازا جائے اس پر وہ صاد کر لے۔ جیسے حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بھی اپنے طریق کو طریقِ نا مسلوک قرار دیا ہے یعنی یہ عام طریقہ نہیں ہے۔ لہذا بعض طریقے نا مسلوک بھی ہوتے ہیں جو خاص خاص لوگوں پہ ظاہر کیے جاتے ہیں اور ان بزرگوں کے درمیان بہت اچھا تعلق بھی رہا ہے، اسی لیے یہ ایک ہی چیز ہے اور شاید اسی کی برکت ہے کہ "حقیقتِ جذب و سلوک" لکھنے کے فوراً بعد حضرت کی کتاب کی تعلیم کی توفیق ہوئی، اس سے پورا اندازہ ہوتا ہے کہ آپس میں کوئی ربط ضرور موجود ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم کو سب بزرگوں کے فیوض و برکات سے زیادہ سے زیادہ حصہ نصیب فرمائے۔

وَ اٰخِرُ دَعْوٰنَا اَنِ الْحَمْدُ للہِ رَبِّ الْعٰلَمِینْ۔

شیخ رحمکار رحمۃ اللہ علیہ کے اوصافِ حمیدہ - مقاماتِ قطبیہ و مقالاتِ قدسیہ