اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیِّیْنَ
اَمَّا بَعْدُ فَأَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم
الحمد للہ، اللہ جل شانہ کا بہت شکر ہے کہ اللہ جل شانہ نے ہمیں اہلِ ایمان میں پیدا فرمایا اور الحمد للہ ان اکابر تک ہماری رسائی فرمائی جن پر اللہ تعالیٰ نے بہت کرم فرمایا تھا۔ ان اکابر میں سے جو حضرت مولانا روم رحمۃ اللہ علیہ ہیں، ان کی مثنوی شریف کا درس ہفتہ کے روز سالہا سال سے ہوتا رہا ہے۔ اس کے علاوہ مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کے ملفوظات شریف کی جلد انفاسِ عیسٰی جس میں حضرت کے قلب مبارک کے فیوض و برکات بکھرے ہوئے ہیں، اس کی تعلیم ہفتہ وار چل رہی تھی اور بارہ سال میں تکمیل تک پہنچ گئی۔ الحمد للہ اس کا PowerPoint بن گیا ہے اور اب مختلف جگہوں پر لوگ اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس کے بعد اللہ پاک نے اپنے فضل کرم سے حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات شریف کی تشریح کی توفیق نصیب فرمائی اور حضرت کا خاص مکتوب، جو حضرت نے اپنے بھائی غلام محمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے نام لکھا تھا، جس میں حضرت نے سلوک اور جذب کے بارے میں بڑی تفصیلی بات فرمائی تھی، اس کی تشریح بھی اللہ پاک نے کروائی اور الحمد للہ وہ چھپ بھی گئی ہے۔ اس کا نام "حقیقتِ جذب و سلوک" رکھا گیا ہے۔
بدھ کے دن مکتوبات شریف کی تعلیم کا سلسلہ کافی عرصے سے چل رہا ہے اور انشاء اللہ چلتا رہے گا۔ یہ تو معرفت کا سمندر ہے اس میں ہم جیسے لوگ مسلسل غوطہ زن رہیں تو پھر برکات اور فیوضات ان شاء اللہ ملتے رہیں گے۔
اس کے بعد قلب پر یہ ارادہ وارد ہوا کہ ہمارے جدِ امجد حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ جو کہ اولیاء اللہ میں ایک خاص شان رکھتے تھے اور سہروردی اور چشتی سلسلے کے خصوصی امین تھے۔ یہ بہت عجیب نسبی سلسلہ ہے کہ جتنے اکابر حضرت کاکا صاحب ر حمۃ اللہ علیہ تک چلے آرہے ہیں، یہ سب نسبی طور پر اولیاء اللہ تھے۔ یعنی ان کے والد، ان کے دادا، ان کے پر دادا، ان کے بڑے اور ان کے بڑے، حضرت علی رضی اللہ عنہ تک ان کے آباؤ اجداد مسلسل اولیاء چلے آرہے ہیں۔ سارے اولیاء اللہ گزرے ہیں اور ہر ایک کا مقام اپنے اپنے علاقوں میں واضح ہے۔
حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے آخری دور میں گزرے ہیں اور آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ کے خاص الخاص مرید تھے جن کا سلسلہ بنوریہ نقشبندیہ بہت مشہور ہے۔ حضرت مجدد صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے نقشبندی سلسلہ کی دوشاخیں چلتی ہيں۔ ایک معصومیہ جو حضرت کے اپنے صاحبزادے سے چلا ہے اور ایک بنوریہ جو حضرت آدم بنوری رحمۃ اللہ سے چلا آرہا ہے۔
حضرت آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ جب حج کے لیے تشریف لے جارہے تھے تو الحمدللہ حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ہاں بھی تشریف لائے۔ چونکہ حضرت آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ بہت بڑے عالم تھے اور حضرت کاکا صاحب خود بھی بہت بڑے عالم تھے اور علماء کے بہت بڑے قدردان تھے تو جب نماز کا وقت آیا تو کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اُن کو فرمایا کہ آپ نماز پڑھائیں۔ حضرت بنوری رحمۃ اللہ علیہ نے بڑی لحاجت سے فرمایا کہ حضرت! باقی باتیں تو میں آپ کی مان سکتا ہوں اور آپ کی سب باتیں قابل تسلیم ہیں لیکن یہ بات میرے لیے ماننے کی نہیں ہے کیونکہ میں اسی لئے آیا ہوں کہ آپ کے پیچھے نماز پڑھوں۔ پھر مجبوراً حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے نماز پڑھائی اور اس کے بعد حضرت بنوری رحمۃ اللہ علیہ نے ایک تاریخی فقرہ کہا: "آج جو نماز آپ کے پیچھے پڑھی ہے یہ نماز اور وہ نمازیں جو حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے پیچھے پڑھی ہیں اس طرح اور کوئی نماز نہیں پڑھی"۔ پھر حضرت بنوری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے صاحبزادے کو حضرت کاکا صاحب کے ساتھ حج کے سفرمیں رفیقِ سفر کر دیا ۔
یہ اولیاء اللہ کا بہت عجیب سلسلہ ہے اس وجہ سے دل پر یہ وارد ہوا کہ یہ ایک قسم کی بے وفائی والی صورت بن جاتی ہے کہ ہم باقی اکابر کی باتیں کریں، ان کی تعلیمات اور ملفوظات اپنی مجلسوں میں بیان کریں اور اپنےگھر کے حضرات سے، ان کی برکات سے ناواقف رہیں، یہ مناسب بات نہیں تھی، بلکہ مجھے اپنی زندگی کا ایک بڑا تجربہ بھی اس کے ساتھ ہوا ہے اس وجہ سے بھی ذہن اس طرف چلا گیا۔ جس وقت میں حضرت مولانا اشرف صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے بیعت ہوا جو کہ شیخ کامل اور سلیمانی نسبت کے بہت بڑے ولی اللہ تھے۔ ان سے جب میں بیعت ہوا تو حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے مجھے فرمایا کہ اپنے اکابر کے لئے ایصال ثواب کیا کرو، ایک دفعہ سورۃ الفاتحہ اور تین دفعہ سورۃ الاخلاص پڑھ کر آپﷺ کے لئے، سارے انبیاء کے لئے، صحابہ کے لئے اور چاروں سلسلوں کے مشائخ کے لئے ایصال ثواب کیا کرو۔ یہ طریقہ سکھایا۔ چونکہ حضرت کا حکم تھا اس لئے شروع کر دیا۔ ان دنوں میں نے خواب میں ایک بزرگ کو دیکھا جو ہمارے سسلسلہ اکابر کے ہیں، ہمارے خاندانی اکابر ہیں، جن کا نام مجھے معلوم نہیں لیکن خاندان کے بڑے بزرگوں میں سے تھے۔ انہوں نے فرمایا کہ آپ اتنے بڑے ہوگئے ہیں کہ اب تو ہم آپ سے بیعت کرنا چاہتے ہیں، میں بڑا حیران ہوا کہ یا اللہ یہ کیا ہوا۔ پھر میں جاگ گیا تو سمجھا کہ یہ تو منہ پر تھپڑ ہے لیکن یہ تھپڑ کیوں مارا گیا اس پر سوچا تو یہ بات دل میں آئی کہ میں باقی اکابر کے لیے تو ایصال ثواب کرتا ہوں لیکن اپنے آباؤ اجداد اکابر کو نہیں کرتا، شاید یہی وجہ ہے۔ ہمارے کاکا صاحب کی اولاد میں ایک بزرگ گزرے ہیں سید تنظیم الحق حلیمی صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور جس بزرگ نے یہ کتاب "مقاماتِ قطبیہ و مقالات قدسیہ" لکھی ہے، یہ ان کے خاندان میں سے ہیں، حلیم صاحب ان کا نام تھا تو اس لحاظ سے حلیمی صاحب کہلاتے تھے اور وہ ہمارے پھوپھا جان بھی تھے۔ اُن سے میں نے عرض کیا کہ حضرت اس طرح میں نے خواب دیکھا ہے اور میرا خیال یہ ہے کہ یہ منہ پر تھپڑ ہے۔ حضرت نے فرمایا بات تو یہی ہے۔ پھر میں نے کہا میرے دل میں یہ بات آرہی تھی کہ میں باقی اکابر کے لئے ایصال ثواب کر رہا ہوں لیکن اپنے خاندان کے اکابر کے لئے نہیں کررہا شائد یہ وجہ ہے۔ فرمایا بالکل یہی وجہ ہے۔
آپ لوگوں نے سنا ہو گا کہ میں جب ایصال ثواب کرتا ہوں تو اپنے آباؤ اجداد کا نام بھی لیتا ہوں۔ یہ بات چونکہ پہلے مجھ پر گزر چکی ہے اس لیے میں نے سوچا کہیں دوبارہ کوئی ایسی بات نہ ہو جائے، اسی لیے میرے دل میں یہ خیال آیا اور بڑی مضبوطی کے ساتھ آیا اور اس کے لیے تکوینی اسباب بھی بن گئے کہ منگل کا دن فارغ ہو گیا۔ لہذا آج کے دن ہم نے اس کتاب کی تعلیم شروع کی۔ حضرت مولانا عبد الحلیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ بھی بہت بڑے بزرگ اکابر میں سے ہیں۔ ان کو حلیم گل بابا بھی کہتے ہیں۔ زیارت کاکا صاحب میں ان کا مزار ہے اور ان کے مزار میں ایک خاص بات ہے کہ جن لوگوں پر جنات ہوتے ہیں، جب ان کو وہاں لے جاتے ہیں تو جنات ان سے رہ جاتے ہیں۔ ہمارے ایک دوست نے پوچھا کہ یہ سب کیسے ہوتا ہے؟ وہ شاید یہ سمجھے کہ یہ شرک ہے اور بظاہر یہی بات لگتی ہے۔ میں نے ان سے کہا کہ در اصل وہاں جنات کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے جن کو حضرت سے محبت ہے۔ جنات میں بھی اتنے ہی مذاہب اور مسالک ہیں جتنے انسانوں میں ہیں اور ان کے نام بھی وہی ہیں یعنی ہندو، عیسائی، یہودی، اور سارے مسالک بھی ہیں۔ جیسے انسانوں میں بہت سے انسان حلیم گُل بابا سے محبت کرتے ہیں اسی طرح جنات میں بھی بہت سے جنات ان سے محبت کرتے ہیں۔ اس لیے ان سے محبت کرنے والے جنات وہاں موجود ہیں۔ وہ لوگ جن پر جنات ہوں وہ جب حضرت کے مزار پر جاتے ہیں تو مزار کے جنات جو کہ طاقت میں بھی بہت زیادہ ہوتے ہیں وہ ان جنات کو پکڑ کر اپنے ساتھ بیٹھا لیتے ہیں اور وہ شخص ٹھیک ہوجاتا ہے۔ بالکل اسی طرح جیسے یہاں پر کوئی مجھ سے محبت کرنے والا موجود ہو اور نئے آنے والے کو پکڑ کر اپنے ساتھ بٹھالے۔ میں نے جب اپنے ساتھی کو یہ بات بتائی تو وہ سمجھ گئے اور کہا کہ یہ تو ہوسکتا ہے۔ چونکہ لوگوں کو سطحی باتیں معلوم ہوتی ہیں اس وجہ سے بڑے بڑے حکم لگا دیتے ہیں۔
یہ میں اس لیے عرض کرتا ہوں کہ حلیم گل بابا رحمۃ اللہ علیہ کی اولاد میں سید تنظیم الحق حلیمی صاحب رحمۃ اللہ علیہ، انہوں اپنے والد پر کتاب لکھی، ان کوخود بہت اشکالات تھے، والد صاحب کا طریقہ ان کو سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کون سا طریقہ ہے۔ ایک دفعہ خود کاکا صاحب سے پوچھا کہ بابا بزرگوں کے مقامات ہوتے ہیں آپ کا کونسا مقام ہے۔ کاکا صاحب نے بڑا عجیب جواب دیا۔ اس کتاب میں آئے گا ان شاء اللہ۔ فرمایا "بیٹا میں نے علم علماء کے لئے چھوڑ دیا ہے، درویشی درویشوں کے لئے اور فقیری فقیروں کے لئے چھوڑ دی ہے۔ اللہ پاک نے میرے گلے میں بندگی کا ایک طوق ڈالا ہوا ہے ، میں چاہتا ہوں کہ موت تک یہ میرے گلے میں رہے، یہی میرا مقام ہے۔ اس کو مقامِ عبدیت کہتے ہیں جو کہ بہت اونچا مقام ہے۔ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے بہت سادہ اور عوامی الفاظ میں بیان فرمایا لیکن واقعتاً اس کو سمجھانا کافی مشکل ہے۔ یہی ایک کامل شخص کی پہچان ہے کہ وہ بہت اونچی باتیں سادہ اور عوامی الفاظ میں بیان فرما دیتے ہیں اور لوگوں کو اس کی قدر نہیں ہوتی کیونکہ وہ سادہ الفاظ میں بیان کرتے ہیں۔ لوگ ایسی باتوں سے متاثر ہوتے ہیں جو بہت پُرسرار قسم کی ہوتی ہیں، اہلِ باطل اس چیز کا بہت زیادہ فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اہلِ باطل کو اگر آپ دیکھیں تو بڑی موٹی موٹی باتیں کریں گے لیکن عمل سے خالی ہونگے اور اہلِ حق بہت سادہ سی بات کریں گے اور عمل سے بھرپور ہوں گے، یہی ان کی پہچان ہے۔
اگر صحابہ کرام کو دیکھیں تو وہ بھی گہری گہری باتیں نہیں کرتے تھے بلکہ سادہ سی باتیں ہوتی تھیں اور اسی میں گہرائی ہوتی تھی۔ جیسے حضرت عمر رضی اللہ عنہ بیت المقدس جارہے تھے، حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان سے درخواست کی کہ آپ جہاں جا رہے ہیں، وہاں کے لوگ لباس سے بہت اثر لیتے ہیں، لہذا مہربانی کر کے آپ ایسا لباس زیب تن فرمائیں جس میں کم از کم وہ آپ سے دوری اختیار نہ کریں اور آپ کا مقام ان کی نظروں میں کم نہ ہو۔ حضرت نے فرمایا کہ میرے پاس ایسا کوئی لباس نہیں ہے۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا یہ حال تھا کہ ایک دفعہ جمعہ کی نماز کے لئے تاخیر سے آئے۔ ان دنوں امیر المؤمنين امام ہوا کرتے تھے۔ سب لوگ آپ کا انتظار کر رہے تھے۔ جب تشریف لائے تو لوگوں نے تاخیر کی وجہ پوچھی،۔ فرمایا میرے پاس ایک ہی لباس تھا، اُس کو دھو کر اس کے سوکھنے کا انتظار کر رہا تھا۔ یہ تھے امیر المؤمنین ۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میرے پاس ایسا جوڑا نہیں۔ معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا حضرت! میں پیش کردوں؟ فرمایا ضرور۔ معاویہ رضی اللہ عنہ جوڑا لے آئے۔ حضرت نے وہ جوڑا زیب تن کر لیا۔ لیکن ابھی تھوڑا ہی دور گئے تھے کہ رک گئے اور کہا "معاویہ تو نے مجھے ہلاک کر دیا، اس لباس نے تو مجھے مشغول کر دیا" ،یہ کہہ کر وہ جوڑا واپس کیا اور اپنا جوڑا پہن لیا اور فرمایا میرے لئے یہی لباس ٹھیک ہے۔ یہ بہت گہری بات ہے لیکن حضرت نے بہت سادگی سے بیان فرمادی۔ یہ جو چیز ہے "مشغولی" اس پر فقہاء نے بہت بڑی بڑی تفسیریں لکھی ہیں۔ کہ مشغولی کیا ہے؟ مشغولی حق ہے یا غیر حق، یہاں تک فرمایا کہ مساجد کے اندر دیواریں منقش نہیں ہونی چاہئیں کیونکہ اس میں مشغولیت ہو جاتی ہے۔ ایک انسان نماز پڑھ رہا ہے تو منقش دیواروں کی طرف ذہن جائے گا اس لیے فرمایا کہ مساجد کی دیواریں اور قالین منقش نہیں ہونے چاہئیں۔
حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ جو اس دور کے مجدد ہیں انہوں نے اس فقہی مسئلے سے روحانی مسئلہ نکال لیا اور فرمایا "میں تو کہتا ہوں کہ دل بھی منقش نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اگر دل منقش ہوا تو اپنے دل میں مشغولیت ہو جائے گی اور یہ غیر حق ہے"۔ کیسی بڑی بات فرمائی اور جو کشفوں کے پیچھے پڑا رہتا ہے کہ مجھے فلاں کشف ہو گیا، فلاں کشف ہو گیا یہ اس کے دل کے منقش ہونے کی علامت ہے وہ اسی مشغولیت میں لگا رہتا ہے اور اللہ سے کٹ جاتا ہے. آپ کا یہ فرمان کہ "دل بھی منقش نہیں ہونا چاہئے" یہ روحانی طور پر اس قدر اونچی بات ہے کہ اس کی آپ تشریح کرتے جائیں، ختم نہیں ہوگی۔ کہنے والوں نے کہہ دیا اور سمجھانے والوں نے سمجھا دیا، بزرگوں کے پاس یہی چیز ہوتی ہے اور یہ اُن کی عمر بھر کا نچوڑ ہوتا ہے اس وجہ سے ایسے حضرات کی کتابوں کو پڑھنے میں بہت فائدہ ہوتا ہے۔ اس کا بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ جو چیز ان بزرگوں نے بڑے تجربوں، مجاہدوں اور ریاضتوں کے بعد حاصل کی ہوتی ہے، وہ چند الفاظ میں بیان کردیتے ہیں۔ اگر ہمیں اس کی قدر ہو اور ہم اس کو حاصل کرلیں تو ہمیں اتنے مجاہدے اور ریاضتیں نہ کرنی پڑیں بلکہ وہ چیز ہمیں مفت میں حاصل ہو جاتی ہے۔ جیسے لوگ Engineer اور سائنس دانوں کے پیچھے پیچھے پھرتے ہیں کہ ان سے کوئی کام کی بات مل جائے تو وہ ہم سنبھال لیں اور اس سے فائدہ حاصل کریں۔ ڈاکٹر حضرات پروفیسر حضرات کے ساتھ لگے ہوتے ہیں کہ کوئی نہ کوئی Experience کی بات ہمیں مل جائے جو ہمارے لئے فائدہ مند ثابت ہو۔ اصل بات یہی ہے کہ ایسے لوگوں کی قدر وہی لوگ کرتے ہیں جو ان کے قدر دان ہوتے ہیں۔ یہی بات ہے جس کی وجہ سے ہم بزرگوں کی تعلیمات کا جو نچوڑ ہوتا ہے، اس کا درس دیا کرتے ہیں بلکہ میں اس کو دوسرے انداز میں عرض کروں گا۔ بہت سی کتابوں میں لکھا ہے بزرگوں نے فرمایا کہ اگر کوئی اپنے شیخ کی مجلس میں بیٹھا ہو تو ذکر لسانی نہ کرے۔ اپنے دل کو شیخ کے دل سے ملا کے رکھے کہ شیخ کے دل پر جو فیض آرہا ہے ان کے دل سے مجھے وہ فیض مل رہا ہے۔ فرمایا کہ اس وقت یہ اصلی ذکر ہے کیونکہ یہ براہ راست اللہ کی طرف سے آرہا ہے اس لیے یہ ذکر اس کو اللہ سے ملا رہا ہے، اس میں الفاظ کا سہارا نہیں بلکہ یہ براہِ راست اللہ سے ملا رہا ہے۔ یہ سمجھانا مشکل کام ہوتا ہے لیکن جن کو سمجھ آجائے ان کے لئے بہت اونچی بات ہوتی ہے۔ پھر وہ یہی کرتے ہیں اور لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ فارغ بیٹھے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ اس کے ذریعے سے ان کو بہت کچھ عطا کردیتے ہیں۔ اسی طرح ہمارے مشائخ جنہوں نے زندگی کا ایک بڑا حصہ اللہ تعالیٰ کا عرفان حاصل کرنے میں لگا دیا اور اللہ پاک نے ان کو وہ موتی عطا کردیے جو ایسے وقت میں ان کا حق تھا۔ اب وہ موتی ان کے پاس ہیں اور کوئی قدر دان ان کی کتابوں میں ان کی تعلیمات پڑھ لے اور اس کو وہ موتی حاصل ہو جائیں تو یہ مفت کی کمائی ہے۔
ہم لوگ نہ تو اتنے مجاہدے کر سکتے ہیں، نہ ریاضتیں کر سکتے ہیں اور نہ ہی ہمارے پاس اتنا وقت ہے۔ صحیح بات عرض کرتا ہوں کہ نہ ہمارے پاس اتنی صلاحیت ہے نہ وقت ہے، ایسی صورت میں ہم اگر ان سے بھی اعراض کر لیں تو نتیجتاً کورے کے کورے رہ جائیں گے۔ علماء نے الحمدللہ اپنے علوم کی قدر کی اور بڑے بڑے علوم کے خزانے جو کتابوں میں موجود ہیں ان کو پڑھ کر ان علوم تک رسائی حاصل کی اور اس طرح علوم کے خزانے حاصل کر لیے۔ اسی طرح مشائخ نے معارف کی قدر کی ہے۔ معرفتِ الٰہی جو ان کو قلبی اور وجدانی طور پر حاصل تھی انہوں نے اس کی قدر کی اور اللہ تعالیٰ نے ان کو وہ نعمتیں نصیب فرمادیں۔ میں اگر اس کو ایک لفظ میں عرض کرنا چاہوں شاید اس مجلس کی برکت ہے الحمد للہ وہ یہ ہے کہ اگر میں صبر کے اوپر ایک بہت اچھی کتاب پڑھ کر صبر کی تمام تفصیلات سے آگاہ ہو جاؤں تو یہ صبر کا علم ہے جو حاصل ہو گیا اور یہ بہت قیمتی علم ہے، لیکن کسی اللہ والے کے ساتھ بیٹھ کر مجھے صبر حاصل ہوگیا اور صبر کے الفاظ کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتا تو یہ زیادہ بہتر ہے۔ میں صبر کا علم حاصل نہیں کر سکا لیکن صبر حاصل ہو گیا جس کے بارے میں اللہ پاک کا فرمان ہے "اِنَّ اللہَ مَعَ الصَّابِرِیْن" بے شک اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ اس سے ثابت ہوا کہ اللہ تعالیٰ صبر کا علم رکھنے والے کے ساتھ اس وقت ہوگا جب وہ صبر کرے گا اور جس کو صبر حاصل ہے اللہ اس کے ساتھ براہ راست ہے۔ یہ ہی وہ چیزیں ہوتی ہیں جو مشائخ کے ہاں ملا کرتی ہیں اور جس کی قدر کی جاتی ہے۔ اس کے لئے علماء بھی بزرگوں کے ہاں تشریف لے کر جاتے ہيں۔ حاجی امداد اللہ مہاجر مکی رحمۃ اللہ علیہ کے پاس حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ، حضرت گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت مولانا قاسم نانوتوی رحمۃ اللہ اسی لیے تشریف لے کر گئے تھے۔ یہ بہت بڑے علماء تھے۔ ان کا علمی مقام اس قدر اونچا تھا کہ دور دور تک اُن جیسا کوئی نظر نہیں آتا تھا لیکن اسی چیز کو حاصل کرنے کے لئے جو میں نے ابھی بیان کی، حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پاس تشریف لے گئے جو باقاعدہ عالم بھی نہیں تھے۔ یہی بات حضرت قاسم نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے عاشقانہ رنگ میں بیان فرمائی جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ تو خود عالم ہیں، آپ حاجی صاحب کے پاس کیوں تشریف لے گئے تھے جو عالم بھی نہیں۔ فرمایا ہم عالم ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ کیلا بھی ہوتا ہے، ککڑی، انار اور سنگترہ یہ سب چیزیں ہوتی ہیں، لیکن ہم نے کبھی کچھ کھایا نہیں تھا۔ حاجی صاحب کے پاس گئے، ان کو ان چیزوں کے نام تو معلوم نہیں تھے لیکن ساری چیزیں ان کے پاس تھیں۔ وہ کھلا رہے تھے، کبھی کیلا کھلاتے تو ہمیں معلوم ہو جاتا کہ کیلا کھلا رہے ہیں، کبھی ککڑی کھلاتے تو ہمیں معلوم ہوجاتا کہ ککڑی کِھلا رہے ہیں۔ ہمیں صرف معلوم تھا اور ان کے پاس یہ ساری چیزیں موجود تھیں۔ یہی وہ ساری چیزیں ہیں جو ابھی تھوڑی دیر پہلے میں نے عرض کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہم لوگ اگر قرآن کے حکم کے مطابق "كُوْنُوْا مَعَ الصّٰدِقِیْنَ" پر عمل کرتے ہوئے اللہ والوں کے ساتھ ساتھ رہیں اور ہمارے اندر طلب ہو تو جو مقام صدق ان کو حاصل ہے وہ آہستہ آہستہ ان کی برکت سے ہمیں بھی حاصل ہونے لگے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی نصیب فرمادے۔ بہرحال یہی وجہ ہے کہ ہم اپنے اکابر کی کتابوں کی قدر کرتے ہیں بلکہ میں کہتا ہوں کہ شاید قدر کا لفظ کافی نہیں کیونکہ ہم لوگ اصل قدر نہیں کرتے۔ کیونکہ ہمیں ان چیزوں کے قیمتی ہونے کا اصل احساس ہی نہیں لیکن بہرحال کوشش کرتے ہیں، اکابر کی نقل کرتے ہیں، جیسے وہ اپنے اکابر کی قدر کرتے تھے ہم بھی ان کی نقل میں اللہ کی توفیق سے تھوڑی بہت قدر کرتے ہیں۔ لہذا آج سے شروع کرتے ہیں۔
بابِ اول
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
تشریح: یہ حضرت شیخ عبد الحلیم رحمۃ اللہ علیہ اپنی کتاب کے بارے میں فرماتے ہیں۔
متن: الحمد للہ رب العالمین والعاقبة للمتقين والصلٰوة والسلام علیٰ رسُوله محمد
رسول کریم ﷺ پر درود اور خدا کی حمد کے بعد عبدالحلیم جو کہ خداوند تعالیٰ کے لئے وسیلے کی تلاش میں ہے،
تشریح: وسیلہ مقامِ قرب کو کہتے ہیں جس کے ذریعے کسی چیز کو حاصل کیا جاتا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ میں بھی اللہ تعالیٰ تک پہنچنا چاہتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنا چاہتا ہوں اس کے لئے کسی وسیلے کی تلاش میں ہوں۔
متن: عرض کرتا ہے کہ میں گنہگار اور تر دامن ہوں، مگر اس کے باوجود خداوند رحیم اور کریم کی رحمت سے امید رکھتا ہوں کہ وہ میرے گناہوں کو عفو فرمائے گا اور میری عبادت و طاعت کو میری شرمندگی اور عذاب کا سبب نہیں بنائے گا۔ بلکہ مجھے بہشتِ بریں میں داخل فرمائے گا اور حشر و نشر کے دن مجھے شرمندہ نہیں کرے گا اور میرے ساتھ سخت حساب نہیں فرمائے گا اور دوزخ کے عذاب سے مجھے پناہ دے گا اور مجھے عارفوں اور محبت کرنے والوں کی محبت نصیب فرمائے گا۔
وَارْزُقْنِیْ شَفَاعَۃَ النًَبِیًِ الْکَرِیْمِ یا مولانا یَا مَوْلَانَا یَا سَامِعَ دُعَانَا فِیْ یَوْمِ الْحَشَرِ وَ النًَشْرِ وَاغْفِرْلِیْ وَاَبَوَیْنَا وَادْخُلْنِیْ الْجَنًَۃَ وَاَجِرْنِیْ مِنَ النًَارِ بِحُرْمَتِہٖ وَلَا تَقْطَعُ رَجَانَا۔ (ترجمہ) اے ہمارے مولا اے ہمارے مولا اے ہماری دعاؤں کے سننے والے حشر نشر کے دن نبی کریم ﷺ کی شفاعت مجھے نصیب فرما، میری اور میرے والدین کی مغفرت فرما، مجھے جنت میں داخل فرما اور رسولِ کریم ﷺ کی حرمت کے طفیل مجھے دوزخ سے دور فرما، اور ہماری اُمیدیں قطع نہ فرما، چونکہ میرے دل و دماغ میں حضرت صاحب (شیخ رحمکار رحمتہ اللہ علیہ) کی مدح اور تعریفیں کثرت سے آتی تھیں اور میری یہ سخت خواہش تھی کہ اپنے شیخ محترم کے مناقب جمع کروں، اسی لئے چند ایک صحیح مناقب جو کہ مجھے ہاتھ لگے تھے، میں نے حوالہ قرطاس و قلم کئے، اور اُن کو ضبط تحریر میں لایا۔ اگرچہ میں خود کو ان کی مدح اور تعریف کے قابل نہیں سمجھتا، لیکن میں نے اپنے فائدے کے لئے بہت محنت کر کے یہ مناقب جمع کئے، تا کہ دنیا اور آخرت میں میرے لئے باعث نفع و جزا ہوں۔
تشریح: حضرت نے عاجزی کے ساتھ اپنے ارادے کا اظہار کیا ہے اور یہی ہمارے بزرگوں کی شان ہے کہ سب کچھ ہوتے ہوئے بھی اپنے آپ کو کچھ نہیں سمجھتے۔ اللہ تعالیٰ ان جیسی تواضع ہمیں بھی نصیب فرمائے۔ آمین!
متن: پہلا باب حضرت صاحب کے اسماء کے بیان میں خود حضرت صاحب کا طریقہ اور جناب حضرت صاحب کا مریدوں کے تربیت کا با برکت طریقہ:
جناب حضرت صاحب کے وہ نام جو کہ لوگوں میں بہت مشہور تھے، یہ ہیں، شیخ رحمکار، شیخ رامکار، کستری، کستر(بسکون را) اور بہت سے لوگ اُس کو کاکا کہتے تھے۔ اور مُغلیہ خاندان کے بعض لوگ اُس کو رحمان کار کہتے تھے۔ واللہ اعلم۔
تشریح: ایک ہے ذاتی نام سے مشہور ہونا اور ایک ہے صفات کے لحاظ سے مشہور ہونا۔ ذاتی نام ہر ایک کا ایک ہی ہوتا ہے اور صفات زیادہ ہوتی ہیں۔ بعض حضرات کی صفات اس قدر اونچی ہوتی ہیں کہ وہ اپنی صفات کے لحاظ سے زیادہ مشہور ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے اُن کے اصل نام بعض دفعہ گم ہو جاتے ہیں۔ کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہوا، حضرت چونکہ بہت رحم کرتے تھے، بہت زیادہ شفیق اور لوگوں کے ساتھ بہت محبت کرتے تھے اس لیے لوگ حضرت کو اپنے اپنے انداز ميں محبت کے ناموں سے یاد کرنے لگے۔ لوگوں نے ان کو اپنے رنگ میں اپنے اپنے محبت کے انداز میں جو چاہا کہا۔ جیسے ہمارے والد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو میاں صاحب کہتے تھے۔ اُن کا اصل نام شاید ہی کسی کو معلوم ہو۔ گاؤں کے بہت کم لوگوں کوان کا نام "سید علی شاہ" معلوم تھا۔ حالانکہ میاں صاحب کے نام سے اور لوگ بھی تھے لیکن اگر کوئی کہتا کہ میاں صاحب کے پاس جارہا ہوں تو سب سمجھ جاتے کہ والد صاحب مراد ہیں، یہ نام ان کے لئے ایسا بن گیا تھا جیسے ذاتی نام ہو۔ میرے بچپن کا واقعہ ہے، میری ایک چھوٹی بہن جو فوت ہو چکی ہے، اُس کی ایک دفعہ سکول میں کسی Class fellow کے ساتھ لڑائی ہوگئی۔ گاؤں میں لوگ لڑائی میں والد صاحب کو بلایا کرتے تھے لہذا وہ لڑکی بھی پکارنے لگی "میاں صاحب میاں صاحب"۔ میری بہن غصے میں بولی ان کا نام کیوں لیا ہے۔ حالانکہ یہ ان کا ذاتی نام نہیں تھا، صفاتی نام تھا اور ذاتی نام پر لوگ غصہ ہوتے ہیں کہ بڑے کا نام لیا۔ لیکن وہ اسی نام کو ذاتی نام سمجھ کر غصہ ہوئی۔ بتانے کا مقصد یہ ہے کہ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ لوگوں کے صفاتی نام زیادہ مشہور ہو جاتے ہیں۔
عوام کے اندر جو ایک تاثر پایا جاتا ہے اس کی طرف اشارہ ہے ۔ کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے جو مختلف نام مشہور ہوئے ہیں وہ اسی وجہ سے ہیں کہ عوام پر ان کا گہرا اثر تھا۔ لوگ آپ کا بہت خیال رکھتے تھے اور بہت محبت کرتے تھے۔ اس کے بارے میں آگے انشاء اللہ اسی میں آئے گا۔ ابھی چونکہ ناموں والی بات آگئی اس لیے وہ عرض کر دی۔
حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ پر خلوت نشینی بہت زیادہ غالب تھی، گمنام رہنا پسند کرتے تھے۔ ان کا مقام ِپیدائش ابھی بھی ایسا ویران ہے کہ کوئی اُس طرف نہیں آتا۔ وہ درخت ابھی بھی موجود ہے جس کے ساتھ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کا پنگوڑہ بندھا ہوتا تھا۔ حضرت لوگوں کے سامنے بالکل نہیں آنا چاہتے تھے اور لوگ دور دور سے جوق در جوق آتے تھے۔ حضرت نے ان کو روکنے کے لئے اپنے قریب رہنے والے لوگوں کو کہا کہ ان کو کھانا نہ دیں تاکہ لوگ نہ آئیں۔ وہ حضرت کی بات مانتے تھے لہذا انہوں نے کھانا بند کر دیا۔ یہ دیکھ کر لوگ اپنے ساتھ کھانا لانا شروع ہو گئے اور وہاں کے لوگوں سے کھانے پکانے کا سامان خرید لیتے۔ ۔حضرت کو جب پتہ چلا تو فرمایا ان کو یہ چیزیں بھی نہ دو، لوگوں نے وہ بھی بند کر دیا۔ پھر لوگ اپنے ساتھ پکانے کی ساری چیزیں لانے لگے اور کھانا پکانے کا باقاعدہ انتظام کر لیا۔ یہ صورت حال دیکھ کر حضرت نے فرمایا کہ میں نہیں چاہتا تھا کہ لوگوں کے سامنے آؤں ليکن اگر اللہ کی یہی مرضی ہے تو میں کسی کو نہیں روکتا۔ پھر حضرت نے خود ہی ان لوگوں کے لئے لنگر کا انتظام فرما دیا، وہ لنگر ماشاء اللہ ابھی تک چل رہا ہے۔ بتانے کا مقصد یہ ہے کہ ایسا ہوتا ہے۔ ایسے لوگ جو محبوب الخلائق ہوں ان کے لئے اللہ تعالیٰ کا الگ ہی نظام چلتا ہے۔
مناقب
متن: اوصاف حمیدہ کی پہلی قسم شیخ رحمکار رحمۃ اللہ علیہ کے اوصاف حمیدہ وہ بہت دیندار تھے صاحبِ قرب تھے اور بساطِ قرب پر متمکن تھے، اُس میں کبر و غرور کا شائبہ تک نہ تھا۔ قلبِ سلیم کے مالک تھے اور اُس قلبِ سلیم میں کسی قسم کے غیر اللہ کی کدورت نہیں رکھتے، غیرِ حق سے نگاہ آشنا نہ تھے، معرفت کی محبت اپنے سینے میں کمال درجہ رکھتے تھے، غیر حق پر نظر نہیں رکھتے، ظاہر میں کتابِ خوان اور باطن میں تقویٰ سے آراستہ عقبیٰ کو مدنظر رکھتے، راہ عشق کے سرگرم راہرو اور شہسوار عشق و محبت تھے، وہ صاحبِ جذب و کشش تھے، مراتب عالی کے مالک اپنی ہستی کی نفی کرتے، اور رات کے وقت غیر حق کو چھوڑ کر سیر مع اللہ میں مشغول ہوتے، درمیان سے غیریت برطرف تھی، محقق اور سراپا محبت تھے، شریعت میں کمال کا درجہ حاصل تھا، طریقت و حقیقت میں تام تھے سراپا شوق تھے اور شوق و اشتیاق میں ہر وقت رو بہ ترقی تھے، آپ کا دل توکل سے مملو تھا، دل میں مجذوبوں کی طرح سوز اور جذبہ رکھتے تھے، تقرب کے میدان میں گوئے سبقت لے چکے تھے۔ اپنے زمانے میں با ادب مقتدا اور پیشوا تھے، خود بھی کامل تھے، اور دوسروں کو بھی کامل بنانے کا سلیقہ رکھتے تھے، محبتِ الہٰی کی شراب سے سرشار تھے، علم لدنی کے عالم اور راہ حقیقت کے شناسا تھے، خدا کی مخلوق اُن کی ملاقات سے دانۂ اسپند کی طرح سوزش میں آتے، کشف القلوب کے حامل تھے، اپنے نفس کے عارف تھے، اور موت سے قبل آشنائے موت ہو گئے تھے، فقط اپنے مطلوب پر نظر جمائے رکھتے تھے، اُن میں انانیت بالکل نہ تھی، اُن کی بقاء حق پر تھی، یعنی باقی باللہ تھے، حقیقی ایمان رکھتے تھے، اور بغیر کسی پردے اور حجاب کے حق الیقین رکھتے تھے،
تشریح: اس کی تشریح مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوب شریف میں ہوچکی ہے کہ بغیر کسی پردے اور ججاب کے یقین رکھتے تھے۔ حضرت نے اس پر بڑی تفصیل سے کلام فرمایا ہے۔
متن: اور حق الیقین رکھنے کی وجہ سے سوال و جواب کے محتاج نہ تھے اور کسی قسم کی لاف زنی نہیں کرتے تھے، وہ صاحب عقل و خرد تھے، اور مقام حیرت میں مقیم تھے، کمال (حق ادائیگی) کے ساتھ بکثرت اعمال کرتے تھے، اخلاق و کردار نیک اقوال و گفتار علم سے پُر رکھتے تھے،
تشریح: یہ بات تفصیل طلب ہے۔ اقوال، اعمال اور احوال یہ تین چیزیں ہیں۔ کچھ لوگ صاحب قال ہوتے ہیں، صاحب اعمال نہیں ہوتے یعنی بات بہت اونچی کرتے ہیں لیکن اعمال صفر ہوتے ہيں۔ ایسے لوگوں کو صاحبِ قال کہتے ہیں۔ یہ صاحبِ قال ہیں صاحبِ اعمال نہیں ہیں۔ کچھ لوگ صاحبِ اعمال ہوتے ہیں لیکن صاحبِ احوال نہیں ہوتے، اُن کے اعمال میں جان نہیں ہوتی۔ مثلاً وہ بہت عمل کرتے ہیں، نمازیں پڑھتے ہیں، روزے رکھتے ہیں، زکوة دیتے ہیں، حج کرتے ہیں لیکن اُن کے اندر وہ للّٰہیت نہیں ہوتی جو اصل اور روح ہے۔ ان کے اندر اپنی ذات کی طلب زیادہ ہوتی ہے۔ لہٰذا وہ جب کوئی عمل کرتے ہیں تو اُن کی نگاہ اپنی ذات پر جاتی ہے کہ میں نے یہ کیا۔ عمل اللہ کے لئے ہوتا ہے لیکن نگاہ اپنی ذات پر جاتی ہے۔ اگر عمل اللہ کے لئے نہیں تو پھر یہ ریا ہے، یہ عمل قابل ذکر ہی نہیں۔ اگر عمل اللہ کے لئے ہے اور نگاہ اپنے اوپر جائے تو اِسے حجابِ نفس کہتے ہیں۔ یعنی اپنی نگاہوں میں خود بڑا ہونا۔ اس سے آپﷺ نے پناہ مانگی ہے۔ اگرچہ آپ ﷺ اضطراری طور پر اس طرف آئے لیکن اُمت کی تعلیم کے لئے فرمایا: اَللّٰھُمَّ اجْعَلْ فِیْ عَیْنِیْ صَغِیْرًا وَّ فِیْ اَعْیُنِ النَّاسِ کَبِیْرًا ۔اے اللہ مجھے اپنی نگاہوں میں چھوٹا کر دے اور دوسروں کی نگاہوں پر بڑا کر دے۔ ہم نے اپنے شیخ سے پوچھا کہ حضرت یہ کیسی دعا ہے کہ آپﷺ نے فرمایا کہ مجھے اپنی نگاہوں میں چھوٹا کردے، یہ تو سمجھ میں آتا ہے لیکن دوسروں کی نگاہوں میں بڑا کر دے یہ کیا مانگ رہے ہیں؟ حضرت نے فرمایا کہ اگر کوئی شخص یہ نہ مانگے اور دوسروں کی نگاہوں میں چھوٹا ہو جائے تو اس کے لئے عمل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ لوگ اس کے کاموں میں مُخل ہوتے ہیں اور اس کو کام نہیں کرنے دیتے۔ یہ بھی اللہ تعالی کا بڑا فضل ہے کہ لوگوں کی نگاہوں میں بڑا ہوتا ہے لیکن اپنی نگاہوں میں چھوٹا رہتا ہے لہذا لوگ اس کو ولی اللہ سمجھتے ہیں اور وہ خود اپنے آپ کو گناہگار سمجھتا ہے۔ یہی اللہ والوں کی شان ہے۔ جیسے مولانا زکریا اپنے بارے میں فرماتے تھے خاکسار، ریاکار، سیاہ کار وغیرہ لیکن لوگ اُن کو بہت بڑا ولی اللہ سمجھتے تھے۔ یہی چیز بزرگوں کے ساتھ ہوتی ہے۔
صاحب حال کو وہ اعمال حاصل ہوتے ہیں جو صاحب حال کے ہوتے ہیں یعنی ان کی نمازوں میں خشوع، لِلّٰہیت اور عاجزی ہوتی ہے جس کی وجہ سے ان کے عمل کی حیثیت بہت بڑھ جاتی ہے۔ یہ چیز ان کو حاصل ہوتی ہے۔ اسی کے بارے میں حضرت مولانا روم نے فرمایا
قال را بگزار را مرد حال شو
پیش مردِ کاملِ پامال شو
"قال کو چھوڑ دو، صاحب حال بن جاؤ اور اس کے لئے کسی مرد کامل کے سامنے اپنے آپ کو پامال کردو"۔ آج کے مرد حال نے اس عمل کو درمیان میں چھوڑ دیا۔ حالانکہ مرد ِحال میں عمل بذاتِ خود شامل ہے۔ مثال کے طور پر میں کہتا ہوں کہ میرے پاس دودھ لاؤ تو آپ برتن میں ہی دودھ لاؤگے، برتن کے بغیر دودھ نہیں لایا جاسکتا۔ "دودھ لاؤ" یہ با معنی لفظ ہے، اس لفظ کے اندر بذات خود یہ بات شامل ہے کہ دودھ برتن کے اندر میرے پاس لاؤ، تبھی تو دودھ لایا جا سکتا ہے۔ کوئی یہ نہیں کہتا کہ دودھ والے برتن کے اندر دودھ ڈال کر لاؤ کیونکہ یہ چیز خود بخود لوگوں کو سمجھ آجاتی ہے کہ بغیر برتن کے دودھ نہیں لایا جا سکتا لہٰذا اس کے کہنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ حضرت مولانا روم نے جو فرمایا
قال را بگزار را مرد حال شو
حال خود بخود موجود نہیں ہوتا جب تک عمل موجود نہ ہو۔ عمل کے بغیر حال کی مثال ایسی ہے جیسے دھواں اور شور شرابا اور عمل کے ساتھ حال کی مثال ایسی ہے جیسے engine۔ engine موجود ہو لیکن اس میں طاقت نہ ہو تو شور وہ بھی کرتا ہے لیکن اس میں وہ طاقت نہیں ہوتی جو گاڑی کو چلا سکے۔ مثال کے طور پر engine کے اندر piston کے اردگرد کوئی leakage نہیں ہے تو جتنا پریشر بنتا ہے وہ piston کو دھکیلنے میں استعمال ہوتا ہے اور نتیجے میں engine چلتا ہے لیکن جب leakage ہوجائے تو پھر صرف شور ہوگا لیکن piston نہیں چلے گا، گاڑی نہیں چلے گی۔ اسی طرح جو عمل حال کے ساتھ نہ ہو تو اس کے اندر وہ چیز ہی موجود نہیں ہے۔ یعنی piston موجود ہے اور Power موجود نہیں۔ اگر صرف Power موجود ہو piston موجود نہ ہو تو شور موجود ہے لیکن گاڑی میں حرکت نہیں ہے، دھواں بہت ہوگا لیکن گاڑی نہيں چلے گی اور جب دونوں کو جمع کردیں گے تو ایک پورا System بن جائیگا۔ اسی طرح اعمال کے ساتھ حال کا ہونا بھی ضروری ہے۔ اسی کو حضرت مولانا روم رحمۃ اللہ علیہ نے دو الفاظ میں بیان کیا ہے۔
شریعت پر دل سے چلنے کا نام حقیقت ہے جس کو طریقت کے ذریعے سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یعنی شریعت کو دل سے حاصل کرنے کا نام حقیقت ہے اور اس کو حاصل کرنے کے لیے طریقت ہے۔ طریقت وہ ذرائع ہیں جس کے ذریعے آپ وہ سب کچھ حاصل کرسکتے ہیں جو حقیقت میں موجود ہے۔ مثال کے طور پر نماز کی حقیقت، حقیقت صلوة یہ ہے "اِنَّ الصَّلوٰةَ تَنْھٰی عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْکَر وَلَذِکْرُ اللہِ اَکْبَر" "بےشک نماز بے حیائی اور گمراہی سے روکنے والی ہے اور اللہ کی یاد تو بڑی چیز ہے"۔ اس آیت کے اندر نماز کی حقیقت پنہاں ہے۔ نماز کے اندر جتنی زیادہ اللہ تعالی کی یاد ہوگی، نماز اتنی ہی زیادہ قوی ہوگی۔ یعنی "وَلَذِکْرُ اللہِ اَکْبَر" اور "اَقِمِ الصَّلوٰةَ لِذِکْرِیْ" ان آیات کو ساتھ ملا کر پڑھیں توبات مزید سمجھ میں آئے گی۔ فرمایا نماز قائم کرو میری یاد کے لئے۔ اب جس نماز کے اندر اللہ کی یاد نہیں ہوگی وہ نماز تو ہوگی لیکن اس کے اندر قوت نہیں رہے گی۔ یاد الفاظ کی بھی ہوتی ہے کہ میں الفاظ پڑھ لوں لیکن ان الفاظ کا Conection اُس ذات کے ساتھ نہ ہو تو piston موجود تو ہے لیکن leakage والا معاملہ ہے لہٰذا نماز کی حقیقت نہیں پائی۔ اگر یہ leakage نہیں ہے، دل سے اللہ تعالی کو یاد کیا جارہا ہے تو پھر آپ کی اللہ تک رسائی ہوگی، آپ کی نماز نماز ہوگی، پھر یہی نماز وَاسْتَعِیْنُوْ بِالصَّبْرِ وَالَّصلوٰۃ اور اِنَّ الصَّلوٰةَ تَنْھٰی عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْکَر بن جائے گی یعنی اس نماز کے ذریعے آپ اللہ سے مانگ سکیں گے اور یہ نماز بے حیائی سے روکنے والی ہو جائے گی لیکن اگر کہیں leakage ہوگئی تو پھر بات کسی اور طرف چلی گئی، پھر نماز کی حقیقیت واقع نہیں ہو گی اور نماز کی اسی حقیقت کو لانے کے لئے طریقت ہے، طریقت کا یہی مقصد ہے۔ لوگ چاہتے ہیں کہ یہ حقیقت صرف الفاظ کے ذریعے سے حاصل ہو جائے لیکن ایسا نہیں ہوسکتا بلکہ اس کو حاصل کرنے کے لئے طریقت ہے۔ جہاں جہاں سے leakage ہو اس کو بند کرنا پڑتا ہے۔ راستوں کو بند کرنا پڑتا ہے، مرمت کرنی پڑتی ہے، تمام چیزیں کرنی پڑتی ہیں۔ پھر اس کے بعد اصل چیز سامنے آتی ہے ۔
عموماً لوگ سطحی طور پر سوچتے ہیں ان کو بات سمجھ نہیں آتی، کہتے ہیں ہم نماز تو پڑھتے ہیں یہ کافی نہیں ہے۔ ہم کہتے ہیں نماز پڑھنی چاہیے اس سے تو ہم آپ کو نہیں روکتے یہ اللہ کا حکم ہے اَقِمِ الصَّلوٰة اور دن میں پانچ بار حکم ہے۔ لیکن اس کو کامل بنانے کا بھی حکم ہے۔ اگر آپ اس کو کامل نہ بنا سکیں تو پھر اس کا فائدہ نہیں ہوگا، آپ کو نماز کی برکات نہیں ملیں گی، اس کا مطلب ہے کہ وہ چیزیں missing ہیں۔ اگر آپ accelator کو خوب دبائیں لیکن گاڑی اپنی جگہ کھڑی رہے تو اس کا مطلب ہے کہ انجن میں leakage ہے، یا پٹرول گِر رہا ہے یا کوئی اور مسئلہ ہے جس کی وجہ سے گاڑی نہیں چل رہی اور مسئلہ کہاں ہے یہ چیز آپ کو میکینک دیکھ کر بتائے گا۔ یہی مثال طریقت کی ہے کہ جس کو آپ اپنی نماز کی حالت بتائیں گے، وہ عارف باللہ ہوگا جس کو اللہ تعالیٰ نے مقامِ طریقت سے آشنا کیا ہوگا وہ دیکھ کر بتائے گا کہ کہاں مسئلہ ہے اور اُس کا حل بھی آپ کو بتا دے گا۔
متن: وہ شریعت کا بحر بے کراں تھے، اور شریعت کے مطابق اخلاق رکھتے تھے، قول کے سچے اور جھوٹ و فریب کے راستے سے کوسوں دور تھے، طریقت کے سمندر تھے، مگر اُن میں فخر و غرور کا شائبہ تک نہ تھا، زہد و ریاضت میں یکتائے روزگار تھے، حقیقت کے سمندر تھے، اور سر کی آنکھوں سے اُسے دیکھتا تھا، سیر میں تازہ دم رہتے تھے، کوئی دوسرا شخص درمیان میں حائل نہ تھا، معرفت کے سمندر تھے، غیر اللہ کا خوف اُن کے دل میں نہ تھا، اور دوست کے مشاہدے اور ملاقات میں تمام کرب و بلا سے بے نیاز تھے،
تشریح: کہا جاتا ہے کہ جن لوگوں کا آخر اچھا ہو، اس کا سب کچھ اچھا ہے۔ حضرت کا آخر دیکھیے، جمعہ کا دن تھا، حضرت بیمار تھے اور باوجود بیماری کے نماز کے لئے مسجد پہنچے۔ خطبہ جمعہ شروع ہے، خطبہ میں یہ حدیث شریف آجاتی ہے "اَلْمُوْتُ جَسْرٌ یَصِلُ حَبِیْبَ اِلیٰ حَبِیْبِهٖ" موت ایک پل ہے جو دوست کو دوست کے ساتھ ملاتا ہے۔ اسی وقت حضرت نے جان دے دی۔ اب جس کے لیے اللہ تعالیٰ ایسا وقت چُن لے جمعہ کا دن، خطبہ کا وقت اور اس کیفیت کے ساتھ "اَلْمُوْتُ جَسْرٌ یَصِلُ حَبِیْبَ اِلیٰ حَبِیْبِهٖ" کہ موت دوست کو دوست کے ساتھ ملاتی ہے اور اس کے ساتھ ہی آپ کی روح جسم سے پرواز کر جاتی ہے۔ یہاں سے اندازہ کرلیجیے کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں ان کا کیا مقام ہوگا۔
حضرت کے بارے میں فرمایا کہ دوست کے مشاہدے اور ملاقات میں تمام کرب و بلا سے بے نیاز تھے۔
متن: اپنے زمانے میں دین کو زندہ کرنے والے بایزید رحمۃ اللہ علیہ، بشر حافی اور حضرت جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ کی طرح نہایت سخی اور صاحب جود تھے اور جود و سخا کے ایک اتھاہ سمندر تھے، صاحبِ دل تھے، اللہ تعالیٰ کی جانب سے خلقِ عظیم رکھتے تھے، عالمِ غیب یعنی اللہ تعالیٰ کی جانب سے اُنہیں نیک کاموں کا الہام ہوتا تھا، تین (3) سال سے تیس (30) ہزار غلاموں کو آزاد کیا، جس کا اُنہیں الہام ہوا تھا، فربہ اور اچھی قسم کی بے شمار گائیں اور ہزاروں دُنبے خیرات کئے محتاجوں کو بے شمار نقد رقم دی، بہت سارے گھوڑے ذبح کئے بے نوا بے سہارا نادار فقیروں کو بہت سا لباس دیا، ہر کام خدا کے لئے کرتے تھے، اچھے طریقے سے پکایا ہوا طعام عام و خاص لوگوں کو کھلاتے تھے، جو کوئی کھانا چاہتا تھا، بِلا تکلف سیر ہو کر کھاتا تھا، گھی پانی کی طرح بے حساب فراواں طور پر خرچ ہوتا تھا، نہایت متحمل مزاج اور بردبار تھے، ہر وقت با وضو رہتے تھے، اور اللہ تعالیٰ کے سامنے سجدہ ریز ہوتے تھے۔
تشریح: یہ سمجھانا ذرا مشکل بات ہے لیکن بہرحال میں سمجھانے کے لئے ایک مثال عرض کر دیتا ہوں۔ فرض کریں مجھے اللہ دیتا ہے، یہ دل کھڑکی ہے اس کے ذریعے سے میں لیتا ہوں۔ ایسا نہیں ہے لیکن میں سمجھانے کے لئے مثال دے رہا ہوں۔ دل ایک کھڑکی ہے اور اللہ دیتا ہے اور دوسری کھڑکی میں لوگ کھڑے ہیں اللہ سے لے کر میں ان کو دیتا ہوں۔ لوگ کہتے ہیں یہ کوئی مشکل کام نہیں کہ اللہ دے رہا ہے اور آپ آگے لوگوں کو دے رہے ہیں، ہمیں ملے گا تو ہم بھی دیں گے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ مالداروں کو اللہ تعالی نے ہی مال دیا ہے پھر یہ غریبوں کو کیوں نہیں دیتے؟ لہذا جس کو یہ ربط ہی سمجھ نہیں آرہا کہ اللہ دیتا ہے وہ آگے کیسے چلے گا، وہ آگے کیا دے گا۔ وہ اسی جگہ رک گیا، اُسی جگہ Lock لگ گیا۔ لہذا پہلے اس کا یہ Lock کھولا جائے گا کہ اللہ دیتا ہے۔ شان معرفت اسی کو کہتے ہیں کہ اس کو معلوم ہو کہ یہاں سے اللہ دے رہا ہے اور جس کے لئے دے رہا ہے اُس کو آگے دے۔ اگر ایسا ہو تو پھر اللہ تعالیٰ بھی ان کو بے حساب دیتا ہے اور وہ بھی بے حساب لوگوں کو دیتے ہیں لیکن یہ اُس وقت دیتا ہے کہ جتنا حساب آپ کے پاس ہے آپ اس کا حساب نہ کریں اور آگے کردیں۔ اگر آپ نے اپنا حساب ساتھ رکھ لیا تو اُدھر بھی حساب رکھنے والا موجود ہے۔ جو صاحب معرفت ہوتا ہے وہ ان چیزوں کو جانتا ہے۔
حضرت کاکا صاحب کو اللہ تعالیٰ عطا فرماتے تھے، اس میں کوئی شک نہیں اور صرف کاکا صاحب کو نہیں. آپ تکوینی بزرگوں کو دیکھیں اُن میں سے اکثر کے ساتھ ایسا معاملہ تھا۔ صحابہ کے ساتھ بھی ایسا ہی تھا۔ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ مزدوری کرتے تھے اور اللہ نے ان کو اتنا عطا فرمایا تھا کہ انہوں نے اپنے شاگردوں کی ڈیوٹیاں لگائی ہوئی تھیں۔ غریبوں، بیواؤں، یتیموں کے لئے وظیفے مقرر کر رکھے تھے اور حضرت اپنا نام سامنے نہیں آنے دیتے تھے، ان شاگردوں کی ڈیوٹیاں لگاتے کہ فلاں کو آپ نے دینا ہے اور فلاں کو آپ نے۔ لوگ سمجھتے تھے کہ یہی طالب علم دے رہے ہیں اس لیے انہی کی قدر کرتے۔ پیچھے سے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ دیتے تھے۔ لوگوں کو اُس وقت پتہ چلا جب حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ فوت ہو گئے تو سب وظیفے بند ہوگئے۔ پھر لوگوں کو پتہ چلا کہ یہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ دیتے تھے۔ یہی معاملہ امام ابو حنیفہ، امام مالک اور امام شافعی رحمھم اللہ کے ساتھ بھی تھا۔ امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں ہے کہ ایک دفعہ کسی نے حضرت کو تیس ہزار اشرفیاں ہدیہ دیں تو گھر پہنچنے سے پہلے پہلے سب خیرات کردیں۔ ان کے دل اتنے بڑے تھے بلکہ یوں کہہ سکتے ہیں کہ اللہ نے ان کو اتنا عطا کیا لیکن ساتھ دل اتنا بڑا دیا کہ اس پر ان کا دل نہیں آیا، ان چیزوں سے بڑے کی طرف نظر رکھی لہٰذا ان کو اپنے ساتھ نہیں رہنے دیا، اُن کو دل میں بڑا نہیں ہونے دیا ۔
کاکاصاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ بھی یہی معاملہ تھا۔ اللہ تعالیٰ نے اُن کو بےحساب دیا۔ حضرت کاکا صاحب کسی کی مزدوری نہیں کرتے تھے اور کسی نے حضرت کو مزدوری کرتے نہیں دیکھا ۔ اللہ تعالیٰ اُن کو دیتے تھے۔ لوگ کیوں دیتے تھے؟ یہ سوال بے معنی ہے اور وہ لوگوں کو کیوں دیتے تھے؟ یہ سوال بھی بے معنی ہے۔ جو جاننے والے ہوتے ہیں وہ جان لیتے ہیں اور جو اعتراض کرنے والے ہوتے ہیں وہ اعتراض کرتے ہیں۔ دونوں باتیں بے معنی ہیں۔ جو لوگ ان بے معنی باتوں میں پڑ جاتے ہیں وہ اپنا وقت فضول میں ضائع کرتے ہیں اور جو اس طریقے سے حقیقت کو پالیتے ہیں اللہ تعالیٰ اُن کو بھی چُن لیتے ہیں۔ ایسے لوگوں پر اللہ پاک کا کرم تھا کہ ان کی نظر چیزوں پر نہیں تھی اور یہ طریقت کا اثر تھا کہ ان چیزوں سے نظر اُٹھ گئی۔ جب چیزوں سے نظر اُٹھ جاتی ہے تو اللہ پاک دہانہ کھول دیتے ہیں۔ پھر بے حساب دیا جاتا ہے اور وہ بے حساب آگے بڑھاتے ہیں۔ پھر اللہ تعالیٰ اُن کو مخلوق تک پہنچانے کے لئے ذریعہ بنا لیتے ہیں۔ حدیث شریف میں آتا ہے "اِنَّمَا اَنَا الْقَاسِمُ وَاللہُ یُؤْتِیْ" کہ بے شک میں صرف تقسیم کرنے والا ہوں اور اللہ تعالیٰ عطاء فرمانے والے ہیں۔
جو لوگ حقیقت میں آپﷺ کے طریقے پر چلتے ہیں اُن کو اللہ تعالیٰ اس وقت سب کے لیے ایسا بنا دیتے ہیں جیسے آپﷺ کو سب کے لئے بنایا تھا۔ اگر آپﷺ کے طریقے پر اعمال کرتے ہیں تو آپ ﷺ کے طریقے پر اُن کے احوال بھی آگے چلتے ہیں، آپﷺ کے طریقے پر اُن کو دیا بھی جاتا ہے اور وہ اس کو آگے منتقل بھی فرماتے ہیں۔ یہ حضرات ماشاء اللہ خوش قسمت لوگ ہوتے ہیں۔ ان خوش قسمت لوگوں میں حضرت کاکا صاحب رحمۃ اللہ علیہ بھی تھے۔
متن: بغیر کچھ کھائے پیئے ہمیشہ روزہ سے ہوتے تھے، اویسی طریقے سے نوازے گئے تھے اور یہی نوازش بلا واسطہ رسول اللہ ﷺ کی جانب سے عنایت ہوئی تھی، اسی وجہ سے آپ سورج سے بھی زیادہ مشہور تھے، صاحبِ نظر تھے، اللہ تعالیٰ کے سوا تمام مخلوق کو ترک فرما چکے تھے، اُن کی مجلس میں تاثیر تھی، کبھی کسی شخص کو رمز کے طور پر اشارت فرماتے، تو وہ شخص وجد میں آتے تھے، اسرار کے رموز ان پر منکشف ہوگئے تھے، وضو کرنے کی فضیلت اور اُس کے تمام اسرار اُن پر کھل گئے اور اسی لیے آپ نماز میں بے حد لطف و لذت محسوس کرتے تھے، آپ دن رات عبادتِ الہٰی میں منہمک اور مصروف رہا کرتے تھے، اور عبادت گزاری میں روز افزوں ترقی فرماتے تھے۔
تشریح: اس میں بھی وہی اشکال لوگوں کو ہوسکتا ہے کہ اگر کسی کو فنا کر دیا جائے تو پھر تو انسان سب کچھ کر ے گا۔ لیکن میں آپ کو اس مسئلے میں اپنے دل کی ایک واضح بات بتادوں۔ مثال کے طور پر آپ کے پاس دس روپے ہیں۔ آپ دس روپے میں وه کر دکھائیں جو آپ دس ارب روپے میں کرنا چاہتے ہیں، اللہ تعالیٰ آپ کو دس ارب کا اجر عطا کرے گا۔ لیکن اگر دس روپے میں دل مشغول ہے اور آپ آگے نہیں کر رہے تو پھر آپ کی یہ بات بے معنی ہے کہ میرے پاس دس ارب آئیں گے تو میں یہ کروں گا۔ آپ کے پاس جو کچھ ہے اسی میں آپ وہ کر دکھائیں جو آپ چاہتے ہیں۔ جو چیز آپ کے پاس جتنی موجود ہے، چاہے وہ روحانیت ہے، عبادت ہے یا کوئی بھی چیز جو آپ کے پاس ہے۔ اس میں آپ وہ کر دکھائیں جو آپ کر دکھانا چاہتے ہیں۔ جب آپ ایسا کریں گے تو آپ کو اسی طرح کردیا جائے گا جس طرح آپ چاہتے تھے۔ مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ اللہ پر نظر ہی نہیں ہوتی کہ مجھے اور دیا جائے گا نتیجتاً ادھر ہی رُک جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر ایک ہے دروازہ اور ایک ہے دروازے میں آنے والی چیز۔ یہ دو مختلف باتیں ہیں۔ اور ایک ہے دروازے میں آنے والی چیز کو لانے والا، اُس پر نظر ہونی چاہیے۔ یہ سب سے اعلیٰ نظر ہے۔ جو عارف ہوتا ہے اس کی آخر پر نظر ہوتی ہے۔ وہ نہ دروازے پر نظر رکھتا ہے نہ دروازے میں اندر آنے والی چیز پر، بلکہ اس پر نظر رکھتا ہے جو اُس چیز کو لا رہا ہے۔ لہٰذا اس کو کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔ مجھے تنخواہ مل رہی ہے میری نظر تنخواہ پر ہے۔ ٹھیک ہے لیکن جو تنخواہ بانٹ رہا ہے اس پر نظر ہو تو پھر تنخواہ پر نظرنہیں رہے گی۔ اگر کسی کی دس روپے پر اتنی نظر ہے کہ یہ دیا تو میرے پاس کچھ بھی نہیں رہے گا تو ٹھیک ہے پھر دوسروں پر اعتراض بھی نہ کریں جو دس روپے میں کر رہے ہیں۔ یہ بھی نہ کہیں کہ مجھے دس ارب مل جائیں تو میں بھی ایسا کروں گا۔ ہم کہتے ہیں میں جو کچھ کر رہا ہوں "وَمَا تَوْفِیْقِیْ اِلَّا بِاللہ" اس کی توفیق بھی اللہ کی طرف سے ہے۔
تصوف کے اندر اصل چیز یہ ہے کہ میں جو کہہ رہا ہوں مجھے اس کی حقیقت بھی حاصل ہو جائے۔ جب میں کہوں سبحان اللہ، تو سبحان اللہ کی حقیقت مجھے حاصل ہو، میں جب اللہ اکبر کہوں تو اللہ اکبر کی حقیقت مجھے حاصل ہو۔ اُس وقت میں واقعی اُس کو بڑا سمجھوں۔ کسی اور کو بڑا نہ سمجھوں۔ اللہ اکبر کا مطلب ہے سب سے بڑا تو باقی چیزیں میرے سامنے ہیچ ہو چکی ہوں، ایسی حالت میں جب اللہ اکبر کہتا ہے، اس کی اور بات ہے۔ اللہ اکبر کے الفاظ کی اور بات ہے، اب الفاظ سے اس کی اصل کیا ہے یہ تصوف ہے۔
ایک ہے اسمِ ذات اور ایک ہے ذات۔ اسمِ ذات سے ذات تک آجائیں۔ صوفی آپ کو یہی کراتا ہے۔ جب یہ ہو جاتا ہے تو پھر باقی چیزیں خود بخود حاصل ہو جاتی ہیں۔ مثلاً اگر آپ بڑے کارخانوں پر چلے جائیں تو وہاں پر ایک prototype ہوتا ہے، مثلاً ایک چھوٹی سی چیز ہوگی اُس پر چھوٹا سا prop چل رہا ہوتا ہے، کوئی شخص اس کو نقشے پر گھما رہا ہوتا ہے۔ جیسے جیسے یہ کٹ رہا ہوتا ہے، دوسری طرف ایک بڑے کمرے جتنا کٹر ایک بڑی چیز کو اسی طرح کاٹ رہا ہوتا ہے۔ اب یہ چھوٹی سی چیز کو اُس کے drawing paper پر کاٹ رہا ہے اور اُدھر ایک بڑا کٹر عملی طور پر ایک بہت بڑی چیز کو کاٹ رہا ہوتا ہے ۔ یہ کارخانے کے اندر ہوتا ہے لیکن یہ اُس وقت ممکن ہے کہ ان دونوں کا System ملا ہو۔ اسمِ ذات سے ذات کی طرف آنا، اس کا Connection تمام چیزوں کے ساتھ ہے۔ جب آپ اسم ذات سے ذات کی طرف آجائیں تو آپ ظاہر سے باطن کے اندر چلے جائیں گے۔ صوفی یہی کرسکتے ہیں۔ جیسے وہ شخص بس نقشے پر prope چلا سکتا ہے، دوسری طرف کٹر خود بخود گھومتا ہے۔ اسی طرح صوفی آپ کو اس طرف لاتا ہے باقی چیزیں خود بخود ہوجاتی ہیں کیونکہ وہ اس کے ساتھ Attach ہیں، System موجود ہے۔ جو اللہ والے ہوتے ہیں وہ اپنے اوپر نظر نہیں رکھتے بلکہ اللہ پر رکھتے ہیں۔ وَمَا تَوْفِیْقِیْ اِلَّا بِااللہ ان کو حقیقی معنوں میں ملا ہوتا ہے۔ وہ اپنے عمل کو کچھ نہیں سمجھتے۔ کہتے ہیں یہ تو اللہ کی توفیق ہے۔ مثلاً اس وقت میں یہ بات کر رہا ہوں، خدا کی قسم اللہ نہ چاہے تو ایک لفظ بھی نہیں بول سکتا۔ اگر اس وقت میں اس کو اپنا کمال سمجھوں اور کہوں کہ میں نے کیا زبردست تقریر کی، تو مارا جاؤں گا۔ اگر میں بطور observer کہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھ سے اگلوا رہا ہے جس طرح آپ سن رہے ہیں اس طرح میں بھی سن رہا ہوں تو مجھے اپنی بات پہ غرور یا تکبر نہیں آئے گا کہ اللہ مجھ سے یہ سب اگلوا رہا ہے البتہ مجھے خوشی ضرور ہو گی لیکن میں اس کو اپنی چیز نہیں سمجھوں گا لہٰذا حجابِ نفس نہیں ہوگا اور اسی چیز سے بچنے کا فرمایا۔ میرا بیٹا محمد جب چھوٹا تھا، اس وقت میں کمپیوٹر پر اپنا ایک Recorded بیان سن رہا تھا۔ وہ حیران ہو گیا کہ میں اپنی تقریر سن رہا ہوں۔ وہ بولا ابو کیا کر رہے ہیں؟ میں نے کہا بیان سُن رہا ہوں۔ کہا کیا سُن رہے ہیں؟ اپنا بیان سن رہے ہیں؟ میں نے کہا نہیں۔ بچہ پریشان ہو گیا کہ ابو جھوٹ بول رہے ہیں۔ پھر کہا ابو یہ آپ کا بیان ہے، میں آپ کی آواز کو پہچانتا ہوں، یہ آپ کی آواز ہے۔ میں نے کہا یہ میرا بیان نہیں ہے۔ وہ مزید پریشان ہوگیا اور پوچھا پھر یہ کس کا بیان ہے؟ میں نے کہا یہ جو سامنے لوگ بیٹھے تھے ان کا بیان ہے، یہ اللہ پاک نے ان کے لئے بھیجا تھا، اب میں سن رہا ہوں کہ اس میں میرے لیے کیا چیز ہے۔ بچہ تھا اس کو میری بات سمجھ نہیں آئی کہ میں کیا کہہ رہا ہوں۔ لیکن اصل بات یہی ہے۔
میں اگر کمرے کے اندر بیٹھ جاؤں تو اس طرح کا بیان نہیں کر سکتا جیسے آپ کے سامنے ہورہا ہے۔ یہ نا ممکن ہے اور کئی بار تجربے ہو چکے ہیں اس لیے یقین آجانا چاہئے کہ یہ میرا نہیں ہے، اگر میرا ہوتا تو کمرے میں زیادہ اچھا ہونا چاہئے تھا کیونکہ وہاں یکسوئی زیادہ ہے، سوز زیادہ ہے، فکر زیادہ ہے اور اِدھر اُدھر کی چیزیں مجھے متاثر نہیں کر رہی لہٰذا وہ زیادہ بہتر ہونا چاہئے لیکن ایسا نہیں ہے۔
میں آپ کو حضرت مولانا اشرف علی سلیمانی اللہ تعالیٰ کا ایک عجیب واقعہ سناتا ہوں۔ اللہ تعالی ان کے درجات بہت بلند کرے۔ حضرت ہمارے شیخ ہیں۔ حضرت کی باتیں میں اکثر کرتا رہتا ہوں کہ حضرت نے یہ فرمایا، حضرت نے یہ فرمایا۔ کسی نے مجھے کہا کہ آپ پر لازم ہے کہ آپ حضرت کی باتیں کتاب کی صورت میں لے آئیں کیونکہ اس سے لوگوں کو بہت فائدہ ہو گا۔ مجھے ان کی بات سمجھ آگئی کہ واقعی حضرت کی باتیں کتابی صورت میں آنی چاہئیں۔ لہٰذا میں لکھنے بیٹھ گیا۔ یقین کیجئے ایک مضمون جو چار پانچ صفحوں کا تھا اُس سے زیادہ نہیں لکھ سکا اور وہ باتیں جو میں عام طور پر کرتا ہوں جمع ہو جائیں تو اُس سے کئی کتابیں بن سکتی ہیں۔ چار پانچ صفحوں سے زیادہ کیوں نہیں لکھ سکا؟ اس کی وجہ یہ تھی کہ میں اپنی طرف سے لکھ رہا تھا اور جب دوسروں کے سامنے بیان کرتا ہوں تو اللہ ان کے لئے بھیج رہا ہوتا ہے۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے بھی یہی فرمایا تھا۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے شاگردوں میں امام ترمذی بھی تھے۔ ایک دن اُن سے فرمایا آپ لوگوں کو جتنا مجھ سے حاصل ہوا اس سے زیادہ میں نے آپ لوگوں سے حاصل کیا۔ امام ترمذی نے فرمایا کہ حضرت آپ کیا کہہ رہے ہیں، ہم آپ کے شاگرد ہیں، ہم نے آپ سے حاصل کیا ہے لیکن آپ نے ہم سے کیا حاصل کیا؟ حضرت نے فرمایا جو مضامین آپ لوگوں کے لئے میرے دل پر القاء ہوتے تھے وہ آپ لوگوں کی وجہ سے مجھے ملے ہیں۔ اس طریقے سے اللہ تعالیٰ نے مجھے دلوایا۔ یہ بات ہر جگہ Apply ہوتی ہے لیکن کوئی مان لیتا ہے اور کوئی نہیں مانتا اور اس کو اپنا بنا لیتا ہے کہ یہ میں نے کیا ہے۔ ہم زبانی طور پر کہتے ہیں وَمَا عَلَیْنَا اِلَّا الْبَلَاغ، وَاللہُ اَعْلَمُ بِالصَّوَاب۔ لیکن الفاظ کی حقیقت نہ پانے کی وجہ سے ہم پریشان ہوتے ہیں کہ ہماری بات کیوں نہیں مانی گئی۔ حالانکہ ہم خود کہتے ہیں کہ ہمارا کام صرف پہنچانا ہے لہذا جب پہنچا دیا تو بات ختم ہوگئی۔ وَاللہُ اَعْلَمُ بِالصَّوَاب کا یہی مطلب ہے کہ اصل بات تو اللہ کو معلوم ہے اس لیے ہم کچھ نہیں ہیں۔ لیکن ہم اس کی حقیقت پر نہیں آتے جبکہ باتوں سے حقیقت کی طرف آنا ہی اصل ہے۔
حاجی عبدالوہاب صاحب دامت برکاتہم تبلیغی جماعت کے بہت بڑے آدمی ہیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے ساتھیوں کو بتائی کہ جو ساتھی یعنی تبلیغ پر چلنے والے معمولات کا اہتمام نہیں کرتا یعنی تہجد، اللہ سے مانگنا، اور ذکر اذکار، اس کا اہتمام نہیں کرتا وہ باتونی ہے۔ باتونی سے مراد یہ ہے کہ صرف باتیں کرتے ہیں، اُس کے پیچھے کوئی حقیقت نہیں ہے۔ حقیقت اس وقت آئے گی جب پیچھے اس کا Connection ہوگا۔ ایک دفعہ ایک صاحب تعلیم کر رہے تھے، وہاں ایک صاحبِ کشف بھی بیٹھے ہوئے تھے، اللہ نے ان کو بڑا مقام دیا تھا۔ وہ اُٹھ کر چلے گئے کسی نے جانے کی وجہ پوچھی تو فرمایا اوپر سے Connection کٹا ہوا ہے، صرف باتیں کر رہے ہیں۔ بعض کا پتہ چل جاتا ہے اور بعض کا نہیں چلتا لیکن حقیقت یہی ہے کہ Connection ہو گا تو بات میں جان آئے گی۔ کون اپنے نفس کی طرف سے کہہ رہا ہے اور کون اللہ کی طرف سے۔ دونوں میں بڑا فرق ہے۔ جو اپنے نفس سے کہہ رہا ہے ان کی بات ان تک ہے، جو اللہ سے کہہ رہا ہے ان کی بات اللہ تک ہے یہی فرق ہوتا ہے۔
ہماری طریقت میں جس چیز کے بارے میں بات کی جاتی ہے وہ یہی ہے کہ ہماری بات ہماری نہ رہے بلکہ ہماری بات اللہ کی بن جائے۔ ہمارا عمل ہمارا نہ رہے بلکہ اللہ جل شانہ کی طرف اس کی نسبت ہو کہ اللہ نے کروا دیا۔ یہی چیز اگر آجائے تو سبحان اللہ پھر کامیابی ہے۔ اللہ تعالی ہمیں بھی کامیابی عطا فرمائے۔ وما علینا الی البلاغ۔