عارفانہ کلام مجلس

کتاب: شاہرائے محبت، درس نمبر: 12، اشاعت اول: منگل، 12 نومبر، 2013 بمطابق: 9 محرم الحرام، 1435 ھ

حضرت شیخ سید شبیر احمد کاکاخیل صاحب دامت برکاتھم
مدینہ منورہ - مدینہ منورہ
  1. مدینہ منورہ اور مسجدِ نبوی رحمتوں کا وہ نورانی مرکز ہیں جہاں ایک امتی انتہائی عاجزی اور ندامت کے ساتھ شفاعت کی امید لے کر حاضر ہوتا ہے۔
  2. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی محبت ایمان کی جان ہے جس کا لازمی تقاضا آپ کی سنت اور شریعت کی مکمل اتباع ہے۔
  3. گناہوں اور نفسانی خواہشات میں مبتلا امت کی بخشش اور فلاح کا سب سے بڑا سہارا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت ہے۔
  4. اللہ کی بندگی اور محبت کا حصول صرف مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی غلامی اور ان کی مکمل اتباع کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
  5. حقیقی کامیابی کا واحد راستہ یہ ہے کہ تمام اگر مگر چھوڑ کر ہر حال میں خیر البشر صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقوں پر چلا جائے۔

اَلْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ۔

آج منگل کا دن ہے اور منگل کے دن ہمارے ہاں شعر و شاعری جذب کے لیے جو استعمال ہوتی ہے، اس کا دن ہوتا ہے۔ تو آج کل چونکہ ہم مدینہ منورہ میں ہیں، لہذا ہمارا جذب بھی مدینہ منورہ کے بارے میں بات ہو۔ اس کے مطابق یہ غزل ہے۔

مدینہ منورہ میں پہنچنے پر

میں مدینہ بفضلِ خدا آگیا
اپنے آقا کو کر دوں یہاں پیش کیا

میرا دامن ہے تر پاس کچھ بھی نہیں
جو کیا وہ ہے سب علتوں سے بھرا

میں مدینہ بفضلِ خدا آگیا

اپنا چہرہ دکھانے کے قابل نہیں
ایسے چہرے کے ساتھ کیسے ہوں گا کھڑا

آنکھ میری جھکی دل کی دھڑکن ہے تیز
اس لیے سامنے ان کے نہ جا سکا

جو شفاعت کرے میرا اور کون ہے
بس یہی در تو ہے اور ہے کون سا

ہو سیاہ کار شبیر پہ بھی ہو کرم
بخش دی جائے اس کی ہے جو بھی خطا

میں مدینہ بفضلِ خدا آگیا
اپنے آقا کو کر دوں یہاں پیش کیا

مسجدِ نبوی میں جب حاضری ہوئی۔

بارش ہے رحمتوں کی ہو مسجدِ نبوی میں
اور فضلِ الٰہی ہے رحمتیں ہی رحمتیں

ماحول پُر ادب ہے نورانی ہے مطہر
ہے حق قریب کتنا اور اس کی وسعتیں

قربِ نبی کے نور سے آج ہم ہیں منور
کتنوں کے ہیں نصیب آج کتنی برکتیں

جب جسم ہو قریب تو یہ حال ہو نصیب
جب دل بھی ہو قریب تو ہوں کتنی برکتیں

لازم ہے اس کی ذات سے محبت بھی اے شبیرؔ
اور ساتھ ہو معمول بھی اس کی ہو سنتیں

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے جانے کے بارے میں جو جذبات وارد ہوئے تھے۔

آپﷺ کے سامنے جانے کے بارے میں جذبات

اپنے محبوب کے دربار میں کیسے جائیں
جان و دل پیش کریں اور وہ قبول فرمائیں

ہم بھی سامنے ہوں کھڑے ان کی نظر ہم پر ہو
اور پھر نظرِ کرم سے بھی ہم ان کی تر جائیں

اپنی آنکھیں ہوں جھکی جان و تن سے پیش ہوں ہم
کیسے ہو گا یہ خدایا بس ہم تو شرمائیں

لفظ سے اور دل سے پھر ہم پیش کریں درود سلام
دل کہاں ہو گا ساتھ لب بھی کہاں ہل پائیں

اس کیفیتِ بے بسی میں اک آنکھ کام آئے شبیرؔ
موتیوں اور گوہروں کی اشک برسائیں

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے جانے میں بے ادبی کا خوف۔

دل ہے گھبرایا سا ہمت ہی نہیں
آگے جانے کی تو طاقت ہی نہیں

سارا کچھ ہم نے کیا ہے تو خراب
پاس کچھ بھی جو سلامت ہی نہیں

یہاں کچھ اور ہی جہان ہے بس
کہیں اس کی مشابہت ہی نہیں

اپنا چہرہ میں دکھاؤں کیسے
کہ دکھانے کی صورت ہی نہیں

کہاں یہ در کہاں میں خاک شبیرؔ
اِس کی اُس سے کوئی نسبت ہی نہیں

حاضری کے وقت کے جذبات

ذرا چہرہ مجھے اپنا دکھائیں یا رسول اللہ
مجھے بھی آج سے اپنا بنا لیں یا رسول اللہ

گنہگار ہوں سیاہ کار ہوں مگر ہوں امتی تیرا
کرم کی اک نظر مجھ پر بھی ڈالیں یا رسول اللہ

میری کشتی پھنسی میری ہے گناہوں کے بھنور میں
اسی بھنور سے مجھ کو بھی نکالیں یا رسول اللہ

تیری امت گری پڑتی ہے آج کس غارِ ذلت میں
گرتی پڑتی اس امت کو بچا لیں یا رسول اللہ

شفاعت کے لیے میری بھی ہے درخواست خدمت میں
گرا پڑتا ہوں اب مجھ کو سنبھالیں یا رسول اللہ

میرے پیچھے میرے عصیاں کے سائے ٹوٹے پڑتے ہیں
شبیر کو اپنے دامن میں چھپا لے یا رسول اللہ

ذرا چہرہ مجھے اپنا دکھائیں یا رسول اللہ
مجھے بھی آج سے اپنا بنا لے یا رسول اللہ

خاتم الانبیاء مصطفیٰ پر سلام

خاتم الانبیاء مصطفیٰ پر سلام سرورِ دو جہاں مجتبیٰ پر سلام

خاتم الانبیاء خاتم المرسلیں
با کمال با جمال سب سے بڑھ کر حسیں

محسنِ ما رسولِ خدا پر سلام
خاتم الانبیاء مصطفیٰ پر سلام

ظاہراً آخرین لیکن ہیں اولین
رحیم رؤف اور نورِ مبین

رب کے محبوب شمس الھدیٰ پر سلام
خاتم الانبیاء مصطفیٰ پر سلام

جن کے واسطے یہ سب کچھ بنایا گیا
اس زمیں آسماں کو سجایا گیا

جو کہ تھے انبیاء کی دعا پر سلام
خاتم الانبیاء مصطفیٰ پر سلام

وہ کہاں ہم کہاں ہم فقیر و حقیر
ان کی ملتی نہیں دو جہاں میں نظیر

پڑھ شبیرؔ خاتم الانبیاء پر سلام
خاتم الانبیاء مصطفیٰ پر سلام

کیا رہے دل میں

کیا رہے دل میں اگر حبِ مصطفیٰ نہ رہے
یا پھر عمل میں اگر ان کی اتباع نہ رہے

جن کو معراج میں بھی خیال تھا امت کا تو پھر
ان کو خیال کیسے قیامت میں ہمارا نہ رہے

ان کی صورت ان کے انداز اور کمالات ان کے
یاد ہو کیسے عمل میں خیال ان کا نہ رہے

جبکہ احسان کا بدلہ نہیں احسان کے سوا
کیسے انسان پھر ان کے ساتھ باوفا نہ رہے

جبکہ ثانی نہیں جمال و کمال کے ان کا
دل کیسے ان کی محبت میں مبتلا نہ رہے

ایک ہی بات میں قصہ کرو اب ختم شبیرؔ
نہیں انسان جو کسی حال میں ان کا نہ رہے

کیا رہے دل میں اگر حبِ مصطفیٰ نہ رہے
یا پھر عمل میں اگر ان کی اتباع نہ رہے

خدا کی چاہت اور مصطفی کی چاہت

خدا یہ چاہے کہ ہم مصطفیٰ کے پیچھے چلیں
نبی یہ چاہے کہ ہر حال میں اللہ کے بنیں

خدا نے رکھا طریقہ ہے مصطفیٰ کا صرف
نبی یہ چاہے کہ بس صرف ہم خدا سے ڈریں

خدا یہ چاہے کہ درود مصطفیٰ پہ بھیجیں
نبی یہ چاہے کہ ہر وقت خدا کا ذکر کریں

خدا نبی کو شفاعت کی اجازت دیں گے
نبی پھر بخششِ امت کے بغیر کیسے رہیں

خدا نبی کی محبت سے ہو خوش اور نبی
خوش ہو دل میں جو شبیرؔ حبِ الٰہی رکھیں

جانِ دل کے لئے

جو دل کی جان ہے میری ہو جانِ دل کے لیے
مقام اس کا کیا اعلی ہو کسی گِل کے لیے

گِل مٹی کو کہتے ہیں، یعنی مٹی سے انسان بنا ہے، تو مطلب یہ ہے کہ اس سے اعلی مقام انسان کا کیا ہو سکتا ہے!!

میں حق کو پاؤں ہمیشہ اور حق کے ساتھ رہوں
نہ استعمال میں رہوں کسی باطل کے لیے

جو دل کی جان ہے میری ہو جان دل کے لیے

سلام بھیجو جان دل پہ دل کی جان کے ساتھ
یہی ہے نسخۂ کیمیا ہر اک مشکل کے لیے

فلاح کے لیے ایک ہی طریق ان کا ہے
ہے نصیحت یہ ہر اک ناقص و کامل کے لیے

راہِ سنت پر چلیں ہم شبیر اخلاص کے ساتھ
تو بس اک گام پہنچنے میں ہے منزل کے لیے

باطل کی سازش

باطل کی قوتوں نے کتنا کام کر دیا
غیروں کے طریقوں کو کتنا عام کر دیا

جو ٹھیک ہے وہ ٹھیک نظر آتا نہیں ہے
شیطانیت کو قابلِ انعام کر دیا

اب مرکزِ ارشاد کو ملتے ہیں اشارے
یہود سے حق کو وہاں ناکام کر دیا

اب زور ہے رواج پر سنت سے ہے اعراض
اور نفس کی خواہشات کو بے لگام کر دیا

شبیر توقع ہے کیا خیر کی ان سے
خود کو جنہوں نے غیر کے زیرِ دام کر دیا

تماشائے نظرِ کرم دیکھتے ہیں

کرے وہ ہی سب کچھ اور ہم دیکھتے ہیں
تماشائے نظرِ کرم دیکھتے ہیں

یہ الفاظ کی ترکیبیں کیسے ہی بنتی
یہ چلتا ہوا جو قلم دیکھتے ہیں

اسی کی مشیت کی ہے کارگزاری
جہاں میں جو ہم زیر و بم دیکھتے ہیں

ارادوں کے ٹوٹنے سے پہچانو اس کو
ارادے جو ہم منہدم دیکھتے ہیں

شبیرؔ ان کی قسمت کا میں کیا کہوں گا
خدا چھوڑ کر جو صنم دیکھتے ہیں

میں ہوں کہاں

یہ مدینہ یہ مسجد یہ حرم میں ہوں کہاں
گو کہ خواب سا لگتا ہے مگر میں ہوں یہاں

خوش نصیبی سے مجھے ہو گیا آنا یا نصیب
اب دعا ہے کہ میسر ہو معیت بھی وہاں

قدم قدم پہ ہیں انوار و برکات موجود
ان سے خالی جو نہیں ہے یہاں پر کوئی مکاں

یہاں جبریل و ملائک کا آنا جانا تھا
جب صحابہ میں آپ ہوں گے ہوگا کیسے سماں

یہ زمیں کا وہی قطعہ ہے لاجواب سوچو
کہ جھک کر ہی ملا کرتے ہیں یہاں پر آسماں

یہ صرف خیال نہیں اس سے آگے بات ہے شبیرؔ
یہاں محبوب جو خدا کے ہیں ان کا ہے آستاں

یہ شہرِ مدینہ ہے

یہ شہرِ مدینہ ہے اور مسجدِ نبوی ہے
کھڑکی میرے دل میں بھی رحمتوں کی کھلی ہے

کیا ہم سلام پڑھ سکیں بصیغۂ حاضر
آقا سے ہم کو اس کی اجازت جو ملی ہے

کہتا ہوں جب سلام یہاں يَا رَسُولَ اللهِ
کیا خوب حاضری ہے یہاں پر جو ہوئی ہے

نظریں جھکی جھکی سی دل سراپا منور
کچھ ہونٹ تو ہلے ہیں پر آواز دبی ہے

سر جھک سا گیا ہے دل پر رقت سی ہے طاری
کچھ مرتعش آواز ہے آنکھوں میں نمی ہے

قدمو ذرا آہستہ کیا تم کو خبر ہے
یہ مہبطِ انوار ہے اتری یہاں وحی ہے

آنکھیں بچھا شبیرؔ نہیں قدموں کا یہ راستہ
آقا چلے جس پر ہیں یہ راستہ تو وہی ہے

یا رب مجھے نصیب محمد کی غلامی ہو
اس کا نتیجہ صرف تیری ہی بندگی ہو

جو کچھ کروں میں تیرے لیے ہو میرے خدا
اور جو عمل کریم کروں میں طریقہ بھی اس کا ہی ہو

تجھ سے سوال تیری محبت کا کروں میں
اور ان کی محبت میں میرے دل کی روشنی ہو

تو نے مجھے نصیب کیا ہے یہاں آنا
اب مانگتا ہوں میں بھی ادب اس کا دل میں بھی ہو

نقشِ قدم صحابہ کے کر دے نصیب مجھے
ان کی طرح شبیرؔ کی حق پر ہی دل جمی ہو

محبت رسول کی

کتنی بڑی نعمت ہے محبت رسول کی
کتنی ہے ضروری متابعت رسول کی

اب سارے طریقے جو ہیں منسوخ ہو گئے
اللہ کو پسند ہے سنت رسول کی

کتنی بڑی نعمت ہے محبت رسول کی

اللہ نے جو جمال و کمال ان کو دیا تھا
دل پر تو اس لیے ہے حکومت رسول کی

معیار اب اچھے بُرے کا کیسے ہو مشکل
جب تجھ کو ہے معلوم شریعت رسول کی

جو ان کے بن گئے ہیں وہ اللہ کے بن گئے
اللہ کے ساتھ ہے کیسی حیثیت رسول کی

شبیر بن جا اب تو ان کا سچا متبع
مل جائے وہاں تجھ کو شفاعت رسول کی

خیر البشر

پیار ان سے نہ ہو کس سے ہو یہ سوچیں ہم اگر
بَشَرٌ مِّثْلُكُمْ تو ہیں مگر ہیں خیر البشر

دل کے والی ہمارے ان پر قربان ہوں ہم
حبیب اللہ ہیں ثانی ان کا کیسے آئے نظر

جو اتباع کرے ان کی بنے محبوبِ خدا
وہ امرِ رب ہے حقیقت میں جو ہے ان کا امر

وہ انبیاء کے ہیں خاتم اور جن و انس کے نبی
ادب تعظیم کرے ان کی تمام شجر حجر

اونٹ قربان ہوئے جاتے قربانی میں
ہاتھ میں جب تھی چھری حج میں تھی یعنی یوم النحر

ان کی سنت پہ عمل میں ہے کامیابی شبیرؔ
مقابلے میں اس کے چھوڑ دے سب اگر مگر

میرے خیال میں اسی شعر پر ہم اس کو وہ کر لیں کیونکہ نماز کا وقت ہے۔ کیونکہ اگر مگر کو اگر ہم ختم کر لیں اور سب چیزیں ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کے شروع کر لیں تو اس کے بعد پھر کامیابی کامیابی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں نصیب فرما دے۔

اَلْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ، وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى خَاتَمِ النَّبِيِّينَ۔ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ، وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ۔ اَللَّهُمَّ إِنَّا نَسْأَلُكَ مِنْ خَيْرِ مَا سَأَلَكَ مِنْهُ نَبِيُّكَ وَحَبِيبُكَ مُحَمَّدٌ صلی اللہ علیہ وسلم وَنَعُوذُ بِكَ مِنْ شَرِّ مَا اسْتَعَاذَ مِنْهُ عَبْدُكَ وَنَبِيُّكَ وَحَبِيبُكَ مُحَمَّدٌ صلی اللہ علیہ وسلم۔ أَنْتَ الْمُسْتَعَانُ وَعَلَيْكَ الْبَلَاغُ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ۔ سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُونَ وَسَلَامٌ عَلَى الْمُرْسَلِينَ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ۔ اٰمِينَ يَا رَبَّ الْعَالَمِينَ۔

عارفانہ کلام مجلس - عارفانہ کلام مجلس - اشاعت اول